کتاب 61: کتاب المناقب
صحیح بخاری, حصہ 6
صحیح بخاری 3588
اور تم اس حکومت کے لئے سب سے بہتر وہ شخص پاؤ گے جو اُن میں سے سب سے زیادہ اس سے نفرت کرتا ہوگا یہاں تک کہ وہ اس میں پھنس جائے۔ اور لوگ بھی کانوں کی طرح ہیں۔ زمانہ جاہلیت میں جو ان میں سے بہتر تھے، وہ اسلام میں بھی ان سے بہتر ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3589
اور تم میں سے ایک پر ایسا وقت ضرور آئے گا کہ مجھے دیکھنا اس کو زیادہ پسند ہوگا بہ نسبت اس کے کہ اس کو اپنے کھوئے ہوئے بیوی بچے اور مال و دولت مل جائیں جو اُس کے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3590
یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: وہ گھڑی نہیں برپا ہوگی جب تک کہ تم خوز اور کرمان (یا خوزستان) سے نہ لڑو؛ یعنی ان اعجمیوں سے جن کے چہرے سرخ، ناک پھیلے ہوئے، آنکھیں چھوٹی چھوٹی ہیں گویا ان کے چہرے ڈھالیں ہیں جن پر تہہ بہ تہہ چمڑہ چڑھا ہوتا ہے۔ ان کے جوتے بالوں کے ہوں گے۔ (یحيٰ کے سوا اس حدیث کو) اوروں نے بھی عبدالرزاق سے نقل کیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3591
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا، کہا کہ اسماعیل نے بتایا کہ قیس نے مجھے خبر دی، کہا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے پاس ہم آئے تو وہ کہنے لگے: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تین برس رہا۔ اپنے ان تین برسوں میں مَیں کسی بات پر بھی اتنا حریص نہ تھا جیسا کہ اس بات پر کہ میں آپؐ کی باتیں یاد رکھوں۔ میں نے آپؐ کو فرماتے سنا اور آپؐ نے اپنے ہاتھ سے یوں اشارہ کیا۔ فرمایا: اس گھڑی سے پہلے تم ایسے لوگوں سے لڑو گے جن کے جوتے بالوں کے ہیں اور وہ یہ بارِز لوگ ہیں۔ اور سفیان نے ایک مرتبہ یوں کہا کہ وہ بازِر کے لوگ ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3592
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا کہ میں نے حسن (بصری) سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عمروؓ بن تغلب نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے کہ اس گھڑی سے پہلے تم ایسے لوگوں سے لڑو گے جو بالوں والے جوتے پہنتے ہیں اور تم ایسے لوگوں سے لڑو گے جن کے منہ گویا ڈھالیں ہیں، جن پر تہہ بہ تہہ چمڑہ چڑھا ہوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3593
حکم بن نافع نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: یہود تم سے لڑیں گے۔ تمہیں ان پر غالب کیا جائے گا۔ یہاں تک کہ پتھر کہے گا: اے مسلمان! یہ یہودی ہے میرے پیچھے، اس کو مار ڈالو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3594
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے حضرت جابرؓ سے، حضرت جابرؓ نے حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوسعیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: لوگوں پر ایسا زمانہ آئے گا کہ وہ جنگ کرنے کے لئے نکلیں گے اور پوچھا جائے گا: کیا تم میں ایسے لوگ ہیں جو رسول اللہ ﷺ کی صحبت میں رہے ہوں؟ تو وہ کہیں گے: ہاں۔ تو پھر ان کو فتح ہوگی۔ پھر لوگ جنگ کرنے کے لئے نکلیں گے اور ان سے پوچھا جائے گا: کیا تم میں ایسے لوگ ہیں جو اُن لوگوں کی صحبت میں رہے ہوں جو رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے؟ تو وہ کہیں گے: ہاں؛ تو پھر ان کو فتح ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3595
محمد بن حکم نے مجھ سے بیان کیا کہ نضر نے ہمیں بتایا۔ اسرائیل نے ہمیں خبر دی، (کہا:) سعد طائی نے ہمیں خبر دی کہ محل بن خلیفہ نے ہمیں بتایا کہ حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ایک بار میں نبی ﷺ کے پاس تھا۔ اتنے میں ایک شخص آپؐ کے پاس آیا تو اس نے آپؐ سے بھوک کا شکوہ کیا۔ پھر آپؐ کے پاس ایک اور شخص آیا اور اس نے آپؐ سے رہزنی کا شکوہ کیا۔ آپؐ نے فرمایا: عدی! کیا تم نے حیرہ دیکھا ہے؟ (یہ بستی کوفہ کے پاس ہے) میں نے کہا: اسے میں نے نہیں دیکھا مگر مجھے اس کی نسبت بتایا گیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تمہاری زندگی لمبی ہوئی تو تم اکیلی سوار عورت کو دیکھ لو گے کہ وہ حیرہ سے چل کر آئے گی اور کعبہ کا طواف کرے گی۔ سوا اللہ کے کسی سے نہ ڈرے گی۔ میں نے اپنے دل میں کہا: طی (قبیلہ) کے وہ ڈاکو کہاں چلے جائیں گے جنہوں نے شہروں میں آگ بھڑکائی ہے۔ (آپؐ نے فرمایا:) اگر زندگی تمہاری لمبی ہوئی تو کسرٰی کے خزانے ضرور فتح کیے جائیں گے۔ میں نے کہا: کسرٰی بن ہرمز کے؟ آپؐ نے فرمایا: کسرٰی بن ہرمز کے؛ اور اگر زندگی تمہاری لمبی ہوئی تو تم یہ بھی دیکھ لو گے کہ ایک آدمی اپنی مٹھی بھر سونا یا چاندی نکالے گا اور ایسے شخص کو تلاش کر رہا ہوگا جو اس سے وہ قبول کرے اور وہ کسی کو بھی نہ پائے گا جو اُس سے اس کو لے اور تم میں سے ایک اللہ سے اس روز ضرور ملے گا جس روز کہ وہ اس سے ملے گا۔ حالت یہ ہوگی کہ اس کے اور اللہ کے درمیان کوئی ترجمان نہ ہوگا جو اس کے لئے ترجمانی کرے اور وہ فرمائے گا: کیا میں نے تیرے پاس رسول نہیں بھیجا جو تجھے میرا حکم پہنچائے؟ تو وہ کہے گا: کیوں نہیں، ضرور بھیجا ہے اور وہ فرمائے گا: کیا میں نے تجھے مال نہیں دیا تھا اور تجھ پر فضل نہیں کیا تھا۔ وہ کہے گا: کیوں نہیں، ضرور کیا تھا۔ پھر وہ اپنی دائیں طرف دیکھے گا تو جہنم ہی دیکھے گا اور اپنی بائیں طرف دیکھے گا تو جہنم ہی دیکھے گا۔ عدیؓ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: آگ سے بچو خواہ کھجور کا ایک ٹکڑا دے کر؛ اور جو کھجور کا ایک ٹکڑا نہ پائے تو وہ اچھی بات سے ہی۔ عدیؓ کہتے تھے: چنانچہ میں نے عورت سوار دیکھی جو حیرہ سے چل کر آئی اور کعبہ کا طواف کرتی۔ اللہ کے سوا کسی سے نہ ڈرتی اور میں بھی ان لوگوں میں سے تھا جنہوں نے کسرٰی بن ہرمز کے خزانے فتح کیے اور اگر زندگی تمہاری لمبی ہوئی تو تم بھی ضرور ان باتوں کو پورا ہوتے دیکھ لو گے جو اس نبی ابو القاسم ﷺ نے فرمائی ہیں؛ یعنی یہ کہ ایک آدمی مٹھی بھر (سونا چاندی) لے کر نکلے گا (اور کوئی اس کو قبول نہ کرے گا)۔
عبد اللہ (بن محمد) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو عاصم نے ہمیں بتایا۔ سعدان بن بشر نے ہمیں خبر دی کہ ابو مجاہد نے ہم سے بیان کیا۔ محل بن خلیفہ نے ہمیں بتایا کہ میں نے حضرت عدیؓ سے سنا، (انہوں نے کہا) کہ میں نبی ﷺ کے پاس تھا۔ (اور پھر وہ حدیث بیان کی جو اوپر مذکور ہے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3596
سعید بن شرحبیل نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید (بن ابی حبیب) سے، یزید نے ابوالخیر سے، ابوالخیر نے حضرت عقبہ بن عامرؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک دن باہر آئے اور اُحد والوں کا اس طرح جنازہ پڑھا جس طرح آپؐ میت کا جنازہ پڑھا کرتے تھے۔ پھر فارغ ہو کر منبر پر آئے اور فرمایا: میں تمہارا پیش خیمہ ہوں گا اور میں تمہارا گواہ ہوں گا۔ اللہ کی قسم اب اس وقت بھی اپنے حوض کو دیکھ رہا ہوں اور مجھے زمین کے خزانوں کی چابیاں دی گئی ہیں اور اللہ کی قسم! اپنے بعد مجھے یہ ڈر نہیں کہ تم مشرک ہو جاؤ گے بلکہ یہ ڈر ہے کہ تم دنیا میں پڑ کر ایک دوسرے کی ریس کرنے لگ جاؤ گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3597
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ محلوں (یعنی بلند مکانوں) میں سے ایک محل پر چڑھے اور فرمایا: کیا تم بھی دیکھتے ہو جو میں دیکھ رہا ہوں؟ میں فتنوں کو دیکھتا ہوں جو تمہارے گھروں کے اندر ایسے پڑ رہے ہیں، جیسے بارش کے قطرے پڑتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3598
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ نے انہیں بتایا کہ حضرت امّ حبیبہ بنت ابی سفیانؓ نے حضرت زینب بنت جحشؓ سے روایت کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ نبی ﷺ ان کے پاس گھبرائے ہوئے آئے، فرما رہے تھے: اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ عربوں کو اس شر سے ہلاکت ہوگی جو قریب آپہنچا ہے۔ آج یاجوج اور ماجوج کی دیوار میں اتنا شگاف ہوگیا ہے اور آپؐ نے اپنے انگوٹھے اور اس انگلی سے جو اس کے ساتھ ملی ہوئی ہے، حلقہ بنا کر بتایا (کہ اس قدر۔) حضرت زینبؓ کہتی تھیں: میں نے کہا: یارسول اللہ! کیا ہم ہلاک ہو جائیں گے جبکہ ہمارے اندر نیک آدمی بھی موجود ہوں گے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں جب گند بہت ہو جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3599
اور زہری سے مروی ہے کہ ہند بنت حارث نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت امّ سلمہؓ کہتی تھیں: نبی ﷺ جاگے اور آپؐ نے فرمایا: سبحان اللہ! کیا کیا خزانے نازل کئے گئے ہیں ؛ اور کیا کیا فتنے نازل کئے گئے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3600
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی سلمہ بن ماجشون نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن ابی صعصعہ سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابو سعیدؓ نے مجھے کہا: میں تمہیں دیکھتا ہوں کہ تم بکریاں پسند کرتے ہو اور تم ان کو رکھتے ہو، اس لئے تم ان کو اچھی طرح رکھو اور ان کے ناک صاف ستھرے رکھا کرو کیونکہ میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا جس میں بکریاں مسلمان کا بہترین مال ہوں گی۔ وہ ان کو پہاڑوں کی چوٹیوں پر بارش کی جگہوں میں لئے پھرے گا۔ اپنے دین کو فتنوں سے بچاتا ہوا بھاگتا پھرے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3601
عبدالعزیز اویسی نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابن مسیب اور ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عنقریب ایسے فتنے ہوں گے کہ ان میں بیٹھنے والا کھڑے سے اچھا ہوگا اور ان میں کھڑا ہونے والا چلنے والے سے اچھا ہوگا اور ان میں چلنے والا دوڑنے والے سے اچھا ہوگا۔ جو ان کو جھانک کر دیکھے گا تو وہ فتنے اس کو پہلے سے ہی جھانک کر دیکھ رہے ہوں گے اور جو کوئی پناہ کی جگہ پائے تو وہ اس میں پناہ گزیں ہو جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3602
اور ابن شہاب سے مروی ہے کہ ابوبکر بن عبد الرحمن بن حارث نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن مطیع بن اسود سے، عبدالرحمٰن نے حضرت نوفلؓ بن معاویہ سے حضرت ابوہریرہؓ کی اس حدیث کی طرح حدیث روایت کی۔ سوا اس کے کہ ابوبکر (بن عبدالرحمٰن) نے اتنا بڑھایا: نمازوں میں سے ایک ایسی نماز ہے کہ جو انسان سے رہ جائے تو گویا اس کے بال بچے اور مال سب تباہ ہوگئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3603
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے زید بن وہب سے، زید نے حضرت ابن مسعودؓ سے، حضرت ابن مسعودؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: عنقریب خود غرضی ہوگی اور ایسی باتیں ہوں گی جن کو بُرا مناؤ گے۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ! پھر آپؐ ہمیں کیا حکم دیتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: جو حق تمہارے ذمے ہے، اس کو ادا کرو اور جو تمہارا (حق) ہے، وہ اللہ سے مانگو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3604
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابو معمر اسماعیل بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ ابو اُسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو تیاح سے، ابو تیاح نے ابو زُرعہ سے، ابو زرعہ نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قریش کا یہ قبیلہ (یعنی بنو امیہ) لوگوں کو تباہ کر دے گا۔ صحابہ نے کہا: تو پھر آپؐ ہمیں کیا حکم دیتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: کاش کہ لوگ ان سے الگ ہی رہیں۔ محمود (بن غیلان) نے کہا: ابو داؤد (طیالسی) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ سے مروی ہے۔ انہوں نے ابو تیاح سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے ابو زُرعہ سے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3605
احمد بن محمد مکی نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن یحيٰ بن سعید اموی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے دادا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں مروان اور حضرت ابوہریرہؓ کے ساتھ تھا۔ تو میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا، کہتے تھے: میں نے ان سے سنا جو سچے تھے اور جن سے سچے وعدے کئے گئے۔ فرماتے تھے: میری امت کی ہلاکت قریش کے چند لونڈوں سے ہوگی۔ تو مروان نے کہا: وہ لونڈے ہوں گے؟ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: اگر تم چاہو تو میں ان کا نام بھی لے دوں۔ بنی فلاں اور بنی فلاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3606
یحيٰ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ولید نے ہمیں بتایا، کہا: ابن جابر نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بُسر بن عبید اللہ حضرمی نے مجھے بتایا۔ وہ کہتے تھے کہ ابو ادریس خولانی نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت حذیفہ بن یمانؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: لوگ اچھی باتوں کے متعلق رسول اللہ ﷺ سے پوچھا کرتے تھے اور شر کے متعلق آپؐ سے مَیں پوچھتا، اس ڈر سے کہ کہیں وہ مجھے نہ آگھیرے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم جہالت اور شر میں تھے تو اللہ تعالیٰ نے (آپؐ کو بھیج کر) یہ خیر و برکت ہم کو دی۔ کیا اس خیر کے بعد بھی کوئی شر ہوگا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ میں نے کہا: کیا اس شر کے بعد بھی کوئی خیر ہوگا؟ فرمایا: ہاں اور اس میں کچھ بُرائی بھی ملی ہوگی۔ میں نے کہا: اس میں کیا بُرائی ہوگی؟ آپؐ نے فرمایا: ایسے لوگ ہوں گے جو میرے راستہ کے سوا کسی اور راستے کی طرف راہنمائی کریں گے۔ ان میں کچھ باتیں تو تمہیں اچھی معلوم ہوں گی اور کچھ باتیں ایسی ہوں گی جن کو تم بُرا مناؤ گے۔ میں نے کہا: کیا اس خیر کے بعد بھی کوئی شر ہوگا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ جہنم کے دروازوں کی طرف بلانے والے ہوں گے جو اُن کی بات مان کر دروازوں کی طرف گیا تو وہ اس کو جہنم میں پھینک دیں گے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم سے ان کا حال بیان فرمائیں۔ آپؐ نے فرمایا: وہ ہماری قوم سے ہوں گے، ہماری زبان بولیں گے۔ میں نے پوچھا: آپؐ مجھے کیا حکم دیتے ہیں اگر اس شر نے مجھے آگھیرا؟ آپؐ نے فرمایا: تم مسلمانوں کی جماعت اور ان کے امام کے ساتھ رہنا۔ میں نے کہا: اگر ان کی جماعت نہ ہو اور نہ کوئی امام؟ تو آپؐ نے فرمایا: پھر ان سب فرقوں سے الگ رہو اگرچہ تمہیں درخت کی جڑیں بھی چبانی پڑیں۔ تم اسی حالت میں رہو، خواہ موت کی نوبت پہنچ جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3607
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن سعید نے مجھے بتایا کہ اسماعیل سے روایت ہے کہ قیس نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے ساتھی صحابہ نے (بھلائی) خیر (کی حالت) دریافت کی اور میں نے (آنحضرت ﷺ سے) شر (کی حالت) دریافت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah