کتاب 64: كتاب المغازى
صحیح بخاری, حصہ 21
صحیح بخاری 4349
احمد بن عثمان (بن حکیم) نے مجھ سے بیان کیا کہ شُرَیح بن مسلمہ نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم بن یوسف بن اسحاق بن ابی اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے روایت کی, (کہا:) میں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں خالد بن ولیدؓ کے ساتھ یمن کی طرف بھیجا۔ کہتے تھے: پھر اس کے بعد اُن کی جگہ حضرت علیؓ کو بھیجا اور آپؐ نے فرمایا: خالدؓ کے ساتھیوں سے کہنا کہ اُن میں سے جو تمہارے ساتھ پیچھے رہنا چاہے وہ پیچھے رہے اور جو چاہے چلا آئے۔ حضرت براءؓ کہتے تھے: میں اُن لوگوں میں سے تھا جو حضرت علیؓ کے ساتھ پیچھے رہے, کہتے تھے: میں نے کئی اوقیہ چاندی غنیمت میں حاصل کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4350
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ رَوح بن عبادہ نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن سُوَید بن منجوف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن بُرَیدہ سے, عبداللہ نے اپنے باپ (حضرت بُرَیدہؓ بن حصیب) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت علیؓ کو حضرت خالدؓ کے پاس بھیجا کہ وہ غنیمت کا پانچواں حصہ لائیں اور میں حضرت علیؓ سے ناراض تھا اور انہوں نے وہاں غسل کیا۔ میں نے حضرت خالدؓ سے کہا: کیا تم انہیں نہیں دیکھتے (کہ کیا کرتے ہیں؟) جب ہم نبی ﷺ کے پاس آئے, میں نے آپؐ سے یہ ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: بُرَیدہ! کیا تم علیؓ سے ناراض ہو؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اس سے ناراض نہ ہو کیونکہ اُس کا اس خمس میں اس سے زیادہ حصہ ہے (جو اُس نے نہیں لیا۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4351
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے عمارہ بن قعقاع بن شُبْرُمہ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ عبدالرحمٰن بن ابی نعم نے ہم سے بیان کیا, کہا: میں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے سنا۔ کہتے تھے کہ حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ ﷺ کو یمن کی طرف سے ایک سونے کا چھوٹا سا ٹکڑا رنگے ہوئے چمڑے میں لپیٹ کر بھیجا جو طبعی حالت میں تھا, کندن نہیں ہوا تھا حضرت ابوسعیدؓ کہتے تھے: آپؐ نے وہ ٹکڑا چار آدمیوں کے درمیان تقسیم کیا۔ عیینہ بن بدر, اقرع بن حابس, زید خیل (بن مہلہل) اور چوتھے علقمہ (بن علاثہ) یا عامر بن طفیل تھے۔ یہ دیکھ کر آپؐ کے صحابہ میں سے ایک شخص بولا: ان سے تو ہم اس کے زیادہ حق دار تھے۔ حضرت ابوسعیدؓ کہتے تھے: جب یہ خبر نبی ﷺ کو پہنچی آپؐ نے فرمایا: کیا تم مجھے امین نہیں سمجھتے جبکہ میں اس (ذات) کا امین ہوں جو آسمان میں ہے۔ صبح اور شام مجھے آسمان کی خبریں آتی ہیں۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: اس پر ایک شخص کھڑا ہوا جس کی آنکھیں اندر گھسی ہوئی تھیں، دونوں رُخسار اوپر کو اُٹھے ہوئے تھے، پیشانی اُبھرئی ہوئی، داڑھی گھنی، سر منڈا ہوا، تہ بند اُٹھائے ہوئے تھا۔ کہنے لگا: یارسول اللہؐ! اللہ سے ڈریں۔ آپؐ نے فرمایا: تم پر افسوس۔ کیا زمین کے تمام لوگوں میں سے مَیں ہی زیادہ اس لائق نہیں ہوں کہ اللہ سے ڈروں؟ کہتے تھے: پھر وہ شخص پیٹھ موڑ کر چلا گیا۔ خالد بن ولیدؓ نے کہا: یارسول اللہ! کیا میں اس کی گردن نہ اڑا دوں۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ شاید وہ نماز پڑھتا ہو۔ خالدؓ نے کہا: کتنے ہی نمازی ہیں اپنی زبان سے وہ کچھ کہتے ہیں جو اُن کے دل میں نہیں ہوتا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے یہ حکم نہیں دیا گیا کہ میں لوگوں کے دلوں کو کریدوں اور لوگوں کے پیٹوں کو پھاڑوں۔ کہتے تھے: پھر آپؐ نے اسے دیکھا جبکہ وہ پیٹھ پھیر کے جا رہا تھا تو فرمایا: اس کی نسل سے ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو اللہ کی کتاب بڑے مزے سے پڑھیں گے، ان کے گلے کے نیچے سے آگے نہیں جائے گی دین سے وہ ایسے نکلیں گے جیسے تیر شکار سے گزر جاتا ہے اور میرا خیال ہے کہ آپؐ نے یہ بھی فرمایا: اگر مَیں نے اُن کو پالیا تو مَیں اُن کو اس طرح قتل کروں گا جیسے ثمود قتل کئے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4352
مکی بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی کہ عطاء (بن ابی رباح) نے کہا کہ حضرت جابرؓ نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت علیؓ سے (جب وہ یمن سے لَوٹ کر آئے) فرمایا کہ وہ اپنے احرام پر ہی قائم رہیں۔ محمد بن بکر نے ابن جریج سے روایت کرتے ہوئے اتنا بڑھایا: عطاء نے کہا کہ حضرت جابرؓ کہتے تھے: حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ جس غرض کے لئے گئے تھے پوری کرکے آئے تو نبی ﷺ نے اُن سے پوچھا: علیؓ ! تم نے کس کا احرام باندھا ہے؟ انہوں نے کہا: وہی جس کا نبی ﷺ نے احرام باندھا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: پھر قربانی بھیج دو اور جیسے تم ہو ویسے ہی اپنے احرام پر رہو۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے کہ حضرت علیؓ آنحضرتؐ کے لئے بھی اپنے ساتھ قربانی کے جانور لائے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4353
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ بشر بن مفضل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید طویل سے روایت کی کہ بکر (بن عبداللہ) نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے (حضرت عبداللہ) بن عمرؓ سے ذکر کیا کہ حضرت انسؓ نے اُن سے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے عمرہ اور حج دونوں کا احرام باندھا تھا تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حج کا احرام باندھا اور ہم نے بھی آپؐ کے ساتھ اسی کا احرام باندھا۔ جب ہم مکہ میں آئے، آپؐ نے فرمایا: جس کے ساتھ قربانی نہ ہو تو وہ حج کو عمرہ کر ڈالے اور نبی ﷺ کے ساتھ قربانی کا جانور تھا۔ اس اثناء میں حضرت علی بن ابی طالبؓ یمن سے حج کرنے کے لئے آئے۔ نبی ﷺ نے پوچھا: تم نے کس کا احرام باندھا ہے؟ کیونکہ ہمارے ساتھ تمہارے گھر والے بھی ہیں۔ انہوں نے کہا: میں نے اسی کا احرام باندھا ہے جس کا نبی ﷺ نے احرام باندھا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اسی پر ٹھہرے رہو۔ ہمارے ساتھ بھی قربانی کا جانور ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4354
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ بشر بن مفضل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید طویل سے روایت کی کہ بکر (بن عبداللہ) نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے (حضرت عبداللہ) بن عمرؓ سے ذکر کیا کہ حضرت انسؓ نے اُن سے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے عمرہ اور حج دونوں کا احرام باندھا تھا تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حج کا احرام باندھا اور ہم نے بھی آپؐ کے ساتھ اسی کا احرام باندھا۔ جب ہم مکہ میں آئے، آپؐ نے فرمایا: جس کے ساتھ قربانی نہ ہو تو وہ حج کو عمرہ کر ڈالے اور نبی ﷺ کے ساتھ قربانی کا جانور تھا۔ اس اثناء میں حضرت علی بن ابی طالبؓ یمن سے حج کرنے کے لئے آئے۔ نبی ﷺ نے پوچھا: تم نے کس کا احرام باندھا ہے؟ کیونکہ ہمارے ساتھ تمہارے گھر والے بھی ہیں۔ انہوں نے کہا: میں نے اسی کا احرام باندھا ہے جس کا نبی ﷺ نے احرام باندھا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اسی پر ٹھہرے رہو۔ ہمارے ساتھ بھی قربانی کا جانور ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4355
مسدد نے ہمیں بتایا کہ خالد (بن عبداللہ طحان) نے ہم سے بیان کیا کہ بیان (بن بشر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قیس (بن ابی حازم) سے, قیس نے حضرت جریرؓ (بن عبداللہ بجلی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: زمانہ جاہلیت میں ایک بت خانہ تھا جسے ذوالخلصہ، کعبہ یمانی اور کعبہ شامی کہتے تھے۔ نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا کہ کیا ذوالخلصہ کو ختم کرکے تم مجھے اس کی طرف سے بے فکر نہیں کرو گے؟ یہ سن کر میں (اپنی قوم کے) ایک سو پچاس سوار لے کر چل پڑا۔ ہم نے وہ (بت خانہ) توڑ دیا اور جن کو اُس کے پاس پایا انہیں قتل کردیا۔ پھر میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو اس کی خبر دی تو آپؐ نے ہمارے لئے اور احمس قبیلہ کے لئے دعا کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4356
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں خبر دی کہ اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہمیں بتایا کہ قیس (بن ابی حازم) نے ہم سے بیان کیا۔ کہتے تھے: مجھ سے حضرت جریر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا تم مجھے ذوالخلصہ کی طرف سے بے فکر نہیں کرو گے؟ اور یہ خثعم قبیلہ میں بت خانہ تھا جسے کعبہ یمانی کہتے تھے۔ میں احمس قبیلہ کے ایک سو پچاس سوار لے کر چل پڑا اور یہ سب شہسوار تھے اور میں گھوڑے پر جم کر نہیں بیٹھا کرتا تھا۔ آپؐ نے میرے سینہ میں (اتنے زور سے) ہاتھ مارا کہ میں نے اپنے سینہ میں آپؐ کی انگلیوں کے نشان دیکھے۔ آپؐ نے دعا کی: اے اللہ! اس کو (گھوڑے پر) مضبوطی سے بیٹھنے کی توفیق دے اور اس کو ہادی اور مہدی بنا۔ چنانچہ حضرت جریرؓ ذوالخلصہ کی طرف چلے گئے اور اسے توڑ پھوڑ دیا اور جلا دیا۔ پھر انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی طرف ایک آدمی بھیجا۔ حضرت جریرؓ کے ایلچی نے کہا: اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو حق دے کر بھیجا ہے! میں آپؐ کے پاس نہیں آیا جب تک کہ میں نے اس کو ایسے حال میں نہیں چھوڑا کہ جیسے خارشی اونٹ ہوتا ہے۔ حضرت جریرؓ کہتے تھے: یہ سن کر آپؐ نے احمس کے گھوڑوں اور اُس کے لوگوں کو پانچ بار برکت کی دعا دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4357
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے, قیس نے حضرت جریرؓ (بن عبداللہ بجلی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا: کیا تم مجھے ذوالخلصہ کی طرف سے بے فکر نہیں کرو گے؟ میں نے کہا: کیوں نہیں (یا رسول اللہ!) یہ کہہ کر میں احمس قبیلہ کے ایک سو پچاس سوار لے کر چل پڑا۔ یہ سب شہسوار تھے اور میں گھوڑے پر جم کر نہیں بیٹھ سکتا تھا۔ میں نے نبی ﷺ سے یہ ذکر کیا۔ آپؐ نے میرے سینہ پر ہاتھ (اس زور سے) مارا کہ میں نے آپؐ کے ہاتھ کا نشان اپنے سینہ میں لگا دیکھا اور آپؐ نے دعا کی: اے اللہ! اس کو (گھوڑے پر) مضبوطی سے بیٹھنے کی توفیق دے اور اس کو ہادی اور مہدی بنا۔ حضرت جریرؓ کہتے تھے: اس کے بعد میں کبھی گھوڑے سے نہیں گرا۔ انہوں نے کہا: اور ذوالخلصہ یمن میں خثعم اور بجلیہ قبیلوں کا ایک معبد تھا جس میں بت رکھے ہوئے تھے، جنہیں پوجا جاتا تھا۔ لوگ اس کو کعبہ کہتے تھے۔ حضرت جریرؓ کہتے تھے: وہ وہاں آئے اور آگ سے اُسے جلا دیا اور توڑ پھوڑ دیا۔ قیس کہتے تھے: جب حضرت جریرؓ یمن میں پہنچے وہاں ایک شخص تھا جو تیروں سے فال لیا کرتا تھا۔ اسے کہا گیا کہ رسول اللہ ﷺ کا پیامبر یہاں ہے۔ اگر اُس نے تم پر قابو پا لیا، تمہاری گردن اڑا دے گا۔ کہتے تھے: اسی اثناء میں کہ وہ تیروں سے فال نکال رہا تھا کہ حضرت جریرؓ اس کے پاس آ کر کھڑے ہوئے اور کہا: تمہیں ان کو توڑنا اور یہ اقرار کرنا ہوگا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، ورنہ میں تمہاری گردن اڑا دوں گا۔ کہتے تھے: یہ سن کر اُس نے ان کو توڑ دیا اور (اللہ کی واحدانیت کا) اقرار کیا۔ پھر حضرت جریرؓ نے احمس قبیلہ کے ایک شخص کو جس کی کنیت ابوارطاہ تھی، رسول اللہ ﷺ کے پاس بھیجا کہ آپؐ کو ذوالخلصہ کے گرائے جانے کی بشارت دے۔ جب وہ شخص نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس آیا, کہنے لگا: یا رسول اللہ! اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو حق دے کر بھیجا، میں نہیں آیا جب تک کہ اُس کو اس طرح نہیں چھوڑا جس طرح کہ خارشی اونٹ ہوتا ہے۔ کہتے تھے: یہ سن کر نبی ﷺ نے احمس کے گھوڑوں اور اس کے آدمیوں کے لئے پانچ بار دعا کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4358
اسحاق (بن شاہین) نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن عبداللہ (طحان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد حذاء سے، انہوں نے ابوعثمان (نہدی) سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت عمرو بن عاصؓ کو ذات السلاسل کی فوج پر افسر مقرر کرکے بھیجا۔ حضرت عمروؓ کہتے تھے: جب میں آپؐ کے پاس (واپس) آیا تو میں نے آپؐ سے پوچھا: لوگوں میں سے آپؐ کو کون زیادہ پیارا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: عائشہؓ۔ میں نے کہا: مردوں میں سے کون زیادہ پیارا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اس کا باپ۔ میں نے کہا: پھر کون؟ آپؐ نے فرمایا: عمرؓ۔ اس کے بعد کئی شخصوں کو آپؐ نے شمار کیا۔ پھر میں چپ ہو رہا اس خوف سے کہ کہیں آپؐ مجھے سب لوگوں کے آخر نہ کر دیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4359
عبداللہ بن ابی شیبہ عبسی نے مجھ سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن ادریس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے, اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے, قیس نے حضرت جریرؓ (بن عبداللہ بجلی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں یمن میں (سمندر کے قریب) تھا تو میں اہل یمن میں سے دو شخصوں یعنی ذوکلاع اور ذوعمرو سے ملا۔ رسول اللہ ﷺ کے حالات مَیں ان سے بیان کرنے لگا تو ذوعمرو سن کر اُن سے کہنے لگا: اگر یہ صحیح ہے جو تو اپنے ساتھی کی نسبت بیان کرتا ہے تو اُن کی وفات پر تین دن گزر چکے ہیں اور وہ دونوں میرے ساتھ آئے۔ جب ہم نے کچھ راستے کو طَے کیا تو ایک قافلہ دور سے ہمیں دکھائی دیا جو مدینہ کی طرف سے آرہا تھا۔ ہم نے قافلہ والوں سے پوچھا۔ وہ کہنے لگے: رسول اللہ ﷺ فوت ہوگئے ہیں اور حضرت ابوبکرؓ خلیفہ مقرر ہوئے ہیں اور لوگ اچھے بھلے ہیں۔ یہ سن کر ذوالکلاع اور ذوعمرو دونوں نے کہا: تم اپنے ساتھی (حضرت ابوبکرؓ) کو خبر دو کہ ہم یہاں تک آگئے تھے۔ اگر اللہ نے چاہا تو شاید ہم پھر آئیں گے اور وہ یمن کو لَوٹ گئے۔ میں نے حضرت ابوبکرؓ کو اُن کا واقعہ بتایا۔ انہوں نے کہا: تم اُن کو لے کیوں نہ آئے؟ اس کے بعد جب کچھ مدت گزری, ذوعمرو نے مجھے کہا: جریرؓ مجھ پر تمہارا ایک احسان ہے اور میں تمہیں ایک بات بتاتا ہوں تم یعنی عرب کے لوگ ہمیشہ اچھے رہو گے جب تک کہ تم اس پر عمل کرو گے۔ یعنی اگر کوئی امیر فوت ہو تو تم دوسرے کو امیر بناؤ گے اور جب تلوار سے امارت ہوگی تو ایسے بادشاہ ہوں گے جو بادشاہوں کی طرح غصہ کا اظہار کریں گے اور بادشاہوں کی طرح خوش ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4360
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا, کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے وہب بن کیسان سے, وہب نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے سمندر کے کنارے کی طرف ایک لشکر بھیجا اور اُن پر حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کو امیر مقرر فرمایا اور وہ تین سو تھے۔ ہم نکلے اور ابھی کچھ راستہ طے کیا تھا کہ زادِ راہ ختم ہوگیا۔ حضرت ابوعبیدہؓ نے حکم دیا کہ سب توشے اکٹھے کئے جائیں۔ چنانچہ وہ اکٹھے کئے گئے تو وہ کُل دو تھیلے کھجوروں کے بنے۔ حضرت ابوعبیدہؓ ہمیں ہر روز تھوڑا تھوڑا کھانے کے لئے دیتے رہے یہاں تک کہ وہ بھی ختم ہوگیا۔ ہمیں ایک ایک کھجور ملتی تھی۔ میں نے حضرت جابرؓ سے پوچھا: ایک کھجور تمہاری کیا بھوک دور کرتی ہوگی۔ انہوں نے کہا: جب وہ بھی نہ رہی تو ہم نے اس وقت ایک کھجور کی عدم موجودگی محسوس کی۔ ہم سمندر پر پہنچے۔ کیا دیکھتے ہیں بڑے ٹیلے کی طرح ایک مچھلی ہے۔ لوگ اُس سے اٹھارہ راتیں کھاتے رہے۔ پھر حضرت ابوعبیدہؓ نے اس کی پسلیوں کے متعلق حکم دیا تو اس کی دو پسلیاں کھڑی کی گئیں اور اونٹنی کے بارے میں کہا تو اُس پر کجاوہ رکھا گیا۔ وہ اُن دونوں پسلیوں کے نیچے سے گزر گئی اور ان کو چھؤا تک نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4361
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عمرو بن دینار سے جو ہم نے یاد رکھا ہے وہ یہ ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے سنا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں بھیجا۔ ہم تین سو سوار تھے۔ ہمارے امیر حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ تھے۔ قریش کے تجارتی قافلہ کی نگرانی میں بیٹھ گئے۔ سمندر کے کنارے ہم آدھا مہینہ ٹھہرے رہے اور ہمیں سخت بھوک لگی۔ یہاں تک کہ ہم نے پتے بھی کھائے۔ اس لئے اس فوج کا نام جیش الخبط رکھا گیا۔ اس اثناء میں سمندر نے ہمارے لئے ایک جانور جس کو عنبر کہتے ہیں, پھینک دیا۔ ہم اس کا گوشت آدھا مہینہ کھاتے رہے اور اس کی چربی بدن پر ملا کرتے۔ یہاں تک کہ ہمارے جسم پھر ویسے کے ویسے تازہ ہوگئے (جیسے پہلے تھے۔) حضرت ابوعبیدہؓ نے اس کی پسلیوں میں سے ایک پسلی لی اور اس کو کھڑا کیا اور سب سے لمبا شخص جو اُن کے ساتھ تھا اُس کو لیا۔ اور ایک بار سفیان (بن عیینہ) نے اپنی روایت میں یوں کہا کہ انہوں نے اس کی پسلیوں میں سے ایک پسلی لی، اس کو کھڑا کیا۔ پھر ایک آدمی بمع اونٹ کے لیا جو اُس کے نیچے سے گزر گیا۔ حضرت جابرؓ نے یہ بھی کہا کہ لشکر میں ایک شخص تھا جس نے (لوگوں کے کھانے کے لئے تین دن) تین تین اونٹ ذبح کئے۔ پھر حضرت ابوعبیدہؓ نے اس کو روک دیا؛ اور عمرو (بن دینار) کہتے تھے: ابوصالح (ذکوان) نے ہمیں بتایا کہ قیس بن سعد نے اپنے باپ سے کہا: میں بھی اسی فوج میں تھا اور ان کو بھوک لگی تو حضرت ابوعبیدہؓ نے کہا: اونٹ ذبح کرلو۔ میں نے اونٹ ذبح کرلیا۔ کہتے تھے: پھر اُن کو بھوک لگی۔ حضرت ابوعبیدہؓ نے کہا: اونٹ ذبح کر لو۔ میں نے اونٹ ذبح کر لیا۔ کہتے تھے: پھر اُن کو بھوک لگی۔ حضرت ابوعبیدہؓ نے کہا: اونٹ ذبح کر لو۔ میں نے اونٹ ذبح کر لیا۔ قیس کہتے تھے: پھر اُن کو بھوک لگی۔ حضرت ابوعبیدہؓ نے کہا: اونٹ ذبح کرلو۔ کہتے تھے: پھر مجھے روک دیا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4362
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عمرو (بن دینار) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ جیش الخبط کے ساتھ حملہ میں ہم نکلے اور حضرت ابوعبیدہؓ کو امیر بنایا گیا تھا۔ ہمیں سخت بھوک لگی اور سمندر نے ایک مردہ مچھلی پھینک دی۔ ہم نے ایسی مچھلی کبھی نہیں دیکھی تھی۔ اسے عنبر کہتے ہیں۔ ہم اس کا گوشت آدھا مہینہ کھاتے رہے۔ پھر حضرت ابوعبیدہؓ نے اس کی ہڈیوں میں سے ایک ہڈی لی اور سوار اس کے نیچے سے گزر گیا۔ (ابن جریج نے کہا:) ابوزبیر نے مجھے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے حضرت جابرؓ سے سنا۔ کہتے تھے: حضرت ابوعبیدہؓ نے کہا: کھاؤ۔ جب ہم مدینہ آئے, نبی ﷺ سے ہم نے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: جو رزق اللہ نے نکالا ہو, اسے تم کھاؤ۔ ہمیں بھی کھلاؤ اگر تمہارے ساتھ کچھ ہو۔ ان میں سے کسی نے آپؐ کو ایک حصہ دیا اور آپؐ نے اس کو کھایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4363
سلیمان بن داؤد ابوربیع نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے حُمَید بن عبدالرحمٰن سے، حُمَید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے ان کو ایک جماعت کے ساتھ اس حج میں قربانی کے دن بھیجا، جس میں نبیﷺ نے اُن کو امیر مقرر فرمایا تھا جو حجۃ الوداع سے پہلے تھا کہ وہ لوگوں میں یہ اعلان کر دیں کہ اس سال کے بعد کوئی مشرک حج کو نہیں آئے گا اور نہ کوئی برہنہ بیت اللہ کا طواف کرے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4364
عبداللہ بن رجاء نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے, ابواسحاق نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سب سے آخری سورۃ جو پوری نازل ہوئی, سورۃ برأت ہے؛ حالانکہ سب سے آخری سورت جو نازل ہوئی سورۃ النساء کا آخر ہے: تم سے فتویٰ پوچھتے ہیں۔ کہو! اللہ تمہیں کلالہ کی بابت فتویٰ دیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4365
ابو نعیم (فضل بن دکین) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو صخرہ (جامع بن شداد) سے, انہوں نے صفوان بن محرز مازنی سے, صفوان نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: بنو تمیم کے کچھ لوگ نبی ﷺ کے پاس آئے۔ آپؐ نے فرمایا: بنی تمیم بشارت قبول کرو۔ وہ کہنے لگے: یا رسول اللہ! آپؐ نے ہمیں بشارت تو دی ہے۔ ہمیں کچھ دیں بھی۔ اس بات کا اثر آپؐ کے چہرے میں دیکھا گیا۔ پھر یمن کے کچھ لوگ آئے۔ آپؐ نے فرمایا: تم ہی بشارت قبول کرلو جبکہ بنو تمیم نے وہ قبول نہیں کی۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے آپؐ کی بشارت قبول کر لی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4366
زُہَیر بن حرب نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمارہ بن قعقاع سے، انہوں نے ابوزرعہ سے، ابوزرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: تین باتوں کے بعد میں بنو تمیم سے ہمیشہ محبت کرتا رہا۔ جنہیں میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ ان کے متعلق فرماتے تھے: وہ دجال کے مقابلہ میں میری تمام امت سے زیادہ مضبوط ہوں گے اور ان میں سے ایک قیدی عورت حضرت عائشہؓ کے پاس تھی۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو آزاد کر دو۔ کیونکہ وہ حضرت اسماعیلؑ کی اولاد سے ہے اور اُن کے صدقات آئے تو آپؐ نے فرمایا: یہ میری قوم کے صدقات ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4367
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھے بتایا کہ ہشام بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ان کو بتایا کہ ابن ابی ملیکہ سے مروی ہے کہ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے ان کو خبر دی کہ بنی تمیم کا ایک قافلہ نبی ﷺ کے پاس آیا۔ حضرت ابوبکرؓ نے عرض کیا: قعقاع بن معبد بن زرارہؓ کو ان کا امیر مقرر کر دیں۔ حضرت عمرؓ کہنے لگے: نہیں، بلکہ اقرع بن حابسؓ کو۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میری مخالفت ہی چاہتے ہو۔ حضرت عمرؓ نے کہا: آپ کی مخالفت کا ارادہ نہیں۔ دونوں میں تکرار ہوگئی، یہاں تک کہ ان کی آوازیں بلند ہوئیں۔ پھر اس واقعہ کے متعلق یہ وحی نازل ہوئی: اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! اللہ اور اس کے رسول کے سامنے بڑھ چڑھ کر باتیں نہ کیا کرو۔ ……
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4368
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوعامر عقدی نے ہمیں خبر دی کہ قرۃ (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوجمرہ سے روایت کی کہ (وہ کہتے تھے:) میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے کہا: میرے پاس ایک مٹکا ہے، جس میں نبیذ تیار کی جاتی ہے۔ میٹھی ہوتی ہے، میں اسے پیتا ہوں۔ کبھی زیادہ پی لیتا ہوں اور لوگوں کے ساتھ بیٹھتا ہوں اور دیر تک بیٹھتا ہوں۔ مجھے ڈر رہتا ہے کہ کسی وقت میری فضیحت نہ ہو۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: عبدالقیس کے نمائندے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: آنے والوں کی آمد خوشی خوشی ہو, نہ کبھی وہ رسوا ہوں اور نہ کبھی پشیمان۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہمارے اور آپؐ کے درمیان مضر کے مشرک ہیں اور ہم آپؐ تک نہیں پہنچ سکتے مگر حرمت کے مہینوں میں ہی۔ اس لئے آپؐ ہمیں مختصر احکام بتائیں کہ اگر ہم ان پر عمل کریں جنت میں داخل ہو جائیں اور جو ہم سے پیچھے ہیں انہیں ان پر عمل کرنے کے لئے دعوت دیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم کو چار باتوں پر عمل کرنے کا حکم دیتا ہوں اور چار باتوں سے تم کو روکتا ہوں۔ اللہ پر ایمان لانا, تم جانتے ہو اللہ پر ایمان لانا کیا ہے۔ یہ اقرار کرنا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور نماز سنوار کر ادا کرنا اور زکوٰۃ دینا اور ماہِ رمضان میں روزے رکھنا؛ اور یہ کہ تم غنیمت کے مالوں سے پانچواں حصہ ادا کرو اور تم کو چار باتوں سے روکتا ہوں: اس شراب سے جو کدو کے تونبہ اور کریدی ہوئی لکڑی کے برتن اور سبز لاکھی مرتبان اور رال کے روغنی برتن میں تیار کی جاتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah