کتاب 62: كتاب فضائل أصحاب النبى صلى الله عليه وسلم
صحیح بخاری, حصہ 6
صحیح بخاری 3749
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عدی نے مجھے خبر دی، کہا: میں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا اور حضرت حسن بن علیؓ آپؐ کے کندھے پر تھے۔ آپؐ فرماتے تھے: اے اللہ! میں اس سے محبت رکھتا ہوں تو بھی اس سے محبت رکھ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3750
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ کہا کہ عمر بن سعید بن ابی حسین نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، ابن ابی ملیکہ نے عقبہ بن حارث سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوبکرؓ کو دیکھا: انہوں نے حضرت حسنؓ کو اُٹھایا اور وہ یہ کہہ رہے تھے: میرا باپ تجھ پر قربان۔ یہ تو نبیؐ کی شکل و شباہت ہے، علیؓ کی شکل و شباہت نہیں اور حضرت علیؓ ہنس رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3751
یحيٰ بن معین اور صدقہ (بن فضل) نے مجھ سے بیان کیا۔ ان دونوں نے کہا: محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے واقد (بن محمد) سے، واقد نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوبکرؓ نے کہا: محمد ﷺ کو مد نظر رکھتے ہوئے آپؐ کے اہل بیت کا خیال رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3752
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے، زہری نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ اور عبدالرزاق نے یوں کہا کہ معمر نے زہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ حضرت انسؓ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے کہا: حضرت حسن بن علیؓ سے بڑھ کر اور کوئی نبی ﷺ سے مشابہ نہ تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3753
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن ابی یعقوب سے روایت کی کہ میں نے (عبدالرحمٰن) بن ابی نعم سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے سنا اور کسی نے ان سے محرم کے متعلق پوچھا۔ شعبہ کہتے تھے: میں سمجھتا ہوں کہ یہ پوچھا تھا کہ اگر محرم کوئی بِھڑ مار ڈالے؟ تو انہوں نے جواب دیا: عراق والے بِھڑوں کے متعلق پوچھتے ہیں حالانکہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے نواسے کو مروا ڈالا ہے اور نبی ﷺ نے دونوں نواسوں کے متعلق فرمایا تھا کہ وہ دنیا میں میرے دو پھول ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3754
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی سلمہ نے محمد بن منکدر سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ کہا کرتے تھے: حضرت ابوبکرؓ ہمارے سردار ہیں اور انہوں نے ہمارے سردار کو آزاد کیا یعنی حضرت بلالؓ کو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3755
ابن نمیر (محمد بن عبداللہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن عبید سے روایت کی کہ اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ قیس سے روایت ہے کہ حضرت بلالؓ نے حضرت ابوبکرؓ سے کہا: اگر آپ نے اپنی ذات کے لئے مجھے خریدا تھا تو پھر آپ مجھے اپنے پاس رہنے دیں اور اگر محض اللہ کے لئے خریدا تھا تو مجھ کو جانے دیں کہ میں اللہ کا کام کروں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3756
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد (حذاء) سے، خالد نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اپنے سینے سے مجھے لگایا اور فرمایا: اے اللہ! اس کو حکمت سکھا۔ ابومعمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ پھر یہی روایت بیان کی۔ اس میں یوں ہے کہ اے اللہ! اس کو کتاب کا علم دے۔ موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا کہ خالد سے اسی طرح مروی ہے…… اور حکمت نبوت کے علاوہ بھی (افراد کو) مل سکتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3757
احمد بن واقد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے حمید بن ہلال سے، انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے لوگوں کو حضرت زیدؓ اور حضرت جعفرؓ اور حضرت ابن رواحہؓ کی موت کی خبر دی، پیشتر اس کے کہ لوگوں کے پاس ان سے متعلق کوئی خبر آئی۔ آپؐ نے فرمایا: زیدؓ نے جھنڈا لیا اور وہ شہید ہوئے۔ پھر جعفرؓ نے جھنڈا لیا اور وہ شہید ہوئے۔ پھر ابن رواحہؓ نے جھنڈا لیا اور وہ شہید ہوئے اور آپؐ کی آنکھیں آنسو بہا رہی تھیں۔ آخر اللہ کی تلواروں میں سے ایک تلوار (خالد بن ولیدؓ) نے جھنڈا لیا۔ یہاں تک کہ اللہ نے اسے فتح دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3758
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن مرہ سے، عمرو نے ابراہیم سے، ابراہیم نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن عمروؓ کے سامنے حضرت عبداللہؓ (بن مسعود) کا ذکر کیا گیا تو انہوں نے کہا: وہ تو ایسے شخص ہیں کہ میں ان سے اس وقت سے محبت رکھتا ہوں جب میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے سنا: چار شخصوں سے قرآن پڑھو: عبداللہ بن مسعودؓ سے۔ اور آپؐ نے پہلے ان کا نام لیا اور ابو حذیفہؓ کے غلام سالمؓ سے اور اُبی ّ بن کعبؓ اور معاذ بن جبلؓ سے۔ مسروق نے کہا: مجھے یاد نہیں کہ آپؐ نے حضرت اُبی ّ کا پہلے نام لیا یا حضرت معاذؓ کا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3759
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ سلیمان سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے ابو وائل سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے مسروق سے سنا۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن عمروؓ (بن عاص) کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نہ تو درشت زبان تھے اور نہ تکلف سے درشتی کا اظہار کرنے والے تھے۔ اور آپؐ نے فرمایا: تم میں سے وہ مجھے زیادہ پیارے ہیں جو اخلاق میں نہایت اچھے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3760
اور آپؐ نے فرمایا: چار شخصوں سے قرآن سیکھو - عبداللہ بن مسعودؓ اور سالم مولیٰ ابوحذیفہؓ سے اور اُبیّ بن کعبؓ اور معاذ بن جبلؓ سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3761
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوعوانہ سے، ابوعوانہ نے مغیرہ سے، مغیرہ نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی کہ میں شام گیا اور میں نے دو رکعتیں پڑھیں۔ میں نے کہا: اے اللہ! میرے لئے کوئی اچھا ہم نشین میسر کر۔ پھر میں نے ایک بزرگ کو سامنے سے آتے ہوئے دیکھا۔ جب وہ قریب آئے تو میں نے دل میں کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ اللہ نے میری دعا قبول فرمائی ہے۔ انہوں نے پوچھا: تم کہاں سے ہو؟ میں نے کہا: اہل کوفہ سے۔ انہوں نے کہا: کیا تم میں وہ شخص نہیں تھا جو جوتی اور تکیہ اور آنحضرت ﷺ کا وضو کا برتن اپنے پاس رکھتا تھا؟ کیا وہ شخص تم میں نہ تھا جسے اللہ نے شیطان سے پناہ دی؟ کیا تم میں وہ رازدار نہیں جس راز کو اس کے سوا کوئی نہیں جانتا؟ امّ عبد کے بیٹے (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) سورۃ وَالَّیْلِ کس طرح پڑھتے تھے؟ میں نے پڑھا: وَالَّيْلِ اِذَا يَغْشَى۰۰ وَالنَّهَارِ اِذَا تَجَلّٰى۰۰ وَالذَّكَرِ وَالْأُنْثَى۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھے بھی منہ در منہ یہی پڑھایا تھا۔ یہ لوگ میرے پیچھے پڑے رہے یہاں تک کہ قریب تھا کہ مجھے اس قراءت سے ہٹا دیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3762
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے عبدالرحمٰن بن یزید سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نے حضرت حذیفہؓ سے ایسے شخص کے متعلق پوچھا جو خصلت اور روش میں نبی ﷺ کے قریب قریب ہو تاکہ ہم اس سے دین کا علم حاصل کریں تو انہوں نے کہا: خصلت اور اطوار اور وضع و قطع میں امّ عبد کے بیٹے سے زیادہ میں کسی کو بھی نبی ﷺ کے قریب نہیں پاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3763
محمد بن علاء نے مجھ سے بیان کیا کہ ابراہیم بن یوسف بن ابی اسحاق نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواسحاق سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: اسود بن یزید نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں اور میرا بھائی یمن سے واپس آئے اور ہم ایک مدت تک اسی خیال میں رہے کہ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ بھی نبی ﷺ کے اہل بیت میں سے ہیں کیونکہ ہم ان کو اور ان کی والدہ کو نبی ﷺ کے پاس آتے جاتے دیکھا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3764
حسن بن بشر نے ہم سے بیان کیا کہ معافٰی (بن عمران ازدی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عثمان بن اسود سے، عثمان نے ابن ابی ملیکہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت معاویہؓ نے عشاء کے بعد ایک رکعت وتر پڑھی اور ان کے پاس حضرت ابن عباسؓ کے غلام تھے۔ وہ حضرت ابن عباسؓ کے پاس آئے تو حضرت ابن عباسؓ نے کہا: انہیں رہنے دو کیونکہ وہ رسول اللہ ﷺ کی صحبت میں رہے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3765
(سعید) بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ نافع بن عمر نے ہمیں بتایا کہ ابن ابی ملیکہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابن عباسؓ سے کہا گیا: کیا امیر المؤمنین حضرت معاویہؓ کے متعلق آپ کو کچھ اعتراض ہے کیونکہ وہ ایک رکعت وتر پڑھتے رہے ہیں؟ انہوں نے کہا: وہ تو خود فقیہہ ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3766
عمرو بن عباس نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو تیاح سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حمران بن ابان سے سنا۔ انہوں نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: تم لوگ یہ نماز پڑھتے ہو۔ ہم نبی ﷺ کے ساتھ رہ چکے ہیں۔ ہم نے آپؐ کو یہ دو رکعتیں پڑھتے نہیں دیکھا بلکہ آپؐ نے ان کے پڑھنے سے منع فرمایا یعنی عصر کے بعد کی دو رکعتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3767
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت مسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہما سے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: فاطمہؓ میری لخت جگر ہے، جس نے اس کو ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا۔ {یحییٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا۔ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ نبی ﷺ نے اپنی بیٹی حضرت فاطمہؓ کو اپنی اس بیماری میں جس میں کہ آپؐ اٹھائے گئے، بلایا۔ اور آپؐ نے چپکے سے کچھ فرمایا تو وہ رو پڑیں۔ پھر اس کے بعد آپؐ نے ان کو بلایا اور ان سے چپکے سے بات کی تو وہ ہنس پڑیں۔ کہتی تھیں: میں نے فاطمہؓ سے اس کے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے جو چپکے سے مجھ سے بات کی تو آپؐ نے مجھے بتایا تھا کہ آپؐ اس بیماری میں اٹھائے جائیں گے، جس میں کہ آپؐ فوت ہو گئے اور میں رو پڑی۔ پھر آپؐ نے مجھ سے راز کی بات کی تو آپؐ نے مجھے بتایا کہ میں آپؐ کے اہل بیت میں سے پہلی ہوں گی جو آپؐ سے ملوں گی۔ یہ سن کر میں ہنس پڑی۔}
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ قَزَعَةَ أَخْبَرَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ سَعْدٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ دَعَا النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَاطِمَةَ ابْنَتَهُ فِي شَكْوَاهُ الَّذِي قُبِضَ فِيهَا فَسَارَّهَا بِشَيْءٍ فَبَكَتْ ثُمَّ دَعَاهَا فَسَارَّهَا فَضَحِكَتْ قَالَتْ فَسَأَلْتُهَا عَنْ ذَلِكَ فَقَالَتْ سَارَّنِي النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَخْبَرَنِي أَنَّهُ يُقْبَضُ فِي وَجَعِهِ الَّذِي تُوُفِّيَ فِيهِ فَبَكَيْتُ ثُمَّ سَارَّنِي فَأَخْبَرَنِي أَنِّي أَوَّلُ أَهْلِ بَيْتِهِ أَتْبَعُهُ فَضَحِكْتُ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3768
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ ابوسلمہ نے کہا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے ایک دن فرمایا: عائشہ! یہ جبریل ہیں۔ تمہیں سلام کہتے ہیں۔ میں نے کہا: وعلیہ السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آپؐ جو کچھ دیکھتے ہیں میں نہیں دیکھتی۔ اس سے ان کی مراد رسول اللہ ﷺ کے وجود سے تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah