کتاب 61: کتاب المناقب
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 3509
ہم سے علی بن عیاش نے بیان کیا کہ حریز نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عبدالواحد بن عبداللہ نصری نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت واثلہ بن اسقعؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ بھی نہایت ہی بڑا بہتان ہے کہ آدمی اپنے باپ کے سوا کسی اور کی طرف منسوب ہو یا اپنی آنکھ کو وہ کچھ دکھلائے جو اس نے نہیں دیکھا، یا - رسول اللہ ﷺ پر افتراء کرے ایسی بات کا جو آپؐ نے نہیں کہی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3510
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو جمرہ سے، انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: عبدالقیس کے نمائندے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! ہم ربیعہ کے قبیلہ سے ہیں۔ ہمارے اور آپؐ کے درمیان مضر کے کفار حائل ہیں۔ ہم آپؐ تک سلامتی سے نہیں پہنچ سکتے مگر ماہِ حرام میں ہی۔ اگر آپؐ ہمیں ایسی بات کا حکم دیں کہ جو ہم آپؐ سے سیکھ لیں اور ان کو بھی بتائیں جو ہمارے پیچھے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم کو چار باتیں کرنے کا حکم دیتا ہوں اور چار باتوں سے منع کرتا ہوں۔ اللہ پر ایمان لانا یعنی یہ شہادت دینا کہ اللہ کے سوا اور کوئی معبود نہیں اور نماز سنوار کر پڑھنا اور زکوٰة دینا اور اللہ کے لئے اس غنیمت کا پانچواں حصہ ادا کرنا جو تم حاصل کرو اور میں تم کو کدو کے تونبے اور سبز لاکھی برتن اور لکڑی کے کریدے ہوئے برتن اور رال کے روغنی برتن سے منع کرتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3511
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سالم بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا جبکہ آپؐ منبر پر تھے۔ آپؐ فرماتے تھے: دیکھو فتنہ یہاں سے ہوگا۔ آپؐ مشرق کی طرف اشارہ کرتے تھے جہاں سے شیطان کا سینگ نکلے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3512
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے، سعد نے عبدالرحمٰن بن ہرمز سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: قریش، انصار، جہینہ، مزینہ، اسلم، غفار اور اشجع میرے مدد گار ہیں اور ان کا مددگار اللہ اور اس کے رسول کے سوا کوئی نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3513
محمد بن غر یر زہری نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے صالح سے روایت کی کہ نافع نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے منبر پر فرمایا کہ غفار جو ہیں اللہ نے ان کی مغفرت کی اور اسلم جو ہیں اللہ نے ان کو سلامتی میں رکھا اور عُصَیّہ نے اللہ اور اس کے رسول کی معصیت اور نافرمانی کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3514
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب ثقفی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اسلم جو ہیں ان کو اللہ تعالیٰ نے سلامتی میں رکھا اور غفار جو ہیں ان کی اللہ نے مغفرت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3515
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ نیز محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ (عبدالرحمن) بن مہدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان سے، سفیان نے عبدالملک بن عمیر سے، عبدالملک نے عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: بتلاؤ اگر جہینہ، مزینہ، اسلم اور غفار؛ بنو تمیم، بنو اسد، بنو عبداللہ بن غطفان اور بنو عامر بن صعصعہ سے بہتر ہوں! تو ایک شخص بولا: تو پھر یہ (یعنی بنو تمیم، بنو اسد، بنو عبداللہ اور بنو عامر) نامراد اور گھاٹے میں ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: وہ بنو تمیم سے اور بنو اسد سے اور بنو عبداللہ بن غطفان سے اور بنو عامر بن صعصعہ سے بہتر ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3516
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن ابی یعقوب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ سے سنا۔ وہ اپنے باپ سے روایت کرتے تھے کہ اقرع بن حابسؓ نے نبی ﷺ سے کہا کہ اسلم، غفار اور مزینہ میں سے آپؐ کی بیعت ان لوگوں نے کی ہے جو حاجیوں کا مال و اسباب چرایا کرتے تھے۔ عبد الرحمن نے کہا: میں سمجھتا ہوں، انہوں نے جہینہ کا بھی ذکر کیا۔ (محمد) بن ابی یعقوب نے اس میں شک کیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: بھلا بتاؤ اگر اسلم، غفار، مزینہ اور میں سمجھتا ہوں کہ آپ نے یہ بھی فرمایا کہ جہینہ؛ بنو تمیم، بنو عامر، اسد اور غطفان سے بہتر ہوں تو کیا یہ نامراد اور گھاٹے میں رہے! (ہرگز نہیں۔) اقرع نے کہا: حضورؐ کا ارشاد ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ وہ ضرور ان سے بہتر ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3516a
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا۔ حماد (بن زید) سے روایت ہے۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: آنحضرتؐ نے فرمایا: اسلم اور غفار، مزینہ اور جہینہ میں سے بعض لوگ یا فرمایا: جہینہ میں سے یا مزینہ میں سے کچھ لوگ اللہ کے نزدیک بہتر ہوں۔ یا فرمایا: قیامت کے دن اسد، تمیم، ہوازن اور غطفان سے بہتر ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3517
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: سلیمان بن بلال نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ثور بن زید سے، ثور نے ابوالغیث سے، ابوالغیث نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ گھڑی اس وقت تک قائم نہیں ہوگی جب تک کہ قحطان میں سے ایک شخص پیدا نہ ہو جو لوگوں کو اپنی لاٹھی سے ہانکے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3518
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ مخلد بن یزید نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ عمرو بن دینار نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کے ساتھ ہم حملے میں نکلے اور مہاجرین میں سے کچھ لوگ آپؐ کے پاس اِدھر اُدھر سے اکٹھے ہوگئے یہاں تک کہ وہ بہت ہوگئے اور مہاجرین میں ایک شخص بڑا کھلاڑی تھا۔ اس نے ایک انصاری کے سرین پر ضرب لگائی۔ وہ انصاری برافروختہ ہوا اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ انہوں نے اپنے اپنے آدمیوں کو پکارنا شروع کیا۔ انصاری نے کہا: اے انصار! دُہائی، پہنچنا۔ اور مہاجر نے کہا: اے مہاجرین! دُہائی، پہنچنا۔ یہ سن کر نبی ﷺ آئے اور فرمایا: یہ زمانہ جاہلیت کے لوگوں کی کیا دُہائی پکار ہے؟ پھر آپؐ نے فرمایا: ان لوگوں کو کیا ہوا ہے؟ تو آپؐ کو بتایا گیا کہ ایک مہاجر نے انصاری کے سرین پر ضرب لگائی ہے۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: جاہلیت کی ان باتوں کو چھوڑ دو کیونکہ وہ ناپاک ہیں؛ اور عبداللہ بن اُبَیّ بن سلول نے کہا: کیا وہ ہمارے مقابل پر ایک دوسرے کو بلاتے ہیں۔ اگر ہم مدینہ کو لوٹے تو جو معزز ہے وہ ذلیل کو اس سے ضرور نکال کر چھوڑے گا۔ حضرت عمرؓ نے یہ سن کر کہا: یا نبی اللہ! کیا ہم اس خبیث کو مار نہ ڈالیں یعنی عبداللہ (بن اُبَیّ) کو۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کہیں لوگ باتیں نہ کریں کہ محمد اپنے ساتھیوں کو مروا ڈالتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3519
ثابت بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عبداللہ بن مُرّہ سے، عبداللہ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ نیز سفیان سے مروی ہے۔ انہوں نے زُبید سے، زُبید نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے۔ حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ ہم میں سے نہیں ہے جو گالوں کو پیٹے اور گریبان پھاڑے اور جاہلیت کی باتیں پکارے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3520
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن آدم نے ہمیں بتایا کہ اسرائیل نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابوحصین سے، ابوحصین نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عمرو بن لحي بن قمعہ بن خندف خزاعہ کا باپ تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3521
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ وہ کہتے تھے: میں نے سعید بن مسیب سے سنا۔ انہوں نے کہا: بحیرہ وہ جانور ہے جس کا دودھ بتوں کے نام پر روک دیا جاتا تھا اور لوگوں میں سے کوئی بھی اس کو نہ دوہتا تھا اور سائبہ وہ جانور ہے جو وہ اپنے معبودوں کے نام پر چھوڑ دیا کرتے تھے تو اس پر کوئی بوجھ نہ لادا جاتا۔ سعید کہتے تھے: اور حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: میں نے عمرو بن عامر بن لحي خزاعی کو دیکھا کہ وہ اپنی انتڑیاں دوزخ میں گھسیٹ رہا ہے اور وہی پہلا شخص تھا جس نے سائبہ جانور چھوڑے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3522
زید نے جو اخزم کے بیٹے ہیں ہم سے بیان کیا کہ ابو قتیبہ سلم بن قتیبہ نے کہا: مثنیٰ بن سعید قصیر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: ابو جمرہ نے مجھے بتایا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابن عباسؓ نے ہم سے کہا: کیا میں تمہیں ابو ذرؓ کے مسلمان ہونے کا واقعہ نہ بتاؤں؟ ابو جمرہ کہتے تھے: ہم نے کہا: کیوں نہیں ضرور بتائیں۔ انہوں نے کہا: ابو ذرؓ کہتے تھے: میں غفار قبیلے سے ایک شخص تھا۔ ہمیں یہ خبر پہنچی کہ ایک شخص مکہ میں ظاہر ہوا ہے جو کہتا ہے کہ وہ نبی ہے۔ میں نے اپنے بھائی سے کہا: اس شخص کے پاس جاؤ اور اس سے باتیں کرو اور پھر مجھے اس کا حال بتاؤ۔ چنانچہ وہ چلا گیا اور آپؐ سے ملا۔ پھر واپس آگیا۔ میں نے پوچھا: کیا خبر لائے؟ وہ کہنے لگے: اللہ کی قسم! میں نے ایک ایسا شخص دیکھا ہے جو اچھی بات کا حکم کرتا ہے اور بُری بات سے روکتا ہے۔ میں نے اس سے کہا: اس خبر نے میری تسلی نہیں کی۔ آخر میں نے ایک توشہ دان اور چھڑی لی اور مکہ کی طرف روانہ ہو گیا۔ میں کسی کو نہیں پہچانتا تھا اور میں ناپسند کرتا تھا کہ آنحضرتﷺ کے متعلق (کسی سے) پوچھوں اور میں زمزم کے پانی سے پیتا تھا اور مسجد میں رہتا تھا۔ وہ کہتے تھے: اتنے میں حضرت علیؓ میرے پاس سے گذرے اور کہا: ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ شخص مسافر ہے۔ کہتے تھے: میں نے کہا: ہاں۔ حضرت علیؓ نے کہا: تو پھر گھر چلیں؟ کہتے تھے: میں ان کے ساتھ چلا گیا۔ وہ مجھ سے کسی بات کے متعلق نہیں پوچھتے تھے اور میں ان کو کچھ نہ بتاتا تھا۔ جب میں صبح کو اُٹھا تو میں سویرے ہی مسجد کو چلا گیا تا کہ آنحضرت ﷺ کے متعلق پوچھوں اور کوئی بھی مجھے ان کے متعلق کچھ نہیں بتاتا تھا۔ کہتے تھے: پھر حضرت علیؓ میرے پاس سے گذرے اور کہنے لگے: اس شخص سے ابھی اتنا بھی نہ ہوسکا کہ اپنا ٹھکانہ پہچانے۔ کہتے تھے: میں نے کہا: نہیں۔ انہوں نے کہا: میرے ساتھ چلیں۔ کہتے تھے: پھر انہوں نے مجھ سے پوچھا: آپ کا کیا کام ہے؟ کیا غرض آپ کو اس شہر میں لائی ہے؟ کہتے تھے: میں نے ان سے کہا: اگر آپ میری بات پوشیدہ رکھیں تو میں آپ کو بتاتا ہوں۔ حضرت علیؓ نے کہا: میں پوشیدہ رکھوں گا۔ کہتے تھے: میں نے ان سے کہا: ہمیں یہ خبر پہنچی ہے کہ یہاں ایک شخص ظاہر ہوا ہے جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے۔ یہ سن کر میں نے اپنے بھائی کو بھیجا کہ ان سے گفتگو کرے۔ وہ لوٹ آیا اور اس نے اصل حالات میں میری تسلی نہیں کی۔ اس لئے میں نے چاہا کہ میں خود اُن سے ملوں۔ حضرت علیؓ نے یہ سن کر ان سے کہا: دیکھو آپ نے اچھا کیا ہے۔ میں بھی انہی کے پاس جا رہا ہوں۔ اس لئے میرے پیچھے پیچھے چلے آئیں۔ جہاں میں داخل ہوں وہیں آپ بھی داخل ہو جائیں۔ اگر میں نے کسی کو دیکھا کہ جس سے آپ کے متعلق مجھے ڈر ہو تو میں دیوار سے لگ کر کھڑا ہو جاؤں گا جیسے کہ میں اپنی جوتی درست کر رہا ہوں اور آپ چلتے جانا۔ چنانچہ حضرت علیؓ چل پڑے اور میں بھی ان کے ساتھ چل پڑا یہاں تک کہ وہ ایک مکان کے اندر گئے اور میں بھی ان کے ساتھ ہی نبی ﷺ کے پاس اندر گیا۔ میں نے ان سے کہا: آپؐ میرے سامنے اسلام پیش کریں اور آپؐ نے پیش کیا تو میں وہیں اسی وقت مسلمان ہو گیا۔ آپؐ نے مجھ سے فرمایا: ابو ذرؓ اس بات کو پوشیدہ رکھو اور اپنے شہر کو لوٹ جاؤ۔ جب تمہیں یہ خبر پہنچے کہ ہم غالب آگئے ہیں تو اس وقت چلے آنا۔ میں نے کہا: اسی ذات کی قسم جس نے آپؐ کو سچائی کے ساتھ بھیجا ہے میں تو ان کے درمیان اسلام کا زور شور سے اعلان کروں گا۔ چنانچہ وہ مسجد میں آئے اور کچھ قریش بھی وہاں تھے تو انہوں نے کہا: اے قریش کے لوگو! میں یہ اقرار کرتا ہوں کہ اللہ کے سوا اور کوئی معبود نہیں اور یہ بھی اقرار کرتا ہوں کہ محمدؐ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔ یہ سنتے ہی انہوں نے کہا: اُٹھو اس بے دین کو پکڑو۔ وہ اُٹھے اور مجھے اتنا پیٹا گیا کہ میں مرنے کو تھا۔ اتنے میں حضرت عباسؓ (آنحضرتؐ کے چچا) میرے پاس (وقت پر) آ پہنچے اور وہ آکر مجھ پر اوندھے جھکے اور پھر ان لوگوں سے متوجہ ہوئے اور کہنے لگے: تمہارا ستیاناس؛ کیا غفار کی قوم سے ایک شخص کو مارتے ہو حالانکہ تمہاری تجارت کا اور تمہارے آنے جانے کا راستہ غفار کے پاس سے گذرتا ہے۔ یہ سن کر وہ مجھ سے ہٹ گئے۔ جب میں دوسرے دن صبح اُٹھا، میں پھر گیا اور میں نے ویسے ہی کہا جو میں نے کل کہا تھا۔ وہ کہنے لگے: اُٹھو اس بے دین کو پکڑو اور میری وہی گت بنائی گئی جو گت میری کل بنائی گئی تھی اور حضرت عباسؓ میرے پاس (وقت پر) آپہنچے اور وہ آکر مجھ پر اوندھے جھکے اور انہوں نے وہی کہا جو کل کہا تھا۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: تو حضرت ابو ذرؓ اس طرح پہلے مسلمان ہوئے۔ اللہ ان پر رحم کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3523
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا۔ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: آنحضرت ﷺ نے فرمایا: اسلم اور غفار، مزینہ اور جہینہ میں سے بعض لوگ یا فرمایا: جہینہ میں سے یا مزینہ میں سے کچھ لوگ اللہ کے نزدیک بہتر ہوں، یا فرمایا: (اللہ کے نزدیک) قیامت کے دن بہتر ہوں اسد، تمیم، ہوازن اور غطفان سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3524
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو بشر سے، ابو بشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: اگر تم یہ معلوم کرنا چاہتے ہو کہ عرب کس قدر جاہل تھے تو سورۂ انعام کی ایک سو تیس آیتوں کے بعد پڑھو: وہ لوگ جنہوں نے اپنی اولاد کو بے وقوفی سے بغیر علم کے قتل کر دیا ہے اور جو کچھ اللہ نے انہیں دیا تھا اسے اللہ پر افتراء کرتے ہوئے (اپنے پر) حرام کر لیا ہے۔ وہ گھاٹا پانے والے ہو گئے ہیں اور گمراہ ہو گئے ہیں اور وہ ہدایت پانے والوں میں سے نہیں (بنے)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3525
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ اعمش سلیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: عمرو بن مرہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی، وہ کہتے تھے: جب یہ آیت نازل ہوئی: اپنے خاندان کے لوگوں کو جو قریبی رشتہ دار ہوں، خطرے سے آگاہ کرو؛ تو نبی ﷺ قریش کے خاندانوں کے نام لے کر پکارنے لگے: اے بنی فہر! اے بنی عدی! یہ سب قریش کے خاندان تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3526
(امام بخاری نے کہا:) اور قبیصہ نے ہم سے کہا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حبیب بن ابی ثابت سے، حبیب نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: اپنے خاندان کے لوگوں کو جو قریبی رشتہ دار ہوں، خطرے سے آگاہ کرو؛ تو نبی ﷺ ایک ایک قبیلہ کا نام لے کر پکارنے لگے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3527
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ ابوزناد نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: اے عبدمناف کے بیٹو! اللہ سے اپنی جانیں خرید لو۔ اے عبدالمطلب کے بیٹو! اللہ سے اپنی جانیں خرید لو۔ اے زبیر بن عوام کی ماں! رسول اللہ کی پھوپھی، اے فاطمہ محمدؐ کی بیٹی! تم دونوں بھی اللہ سے اپنی جانیں خرید لو۔ میں تمہارے لئے اللہ کے مقابل کچھ اختیار نہیں رکھتا۔ تم دونوں میرے مال سے جو تم چاہو، مانگو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah