کتاب 62: كتاب فضائل أصحاب النبى صلى الله عليه وسلم

صحیح بخاری, حصہ 5

صحیح بخاری 3729

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا۔ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: علی بن حسین نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت مسور بن مخرمہؓ نے کہا: حضرت علیؓ نے ابوجہل کی بیٹی سے نکاح کرنے کا پیغام بھیجا۔ حضرت فاطمہؓ نے یہ سن لیا اور رسول اللہ ﷺ کے پاس آئیں اور کہنے لگیں: آپؐ کی قوم یہ کہتی ہے کہ آپؐ اپنی بیٹیوں کے لئے ناراض نہیں ہوتے اور یہ دیکھیں علیؓ ہیں ابوجہل کی بیٹی سے نکاح کرنے لگے ہیں۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے۔ (حضرت مسورؓ کہتے تھے:) اور اس وقت جبکہ آپؐ نے کلمہ شہادت پڑھا، میں نے آپؐ کو یہ فرماتے سنا: اما بعد، میں نے ابوالعاصؓ بن ربیع کو ایک بیٹی نکاح میں دی تو اس نے مجھ سے بات کی اور سچی کی اور فاطمہؓ میرا لخت جگر ہے اور میں ناپسند کرتا ہوں کہ اس کو کوئی تکلیف ہو۔ بخدا رسول اللہ ﷺ کی بیٹی اور اللہ کے دشمن کی بیٹی ایک شخص کے پاس اکٹھی نہیں رہیں گی۔ یہ سنتے ہی حضرت علیؓ نے اس منگنی کو چھوڑ دیا۔ اور محمد بن عمرو بن حلحلہ نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے علی بن حسین (زین العابدین) سے، علی نے حضرت مسورؓ سے روایت کرتے ہوئے اتنا بڑھایا: میں نے نبی ﷺ سے سنا اور آپؐ نے اپنے ایک داماد کا ذکر کیا جو بنی عبدشمس سے تھا۔ آپؐ نے اس کی تعریف کی کہ جو دامادی کا تعلق اس نے آپؐ سے رکھا ہے وہ اچھا نبھایا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس نے مجھ سے بات کی تو سچی کی اور جو وعدہ مجھ سے کیا تو وہ پورا کیا۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ حَدَّثَنِي عَلِيُّ بْنُ حُسَيْنٍ أَنَّ الْمِسْوَرَ بْنَ مَخْرَمَةَ قَالَ إِنَّ عَلِيًّا خَطَبَ بِنْتَ أَبِي جَهْلٍ فَسَمِعَتْ بِذَلِكَ فَاطِمَةُ فَأَتَتْ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَتْ يَزْعُمُ قَوْمُكَ أَنَّكَ لاَ تَغْضَبُ لِبَنَاتِكَ هَذَا عَلِيٌّ نَاكِحٌ بِنْتَ أَبِي جَهْلٍ فَقَامَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَسَمِعْتُهُ حِينَ تَشَهَّدَ يَقُولُ " أَمَّا بَعْدُ أَنْكَحْتُ أَبَا الْعَاصِ بْنَ الرَّبِيعِ فَحَدَّثَنِي وَصَدَقَنِي وَإِنَّ فَاطِمَةَ بَضْعَةٌ مِنِّي وَإِنِّي أَكْرَهُ أَنْ يَسُوءَهَا وَاللَّهِ لاَ تَجْتَمِعُ بِنْتُ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَبِنْتُ عَدُوِّ اللَّهِ عِنْدَ رَجُلٍ وَاحِدٍ ". فَتَرَكَ عَلِيٌّ الْخِطْبَةَ. وَزَادَ مُحَمَّدُ بْنُ عَمْرِو بْنِ حَلْحَلَةَ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ عَلِيٍّ عَنْ مِسْوَرٍ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم وَذَكَرَ صِهْرًا لَهُ مِنْ بَنِي عَبْدِ شَمْسٍ فَأَثْنَى عَلَيْهِ فِي مُصَاهَرَتِهِ إِيَّاهُ فَأَحْسَنَ قَالَ " حَدَّثَنِي فَصَدَقَنِي وَوَعَدَنِي فَوَفَى لِي ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3730

خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عبداللہ بن دینار نے مجھ سے بیان کیا۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک لشکر بھیجا اور اس پر حضرت اسامہ بن زیدؓ کو امیر مقرر کیا تو بعض لوگوں نے ان کی امارت پر طعنہ زنی کی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر تم اس کی امارت پر طعنہ زنی کرتے ہو تو تم اس سے پہلے اس کے باپ کی امارت پر بھی طعنہ زنی کیا کرتے تھے۔ اور اللہ کی قسم وہ امارت کے لائق تھا اور وہ ان لوگوں میں سے تھا جو مجھے بہت پیارے ہیں اور یہ بھی اس کے بعد ان لوگوں میں سے ہے جو مجھے بہت پیارے ہیں۔

حَدَّثَنَا خَالِدُ بْنُ مَخْلَدٍ حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ قَالَ حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ دِينَارٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ بَعَثَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم بَعْثًا وَأَمَّرَ عَلَيْهِمْ أُسَامَةَ بْنَ زَيْدٍ فَطَعَنَ بَعْضُ النَّاسِ فِي إِمَارَتِهِ فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " إِنْ تَطْعُنُوا فِي إِمَارَتِهِ فَقَدْ كُنْتُمْ تَطْعُنُونَ فِي إِمَارَةِ أَبِيهِ مِنْ قَبْلُ وَايْمُ اللَّهِ إِنْ كَانَ لَخَلِيقًا لِلإِمَارَةِ وَإِنْ كَانَ لَمِنْ أَحَبِّ النَّاسِ إِلَىَّ وَإِنَّ هَذَا لَمِنْ أَحَبِّ النَّاسِ إِلَىَّ بَعْدَهُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3731

یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: ایک قیافہ شناس میرے پاس آیا اور نبی ﷺ موجود تھے اور اسامہ بن زیدؓ اور زید بن حارثہؓ دونوں لیٹے ہوئے تھے۔ اس نے کہا کہ یہ قدم تو ایک سے ہیں۔ عروہ کہتے تھے: اس بات سے نبی ﷺ خوش ہوئے اور آپؐ کو اس کی یہ بات پسند آئی اور آپؐ نے حضرت عائشہؓ کو یہ بتایا۔

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ قَزَعَةَ حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ سَعْدٍ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ دَخَلَ عَلَىَّ قَائِفٌ وَالنَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم شَاهِدٌ وَأُسَامَةُ بْنُ زَيْدٍ وَزَيْدُ بْنُ حَارِثَةَ مُضْطَجِعَانِ فَقَالَ إِنَّ هَذِهِ الأَقْدَامَ بَعْضُهَا مِنْ بَعْضٍ. قَالَ فَسُرَّ بِذَلِكَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَعْجَبَهُ فَأَخْبَرَ بِهِ عَائِشَةَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3732

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ مخزومی عورت کے معاملے نے قریش کو فکر میں ڈالا۔ وہ کہنے لگے: آنحضرت ﷺ کے پاس کون جرأت کرے گا سوائے اسامہ بن زیدؓ کے جو رسول اللہ ﷺ کو پیارا ہے۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا لَيْثٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ رضى الله عنها أَنَّ قُرَيْشًا أَهَمَّهُمْ شَأْنُ الْمَخْزُومِيَّةِ فَقَالُوا مَنْ يَجْتَرِئُ عَلَيْهِ إِلاَّ أُسَامَةُ بْنُ زَيْدٍ حِبُّ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3733

نیز علی(بن مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مخزومی عورت کے واقعہ کے متعلق زہری سے میں پوچھنے گیا تو انہوں نے مجھے ڈانٹا۔ (علی بن مدینی کہتے تھے:) میں نے سفیان سے پوچھا: کیا پھر آپ نے یہ حدیث کسی سے نہیں سنی؟ انہوں نے کہا: میں نے ایک کتاب میں اسے پایا جو ایوب بن موسیٰ نے لکھی تھی کہ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ بنی مخزوم کی ایک عورت نے چوری کی تو لوگوں نے کہا: اس کے متعلق نبی ﷺ سے کون سفارش کرے گا؟ تو آپؐ سے بات کرنے کی کسی نے بھی جرأت نہ کی۔ آخر حضرت اُسامہ بن زیدؓ نے آپؐ سے بات کی تو آپؐ نے فرمایا: بنی اسرائیل بھی ایسے تھے کہ جب ان میں سے کوئی بڑا آدمی چوری کرتا تو اس کو چھوڑ دیتے اور جب غریب چوری کرتا تو اس کے ہاتھ کاٹ ڈالتے۔ اگر فاطمہؓ بھی چوری کرے تو میں اس کا ہاتھ بھی ضرور کاٹوں گا۔

حَدَّثَنَا عَلِيٌّ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ قَالَ ذَهَبْتُ أَسْأَلُ الزُّهْرِيَّ عَنْ حَدِيثِ الْمَخْزُومِيَّةِ فَصَاحَ بِي قُلْتُ لِسُفْيَانَ فَلَمْ تَحْتَمِلْهُ عَنْ أَحَدٍ قَالَ وَجَدْتُهُ فِي كِتَابٍ كَانَ كَتَبَهُ أَيُّوبُ بْنُ مُوسَى عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها أَنَّ امْرَأَةً مِنْ بَنِي مَخْزُومٍ سَرَقَتْ فَقَالُوا مَنْ يُكَلِّمُ فِيهَا النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَلَمْ يَجْتَرِئْ أَحَدٌ أَنْ يُكَلِّمَهُ فَكَلَّمَهُ أُسَامَةُ بْنُ زَيْدٍ فَقَالَ " إِنَّ بَنِي إِسْرَائِيلَ كَانَ إِذَا سَرَقَ فِيهِمُ الشَّرِيفُ تَرَكُوهُ وَإِذَا سَرَقَ الضَّعِيفُ قَطَعُوهُ لَوْ كَانَتْ فَاطِمَةُ لَقَطَعْتُ يَدَهَا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3734

حسن بن محمد (زعفرانی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعباد یحيٰ بن عباد (ضبعی بصری) نے ہمیں بتایا کہ ماجشون (عبدالعزیز بن عبداللہ بن ابی سلمہ) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن دینار نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ نے ایک دن جبکہ وہ مسجد میں تھے، ایک شخص کو دیکھا کہ وہ مسجد میں ایک طرف اپنے کپڑے گھسیٹتے ہوئے جا رہا ہے۔ (عبداللہ بن دینار کہتے تھے:) حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے (مجھ سے) کہا: دیکھو تو یہ کون ہے؟ کاش یہ میرے پاس ہوتا تو ایک آدمی نے ان سے کہا: ابوعبدالرحمٰن! آپ اس کو نہیں پہچانتے؟ یہ محمد بن اُسامہ ہیں۔ عبداللہ بن دینار کہتے تھے: یہ سن کر حضرت ابن عمرؓ نے اپنا سر جھکا لیا اور زمین پر اپنے ہاتھ سے ٹھکرانے لگے۔ پھر کہا: اگر رسول اللہ ﷺ اس کو دیکھتے تو اس سے محبت کرتے۔

حَدَّثَنِي الْحَسَنُ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا أَبُو عَبَّادٍ يَحْيَى بْنُ عَبَّادٍ حَدَّثَنَا الْمَاجِشُونُ أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ دِينَارٍ قَالَ نَظَرَ ابْنُ عُمَرَ يَوْمًا وَهْوَ فِي الْمَسْجِدِ إِلَى رَجُلٍ يَسْحَبُ ثِيَابَهُ فِي نَاحِيَةٍ مِنَ الْمَسْجِدِ فَقَالَ انْظُرْ مَنْ هَذَا لَيْتَ هَذَا عِنْدِي. قَالَ لَهُ إِنْسَانٌ أَمَا تَعْرِفُ هَذَا يَا أَبَا عَبْدِ الرَّحْمَنِ هَذَا مُحَمَّدُ بْنُ أُسَامَةَ قَالَ فَطَأْطَأَ ابْنُ عُمَرَ رَأْسَهُ وَنَقَرَ بِيَدَيْهِ فِي الأَرْضِ ثُمَّ قَالَ لَوْ رَآهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لأَحَبَّهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3735

موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہم سے کہا کہ میں نے اپنے باپ سے سنا کہ ابوعثمان نے ہمیں بتایا کہ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی ﷺ کے متعلق بتایا کہ آپؐ انہیں اور حضرت حسنؓ کو لیتے اور فرماتے: اے اللہ! ان دونوں سے محبت کر کیونکہ میں ان دونوں سے محبت رکھتا ہوں۔

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ قَالَ سَمِعْتُ أَبِي حَدَّثَنَا أَبُو عُثْمَانَ عَنْ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ ـ رضى الله عنهما ـ حَدَّثَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَنَّهُ كَانَ يَأْخُذُهُ وَالْحَسَنَ فَيَقُولُ " اللَّهُمَّ أَحِبَّهُمَا فَإِنِّي أُحِبُّهُمَا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3736

اور نعیم نے ابن مبارک سے نقل کیا کہ معمر نے زہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ حضرت اسامہ بن زیدؓ کے آزاد کردہ غلام نے مجھے بتایا کہ حجاج بن ایمن بن امّ ایمن کو حضرت ابن عمرؓ نے دیکھا کہ اس نے اپنا رکوع پورا نہیں کیا اور نہ ہی اپنا سجدہ۔ یہ ایمن بن امّ ایمن حضرت اسامہ بن زیدؓ کا ماں کی طرف سے بھائی تھا اور یہ انصار میں سے ایک شخص تھا تو حضرت ابن عمرؓ نے اس سے کہا: دوبارہ پڑھو۔

وَقَالَ نُعَيْمٌ عَنِ ابْنِ الْمُبَارَكِ أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ أَخْبَرَنِي مَوْلًى لأُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ. أَنَّ الْحَجَّاجَ بْنَ أَيْمَنَ ابْنِ أُمِّ أَيْمَنَ وَكَانَ أَيْمَنُ ابْنُ أُمِّ أَيْمَنَ أَخَا أُسَامَةَ لأُمِّهِ وَهْوَ رَجُلٌ مِنَ الأَنْصَارِ فَرَآهُ ابْنُ عُمَرَ لَمْ يُتِمَّ رُكُوعَهُ وَلاَ سُجُودَهُ فَقَالَ أَعِدْ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3737

ابو عبداللہ (امام بخاری) نے کہا: اور سلیمان بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) عبدالرحمٰن بن نمر نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے کہ حرملہ نے جو حضرت اُسامہ بن زیدؓ کے آزاد کردہ غلام تھے، مجھ سے بیان کیا کہ اسی دوران کہ وہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے ساتھ تھے، حجاج بن ایمن (مسجد میں) آئے۔ انہوں نے اپنا رکوع اور سجدہ پورا نہ کیا تو حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے کہا: دوبارہ پڑھو۔ جب حجاج پیٹھ موڑ کر چلا تو حضرت ابن عمرؓ نے مجھ سے پوچھا: یہ کون ہے؟ میں نے کہا: حجاج بن ایمن بن امّ ایمن۔ تو حضرت ابن عمرؓ نے کہا: اگر رسول اللہ ﷺ اس کو دیکھتے تو اس سے محبت کرتے۔ پھر انہوں نے حضرت امّ ایمنؓ کی اولاد سے آپؐ کی محبت کا ذکر کیا۔ (ابو عبداللہ امام بخاری نے) کہا: اور میرے بعض ساتھیوں نے سلیمان (بن عبدالرحمٰن) سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے یہی بیان کیا اور اس میں یہ الفاظ بھی ہیں: اور امّ ایمن نبی ﷺ کی کھلائی بھی تھیں۔

قَالَ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ وَحَدَّثَنِي سُلَيْمَانُ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ حَدَّثَنَا الْوَلِيدُ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ نَمِرٍ عَنِ الزُّهْرِيِّ حَدَّثَنِي حَرْمَلَةُ مَوْلَى أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ أَنَّهُ بَيْنَمَا هُوَ مَعَ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ إِذْ دَخَلَ الْحَجَّاجُ بْنُ أَيْمَنَ فَلَمْ يُتِمَّ رُكُوعَهُ وَلاَ سُجُودَهُ فَقَالَ أَعِدْ. فَلَمَّا وَلَّى قَالَ لِي ابْنُ عُمَرَ مَنْ هَذَا قُلْتُ الْحَجَّاجُ بْنُ أَيْمَنَ ابْنِ أُمِّ أَيْمَنَ. فَقَالَ ابْنُ عُمَرَ لَوْ رَأَى هَذَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لأَحَبَّهُ فَذَكَرَ حُبَّهُ وَمَا وَلَدَتْهُ أُمُّ أَيْمَنَ. قَالَ وَحَدَّثَنِي بَعْضُ أَصْحَابِي عَنْ سُلَيْمَانَ وَكَانَتْ حَاضِنَةَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3738

محمد نے ہمیں بتایا کہ اسحاق بن نصر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے، زہری نے سالم سے، سالم نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی زندگی میں کوئی شخص جب خواب دیکھتا تو نبی ﷺ کے سامنے بیان کرتا تو میں نے بھی خواہش کی کہ کوئی خواب دیکھوں جسے نبی ﷺ سے بیان کروں اور میں اس وقت کنوارا لڑکا ہی تھا۔ اور میں نبی ﷺ کے زمانہ میں مسجد ہی میں سویا کرتا تھا۔ میں نے خواب میں دیکھا جیسے دو فرشتے ہیں۔ انہوں نے مجھے پکڑا اور مجھے آگ کی طرف لے گئے تو کیا دیکھتا ہوں کہ اس کی اندر سے ایسی بندش ہے جیسے کنوئیں کی بندش ہوتی ہے اور اس کی بھی دو منڈیریں ہیں جیسے کنوئیں کی۔ اور کیا دیکھتا ہوں کہ اس میں کچھ لوگ ہیں۔ میں نے ان کو پہچان لیا۔ میں کہنے لگا: میں آگ سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں۔ میں آگ سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں۔ تو ایک اور فرشتہ ان دونوں سے ملا اور مجھ سے کہنے لگا: بالکل ڈرو نہیں۔ میں نے یہ خواب حضرت حفصہؓ سے بیان کیا۔

حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ نَصْرٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ عَنْ مَعْمَرٍ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ سَالِمٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ كَانَ الرَّجُلُ فِي حَيَاةِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم إِذَا رَأَى رُؤْيَا قَصَّهَا عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَتَمَنَّيْتُ أَنْ أَرَى رُؤْيَا أَقُصُّهَا عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَكُنْتُ غُلاَمًا أَعْزَبَ وَكُنْتُ أَنَامُ فِي الْمَسْجِدِ عَلَى عَهْدِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَرَأَيْتُ فِي الْمَنَامِ كَأَنَّ مَلَكَيْنِ أَخَذَانِي فَذَهَبَا بِي إِلَى النَّارِ فَإِذَا هِيَ مَطْوِيَّةٌ كَطَىِّ الْبِئْرِ فَإِذَا لَهَا قَرْنَانِ كَقَرْنَىِ الْبِئْرِ وَإِذَا فِيهَا نَاسٌ قَدْ عَرَفْتُهُمْ فَجَعَلْتُ أَقُولُ أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ النَّارِ أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ النَّارِ. فَلَقِيَهُمَا مَلَكٌ آخَرُ فَقَالَ لِي لَنْ تُرَاعَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3739

اور حضرت حفصہؓ نے نبی ﷺ سے اسے بیان کیا تو آپؐ نے فرمایا: عبداللہؓ اچھا آدمی ہے، اگر وہ رات کو تہجد پڑھے۔ سالم کہتے تھے: تو پھر حضرت عبداللہؓ رات کو بہت کم سوتے تھے۔

فَقَصَصْتُهَا عَلَى حَفْصَةَ. فَقَصَّتْهَا حَفْصَةُ عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ " نِعْمَ الرَّجُلُ عَبْدُ اللَّهِ لَوْ كَانَ يُصَلِّي بِاللَّيْلِ ". قَالَ سَالِمٌ فَكَانَ عَبْدُ اللَّهِ لاَ يَنَامُ مِنَ اللَّيْلِ إِلاَّ قَلِيلاً.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3740

یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زہری سے، زہری نے سالم سے، سالم نے حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے اپنی بہن حضرت حفصہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ان سے فرمایا کہ عبداللہؓ نیک آدمی ہے۔

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سُلَيْمَانَ حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ عَنْ يُونُسَ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ سَالِمٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ عَنْ أُخْتِهِ حَفْصَةَ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم قَالَ لَهَا " إِنَّ عَبْدَ اللَّهِ رَجُلٌ صَالِحٌ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3741

یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زہری سے، زہری نے سالم سے، سالم نے حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے اپنی بہن حضرت حفصہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ان سے فرمایا کہ عبداللہؓ نیک آدمی ہے۔

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سُلَيْمَانَ، حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ، عَنْ يُونُسَ، عَنِ الزُّهْرِيِّ، عَنْ سَالِمٍ، عَنِ ابْنِ عُمَرَ، عَنْ أُخْتِهِ، حَفْصَةَ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم قَالَ لَهَا ‏ "‏ إِنَّ عَبْدَ اللَّهِ رَجُلٌ صَالِحٌ ‏"‏‏.‏

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3742

مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں شام (کے ملک میں) آیا اور میں نے دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر میں نے کہا: اے اللہ! میرے لئے کوئی نیک ہم نشین مہیا کر، پھر میں لوگوں کے پاس آیا۔ ان کے پاس جا بیٹھا۔ اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک بوڑھا شخص آیا اور میرے پہلو میں بیٹھ گیا۔ میں نے کہا: یہ کون ہیں؟ لوگوں نے کہا: حضرت ابودرداءؓ۔ میں نے (ان سے) کہا: میں نے اللہ سے یہ دعا کی تھی کہ میرے لئے کوئی نیک ہم نشین میسر کرے تو اس نے میرے لئے آپ کو بھیج دیا۔ انہوں نے پوچھا: تم کن لوگوں میں سے ہو؟ میں نے کہا: اہل کوفہ سے۔ انہوں نے کہا: کیا تمہارے پاس امّ عبد کے بیٹے (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) نہیں ہیں جو آنحضرت ﷺ کے کفش (جوتے) اور تکیہ اور وضو کا برتن اپنے پاس رکھتے تھے؟ اور کیا تم میں وہ (حضرت عمار بن یاسرؓ) نہیں ہیں جن کو اللہ نے شیطان سے پناہ دی؟ جیسا کہ نبی ﷺ نے اپنی زبان سے فرمایا۔ (اور کہا:) کیا تم میں نبی ﷺ کا وہ رازدار نہیں ہے کہ جس راز کو اُن کے سوا کوئی نہیں جانتا تھا۔ پھر حضرت ابودرداءؓ نے پوچھا: عبداللہؓ (بن مسعود) سورۃ اللیل کس طرح پڑھتے ہیں؟ میں نے ان کے سامنے یہ سورۃ یوں پڑھی: وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَى وَالنَّهَارِ إِذَا تَجَلَّى وَالذَّکَرِ وَالْأُ نْثٰی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے بخدا مجھے یہ سورۃ منہ در منہ اسی طرح پڑھائی۔

حَدَّثَنَا مَالِكُ بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا إِسْرَائِيلُ عَنِ الْمُغِيرَةِ عَنْ إِبْرَاهِيمَ عَنْ عَلْقَمَةَ قَالَ قَدِمْتُ الشَّأْمَ فَصَلَّيْتُ رَكْعَتَيْنِ ثُمَّ قُلْتُ اللَّهُمَّ يَسِّرْ لِي جَلِيسًا صَالِحًا فَأَتَيْتُ قَوْمًا فَجَلَسْتُ إِلَيْهِمْ فَإِذَا شَيْخٌ قَدْ جَاءَ حَتَّى جَلَسَ إِلَى جَنْبِي قُلْتُ مَنْ هَذَا قَالُوا أَبُو الدَّرْدَاءِ. فَقُلْتُ إِنِّي دَعَوْتُ اللَّهَ أَنْ يُيَسِّرَ لِي جَلِيسًا صَالِحًا فَيَسَّرَكَ لِي قَالَ مِمَّنْ أَنْتَ قُلْتُ مِنْ أَهْلِ الْكُوفَةِ. قَالَ أَوَلَيْسَ عِنْدَكُمُ ابْنُ أُمِّ عَبْدٍ صَاحِبُ النَّعْلَيْنِ وَالْوِسَادِ وَالْمِطْهَرَةِ وَفِيكُمُ الَّذِي أَجَارَهُ اللَّهُ مِنَ الشَّيْطَانِ عَلَى لِسَانِ نَبِيِّهِ صلى الله عليه وسلم أَوَلَيْسَ فِيكُمْ صَاحِبُ سِرِّ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم الَّذِي لاَ يَعْلَمُ أَحَدٌ غَيْرُهُ ثُمَّ قَالَ كَيْفَ يَقْرَأُ عَبْدُ اللَّهِ {وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَى} فَقَرَأْتُ عَلَيْهِ {وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَى }-{ وَالنَّهَارِ إِذَا تَجَلَّى }-{ وَالذَّكَرِ وَالأُنْثَى}. قَالَ وَاللَّهِ لَقَدْ أَقْرَأَنِيهَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مِنْ فِيهِ إِلَى فِيَّ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3743

سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے ابراہیم (نخعی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: علقمہ شام کی طرف گئے۔ جب مسجد میں داخل ہوئے تو انہوں نے دعا کی: اے اللہ! میرے لئے کوئی اچھا ہم نشین میسر فرما۔ پھر حضرت ابوالدرداءؓ کے پاس جا کر بیٹھے اور حضرت ابوالدرداءؓ نے کہا: تم کن لوگوں میں سے ہو؟ انہوں نے کہا: اہل کوفہ سے۔ حضرت ابودرداءؓ نے پوچھا: کیا تم میں یا کہا: کیا تم میں سے وہ رازدار نہیں کہ اس کے سوا اس راز کو کوئی نہیں جانتا یعنی حذیفہؓ۔ علقمہ کہتے تھے: میں نے کہا: کیوں نہیں، ضرور ہیں۔ حضرت ابودرداءؓ نے کہا: کیا تم میں یا کہا: کیا تم میں سے وہ شخص نہیں جس کو اللہ نے پناہ دی یعنی شیطان سے جیسا کہ اللہ کے نبی ﷺ نے اپنی زبان سے فرمایا یعنی عمارؓ۔ میں نے کہا: کیوں نہیں، ضرور ہیں۔ حضرت ابوالدرداءؓ نے کہا: کیا تم میں یا کہا: تم میں سے وہ شخص نہیں ہیں جو مسواک اور تکیہ یا کہا راز رکھا کرتے تھے؟ انہوں (علقمہ) نے کہا: کیوں نہیں، ضرور ہیں۔ حضرت ابودرداءؓ نے پوچھا: سورۃ وَاللَّیْلِ اِذَا یَغْشٰی وَالنَّھَارِ اِذَا تَجَلَّی کو عبداللہ (بن مسعودؓ) کیسے پڑھتے تھے؟ میں نے کہا: وَالذَّکَرِ وَالْأُنْثٰی پڑھا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: یہ لوگ اب تک میرے پیچھے پڑے رہے کہ قریب تھا کہ وہ مجھے اس بات سے پھسلا دیتے جو میں نے نبی ﷺ سے سنی تھی۔

حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ مُغِيرَةَ عَنْ إِبْرَاهِيمَ قَالَ ذَهَبَ عَلْقَمَةُ إِلَى الشَّأْمِ فَلَمَّا دَخَلَ الْمَسْجِدَ قَالَ اللَّهُمَّ يَسِّرْ لِي جَلِيسًا صَالِحًا. فَجَلَسَ إِلَى أَبِي الدَّرْدَاءِ فَقَالَ أَبُو الدَّرْدَاءِ مِمَّنْ أَنْتَ قَالَ مِنْ أَهْلِ الْكُوفَةِ. قَالَ أَلَيْسَ فِيكُمْ ـ أَوْ مِنْكُمْ ـ صَاحِبُ السِّرِّ الَّذِي لاَ يَعْلَمُهُ غَيْرُهُ يَعْنِي حُذَيْفَةَ. قَالَ قُلْتُ بَلَى. قَالَ أَلَيْسَ فِيكُمُ ـ أَوْ مِنْكُمُ ـ الَّذِي أَجَارَهُ اللَّهُ عَلَى لِسَانِ نَبِيِّهِ صلى الله عليه وسلم يَعْنِي مِنَ الشَّيْطَانِ يَعْنِي عَمَّارًا. قُلْتُ بَلَى. قَالَ أَلَيْسَ فِيكُمْ ـ أَوْ مِنْكُمْ ـ صَاحِبُ السِّوَاكِ أَوِ السِّرَارِ قَالَ بَلَى. قَالَ كَيْفَ كَانَ عَبْدُ اللَّهِ يَقْرَأُ {وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَى }-{ وَالنَّهَارِ إِذَا تَجَلَّى} قُلْتُ {وَالذَّكَرِ وَالأُنْثَى}. قَالَ مَا زَالَ بِي هَؤُلاَءِ حَتَّى كَادُوا يَسْتَنْزِلُونِي عَنْ شَىْءٍ سَمِعْتُهُ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3744

عمر و بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ (بصری سامی) نے ہمیں بتایا۔ خالد (حذاء) نے ابوقلابہ سے روایت کرتے ہوئے ہم سے بیان کیا، کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہر ایک امت کا ایک امین ہوتا ہے اور اے میری امت! ہمارے امین ابوعبیدہ بن جراح ؓ ہیں۔

حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ عَلِيٍّ حَدَّثَنَا عَبْدُ الأَعْلَى حَدَّثَنَا خَالِدٌ عَنْ أَبِي قِلاَبَةَ قَالَ حَدَّثَنِي أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " إِنَّ لِكُلِّ أُمَّةٍ أَمِينًا وَإِنَّ أَمِينَنَا أَيَّتُهَا الأُمَّةُ أَبُو عُبَيْدَةَ بْنُ الْجَرَّاحِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3745

مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے صلہ (بن زفر) سے، صلہ نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے نجران والوں سے فرمایا: میں ضرور بھیجوں گا یعنی تمہارے پاس ایک امین جو سراسر امین ہوگا۔ یہ سن کر آپؐ کے صحابہ گردنیں اٹھا کر دیکھنے لگے اور آپؐ نے حضرت ابوعبیدہ رضی اللہ عنہ کو بھیجا۔

حَدَّثَنَا مُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ عَنْ صِلَةَ عَنْ حُذَيْفَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم لأَهْلِ نَجْرَانَ " لأَبْعَثَنَّ ـ يَعْنِي عَلَيْكُمْ ـ يَعْنِي أَمِينًا ـ حَقَّ أَمِينٍ ". فَأَشْرَفَ أَصْحَابُهُ فَبَعَثَ أَبَا عُبَيْدَةَ رضى الله عنه.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3746

صدقہ (بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا کہ ابوموسیٰ نے حسن (بصری) سے روایت کرتے ہوئے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت ابوبکرہؓ سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) میں نے نبی ﷺ سے منبر پر سنا اور حسنؓ آپؐ کے پہلو میں تھے۔ کبھی آپؐ لوگوں کی طرف دیکھتے کبھی حسنؓ کی طرف۔ آپؐ نے فرمایا: میرا یہ بیٹا سردار ہوگا اور امید ہے کہ اللہ اس کی وجہ سے مسلمانوں کے دو گروہوں میں صلح کرا دے گا۔

حَدَّثَنَا صَدَقَةُ حَدَّثَنَا ابْنُ عُيَيْنَةَ حَدَّثَنَا أَبُو مُوسَى عَنِ الْحَسَنِ سَمِعَ أَبَا بَكْرَةَ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم عَلَى الْمِنْبَرِ وَالْحَسَنُ إِلَى جَنْبِهِ يَنْظُرُ إِلَى النَّاسِ مَرَّةً وَإِلَيْهِ مَرَّةً وَيَقُولُ " ابْنِي هَذَا سَيِّدٌ وَلَعَلَّ اللَّهَ أَنْ يُصْلِحَ بِهِ بَيْنَ فِئَتَيْنِ مِنَ الْمُسْلِمِينَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3747

مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ابوعثمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے، حضرت اسامہؓ نے نبیﷺ سے روایت کی کہ آپؐ انہیں اور حضرت حسنؓ کو لیتے اور فرماتے: اے اللہ! میں ان دونوں سے محبت رکھتا ہوں اس لئے تو بھی ان سے محبت رکھ یا کچھ اسی طرح فرماتے۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا الْمُعْتَمِرُ قَالَ سَمِعْتُ أَبِي قَالَ حَدَّثَنَا أَبُو عُثْمَانَ عَنْ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ ـ رضى الله عنهما ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَنَّهُ كَانَ يَأْخُذُهُ وَالْحَسَنَ وَيَقُولُ " اللَّهُمَّ إِنِّي أُحِبُّهُمَا فَأَحِبَّهُمَا ". أَوْ كَمَا قَالَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 3748

محمد بن حسین بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا، کہا: حسین بن محمد نے مجھے بتایا کہ جریر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ عبید اللہ بن زیاد کے پاس حضرت حسین بن علی (رضی اللہ عنہما) کا سر لایا گیا جو ایک طشت میں رکھا گیا تو وہ چھڑی سے ان کے منہ پر ٹھکرانے لگا اور ان کی خوبصورتی کے متعلق کچھ کہا۔ حضرت انسؓ نے کہا: وہ سب لوگوں میں رسول اللہ ﷺ سے بہت مشابہت رکھتے تھے اور ان کے بالوں میں وسمے کا خضاب لگا تھا۔

حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ الْحُسَيْنِ بْنِ إِبْرَاهِيمَ قَالَ حَدَّثَنِي حُسَيْنُ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا جَرِيرٌ عَنْ مُحَمَّدٍ عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ـ رضى الله عنه ـ أُتِيَ عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ زِيَادٍ بِرَأْسِ الْحُسَيْنِ ـ عَلَيْهِ السَّلاَمُ ـ فَجُعِلَ فِي طَسْتٍ فَجَعَلَ يَنْكُتُ وَقَالَ فِي حُسْنِهِ شَيْئًا. فَقَالَ أَنَسٌ كَانَ أَشْبَهَهُمْ بِرَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَكَانَ مَخْضُوبًا بِالْوَسْمَةِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی