کتاب 64: كتاب المغازى
صحیح بخاری, حصہ 19
صحیح بخاری 4309
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو بشر سے, ابو بشر نے مجاہد سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا) کہ میں نے (حضرت عبداللہ) ابن عمر رضی اللہ عنہما سے کہا کہ میں ملک شام کو ہجرت کرکے جانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا: اب کوئی ہجرت نہیں مگر جہاد ہے اس لئے چلے جاؤ۔ اپنے آپ کو پیش کر دو۔ اگر کچھ مل گیا تو بہتر ورنہ لوٹ آؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4310
اور نضر (بن شمیل) نے کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا کہ ابوبشر نے ہم کو خبر دی (کہتے تھے:) میں نے مجاہد سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) میں نے حضرت ابن عمرؓ سے کہا تو انہوں نے جواب دیا: آج یا کہا: رسول اللہ ﷺ کے بعد کوئی ہجرت نہیں۔ پھر وہی روایت بیان کی (جو اوپر گزر چکی ہے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4311
اسحاق بن یزید نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوعمرو اَوزاعی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدہ بن ابی لبابہ سے، عبدہ نے مجاہد بن جبر مکی سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے: فتح کے بعد کوئی ہجرت نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4312
اسحاق بن یزید نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن حمزہ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) اوزاعی نے مجھے بتایا کہ عطاء بن ابی رباح سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں عُبَید بن عُمَیر کے ساتھ حضرت عائشہؓ کو ملنے گیا۔ عُبَید نے ان سے ہجرت کی بابت پوچھا۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: آج کوئی ہجرت نہیں۔ مومنوں میں سے ایک اپنے دین کو لے کر اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے لیے بھاگا پھرتا تھا، اس ڈر سے کہ کہیں اسے ابتلاء میں ڈال دیا جائے گا، مگر آج تو اللہ نے اسلام کو غالب کر دیا ہے اور مومن جہاں چاہے، اپنے ربّ کی عبادت کر سکتا ہے۔ البتہ جہاد اور نیت باقی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4313
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عاصم (نبیل) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: حسن بن مسلم نے مجھے بتایا کہ مجاہد (بن جبیر) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ فتح مکہ کے دن کھڑے ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: اللہ نے مکہ کو جب سے اس نے زمین و آسمان پیدا کیا حرمت والا قرار دیا۔ اس لئے وہ اللہ کی حرمت سے قیامت کے دن تک حرمت والا رہے گا۔ مجھ سے پہلے کسی کے لئے (اس میں لڑنا) جائز نہیں ہوا اور نہ کسی کے لیے میرے بعد جائز ہوگا۔ اور میرے لئے بھی ایک گھڑی کے لئے ہی (لڑائی) جائز ہوئی۔ اس کا شکار نہ بِدکایا جائے اور نہ اس کے کانٹے کاٹے جائیں اور نہ اس کا گھاس اُکھیڑا جائے اور نہ اس کی گری پڑی چیز کا اُٹھانا جائز ہے, سوائے اس شخص کے جو (اس کے مالک کو ڈھونڈ رہا ہو، یا اس کا) اعلان کر رہا ہو۔ حضرت عباس بن عبدالمطلبؓ نے یہ سن کر کہا: یا رسول اللہ! اذخر کو مستثنیٰ فرمائیں کیونکہ وہ لوہاروں اور گھروں کے لئے ضروری ہے۔ آپؐ کچھ دیر خاموش رہے، پھر فرمایا: سوائے اذخر کے۔ اس کا کاٹنا جائز ہوگا۔ اور (اسی روایت کی دوسری سند میں) ابن جریج سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) عبدالکریم (بن مالک) نے مجھے مجھے بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے, عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہوئے اس طرح کہا، یا اس کے قریب قریب بتایا اور اسے حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4314
محمد بن عبداللہ بن نُمَیر نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن ہارون نے ہمیں بتایا کہ اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہمیں خبر دی, کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) بن ابی اوفیٰؓ کے ہاتھ پر زخم کا ایک نشان دیکھا۔ وہ کہنے لگے کہ حنین کے واقعہ میں جبکہ میں نبی ﷺ کے ساتھ تھا، یہ مجھے لگا تھا۔ میں نے پوچھا: آپؐ حنین میں موجود تھے؟ انہوں نے کہا: اس سے پہلے بھی (لڑائیوں میں) موجود تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4315
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ ابو اسحاق سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت براءؓ سے سنا اور (اس وقت) ان کے پاس ایک شخص آیا۔ کہنے لگا: ابو عمارہ! کیا تم نے حنین کے واقعہ میں پیٹھ پھیر دی تھی؟ حضرت براءؓ کہنے لگے: میں نبی ﷺ کی نسبت گواہی دیتا ہوں کہ آپؐ نے پیٹھ نہیں پھیری تھی۔ البتہ لوگوں میں سے جو جلد باز تھے انہوں نے (غنیمت کا مال لینے کے لئے) جلدی کی تو ہوازن نے اُن پر تیر برسائے اور ابو سفیانؓ بن حارث آنحضرتﷺ کے سفید خچر کو تھامے ہوئے تھے۔ آپؐ یہ فرما رہے تھے: میں موعود نبی ہوں، یہ جھوٹ نہیں میں عبد المطلب کا بیٹا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4316
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ ابواسحاق سے مروی ہے۔ (انہوں نے کہا:) حضرت براء (بن عازب) سے پوچھا گیا اور میں سن رہا تھا کہ حنین کے واقعہ میں تم لوگ نبی ﷺ کو چھوڑ کر بھاگ نکلے تھے؟ انہوں نے جواب دیا: نبی ﷺ کا واقعہ یہ ہے کہ آپؐ نے پیٹھ نہیں پھیری تھی لیکن ہوازن لوگ بڑے تیر انداز تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا کہ میں موعود نبی ہوں، یہ جھوٹ نہیں میں عبد المطلب کا بیٹا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4317
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ ابواسحاق سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت براء (بن عازب) سے سنا اور ان سے قیس قبیلے کے ایک آدمی نے پوچھا تھا: حنین کے واقعہ میں تم لوگ رسول اللہ ﷺ کو چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔ انہوں نے کہا: مگر رسول اللہ ﷺ نہیں بھاگے تھے۔ ہوا یہ کہ ہوازن کے لوگ بڑے تیر انداز تھے اور جب ہم نے اُن پر حملہ کیا تو وہ آگے سے ہٹ گئے۔ ہم اُن کی غنیمتوں پر ٹوٹ پڑے۔ اتنے میں تیروں سے ہمارا استقبال کیا گیا اور میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ اپنی سفید خچر پر سوار ہیں اور ابوسفیانؓ بن حارث اس کی باگ تھامے ہوئے ہیں اور آپؐ یہ کہہ رہے ہیں: میں موعود نبی ہوں اس میں جھوٹ نہیں اسرائیل اور زُہَیر نے اپنی روایت میں یوں کہا: نبی ﷺ اپنی خچر سے اُتر پڑے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4318
سعید بن عُفَیر نے ہمیں بتایا, کہا: لیث بن سعد نے مجھ سے بیان کیا کہ عُقَیل نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ (دوسری سند) اور اسحاق (بن منصور) نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ ابن شہاب کے بھتیجے (محمد بن عبداللہ بن مسلم) نے ہمیں بتایا کہ محمد (بن مسلم) بن شہاب نے کہا اور عروہ بن زبیر خیال کرتے تھے کہ مروان (بن حکم) اور حضرت مسور بن مخرمہ دونوں نے اُن سے بیان کیا کہ جب ہوازن کے نمائندے مسلمان ہوکر آئے، رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوگئے۔ انہوں نے آپؐ سے یہ درخواست کی تھی کہ اُن کے مال اور قیدی واپس کردیں۔ تو رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: میرے ساتھ وہ لوگ بھی ہیں جنہیں تم دیکھ رہے ہو اور مجھے سب سے پسندیدہ بات وہ لگتی ہے جو سچی ہو۔ اس لئے تم دو چیزوں میں سے ایک اختیار کر لو۔ یا قیدی لے لو یا مال اور میں تمہارا انتظار کرتا رہا (تم نے دیر کر دی۔) رسول اللہ ﷺ جب طائف سے لوٹے تو اُن کا دس سے کچھ اوپر راتیں انتظار کرتے رہے۔ جب اُن پر اچھی طرح واضح ہوگیا کہ رسول اللہ ﷺ اُن کو واپس کرنے کے نہیں مگر دو چیزوں میں سے صرف ایک چیز۔ تو کہنے لگے: پھر ہم اپنے قیدی ہی چاہتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ مسلمانوں میں (تقریر کے لئے) کھڑے ہوئے اور آپؐ نے پہلے اللہ کی وہ تعریف کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: دیکھو تمہارے بھائی ہمارے پاس توبہ کرکے آئے ہیں اور میں نے مناسب سمجھا ہے کہ اُن کے قیدی انہیں واپس کردوں۔ پس جو تم میں سے یہ پسند کرے کہ خوشی سے اُن کو واپس کردے تو وہ کردے اور جو تم میں سے یہ پسند کرے کہ وہ اپنے حصہ پر ہی قائم رہے، اس شرط پر کہ ہم پہلی غنیمت سے جو اللہ ہمیں عطا کرے گا اُس کو دیں تو ایسا ہی کرے۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے خوشی سے منظور کرلیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہم نہیں جانتے کہ تم میں سے کس نے اس کے متعلق اجازت دی اور کس نے نہیں دی۔ اس لئے لوٹ جاؤ تاکہ تمہارے سربراہ تمہارا فیصلہ ہمارے پاس پیش کریں۔ لوگ واپس چلے گئے۔ اُن کے سربراہوں نے اُن سے بات چیت کی۔ پھر وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس واپس آئے اور بتایا کہ انہوں نے خوشی سے مانا ہے اور اجازت دی ہے۔ یہ وہ خبر ہے جو مجھے ہوازن کے قیدیوں کی بابت پہنچی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4319
سعید بن عُفَیر نے ہمیں بتایا, کہا: لیث بن سعد نے مجھ سے بیان کیا کہ عُقَیل نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ (دوسری سند) اور اسحاق (بن منصور) نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ ابن شہاب کے بھتیجے (محمد بن عبداللہ بن مسلم) نے ہمیں بتایا کہ محمد (بن مسلم) بن شہاب نے کہا اور عروہ بن زبیر خیال کرتے تھے کہ مروان (بن حکم) اور حضرت مسور بن مخرمہ دونوں نے اُن سے بیان کیا کہ جب ہوازن کے نمائندے مسلمان ہوکر آئے، رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوگئے۔ انہوں نے آپؐ سے یہ درخواست کی تھی کہ اُن کے مال اور قیدی واپس کردیں۔ تو رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: میرے ساتھ وہ لوگ بھی ہیں جنہیں تم دیکھ رہے ہو اور مجھے سب سے پسندیدہ بات وہ لگتی ہے جو سچی ہو۔ اس لئے تم دو چیزوں میں سے ایک اختیار کر لو۔ یا قیدی لے لو یا مال اور میں تمہارا انتظار کرتا رہا (تم نے دیر کر دی۔) رسول اللہ ﷺ جب طائف سے لوٹے تو اُن کا دس سے کچھ اوپر راتیں انتظار کرتے رہے۔ جب اُن پر اچھی طرح واضح ہوگیا کہ رسول اللہ ﷺ اُن کو واپس کرنے کے نہیں مگر دو چیزوں میں سے صرف ایک چیز۔ تو کہنے لگے: پھر ہم اپنے قیدی ہی چاہتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ مسلمانوں میں (تقریر کے لئے) کھڑے ہوئے اور آپؐ نے پہلے اللہ کی وہ تعریف کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: دیکھو تمہارے بھائی ہمارے پاس توبہ کرکے آئے ہیں اور میں نے مناسب سمجھا ہے کہ اُن کے قیدی انہیں واپس کردوں۔ پس جو تم میں سے یہ پسند کرے کہ خوشی سے اُن کو واپس کردے تو وہ کردے اور جو تم میں سے یہ پسند کرے کہ وہ اپنے حصہ پر ہی قائم رہے، اس شرط پر کہ ہم پہلی غنیمت سے جو اللہ ہمیں عطا کرے گا اُس کو دیں تو ایسا ہی کرے۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے خوشی سے منظور کرلیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہم نہیں جانتے کہ تم میں سے کس نے اس کے متعلق اجازت دی اور کس نے نہیں دی۔ اس لئے لوٹ جاؤ تاکہ تمہارے سربراہ تمہارا فیصلہ ہمارے پاس پیش کریں۔ لوگ واپس چلے گئے۔ اُن کے سربراہوں نے اُن سے بات چیت کی۔ پھر وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس واپس آئے اور بتایا کہ انہوں نے خوشی سے مانا ہے اور اجازت دی ہے۔ یہ وہ خبر ہے جو مجھے ہوازن کے قیدیوں کی بابت پہنچی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4320
ابو نعمان (محمد بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، انہوں نے نافع سے روایت کی کہ حضرت عمر ؓ نے کہا: یا رسول اللہ۔ (دوسری سند) اور محمد بن مقاتل نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ایوب (سختیانی) سے، انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب ہم حنین سے لوٹے تو حضرت عمر ؓ نے نبی ﷺ سے ایک نذر کے بارے میں پوچھا جو انہوں نے جاہلیت میں مانی ہوئی تھی۔ یعنی اعتکاف بیٹھنے کی۔ نبی ﷺ نے وہ نذر پوری کرنے کے لئے اُن سے فرمایا۔ اور بعض نے اس روایت کی سند یوں بیان کی ہے کہ حماد نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر سے روایت کی۔ اور جریر بن حازم اور حماد بن سلمہ نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر سے، حضرت ابن عمر نے نبی ﷺ سے اسے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4321
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے, یحيٰ نے عمر بن کثیر بن افلح سے, انہوں نے حضرت ابوقتادہؓ کے غلام ابومحمد سے, انہوں نے حضرت ابوقتادہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جس سال حنین کا واقعہ ہوا، ہم نبی ﷺ کے ساتھ نکلے۔ جب ہماری مڈبھیڑ ہوئی تو مسلمان اِدھر اُدھر ہٹ گئے۔ تو میں نے مشرکوں میں سے ایک آدمی کو دیکھا کہ اُس نے ایک مسلمان شخص کو قابو کیا ہوا ہے۔ میں نے اس کے پیچھے سے آکر اُس کے مونڈھے کی رَگ پر تلوار سے ضرب لگائی اور اُس کی زرہ کاٹ ڈالی۔ وہ مجھ پر لپکا اور اس زور سے مجھے بازو میں لے کر دبایا کہ موت کی تصویر میری آنکھوں میں پھر گئی۔ پھر موت نے اس کو آدبوچا اور اس نے مجھے چھوڑ دیا۔ میں حضرت عمرؓ سے جا ملا۔ میں نے پوچھا: لوگوں کو کیا ہوگیا کہ وہ بھاگ نکلے۔ انہوں نے کہا: اللہ عزوجل کا یہی منشاء تھا۔ پھر مسلمان پلٹے اور نبی ﷺ بیٹھ گئے۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے کسی کو مارا ہو، اس کے پاس اس کے متعلق ثبوت ہو تو اُس کا (سارا) سامان اُس کو ملے گا۔ میں نے کہا: میری گواہی کون دے گا؟ پھر میں بیٹھ گیا۔ حضرت ابوقتادہؓ کہتے تھے: پھر نبی ﷺ نے ویسا ہی فرمایا۔ میں اُٹھا اور میں نے خیال کیا: میری گواہی کون دے گا؟ یہ خیال کرکے پھر بیٹھ گیا۔ کہتے تھے: پھر نبی ﷺ نے ویسا ہی فرمایا۔ پھر میں اُٹھا۔ آپؐ نے پوچھا: ابوقتادہ! تمہیں کیا ہے؟ میں نے آپؐ سے وہ واقعہ بیان کیا تو ایک شخص کہنے لگا: اس نے سچ کہا ہے اور اس کا غنیمت کا سازوسامان میرے پاس ہے۔ میری طرف سے (ابوقتادہؓ) کو (کچھ دے کر) راضی کردیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے یہ سن کر کہا: یہ تو ہرگز نہیں ہوگا۔ اللہ کی قسم! آنحضرت ﷺ اللہ کے شیروں میں سے ایک شیر کا سامان جو کہ اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کی طرف سے لڑتا رہا ہے، چھین کر تجھے نہیں دیں گے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ابوبکرؓ نے سچ کہا ہے، وہ سامان ابوقتادہؓ کو دے دو۔ چنانچہ اس نے مجھے وہ سامان دے دیا۔ میں نے اُس سے بنی سلمہ کے محلہ میں کھجوروں کا ایک چھوٹا سا باغ خرید لیا اور یہ پہلا مال تھا جو میں نے اسلام میں بطور جائیداد کے پیدا کیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4322
اور لیث (بن سعد) نے کہا: یحيٰ بن سعید (انصاری) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عمر بن کثیر بن افلح سے, عمر نے حضرت ابوقتادہؓ کے غلام ابومحمد سے روایت کی کہ حضرت ابوقتادہؓ کہتے تھے: جب حنین کا واقعہ ہوا تو میں نے مسلمانوں میں سے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ ایک مشرک شخص سے لڑرہا ہے اور ایک اور مشرک ہے جو دھوکہ دے کر چپکے سے اس کے پیچھے سے اس پر حملہ کرنا چاہتا ہے کہ اس کو مار ڈالے۔ یہ دیکھ کر میں اس شخص کی طرف جلدی سے لپکا جو ایک مسلمان پر اس طرح دھوکہ سے جھپٹنا چاہتا تھا۔ اُس نے مجھے مارنے کے لئے اپنا ہاتھ اُٹھایا اور میں نے اس کے ہاتھ پر وار کرکے اُس کو کاٹ ڈالا۔ اس کے بعد اُس نے مجھے پکڑ لیا اور اس زور سے مجھے بھینچا کہ میں بے بس ہوگیا۔ پھر اُس نے مجھے چھوڑ دیا۔ وہ ڈھیلا پڑ گیا اور میں نے اس کو دھکا دیا اور اس کو مار ڈالا۔ ادھر یہ حال ہوا کہ مسلمان شکست کھا کر بھاگ گئے۔ میں بھی ان کے ساتھ بھاگ گیا۔ پھر میں کیا دیکھتا ہوں کہ حضرت عمر بن خطابؓ لوگوں کے ساتھ ہیں۔ میں نے اُن سے کہا: لوگوں کو کیا ہوا (کہ بھاگ کھڑے ہوئے۔) انہوں نے کہا: اللہ کا منشاء۔ پھر لوگ لوٹ کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آگئے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی مقتول کے متعلق یہ ثبوت پیش کر دے کہ اُس نے اُس کو قتل کیا ہے تو اُس مقتول کا سامان اُس کے قاتل کا ہوگا۔ میں اُٹھا کہ اپنے مقتول سے متعلق کوئی شہادت ڈھونڈوں مگر کسی کو نہ دیکھا جو میری شہادت دیتا اور میں بیٹھ گیا۔ پھر مجھے خیال آیا اور میں نے اُس مقتول کا واقعہ رسول اللہ ﷺ سے ذکر کیا۔ آپؐ کے ساتھ بیٹھے ہوئے لوگوں میں سے ایک شخص نے کہا: اس مقتول کے ہتھیار جس کا یہ ذکر کرتے ہیں میرے پاس ہیں۔ آپؐ اُن ہتھیاروں کی بجائے ان کو (کچھ دے دلا کر) راضی کردیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا کہ آپؐ قریش کے ایک بجو کو تو سامان دلادیں اور اللہ کے شیروں میں سے ایک شیر کو چھوڑ دیں جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی طرف سے لڑ رہا ہو۔ حضرت ابوقتادہؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے، آپؐ نے مجھے وہ سامان دلا دیا۔ میں نے اس سے کھجوروں کا ایک چھوٹا سا باغ خرید لیا اور یہ پہلا مال تھا جو میں نے اسلام میں بطور جائیداد پیدا کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4323
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرَید بن عبداللہ سے، بُرَید نے ابوبردہ سے، انہوں نے حضرت ابوموسیٰ (اشعری)ؓ سے روایت کی، کہا: جب نبی ﷺ حنین سے فارغ ہوئے تو آپؐ نے حضرت ابوعامر (اشعریؓ) کو ایک فوج کا سردار مقرر کرکے اوطاس کی طرف بھیجا۔ اُن کا دُرَید بن صمہ سے مقابلہ ہوا اور دُرَید مارا گیا اور اللہ نے اس کے ساتھیوں کو شکست دی۔ حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) کہتے تھے: اور آپؐ نے مجھے بھی ابوعامرؓ کے ساتھ بھیجا۔ ابوعامرؓ کے گھٹنے میں تیر لگا، جس کو ایک جشمی شخص نے چلایا اور اس تیر کو اُن کے گھٹنے میں گاڑ دیا۔ میں اُن کے پاس پہنچ گیا۔ میں نے کہا: چچا! آپؓ کو کس نے تیر مارا ہے؟ انہوں نے حضرت ابوموسیٰؓ کو اشارہ کرکے بتایا کہ وہ (جشمی) میرا قاتل ہے جس نے مجھے تیر مارا ہے۔ میں اس کی طرف گیا اور اسے جا لیا۔ جب اس نے مجھے دیکھا وہ پیٹھ پھیر کر بھاگا۔ میں نے اس کا پیچھا کیا اور اس سے یہ کہتا جاتا تھا: شرم نہیں کرتے؟ ٹھہر کیوں نہیں جاتے؟ یہ سن کر وہ رُک گیا۔ ہم نے تلوار سے ایک دوسرے پر دو وار کئے اور میں نے اس کو مار ڈالا۔ پھر میں نے ابوعامرؓ سے کہا: اللہ نے آپؓ کے تیر مارنے والے کو قتل کروا ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا: اب اس تیر کو کھینچ کر نکالو۔ چنانچہ میں نے وہ نکال دیا۔ اس سے پانی پھوٹ نکلا۔ ابوعامرؓ کہنے لگے: میرے بھتیجے نبی ﷺ کو سلام کہنا اور ان سے کہیو کہ میرے لئے مغفرت کی دعا کریں۔ ابوعامرؓ نے مجھے لوگوں پر اپنا قائم مقام بنایا۔ تھوڑی دیر زندہ رہے پھر وفات پائی۔ میں لَوٹ آیا اور نبی ﷺ کے پاس آپؐ کے گھر گیا۔ آپؐ ایک باند کی چارپائی پر بیٹھے تھے اور اس پر کپڑا تھا۔ چارپائی کی باندھوں نے آپؐ کی پیٹھ اور پہلو میں نشان ڈال دیئے ہوئے تھے۔ میں نے آپؐ سے اپنی اور ابوعامرؓ کی سرگزشت بیان کی اور (بتایا کہ) انہوں نے کہا تھا کہ آپؐ سے کہنا: میرے لئے مغفرت کی دعا کریں۔ آپؐ نے پانی منگوایا اور وضو کیا۔ پھر دونوں ہاتھ اُٹھائے اور کہا: اے اللہ! عبید ابی عامر کی پردہ پوشی فرما اور اس سے درگزر کر اور (آپؐ نے اپنے ہاتھ اتنے اُٹھائے کہ) آپؐ کی بغلوں کی سفیدی دکھائی دی۔ پھر آنحضرتﷺ نے فرمایا: اے اللہ! اس کو قیامت کے دن اپنی بہت سی مخلوق یعنی لوگوں پر فوقیت دے۔ میں نے کہا: اور میرے لئے بھی مغفرت کی دعا کریں۔ آپؐ نے کہا: اے اللہ! عبداللہ بن قیس کے گناہوں سے پردہ پوشی فرماتے ہوئے اس سے درگزر کر اور قیامت کے دن اس کو بھی جنت میں ایسے طور سے داخل کر جو عزت کا داخل ہونا ہو۔ ابوبردہ نے کہا: ایک دعا حضرت ابوعامرؓ کے لئے اور دوسری حضرت ابوموسیٰؓ کے لئے کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4324
(عبداللہ بن زبیر) حُمَیدی نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے سفیان (بن عُیَینہ) سے سنا۔ (کہتے تھے) کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے, انہوں نے حضرت ابوسلمہؓ کی بیٹی حضرت زینبؓ سے, حضرت زینبؓ نے اپنی ماں حضرت امّ سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ میرے پاس اندر آئے اور اس وقت میرے پاس ایک ہیجڑا بیٹھا تھا۔ میں نے سنا کہ وہ عبداللہ بن ابی امیہؓ سے کہہ رہا تھا: عبداللہ دیکھو، اگر اللہ نے تمہیں کل طائف فتح کرا دیا تو تم غیلان کی بیٹی کو لے لینا کیونکہ جب وہ سامنے سے آتی ہے تو پیٹ پر چار شکن پڑتے ہیں اور جب پیٹھ موڑ کر جاتی ہے تو آٹھ شکن پڑتے ہیں۔ (یہ بات سنی) تو نبی ﷺ نے فرمایا: آئندہ یہ لوگ تم عورتوں کے پاس ہرگز نہ آیا کریں۔ ابن عُیَینہ نے کہا: اور ابن جریج نے کہا: اس مخنث کا نام ہیت تھا۔ محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام سے مروی ہے کہ انہوں نے یہی بات بتائی اور انہوں نے اتنا زیادہ بیان کیا کہ آپؐ ان دنوں طائف کا محاصرہ کئے ہوئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4325
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے ابوالعباس شاعر سے جو اندھے تھے، روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ نے طائف کا محاصرہ کیا اور آپؐ نے ان کو کوئی نقصان نہ پہنچایا۔ آپؐ نے فرمایا: ہم انشاء اللہ (اب) لَوٹنے والے ہیں۔ یہ امر مسلمانوں پر شاقّ گزرا۔ کہنے لگے: ہم چلے جائیں اور اس کو فتح نہ کریں! اور ایک دفعہ راوی نے نَذْھَبُ کی بجائے نَقْفُلُ کا لفظ بیان کیا۔ یعنی ہم لَوٹ جائیں گے (اور طائف فتح نہیں کریں گے!) اس پر آپؐ نے فرمایا: جنگ صبح ہی شروع کردو۔ چنانچہ وہ دوسرے دن صبح لڑنے گئے تو مسلمان زخمی ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: ہم انشاء اللہ کل لَوٹ جائیں گے۔ یہ سن کر لوگ خوش ہوئے اور نبی ﷺ ہنس پڑے۔ اور سفیان نے ایک بار یوں کہا کہ آپؐ مسکرائے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: حمیدی کہتے تھے: سفیان (بن عُیَینہ) نے ہم سے یہ سارا واقعہ بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4326
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر (محمد بن جعفر) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ عاصم (بن سلیمان) سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوعثمان (نہدی) سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت سعد (بن ابی وقاص) سے سنا اور وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے اللہ کی راہ میں تیر چلایا۔ اور میں نے حضرت ابوبکرہ سے بھی سنا کہ وہ کچھ لوگوں کو لے کر طائف کے قلعے کی دیوار پھلانگ کر آئے تھے۔ پھر وہ نبی ﷺ کے پاس آئے۔ یہ دونوں (یعنی حضرت سعد اور حضرت ابوبکرہ) کہتے تھے: ہم نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جو جانتے بوجھتے اپنے باپ کے ماسوا کسی اور کی طرف منسوب ہوا، جنت اس پر حرام ہوگئی۔ اور ہشام (بن یوسف) نے کہا اور معمر (بن راشد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم (بن سلیمان) سے, عاصم نے ابوالعالیہ یا ابوعثمان نہدی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت سعد اور حضرت ابوبکرہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ عاصم کہتے تھے: میں نے (ابوالعالیہ یا ابوعثمان سے) کہا: آپ کے پاس دو ایسے شخصوں نے شہادت دی ہے کہ وہ دو ہی کافی ہیں۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ ان میں سے جو ایک ہیں وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے اللہ کی راہ میں تیر چلایا اور جو دوسرے ہیں وہ طائف کے ان تئیس آدمیوں میں سے تیسرے ہیں جو قلعے سے اُتر کر نبی ﷺ کے پاس آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4327
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر (محمد بن جعفر) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ عاصم (بن سلیمان) سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوعثمان (نہدی) سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت سعد (بن ابی وقاص) سے سنا اور وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے اللہ کی راہ میں تیر چلایا۔ اور میں نے حضرت ابوبکرہ سے بھی سنا کہ وہ کچھ لوگوں کو لے کر طائف کے قلعے کی دیوار پھلانگ کر آئے تھے۔ پھر وہ نبی ﷺ کے پاس آئے۔ یہ دونوں (یعنی حضرت سعد اور حضرت ابوبکرہ ) کہتے تھے: ہم نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جو جانتے بوجھتے اپنے باپ کے ماسوا کسی اور کی طرف منسوب ہوا، جنت اس پر حرام ہوگئی۔ اور ہشام (بن یوسف) نے کہا اور معمر (بن راشد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم (بن سلیمان) سے, عاصم نے ابوالعالیہ یا ابوعثمان نہدی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت سعد اور حضرت ابوبکرہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ عاصم کہتے تھے: میں نے (ابوالعالیہ یا ابوعثمان سے) کہا: آپ کے پاس دو ایسے شخصوں نے شہادت دی ہے کہ وہ دو ہی کافی ہیں۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ ان میں سے جو ایک ہیں وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے اللہ کی راہ میں تیر چلایا اور جو دوسرے ہیں وہ طائف کے ان تئیس آدمیوں میں سے تیسرے ہیں جو قلعے سے اُتر کر نبی ﷺ کے پاس آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4328
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرَید بن عبداللہ سے, بُرَید نے ابو بردہ سے, انہوں نے حضرت ابو موسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس تھا۔ آپؐ جعرانہ میں جو مکہ اور مدینہ کے درمیان ہے، مقیم تھے اور آپؐ کے ساتھ حضرت بلالؓ تھے۔ اس وقت نبی ﷺ کے پاس ایک اعرابی آیا اور کہنے لگا: کیا آپؐ میرے لئے پورا نہیں کریں گے وہ وعدہ جو آپؐ نے مجھ سے کیا تھا۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: تمہیں بشارت ہو۔ اس نے کہا: آپؐ نے مجھے بہت دفعہ کہا ہے, بشارت ہو۔ یہ سن کر آپؐ حضرت ابو موسیٰؓ اور حضرت بلالؓ کی طرف متوجہ ہوئے جیسے کوئی ناراض ہوتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس نے خوش خبری کو ردّ کردیا ہے، تم دونوں اس کو قبول کرلو۔ ان دونوں نے کہا: ہم نے قبول کیا۔ پھر آپؐ نے ایک پیالہ منگوایا جس میں کچھ پانی تھا۔ آپؐ نے اس سے اپنے دونوں ہاتھوں اور منہ کو دھویا اور کلّی کی اور فرمایا: تم دونوں اس سے پیو اور اپنے منہ اور سینوں پر ڈالو اور تمہیں بشارت ہو۔ ان دونوں نے وہ پیالہ لیا اور ایسا ہی کیا۔ (اُمّ المؤمنین) حضرت امّ سلمہؓ نے پردہ کے پیچھے سے آواز دی: اپنی ماں کے لئے بھی کچھ بچا رکھنا۔ انہوں نے ان کو بھی اس میں سے بچا کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah