کتاب 64: كتاب المغازى
صحیح بخاری, حصہ 22
صحیح بخاری 4369
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا۔ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو جمرہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ کہتے تھے: عبدالقیس کے نمائندے نبی ﷺ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہمارا یہ قبیلہ ربیعہ کی ایک شاخ ہے اور ہمارے اور آپؐ کے درمیان مضر کے کفار روک بن گئے ہیں۔ ہم آپؐ کے پاس (محفوظ رہتے ہوئے) نہیں پہنچ سکتے۔ مگر ماہِ حرام ہی میں؛ تو آپؐ ہمیں چند ایسی باتوں کا حکم دیں کہ جن پر ہم عمل کریں اور ان پر عمل کرنے کے لئے ان کو بھی دعوت دیں جو ہمارے پیچھے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم کو چار باتیں کرنے کا حکم دیتا ہوں اور چار باتوں سے روکتا ہوں: اللہ پر ایمان لانا یعنی یہ اقرار کرنا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ (یہ کہہ کر) آپؐ نے ایک انگلی بند کی اور نماز سنوار کر ادا کرنا اور زکوٰۃ دینا اور یہ کہ تم اللہ کے لئے ان مالوں کا پانچواں حصہ ادا کرنا جو تم غنیمت میں حاصل کرو۔ اور تم کو کدو کے تونبے اور کریدی ہوئی لکڑی کے برتن اور سبز لاکھی مرتبان اور لک کے روغنی برتن سے منع کرتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4370
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن حارث) نے مجھے خبر دی۔ اور بکر بن مضر نے یوں کہا کہ عمرو بن حارث سے روایت ہے, عمرو بن حارث نے بکیر سے روایت کی کہ کریب نے جو کہ حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام تھے ان سے بیان کیا کہ حضرت ابن عباسؓ، حضرت عبدالرحمٰنؓ بن ازہر اور حضرت مِسوَر بن مخرمہؓ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس ایک آدمی بھیجا۔ انہوں نے کہا: ہم سب کی طرف سے ان کو السلام علیکم کہو اور ان سے ان دو رکعتوں کی بابت پوچھو جو عصر کے بعد (نبی ﷺ نے پڑھی) ہیں۔ نیز (اُن سے پوچھنا کہ) ہمیں بتایا گیا ہے کہ آپؐ یہ رکعتیں پڑھا کرتی ہیں حالانکہ ہمیں یہ خبر پہنچی ہے کہ نبی ﷺ نے ان سے منع فرمایا ہے اور حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ میں تو حضرت عمرؓ کے ساتھ مل کر لوگوں کو مار کر ان دو رکعتوں سے روکا کرتا تھا۔ کریب کہتے تھے کہ میں حضرت عائشہؓ کے پاس اندر گیا اور جو پیغام دے کر انہوں نے مجھے بھیجا تھا وہ میں نے ان کو پہنچایا۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: امّ سلمہؓ سے پوچھو۔ میں نے ان لوگوں کو بتایا۔ تو انہوں نے مجھے حضرت امّ سلمہؓ کے پاس ویسا ہی پیغام دے کر بھیجا جو پیغام دے کر مجھے حضرت عائشہؓ کے پاس بھیجا تھا۔ حضرت امّ سلمہؓ نے سن کر یہ کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا تھا۔ آپؐ ان دو رکعتوں سے منع فرماتے تھے اور بات یہ ہوئی کہ آپؐ نے عصر کی نماز پڑھی۔ اس کے بعد آپؐ میرے ہاں آئے اور اس وقت میرے پاس انصار سے بنو حرام کی کچھ عورتیں تھیں۔ تو آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں۔ میں نے آپؐ کے پاس خادمہ کو بھیجا کہ اٹھو آپؐ کے پاس جاکر ایک طرف کھڑی ہو جاؤ اور کہو: یارسول اللہ! امّ سلمہؓ کہتی ہیں: کیا میں نے آپؐ کو ان دو رکعتوں سے منع کرتے ہوئے نہیں سنا؟ مگر اب میں آپؐ کو یہ پڑھتے ہوئے دیکھ رہی ہوں۔ اگر آپؐ اپنے ہاتھ سے اشارہ کریں تو پیچھے کو ہٹ جانا۔ خادمہ نے ایسا ہی کیا۔ جب آپؐ نے ہاتھ سے اشارہ کیا تو وہ پیچھے ہٹ گئی۔ جب آپؐ نماز سے فارغ ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: ابوامیہ کی بیٹی! تم نے عصر کے بعد کی دو رکعتوں کے متعلق پوچھا ہے۔ بات یہ ہے کہ عبدالقیس کے کچھ لوگ اپنی قوم کے مسلمان ہونے کا پیغام لے کر میرے پاس آئے تھے تو انہوں نے مجھے باتوں میں مشغول رکھ کر وہ دو رکعتیں پڑھنے نہیں دیں جو نمازِ ظہر کے بعد کی پڑھی جاتی ہیں اور یہ وہی دو رکعتیں ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4371
عبداللہ بن محمد جُعفی نے مجھے بتایا کہ ابوعامر عبدالملک (بن عمرو عقدی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم نے جو کہ طہمان کے بیٹے ہیں, ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوجمرہ سے, ابوجمرہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: پہلا جمعہ رسول اللہ ﷺ کی مسجد میں ہوا تھا۔ اس کے بعد جو جمعہ پڑھا گیا وہ عبدالقیس کی مسجد میں تھا جو جواثیٰ میں تھی۔ (جواثیٰ) بحرین کی ایک بستی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4372
ہم سے عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے بیان کیا کہ ہمیں لیث (بن سعد) نے بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے سعید بن ابی سعید (مقبری) نے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا، حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: نبی ﷺ نے نجد کی طرف کچھ سوار بھیجے اور وہ بنی حنیفہ کا ایک آدمی پکڑ کر لے آئے، جسے ثمامہ بن اُثال کہتے تھے۔ انہوں نے اس کو مسجد کے ستونوں میں سے ایک ستون کے ساتھ باندھ دیا۔ نبی ﷺ اس کے پاس باہر آئے۔ آپؐ نے پوچھا: ثمامہ تمہاری کیا رائے ہے؟ (یعنی یہ کہ میں تمہارے ساتھ کیا معاملہ کروں گا۔) اس نے کہا: محمد! اس بارے میں میری رائے اچھی ہی ہے۔ اگر تم نے مجھے مار ڈالا تو ایسے آدمی کو مارو گے جو خون کر چکا ہے۔ اگر تم احسان کرو تو شکر گزار پر احسان کرو گے۔ اور اگر تم مال چاہتے ہو تو اس سے جو چاہو مانگو۔ ثمامہ کو اپنے حال پر چھوڑ دیا گیا۔ جب دوسرا دن ہوا، پھر نبی ﷺ نے اس سے پوچھا: ثمامہ تمہاری کیا رائے ہے؟ اس نے کہا: میں تو عرض کر چکا۔ اگر آپؐ احسان کریں تو شکر گزار پر احسان کریں گے۔ آپؐ نے اسے پھر ویسے ہی رہنے دیا۔ جب تیسرا دن ہوا۔ آپؐ نے کہا: ثمامہ تمہاری کیا رائے ہے؟ اس نے کہا: وہی جو میں کہہ چکا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: ثمامہ کو آزاد کر دو۔ اس پر وہ ایک پانی پر چلا گیا جو مسجد کے قریب تھا اور نہایا۔ پھر مسجد میں آیا اور کہنے لگا: میں گواہی دیتا ہوں کہ کوئی معبود نہیں سوائے اللہ کے اور محمد اللہ کے رسول ہیں۔ محمدؐ! اللہ کی قسم، زمین پر کوئی منہ بھی آپؐ کے منہ سے بڑھ کر میرے نزدیک زیادہ قابل نفرت نہیں تھا مگر آج آپؐ کا چہرہ تمام چہروں سے مجھے زیادہ پیارا ہے۔ اللہ کی قسم! آپؐ کے دین سے بڑھ کر کوئی دین قابل نفرت نہیں تھا مگر آج آپؐ کا دین تمام دینوں سے بڑھ کر مجھے محبوب ہے۔ اللہ کی قسم! کوئی شہر بھی آپؐ کے شہر سے بڑھ کر میرے لئے قابل نفرت نہیں تھا مگر آج آپؐ کا شہر تمام شہروں سے بڑھ کر مجھے محبوب ہے اور آپؐ کے سواروں نے مجھے پکڑ لیا جبکہ میں عمرہ کا ارادہ کر رہا تھا۔ آپؐ کی کیا رائے ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے اس کو بشارت دی اور اس کو کہا کہ وہ عمرہ ادا کرے۔ جب وہ مکہ میں پہنچا، کسی کہنے والے نے اسے کہا: تم نے دین بدل ڈالا۔ اس نے کہا: اللہ کی قسم! نہیں, بلکہ میں محمد رسول اللہ ﷺ کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا فرمانبردار ہو گیا ہوں اور اللہ کی قسم! تمہارے پاس یمامہ کی طرف سے گندم کا ایک دانہ بھی ہرگز نہیں آئے گا جب تک کہ نبی ﷺ اس کے متعلق اجازت نہ دیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4373
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن ابی حسین سے مروی ہے کہ نافع بن جبیر نے ہم سے بیان کیا: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: مسیلمہ کذاب رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں آیا اور کہنے لگا: اگر محمؐد اپنے بعد مجھے جانشین بنائیں تو میں اُن کا پیرو ہوں گا اور وہ مدینہ میں اپنی فوج کے بہت سے لوگوں کے ساتھ آیا۔ رسول اللہ ﷺ اس کے پاس آئے اور آپؐ کے ساتھ حضرت ثابت بن قیس بن شماسؓ تھے اور رسول اللہ ﷺ کے ہاتھ میں کھجور کی ایک چھڑی تھی۔ آپؐ آکر مسیلمہ کے سامنے جبکہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ بیٹھا تھا, کھڑے ہوگئے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تو مجھ سے یہ لکڑی کا ٹکڑا بھی مانگے, میں تمہیں یہ بھی نہ دوں اور تو ہرگز اللہ کے فیصلے سے آگے نہیں بڑھ سکے گا، جو تیرے لئے مقدر ہے اور اگر تو پیٹھ پھیر کر چلا گیا تو اللہ تمہاری جڑ کاٹ دے گا اور میں تمہیں وہی شخص دیکھ رہا ہوں جس کے متعلق مجھے خواب میں بہت کچھ دکھایا گیا ہے اور یہ ثابتؓ ہیں جو میری طرف سے تمہیں جواب دیں گے اور یہ کہہ کر آپؐ اس کو چھوڑ کر واپس چلے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4374
حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کے اس ارشاد کے متعلق پوچھا کہ تم کو میں وہی شخص دیکھ رہا ہوں جس کے متعلق مجھے خواب میں وہ کچھ دکھایا گیا جو دکھایا گیا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے مجھ سے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایک بار میں سویا ہوا تھا کہ اس اثنا میں مَیں نے اپنے ہاتھ میں سونے کے دو کنگن دیکھے۔ ان کی کیفیت نے مجھے فکر میں ڈال دیا۔ پھر مجھے خواب میں وحی کی گئی کہ میں ان پر پھونکوں۔ چنانچہ میں نے ان پر پھونکا اور وہ اُڑ گئے۔ میں نے ان کی تعبیر دو جھوٹے شخص سمجھے جو میرے بعد ظاہر ہوں گے۔ ان میں سے ایک عنسی ہے اور دوسرا مسیلمہ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4375
اسحاق بن نصر نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے, معمر نے ہمام سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہﷺ نے فرمایا: ایک بار میں سویا ہوا تھا کہ اس اثناء میں میرے پاس زمین کے خزانے لائے گئے اور میرے ہاتھ میں سونے کے دو کنگن ڈالے گئے۔ مجھ پر یہ گراں گزرا۔ پھر مجھے وحی کی گئی کہ میں ان پر پھونکوں۔ میں نے ان پر پھونکا تو وہ غائب ہوگئے۔ میں نے ان کنگنوں کی تعبیر دو جھوٹے شخص سمجھے جن کے درمیان میں ہوں۔ یعنی صنعاء والا (اسود عنسی) اور یمامہ والا (مسیلمہ کذاب)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4376
صلت بن محمد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے مہدی بن میمون سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابورجاء عطاردی سے سنا۔ کہتے تھے: ہم پتھروں کی پوجا کیا کرتے تھے جب ہم ایک پتھر پاتے جو پہلے سے بہتر ہوتا، اس کو پھینک دیتے اور دوسرے کو لے لیتے اور اگر کوئی پتھر نہ پاتے تو ہم مٹی کو اکٹھا کرکے ایک چھوٹی سی ڈھیری بناتے، پھر اس کے بعد بکری لاتے اور اس پر اُس کو دوہتے اور اس کا طواف کرتے۔ جب رجب کا مہینہ آتا، ہم کہتے: اَنّی اور تیروں کے اُتار کر رکھ دینے والا (مہینہ) آگیا ہے۔ تو کوئی برچھا نہ چھوڑتے جس میں لوہے کا پھل ہوتا اور نہ ہی کوئی ایسا تیر جس میں لوہے کا پھل ہوتا مگر اس کو کھینچ کر نکال لیتے اور اسے رجب کے مہینے میں ہی پھینک دیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4377
اور میں نے ابو رجاء سے سنا وہ کہتے تھے: جس زمانہ میں نبی ﷺ مبعوث ہوئے، میں اس وقت لڑکا ہی تھا۔ اپنے گھر والوں کے اونٹ چرایا کرتا تھا۔ جب ہم نے آپؐ کے ظاہر ہونے کی خبر سنی، ہم بھاگ کر آگ کی طرف چلے گئے یعنی مسیلمہ کذاب کی طرف۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4378
سعید بن محمد جرمی نے ہمیں بتایا۔ یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ (ابراہیم بن سعد) نے صالح (بن کیسان) سے, صالح نے ابن عبیدہ بن نشیط سے روایت کی اور ایک دوسری جگہ ان کا نام عبداللہ بیان ہوا ہے کہ عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے کہا: ہمیں یہ خبر پہنچی کہ مسیلمہ کذاب مدینہ میں آیا ہے اور حارث (بن کریز) کی بیٹی (کیسہ) کے گھر میں اُترا ہے اور حارث بن کریز کی بیٹی اس کی بیوی تھی اور وہ عبداللہ بن عامر کی ماں تھی۔ رسول اللہ ﷺ اس کے پاس آئے اور آپؐ کے ساتھ حضرت ثابت بن قیس بن شماسؓ بھی تھے اور یہ وہ شخص ہیں جو رسول اللہ ﷺ کے خطیب کہلاتے تھے اور اس وقت رسول اللہ ﷺ کے ہاتھ میں کھجور کی ایک چھڑی تھی۔ آپؐ مسیلمہ کے سامنے ٹھہر گئے اور اس سے گفتگو کی۔ مسیلمہ نے آپؐ کی بات سن کر آپؐ سے کہا: آپ چاہیں حکومت سے متعلق ہمارے درمیان دخل نہ دیں اور آپؐ اپنے بعد یہ امر ہمارے لئے ہی کردیں۔ نبی ﷺ نے یہ سن کر فرمایا: اگر تم مجھ سے یہ چھڑی بھی مانگو تو میں تمہیں یہ بھی ہرگز نہ دوں اور میں تمہیں وہی شخص سمجھتا ہوں جس کے بارے میں مجھے خواب میں بہت کچھ دکھایا گیا ہے اور یہ ثابتؓ بن قیس ہیں۔ میری طرف سے یہ تمہیں جواب دیں گے۔ یہ کہہ کر نبی ﷺ لَوٹ گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4379
عبیداللہ بن عبداللہ کہتے تھے: میں نے حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے رسول اللہ ﷺ کی اس رؤیا کی بابت پوچھا جس کا آپؐ نے ذکر کیا تھا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: مجھ سے ذکر کیا گیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایک بار میں سویا ہوا تھا کہ اسی اثناء میں مَیں دیکھتا ہوں کہ میرے دونوں ہاتھوں میں سونے کے دو کنگن ڈالے گئے ہیں۔ انہیں دیکھ کر میں گھبرا گیا اور میں نے انہیں ناپسند کیا۔ مجھے حکم ہوا (کہ ان پر پھونک مارو۔) میں نے ان پر پھونک ماری اور وہ اُڑ گئے۔ میں نے ان کی تعبیر یہ سمجھی کہ دو جھوٹے شخص ظاہر ہوں گے۔ عبیداللہ نے کہا: (ان میں سے) ایک (وہ) عنسی ہے جس کو فیروز نے یمن میں مار ڈالا اور دوسرا مسیلمہ کذاب ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4380
عباس بن حسین نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن آدم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے, اسرائیل نے ابواسحاق سے, ابواسحاق نے صلہ بن زُفر سے, صلہ نے حضرت حذیفہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عاقب (عبدالمسیح) اور سید (ایہم) جو نجران کے عیسائیوں کے دو رئیس تھے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔ وہ چاہتے تھے کہ آپؐ سے مباہلہ کریں۔ حضرت حذیفہؓ کہتے تھے: ان میں سے ایک نے اپنے ساتھی سے کہا: مباہلہ نہ کریں۔ کیونکہ اللہ کی قسم! اگر وہ نبی ہوئے اور ہمارے لئے لعنت کی دعا کی تو ہم کبھی کامیاب نہ ہوں گے اور نہ ہماری اولاد ہمارے بعد۔ ان دونوں نے کہا: ہم آپؐ کو جو بھی آپؐ ہم سے مانگیں گے, دیں گے۔ آپؐ ہمارے ساتھ ایک امین شخص بھیجیں اور آپؐ ہمارے ساتھ سوائے امین کے کسی کو نہ بھیجیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تمہارے ساتھ ایک امین شخص ہی بھیجوں گا جو بڑا ہی امین ہوگا۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ سر اُٹھا کر آپؐ کی طرف دیکھنے لگے۔ آپؐ نے فرمایا: ابوعبیدہ بن جراحؓ! اُٹھو کھڑے ہو جاؤ۔ جب وہ کھڑے ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ اس امت کا امین ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4381
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابواسحاق سے سنا۔ انہوں نے صلہ بن زفر سے, صلہ نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نجران والے نبی ﷺ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: ہمارے پاس ایک امین شخص بھیجیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تمہارے پاس ایک ایسا شخص بھیجوں گا جو پکا دیانت دار ہوگا۔ اس پر لوگ سر اُٹھا کر آپؐ کی طرف دیکھنے لگے اور آپؐ نے حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کو بھیجا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4382
ہم سے ابوالولید نے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں خالد (حذاء) سے, خالد نے ابوقلابہ سے, ابوقلابہ نے حضرت انسؓ سے, حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ آپؐ نے فرمایا: ہر ایک امت کا ایک امین ہوتا ہے اور اس امت کا امین ابوعبیدہ بن جراحؓ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4383
ہم سے قتیبہ بن سعید نے بیان کیا کہ ہمیں سفیان (بن عیینہ) نے بتایا کہ (محمد) بن منکدر نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا: اگر بحرین کا مال آ گیا تو میں تمہیں اس اس طرح (تین دفعہ) دوں گا۔ پھر بحرین کا مال نہ آیا اور رسول اللہ ﷺ فوت ہو گئے۔ جب حضرت ابوبکرؓ کے پاس وہ مال آیا تو انہوں نے ایک منادی کو حکم دیا۔ اس نے یہ پکار کر کہا: جس کا نبی ﷺ کے ذمہ کوئی قرضہ یا وعدہ ہو، وہ میرے پاس آ جائے۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: میں یہ سن کر حضرت ابوبکرؓ کے پاس آیا اور ان کو بتلایا کہ نبی ﷺ نے فرمایا تھا: اگر بحرین کا مال آیا تو تم کو اس طرح اس طرح (تین دفعہ) دوں گا۔ کہتے تھے: حضرت ابوبکرؓ نے مجھے دیا۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: پھر میں اس کے بعد حضرت ابوبکرؓ سے ملا اور ان سے مانگا۔ مگر انہوں نے مجھے نہ دیا۔ پھر ان کے پاس آیا۔ انہوں نے مجھے نہ دیا۔ پھر تیسری بار آیا۔ پھر نہ دیا۔ میں نے ان سے کہا: میں آپ کے پاس آیا اور آپ نے مجھے نہ دیا۔ پھر آپ کے پاس آیا۔ پھر نہ دیا۔ پھر آپ کے پاس آیا۔ تب بھی نہ دیا۔ یا تو آپ مجھے دیں یا یہ (مجھے کہہ دیں) کہ آپ مجھے دینے میں بخل کرتے ہیں۔ یہ سن کر حضرت ابوبکرؓ نے کہا: کیا تم نے یہ کہا ہے کہ میں تمہیں بخل کی وجہ سے نہیں دیتا؟ اور کون سی بیماری ہے جو بخل سے بڑھ کر ہے؟ حضرت ابوبکرؓ نے ان کو تین بار کہا۔ میں نے جب کبھی تمہیں دینے سے انکار کیا تو میں اس وقت یہ چاہتا تھا کہ تمہیں دوں؛ اور اسی سند سے عمرو (بن دینار) سے مروی ہے۔ انہوں نے محمد بن علی سے روایت بیان کی کہ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے سنا، کہتے تھے: میں حضرت ابوبکرؓ کے پاس آیا۔ تو حضرت ابوبکرؓ نے مجھے کہا: انہیں گنو۔ میں نے انہیں گنا اور وہ پانچ سو درہم تھے۔ پھر فرمایا: اتنے ہی دو دفعہ اور لے لو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4384
عبداللہ بن محمد اور اسحاق بن نصر نے مجھے بتایا۔ ان دونوں نے کہا: یحيٰ بن آدم نے ہم سے بیان کیا کہ (یحيٰ بن زکریا) بن ابی زائدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے, ان کے باپ نے ابواسحاق (عمرو بن عبداللہ سبیعی) سے, انہوں نے اَسوَد بن یزید سے, اَسوَد نے حضرت ابوموسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں اور میرا بھائی یمن سے آئے اور ہم کچھ دیر ٹھہرے۔ ہم ابن مسعودؓ اور ان کی ماں کو بوجہ اس کے کہ وہ آنحضرت ﷺ کے گھر میں بہت آیا جایا کرتے تھے اور ہمیشہ آنحضرت ﷺ کے ساتھ رہتے تھے, ان کو اہل بیت میں سے ہی سمجھتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4385
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالسلام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے, ایوب نے ابو قلابہ سے, ابو قلابہ نے زہدم (بن مضرب) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب حضرت ابو موسیٰؓ (کوفہ میں) آئے تو انہوں نے جَرم کے قبیلہ کی بہت عزت کی اور ہم ان کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور وہ مرغی کا گوشت صبح ناشتہ میں کھا رہے تھے اور لوگوں میں ایک شخص بیٹھا تھا۔ آپؓ نے اس کو کھانے کے لئے بلایا۔ وہ کہنے لگا: میں نے اس کو کچھ گندگی کھاتے ہوئے دیکھا تھا تو مجھے اس سے کراہت ہوگئی۔ یہ سن کر حضرت ابو موسیٰؓ نے اس سے کہا: آؤ بھی، کیونکہ میں نے نبی ﷺ کو مرغی کھاتے دیکھا ہے۔ اس نے کہا: میں نے قسم کھائی تھی کہ اسے نہیں کھاؤں گا۔ حضرت ابو موسیٰؓ نے کہا: ادھر آؤ، میں تمہاری قسم کی بابت بھی تمہیں بتاتا ہوں۔ ہم چند اشعری لوگ نبی ﷺ کے پاس آئے اور ہم نے آپؐ سے سواری مانگی۔ آپؐ نے ہمیں سواری دینے سے انکار کیا۔ پھر ہم نے آپؐ سے سواری مانگی۔ آپؐ نے قسم کھائی کہ میں سواری نہیں دوں گا۔ پھر نبی ﷺ تھوڑی دیر ہی ٹھہرے تھے کہ اتنے میں آپؐ کے پاس غنیمت کے کچھ اونٹ لائے گئے۔ تو آپؐ نے ہمیں پانچ اونٹ دینے کا حکم دیا۔ جب ہم نے آپؐ سے وہ اونٹ لئے تو ہم نے خیال کیا، نبی ﷺ کو اپنی قسم کا دھیان نہیں رہا (ہم نے اس سے فائدہ اُٹھایا ہے) ہم تو اس کے بعد کبھی بھی کامیاب نہ ہوں گے۔ یہ خیال کرکے میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے اور اب آپؐ نے ہمیں سواری دی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: ہاں مگر میں کوئی قسم نہیں کھاتا کہ پھر اس سے بہتر اور بات دیکھتا ہوں تو ضرور ہی کرتا ہوں جو اس سے بہتر ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4386
عمرو بن علی (فلاس) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو عاصم (نبیل) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا کہ ابو صخرہ جامع بن شداد نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) صفوان بن محرز مازنی نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت عمران بن حصینؓ نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: بنو تمیم رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔ آپؐ نے فرمایا: بنو تمیم تمہیں بشارت ہو۔ انہوں نے کہا: اب جبکہ آپؐ نے ہمیں بشارت دی ہے, کچھ ہمیں دیں بھی۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ کا چہرہ متغیر ہوگیا۔ پھر اہل یمن میں سے کچھ لوگ آئے اور نبی ﷺ نے فرمایا: تم ہی بشارت قبول کرلو جبکہ بنو تمیم نے اسے قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے قبول کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4387
عبداللہ بن محمد جعفی نے مجھے بتایا کہ وہب بن جریر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے, اسماعیل نے قیس بن ابی حازم سے, قیس نے حضرت ابومسعودؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ایمان اس طرف ہے اور آپؐ نے اپنے ہاتھ سے یمن کی طرف اشارہ کیا۔ اجڈ پن اور دلوں کی سختی ان لوگوں کے دلوں میں ہے جو اونٹوں کی دموں کے نیچے وقت بسر کرتے ہیں۔ جہاں شیطان کے دو سینگ پیدا ہوں گے یعنی ربیعہ اور مضر میں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4388
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ (محمد) ابن ابی عدی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے شعبہ سے, شعبہ نے سلیمان (اعمش) سے, انہوں نے ذکوان سے, ذکوان نے حضرت ابوہریرہؓ سے, انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی, (کہا:) اہل یمن تمہارے پاس آئے ہیں۔ وہ رقیق القلب اور نرم دل لوگ ہیں۔ ایمان بھی یمانی ہے اور حکمت بھی یمانی ہے۔ فخر اور اکڑ پن ان اونٹ والوں میں ہے اور اطمینان اور متانت بکری والوں میں ہے۔ اور غندر نے شعبہ سے, شعبہ نے سلیمان سے یوں روایت کی, کہا: میں نے ذکوان سے سنا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے, حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے اسی طرح روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah