کتاب 59: كتاب بدء الخلق
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 3230
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے صفوان بن یعلیٰ سے، صفوان نے اپنے باپ (حضرت یعلیٰ بن امیہؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو منبر پر (سورئہ زخرف کی یہ آیت) یوں پڑھتے ہوئے سنا: وَنَادَوْا یَا مَالُ۔ سفیان نے کہا: عبداللہ (بن مسعود) کی یہ قرأت ہے: وَنَادَوْا یَا مَالِ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3231
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے ہمیں خبر دی۔ کہتے تھے کہ یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ ابن شہاب نے کہا: عروہ نے مجھ سے بیان کیا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں بتایا کہ انہوں نے نبی ﷺ سے پوچھا: کیا آپؐ پر کوئی ایسا دن آیا جو اُحد کے دن سے زیادہ سخت ہو؟ آپؐ نے فرمایا: میں تمہاری قوم سے جو تکلیفیں اُٹھا چکا ہوں، اُٹھا چکا ہوں۔ اور سب سے زیادہ تکلیف جو میں نے ان سے اُٹھائی، عقبہ کے دن تھی۔ جب میں نے اپنے آپ کو (کنانہ) بن عبد یالیل بن عبد کلال کے سامنے پیش کیا (جو طائف کا رئیس تھا) پھر جو میں نے چاہا، اس نے نہ مانا (یعنی اسلام نہ لایا) اس پر میں چل دیا اور میں غمگین تھا۔ میری یہ حالت دور نہیں ہوئی تھی۔ مگر اس وقت کہ جب میں قرنِ ثعالب (مقام) میں پہنچ گیا۔ میں نے سر اُٹھایا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ ایک بدلی ہے جس نے مجھ پر سایہ کیا ہوا ہے۔ میں نے غور سے دیکھا تو کیا دیکھتا ہوں کہ اس میں جبریل ہیں۔ انہوں نے مجھے پکار کر کہا: جو تیری قوم نے تم سے کہا ہے اور جو کچھ تمہیں جواب دیا ہے وہ اللہ نے سن لیا ہے اور اللہ نے تمہارے پاس پہاڑوں کے فرشتے کو بھیجا ہے کہ تم ان کے متعلق جو کچھ بھی چاہو، اسے حکم دو۔ پھر مجھے پہاڑوں کے فرشتے نے پکارا۔ مجھے سلامتی کی دعا دی اور کہا: محمد! میں اس لئے آیا ہوں کہ اگر تم چاہو تو میں ان پر یہ دونوں پہاڑ آپس میں ٹکرا کر انہیں تباہ کر دوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: نہیں بلکہ میں امید کرتا ہوں کہ اللہ ان کی پشتوں سے ایسے لوگ پیدا کرے گا جو صرف اللہ ہی کی عبادت کریں گے اور کسی کو اس کا شریک نہیں ٹھہرائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3232
قُتَیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ ابواسحاق شیبانی نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے زِر بن حُبَیش سے اللہ تعالیٰ کے اس قول کی بابت پوچھا یعنی وہ دو کمانوں کے درمیانی فاصلے جتنا یا اس سے بھی زیادہ نزدیک ہوگیا۔ پھر اس نے اپنے بندے کو وحی کی، وہی وحی جو اس نے کی۔ زِر نے کہا: (حضرت عبداللہ) بن مسعودؓ نے ہم سے بیان کیا کہ آپؐ نے جبریل کو دیکھا تھا۔ اس کے چھ سو پر تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3233
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ یہ جو اللہ تعالیٰ نے سورۃ النجم میں فرمایا ہے: وہ یقینا اپنے ربّ کے بڑے بڑے نشان دیکھ چکا ہے۔ حضرت ابن مسعودؓ کہتے تھے: آپؐ نے ایک دیباجی فرش دیکھا جس نے آسمان کا افق ڈھانپا ہوا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3234
محمد بن عبداللہ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن عبداللہ انصاری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن عون سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: قاسم (بن محمد) نے ہمیں خبر دی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ وہ کہتی تھیں: جس نے یونہی کہا کہ محمدؐ نے اپنے ربّ کو دیکھا ہے تو اس نے بہت ہی بڑی بات کہی۔ البتہ آپؐ نے جبریل کو ان کی اپنی شکل میں دیکھا اور ان کا وجود اُفق کی ساری فضا میں سمایا ہوا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3235
محمد بن یوسف (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ زکریا بن ابی زائدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن اَشوَع سے، انہوں نے شعبی سے، شعبی نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ سے کہا: تو پھر اللہ تعالیٰ کے اس قول کے کیا معنی: ’’یہ تمہارا ساتھی پھر اس کے نزدیک ہوا اور وہ بھی نیچے جھکا اور دو کمانوں کے درمیانی فاصلے جتنا یا اس سے بھی زیادہ نزدیک ہوگیا۔ پھر اس نے اپنے بندے کو وحی کی، وہی وحی جو اس نے کی۔‘‘ حضرت عائشہؓ نے جواب دیا: یہ تو جبریل ہیں جو آپؐ کے پاس مرد کی شکل میں آیا کرتے تھے اور اس دفعہ وہ اپنی اس شکل میں آئے جو ان کی شکل ہے اور سارے اُفق میں سمائے ہوئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3236
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ہم سے جریر (بن حازم) نے بیان کیا کہ ابو رجاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت سمرہ (بن جندبؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: میں نے آج رات دو شخص دیکھے جو میرے پاس آئے۔ کہنے لگے: وہ جو آگ میں ایندھن جھونک رہا ہے۔ مالک (فرشتہ) ہے جو دوزخ کا داروغہ ہے اور میں جبریل ہوں اور یہ میکائیل ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3237
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر کوئی شخص اپنی بیوی کو اپنے بستر پر بلائے اور وہ انکار کردے اور وہ شخص اپنی بیوی سے رات بھر ناراض رہے تو ملائکہ اس پر اس کے صبح اُٹھنے تک لعنت کرتے رہیں گے۔ ابوعوانہ کی طرح شعبہ اور ابوحمزہ اور ابن دائود اور ابومعاویہ نے بھی اعمش سے یہی روایت کیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3238
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: عقیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے ابوسلمہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے مجھے خبر دی کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: (غارِ حراء میں پہلی وحی نازل ہونے کے بعد) وحی مجھ سے کچھ دیر کے لئے منقطع ہو گئی۔ ایک بار میں چلا جارہا تھا کہ میں نے آسمان سے ایک آواز سنی۔ میں نے آسمان کی طرف اپنی نگاہ جو اُٹھائی تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہی فرشتہ ہے جو میرے پاس حراء میں آیا تھا۔ وہ آسمان اور زمین کے درمیان ایک کرسی پر بیٹھا ہے۔ میں اس سے اتنا خوف زدہ ہوا کہ زمین پر گر گیا۔ پھر میں اپنے گھر والوں کے پاس آیا اور میں نے کہا: مجھے کپڑا اُڑھائو۔ مجھے کپڑا اُڑھائو۔ پھر اللہ تعالیٰ نے یہ وحی نازل کی: {اے کپڑا اُوڑھنے والے! اُٹھ کھڑا ہو اور انتباہ کر اور اپنے ربّ ہی کی بڑائی بیان کر اور جہاں تک تیرے کپڑوں (یعنی قریبی ساتھیوں) کا تعلق ہے تو انہیں بہت پاک کر اور جہاں تک ناپاکی کا تعلق ہے تو اس سے کلیۃً الگ رہ۔} ابوسلمہ نے کہا: اس آیت میں رُجْز کے لفظ کے معنی ’’بت‘‘ ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3239
ہمیں محمد بن بشار نے بتایا کہ ہم سے غندر نے کہا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی اور خلیفہ (بن خیاط) نے بھی مجھ سے کہا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا۔ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابوالعالیہ سے روایت کی کہ تمہارے نبیؐ کے چچازاد یعنی (حضرت عبداللہ) بن عباس رضی اللہ عنہما نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس رات میرے ساتھ اسراء کا واقعہ ہوا، میں نے حضرت موسیٰؑ کو دیکھا جو گندم گوں بہت لمبے گھونگریالے بالوں والے آدمی تھے۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ گویا وہ شنوء ۃ کے مردوں میں سے ہیں اور میں نے حضرت عیسیٰؑ کو دیکھا جو میانہ قد میانہ ڈیل ڈول کے آدمی تھے۔ رنگ سفید سرخی مائل، سر کے بال سیدھے۔ اور میں نے مالک کو دیکھا جو دوزخ کا داروغہ ہے اور دجال کو بھی دیکھا۔ الٰہی قدرتوں کے نمونوں کو جو اللہ نے آپؐ کو دکھائے اور یہ جو اللہ تعالیٰ نے سورئہ سجدہ میں فرمایا ہے: تو اس کی ملاقات سے شک میں نہ ہو۔ حضرت انسؓ اور حضرت ابو بکرہؓ نے نبی ﷺ سے نقل کیا ہے کہ ملائکہ دجال سے مدینہ کی حفاظت کریں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3240
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ لیث بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی مر جاتا ہے تو پھر صبح و شام اس کا ٹھکانہ اس کے سامنے لا کر اس کو دکھلایا جاتا ہے۔ اگر وہ جنتیوں میں سے ہو تو جنت والوں میں سے اور اگر دوزخیوں میں سے ہو تو دوزخ والوں میں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3241
ابوالولید نے ہمیں بتایا کہ سلم بن زریر نے ہم سے بیان کیا کہ ابورجاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت عمران بن حصینؓ سے، حضرت عمرانؓ نے نبیﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: میں نے جنت میں جھانک کر دیکھا تو کیا ہے کہ جنت میں اکثر غریب ہی ہیں جو میں نے دیکھے اور میں نے دوزخ میں جھانک کر دیکھا تو دوزخیوں میں اکثر عورتیں ہی میں نے دیکھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3242
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ لیث نے ہم سے بیان کیا، کہا: عُقَیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: ایک بار ہم نبی ﷺ کے پاس تھے۔ آپؐ نے فرمایا: میں سویا ہوا تھا کہ میں نے اپنے آپ کو جنت میں دیکھا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ایک عورت ایک محل کے پاس وضو کر رہی ہے۔ میں نے پوچھا: یہ محل کس کا ہے؟ لوگوں نے کہا: عمر بن خطابؓ کا۔ ان کی غیرت کا مجھے خیال آیا تو میں پیٹھ موڑ کر واپس چلا آیا۔ یہ سن کر حضرت عمرؓ روئے اور کہا: یا رسول اللہ! کیا میں آپؐ سے غیرت کروں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3243
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے ابوعمران جونی سے سنا۔ انہوں نے ابوبکر بن عبداللہ بن قیس اشعری سے، اشعری نے اپنے باپ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: (جنت کا) خیمہ ایک خول دار موتی ہوگا جس کی بلندی اوپر سے تیس میل تک ہوگی۔ اس کے ہر کونے میں مومن کے اہل و عیال ہوں گے۔ جنہیں دوسرے نہیں دیکھیں گے۔ ابو عبدالصمد اور حارث بن عبید نے بھی ابوعمران سے یہ روایت کی۔ اس میں ساٹھ میل ہیں (بجائے تیس میل کے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3244
حمیدی نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالزناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اَعرج سے، اَعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: میں نے اپنے نیک بندوں کے لئے وہ وہ نعمتیں تیار کر رکھی ہیں جو کسی آنکھ نے نہیں دیکھیں اور نہ کسی کان نے سنیں اور نہ ہی کسی انسان کے دل میں ان کا خیال گزرا۔ اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھ لو: کوئی نفس بھی نہیں جانتا کہ آنکھوں کی کیا کیا ٹھنڈک ان کے لئے چھپا کر رکھی گئی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3245
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام بن منبّہ سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پہلا گروہ جو جنت میں داخل ہوگا، ان کی شکل چودھویں رات کے چاند جیسی ہوگی۔ اس میں نہ وہ تھوکیں گے، نہ رینٹھ پھینکیں گے، نہ پاخانہ پھریں گے۔ اس میں ان کے برتن سونے کے ہوں گے۔ ان کی کنگھیاں بھی سونے چاندی کی ہوں گی۔ ان کی انگیٹھیاں ایسی ہوں گی کہ ان سے عود کی خوشبو مہک رہی ہوگی اور ان کے پسینہ سے بھی مُشک کی خوشبو آئے گی اور ان میں سے ہر ایک کی دو دو بیویاں ہوں گی۔ ایسی خوبصورت نازک کہ ان کی پنڈلیوں کا گودا گوشت میں سے دکھائی دے گا۔ نہ ان کے درمیان کوئی اختلاف ہوگا اور نہ ایک دوسرے سے کاوش۔ سب ایک دل ہوں گے۔ صبح و شام اللہ کی تسبیح بیان کریں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3246
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ ابوالزناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اَعرج سے، اَعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پہلا گروہ جو جنت میں جائے گا چودھویں رات کے چاند کی مانند ہوگا اور وہ جو اُن کے بعد ہوں گے وہ نہایت چمکدار ستارہ کی طرح ہوں گے۔ اُن کے دل ایک ہی آدمی کے دل کی وضع پر ہوں گے۔ اُن کے درمیان نہ کوئی اختلاف ہوگا اور نہ ایک دوسرے سے کوئی کاوش ہوگی۔ ان میں سے ہر ایک کی دو دو بیویاں ہوں گی۔ ہر بیوی ایسی خوبصورت نازنین ہوگی کہ اس کی پنڈلی کا گودا پنڈلی کے گوشت میں سے دکھائی دے گا۔ صبح و شام وہ اللہ کی تسبیح کریں گے۔ نہ وہ بیمار ہوں گے اور نہ رینٹھ پھینکیں گے اور نہ وہ تھوکیں گے ان کے برتن سونے چاندی کے ہوں گے اور اُن کی کنگھیاں بھی سونے کی ہوں گی۔ ان کی انگیٹھیوں کا ایندھن الوّہ ہوگا۔ ابوالیمان نے کہا: الوّہ کے معنی ہیں عود۔ اور اُن کا پسینہ مُشک کی خوشبو دے گا۔ اور مجاہد نے کہا: اِبْکَار کے معنی ہیں صبح سویرے اور عَشِيِّ سورج ڈھلنے سے سورج ڈوبنے تک کے وقت کو کہتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3247
محمد بن ابی بکر مقدمی نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے، حضرت سہلؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: میری امت میں سے ستر ہزار یا سات سو ہزار (یعنی سات لاکھ) جنت میں داخل ہوں گے۔ جب تک ان میں سے پچھلے داخل نہ ہو لیں گے پہلے داخل نہ ہوں گے۔ ان کے چہرے چودھویں رات کے چاند کی طرح ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3248
عبداللہ بن محمد جعفی نے ہمیں بتایا کہ یونس بن محمد نے ہم سے بیان کیا۔ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کو باریک ریشمی چوغہ ہدیہ دیا گیا اور آپؐ ریشمی کپڑے پہننے سے منع فرمایا کرتے تھے۔ لوگوں نے ریشمی چوغہ کی عمدگی کو دیکھ کر تعجب کیا۔ اس پر آنحضرت ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے، جنت میں سعد بن معاذ کے رومال اس سے زیادہ اچھے ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3249
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ سفیان (بن عیینہ) سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: ابواسحاق نے مجھ سے بیان کیا۔ ابواسحاق نے کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ کے پاس ریشم کا ایک کپڑا لایا گیا۔ صحابہ اس کی عمدگی اور نرمی سے تعجب کرنے لگے۔ یہ دیکھ کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جنت میں سعد بن معاذ کے رومال تو اس سے بڑھ کر ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah