کتاب 63: كتاب مناقب الأنصار
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 3836
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: سنو ! اگر کوئی قسم بھی کھائے تو وہ سوائے اللہ کے کسی کی قسم نہ کھائے۔ قریش اپنے باپ دادوں کی قسمیں کھایا کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے باپ دادا کی قسمیں نہ کھایا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3837
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابن وہب نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے عمرو (بن حارث) نے بتایا کہ عبدالرحمٰن بن قاسم نے ان سے بیان کیا۔ قاسم (بن محمد) جنازہ کے آگے چلا کرتے تھے اور جنازہ دیکھ کر کھڑے نہ ہوتے اور حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے بتلاتے تھے کہ وہ کہتی تھیں: زمانہ جاہلیت کے لوگ جنازہ دیکھ کر اُٹھ کھڑے ہوتے تھے اور وہ اس کو دیکھتے تو کہتے: تو اپنے اہل و عیال میں دوبارہ آئے ویسے کا ویسا جیسا کہ تو تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3838
عمرو بن عباس نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن (بن مہدی) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے عمرو بن میمون سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کہتے تھے کہ مشرک مزدلفہ سے اس وقت تک نہ لوٹتے جب تک کہ سورج ثبیر پہاڑ پر نہ چمکتا۔ اس لئے نبی ﷺ نے ان کے برخلاف کیا اور سورج نکلنے سے پہلے مزدلفہ سے لوٹے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3839
اسحاق بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے ابو اسامہ سے پوچھا: کیا یحيٰ بن مُہَلّب نے تم سے بیان کیا کہ حصین نے عکرمہ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ (سورة عَمَّ يَتَسَآءَلُوْنَ میں) جو کَاْسًا دِھَاقًا کے الفاظ ہیں، ان کے معنی ہیں: پے در پے بھرے ہوئے گلاس۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3840
عکرمہ نے کہا: اور حضرت ابن عباسؓ نے یہ بھی کہا تھا: میں نے اپنے باپ کو زمانہ جاہلیت میں کہتے ہوئے سنا: أَسْقِنَا کَاْسًا دِھَاقًا۔ یعنی ہمیں بھرے ہوئے گلاس پلاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3841
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک بن عمیر سے، عبدالملک نے ابو سلمہ سے، ابو سلمہ نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: نہایت سچی بات جو کسی شاعر نے کہی ہے وہ لبید کا یہ مصرعہ ہے: دیکھو اللہ کے سوا جو بھی چیز ہے وہ ناپائیدار ہے اور امیہ بن ابی صلت تقریباً مسلمان ہی تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3842
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی (عبدالحمید) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان بن بلال سے، سلیمان نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے، یحيٰ نے عبدالرحمٰن بن قاسم سے، عبدالرحمٰن نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں کہ حضرت ابوبکرؓ کا ایک غلام تھا جو اپنی کمائی سے ان کو دیا کرتا تھا اور حضرت ابوبکرؓ اس کی کمائی سے کھایا کرتے تھے۔ ایک دن وہ کوئی چیز لایا۔ حضرت ابوبکرؓ نے اس سے کچھ کھایا۔ غلام نے ان سے کہا: آپ جانتے ہیں یہ کیسی ہے؟ حضرت ابوبکرؓ نے پوچھا: یہ کیسی ہے؟ اس نے کہا: میں نے زمانہ جاہلیت میں ایک شخص کے لئے رمالی کی تھی اور میں رمالی کا علم اچھی طرح نہیں جانتا تھا۔ مگر میں نے اس کو دھوکا دیا تھا۔ {وہ مجھ کو ملا۔} اس نے مجھ کو اس کا معاوضہ دیا ہے۔ سو یہ وہی کمائی ہے جس سے آپ نے کھایا ہے۔ حضرت ابوبکرؓ نے اپنی انگلی منہ میں ڈالی اور جو کچھ پیٹ میں تھا سب قَے کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3843
مسدد (بن مسرہد) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ (عمری) سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: زمانہ جاہلیت کے لوگ اونٹ کا گوشت حبل الحبلہ کے وعدہ پر بیچا کرتے تھے۔ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: حبل الحبلہ یہ ہے کہ اونٹنی کے پیٹ میں جو بچہ ہے جنے اور پھر اس کے بعد وہ جو جنے گی وہ حاملہ ہو۔ نبی ﷺ نے ان کو اس سے روک دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3844
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ مہدی (بن میمون) نے ہمیں بتایا: کہا کہ غیلان بن جریر نے ہم سے بیان کیا کہ ہم حضرت انس بن مالکؓ کے پاس آیا کرتے تھے اور وہ انصار کے متعلق ہم سے باتیں کیا کرتے تھے اور مجھے کہتے کہ تیری قوم نے فلاں فلاں دن یہ یہ کام کیا اور تیری قوم نے فلاں فلاں دن یہ یہ کام کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3845
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں عبد الوارث نے بتایا۔ قطن ابو الہیثم نے ہم سے بیان کیا کہ ابو یزید مدنی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: قسامت جو زمانہ جاہلیت میں پہلے پہل ہوئی وہ ہم بنی ہاشم میں ہوئی۔ بنی ہاشم میں سے ایک شخص تھا جس کو ایک قریشی نے جو کہ کسی دوسرے خاندان سے تھا، نوکر رکھا۔ یہ نوکر اس ہاشمی کے ساتھ اس کے اونٹ لے کر چل پڑا۔ بنی ہاشم میں سے ایک شخص اس کے پاس سے گزرا جس کی بوری کا بندھن ٹوٹ گیا تھا۔ اس ہاشمی نے اس نوکر سے کہا: ایک اونٹ کا بندھن دے کر میری مدد کرو تاکہ میں اس سے اپنی بوری کا منہ باندھ لوں۔ یہ اُونٹ کہیں بھاگ نہ جائیں گے۔ چنانچہ اس نے اس کو اُونٹ کا ایک بندھن دے دیا۔ جس سے اس نے اپنی بوری کا منہ باندھا۔ جب انہوں نے ڈیرے لگائے تو سب اونٹ سوائے ایک اونٹ کے باندھے گئے۔ جس شخص نے اس کو نوکر رکھا تھا اس نے پوچھا: اس اونٹ کو کیا ہوا ہے کہ یہ اونٹوں میں سے نہیں باندھا گیا؟ اس نے کہا: اس کا بندھن نہیں ہے۔ اس قریشی نے کہا: پھر اس کا بندھن کہاں ہے؟ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ اس نے اس پر لاٹھی پھینکی جو اس کی موت کا موجب ہوئی۔ اتنے میں اہل یمن میں سے ایک شخص اس کے پاس سے گزرا اور (اس سے) اس نوکر نے پوچھا: کیا تم ہر سال ہی حج کو جایا کرتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں۔ لیکن کبھی کبھی جاتا بھی ہوں۔ نوکر نے کہا: اگر تو جائے تو کیا میرا یہ پیغام پہنچا دے گا۔ اس نے کہا: ہاں۔ نوکر نے کہا: جب تو حج میں جائے تو یوں پکاریو۔ اے قریش کے لوگو! جب وہ تمہیں جواب دیں تو یوں پکاریو: اے بنی ہاشم کے لوگو! اگر تمہیں جواب دیں تو ابوطالب کے متعلق ان سے دریافت کرو تو اُن کو تم بتلاؤ کہ فلاں نے مجھے ایک بندھن کی وجہ سے مار ڈالا ہے اور وہ نوکر مر گیا۔ جب وہ شخص جس نے اس کو نوکر رکھا تھا (مکہ) پہنچا۔ ابو طالب اس کے پاس آئے اور انہوں نے پوچھا: ہمارے اس ساتھی کو کیا ہوا؟ اس نے کہا: وہ بیمار ہوگیا تھا۔ میں نے اس کی اچھی طرح خدمت کی (آخر مر گیا) تو میں نے اس کو دفن کردیا ہے۔ ابو طالب نے کہا: وہ تم سے اسی سلوک کا مستحق تھا۔ ابو طالب کچھ مدت ٹھہرے۔ پھر وہ شخص جسے اس نوکر نے پیغام پہنچانے کی وصیت کی تھی وہ حج کے موقع پر آن پہنچا۔ اس نے کہا: اے قریش کے لوگو! لوگوں نے کہا: یہ قریش ہیں۔ اس نے کہا: اے بنی ہاشم کے لوگو! لوگوں نے کہا: یہ بنی ہاشم ہیں۔ اس نے کہا: ابو طالب کہاں ہیں؟ لوگوں نے بتایا۔ ابو طالب یہ ہیں۔ اس نے کہا: فلاں نے مجھ سے کہا تھا کہ میں تم کو یہ پیغام پہنچا دوں کہ فلاں شخص نے اس کو ایک بندھن کے بدلے مار ڈالا ہے۔ یہ سنتے ہی ابو طالب اس شخص کے پاس آئے اور اس سے کہا: ہم سے تین باتوں میں سے ایک بات اختیار کرلو۔ اگر تم چاہو تو ایک سو اُونٹ ادا کردو۔ کیونکہ تم نے ہمارے ساتھی کو مار ڈالا ہے اور اگر تم چاہو تو تمہاری قوم کے پچاس آدمی قسم کھا لیں کہ تم نے اس کو قتل نہیں کیا۔ اگر تم یہ نہ مانو تو ہم اس کے بدلے تم کو قتل کر دیں گے۔ چنانچہ وہ قریشی اپنی قوم کے پاس آیا۔ لوگوں نے کہا: ہم قسم کھائیں گے۔ یہ سن کر بنی ہاشم کی ایک عورت جو اُن قریشیوں میں سے کسی شخص کی بیوی تھی جس کا ایک لڑکا بھی تھا وہ ابو طالب کے پاس آئی اور کہنے لگی: ابو طالب! میں چاہتی ہوں کہ ان پچاس لوگوں میں جن سے ایک شخص کے بدلے قسمیں لی جائیں گی اس میرے بیٹے کی قسم معاف کر دو اور جہاں قسمیں لی جائیں گی وہاں اس کو قسم کھانے کے لئے مجبور نہ کیا جائے۔ چنانچہ ابو طالب نے ایسا ہی کیا۔ پھر ان میں سے ایک اور شخص ابو طالب کے پاس آیا اور کہنے لگا: ابو طالب آپ نے یہ چاہا ہے کہ سو اونٹ کے بدلہ پچاس آدمی قسم کھائیں۔ اس حساب سے ہر ایک شخص کے حصے دو اونٹ آتے ہیں۔ یہ دو اونٹ لو اور مجھ سے یہ قبول کرو اور مجھے قسم کیلئے اس جگہ مجبور نہ کرو جہاں حکماً قسمیں لی جائیں گی۔ ابو طالب نے ان دو اونٹوں کو منظور کر لیا اور اڑتالیس آدمی آئے اور انہوں نے قسمیں کھائیں۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: اسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ابھی ایک سال نہیں گزرا تھا کہ ان اڑتالیس آدمیوں میں سے ایک جھپکنے والی آنکھ بھی باقی رہی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3846
عبید بن اسماعیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: بعاث کی جنگ ایسی تھی کہ جس کو اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ کی خاطر بطور پیش خیمہ بنایا تھا۔ رسول اللہ ﷺ مدینہ میں آئے تو یہ حالت تھی کہ مدینہ والوں کی جمعیت پراگندہ ہو چکی تھی اور ان کے سردار کچھ مارے جا چکے تھے اور کچھ زخمی تھے۔ اللہ تعالیٰ نے اس جنگ کو اپنے رسول ﷺ کے لئے بطور پیش خیمہ بنایا تا کہ وہ اسلام میں داخل ہو جائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3847
(عبداللہ) بن وہب کہتے تھے کہ عمرو (بن حارث) نے بکیر بن اشج سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب نے ان سے بیان کیا کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: وادی کے نشیب میں صفا اور مروہ کے درمیان دوڑنا سنت نہیں ہے بلکہ یہ تو زمانہ جاہلیت کے لوگ دوڑا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ ہم دوڑ کر ہی اس میدان کے پار جائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3848
عبداللہ بن محمد جعفی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ مطرف نے ہم کو خبر دی کہ میں نے ابوسفر (سعید بن یحمد) سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: اے لوگو! جو بات میں تم سے کہتا ہوں وہ تم مجھ سے سنو اور جو تم کہتے ہو وہ تم مجھے سناؤ اور یہ نہ ہو کہ تم باہر جاکر کہو کہ ابن عباسؓ نے یہ کہا، ابن عباسؓ نے یہ کہا۔ جو بیت اللہ کا طواف کرے، چاہیے کہ وہ حِجر کے پرے سے طواف کرے اور حِجر کو حطیم نہ کہو۔ حطیم اس کو اس لئے کہتے تھے کہ جاہلیت میں کوئی شخص جو قسم کھاتا وہ اپنا کوڑا یا اپنی جوتی یا اپنا کمان وہاں پھینک دیتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3849
نعیم بن حماد نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین سے، حصین نے عمرو بن میمون سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے زمانہ جاہلیت میں ایک بندریا کو دیکھا کہ جس پر بہت سے بندر اکٹھے ہیں۔ اس نے زنا کیا تھا۔ ان بندروں نے اس کو سنگسار کیا۔ میں نے بھی اس کو ان بندروں کے ساتھ سنگسار کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3850
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ (بن ابی یزید) سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا کہ انہوں نے کہا: جاہلیت کی خصلتوں میں سے یہ خصلت بھی تھی کہ نسب کا طعنہ مارنا اور میت پر نوحہ کرنا اور عبیداللہ تیسری بات کو بھول گئے اور سفیان نے کہا: لو گ کہتے ہیں: تیسری بات ستاروں کے ذریعہ سے بارش طلب کرنا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3851
احمد بن ابی رجاء نے ہم سے بیان کیا کہ نضر (بن شمیل) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ہشام (بن حسان بصری) سے، ہشام نے عکرمہ سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ چالیس برس کے تھے اس وقت آپؐ پر وحی کا نزول شروع ہوا۔ آپؐ تیرہ برس مکہ میں رہے۔ اس کے بعد پھر آپؐ کو ہجرت کا حکم ہوا۔ چنانچہ آپؐ نے مدینہ کی طرف ہجرت کی اور وہاں دس برس رہے۔ پھر اس کے بعد آپؐ فوت ہوئے۔ آپؐ پر اللہ کی خاص رحمتیں اور سلامتی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3852
(عبداللہ بن زبیر مکی) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے کہا: بیان (بن بشر) اور اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے کہا: ہم نے قیس سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت خبابؓ (بن ارتّ) سے سنا۔ کہتے تھے: میں نبی کریم ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ کعبہ کے سایہ میں ایک چادر پر تکیہ لگائے بیٹھے تھے اور اس زمانہ میں ہم نے مشرکین سے بہت تکلیف اُٹھائی تھی۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ اللہ سے ہمارے لیے دعا نہیں کرتے؟ آپؐ یہ سن کر بیٹھ گئے۔ آپؐ کا چہرہ سرخ تھا۔ آپؐ نے فرمایا: تم سے پہلے ایسے لوگ بھی تھے جن کے گوشت اور پٹھوں میں ہڈیوں تک لوہے کی کنگھیاں چلائی جاتی تھیں۔ تب بھی یہ بات ان کو ان کے دین سے نہ پھیرتی اور ان کے سر کی مانگ پر آری رکھ کر دو ٹکڑوں میں چیر دئیے جاتے تب بھی یہ بات ان کو ان کے دین سے نہ پھیرتی۔ اللہ ضرور بالضرور اس کام کو پورا کرے گا۔ یہاں تک کہ سوار صنعاء سے حضرموت تک سفر کرے گا اور بجز اللہ کے کسی سے نہیں ڈرے گا۔ بیان نے اپنی روایت میں یہ الفاظ بڑھائے ہیں: سوائے بھیڑیے کے اپنی بکریوں کے متعلق۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3853
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے اسود (بن یزید) سے، اسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے سورة النجم پڑھی اور سجدہ کیا کوئی باقی نہ رہا جس نے سجدہ نہ کیا ہو، سوائے ایک شخص کے۔ اس کو میں نے دیکھا کہ اس نے کنکریوں کی ایک مٹھی لی اور اس کو اُٹھا کر اس پر سجدہ کیا اور کہا: میرے لئے یہی کافی ہے۔ پھر میں نے اس شخص کو اس کے بعد دیکھا کہ وہ ایسی حالت میں مارا گیا کہ وہ اللہ کا منکر تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3854
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے عمرو بن میمون سے، عمرو نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار نبی ﷺ سجدہ میں تھے، اس وقت آپؐ کے آس پاس قریش کے کچھ لوگ تھے۔ عقبہ بن ابی مُعَیْط اونٹ کی اوجھڑی لے کر آیا اور اسے نبی کریم ﷺ کی پیٹھ پر پھینک دیا۔ آپؐ نے اپنا سر نہیں اُٹھایا۔ حضرت فاطمہ علیہا السلام آئیں اور انہوں نے اس کو آپؐ کی پیٹھ سے اُٹھا لیا اور جس نے یہ کیا تھا اس کے لئے بددعا کرنے لگیں۔ نبی کریم ﷺ نے دعا کی: اے اللہ! قریش کے ان بڑے بڑے لوگوں سے سمجھ۔ ابوجہل بن ہشام، عتبہ بن ربیعہ، شیبہ بن ربیعہ اور امیہ بن خلف یا فرمایا: اُبَیّ بن خلف۔ شعبہ نے یہ شک کیا۔ پھر میں نے ان لوگوں کو دیکھا کہ بدر کی جنگ میں مارے گئے اور کنوئیں میں ڈال دئیے گئے۔ بجز امیہ بن خلف یا اُبَیّ کے، اس کے جوڑوں کی ہڈیاں ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی تھیں۔ اس لئے اسے کنوئیں میں نہ ڈالا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3855
عثمان بن ابی شیبہ نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا کہ منصور سے روایت ہے کہ سعید بن جبیر نے مجھ سے بیان کیا یا کہا کہ حکم (بن عتیبہ) نے سعید بن جبیر سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عبدالرحمٰن بن ابزیٰؓ نے مجھے بتایا اور کہا کہ حضرت ابن عباسؓ سے ان دو آیتوں کے متعلق پوچھو کہ ان کا کیا مطلب ہے؟ (۱) اس نفس کو مت قتل کرو جس کو اللہ نے معزز قرار دیا ہے۔ (۲) جو کسی مومن کو عمداً قتل کرے گا۔ چنانچہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا۔ انہوں نے کہا: جب وہ آیت جو سورة الفرقان میں ہے، نازل ہوئی )یعنی رحمٰن کے بندے… وہ لوگ بھی ہیں جو اللہ کے ساتھ کسی دوسرے معبود کو نہیں پکارتے اور کسی ایسی جان کو جسے اللہ نے حرمت بخشی ہو ناحق قتل نہیں کرتے اور زنا نہیں کرتے اور جو کوئی ایسا کرے گا، گناہ کی سزا پائے گا) مکہ کے مشرک لوگ کہنے لگے: ہم نے تو اس نفس کو بھی مارا ہے جس کو اللہ نے قابل عزت قرار دیا ہے اور اللہ کے ساتھ اور معبود بھی پکارتے رہے اور ہم نے بدکاریاں بھی کیں۔ (تو ہمیں ایمان لانے سے کیا فائدہ؟) اس پر اللہ نے یہ وحی نازل کی: سوائے اس کے جو توبہ کرے اور ایمان لائے… تو یہ آیت ایسے ہی لوگوں کے لئے ہے اور وہ آیت جو سور ة النساء میں ہے، اس سے وہ شخص مراد ہے کہ جس نے اسلام اور اس کے شرعی احکام کو سمجھ لیا اور پھر قتل کیا تو اس کی سزا جہنم ہوگی۔ (حضرت عبدالرحمٰن بن ابزیٰؓ نے کہا:) میں نے حضرت ابن عباسؓ کا یہ قول مجاہد سے بیان کیا تو انہوں نے کہا: (دوسری آیت میں بھی یہی استثناء ہے یعنی) سوائے اس کے جو پشیمان ہو…
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah