کتاب 61: کتاب المناقب
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 3528
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے انصار کو بلایا اور فرمایا: کیا تم میں کوئی ایسا ہے جو تم میں سے نہ ہو؟ انہوں نے کہا: نہیں سوائے ہماری ایک بہن کے بیٹے کے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قوم کا بھانجا بھی انہی میں سے ہوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3529
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ منیٰ کے دنوں میں ان کے ہاں آئے اور اس وقت ان کے پاس دو لڑکیاں دف بجا رہی تھیں اور گا رہی تھیں اور نبی ﷺ اپنا کپڑا اوڑھے ہوئے تھے تو حضرت ابوبکرؓ نے ان دونوں کو جھڑکا۔ نبی ﷺ نے اپنے چہرے سے کپڑا ہٹا یا اور فرمایا: ابوبکر ان کو رہنے دو کیونکہ یہ عید کے دن ہیں اور وہ منیٰ (یعنی دسویں، گیارھویں اور بارھویں ذوالحجہ) کے دن تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3530
اور حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا۔ آپؐ مجھے پردہ کئے ہوئے تھے اور میں حبشیوں کو دیکھ رہی تھی جبکہ وہ مسجد میں کھیل رہے تھے تو حضرت عمرؓ نے ان حبشیوں کو ڈانٹا۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا: انہیں کھیلنے دو۔ بنی ارفدہ بے فکر ہو کر کھیلتے جاؤ۔ آپؐ نے أَمْنًا جو فرمایا تو اس سے آپؐ کی یہ مراد تھی کہ تمہیں کوئی ڈر نہیں، امن سے کھیلتے رہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3531
عثمان بن ابی شیبہ نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: حسانؓ نے مشرکوں کی ہجو کے لئے نبی ﷺ سے اجازت مانگی تو آپؐ نے فرمایا: تم میرے خاندان کو کیونکر بچاؤ گے! حضرت حسانؓ نے کہا: میں آپؐ کو ان سے ایسا نکالوں گا جیسے بال آٹے سے نکالا جاتا ہے۔ نیز ہشام نے اپنے باپ سے یہ بھی روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں حضرت عائشہؓ کے پاس حسانؓ کو بُرا کہنے لگا تو انہوں نے کہا: اسے بُرا مت کہو کیونکہ وہ نبی ﷺ کی طرف سے مدافعت کیا کرتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3532
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، کہا: معن نے مجھے بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے محمد بن جبیر بن مطعم سے، انہوں نے اپنے باپ (حضرت جبیر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے پانچ نام ہیں: میں محمد ہوں اور احمد ہوں، میں ماحی یعنی مٹانے والا ہوں جس کے ذریعہ سے اللہ کفر کو مٹائے گا، میں حاشر ہوں یعنی اکٹھا کرنے والا، جس کے قدموں پر لوگ اکٹھے کئے جائیں گے اور میں عاقب ہوں یعنی سب سے پیچھے آنے والا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3533
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تمہیں تعجب نہیں کہ اللہ قریش کی گالیوں اور ان کی لعنتوں کو مجھ سے کیونکر دور کرتا ہے۔ وہ مذمم (مذمت کیا ہوا) کو گالیاں دیتے ہیں اور مذمم پر لعنت کرتے ہیں حالانکہ میں تو محمد ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3534
محمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا کہ سلیم بن حیان نے ہمیں بتایا کہ سعید بن میناء نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: میری مثال اور دوسرے نبیوں کی مثال ایسی ہے جیسے کسی شخص نے گھر بنایا اور اس نے اس کو مکمل کردیا ہو اور خوب آراستہ کردیا ہو مگر ایک اینٹ کی جگہ خالی رہ گئی ہو تو لوگ اس میں داخل ہونے لگے اور وہ تعجب کرنے لگے اور کہنے لگے: کیسا اچھا گھر ہوتا اگر اس میں اینٹ کی جگہ خالی نہ ہوتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3535
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میری مثال اور ان انبیاء کی مثال جو مجھ سے پہلے تھے ایسی ہے جیسے کسی شخص نے گھر بنایا اور اسے خوب آراستہ پیراستہ کیا ہو سوائے اس جگہ کے جہاں کونے کی ایک اینٹ رکھی جاتی ہے۔ لوگ اس گھر میں پھرنے لگے اور اس سے تعجب کرتے اور کہتے: یہ اینٹ کیوں نہیں رکھی گئی۔ آپؐ فرماتے تھے: میں وہ اینٹ ہوں اور میں خاتم النبیینؐ ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3536
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ اس وقت فوت ہوئے جبکہ آپؐ تریسٹھ برس کے تھے۔ اور ابن شہاب نے کہا: نیز سعید بن مسیب نے بھی اسی طرح مجھے بتایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3537
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بازار میں تھے تو ایک شخص نے پکارا: ابوالقاسم! نبی ﷺ نے مڑ کر دیکھا تو آپؐ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو مگر میری کنیت پر کنیت نہ رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3538
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے سالم (بن ابی الجعد) سے، سالم نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے، حضرت جابرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو مگر میری کنیت پر کنیت نہ رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3539
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابن سیرین سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ابوالقاسم ﷺ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو مگر میری کنیت پر اپنی کنیت نہ رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3540
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ فضل بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جُعَید بن عبدالرحمٰن سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت سائب بن یزیدؓ کو چورانوے برس کی عمر میں دیکھا، اچھی مضبوط جسمانی حالت میں۔ حضرت سائبؓ کہتے تھے: میں جانتا ہوں کہ جو میرے حواس، کان اور آنکھ اب تک کام دیتے ہیں، یہ رسول اللہ ﷺ کی دعا کی برکت سے ہے۔ میری خالہ مجھ کو آپؐ کے پاس لے جاکر کہنے لگی: یا رسول اللہ! یہ میرا بھانجا بیمار ہے اس کے لئے دعا کیجیے؛ تو آپ ﷺ نے میرے لئے دعا کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3541
محمد بن عبیداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے جُعَید بن عبدالرحمٰن سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت سائب بن یزیدؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا: میری خالہ مجھے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے گئی اور (آپؐ سے) کہا: یا رسول اللہ! میری بہن کا بیٹا بیمار ہے۔ آپؐ نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور میرے لئے برکت کی دعا کی اور آپؐ نے وضو کیا تو میں نے آپؐ کے وضو کے (بچے ہوئے) پانی سے پیا۔ پھر میں آپؐ کی پیٹھ کے پیچھے کھڑا ہوا تو میں نے آپؐ کے دونوں مونڈھوں کے درمیان مہر نبوت دیکھی۔ عبیداللہ کے بیٹے نے کہا: حُجَل گھوڑے کی دونوں آنکھوں کے درمیان پیشانی پر سفیدی کو بھی کہتے ہیں جس سے لفظ حُجْلَہ ہے۔ ابراہیم بن حمزہ نے کہا: (مہر نبوت) چھپر کھٹ کی گھنڈی کی مانند تھی۔ (یا چکور کے انڈے کے برابر تھی)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3542
ابوعاصم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عمر بن سعید بن ابی حصین سے، عمر نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت عقبہ بن حارثؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے عصر کی نماز پڑھائی۔ پھر باہر گئے پیدل چلنے لگے تو انہوں نے حضرت حسنؓ کو بچوں کے ساتھ کھیلتے دیکھا۔ انہوں نے ان کو اپنے کندھے پر اُٹھا لیا اور کہنے لگے: میرا باپ آپؓ پر قربان! آپؓ نبی ﷺ کے مشابہ ہیں، علیؓ کے مشابہ نہیں۔ اور حضرت علیؓ ہنس رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3543
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زُہیر نے ہمیں بتایا کہ اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت ابوجحیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا اور حضرت حسنؓ آپؐ کے مشابہ تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3544
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد) بن فضیل نے ہمیں بتایا کہ اسماعیل بن ابی خالد نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت ابوجحیفہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا اور حضرت حسن بن علی علیہما السلام آپؐ کے مشابہ تھے۔ (اسماعیل کہتے تھے:) میں نے حضرت ابوجحیفہؓ سے کہا: آپؓ مجھ سے آنحضرت ﷺ کا حلیہ بیان کریں۔ تو انہوں نے کہا: آپؐ سفید رنگ تھے۔ آپؐ کے بال کچھ سفید ہوگئے تھے۔ اور نبی ﷺ نے تیرہ اونٹ ہمیں دینے کے لئے فرمایا۔ کہتے تھے: تو نبی ﷺ وفات پا گئے پیشتر اس کے کہ ہم یہ اونٹ لیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3545
عبداللہ بن رجاء نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے حضرت وہب (بن عبداللہ) ابوجحیفہ سوائیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا اور میں نے آپؐ کے ریش بچہ میں کچھ سفیدی دیکھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3546
عصام بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ حریز بن عثمان نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن بُسرؓ سے جو کہ نبی ﷺ کے صحابی تھے، کہا کہ کیا آپؓ نے نبی ﷺ کو دیکھا تھا، آپؐ بوڑھے تھے؟ انہوں نے کہا کہ آپؐ کے ریش بچہ میں کچھ بال سفید تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3547
ابن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد (بن یزید) سے، خالد نے سعید بن ابی ہلال سے، سعید نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمٰن سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ کا حلیہ بیان کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: آپؐ میانہ قد و قامت کے تھے۔ نہ بہت لمبے اور نہ بہت چھوٹے، سفید رنگ کے، نہ بالکل سفید نہ گندمی، نہ آپؐ بہت گھنگریالے بال والے تھے جو مڑے ہوئے ہوتے ہیں اور نہ ہی بالکل سیدھے بالوں والے۔ آپؐ پر اس وقت وحی نازل کی گئی کہ جب آپؐ چالیس برس کے تھے۔ آپؐ مکہ میں دس سال رہے، اس وقت بھی آپؐ پر وحی نازل ہوتی رہی اور مدینہ میں بھی دس سال رہے۔ آپؐ کی وفات ہوئی اور آپؐ کے سر اور داڑھی میں بیس بال بھی سفید نہ تھے۔ ربیعہ (بن ابی عبدالرحمٰن) نے کہا: میں نے آپؐ کے بالوں میں سے کچھ بال دیکھے تو کیا دیکھا کہ وہ سرخ ہیں۔ میں نے پوچھا تو مجھ سے کہا گیا: خوشبو لگانے کی وجہ سے سرخ ہوگئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah