کتاب 59: كتاب بدء الخلق
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 3270
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس ایک شخص کا ذکر کیا گیا جو رات بھر سویا رہا یہاں تک کہ صبح ہو گئی۔ آپؐ نے فرمایا: یہ وہ شخص ہے جس کے کانوں میں شیطان نے پیشاب کر دیا ہے یا فرمایا: اس کے کان میں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3271
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے سالم بن ابی جعد سے، سالم نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی جب اپنی بیوی کے پاس آئے اور یہ کہے: اللہ کے نام کے ساتھ۔ اے میرے اللہ! شیطان سے ہمیں بچائے رکھیو اور شیطان کو اس سے دو ر رکھیو جو تم نے ہمیں عطا فرمانے کا ارادہ کیا ہے تو انہیں ایسا بچہ دیا جائے گا جسے شیطان نے ضرر نہ پہنچایا ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3272
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب سورج کا اوپر کا کنارہ نکلے تو تم نماز نہ پڑھو جب تک کہ وہ سارا نہ نکل آئے اور جب سورج کا کنارہ ڈوب جائے۔ تب بھی تم نماز نہ پڑھو جب تک سورج غروب نہ ہو جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3273
اپنی نماز کے لئے سورج نکلنے کا انتظار نہ کیا کرو اور نہ ہی اس کے ڈوبنے کا۔ کیونکہ سورج شیطان کے دو سینگوں کے درمیان سے نکلے گا۔ عبدہ نے کہا: میں نہیں جانتا ہشام نے کونسا لفظ کہا شیطان یا الشیطان۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3274
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید بن ہلال سے، حمید نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا کہ اگر تم میں سے کسی کے سامنے سے کوئی گزرے تو چاہیے کہ وہ اسے روک دے۔ اگر وہ نہ مانے تو اسے روکے۔ پھر اگر نہ مانے تو اس کا مقابلہ کرے کیونکہ وہ شیطان ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3275
اور عثمان بن ہیثم نے کہا کہ عوف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن سیرین سے، ابن سیرین نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے رمضان کی زکوٰۃ (یعنی صدقہ فطر کے غلہ) کی حفاظت کے لئے مجھے مقرر فرمایا۔ ایک آنے والا آیا اور وہ غلہ سے لپ بھر بھر کر لینے لگا۔ میں نے اسے پکڑ لیا اور میں نے کہا: میں تمہیں رسول اللہ ﷺ کے سامنے ضرور پیش کروں گا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے ساری حدیث بیان کی۔ اس چور نے کہا: جب تم اپنے بستر پر سونے کے لئے لیٹنے لگو تو آیۃ الکرسی پڑھو۔ اللہ کی طرف سے ہمیشہ ایک نگہبان مقرر رہے گا اور صبح تک شیطان تمہارے قریب نہیں آئے گا۔ یہ سن کر نبی ﷺ نے فرمایا: اس نے تم سے سچ کہا، حالانکہ وہ بڑا جھوٹا ہے اور وہ تو شیطان ہے (جو تمہارے پاس آیا۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3276
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: شیطان تم میں سے ایک کے پاس آتا ہے اور کہتا ہے: یہ کس نے پیدا کیا اور وہ کس نے پیدا کیا؟ اور آخر میں کہتا ہے کہ اچھا، خدا کو کس نے پیدا کیا؟ جب وہ اس حد تک پہنچ جائے تو چاہیے کہ وہ (بندہ) اللہ کی پناہ لے اور وہیں رُک جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3277
یحيٰ بن بکیر نے ہمیں بتایا کہ لیث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عقیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: تیمیوں کے غلام (نافع) ابن ابی انس نے مجھ سے بیان کیا کہ ان کے باپ نے انہیں بتایا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیطان زنجیروں میں جکڑ دئیے جاتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3278
حمیدی نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن دینار) نے ہمیں بتایا، کہا: سعید بن جبیر نے مجھے خبر دی۔ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے کہا: وہ کہتے تھے: ہم سے اُبی بن کعب نے بیان کیا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: موسیٰؑ نے اپنے ساتھی نوجوان سے کہا: ہمارا ناشتہ ہمیں دو۔۔۔ اس نے کہا: دیکھئے جب ہم نے چٹان کے پاس آرام کیا تھا تو میں مچھلی بھول گیا اور مجھے شیطان ہی نے اس کی یاد بھلا دی اور حضرت موسیٰؑ نے اس وقت تکان محسوس کی جب وہ اس جگہ سے آگے نکل گئے جس کی بابت اللہ نے حکم دیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3279
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے عبداللہ بن دینار سے، انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا۔ آپؐ مشرق کی طرف اشارہ کر رہے تھے اور آپؐ نے فرمایا: دیکھو وہ فتنہ ادھر سے اٹھے گا۔ وہ فتنہ ادھر سے اٹھے گا جہاں سے شیطان کا سینگ نکلے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3280
یحيٰ بن جعفر نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن عبداللہ انصاری نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے، حضرت جابرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جب رات چھا جائے یا رات شروع ہو جائے تو تم اپنے بچوں کو (باہر جانے سے) روکو۔ کیونکہ شیطان اس وقت پھیل جاتے ہیں۔ جب عشاء کے وقت سے کچھ عرصہ گزر جائے تو انہیں آزادی دے دو اور تم اپنا دروازہ بند کر لو اور اللہ کا نام لو اور دِیا بجھاتے وقت اللہ کا نام لو اور مشکیزے کا منہ باندھو اور اللہ کا نام لو اور اپنا برتن ڈھانپو اور اللہ کا نام لو۔ خواہ کوئی چیز ہی اس پر آڑی رکھ دو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3281
محمود بن غیلان نے ہمیں بتایا۔ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زُہری نے علی بن حسین سے، علی نے حضرت صفیہؓ بنت حيّ سے روایت کی۔ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ اعتکاف میں تھے۔ میں ایک رات آپؐ سے ملنے آئی۔ آپؐ سے باتیں کیں۔ پھر اس کے بعد میں اٹھی اور لوٹنے لگی۔ آپؐ بھی میرے ساتھ کھڑے ہوگئے تاکہ آپؐ مجھے واپس پہنچائیں اور ان کی جائے رہائش (ان دنوں) حضرت اسامہ بن زیدؓ کے گھر میں تھی۔ انصار میں سے دو مرد گزرے۔ جب انہوں نے نبی ﷺ کو دیکھا تو وہ دونوں تیز چلے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ٹھہرو۔ یہ حيّ کی بیٹی صفیہؓ ہے۔ ان دونوں نے کہا: سبحان اللہ! یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: شیطان انسان میں دورانِ خون کی طرح چلتا ہے اور میں ڈرا کہ کہیں وہ تمہارے دلوں میں بری بات یا فرمایا: کوئی بات نہ ڈال دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3282
عبدان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حمزہ سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے عدیّ بن ثابت سے، عدیّ نے سلیمان بن صُرَد سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس بیٹھا ہوا تھا اور دو آدمی آپس میں گالی گلوچ کر رہے تھے۔ ان میں سے ایک کا چہرہ سرخ ہوگیا اور اس کی گردن کی رگیں پھول گئیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں ایک کلمہ جانتا ہوں کہ اگر وہ اسے کہے تو جو غصہ اس کو ہے وہ جاتا رہے گا۔ اگر وہ یہ کہے : میں شیطان سے اللہ کی پناہ میں آتا ہوں تو جو غصہ اس کو ہے وہ جاتا رہے گا۔ لوگوں نے اس سے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا ہے: تم شیطان سے (بچنے کے لیے) اللہ کی پناہ مانگو۔ اس نے کہا: کیا مجھے جنون ہے؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3283
آدم (بن ابی ایاس) نے ہمیں بتایا شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ منصور نے ہمیں بتایا انہوں نے سالم بن ابی الجعد سے، سالم نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اگر تم میں سے کوئی اپنی بیوی کے پاس آئے اور کہے: اے اللہ! مجھے شیطان سے الگ رکھیو اور شیطان کو اس سے الگ رکھیو جو تو نے مجھے عطاء کرنے کا ارادہ فرمایا ہے پھر اگر ان دونوں سے بچہ ہوا تو شیطان اسے ضرر نہ دے گا اور نہ وہ اس پر قابو پائے گا شعبہ نے کہا: اور اعمش نے بھی اسی طرح ہمیں بتایا انہوں نے سالم سے، سالم نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3284
محمود (بن غیلان) نے ہمیں بتایا۔ شبابہ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن زیاد سے، ابن زیاد نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے ایک نماز پڑھی۔ پھر فرمایا: شیطان میرے سامنے آیا اور مجھ پر حملہ کیا کہ میری نماز توڑ دے۔ مگر اللہ تعالیٰ نے مجھے اس پر قابو دیا۔ پھر حضرت ابوہریرہؓ نے ساری حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3285
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ اَوزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جب نماز کے لئے بلایا جاتا ہے تو شیطان پیٹھ موڑ کر چل دیتا ہے اور گوز مارتا جاتا ہے۔ جب اذان ہو چکتی ہے تو پھر آتا ہے اور جب نماز کیلئے صفیں درست کرنے کے لئے تکبیر اقامت ہوتی ہے تو وہ پیٹھ موڑ کر چل دیتا ہے اور جب تکبیر ہو چکتی ہے تو وہ آجاتا ہے اور آکر انسان اور اس کے دل کے درمیان چکر لگاتا ہے اور کہتا ہے فلاں فلاں بات یاد کرو (اور اس طرح) اسے ایسا مشغول رکھتا ہے کہ وہ نہیں جانتا کہ تین رکعتیں پڑھی ہیں یا چار۔ جب وہ نہ جانے کہ میں نے تین رکعتیں پڑھی ہیں یا چار تو وہ سہو کے دو سجدے کر لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3286
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: آدم کے ہر بیٹے کو جب وہ پیدا ہوتا ہے شیطان اس کے دونوں پہلوئوں میں اپنی انگلیوں سے کونچتا ہے، سوائے عیسیٰ بن مریم کے۔ (انہیں) کونچنے گیا تھا مگر اس نے بچہ دان کے پردے ہی کو کونچا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3287
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں شام میں آیا۔ لوگوں نے کہا: حضرت ابوالدردائؓ کہتے تھے: کیا تم میں وہ شخص تھا جس کو اللہ نے شیطان سے بچائے رکھا؟ جس طرح اس کے نبی ﷺ نے اپنی زبان سے فرمایا۔ سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ سے روایت کرتے ہوئے یہی بتایا اور انہوں نے یوں کہا: اللہ نے اس کو بچایا جیسا کہ اس کے نبی ﷺ نے اپنی زبان سے فرمایا۔ مغیرہ کی مراد اس سے حضرت عمار (بن یاسرؓ) تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3288
(امام بخاری نے) کہا: اور لیث (بن سعد) نے کہا: خالد بن یزید نے مجھے بتایا کہ سعید بن ابی ہلال سے مروی ہے کہ ابوالاسود (محمد بن عبدالرحمن) نے انہیں خبر دی کہ عروہ سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ملائکہ اَبر یعنی بادل میں ایک دوسرے سے باتیں کرتے ہیں، اس واقعہ کے متعلق جو زمین میں ہونے والا ہو۔ شیطان بھی کوئی بات سن لیتے ہیں۔ پھر وہ اسے کاہن کے کان میں اس طرح ڈال دیتے ہیں جیسے شیشے کے برتن میں کوئی چیز ڈالی جاتی ہے تو وہ اس کے ساتھ ایک سو جھوٹ اَور بڑھاتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3289
عاصم بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ ابوذئب کے بیٹے نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے اپنے باپ (کیسان) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جمائی بھی شیطان کی وجہ سے ہی ہوتی ہے۔ اس لئے جب تم میں سے کوئی جمائی لے تو جہاں تک ہو سکے چاہیے کہ وہ اس کو روکے۔ کیونکہ جب تم میں سے کوئی (جمائی لیتے وقت) ہاہا کی آواز نکالتا ہے تو شیطان ہنستا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah