کتاب 64: كتاب المغازى
صحیح بخاری, حصہ 20
صحیح بخاری 4329
یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل (بن ابراہیم بن عُلیّہ) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے بتایا کہ صفوان بن یعلیٰ بن امیہ نے خبر دی کہ حضرت یعلیٰ ؓ کہا کرتے تھے: کاش کہ میں رسول اللہ ﷺ کو اس وقت دیکھوں کہ جب آپؐ پر وحی نازل ہو رہی ہو۔ صفوان نے کہا: ایک بار جبکہ نبی ﷺ جعرانہ میں تھے اور آپؐ کے اوپر ایک کپڑا تھا، جس سے آپؐ کو سایہ کیا ہوا تھا۔ آپؐ کے ساتھ سائبان کے نیچے صحابہؓ میں سے بعض لوگ تھے۔ اتنے میں آپؐ کے پاس ایک اعرابی آیا جس نے ایک چوغہ پہنا تھا جو خوشبو سے مہک رہا تھا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کا کیا خیال ہے اس شخص کے بارے میں جس نے ایسے چوغہ میں عمرہ کا احرام باندھا ہو جو خوشبو سے لتھڑا ہو؟ حضرت عمر ؓ نے حضرت یعلیٰؓ کو ہاتھ کا اشارہ کیا کہ اِدھر آؤ۔ حضرت یعلیٰؓ آئے اور انہوں نے بھی اپنا سر جو اُس (سائبان) کے اندر کیا تو کیا دیکھا کہ نبی ﷺ کا چہرہ سرخ ہے، آپؐ کے سانس کی آواز آ رہی تھی۔ ایک گھڑی یہی حال رہا۔ پھر اس کے بعد آپؐ سے وہ حالت جاتی رہی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ شخص کہاں ہے جو مجھ سے عمرہ کے متعلق ابھی پوچھ رہا تھا؟ اس شخص کی تلاش کی گئی، اس کو لے آئے۔ آپؐ نے فرمایا: یہ جو خوشبو تمہیں لگی ہوئی ہے اس کو تین بار دھو ڈال اور چوغہ اُتار دے۔ پھر اپنے عمرہ میں وہی کر جو اپنے حج میں تو کیا کرتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4330
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا, (کہا:) وُہَیب (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن یحيٰ سے روایت ہے۔ انہوں نے عباد بن تمیم سے, عباد نے حضرت عبداللہ بن زیدؓ بن عاصم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو حنین کے واقعہ میں غنیمت کا مال عطا فرمایا تو آپؐ نے ان لوگوں میں وہ بانٹ دیا جن کی تالیفِ قلب مقصود تھی اور انصار کو کچھ نہیں دیا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ انصار نے اس کو محسوس کیا کہ انہیں وہ کچھ نہیں ملا جو لوگوں کو ملا ہے۔ یہ دیکھ کر آپؐ نے ان کو خطاب فرمایا اور کہا: اے انصار کی جماعت! کیا میں نے تمہیں گمراہ نہیں پایا تھا؟ پھر اللہ نے میرے ذریعہ تمہیں ہدایت دی اور تم پراگندہ تھے تو اللہ نے میرے ذریعہ تمہارے درمیان اُلفت پیدا کردی اور تم محتاج تھے تو اللہ نے میرے ذریعہ تم کو غنی کردیا۔ جب کبھی آپؐ کچھ فرماتے تو انصار کہتے: اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے بڑا ہی احسان فرمایا ہے۔ آپؐ نے کہا: رسول اللہ ﷺ کو جواب دینے سے تمہیں کیا بات روک رہی ہے؟ حضرت عبداللہ بن زیدؓ کہتے تھے: جب کبھی آپؐ کچھ فرماتے تو وہ کہتے: اللہ اور اس کے رسولﷺ نے بڑا ہی احسان فرمایا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تم چاہتے تو کہتے: آپؐ ہمارے پاس ایسی ایسی حالت میں آئے تھے۔ کیا تم پسند کرتے ہو کہ لوگ اونٹ بکریاں لے کر جائیں اور تم اپنے گھروں میں نبی ﷺ کو لے کر جاؤ؟ اگر ہجرت نہ ہوتی تو میں بھی انصار میں سے ہی ایک آدمی ہوتا اور اگر لوگ ایک وادی یا پہاڑی راستے میں چلیں تو میں انصار کی ہی وادی اور انہی کے پہاڑی راستے میں چلوں۔ انصار اَستر ہیں اور دوسرے لوگ اَبرہ۔ دیکھو عنقریب تم میرے بعد حق تلفی پاؤ گے۔ پس تم صبر سے رہنا۔ یہاں تک کہ تم مجھے حوضِ کوثر پر ملو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4331
مجھ سے عبداللہ بن محمد (مسندی) نے بیان کیا، (کہا:) ہم سے ہشام (بن یوسف صنعانی) نے کہا کہ معمر (بن راشد) نے ہمیں بتایا کہ زُہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھے خبر دی, کہتے تھے: جب اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو ہوازن کے مالوں سے عطا کیا اور نبی ﷺ بعض لوگوں کو سو سو اونٹ دینے لگے تو انصار میں سے بعض کہنے لگے: اللہ رسول اللہ ﷺ سے درگزر فرمائے۔ قریش کو دے رہے ہیں اور ہمیں نظرانداز کردیا ہے حالانکہ ہماری تلواریں اُن کے خون سے ٹپک رہی ہیں۔ حضرت انس ؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ سے اُن کی اس بات کا ذکر ہوا تو آپؐ نے انصار کو بلا بھیجا۔ ان کو چمڑے کے ایک بڑے خیمے میں اکٹھا کیا اور اُن کے ساتھ اور کسی کو نہ بلایا۔ جب وہ سب اکٹھے ہوگئے, نبی ﷺ کھڑے ہوئے اور فرمایا: یہ کیا بات ہے جو مجھے تمہارے متعلق پہنچی ہے؟ انصار میں سے جو سمجھ دار لوگ تھے۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم میں سے بڑے لوگوں نے کچھ نہیں کہا اور جو ہم میں سے کم سن لوگ ہیں، انہوں نے یہ کہا ہے: اللہ رسول اللہ ﷺ کو معاف کرے, قریش کو دے رہے ہیں اور ہمیں چھوڑ رہے ہیں حالانکہ ہماری تلواریں اُن کے خون سے ٹپک رہی ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: میں ایسے لوگوں کو دیتا ہوں جو حال میں مسلمان ہوئے ہیں۔ میں اُن کی تالیف قلب کرنا چاہتا ہوں۔ کیا تمہیں پسند نہیں کہ لوگ مال لے کر جائیں اور تم اپنے گھروں میں نبی ﷺ کو لے کر جاؤ؟ کیونکہ اللہ کی قسم جس کو تم لے کر لَوٹ رہے ہو، وہ بہتر ہے اُن مالوں سے جن کو وہ لے کر لَوٹیں گے۔ انصار نے کہا: یا رسول اللہ! ہم خوش ہیں۔ پھر نبی ﷺ نے اُن سے فرمایا: عنقریب تم بہت خودغرضی پاؤ گے۔ تو تم اس وقت تک کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے ملو، صبر کئے رہنا۔ میں حوض پر ہوں گا۔ حضرت انس ؓ کہتے تھے: مگر انہوں نے صبر نہ کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4332
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالتیاح (یزید بن حمید) سے, انہوں نے حضرت انس ؓ سے روایت کی, کہا: جب مکہ فتح ہوا تو رسول اللہ ﷺ نے قریش کے درمیان غنیمتیں تقسیم کیں۔ انصار ناراض ہوگئے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کیا تم پسند نہیں کرتے کہ لوگ دنیا لے کر جائیں اور تم رسول اللہ ﷺ کو لے کر جاؤ؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر لوگ ایک وادی یا (فرمایا:) پہاڑی راستے میں چلیں تو میں انصار کی ہی وادی یا اُن کے راستے پر ہی چلوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4333
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا, (کہا:) ازہر (بن سعد سمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن عون سے, عبداللہ نے ہشام بن زید بن انس سے, انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب حنین کا واقعہ ہوا تو ہوازن سے ہماری مڈبھیڑ ہوئی اور نبی ﷺ کے ساتھ دس ہزار صحابہؓ تھے اور وہ لوگ بھی تھے جن کو آپؐ نے احسان کرکے چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے پیٹھ پھیر دی۔ آپؐ نے فرمایا: اے انصار کی جماعت! انہوں نے جواب دیا: یا رسول اللہ! حاضر ہیں اور آپؐ کی خدمت کے لئے مستعد کھڑے ہیں۔ ہم آپؐ کے سامنے موجود ہیں۔ پھر نبی ﷺ اپنی سواری سے اُتر پڑے اور آپؐ نے فرمایا: میں اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہوں اور مشرک شکست کھا کر بھاگ گئے۔ آپؐ نے ان لوگوں کو جنہیں احسان کرکے چھوڑ دیا تھا اور مہاجرین کو تو مالِ غنیمت دیا اور انصار کو کچھ نہ دیا۔ انصار باتیں کرنے لگے اور آپؐ نے ان کو بلایا، پھر انہیں ایک بڑے خیمے میں لے گئے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم پسند نہیں کرتے کہ لوگ بکریاں اور اونٹ لے کر جائیں اور تم رسول اللہ ﷺ کو لے کر جاؤ؟ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر لوگ ایک وادی میں چلیں اور انصار دوسرے راستے پر چلیں تو میں ضرور انصار کے راستے کو ہی اختیار کروں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4334
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ غندر (محمد بن جعفر) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے قتادہ سے سنا۔ وہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے انصار میں سے کچھ لوگوں کو اکٹھا کیا۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو قریش زمانہ جاہلیت سے قریب بعہد ہیں اور ابھی ابھی مصیبت سے نکلے ہیں اور میں نے چاہا کہ ان کے نقصان کی تلافی کروں اور ان کی تالیف قلب کروں۔ کیا تم پسند نہیں کرتے کہ لوگ دُنیا لے کر لَوٹیں اور تم اپنے گھروں میں رسول اللہ ﷺ کو لے کر لَوٹو؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر لوگ ایک وادی میں چلیں اور انصار پہاڑ کے راستہ پر چلیں تو میں ضرور انصار کی وادی یا (کہا:) انصار کے راستے پر ہی چلوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4335
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے, اعمش نے ابووائل سے, ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ نے حنین کے مال کی تقسیم کی تو انصار میں سے ایک شخص بولا: آپؐ نے اس تقسیم سے اللہ کی رضامندی نہیں چاہی۔ یہ سن کر میں نبیﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو میں نے بتایا۔ آپؐ کا چہرہ متغیر ہوگیا۔ پھر فرمایا: موسیٰ پر اللہ کی رحمت ہو، انہیں اس سے زیادہ دُکھ دئیے گئے، پر انہوں نے صبر کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4336
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابو وائل سے، انہوں نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب حنین کا واقعہ ہوا تو نبی ﷺ نے کچھ لوگوں کو مقدم کیا۔ اقرع (بن حابس) کو ایک سو اونٹ دیئے اور عُیَینہ (بن حصن) کو بھی اتنے ہی اونٹ اور چند اور لوگوں کو بھی دیا۔ یہ دیکھ کر ایک شخص بولا: اس تقسیم سے اللہ کی رضامندی نہیں چاہی گئی۔ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کہتے تھے:) میں نے کہا: میں نبی ﷺ کو ضرور بتاؤں گا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ موسیٰ پر رحم کرے، انہیں اس سے زیادہ دُکھ دیا گیا اور انہوں نے صبر کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4337
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا, (کہا:) معاذ بن معاذ نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن عون نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن زید بن انس بن مالک سے, ہشام نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب حنین کا واقعہ ہوا, ہوازن اور غطفان وغیرہ قبیلے اپنے مویشی اور اپنے بال بچے لے کر اُمڈ آئے اور نبی ﷺ کے ساتھ دس ہزار صحابہؓ تھے۔ کچھ ان لوگوں میں سے وہ بھی تھے جن کو آپؐ نے احسان کرکے چھوڑ دیا تھا۔ وہ سب آپؐ کو چھوڑ کر پیٹھ موڑ کر بھاگ نکلے۔ یہاں تک کہ آپؐ اکیلے رہ گئے۔ یہ دیکھ کر آپؐ نے اس دن دو آوازیں دیں۔ انہیں آپس میں ملایا نہیں۔ پہلے آپؐ نے دائیں طرف مڑ کر دیکھا اور فرمایا: اے انصار کے لوگو! انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! حاضر۔ آپؐ کو بشارت ہو ہم آپؐ کے ساتھ ہیں۔ پھر آپؐ نے بائیں طرف مڑ کر دیکھا اور فرمایا: اے انصار کے لوگو! انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! حاضر اور آپؐ کو بشارت ہو۔ ہم آپؐ کے ساتھ ہیں۔ آپؐ اس وقت ایک سفید خچر پر سوار تھے۔ آپؐ اُتر پڑے اور فرمایا: میں اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہوں۔ پھر مشرک شکست کھا کر بھاگ گئے۔ آپؐ نے اس دن بہت سی غنیمتیں حاصل کیں۔ آپؐ نے مہاجرین اور ان لوگوں میں جن کو احسان کرکے چھوڑ دیا تھا, بانٹ دیں۔ انصار کو کچھ نہ دیا۔ انصار کہنے لگے: جب کوئی سخت گھڑی ہو تو ہمیں بلایا جاتا ہے اور غنیمت اوروں کو دی جاتی ہے۔ یہ خبر آپؐ کو پہنچی۔ آپؐ نے ان کو ایک بڑے خیمہ میں اکٹھا کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اے انصار کی جماعت! یہ کیا بات مجھے تمہاری طرف سے پہنچی ہے؟ وہ خاموش رہے۔ آپؐ نے فرمایا: اے انصار کی جماعت! کیا تم پسند نہیں کرتے کہ لوگ دنیا لے کر جائیں اور تم رسول اللہ ﷺ کو اپنے گھروں میں لے کر جاؤ؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر لوگ ایک وادی میں چلیں اور انصار ایک پہاڑی راستے پر چلیں تو میں خود انصار کا راستہ اختیار کروں گا۔ ہشام نے یہ سن کر کہا: ابو حمزہ! آپؓ بھی اس وقت موجود تھے؟ انہوں نے کہا: اور میں کہاں آپؐ سے غائب ہوگیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4338
ابو نعمان نے ہمیں بتایا کہ حماد (بن زید) نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب (سختیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے, نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے نجد کی طرف ایک دستہ فوج بھیجا اور میں بھی اس میں شامل تھا۔ ہمارے حصہ میں بارہ بارہ اونٹ آئے اور ہمیں ایک ایک اونٹ زائد دیا گیا اور ہم تیرہ تیرہ اونٹ لے کر آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4339
محمود (بن غیلان) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا کہ معمر نے ہمیں خبر دی۔ (دوسری سند) اور نعیم (بن حماد) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے, زُہری نے سالم سے, سالم نے اپنے باپ (حضرت عبداللہ بن عمرؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت خالد بن ولیدؓ کو بنی جذیمہ کی طرف بھیجا اور انہوں نے اُن کو اسلام کی دعوت دی۔ انہوں نے اچھی طرح نہ کہا کہ ہم نے اسلام قبول کیا اور کہنے لگے: ہم نے اپنا دین بدل ڈالا۔ ہم نے اپنا دین بدل ڈالا۔ اس پر حضرت خالدؓ نے ان کے آدمی قتل کرنے اور قید کرنے شروع کر دیئے اور ہم میں سے ہر ایک شخص کو اُس کا اپنا ہی قیدی دے دیا۔ ایک دن ایسا ہوا کہ حضرت خالدؓ نے حکم دیا کہ ہم میں سے ہر ایک شخص اپنے قیدی کو قتل کر دے۔ میں نے کہا: اللہ کی قسم! میں اپنے قیدی کو قتل نہیں کروں گا اور نہ میرے ساتھیوں میں سے کوئی شخص اپنے قیدی کو قتل کرے گا۔ یہاں تک کہ ہم نبی ﷺ کے پاس پہنچے تو ہم نے آپؐ سے سارا واقعہ ذکر کیا۔ نبی ﷺ نے اپنے ہاتھ اُٹھائے اور آپؐ نے دو بار یہ فرمایا: اے اللہ! میں تیرے حضور بَری ہوں، اس فعل سے جو خالد نے کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4340
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: سعد بن عبیدہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوعبدالرحمٰن (سلمی) سے, انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے ایک دستہ فوج بھیجا اور انصار میں سے ایک شخص کو سردار مقرر کیا اور آپؐ نے ان لوگوں کو حکم دیا کہ اس کی فرمانبرداری کریں۔ ایک دفعہ وہ (انصاری امیر) ناراض ہوا اور کہنے لگا: کیا نبی ﷺ نے تم کو حکم نہیں دیا کہ تم نے میری فرمانبرداری کرنی ہے؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں, بے شک دیا ہے۔ تب اس نے کہا: میرے لئے جلانے کی لکڑیاں اکٹھی کرو۔ انہوں نے اکٹھی کیں۔ پھر اس نے کہا: آگ جلاؤ اور انہوں نے آگ جلائی۔ پھر کہا: اس میں داخل ہو جاؤ۔ انہوں نے ارادہ کیا مگر وہ ایک دوسرے کو روکنے لگے اور کہنے لگے: ہم آگ سے بھاگ کر نبی ﷺ کے پاس آئے تھے (کہ قیامت کے دن آگ سے بچیں۔) خیر وہ یہی کہتے رہے یہاں تک کہ آگ بجھ گئی اور انصاری امیر کا غصہ بھی فرو ہو گیا۔ یہ خبر نبی ﷺ کو پہنچی۔ آپؐ نے فرمایا: اگر اس میں داخل ہوتے تو قیامت تک نہ نکلتے؛ اور (فرمایا:) اطاعت تو معروف بات میں ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4341
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا کہ ابوعوانہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالملک (بن عمیر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبردہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) اور حضرت معاذ بن جبلؓ کو یمن کی طرف بھیجا۔ ابوبردہ کہتے تھے: اور آپؐ نے اُن میں سے ہر ایک کو ایک ایک ضلع پر مقرر فرمایا اور یمن کے دو ضلعے تھے۔ پھر آپؐ نے ان دونوں سے فرمایا: (لوگوں پر) آسانی کرنا اور انہیں مشکل میں نہ ڈالنا اور ان کو خوش رکھنا اور نفرت نہ دلانا۔ چنانچہ ان میں سے ہر ایک اپنے اپنے علاقہ میں چلا گیا اور ان میں سے ہر ایک جب اپنے علاقہ میں دورہ کرتا اور وہ اپنے ساتھی کے قریب آجاتا تو اس سے ملاقات کرتا، اس کے لئے سلامتی کی دعا کرتا۔ ایک بار حضرت معاذؓ اپنے علاقہ میں دورہ کرتے ہوئے اپنے ساتھی حضرت ابوموسیٰؓ کے قریب پہنچ گئے اور اپنی خچر پر سوار ہو کر حضرت ابوموسیٰؓ کے پاس گئے۔ کیا دیکھا کہ وہ بیٹھے ہیں اور اُن کے پاس لوگ جمع ہیں اور ایک شخص اُن کے پاس ہے جس کے دونوں ہاتھ اُس کی گردن سے جکڑے ہوئے ہیں۔ حضرت معاذؓ نے اُن سے کہا: عبداللہ بن قیس! یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: یہ وہ شخص ہے جو اسلام قبول کرنے کے بعد کافر ہوگیا۔ حضرت معاذؓ نے کہا: میں اتروں گا نہیں جب تک کہ وہ قتل نہ کردیا جائے۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: اسی لئے تو اسے لایا گیا ہے تم اُترو۔ انہوں نے کہا: میں ہرگز نہیں اُتروں گا جب تک کہ اس کو قتل نہ کردیا جائے۔ چنانچہ حضرت ابوموسیٰؓ نے اس کے متعلق حکم دیا اور وہ قتل کردیا گیا۔ پھر حضرت معاذؓ اُترے اور کہنے لگے: عبداللہ! تم قرآن کس طرح پڑھا کرتے ہو؟ انہوں نے کہا: تھوڑا تھوڑا ہر وقت پڑھتا رہتا ہوں۔ پھر حضرت ابوموسیٰ نے پوچھا: اور تم کس طرح پڑھتے ہو؟ معاذ! انہوں نے کہا: میں رات کے پہلے حصہ میں تو سو جاتا ہوں اور پھر اُٹھتا ہوں اور جو میرے نصیب میں سونا ہوتا ہے سو چکتا ہوں۔ پھر جو اللہ نے میرے لئے مقرر کیا ہوتا ہے پڑھتا ہوں۔ میں اپنے سونے میں بھی ثواب کی نیت رکھتا ہوں جیسا کہ اپنے اُٹھنے میں بھی ثواب کی نیت رکھتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4342
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا کہ ابوعوانہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالملک (بن عمیر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبردہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) اور حضرت معاذ بن جبلؓ کو یمن کی طرف بھیجا۔ ابوبردہ کہتے تھے: اور آپؐ نے اُن میں سے ہر ایک کو ایک ایک ضلع پر مقرر فرمایا اور یمن کے دو ضلعے تھے۔ پھر آپؐ نے ان دونوں سے فرمایا: (لوگوں پر) آسانی کرنا اور انہیں مشکل میں نہ ڈالنا اور ان کو خوش رکھنا اور نفرت نہ دلانا۔ چنانچہ ان میں سے ہر ایک اپنے اپنے علاقہ میں چلا گیا اور ان میں سے ہر ایک جب اپنے علاقہ میں دورہ کرتا اور وہ اپنے ساتھی کے قریب آجاتا تو اس سے ملاقات کرتا، اس کے لئے سلامتی کی دعا کرتا۔ ایک بار حضرت معاذؓ اپنے علاقہ میں دورہ کرتے ہوئے اپنے ساتھی حضرت ابوموسیٰؓ کے قریب پہنچ گئے اور اپنی خچر پر سوار ہوکر حضرت ابوموسیٰؓ کے پاس گئے۔ کیا دیکھا کہ وہ بیٹھے ہیں اور اُن کے پاس لوگ جمع ہیں اور ایک شخص اُن کے پاس ہے جس کے دونوں ہاتھ اُس کی گردن سے جکڑے ہوئے ہیں۔ حضرت معاذؓ نے اُن سے کہا: عبداللہ بن قیس! یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: یہ وہ شخص ہے جو اسلام قبول کرنے کے بعد کافر ہوگیا۔ حضرت معاذؓ نے کہا: میں اتروں گا نہیں جب تک کہ وہ قتل نہ کردیا جائے۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: اسی لئے تو اسے لایا گیا ہے تم اُترو۔ انہوں نے کہا: میں ہرگز نہیں اُتروں گا جب تک کہ اس کو قتل نہ کردیا جائے۔ چنانچہ حضرت ابوموسیٰؓ نے اس کے متعلق حکم دیا اور وہ قتل کردیا گیا۔ پھر حضرت معاذؓ اُترے اور کہنے لگے: عبداللہ! تم قرآن کس طرح پڑھا کرتے ہو؟ انہوں نے کہا: تھوڑا تھوڑا ہر وقت پڑھتا رہتا ہوں۔ پھر حضرت ابوموسیٰ نے پوچھا: اور تم کس طرح پڑھتے ہو؟ معاذ! انہوں نے کہا: میں رات کے پہلے حصہ میں تو سو جاتا ہوں اور پھر اُٹھتا ہوں اور جو میرے نصیب میں سونا ہوتا ہے سو چکتا ہوں۔ پھر جو اللہ نے میرے لئے مقرر کیا ہوتا ہے پڑھتا ہوں۔ میں اپنے سونے میں بھی ثواب کی نیت رکھتا ہوں جیسا کہ اپنے اُٹھنے میں بھی ثواب کی نیت رکھتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4343
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ خالد (بن عبداللہ طحان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شیبانی سے، شیبانی نے سعید بن ابی بردہ سے, سعید نے اپنے باپ سے, ان کے باپ نے حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے اُن کو یمن کی طرف (حاکم بنا کر) بھیجا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے ان شرابوں سے متعلق پوچھا جو وہاں بنائی جاتی ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اور وہ کیا کیا شرابیں ہیں؟ انہوں نے کہا: بِتْع اور مِزْر۔ سعید نے کہا: میں نے ابوبردہ سے پوچھا: بِتْع کیا ہے؟ انہوں نے کہا: شہد کی شراب اور مِزْر جَو کی شراب۔ آپؐ نے فرمایا: ہر نشہ آور شے حرام ہے۔ یہ بات جریر اور عبدالواحد نے بھی (سلیمان) شیبانی سے، شیبانی نے ابوبردہ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4344
مسلم (بن ابراہیم) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سعید بن ابی بردہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ان کے دادا حضرت ابوموسیٰؓ اور حضرت معاذؓ کو یمن کی طرف (حاکم بنا کر) بھیجا اور فرمایا: تم (لوگوں کے لئے) آسانی کرنا اور (اُن کو) مشکل میں نہ ڈالنا اور خوش رکھنا اور نفرت نہ دلانا اور دونوں آپس میں اتفاق سے رہنا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: نبی اللہ! ہمارے ملک میں جَو کی شراب ہوتی ہے، جسے مِزْر کہتے ہیں اور شہد کی شراب بھی، جسے بِتْع کہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہر نشہ آور شے حرام ہے۔ ہم چل پڑے۔ حضرت معاذؓ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے پوچھا: آپؐ قرآن کس طرح پڑھتے ہیں؟ انہوں نے کہا: کھڑے ہوکر بھی اور بیٹھ کر بھی اور اپنے اونٹ پر سوار ہونے کی حالت میں بھی اور تھوڑا تھوڑا ہر وقت پڑھتا رہتا ہوں جب فرصت ہوتی ہے۔ حضرت معاذؓ نے کہا: میں تو (شروع رات میں) سو جاتا ہوں اور پھر اُٹھتا ہوں اور میں اپنے سونے میں بھی ثواب کی نیت رکھتا ہوں جیسا کہ اپنے اُٹھنے میں ثواب کی نیت رکھتا ہوں اور حضرت ابوموسیٰؓ نے ایک بڑا خیمہ نصب کیا اور ایک دوسرے کی ملاقات کے لئے آنے جانے لگے۔ ایک دفعہ حضرت معاذؓ حضرت ابوموسیٰؓ سے ملنے کے لئے گئے، تب دیکھا کہ ایک شخص جکڑا ہوا ہے۔ انہوں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: یہودی ہے جو مسلمان ہوگیا تھا، پھر مرتد ہوگیا ہے۔ حضرت معاذؓ نے کہا: میں تو اس کی گردن اُڑا دوں گا۔ (مسلم بن ابراہیم) کی طرح (عبدالملک بن عمرو) عقدی اور وہب (بن جریر) نے شعبہ سے یہی روایت بیان کی۔ اور وکیع اور نضر (بن شمیل) اور ابوداؤد (طیالسی) نے شعبہ سے یہی بات بیان کی۔ شعبہ نے سعید سے, سعید نے اپنے باپ سے, انہوں نے سعید کے دادا سے, ان کے دادا نے نبی ﷺ سے اسے روایت کیا۔ اور جریر بن عبدالحمید نے اس کو شیبانی سے, شیبانی نے ابوبردہ سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4345
مسلم (بن ابراہیم) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سعید بن ابی بردہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ان کے دادا حضرت ابوموسیٰؓ اور حضرت معاذؓ کو یمن کی طرف (حاکم بنا کر) بھیجا اور فرمایا: تم (لوگوں کے لئے) آسانی کرنا اور (اُن کو) مشکل میں نہ ڈالنا اور خوش رکھنا اور نفرت نہ دلانا اور دونوں آپس میں اتفاق سے رہنا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: نبی اللہ! ہمارے ملک میں جَو کی شراب ہوتی ہے، جسے مِزْر کہتے ہیں اور شہد کی شراب بھی، جسے بِتْع کہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہر نشہ آور شے حرام ہے۔ ہم چل پڑے۔ حضرت معاذؓ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے پوچھا: آپؐ قرآن کس طرح پڑھتے ہیں؟ انہوں نے کہا: کھڑے ہوکر بھی اور بیٹھ کر بھی اور اپنے اونٹ پر سوار ہونے کی حالت میں بھی اور تھوڑا تھوڑا ہر وقت پڑھتا رہتا ہوں جب فرصت ہوتی ہے۔ حضرت معاذؓ نے کہا: میں تو (شروع رات میں) سو جاتا ہوں اور پھر اُٹھتا ہوں اور میں اپنے سونے میں بھی ثواب کی نیت رکھتا ہوں جیسا کہ اپنے اُٹھنے میں ثواب کی نیت رکھتا ہوں اور حضرت ابوموسیٰؓ نے ایک بڑا خیمہ نصب کیا اور ایک دوسرے کی ملاقات کے لئے آنے جانے لگے۔ ایک دفعہ حضرت معاذؓ حضرت ابوموسیٰؓ سے ملنے کے لئے گئے، تب دیکھا کہ ایک شخص جکڑا ہوا ہے۔ انہوں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: یہودی ہے جو مسلمان ہوگیا تھا، پھر مرتد ہوگیا ہے۔ حضرت معاذؓ نے کہا: میں تو اس کی گردن اُڑا دوں گا۔ (مسلم بن ابراہیم) کی طرح (عبدالملک بن عمرو) عقدی اور وہب (بن جریر) نے شعبہ سے یہی روایت بیان کی۔ اور وکیع اور نضر (بن شمیل) اور ابوداؤد (طیالسی) نے شعبہ سے یہی بات بیان کی۔ شعبہ نے سعید سے، سعید نے اپنے باپ سے، انہوں نے سعید کے دادا سے، ان کے دادا نے نبی ﷺ سے اسے روایت کیا۔ اور جریر بن عبدالحمید نے اس کو شیبانی سے، شیبانی نے ابوبردہ سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4346
عباس بن ولید جو نرسی ہیں انہوں نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب بن عائذ سے روایت کی کہ قیس بن مسلم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے طارق بن شہاب سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ نے مجھ سے بیان کیا, کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے میری قوم کے ملک کی طرف (حاکم بنا کر) بھیجا۔ میں وہاں سے لوٹ کر آیا اور رسول اللہ ﷺ اس وقت ابطح (مُحَصَّب) میں اُترے ہوئے تھے۔ آپؐ نے پوچھا: عبداللہ بن قیس! تم نے حج کی نیت کی ہے؟ میں نے کہا: جی ہاں یا رسول اللہ! آپؐ نے پوچھا: تم نے کس طرح نیت کی تھی؟ کہتے تھے: میں نے کہا: اس احرام کے ساتھ لبیک کہتا ہوں جس نیت سے آپؐ نے احرام باندھا۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تم اپنے ساتھ کوئی قربانی لائے ہو؟ میں نے کہا: کوئی قربانی نہیں لایا۔ آپؐ نے فرمایا: پھر تم بیت اللہ کا طواف کرو اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کرو اور پھر اس کے بعد احرام کھول ڈالو۔ میں نے ایسا ہی کیا۔ اور بنی قیس کی عورتوں میں سے ایک عورت نے مجھے کنگھی کی اور ہم اس وقت تک اسی طریقہ پر رہے کہ حضرت عمرؓ خلیفہ ہوئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4347
حبان (بن موسیٰ) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ زکریا بن اسحاق سے روایت ہے۔ زکریا نے یحيٰ بن عبداللہ بن صیفی سے, یحيٰ نے حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام ابومعبد سے, ابومعبد نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) رسول اللہﷺ نے حضرت معاذ بن جبلؓ سے جب آپؐ نے اُن کو یمن کی طرف بھیجا, فرمایا: تم عنقریب ایسے لوگوں کے پاس جاؤ گے جو اہل کتاب ہیں۔ جب تم اُن کے پاس پہنچو تو انہیں اس بات کی دعوت دو کہ وہ یہ شہادت دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمدؐ اللہ کے رسول ہیں۔ اگر وہ تمہاری یہ بات مان لیں تو پھر انہیں یہ بتاؤ کہ اللہ نے اُن پر دِن رات میں پانچ نمازیں مقرر کی ہیں۔ اگر وہ تمہاری بات مان لیں پھر انہیں بتاؤ کہ اللہ نے اُن پر صدقہ مقرر کیا ہے، جو اُن کے دولت مندوں سے لیا جائے اور ان کے محتاجوں کو لَوٹا دیا جائے۔ پھر اگر وہ تمہاری یہ بات بھی مان لیں تو خبردار اُن کے عمدہ عمدہ مال صدقہ میں نہ لینا (بلکہ درمیانہ درجہ کا لینا) اور مظلوم کی پکار سے بچنا۔ اس لئے کہ اُس کے اور اللہ کے درمیان کوئی روک نہیں ہوتی۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: (سورۂ مائدہ میں جو فَطَوَّعَتْ لَهٗ نَفْسُهٗ آیا ہے) اس میں طَوَّعَتْ کے معنی طَاعَتْ اور أَطَاعَتْ کے ہیں یعنی اُس نے فرمانبرداری اختیار کی۔ اور عربی زبان میں اس طرح بھی استعمال ہوتا ہے طِعْتُ وَطُعْتُ وَأَطَعْتُ (سب کے معنی ایک ہی ہیں۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4348
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حبیب بن ابی ثابت سے, حبیب نے سعید بن جبیر سے, سعید نے عمرو بن میمون سے روایت کی کہ حضرت معاذ رضی اللہ عنہ جب یمن میں آئے تو انہوں نے لوگوں کو صبح کی نماز پڑھائی اور یہ آیت پڑھی: ابراہیم کو اللہ نے (اپنا) محبوب دوست بنایا۔ یہ سن کر لوگوں میں سے ایک شخص بول پڑا: تب تو ابراہیمؑ کی ماں کی آنکھ ٹھنڈی ہوگئی ہوگی۔ معاذ نے شعبہ سے, شعبہ نے حبیب سے, حبیب نے سعید سے, سعید نے عمرو (بن میمون) سے اتنا زائد بیان کیا کہ نبی ﷺ نے حضرت معاذؓ کو یمن کی طرف بھیجا اور حضرت معاذؓ نے صبح کی نماز میں سورۂ نساء پڑھی۔ جب انہوں نے یہ کہا: ’’وَاتَّخَذَ اللّٰهُ اِبْرٰهِيْمَ خَلِيْلًا‘‘ تو ایک شخص پیچھے سے بولا: تب تو ابراہیم کی ماں کی آنکھ ٹھنڈی ہوگئی ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah