کتاب 64: كتاب المغازى
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 3969
یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ ہشیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابو ہاشم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو مجلز سے، ابو مجلز نے قیس بن عباد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابو ذرؓ سے سنا وہ قسم کھا کر کہتے تھے: آیت هٰذٰنِ خَصْمٰنِ … ’’یہ دو جھگڑالو ہیں جنہوں نے اپنے ربّ کے بارہ میں جھگڑا کیا‘‘ ان لوگوں کے بارے میں نازل ہوئی جو بدر کے دن میدانِ جنگ میں لڑنے کے لئے نکلے تھے یعنی حضرت حمزہؓ، حضرت علیؓ، حضرت عبیدہ بن حارثؓ اور ربیعہ کے دونوں بیٹے عتبہ و شیبہ اور ولید بن عتبہ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3970
احمد بن سعید ابوعبداللہ (اشقر) نے مجھے بتایا۔ اسحاق بن منصور سلولی نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (یوسف بن اسحاق بن ابی اسحاق) سے، ان کے باپ نے (اپنے دادا) ابواسحاق (سبیعی) سے روایت کی کہ ایک شخص نے حضرت براءؓ (بن عازب) سے پوچھا اور میں اس وقت سن رہا تھا کہا: کیا حضرت علیؓ جنگ بدر میں شریک تھے؟ انہوں نے کہا: وہ میدان میں لڑائی کے لئے نکلے اور اوپر تلے دو زرہیں پہنے ہوئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3971
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہا: یوسف بن ماجشون نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح بن ابراہیم بن عبدالرحمٰن بن عوف سے سنا۔ صالح نے اپنے باپ (ابراہیم) سے، ابراہیم نے (اپنے باپ) صالح کے دادا حضرت عبدالرحمٰنؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے امیہ بن خلف سے مکاتبت کر لی تھی۔ جب جنگ بدر ہوئی۔ یہ کہہ کر حضرت عبدالرحمٰنؓ نے امیہ اور اس کے بیٹے کے قتل ہونے کا واقعہ بیان کیا (اور یہ کہا:) بلال (جنگ بدر کے دن) کہنے لگے: اگر امیہ بچ گیا تو میں نہیں بچوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3972
عبدان بن عثمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ (عثمان بن جبلہ) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے ابواسحاق (سبیعی) سے، ابواسحاق نے اَسوَد (بن یزید) سے، اَسوَد نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے سورۃ النجم پڑھی اور اس کے ساتھ سجدہ کیا اور جو لوگ آپؐ کے ساتھ تھے انہوں نے بھی سجدہ کیا۔ سوائے ایک بوڑھے (امیہ بن خلف) کے، اُس نے ایک مٹھی مٹی لی اور پیشانی سے لگا لی اور کہنے لگا: میرے لئے یہی کافی ہے۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کہتے تھے: میں نے اس کو بعد میں دیکھا کہ وہ بدر کے دن کفر ہی کی حالت میں مارا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3973
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھے خبر دی کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہشام (بن عروہ) سے، انہوں نے (اپنے والد) عروہ (بن زبیر) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت زبیرؓ کو تلوار کے تین زخم لگے تھے، ان میں ایک ان کے کندھے پر تھا (وہ اتنا گہرا تھا) کہ میں اپنی انگلیاں اس میں ڈال سکتا تھا۔ عروہ کہتے تھے: ان کو دو زخم جنگ بدر میں لگے اور ایک زخم جنگ یرموک میں۔ عروہ بیان کرتے تھے کہ جب حضرت عبداللہ بن زبیرؓ شہید ہوئے تو عبدالملک بن مروان نے مجھ سے پوچھا: عروہ! کیا تم حضرت زبیرؓ کی تلوار پہچانتے ہو؟ میں نے کہا: ہاں۔ انہوں نے کہا: اس کی کیا نشانی ہے؟ میں نے کہا: اس میں دندانے ہیں جو جنگ بدر میں پڑ گئے تھے۔ عبدالملک نے کہا: تم نے سچ کہا ہے۔ ان تلواروں میں دستہ ہائے فوج سے ٹکرانے کی وجہ سے دندانے ہیں۔ پھر عبدالملک نے وہ تلوار عروہ کو دے دی۔ (ہشام بن عروہ) کہتے تھے: ہم نے آپس میں اس کی قیمت تین ہزار درہم اندازہ کی اور ہم میں سے ایک شخص نے وہ لے لی اور اب میرے دل میں یہ خواہش اُٹھتی ہے کہ کاش میں ہی اسے لے لیتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3974
فروہ (بن ابی المغراء) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علی (بن مسہر) سے، علی نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ (عروہ) سے روایت کی، انہوں نے کہا: حضرت زبیرؓ کی تلوار چاندی سے مرصع تھی۔ ہشام نے کہا اور عروہ کی تلوار بھی چاندی سے مرصع تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3975
احمد بن محمد نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ (بن مبارک) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے والد سے روایت کی: جنگ یرموک میں رسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ نے حضرت زبیرؓ سے کہا: کیا آپؓ حملہ نہیں کریں گے کہ ہم بھی آپؓ کے ساتھ حملہ کریں؟ حضرت زبیرؓ نے کہا: میں نے اگر حملہ کیا تو تم پیچھے رہ جاؤ گے۔ انہوں نے کہا: ہم پیچھے نہیں رہیں گے۔ چنانچہ حضرت زبیرؓ نے کفار پر اس زور سے حملہ کیا کہ ان کی صفیں چیرتے ہوئے نکل گئے اور دیکھا کہ ان کے ساتھ کوئی ایک بھی نہ تھا۔ پھر وہ لوٹے تو کفار نے ان کے گھوڑے کی لگام پکڑ لی اور ان کے کندھے پر دو زخم لگائے جن کے درمیان وہ بڑا زخم بھی تھا جو جنگ بدر میں ان کو لگا تھا۔ عروہ کہتے تھے: میں اپنی انگلیاں ان زخموں میں ڈال کر کھیلا کرتا تھا اور میں اس وقت چھوٹا تھا۔ عروہ کہتے تھے: ان دنوں یرموک کی لڑائی میں حضرت زبیرؓ کے ساتھ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ بھی تھے اور اس وقت وہ دس برس کے تھے، ان کو گھوڑے پر سوار کرکے لے گئے تھے اور ایک شخص کو ان کی حفاظت کے لئے مقرر کردیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3976
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے روح بن عبادہ سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) سعید بن ابی عروبہ نے ہمیں بتایا کہ قتادہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابوطلحہؓ (انصاری) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے جنگ بدر کے دن سرداران قریش میں سے چوبیس آدمیوں کی نسبت حکم دیا اور انہیں بدر کے کنوؤں میں سے ایک ناپاک کنویں میں ڈال دیا گیا اور آپؐ جب کسی قوم پر غالب آتے تو میدان میں تین راتیں قیام فرماتے۔ جب آپؐ بدر میں ٹھہرے اور تیسرا دِن ہوا تو آپؐ نے اپنی اونٹنی پر کجاوہ باندھنے کا حکم فرمایا۔ چنانچہ اس پر کجاوہ باندھا گیا۔ پھر آپؐ چلے اور آپؐ کے صحابہ بھی آپؐ کے ساتھ چلے اور کہنے لگے: ہم سمجھتے ہیں کہ آپؐ کسی غرض کے لئے ہی چلے ہیں۔ آپؐ اس کنویں کی منڈیر پر پہنچ کر کھڑے ہوگئے۔ آپؐ ان کے اور ان کے باپوں کے نام لے کر پکارنے لگے: اے فلاں، فلاں کے بیٹے، اے فلاں، فلاں کے بیٹے، کیا اب تم کو اس بات سے خوشی ہوگی کہ تم نے اللہ اور اس کے رسول کی فرمانبرداری کی ہوتی کیونکہ ہم نے تو سچ سچ پالیا جو ہمارے ربّ نے ہم سے وعدہ کیا تھا، آیا تم نے بھی واقعی وہ پالیا ہے جو تمہارے ربّ نے تم سے وعدہ کیا تھا؟ ابوطلحہ کہتے تھے: حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ ان لاشوں سے کیا باتیں کر رہے ہیں جن میں جان نہیں؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے تم ان سے زیادہ نہیں سن رہے ان باتوں کو جو میں کہہ رہا ہوں۔ قتادہ نے کہا: اللہ نے ان کو زندہ کردیا تھا تا آپؐ کی وہ بات انہیں سنائے کہ انہیں تنبیہ و تذلیل کا موجب ہو، ان پر ناراضگی کا اظہار کرکے ان کو حسرت دلائے اور شرمندہ کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3977
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہمیں بتایا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو (بن دینار) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ (اللہ تعالیٰ نے جو فرمایا ہے:) وہ لوگ جنہوں نے اللہ کی نعمت کو لینے کی بجائے کفر اختیار کیا۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم! یہ لوگ کفار قریش ہیں۔ عمرو (بن دینار) نے کہا: (کفر اختیار کرنے والے) قریش کے لوگ ہیں اور محمد (ﷺ) اللہ کی نعمت ہیں (اور یہ جو اس آیت میں فرمایا:) انہوں نے اپنی قوم کو ہلاکت کے گھر میں اُتار دیا۔ کہتے تھے: دَارَ الْبَوَارِ سے مراد آگ ہے جس میں جنگ بدر کے روز جا پڑے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3978
عبید بن اسماعیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ کے پاس بیان کیا گیا کہ حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ تک یہ حدیث پہنچاتے ہوئے بیان کیا کہ میت کو اس کی قبر میں اس کے اقرباء کے (اس پر) رونے کی وجہ سے عذاب ہوتا ہے۔ (یہ سن کر) حضرت عائشہ کہنے لگیں: انہیں بھول ہوئی۔ رسول اللہ ﷺ نے تو یہ فرمایا ہے کہ مرنے والے پر عذاب تو اپنی غلطی اور اپنے گناہ کی وجہ سے ہوتا ہے اور ادھر اس کے اقرباء اس پر روتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3979
حضرت عائشہؓ نے کہا: اور یہ بات ویسے ہی ہے جیسے عبداللہ بن عمرؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کنویں پر کھڑے ہوئے جبکہ اس میں وہ مشرک پڑے تھے جو بدر کی جنگ میں مارے گئے تھے تو رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا کہ جو میں ان سے کہہ رہا ہوں وہ سن رہے ہیں حالانکہ یہ نہیں فرمایا تھا بلکہ یہ فرمایا تھا کہ وہ اب جانتے ہیں کہ جو میں ان سے کہا کرتا تھا سچ ہے اس کے بعد حضرت عائشہ نے یہ آیات پڑھیں: تو ہرگز مُردوں کو نہیں سنا سکتا۔ اور نہ تو اُن کو سنا سکتا ہے جو قبروں میں دبے پڑے ہوں۔ حضرت عائشہؓ کی مراد یہ تھی کہ جب آگ میں وہ اپنے ٹھکانے پر پہنچ گئے تو پھر تو اُن کو نہیں سنا سکتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3980
عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ کہتے تھے: نبی ﷺ بدر کے کنویں پر رُکے اور (کفار قریش کو جو بدر میں مارے گئے تھے مخاطب کرتے ہوئے) فرمایا: تمہارے ربّ نے جو وعدہ کیا تھا کیا تم نے اسے درست پایا ہے؟ پھر آپؐ نے فرمایا کہ وہ جو میں ان سے کہہ رہا ہوں سن رہے ہیں۔ حضرت عائشہؓ سے حضرت ابن عمرؓ کی یہ روایت ذکر کی گئی تو وہ کہنے لگیں: بلکہ نبی ﷺ نے تو یہ فرمایا تھا کہ اب وہ جانتے ہیں کہ جو میں ان سے کہتا تھا وہ صحیح تھا۔ پھر انہوں نے یہ ساری آیت پڑھی: تو مُردوں کو نہیں سنا سکتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3981
عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ کہتے تھے: نبی ﷺ بدر کے کنویں پر رُکے اور (کفار قریش کو جو بدر میں مارے گئے تھے مخاطب کرتے ہوئے) فرمایا: تمہارے ربّ نے جو وعدہ کیا تھا کیا تم نے اسے درست پایا ہے؟ پھر آپؐ نے فرمایا کہ وہ جو میں ان سے کہہ رہا ہوں سن رہے ہیں۔ حضرت عائشہؓ سے حضرت ابن عمرؓ کی یہ روایت ذکر کی گئی تو وہ کہنے لگیں: بلکہ نبی ﷺ نے تو یہ فرمایا تھا کہ اب وہ جانتے ہیں کہ جو میں ان سے کہتا تھا وہ صحیح تھا۔ پھر انہوں نے یہ ساری آیت پڑھی: تو مُردوں کو نہیں سنا سکتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3982
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا۔ معاویہ بن عمرو نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحاق (ابراہیم بن محمد فزاری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید (طویل) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: حارثہؓ (بن سراقہ بن حارث) جنگ بدر میں شہید ہوئے اور وہ ابھی نوجوان لڑکے تھے، ان کی ماں (ربیع بنت نضر حضرت انسؓ کی پھوپھی) نبی ﷺ کے پاس آئیں۔ کہنے لگیں: یا رسول اللہ! آپؐ جانتے ہی ہیں جو مقام حارثہؓ کا میرے نزدیک تھا۔ سو اگر وہ جنت میں ہے تو میں صبر کروں اور ثواب کی امید رکھوں اور اگر کوئی اور بات ہے تو آپؐ دیکھیں گے کہ میں کیا کچھ کرتی ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: افسوس، کیا تو دیوانی ہے؟ کیا جنت ایک ہی ہے؟ جنتیں تو بہت سی ہیں اور تمہارا بیٹا تو جنت الفردوس میں ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3983
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن ادریس نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے حُصَین بن عبدالرحمٰن سے سنا۔ انہوں نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابوعبدالرحمٰن (عبداللہ بن حبیب) سلمی سے، انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے اور ابومرثدؓ (غنوی) اور زبیرؓ کو بھیجا اور ہم سب گھڑسوار تھے۔ آپؐ نے فرمایا: تم (سفر پر) روانہ ہوجاؤ یہاں تک کہ جب تم روضہ خاخ (مقام) پر پہنچو تو وہاں تمہیں مشرکوں میں سے ایک عورت ملے گی اس کے پاس حاطب بن ابی بلتعہؓ کی طرف سے مشرکوں کے نام ایک خط ہے۔ چنانچہ ہم نے وہاں پہنچ کر اُس کو پالیا جہاں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا۔ وہ اپنے اونٹ پر سوار چلی جارہی تھی۔ ہم نے (اس سے) کہا: لا خط نکال۔ کہنے لگی: ہمارے پاس کوئی خط نہیں۔ ہم نے اس کے اونٹ کو بٹھا دیا اور تلاشی لی مگر ہمیں کوئی خط نظر نہ آیا۔ ہم نے کہا: رسول اللہ ﷺ کا فرمانا غلط نہیں ہوسکتا، تم کو وہ خط نکالنا ہوگا ورنہ ہم تمہیں ننگا کریں گے۔ جب اس نے ہم میں سنجیدگی دیکھی تو وہ اپنی کمر پر بندھی ہوئی چادر کی طرف جھکی اور خط نکال کر رکھ دیا۔ ہم اس عورت کو لے کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یارسول اللہ! حاطب نے اللہ اور اس کے رسول اور مومنین سے خیانت کی ہے مجھے اجازت فرمائیں تو میں اس کی گردن اُڑا دوں۔ نبی ﷺ نے (حاطبؓ سے) پوچھا: کس بات نے تم کو اس کارروائی پر آمادہ کیا ہے جو تم نے کی ہے؟ حاطبؓ نے عرض کیا: بخدا بھلا مجھے کیا تھا کہ میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ پر ایمان لانے والا نہ ہوتا؟ مَیں تو صرف یہ چاہتا تھا کہ ان (قریش کے) لوگوں پر میرا احسان ہو جس کے ذریعہ اللہ میرے بال بچوں اور جائیداد کی حفاظت کرتا اور آپ کے ساتھیوں میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جس کا وہاں اس کے کنبے کا کوئی ایسا شخص نہ ہو کہ جس کے ذریعہ سے اللہ اس کے بال بچوں اور اس کی جائیداد سے ان کے شر کو دور کررہا ہو۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس نے سچ کہا ہے اور تم بھی اس کی نسبت بھلی بات کے سوا کچھ نہ کہو۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اس نے اللہ اور اس کے رسولؐ اور مومنوں سے خیانت کی ہے، (یارسول اللہ!) مجھے اجازت دیں کہ اس کی گردن اُڑا دوں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا وہ جنگ بدر میں شریک ہونے والوں میں سے نہیں تھا؟ آپؐ نے فرمایا: امید ہے اللہ نے اہل بدر کو دیکھا ہو اور یہ کہا ہو: جو تم چاہو کرو تمہارے لئے جنت ہوچکی یا فرمایا: میں نے تمہاری پردہ پوشی کرکے تم کو معاف کردیا ہے۔ یہ سن کر حضرت عمرؓ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے اور کہنے لگے: اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3984
عبداللہ بن محمد جعفی نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواحمد زبیری (محمد بن عبداللہ بن زبیر) نے ہمیں بتایا کہ عبدالرحمٰن بن غسیل نے ہم سے بیان کیا کہ حمزہ بن ابواُسَید اور زبیر بن منذر بن ابواُسَید سے روایت ہے۔ ان دونوں نے حضرت ابواُسَید (مالک بن ربیعہ خزرجی ساعدی) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جنگ بدر کے دن رسول اللہ ﷺ نے ہمیں فرمایا: جب کافر تمہارے اتنے قریب ہو جائیں کہ وہ تمہاری زد میں ہوں تو پھر اس وقت ان پر تیر چلاؤ اور اپنے تیر بچائے رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3985
محمد بن عبدالرحیم (صاعقہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواحمد زبیری نے ہمیں بتایا کہ عبدالرحمٰن بن غسیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمزہ بن ابو اُسَید اور منذر بن ابو اُسَید سے روایت کی کہ حضرت ابو اُسَید رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے جنگ بدر کے دن ہمیں فرمایا کہ کافر جب تم پر ہجوم کرکے حملہ کریں تو پھر اُس وقت تم انہیں نشانہ بناؤ اور اپنے تیر بچائے رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3986
عمر و بن خالد نے ہم سے بیان کیا۔ زُہَیر نے ہمیں بتایا کہ ابو اسحاق نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے جنگ اُحد کے دن تیر اندازوں پر حضرت عبداللہ بن جبیرؓ کو سردار مقرر کیا اور کافروں نے ہمارے ستر آدمیوں کو زخمی کیا اور نبی ﷺ اور صحابہؓ نے جنگ بدر میں مشرکوں کے ایک سو چالیس آدمیوں کا نقصان کیا تھا یعنی ستر کو قید کیا اور ستر کو قتل کیا تھا۔ (جنگ احد میں) ابو سفیان نے کہا: یہ معرکہ بدر کے معرکہ کا بدلہ ہے اور لڑائی تو ڈول کی طرح ہے (کبھی ایک کے حق میں اور کبھی دوسرے کے حق میں۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3987
(ابوکُرَیب) محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ (حماد بن اسامہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرَید (بن عبداللہ بن عامر بن ابی موسیٰ) سے، انہوں نے اپنے دادا ابوبردہ (عامر) سے، ابوبردہ نے (اپنے والد) حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) سے روایت کی۔ (ابوبردہ کہتے ہیں:) میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی، آپؐ نے فرمایا کہ میں نے (خواب میں) جو خیر دیکھی اس کی تعبیر وہ خیر تھی جو اللہ (جنگ احد کے) بعد لایا اور صدق کا بدلہ وہ ہے جو اللہ نے ہم کو جنگ بدر کے بعد دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3988
یعقوب بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سعد (بن ابراہیم) سے، انہوں نے ان کے دادا (ابراہیم بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ کہتے تھے کہ میں جنگ بدر کے دن صف میں کھڑا تھا میں نے نگاہ پھیری تو کیا دیکھتا ہوں کہ میرے دائیں اور بائیں دو نَوعمر جوان لڑکے ہیں جیسے اُن کی اس موجودگی پر مَیں اپنے آپ کو اَمن میں نہیں سمجھتا تھا۔ اتنے میں ان میں سے ایک نے چپکے سے جس کی خبر اُس کے ساتھی کو نہ ہوئی مجھے پوچھا: چچا! مجھے ابوجہل تو دِکھا دو۔ میں نے کہا: میرے بھتیجے! تجھے اس سے کیا کام؟ وہ کہنے لگا: میں نے اللہ سے یہ عہد کیا ہے کہ اگر میں اس کو دیکھ پاؤں تو میں اسے مار ڈالوں گا یا اس کے سامنے خود مارا جاؤں گا۔ پھر دوسرے نوجوان نے چپکے سے جس کی خبر اس کے ساتھی کو نہ ہوئی مجھ سے ویسے ہی پوچھا۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ کہتے تھے: مجھے کبھی اتنی خوشی نہ ہوتی، اگر میں ان کی جگہ دو مَردوں کے درمیان ہوتا۔ میں نے ان دونوں کو ابوجہل کی طرف اشارہ کرکے بتایا (کہ وہ ہے۔) یہ سنتے ہی وہ دونوں شِکروں کی طرح اُس پر جھپٹے اور اس کو مار ڈالا اور وہ دونوں عفراء کے بیٹے تھے (معاذؓ اور معوّذؓ)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah