کتاب 61: کتاب المناقب
صحیح بخاری, حصہ 7
صحیح بخاری 3608
حکم بن نافع نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہم سے بیان کیا: زہری سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: ابو سلمہ بن عبدالرحمان نے مجھے بتایا۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ گھڑی اس وقت تک قائم نہ ہوگی جب تک کہ دو گروہ آپس میں نہ لڑیں جن کا دعویٰ ایک ہی ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3609
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: وہ گھڑی برپا نہ ہوگی جب تک کہ دو گروہ آپس میں نہ لڑیں اور ان کے درمیان بہت بڑی جنگ ہوگی۔ ان کا دعویٰ ایک ہوگا اور وہ گھڑی اس وقت تک برپا نہ ہوگی جب تک کہ تیس کے قریب جھوٹے دجال کھڑے نہ ہوں۔ ان میں سے ہر ایک یہ دعویٰ کرے گا کہ وہ اللہ کا رسول ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3610
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ نے کہا: اس اثناء میں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس تھے، آپؐ اس وقت کوئی مال تقسیم کر رہے تھے کہ اتنے میں ذوالخویصرہ آپؐ کے پاس آیا۔ وہ بنوتمیم میں سے ایک شخص تھا۔ کہنے لگا: یا رسول اللہ! انصاف فرمائیں۔ آپؐ نے فرمایا: وائے افسوس! اور کون انصاف کرے گا، اگر میں نے انصاف نہ کیا؟ پھر تو تم بے مراد ہی رہے اور گھاٹے میں پڑے، اگر میں نے انصاف نہ کیا۔ حضرت عمرؓ بولے: یا رسول اللہ! مجھے اجازت دیں کہ میں اس کی گردن اڑا دوں۔ آپؐ نے فرمایا: اسے رہنے دو، کیونکہ اس کے کچھ ایسے ساتھی ہوں گے کہ تم میں سے ایک اپنی نماز کو ان کی نمازوں کے مقابل اور اپنے روزوں کو ان کے روزوں کے سامنے حقیر سمجھے گا۔ وہ قرآن پڑھیں گے جو اُن کی ہنسلیوں سے آگے نہیں جائے گا۔ دین سے ایسے نکل جائیں گے جیسے تیر شکار سے پار نکل جاتا ہے۔ اس کی بھال میں دیکھا جائے تو اس میں (خون کا) نشان تک نہ پایا جائے۔ پھر اس کے جوڑ کی جگہ کو دیکھا جائے تو اس میں بھی کوئی نشان نہ پایا جائے۔ پھر اس کے بانس کو دیکھا جائے تو اس میں بھی کوئی نشان نہ پایا جائے۔ (نَضِیّ) تیر کی لکڑی کو کہتے ہیں۔ پھر پَر کو دیکھا جائے تو اس میں بھی نشان نہ پایا جائے۔ وہ لید اور خون سے صاف نکل گیا ہے۔ ان لوگوں کی نشانی ایک سیاہ فام شخص ہوگا جس کے بازوؤں میں سے ایک بازو عورت کے پستان یا گوشت کے لوتھڑے کی طرح ہوگا جو تھلتھلاتا ہوگا۔ وہ اس وقت ظاہر ہوں گے جب لوگوں میں تفرقہ ہوگا۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: میں شہادت دیتا ہوں کہ میں نے یہ بات رسول اللہ ﷺ سے سنی اور میں شہادت دیتا ہوں کہ حضرت علی بن ابی طالبؓ نے ان کو قتل کیا اور اس وقت میں ان کے ساتھ تھا۔ انہوں نے اس آدمی کو تلاش کرنے کا حکم دیا۔ اس کی تلاش کی گئی اور اس کو لے کر آئے۔ میں نے اس کو دیکھا۔ وہ اس حُلیہ کے مطابق تھا جو حلیہ کہ نبی ﷺ نے اس کا بیان کیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3611
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے خیثمہ سے، خیثمہ نے سُوَید بن غفلہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت علی رضی اللہ عنہ کہتے تھے: جب رسول اللہ ﷺ کی کوئی بات میں تم سے بیان کروں تو (یہ سمجھو کہ) آسمان سے گر پڑنا مجھے زیادہ پسند ہے بہ نسبت اس کے کہ میں آپؐ پر افترا کروں۔ اور جب ایسے امور کے متعلق میں تم سے بیان کروں جن کا تعلق میرے اور تمہارے درمیان ہے تو (تمہیں معلوم ہی ہے کہ) جنگ ایک حیلہ (تدبیر) ہی ہوتی ہے۔ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اس زمانہ کے آخر میں ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو کمسن ہوں گے، عقل کے کچے، سارے جہان کی اچھی سے اچھی باتیں کریں گے۔ اسلام سے نکلے ہوں گے جیسے تیر نشان کے پار نکل جاتا ہے۔ ان کے ایمان ان کے حلقوں سے آگے نہیں جائیں گے۔ تم جہاں کہیں بھی ان سے ملو، ان کو مار ڈالو کیونکہ ان کا مار ڈالنا اس شخص کے لئے قیامت کے دن ثواب کا موجب ہوگا جو انہیں مار ڈالے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3612
محمد بن مثنیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے روایت کی، (کہا:) قیس نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت خباب بن ارتؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نے رسول اللہ ﷺ سے شکوہ کیا اور آپؐ اس وقت کعبہ کے سایہ میں اپنی چادر پر ٹیک دئیے بیٹھے تھے۔ ہم نے آپؐ سے کہا: کیا آپؐ اللہ سے ہمارے لئے نصرت کی دعا نہیں کریں گے؟ ہماری بہبودی کے لئے دعا نہیں کریں گے؟ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے جو پہلے لوگ تھے، ان میں کوئی شخص ایسا بھی ہوتا جس کے لئے زمین میں گڑھا کھودا جاتا۔ پھر وہ اس میں گاڑ دیا جاتا اور آرا لا کر اس کے سر پر رکھا جاتا اور وہ دو ٹکڑے کر دیا جاتا اور یہ بات اس کو اس کے دین سے نہ روکتی اور لوہے کی کنگھیاں چلا کر اس کا گوشت ہڈیوں یا پٹھوں سے نوچتے اور یہ بات اس کو اس کے دین سے نہ روکتی۔ اللہ کی قسم! اس سلسلہ (کی کامیابی) کو (پروردگار) ضرور مکمل کرے گا یہاں تک کہ ایک سوار صنعاء سے حضر موت تک سفر کرے گا۔ کسی سے نہیں ڈرے گا، سوا اللہ کے، یا اپنی بکریوں کی بابت بھڑئیے سے۔ مگر بات یہ ہے کہ تم (کامیابی) جلدی چاہتے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3613
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ازہر بن سعد نے ہمیں بتایا کہ (عبداللہ) بن عون نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: موسیٰ بن انس نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت ثابت بن قیسؓ کو غیر حاضر پایا۔ تو ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! میں اس کا پتہ آپؐ کو لا کر دیتا ہوں۔ چنانچہ وہ ان کے پاس آیا اور ان کو اپنے گھر میں اپنا سر اوندھا کئے ہوئے بیٹھے پایا۔ اس نے پوچھا: آپؓ کا کیا حال ہے؟ انہوں نے کہا: بُرا حال ہے۔ اپنی آواز نبی ﷺ کی آواز سے زیادہ بلند کیا کرتا تھا۔ اس کے تو عمل رائیگاں گئے اور اب وہ دوزخیوں میں سے ہے۔ یہ سن کر وہ شخص آیا اور اس نے آپؐ کو خبر دی کہ انہوں نے ایسا ایسا کہا ہے۔ موسیٰ بن انس کہتے تھے: پھر وہ دوسری دفعہ بہت ہی بڑی بشارت لے کر واپس گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کے پاس جاؤ اور اس سے کہو: تم دوزخیوں میں سے نہیں ہو، بلکہ جنتیوں میں سے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3614
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو اسحاق سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا کہ ایک شخص سورۂ کہف پڑھ رہا تھا اور اس کے گھر میں جانور بندھا ہوا تھا تو وہ بدکنے لگا۔ اتنے میں کیا دیکھا کہ کُہر {یا بدلی} ہے جو اس پر چھا گئی ہے۔ اس نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا تو آپؐ نے فرمایا: اے فلاں! تم قرآن پڑھتے رہو کیونکہ یہی وہ سکینت ہے جو قرآن پڑھنے کی وجہ سے نازل ہوئی یا فرمایا: قرآن پڑھنے کی وجہ سے آہستہ آہستہ نازل ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3615
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ احمد بن یزید بن ابراہیم ابوالحسن حرانی نے ہمیں بتایا۔ زُہَیر بن معاویہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحاق نے ہمیں بتایا۔ میں نے حضرت براء بن عازبؓ سے سنا، وہ کہتے تھے کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ میرے باپ کے پاس ان کے مکان میں آئے اور اس سے ایک پالان خریدی۔ انہوں نے حضرت عازبؓ سے کہا: اپنے بیٹے کو میرے ساتھ بھیجو کہ وہ میرے ساتھ یہ اُٹھا کر لے جائے۔ حضرت براءؓ کہتے تھے: چنانچہ میں ان کے ساتھ پالان اُٹھا کر لے گیا اور میرے باپ اس کی قیمت پرکھوانے کے لئے نکلے تو میرے باپ نے ان سے کہا: ابوبکرؓ! وہ واقعہ تو مجھے بتائیں کہ جب آپؓ نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ سفر کیا تھا تو آپ دونوں نے کیا کِیا تھا؟ انہوں نے کہا: ہاں ہم رات بھر چلتے رہے اور دوسرے دن بھی اس وقت تک کہ جب ٹھیک دوپہر کا وقت ہوگیا اور راستہ بالکل خالی ہوگیا۔ کوئی بھی اس پر نہیں گذرتا تھا اور ہمیں ایک لمبی چٹان دکھائی دی جس کا سایہ تھا۔ وہاں دھوپ نہیں آئی تھی۔ ہم اس کے پہلو میں اُترے اور میں نے نبی ﷺ کے لئے جگہ اپنے ہاتھ سے درست کی تا آپؐ وہاں سوئیں اور میں نے اس جگہ پر پوستین بچھا دی اور کہا: یارسول اللہ! سو جائیں اور میں آپؐ کے اردگرد سب طرف نگاہ رکھوں گا (یعنی پہرہ دوں گا۔) آپؐ سو گئے اور میں آپؐ کے اردگرد نگاہ ڈالنے کی نیت سے نکلا۔ میں نے اچانک کیا دیکھا کہ ایک چرواہا اپنی بکریاں لئے اسی چٹان کی طرف سامنے سے آرہا ہے۔ وہ بھی اس چٹان کے سایہ میں اسی طرح ٹھہرنا چاہتا تھا جس طرح ہم نے چاہا۔ میں نے پوچھا: لڑکے تم کس کے ہو؟ اس نے کہا: مدینہ والوں میں سے ایک شخص کا، یا (کہا:) مکہ کے ایک شخص کا۔ میں نے پوچھا: کیا تمہاری بکریوں میں دودھ ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ میں نے کہا: پھر کیا تم دودھ دوہو گے؟ اس نے کہا: ہاں۔ اس نے ایک بکری لی۔ میں نے کہا: تھن کو مٹی، بال، کیچڑ وغیرہ سے صاف کر دو۔ ابواسحاق کہتے تھے: میں نے حضرت براءؓ کو دیکھا کہ وہ اپنے ایک ہاتھ کو دوسرے پر مار کر جھاڑتے تھے۔ اس نے لکڑی کے ایک پیالے میں تھوڑا سا دودھ دوہا۔ میرے پاس چھاگل تھی (سفر میں) مَیں نبی ﷺ کے لئے اُٹھا لایا تھا تا آپؐ اس سے سیر ہو کر پانی پئیں اور وضو کریں۔ میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور میں نے پسند نہ کیا کہ آپؐ کو جگاؤں۔ میں آپؐ کے پاس اس وقت آیا جب آپؐ خود جاگے۔ میں نے کچھ پانی دودھ پر ڈالا۔ یہاں تک کہ وہ نیچے تک ٹھنڈا ہوگیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! پیجئے۔ (حضرت ابوبکرؓ کہتے تھے:) آپؐ نے اتنا پیا کہ میں خوش ہوگیا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: کیا ابھی کوچ کا وقت نہیں آیا؟ میں نے کہا: ہاں آگیا ہے۔ کہتے تھے: جب سورج ڈھل چکا تو ہم وہاں سے روانہ ہوگئے اور سراقہ بن مالک ہمارا تعاقب کررہا تھا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہمیں دشمن نے پالیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: غم نہ کریں۔ اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ نبی ﷺ نے اس کے خلاف دعا کی تو اس کا گھوڑا اس کے سمیت اپنے پیٹ تک سخت زمین میں دھنس گیا۔ زُہَیر نے شک کیا کہ آیا سخت کا لفظ کہا تھا یا نہیں۔ سراقہ کہنے لگا: میں سمجھتا ہوں کہ آپ دونوں نے مجھ پر بددعا کی ہے۔ اس لئے میرے لئے اب دعا کریں۔ اللہ کے نام کا یہ وعدہ آپ سے کرتا ہوں کہ میں تعاقب کرنے والوں کو تم سے واپس کردوں گا۔ چنانچہ نبی ﷺ نے اس کے لئے دعا کی اور اس نے چھٹکا را پایا تو وہ جس کسی سے بھی ملتا یہی کہتا: میں تمہاری جگہ دیکھ آیا ہوں۔ چنانچہ وہ جس کسی کو بھی ملتا، اسے واپس کر دیتا۔ کہتے تھے: اور اس نے ہم سے وفاداری کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3616
معلیٰ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مختار نے ہمیں بتایا۔ خالد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک بدوی کے پاس آئے کہ اس کی عیادت کریں۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ نبی ﷺ کی عادت تھی کہ جب آپؐ کسی بیمار کے پاس عیادت کو آتے تو فرماتے: کوئی فکر کی بات نہیں۔ ان شاء اللہ؛ یہ بیماری پاک ہونے کا موجب ہوگی۔ تو آپؐ نے اس بدوی سے فرمایا: کوئی فکر کی بات نہیں۔ ان شاء اللہ یہ پاک ہونے کا موجب ہوگی۔ اس نے کہا: آپؐ کہتے ہیں پاک ہونے کا موجب ہوگی۔ ہرگز نہیں؛ بلکہ یہ ایسا بخار ہے جو بہت ہی بوڑھے پر جوش مار رہا ہے یا کہا: جنجھلا کر حملہ کر رہا ہے۔ قبروں کی ہی اس کو زیارت کرائے گا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اچھا یونہی سہی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3617
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ عبدالعزیز نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک شخص عیسائی تھا، وہ مسلمان ہوگیا اور اس نے سورۂ بقرہ اور آل عمران پڑھی۔ وہ نبی ﷺ کے لئے لکھا کرتا تھا۔ وہ پھر عیسائی ہوگیا اور وہ یہ کہا کرتا تھا: محمدؐ تو کچھ نہیں جانتا تھا مگر وہی جو میں انہیں لکھ دیتا تھا۔ اللہ نے اس کو ہلاک کیا اور لوگوں نے اسے دفن کر دیا۔ صبح جو ہوئی تو کیا دیکھا کہ زمین نے اس کو باہر پھینک دیا ہے۔ لوگوں نے کہا کہ یہ محمدؐ اور اس کے ساتھیوں کا کام ہے۔ جب یہ شخص ان سے بھاگ آیا تو انہوں نے قبر کھود کر ہمارے ساتھی کو باہر نکال پھینکا۔ چنانچہ انہوں نے اس کے لئے پھر گڑھا کھودا اور اسے بہت گہرا کیا۔ جب پھر صبح ہوئی تو کیا دیکھا کہ زمین نے اس کو باہر پھینک دیا ہے۔ تو لوگ کہنے لگے کہ یہ محمدؐ اور اس کے ساتھیوں (ہی) کا کام ہے کہ جب یہ شخص ان سے بھاگ آیا تو انہوں نے قبر کھود کر ہمارے ساتھی کو باہر نکال پھینکا۔ چنانچہ انہوں نے اس کے لئے پھر جہاں تک ان سے ہو سکا، زمین میں گہرا گڑھا کھودا۔ صبح کو پھر وہی حال تھا کہ زمین نے اس کو باہر پھینکا ہوا تھا تو وہ سمجھ گئے کہ یہ کام آدمیوں کا نہیں۔ اس لئے انہوں نے اسے پھر یونہی پھینک دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3618
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اور ابن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب کسریٰ مر جائے گا تو پھر اس کے بعد کوئی کسریٰ نہیں اور جب قیصر مر جائے گا تو اس کے بعد کوئی قیصر نہیں ؛ اور اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے تم ضرور ان کے خزانے اللہ کی راہ میں خرچ کرو گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3619
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک بن عمیر سے، عبدالملک نے حضرت جابر بن سمرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے اس حدیث کو آنحضرت ﷺ تک پہنچایا۔ آپؐ نے فرمایا: جب کسریٰ مر جائے گا تو اس کے بعد کوئی کسریٰ نہیں ہوگا {اور جب قیصر مر جائے گا تو اس کے بعد کوئی قیصر نہیں ہوگا} اور انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ آپؐ نے فرمایا کہ ان کے خزانے اللہ کی راہ میں ضرور خرچ کئے جائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3620
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی حسین سے روایت کی کہ نافع بن جبیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں مسیلمہ کذاب آیا اور کہنے لگا: اگر محمد (ﷺ) اپنے بعد خلافت میرے لئے کردیں تو میں ان کا تابعدار ہوجاتا ہوں اور وہ اپنی قوم کے بہت سے لوگ لے کر مدینہ آیا تھا۔ رسول اللہ ﷺ اس کے پاس آئے اور آپؐ کے ساتھ ثابتؓ بن قیس بن شماس تھے اور رسول اللہ ﷺ کے ہاتھ میں کھجور کی ایک چھڑی تھی۔ آکر مسیلمہ کے سامنے کھڑے ہوگئے جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ تھا۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تم مجھ سے یہ (لکڑی کا) ٹکڑا بھی مانگو تو میں تم کو یہ بھی نہ دوں اور اللہ نے جو بات تمہارے لئے مقدر کی ہے، اس سے آگے تم ہرگز نہ بڑھ سکو گے اور اگر تم نے پیٹھ موڑی تو اللہ تمہیں ضرور تباہ کر ڈالے گا اور میں تمہیں وہی دیکھتا ہوں جو مجھے تمہارے متعلق دکھلایا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3621
اور حضرت ابوہریرہؓ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں سویا ہوا تھا کہ اسی اثناء میں مَیں نے اپنے ہاتھ میں سونے کے دو کنگن دیکھے اور انہوں نے مجھے فکر میں ڈال دیا۔ پھر خواب ہی میں مجھے وحی کی گئی کہ میں ان پر پھونکوں اور میں نے ان پر پھونکا تو وہ دونوں اُڑ گئے۔ میں نے ان سے دو جھوٹے شخص مراد لئے جو میرے بعد ظاہر ہوں گے۔ ان میں ایک عنسی تھا اور دوسرا مسیلمہ کذاب یمامہ والا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3622
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرید بن عبداللہ بن ابی بُردہ سے، بُرید نے اپنے دادا ابوبردہ سے، انہوں نے حضرت ابوموسیٰؓ سے، میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں مکہ سے ایسی سر زمین کی طرف ہجرت کر رہا ہوں جس میں کھجور کے درخت ہیں۔ میرا خیال گیا کہ یہ یمامہ یا ہجر ہے۔ مگر اس کی تعبیر مدینہ یثرب تھی اور میں نے اپنے اس خواب میں دیکھا کہ میں نے ایک تلوار ہلائی ہے تو اس کا اگلا حصہ ٹوٹ گیا ہے۔ تو ٹوٹنے کی تعبیر وہ مومن ہیں جو جنگ اُحد کے دن شہید ہوئے۔ پھر میں نے اس کو دوبارہ ہلایا تو پھر وہ ویسی اچھی ہو گئی جیسی کہ وہ پہلے تھی۔ تو اس سے مراد اللہ تعالیٰ کا فتح دینا اور مومنوں کا پھر سے اکٹھا ہونا تھا اور میں نے اس خواب میں کچھ گائیں دیکھیں اور اللّٰہُ خَیْرٌ کے الفاظ سنے تو معلوم ہوا کہ گائیوں سے مراد وہ مومن تھے جو جنگ اُحد کے دن شہید ہوئے؛ اور خَیْر سے مراد وہی خیر اور سچائی کا بدلہ تھا جو اللہ نے ہمیں جنگ بدر کے بعد دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3623
ابو نُعَیم نے ہم سے بیان کیا کہ زکریا نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے فراس سے، فراس نے عامر شعبی سے، عامر نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: فاطمہؓ سامنے سے چلی آرہی تھیں۔ ان کی چال ایسی تھی جیسی نبی ﷺ کی چال۔ نبی ﷺ نے (ان کو دیکھ کر) فرمایا: میری بیٹی خوشی سے آنا ہو۔ اس کے بعد آپؐ نے ان کو اپنی دائیں طرف یا بائیں طرف بٹھایا۔ اس کے بعد آپؐ نے ان سے ایک راز کی بات کہی۔ وہ سن کر رو پڑیں۔ میں نے ان سے پوچھا: روتی کیوں ہو؟ پھر اس کے بعد آپؐ نے ان سے ایک اور راز کی بات کہی۔ وہ سن کر ہنس پڑیں۔ میں نے کہا: میں نے کبھی آج کا سا دن نہیں دیکھا کہ آدمی غمگین ہو کر پھر جلدی ہی خوش بھی ہو جائے۔ میں نے فاطمہؓ سے اس بات کے متعلق پوچھا جو آپؐ نے فرمائی۔ وہ کہنے لگیں: میں تو ایسی نہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے راز کو فاش کروں۔ جب نبی ﷺ اُٹھائے گئے تو میں نے فاطمہؓ سے پوچھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3624
اور انہوں نے کہا: آپؐ نے مجھے یہ راز کی بات بتلائی تھی کہ جبرائیل ہر سال ایک دفعہ قرآن کا دَور مجھ سے کیا کرتے تھے اور اس سال انہوں نے مجھ سے دوبار دَور کیا۔ اور میں یہی سمجھتا ہوں کہ میرا وقت آن پہنچا ہے اور میرے گھر والوں سے تم پہلے ہو جو مجھ سے ملو گی، یہ سن کر میں رو پڑی۔ پھر آپؐ نے فرمایا: کیا تم یہ پسند نہیں کرتی کہ جنتی عورتوں کی تم سردار بنو یا فرمایا: مومن عورتوں کی سردار بنو۔ یہ سن کر میں ہنس پڑی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3625
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے اپنی بیٹی فاطمہؓ کو اپنی اس بیماری میں بلایا جس میں آپؐ اُٹھائے گئے اور آپؐ نے ان سے کوئی راز کی بات کی تو وہ رو پڑیں۔ پھر آپؐ نے ان کو بلایا اور ان سے کوئی راز کی بات کی تو وہ ہنس پڑیں۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نے فاطمہؓ سے اس کی بابت پوچھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3626
تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھ سے راز کی بات کی تھی تو آپؐ نے مجھے یہ بتایا تھا کہ آپؐ اس بیماری میں اُٹھائے جائیں گے جس میں کہ آپؐ فوت ہوئے۔ یہ سن کر میں رو پڑی۔ پھر آپؐ نے مجھ سے راز کی بات کی اور آپؐ نے مجھے یہ بتایا تھا کہ آپؐ کے گھر والوں میں سے پہلی مَیں ہوں جو آپؐ کے پیچھے جاؤں گی۔ یہ سن کر میں ہنس پڑی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3627
محمد بن عرعرہ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ حضرت ابن عباسؓ کو اپنے نزدیک بٹھایا کرتے تھے تو حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ نے ان سے کہا: اس جیسے ہمارے بیٹے بھی ہیں۔ تو حضرت عمرؓ نے کہا: وہ جس حیثیت کا ہے تم جانتے ہی ہو۔ حضرت عمرؓ نے حضرت ابن عباسؓ سے اس آیت کے بارے میں پوچھا: جب اللہ کی مدد اور کامل غلبہ آجائے گا۔ تو انہوں نے کہا: یہ رسول اللہ ﷺ کی وفات کی خبر ہے۔ میں یہی جانتا ہوں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میں بھی اس آیت سے یہی سمجھتا ہوں جو تم سمجھتے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah