کتاب 64: كتاب المغازى
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 4009
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حضرت محمود بن ربیعؓ نے مجھے بتایا کہ حضرت عتبان بن مالکؓ جو نبی ﷺ کے ان انصاری صحابہ میں سے تھے جو بدر میں شریک ہوئے، وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4010
احمد نے جو صالح کے بیٹے ہیں ہم سے بیان کیا کہ عنبسہ (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ یونس (بن یزید) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے کہا: پھر اس کے بعد میں نے حصین بن محمد (انصاری) سے حضرت محمود بن ربیعؓ کی اس حدیث کی نسبت پوچھا جو انہوں نے حضرت عتبانؓ بن مالک سے روایت کی۔ اور (حصین بن محمد) قبیلہ بنی سالم کے ایک فرد اور اس کے سرداروں میں سے تھے۔ انہوں نے حضرت محمودؓ کی (اس روایت کی) تصدیق کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4011
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے، انہوں نے کہا: عبداللہ بن عامر بن ربیعہ نے مجھے خبر دی اور وہ سردارانِ بنی عدی میں سے تھے اور ان کے باپ نبی ﷺ کے ساتھ بدر میں شریک تھے، (انہوں نے کہا:) حضرت عمرؓ نے حضرت قدامہ بن مظعونؓ کو بحرین کا امیر مقرر کیا اور یہ بھی بدر میں شریک ہوئے تھے اور یہ حضرت عبداللہ بن عمر اور (امّ المومنین) حضرت حفصہ رضی اللہ عنہم کے ماموں تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4012
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ (بن اسماء) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے زہری سے روایت کی کہ سالم بن عبداللہ نے انہیں خبر دی، کہا: حضرت رافع بن خدیجؓ نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ کو بتایا کہ ان کے دونوں چچوں نے جو بدر میں شریک تھے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے کھیتوں کو ٹھیکہ پر دینے سے روکا ہے۔ زہری نے سالم سے کہا: آپ تو انہیں ٹھیکے پر دیتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں (ہم تو دیتے ہیں) حضرت رافعؓ نے اپنے اوپر زیادتی کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4013
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ (بن اسماء) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے زہری سے روایت کی کہ سالم بن عبداللہ نے انہیں خبر دی، کہا: حضرت رافع بن خدیجؓ نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ کو بتایا کہ ان کے دونوں چچوں نے جو بدر میں شریک تھے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے کھیتوں کو ٹھیکہ پر دینے سے روکا ہے۔ زہری نے سالم سے کہا: آپ تو انہیں ٹھیکے پر دیتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں (ہم تو دیتے ہیں) حضرت رافعؓ نے اپنے اوپر زیادتی کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4014
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ حصین بن عبدالرحمٰن سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے عبداللہ بن شداد بن ہاد لیثی سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت رفاعہ بن رافع انصاریؓ کو دیکھا اور وہ بدری صحابی تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4015
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک مروَزی) نے ہمیں خبر دی کہ معمر اور یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ انہوں نے ان کو خبر دی۔ حضرت مِسوَر بن مخرمہؓ نے ان کو بتایا کہ حضرت عمرو بن عوفؓ نے جو بنو عامر بن لوئی کے حلیف اور نبی ﷺ کے ساتھ بدر میں شریک تھے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کو بحرین کی طرف جزیہ لینے کے لئے بھیجا اور رسول اللہ ﷺ نے بحرین والوں سے صلح کی تھی اور ان پر حضرت علاء بن حضرمیؓ کو امیر مقرر کیا تھا۔ چنانچہ حضرت ابوعبیدہؓ بحرین سے مال لے کر آئے اور انصار نے حضرت ابوعبیدہؓ کے آنے سے متعلق سنا اور وہ سب نبی ﷺ کے ساتھ نمازِ فجر پڑھنے کے لئے آگئے جب آپؐ نماز سے فارغ ہوئے تو وہ آپؐ کے سامنے آ بیٹھے۔ جب رسول اللہ ﷺ نے ان کو دیکھا تو مسکرائے اور فرمایا: میں سمجھتا ہوں تم نے سن لیا ہے کہ ابوعبیدہؓ کچھ لائے ہیں؟ انہوں نے کہا: جی ہاں یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: خوش ہو اور وہی امید رکھو جو تمہیں خوش کردے۔ اللہ کی قسم! محتاجی نہیں ہے کہ جس کا مجھے تمہارے متعلق اندیشہ ہو مگر میں اس بات سے ڈرتا ہوں کہ کہیں دنیا کی کشائش تم پر اس طرح ہو جس طرح کہ تم سے پہلوں پر ہوئی اور پھر تم اس کی خواہش ایک دوسرے سے بڑھ کر اسی طرح کرنے لگ جاؤ جس طرح انہوں نے اس کی خواہش کی اور وہ تم کو اسی طرح ہلاک کردے جس طرح ان کو ہلاک کردیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4016
ابو نعمان (محمد بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا کہ نافع سے مروی ہے کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما جو سانپ بھی دیکھ پاتے مار ڈالتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4017
آخر حضرت ابولبابہ بدریؓ نے ان سے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے گھروں کے سفید پتلے سانپ مارنے سے منع فرمایا ہے۔ پھر وہ اُن سے رُک گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4018
ابراہیم بن منذر نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن فُلَیح نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ سے روایت ہے کہ (انہوں نے کہا:) ابن شہاب کہتے تھے: حضرت انس بن مالکؓ نے ہم سے بیان کیا کہ انصار کے کچھ آدمیوں نے رسول اللہ ﷺ سے اجازت مانگی، کہنے لگے: ہمیں اجازت دیں کہ ہم اپنے بھانجے عباسؓ کو اُن کا فدیہ چھوڑ دیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! ایک درہم بھی اُن کو نہ چھوڑنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4019
ابوعاصم نے ہمیں بتایا: انہوں نے ابن جریج سے، انہوں نے زہری سے، زہری نے عطاء بن یزید سے، عطاء نے عبیداللہ بن عدی سے، عبیداللہ نے حضرت مقداد بن اسودؓ سے روایت کی۔ (امام بخاریؓ نے کہا:) اسحاق (بن منصور) نے بھی مجھے بتایا۔ یعقوب بن ابراہیم بن سعد نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب کے بھتیجے (محمد بن عبداللہ) نے اپنے چچا (ابن شہاب) سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا: عطاء بن یزید لیثی جندعی نے مجھے خبر دی کہ عبیداللہ بن عدی بن خیار نے ان کو بتایا کہ حضرت مقداد بن عمرو کندیؓ نے- اور وہ بنو زہرہ کے حلیف تھے اور ان لوگوں میں سے تھے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے ساتھ بدر میں شریک تھے- ان کو بتایا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا: (یارسول اللہ!) بتائیں اگر کفار میں سے کسی شخص سے میرا مقابلہ ہو جائے اور ہم دونوں لڑ پڑیں اور وہ میرا ایک ہاتھ تلوار سے کاٹ ڈالے۔ پھر مجھ سے ایک درخت کی پناہ لے کر یہ کہے: میں اللہ کی خاطر مسلمان ہوگیا۔ یارسول اللہ! کیا اب میں اس کو مار ڈالوں جبکہ اس نے ایسی بات کہی ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اسے قتل نہ کرو۔ حضرت مقدادؓ نے کہا: یارسول اللہ! اس نے میرا ایک ہاتھ کاٹ ڈالا ہے اور پھر اس کے بعد ایسا کہا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسے قتل نہ کرو کیونکہ اگر تم نے اسے قتل کر دیا تو وہ تمہارے اس درجہ پر ہو جائے گا جو تم کو اُس کے قتل کرنے سے پہلے حاصل تھا اور تم اس کے درجہ پر ہو جاؤ گے جو اُس کو اس کلمہ کے کہنے سے پہلے حاصل تھا جس کو اُس نے کہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4020
یعقوب بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا کہ (اسماعیل) بن علیّہ نے ہمیں بتایا کہ سلیمان (بن طرخان) تیمی نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے ہمیں بتایا: رسول اللہ ﷺ نے (ہم سے) بدر کے دن فرمایا: کون دیکھے گا کہ ابوجہل کا کیا حال ہے؟ یہ سن کر (حضرت عبداللہ) بن مسعودؓ چلے گئے اور دیکھا کہ عفراء کے دونوں بیٹوں (حضرت معاذؓ اور حضرت معوذؓ) نے اسے اتنا مارا ہے کہ وہ ٹھنڈا پڑ گیا ہے۔ حضرت ابن مسعودؓ نے کہا: تُو ہی ابوجہل ہے؟ ابن علیّہ کہتے تھے: سلیمان نے کہا: حضرت انسؓ نے اسی طرح یہ بتایا یعنی کہا: تُو ہی ابوجہل ہے؟ ابوجہل نے کہا: کیا مجھ سے بھی کوئی بڑھ کر ہے جس کو تم لوگوں نے مارا ہو؟ سلیمان کہتے تھے یا یوں کہا: جس کو اس کی قوم نے قتل کیا ہو؟ کہتے تھے: اور ابومجلز (لاحق بن حمید) کہتے تھے کہ ابوجہل نے یہ بھی کہا: اے کاش کہ زمیندار کے سوا کوئی اور مجھے قتل کرتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4021
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد نے ہمیں بتایا (کہا:) معمر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت ابن عباس نے حضرت عمر رضی اللہ عنہم سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ جب نبی ﷺ فوت ہوئے میں نے حضرت ابوبکرؓ سے کہا: آپؓ ہمارے بھائی انصار کے پاس ہمارے ساتھ چلیں (چنانچہ ہم گئے) اور ان میں سے دو نیک آدمی ہمیں ملے جو بدر میں شریک ہوئے تھے۔ میں نے عروہ بن زبیر سے یہ بیان کیا تو انہوں نے کہا: وہ حضرت عویم بن ساعدہؓ اور حضرت معن بن عدیؓ تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4022
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن فُضَیل سے سنا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے روایت کی کہ غزوۂ بدر میں شریک ہونے والوں کا (سالانہ) عطیہ پانچ پانچ ہزار تھا۔ اور حضرت عمرؓ نے کہا کہ میں اِنہیں فوقیت دوں گا اُن پر جو اِن کے بعد (کے صحابہ) ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4023
اسحاق بن منصور (مروَزی) نے مجھے بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے محمد بن جبیر سے، ابن جبیر نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو مغرب کی نماز میں سورۂ طور پڑھتے ہوئے سنا اور یہ پہلا موقع ہے کہ ایمان میرے دل میں بیٹھ گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4024
اور زُہری سے مروی ہے۔ انہوں نے محمد بن جبیر بن مطعم سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے بدر کے قیدیوں کی نسبت فرمایا کہ اگر مطعم بن عدی زندہ ہوتے اور پھر وہ مجھ سے ان بدبودار لوگوں کے بارے میں سفارش کرتے تو میں ان کی خاطر انہیں چھوڑ دیتا۔ اور لیث نے یحيٰ بن سعید (بن قیس) سے۔ یحيٰ نے سعید بن مسیب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: پہلا فتنہ یعنی حضرت عثمانؓ کی شہادت ایسے وقت میں ہوئی کہ بدر میں شریک ہونے والوں میں سے کوئی باقی نہ تھا۔ پھر اس کے بعد دوسرا فتنہ یعنی حرّہ کا واقعہ ایسے وقت میں ہوا کہ ان لوگوں میں سے کوئی باقی نہ تھا جو حدیبیہ میں شریک تھے۔ پھر تیسرا فتنہ ہوا اور وہ اس وقت تک دور نہ ہوا جب تک کہ لوگوں میں کچھ طاقت باقی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4025
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عمر النمیری نے ہمیں بتایا۔ یونس بن یزید نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے زہری سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے عروہ بن زبیر، سعید بن مسیب، علقمہ بن وقاص اور عبیداللہ بن عبداللہ سے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا واقعہ سنا، ان میں سے ہر شخص نے اس واقعہ کا ایک حصہ مجھ سے بیان کیا۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں اور مسطحؓ کی ماں (سلمیٰ بنت ابی رہمؓ) دونوں (قضائے حاجت کے لئے) چلیں۔ مسطحؓ کی ماں نے اپنی اوڑھنی سے اُلجھ کر ٹھوکر کھائی۔ بولیں: مسطحؓ کا ستیا ناس! میں نے کہا: کیا ہی بُرا کلمہ ہے جو تم نے کہا ہے، ایسے شخص کو گالیاں دیتی ہو جو بدر میں شریک تھا۔ پھر زہری نے افک کا واقعہ بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4026
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا۔ محمد بن فُلَیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: یہ رسول اللہ ﷺ کی جنگیں ہیں اور پھر انہوں نے (بدر کا) واقعہ بیان کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے جبکہ آپؐ (کفار کی لاشوں کو کنویں میں) ڈلوا رہے تھے فرمایا: تمہارے ربّ نے جو تم سے وعدہ کیا تھا کیا تم نے اس کو سچا پا لیا ہے؟ موسیٰ (بن عقبہ) کہتے تھے: نافع نے کہا کہ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) بیان کرتے تھے: آپؐ کے صحابہؓ میں سے بعض نے کہا: یارسول اللہ! آپؐ مُردوں کو پکارتے ہیں؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم ان سے زیادہ نہیں سن رہے جو میں نے کہا ہے۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: (موسیٰ بن عقبہ نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے کہا:) قریش میں سے وہ جو بدر میں شریک ہوئے تھے جن کا حصہ غنیمت کے مال میں رکھا گیا تھا، کل اکاسی شخص تھے اور عروہ بن زبیر کہتے تھے: حضرت زبیرؓ نے کہا: ان کے حصے تقسیم کئے گئے اور وہ ایک سو تھے۔ واللہ اعلم۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4027
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت زبیر (بن عوامؓ) سے روایت کی، انہوں نے کہا: جنگ بدر کے دن مہاجرین کے لئے سو حصے رکھے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4028
اسحاق بن نصر نے ہمیں بتایا۔ عبدالرزاق (بن ہمام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: بنو قریظہ اور بنو نضیر دونوں نے (آنحضرت ﷺ سے) لڑائی کی مگر آپؐ نے بنو نضیر کو تو جلا وطن کردیا اور بنو قریظہ کو رہنے دیا اور ان سے نیک سلوک کیا یہاں تک کہ بنو قریظہ نے (جنگ خندق میں آپؐ سے) لڑائی کی تو آپؐ نے اُن کے مَردوں کو قتل کئے جانے کا حکم دیا اور ان کی عورتیں بچے اور مال مسلمانوں کے درمیان تقسیم کئے گئے۔ ان میں سے بعض کے سوا جو نبی ﷺ سے آکر ملے، آپؐ نے اُن کو اَمان دی اور وہ مسلمان ہوگئے اور مدینہ کے سب یہودیوں کو جلاوطن کردیا یعنی بنو قینقاع کو- اور وہ عبداللہ بن سلام کی قوم میں سے تھے- اور ایسا ہی بنو حارثہ کے یہودیوں کو بھی اور ان تمام یہودیوں کو جو مدینہ میں تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah