کتاب 59: كتاب بدء الخلق
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 3250
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم سے، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعد ساعدی ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جنت میں ایک کوڑا رکھنے کی جگہ دنیا و مافیہا سے بہتر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3251
رَوح بن عبدالمومن نے ہمیں بتایا۔ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: جنت میں ایک ایسا درخت ہے کہ جس کے سایہ میں سوار سو سال تک بھی چلتا رہے، وہ اسے طَے نہیں کرے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3252
محمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہلال بن علی سے، ہلال نے عبدالرحمن بن ابی عمرہ سے، عبدالرحمن نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جنت میں ایک ایسا درخت ہے کہ جس کے سایہ میں سوار سو سال تک بھی چلتا رہے (وہ اسے طَے نہیں کرے گا) اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھو: پھیلے ہوئے سایوں میں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3253
اور جنت میں تم میں سے ایک کی کمان برابر جگہ ان تمام چیزوں سے بہتر ہوگی جن پر سورج چڑھتا ہے یا ڈوبتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3254
ابراہیم بن منذر نے ہمیں بتایا۔ محمد بن فلیح نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہلال (بن علی) سے، ہلال نے عبدالرحمن بن ابی عمرہ سے، عبدالرحمن نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ پہلا گروہ جو جنت میں داخل ہوگا وہ چودھویں رات کے چاند کی طرح ہوگا اور وہ لوگ جو اُن کے پیچھے آئیں گے وہ آسمان کے خوبصورت سے خوبصورت چمک دار ستارے کی مانند روشن ہوں گے۔ ان کے دل ایسے ہوں گے جیسے ایک آدمی کا دل۔ ان کے درمیان نہ کاوش کپٹ ہوگی، نہ انہیں ایک دوسرے سے حسد۔ ہر آدمی کی دو خوبصورت بڑی بڑی آنکھوں والی بیویاں ہوں گی۔ ان کی پنڈلیوں کا گودا ہڈی اور گوشت کے پیچھے سے دکھائی دے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3255
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عدی بن ثابت نے مجھے بتایا، کہا: میں نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: جب ابراہیم فوت ہوئے تو آپؐ نے فرمایا: جنت میں اس کے لئے ایک دودھ پلانے والی مقرر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3256
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک بن انس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صفوان بن سلیم سے، صفوان نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوسعیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جنت والے بالا خانوں میں رہنے والوں کو اپنے اوپر اسی طرح دیکھیں گے کہ جس طرح وہ اس چمک دار ستارے کو دیکھتے ہیں جو مشرق یا مغرب کی طرف افق پر پیچھے رہ گیا ہو۔ کیونکہ ان کے درمیان بھی درجوں میں تفاوت ہوگی۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ! وہ تو انبیاء کے مقام ہوں گے۔ کیا ان کے سوا اور کوئی وہاں نہیں پہنچے گا؟ آپؐ نے فرمایا: کیوں نہیں بلکہ اسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے وہ لوگ بھی ہوں گے جو اللہ پر ایمان لائے اور جنہوں نے رسولوں کی تصدیق کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3257
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ محمد بن مطرف نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابو حازم نے مجھے بتایا انہوں نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے، حضرت سہلؓ نے نبی صلی اللہ علیہ و سلم سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جنت میں آٹھ دروازے ہیں اس میں ایک ایسا دروازہ ہے جس کا نام ریان (یعنی سیراب) ہے اس میں سے صرف روزہ رکھنے والے ہی داخل ہونگے
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3258
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مہاجر ابوالحسن سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے زید بن وہب سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ کسی سفر میں تھے۔ آپؐ نے (حضرت بلالؓ سے) فرمایا: ٹھنڈا ہونے دو۔ تھوڑی دیر بعد پھر فرمایا: ٹھنڈا ہونے دو۔ یہاں تک کہ سایہ ڈھلنے لگا۔ یعنی ٹیلوں کا سایہ۔ پھر اس کے (تھوڑی دیر) بعد فرمایا: نماز کو ٹھنڈے وقت پڑھو۔ کیونکہ گرمی کی شدت جہنم کی ایک بھاپ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3259
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ذکوان سے، ذکوان نے حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: نماز کو ٹھنڈے وقت پڑھا کرو۔ کیونکہ گرمی کی شدت جہنم کی ایک بھاپ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3260
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں خبر دی، کہا: ہم سے ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آگ نے اپنے ربّ سے شکایت کی۔ کہنے لگی: اے میرے ربّ! میرا ایک حصہ دوسرے کو کھا گیا ہے۔ اس کے ربّ نے اس کو دو سانس لینے کی اجازت دی۔ ایک سانس سردی میں اور ایک سانس گرمی میں۔ سو یہ وہی نہایت شدت کی گرمی ہے جو تم گرمی میں محسوس کرتے ہو اور نہایت شدت کی سردی ہے جو تم سرما میں محسوس کرتے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3261
عبداللہ بن محمد نے ہمیں بتایا۔ ابوعامر (عبدالملک عقدی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوجمرہ ضبعی سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں مکہ میں حضرت ابن عباسؓ کے پاس بیٹھا کرتا تھا۔ مجھے بخار نے آ پکڑا۔ انہوں نے کہا: زمزم کے پانی سے ٹھنڈا کرکے اسے اپنے سے دور کرو، کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بخار بھی جہنم کی ایک بھاپ ہے۔ اسے پانی سے ٹھنڈا کرو۔ یا فرمایا: زمزم کے پانی سے، ہمام نے یہ شک کیا ہے (کہ کیا الفاظ تھے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3262
عمرو بن عباس نے مجھے بتایا۔ عبدالرحمن (بن مہدی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سعید بن مسروق ثوری) سے، ان کے باپ نے عبایہ بن رفاعہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت رافع بن خدیجؓ نے مجھے بتایا، کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: بخار جہنم کا ایک اُبال ہے۔ اس کو پانی سے ٹھنڈا کر کے تم اپنے سے اتار دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3263
مالک بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ زُہیر نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: بخار جہنم کی بھاپ ہے۔ اس کو پانی سے ٹھنڈا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3264
مسدد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید قطان) سے، یحيٰ نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے بتایا۔ انہوں نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت عبداللہ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: بخار جہنم کی بھاپ ہے۔ پانی سے اس کو تم ٹھنڈا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3265
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہاری آگ جہنم کی آگ کے ستر حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔ کہا گیا: یا رسول اللہ! یہی ایک حصہ کافی تھا۔ آپؐ نے فرمایا: دنیا کی آگوں سے وہ اُنہتر حصے بڑھ کر ہوگی۔ ہر ایک حصہ اس آگ کی گرمی کے برابر (گرم) ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3266
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی کہ انہوں نے عطاء سے سنا۔ وہ صفوان بن یعلیٰ سے نقل کرتے تھے۔ صفوان اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے بتاتے تھے کہ انہوں نے نبی ﷺ کو منبر پر سورئہ زخرف کی آیت یوں تلاوت کرتے سنا: وَنَادَوْا یَا مٰلِکُ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3267
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت اسامہ (بن زیدؓ) سے کہا گیا: اگر آپؓ فلاں کے پاس آئیں اور اس سے گفتگو کریں (تو اچھا ہو) انہوں نے کہا کہ تم سمجھتے ہو کہ میں تمہیں سنا کر ہی اس سے بات کروں گا میں پوشیدگی میں اس سے گفتگو کروں گا بغیر اس کے کہ ایسا دروازہ کھولوں جس کو پہلے میں ہی کھولنے والا بنوں اور میں ایک بات کے بعد جو میں نے رسول اللہﷺ سے سنی کسی آدمی سے متعلق بھی یہ نہیں کہوں گا کہ وہ تمام لوگوں سے بہتر ہے خواہ میرا اَمیر ہی ہو لوگوں نے پوچھا: آپؐ نے آنحضرتﷺ کو کیا فرماتے سنا؟ انہوں نے کہا: میں نے آپؐ کو یہ فرماتے سنا ہے کہ قیامت کے روز ایک شخص لایا جائے گا اور وہ آگ میں ڈالا جائے گا تو اس کی انتڑیاں جلد سے باہر نکل کر آگ میں ڈھلک پڑیں گی اور وہ چکر کھائے گا جیسے گدھا اپنی چکی کے ارد گرد چکر کھاتا ہے یہ دیکھ کر دوزخی اس کے پاس اکٹھے ہو جائیں گے اور کہیں گے: ارے فلاں! تیری یہ کیا حالت ہے؟ کیا تو ہمیں بھلائی کا حکم نہیں کرتا تھا اور برائی سے نہیں روکتا تھا؟ وہ کہے گا: میں تمہیں بھلائی کا حکم کرتا تھا اور خود بھلائی نہیں کرتا تھا اور برائی سے تمہیں روکتا تھا اور خود برائی کرتا تھا اس حدیث کو غندر نے بھی شعبہ سے اور شعبہ نے اعمش سے روایت کیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3268
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ (بن یونس) نے ہمیں بتایا ہشام (بن عروة) سے مروی ہے انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ پر جادو کیا گیا لیث (بن سعد) نے بھی کہا: ہشام نے مجھے لکھا کہ انہوں نے اپنے باپ سے سنا اور اسے یاد رکھا کہ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ پر جادو کیا گیا آپؐ (ان ایام میں) بعض وقت خیال فرماتے تھے کہ آپؐ نے فلاں کام کرلیا ہے حالانکہ آپؐ نے وہ نہ کیا ہوتا آخر آپؐ نے ایک دن دعا پر دعا کی پھر آپؐ نے فرمایا کہ تمہیں معلوم ہے کہ اللہ نے مجھے وہ تدبیر بتادی ہے جس میں میری شفا ہے دو شخص میرے پاس آئے، ان میں سے ایک میرے سرہانے بیٹھ گیا اور دوسرا میرے پاؤں کی طرف ان میں سے ایک نے دوسرے سے کہا: اس شخص کو کیا تکلیف ہے؟ اس نے جواب دیا: یہ بیمار ہے اس نے پوچھا: کس نے (بزعمِ خویش) اسے بیمار کیا ہے؟ دوسرے نے کہا: لبید بن اعصم (یہودی) نے اس نے پوچھا: کس چیز سے؟ اس نے جواب دیا: ایک کنگھی میں سر کے بالوں کی گرہیں لگا کر اور نر کھجور کے خشک خوشے میں لپیٹ کر اس نے پوچھا: یہ کہاں ہے؟ جواب دیا زَروان کے کنوئیں میں چنانچہ نبی ﷺ اس کنوئیں پر گئے اور پھر واپس آئے اور حضرت عائشہؓ سے جب آپؐ لوٹے، فرمایا: اس کنوئیں پر کھجور کے درخت ایسے گھنے تھے جیسے پھنئیر تھوہر میں نے پوچھا: کیا آپؐ نے کنگھی وغیرہ کو نکال لیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں مجھے تو اللہ نے شفا دے دی ہے اور میں یہ خدشہ بھانپ گیا مبادا یہ بات لوگوں میں شر برپا کر دے پھر اس کے بعد وہ کنواں (مٹی ڈال کر) دبا دیا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3269
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے بھائی نے مجھے بتایا انہوں نے سلیمان بن بلال سے، سلیمان نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: شیطان تم میں سے ایک کے سر کی گدی پر جس وقت وہ سو جاتا ہے تین گرہیں لگاتا ہے اور ہر گرہ پر جہاں وہ ہوتی ہے یہ پھونکتا ہے اور کہتا ہے تمہارے لئے رات ابھی بہت باقی ہے، سو جاؤ اگر وہ جاگ پڑے اور اللہ کی تحمید و تسبیح کرے تو ایک گرہ کھل جائے گی اور اگر وہ وضو کرے تو دوسری گرہ کھل جائے گی اور اگر اس نے اس کے بعد نماز پڑھ لی تو اس کی ساری گرہیں کھل جائیں گی اور وہ تازہ مزاج ہشاش بشاش ہو کر صبح اُٹھے گا ورنہ بد مزاج سُست رہے گا
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah