کتاب 64: كتاب المغازى
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 4029
حسن بن مدرک نے مجھے بتایا۔ یحيٰ بن حماد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر (جعفر بن ابی وحشیہ) سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ سے میں نے کہا: سورۃ الحشر تو انہوں نے کہا: اسے سورۃ النضیر کہو۔ ابوعوانہ کی طرح ہُشَیم نے بھی ابوبشر سے یہی روایت بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4030
عبداللہ بن ابی اسوَد نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سلیمان) سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے میں نے سنا۔ وہ کہتے تھے: انصار میں سے بعض لوگ نبی ﷺ کیلئے کھجور کے درخت مخصوص کر دیتے تھے یہاں تک کہ قریظہ اور نضیر مفتوح ہوئے تو اس کے بعد آنحضرتﷺ ہدیہ میں دیئے ہوئے درخت ان لوگوں کو واپس کرنے لگے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4031
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے بنو نضیر کے کھجوروں کے درخت جلوا دئیے اور کٹوا ڈالے یعنی بُوَیرہ باغ کے۔ اور اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔ یعنی تم نے کھجوروں کے جو درخت کاٹ ڈالے ہیں یا جنہیں اپنی جڑوں پر کھڑا رہنے دیا ہے تو یہ سب اللہ کے حکم سے ہوا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4032
اسحاق (بن منصور) نے مجھ سے بیان کیا (کہا:) حبان نے ہمیں خبر دی کہ جویریہ بن اسماء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے بنو نضیر کی کھجوروں کے درخت جلوا دئیے۔ کہتے تھے اور انہی کی نسبت حضرت حسان بن ثابتؓ نے یہ شعر کہے: بنو لؤی کے سرداروں کے لئے یہ معمولی بات تھی وہ آگ جو بُوَیرہ میں شعلہ زن ہوئی حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: ابوسفیان بن حارث (بن عبدالمطلب) نے (جو ابھی مسلمان نہیں ہوئے تھے) حسان کو یہ جواب دیا: اللہ اس کارروائی کو ہمیشہ جاری رکھے اور مدینہ کے چاروں طرف آگ بھڑکتی رہے، عنقریب تم جان لوگے کہ ہم میں سے کون اس آگ سے دور رہے گا اور یہ بھی جان لو گے کہ ہمارے ملک میں سے کس علاقہ کو یہ آگ نقصان دے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4033
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: مالک بن اوس بن حدثان نصری نے مجھے خبر دی کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے ان کو بلایا (وہ ان کے پاس آگئے) اتنے میں حضرت عمرؓ کے پاس اُن کا دربان یرفأ آیا اور کہنے لگا: کیا آپؓ اجازت دیتے ہیں کہ حضرت عثمانؓ, حضرت عبدالرحمٰن (بن عوفؓ), حضرت زبیرؓ اور حضرت سعد (بن ابی وقاصؓ) آپؓ سے ملیں؟ یہ لوگ آپؓ سے اجازت طلب کرتے ہیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: ہاں اُن کو اندر لے آؤ۔ تھوڑی دیر گزری تھی کہ پھر وہ آیا اور کہنے لگا: کیا آپؓ چاہتے ہیں کہ حضرت عباسؓ اور حضرت علیؓ آپؓ سے ملیں؟ یہ دونوں اجازت چاہتے ہیں۔ آپؓ نے کہا: ہاں۔ جب یہ دونوں اندر آئے، حضرت عباسؓ نے کہا: امیر المؤمنین! میرے اور علیؓ کے درمیان فیصلہ کر دیں اور اُن دونوں کے درمیان اس مالِ غنیمت سے متعلق اختلاف تھا جو اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو بنی نضیر سے دلوایا تھا۔ حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ نے ایک دوسرے کو سخت سُست کہا تھا۔ اس جماعت نے کہا: امیرالمؤمنین! ان دونوں کے درمیان فیصلہ کر دیں اور ایک کو دوسرے سے چھٹکارا دلائیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: ذرا ٹھہریں، میں تم کو اُس اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں جس کے حکم سے آسمان و زمین قائم ہیں، کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا: ہمارا کوئی وارث نہیں ہوتا جو ہم چھوڑ جائیں صدقہ ہوتا ہے؟ اس سے آنحضرت ﷺ کی اپنی ذات مراد تھی۔ کہنے لگے: بے شک آپؐ نے یہ فرمایا تھا۔ اس پر حضرت عمرؓ حضرت عباسؓ اور حضرت علیؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہا: میں تم دونوں کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے یہ فرمایا تھا؟ دونوں نے کہا: ہاں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: تب میں تمہیں اس معاملہ کی اصلیت بتاتا ہوں۔ اللہ پاک نے اپنے رسول ﷺ کو اس مالِ غنیمت میں ایک خاص حق دیا تھا جو آپؐ کے سوا کسی اور کو نہیں دیا۔ چنانچہ اللہ جل ذکرہ نے فرمایا ہے: جو مال اللہ نے اپنے رسولؐ کو اُن سے دلوایا ہے اور تم نے اس کے لئے نہ گھوڑے دوڑائے ہیں نہ اونٹ لیکن اللہ اپنے رسولوں کو جس کا چاہتا ہے مالک بنا دیتا ہے اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے، تو یہ مال رسول اللہ ﷺ کے لئے خاص تھا۔ پھر بخدا آپؐ نے تمہیں چھوڑ کر یہ مال اپنے لئے محفوظ نہیں رکھا اور اسے اپنے لئے خاص نہیں کیا بلکہ تمہیں دیا اور تم پر تقسیم کیا اور اس غنیمت میں سے یہ مال باقی رہا اور اس مال میں سے رسول اللہ ﷺ اپنے گھر والوں کو اُن کے ایک سال کا خرچ دیا کرتے تھے اور پھر جو باقی رہتا اسے اللہ کی راہ میں خرچ کرتے۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ اپنی ساری زندگی میں ایسا ہی کرتے رہے۔ آپؐ فوت ہوگئے تو حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کا قائم مقام ہوں اور حضرت ابوبکرؓ نے یہ مال اپنے قبضہ میں لیا اور انہوں نے اس میں ایسا ہی تصرف کیا جیسا کہ رسول اللہ ﷺ نے کیا تھا اور یہ کہہ کر حضرت عمرؓ حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہا: تم دونوں کو یاد ہے کہ حضرت ابوبکرؓ نے اس میں ایسا ہی کیا جیسا کہ تم (بھی) کہتے ہو۔ اور اللہ خوب جانتا ہے کہ حضرت ابوبکرؓ اس کارروائی میں سچے اور نیک تھے اور صراط مستقیم پر قائم اور حق کے متبع رہے۔ پھر اللہ نے حضرت ابوبکرؓ کو وفات دی اور میں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کا مَیں جانشین ہوں۔ میں نے اپنی امارت میں دو برس تک یہ مال اپنے قبضہ میں رکھا اور اس میں ویسے ہی تصرف کرتا رہا جیسا رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکر نے کیا تھا اور اللہ جانتا ہے کہ میں اس میں صادق، نیک، صراطِ مستقیم پر قائم اور حق کا متبع تھا۔ پھر تم دونوں میرے پاس آئے اور تم دونوں کی بات اور تمہارا معاملہ ایک ہی تھا۔ پھر تم اے عباس! (اکیلے بھی) میرے پاس آئے میں نے تم سے یہی کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمارا کوئی وارث نہیں ہوتا، جو ہم چھوڑ جاتے ہیں وہ صدقہ ہے۔ جب مجھے مناسب معلوم ہوا کہ میں اس مال کو تم دونوں کے سپرد کروں تو میں نے کہا: اگر تم دونوں چاہو تو میں اس شرط سے تمہارے سپرد کئے دیتا ہوں کہ تم دونوں پر اللہ کا عہد و پیمان ہے۔ تم اس میں ویسا ہی تصرف کرو جیسا کہ رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ نے کیا تھا اور جیسا میں نے خلافت سنبھالنے کے بعد کیا ہے، ورنہ مجھ سے بات نہ کرو۔ تم دونوں نے کہا: اسی شرط پر ہمیں یہ دے دیں اور میں نے تمہارے سپرد یہ مال کر دیا۔ اب کیا تم مجھ سے اس کے سوا کوئی اور فیصلہ چاہتے ہو؟ اسی اللہ کی قسم ہے جس کے حکم سے زمین و آسمان قائم ہیں! میں اس سے متعلق قیامت تک بھی کوئی اور فیصلہ نہیں کروں گا۔ اگر تم اس مال کو سنبھالنے سے عاجز آگئے ہو تو پھر میرے سپرد کر دو، میں تمہاری جگہ اس کی نگرانی کروں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4034
زُہری کہتے تھے: میں نے یہ حدیث عروہ بن زبیر سے بیان کی تو انہوں نے کہا: مالک بن اوس نے سچ کہا: میں نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے بھی سنا، وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ کی ازواج نے حضرت عثمانؓ کو حضرت ابوبکرؓ کے پاس بھیجا وہ اس مالِ غنیمت سے جو اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو عطا کیا تھا اپنے ترکہ کا آٹھواں حصہ مانگتی تھیں مگر میں انکار کرتی تھی، میں نے اُن سے کہا: کیا تم اللہ کے غضب سے نہیں ڈرتیں؟ کیا تم نہیں جانتیں کہ نبی ﷺ فرمایا کرتے تھے: ہمارا کوئی وارث نہیں ہوتا جو ہم چھوڑ جائیں وہ صدقہ ہے؟ اس سے آپؐ کی مراد اپنی ہی ذات تھی، آلِ محمد ﷺ اس مال میں سے اپنے کھانے کے لئے لیا کریں گے۔ چنانچہ نبی ﷺ کی ازواج اس کو سن کر جو میں نے ان کو بتایا تھا ترکہ کا حصہ مانگنے سے رُک گئیں۔ عروہ کہتے تھے: یہ صدقہ حضرت علیؓ کے ہاتھ میں رہا، حضرت علیؓ نے حضرت عباسؓ کو نہ دیا اور پھر اُن سے زبردستی یہ مال لیا۔ پھر اس کے بعد حضرت حسن بن علیؓ کے ہاتھ رہا۔ پھر حضرت حسین بن علیؓ کے ہاتھ میں، پھر علی بن حسین اور حسن بن حسن کے ہاتھ میں۔ دونوں باری باری اس کا انتظام کرتے رہے۔ پھر زید بن حسن کے ہاتھ میں رہا اور یہ مال رسول اللہ ﷺ کا صحیح طور پر صدقہ رہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4035
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے ہمیں خبر دی کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ حضرت فاطمہ علیہا السلام اور حضرت عباسؓ دونوں اپنا ورثہ مانگنے کے لئے حضرت ابوبکرؓ کے پاس آئے یعنی آنحضرت ﷺ کی وہ زمین جو فدک میں ہے اور آپؐ کا وہ حصہ جو خیبر میں ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4036
حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میں نے نبی کریم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ ہمارا کوئی وارث نہیں، ہم جو چھوڑ جائیں صدقہ ہوتا ہے۔ آلِ محمدؐ اس مال سے کھائیں گے۔ اللہ کی قسم! اپنے رشتہ داروں کی نسبت رسول اللہ ﷺ کے رشتہ دار مجھے زیادہ پیارے ہیں کہ میں ان کے ساتھ حسن سلوک کروں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4037
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان )بن عیینہ( نے ہمیں بتایا۔ عمرو )بن دینار( کہتے تھے: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا، وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کعب بن اشرف سے کون نپٹے گا؟ اس نے اللہ اور اس کے رسول کو سخت اذیت دی ہے۔ محمد بن مسلمہؓ کھڑے ہوگئے، کہنے لگے: یا رسول اللہ! کیا آپؐ چاہتے ہیں کہ میں اسے مار ڈالوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ کہا: تو پھر آپؐ مجھے اجازت دیں کہ میں اپنی طرف سے اس کے لئے کوئی صورت پیدا کروں۔
آپؐ نے فرمایا: اجازت ہے۔ چنانچہ محمد بن مسلمہؓ اس کے پاس آئے اور کہنے لگے: اس شخص (نبی کریم ﷺ) نے ہم سے صدقہ مانگا ہے اور ہمیں کئی تکلیفوں میں مبتلا کر دیا ہے، میں تمہارے پاس آیا ہوں کہ تم سے ادھار لوں۔ کعب بولا: (ابھی کیا ہے) اور بھی تکلیفیں اٹھاؤ گے، بخدا اُس سے اکتا جاؤ گے۔ محمد بن مسلمہؓ نے کہا: چونکہ ہم اس کے ساتھ ہو لئے ہیں اس لئے پسند نہیں کرتے کہ اسے چھوڑ دیں جب تک یہ نہ دیکھ لیں کہ اس کا انجام کیا ہوتا ہے اور ہم چاہتے ہیں ایک یا دو وسق ے (غلہ یا کھجور) ہمیں ادھار دو۔ اور عمرو (بن دینار) نے یہ روایت کئی بار ہم سے بیان کی اور ایک یا دو وسق کا ذکر نہیں کیا۔ میں نے پوچھا: کیا اس روایت میں ایک یا دو وسق کا ذکر ہے؟ تو کہنے لگے: میں سمجھتا ہوں کہ ایک یا دو وسق کا ذکر ہے۔ کعب نے کہا: اچھا میرے پاس رہن رکھو۔ انہوں نے کہا: تم کیا شئے چاہتے ہو؟ کہنے لگا: اپنی عورتیں تم میرے پاس رہن رکھو۔ انہوں نے کہا: تمہارے پاس اپنی عورتیں کیسے رہن رکھیں حالانکہ تم عربوں میں نہایت خوبصورت ہو۔ کہنے لگا: پھر اپنے بیٹے ہی میرے پاس رہن رکھو۔ انہوں نے کہا: ہم تمہارے پاس اپنے بیٹوں کو کیسے رہن رکھیں انہیں طعنہ دیا جائے گا، کہا جائے گا کہ وہ ایک یا دو وسق کے لئے رہن رکھے گئے تھے، یہ ہمارے لئے عار ہے لیکن تمہارے پاس اپنی زرہیں رہن رکھتے ہیں۔ سفیان کہتے تھے: زرہ سے ان کی مراد ہتھیار تھی چنانچہ محمد بن مسلمہؓ نے کعب سے پھر اُس کے پاس آنے کا وعدہ کیا۔ چنانچہ وہ اس کے پاس رات کو آئے اور ان کے ساتھ ابو نائلہ بھی تھے جو کعب کے دودھ بھائی تھے، اس نے انہیں قلعہ کے اندر بلایا اور وہ ان کے پاس جب (اپنے بالاخانہ سے) نیچے آنے لگا تو اُس کی بیوی اُس سے کہنے لگی: اس وقت تم کہاں جاتے ہو؟ کعب نے کہا: یہ تو محمد بن مسلمہ اور میرے بھائی ابو نائلہ ہیں۔ (سفیان کہتے تھے:) عمرو بن دینار کے سوا اور لوگوں نے اس روایت میں یہ بھی کہا ہے کہ اس کی بیوی کہنے لگی: میں ایسی آواز سنتی ہوں کہ گویا جس سے خون ٹپک رہا ہے۔ کعب بولا: میرے بھائی محمد بن مسلمہ اور دودھ بھائی ابو نائلہ ہیں اور شریف آدمی کو رات کے وقت زخمی ہونے کے لئے بھی بلایا جائے تو وہ ضرور جائے گا۔ کہتے تھے اور محمد بن مسلمہ (قلعہ میں) اپنے ساتھ دو آدمی بھی لے گئے تھے۔ سفیان سے پوچھا گیا: کیا عمرو (بن دینار) نے ان کا نام لیا تھا؟ انہوں نے کہا: ان میں سے کسی کا نام لیا تھا۔ عمرو کہتے تھے: اور وہ اپنے ساتھ دو آدمی لے گئے۔ عمرو (بن دینار) کے علاوہ اوروں نے کہا: ابو عبس بن جبرؓ، حارث بن اوسؓ اور عباد بن بشرؓ کو (اپنے ساتھ لے گئے تھے)۔ عمرو (بن دینار) نے یہی کہا تھا کہ وہ اپنے ساتھ دو آدمی لے گئے تھے۔ محمد بن مسلمہؓ (اپنے ساتھیوں سے) کہنے لگے: جب کعب آئے تو میں اس کے بال پکڑ کر سونگھوں گا، جب تم دیکھو کہ میں نے اس کا سر مضبوطی سے پکڑ لیا ہے تو تم بڑھ کر اس کا کام تمام کر دینا اور کبھی (عمرو بن دینار نے) یوں کہا: پھر تم کو بھی سنگھاؤں گا۔ چنانچہ کعب ان کے پاس آیا، اس نے چادر اوڑھی تھی جو خوشبو سے مہک رہی تھی۔ محمد بن مسلمہؓ کہنے لگے: آج جیسی خوشبو تو میں نے کہیں نہیں پائی یعنی بہت ہی اچھی خوشبو ہے۔ اور عمرو (بن دینار) کے سوا اوروں نے کہا: کعب نے جواب میں کہا: میرے پاس عرب کی عورتوں میں سے وہ عورت بھی ہے جو سب سے زیادہ معطر اور حُسنِ کامل ہے۔ عمرو (بن دینار) نے کہا: محمد بن مسلمہؓ نے یہ سن کر کہا: کیا مجھے اجازت ہے کہ تمہارے سر کو سونگھوں؟ اس نے کہا: ہاں۔ انہوں نے اس کے سر کو سونگھا اور اپنے ساتھیوں کو بھی سنگھایا۔ پھر کہا: کیا (دوبارہ) سونگھنے کی اجازت ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ غرض جب (محمد بن مسلمہؓ نے اس کا سر) مضبوطی سے پکڑ لیا اور کہا: لو بڑھو، تو انہوں نے اس کا کام تمام کر دیا۔ پھر اس کے بعد وہ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے یہ واقعہ بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4038
اسحاق بن نصر نے مجھے بتایا۔ یحيٰ بن آدم نے ہم سے بیان کیا کہ (یحيٰ) ابن ابی زائدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابواسحاق (سبیعی) سے، انہوں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے چند آدمیوں کو ابورافع کی طرف بھیجا۔ چنانچہ حضرت عبداللہ بن عتیکؓ اس کے گھر میں رات کے وقت گئے جبکہ وہ سویا ہوا تھا اور انہوں نے اسے قتل کردیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4039
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل (بن یونس) سے، اسرائیل نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ابورافع یہودی کی طرف انصار کے کچھ آدمی بھیجے اور عبداللہ بن عتیکؓ کو اُن پر امیر مقرر کیا۔ ابورافع رسول اللہ ﷺ کو بہت ایذا دیا کرتا تھا اور آپؐ کے خلاف دشمنوں کی مدد کرتا تھا۔ وہ اپنے قلعہ میں جو حجاز میں تھا، رہتا تھا۔ جب وہ لوگ اس کے قریب پہنچے تو سورج غروب ہو چکا تھا اور لوگ اپنے جانوروں کے ریوڑ لے کر واپس ہو چکے تھے۔ عبداللہ (بن عتیکؓ ) نے اپنے ساتھیوں سے کہا: تم اپنی جگہ پر بیٹھے رہو۔ میں جاتا ہوں اور دربان سے کوئی حیلہ کرتا ہوں۔ ہو سکتا ہے کہ میں اندر چلا جاؤں۔ وہ گئے اور دروازے کے قریب پہنچ گئے۔ پھر کپڑا اوڑھ لیا۔ جیسا کہ وہ قضائے حاجت کر رہے ہیں اور سب لوگ اندر جا چکے تھے۔ اتنے میں دربان آیا۔ ان کو آواز دی (کہا: ) بندۂ خدا! اگر تم آنا چاہتے ہو تو آجاؤ۔ میں دروازہ بند کرنا چاہتا ہوں۔ میں اندر گیا اور گھات میں بیٹھ گیا۔ جب لوگ اندر آ چکے اس نے دروازہ بند کیا۔ پھر کنجیاں ایک کیل پر لٹکا دیں۔ عبداللہ بن عتیکؓ کہتے تھے: میں اُٹھ کر کنجیوں کی طرف گیا اور اُن کو لے کر دروازہ کھولا اور لوگ ابورافع کے پاس بات چیت کرنے کے لئے رات کو بیٹھا کرتے تھے۔ وہ اپنے بالاخانہ میں رہتا تھا۔ جب باتیں کرنے والے اس کے پاس سے چلے گئے تو میں اس کی طرف بالاخانہ میں گیا اور جو دروازہ بھی کھولتا اُس کو اندر سے بند کرتا جاتا تھا۔ میں نے اپنے دل میں کہا کہ اگر لوگ میری آہٹ پا بھی لیں تو جب تک میں اسے مار نہ لوں مجھ تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ میں اس کے پاس پہنچا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ ایک اندھیرے کمرے میں اپنے کنبے کے درمیان لیٹا ہوا ہے۔ مجھے پتہ نہ چلا کہ وہ کمرہ میں کہا ہے۔ میں نے کہا: ابورافع! کہنے لگا: کون ہے؟ مَیں آواز کی طرف لپکا۔ تلوار سے ایک ضرب لگائی اور میں دہشت زدہ تھا۔ میں سمجھا کہ میں نے کچھ بھی نہ کیا اور ابورافع چلایا۔ تب میں کمرے سے باہر آ گیا۔ تھوڑی دیر ہی ٹھہرا تھا کہ میں پھر اس کے پاس گیا اور کہا: ابورافع! یہ کیا آواز ہے؟ کہنے لگا: تیری ماں ہلاک! کوئی آدمی کمرے میں ہے، جس نے مجھ پر اپنی تلوار سے وار کیا ہے۔ عبداللہ بن عتیکؓ کہتے تھے: پھر میں نے ایک اور ضرب لگائی جس نے اس کو گھائل تو کر دیا مگر وہ مرا نہیں اور اس کے بعد میں نے اس کے پیٹ پر تلوار کی نوک رکھی (اور اس کو اتنا دبایا) کہ اس کی پیٹھ تک پہنچ گئی اور مجھے یقین ہو گیا کہ میں نے اس کو مار ڈالا ہے۔ پھر میں نے ایک ایک دروازہ کھولا اور سیڑھیوں تک پہنچ گیا۔ میں نے اپنا پاؤں رکھا اور سمجھا کہ زمین پر پہنچ گیا ہوں۔ میں گر پڑا۔ چاندنی رات تھی۔ میری پنڈلی کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ پھر پگڑی سے پنڈلی باندھ کر چل پڑا اور آ کر دروازہ پر بیٹھ گیا اور (دل میں) کہنے لگا: آج رات باہر نہیں نکلوں گا، جب تک یہ نہ جان لوں کہ میں نے اسے مار ڈالا ہے۔ جب مرغ نے بانگ دی تو موت کی خبر دینے والا قلعہ کی دیوار پر کھڑا ہوا اور کہنے لگا: ابورافع تاجرِ حجاز کے مرنے کی اطلاع دیتا ہوں۔ یہ سن کر میں اپنے ساتھیوں کے پاس چلا آیا۔ میں نے کہا: بچ نکلو، اللہ نے ابورافع کو مار ڈالا ہے۔ پھر نبی ﷺ کے پاس پہنچا اور آپؐ سے ماجرا بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اپنا پاؤں آگے کرو۔ میں نے اپنا پاؤں آگے کیا۔ آپؐ نے اس پر ہاتھ پھیرا۔ ایسا محسوس ہوا کہ مجھے ٹانگ میں کبھی درد ہی نہیں ہوا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4040
احمد بن عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ شُرَیح نے جو مسلمہ کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ (کہا:) ابراہیم بن یوسف (بن اسحاق) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابواسحاق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے عبداللہ بن عتیکؓ اور عبداللہ بن عتبہؓ کو کچھ لوگوں سمیت جو اُن کے ساتھ تھے ابورافع کی طرف بھیجا وہ چل پڑے۔ یہاں تک کہ قلعہ کے قریب پہنچے۔ عبداللہ بن عتیکؓ نے ان سے کہا: تم ٹھہرو اور میں جاکر دیکھتا ہوں۔ وہ کہتے تھے: میں چپکے سے بہانہ ڈھونڈنے لگا کہ کسی طرح قلعے میں داخل ہو جاؤں۔ اسی اثنا میں قلعہ والوں نے ایک گدھا گم پایا۔ کہتے تھے: وہ روشنی لے کر اُس کی تلاش میں نکلے۔ کہتے تھے: میں ڈرا کہ کہیں میں پہچانا نہ جاؤں۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنا سر ڈھانک لیا، جیسا کہ میں قضائے حاجت کر رہا ہوں۔ پھر دربان نے آواز دی۔ جس کو اندر آنا ہو دروازہ بند کرنے سے پہلے آجائے۔ اس پر میں بھی اندر چلا گیا اور پھر خرگاہ (گدھوں کے باندھنے کی جگہ) میں جو قلعہ کے دروازے کے پاس تھی چھپ رہا۔ لوگوں نے ابورافع کے پاس شام کا کھانا کھایا اور وہ باتیں کرتے رہے۔ یہاں تک کہ کچھ رات گزر گئی اور وہ اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ جب آوازیں مدھم ہوگئیں اور میں کوئی حرکت نہ سنتا تھا تو میں (اس طویلہ سے) باہر نکلا۔ انہوں نے کہا: میں نے پہلے ہی دربان کو دیکھ لیا تھا جہاں اس نے طاقچے میں قلعے کی چابی رکھی تھی۔ میں نے وہ لے لی اور قلعے کا دروازہ کھولا۔ کہتے تھے: میں نے اپنے دل میں خیال کیا اگر لوگ میری آہٹ پا بھی لیں گے تو میں آہستہ سے چل دوں گا۔ پھر میں اُن کی کوٹھڑیوں کے دروازے کی طرف گیا اور ان کو باہر سے بند کر دیا۔ پھر اس کے بعد ایک سیڑھی پر سے چڑھ کر میں ابورافع کے پاس گیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ کمرہ تاریک ہے۔ چراغ گل ہو چکا ہے۔ میں نہیں جانتا تھا کہ وہ شخص کس جگہ پر ہے۔ میں نے کہا: ابورافع! وہ بولا: کون ہے؟ کہتے تھے: میں (اس کی) آواز کی طرف بڑھا اور پھر اس پر ایک ضرب لگائی۔ وہ چلایا، مگر اس ضرب نے کچھ نہ کیا۔ کہتے تھے: پھر میں آیا جیسا کہ میں اس کی مدد کو پہنچا ہوں۔ میں نے کہا: ابورافع! تمہیں کیا ہوا اور میں نے اپنی آواز بدلی۔ اس نے کہا: دیکھو ارے تمہاری ماں مرے۔ تعجب کی بات نہ بتاؤں؟ ابھی کوئی شخص میرے پاس آیا اور اس نے تلوار سے مجھ پر وار کیا ہے۔ کہتے تھے: پھر میں اس کی طرف لپکا اور ایک اور ضرب لگائی۔ مگر اُس سے بھی کچھ نہ ہوا۔ وہ چلایا اور اس کے گھر والے اُٹھ کھڑے ہوئے۔ کہتے تھے: پھر میں اس کے پاس آیا اور اپنی آواز بدلی۔ جیسے کوئی مدد کو پہنچتا ہے۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ اپنی پیٹھ کے بل چت لیٹا ہے۔ میں نے تلوار اس کے پیٹ پر رکھی اور اس پر جھک کر بوجھ ڈالا۔ یہاں تک کہ میں نے ہڈی کا چٹاخہ سنا۔ پھر میں گھبرایا ہوا باہر نکلا اور سیڑھی تک پہنچا۔ اُترنا چاہتا تھا کہ میں گر پڑا اور میرے پاؤں کا جوڑ نکل گیا اور میں نے اس کو باندھ لیا۔ پھر پاؤں اُٹھاتا ہوا جیسے قیدی چلتا ہے، اپنے ساتھیوں کے پاس جا پہنچا۔ میں نے کہا: چلے جاؤ اور رسول اللہ ﷺ کو خبر دو۔ کیونکہ میں یہاں سے نہیں جاؤں گا، جب تک کہ موت کی خبر دینے والے کی آواز نہ سن لوں۔ جب صبح قریب ہوئی موت کی خبر دینے والا (قلعے کی دیوار پر) چڑھا اور اس نے کہا: میں ابورافع کے مرنے کی خبر دیتا ہوں۔ عبداللہ بن عتیکؓ کہتے تھے: میں اُٹھ کر چلنے لگا تو مجھے کوئی تکلیف نہ تھی۔ میں نے اپنے ساتھیوں کو نبی ﷺ کے پاس پہنچنے سے پہلے جا لیا اور آپؐ کو (ابورافع کے قتل ہونے کی) خوشخبری دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4041
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں خبر دی۔ خالد (حذاء) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے جنگ اُحد کے دن فرمایا: یہ جبریل اپنے گھوڑے کا سر تھامے جنگی ہتھیار لگائے آپہنچے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4042
محمد بن عبدالرحیم (صاعقہ) نے ہم سے بیان کیا کہ زکریا بن عدی نے ہمیں خبر دی۔ (عبداللہ) بن مبارک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حیوہ سے، حیوہ نے یزید بن ابی حبیب سے، یزید نے ابوالخیر (مرثد بن عبداللہ) سے، ابوالخیر نے حضرت عقبہ بن عامرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے آٹھ سال بعد اُحد کے شہیدوں پر نمازِ جنازہ پڑھی جیسے کوئی زندوں اور مُردوں کو الوداع کر رہا ہو پھر اس کے بعد آپؐ منبر پر گئے اور فرمایا: میں تمہارے آگے تمہارا پیشرو ہوں گا اور میں تمہارا گواہ ہوں گا اور اب تم سے ملنے کا مقام حوضِ کوثر ٹھہرا ہے اور میں اس حوض کو یہاں سے جہاں میں کھڑا ہوں دیکھ رہا ہوں اور تمہارے متعلق مجھے یہ اندیشہ نہیں کہ تم مشرک ہو جاؤ گے۔ لیکن تمہارے متعلق مجھے یہ ڈر ہے کہ اس دنیا کے بارے میں کہیں ایک دوسرے سے بڑھ کر حرص نہ کرنے لگو۔ حضرت عقبہؓ کہتے تھے: اور یہ رسول اللہ ﷺ کا آخری دیدار تھا جو مجھے نصیب ہوا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4043
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابواسحاق (عمرو بن عبداللہ سبیعی) سے، انہوں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: اُحد کے دن ہم نے مشرکوں سے مقابلہ کیا اور نبی ﷺ نے تیر اندازوں کا ایک دستہ گھاٹی پر بٹھا دیا اور حضرت عبداللہ (بن جبیرؓ) کو اُن پر امیر مقرر کیا اور فرمایا: تم اس جگہ سے نہ ہٹنا خواہ تم یہ بھی دیکھ لو کہ ہم ان پر غالب آگئے ہیں تو بھی اس جگہ کو نہ چھوڑنا اور اگر تم انہیں دیکھو کہ وہ ہم پر غالب آگئے ہیں تو بھی ہماری مدد کو نہ آنا۔ جب ہماری کافروں سے مڈبھیڑ ہوئی تو وہ بھاگ گئے یہاں تک کہ میں نے (ان کی) عورتوں کو دیکھا کہ وہ پہاڑ میں بھاگ رہی ہیں، انہوں نے اپنی پنڈلیوں سے کپڑا اُٹھایا ہوا تھا، ان کی پازیبیں دکھائی دیتی تھیں۔ مسلمانوں نے کہنا شروع کردیا: غنیمت! غنیمت! حضرت عبداللہ (بن جبیرؓ) نے (اپنے ساتھیوں سے) کہا: نبی ﷺ نے مجھے تاکید فرمائی تھی کہ تم اس جگہ سے نہ ہٹنا۔ وہ نہ مانے۔ جب وہ نہ مانے (اور اپنی جگہ چھوڑ دی) تو مسلمانوں کے منہ پھیر دئیے گئے اور ستر آدمی مارے گئے۔ ابوسفیان ایک اونچے مقام پر چڑھ کر پکارا: کیا ان لوگوں میں محمد ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اس کو جواب نہ دو۔ پھر وہ پکارا: کیا ان لوگوں میں ابوقحافہ کا بیٹا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: جواب نہ دو۔ پھر وہ پکارا: کیا ان لوگوں میں خطاب کا بیٹا ہے؟ (صحابہ چپ رہے۔) تب ابوسفیان کہنے لگا: یہ لوگ تو مارے گئے ہیں، اگر وہ زندہ ہوتے تو ضرور جواب دیتے۔ حضرت عمرؓ اپنے آپ کو قابو میں نہ رکھ سکے اور بول اُٹھے: ارے اللہ کے دشمن! تو نے جھوٹ کہا ہے، اللہ اُس کو زندہ رکھے جو تجھے ذلیل کرتا رہے۔ ابوسفیان پکارا: ہبل کا بول بالا ہو۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تم جواب دو۔ کہنے لگے: کیا کہیں؟ آپؐ نے فرمایا: کہو، اللہ سب سے بلند اور سب سے بزرگ ہے۔ ابوسفیان بولا: عُزّیٰ دیوی ہماری مددگار ہے اور تمہاری کوئی بھی عُزّیٰ نہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: جواب دو۔ کہنے لگے: کیا کہیں؟ فرمایا: کہو، اللہ ہمارا مددگار ہے اور تمہارا کوئی مددگار نہیں ہے۔ ابوسفیان نے کہا: یہ دن بدر کے دن کا بدلہ ہے اور لڑائی (میں جیت) کبھی تمہاری کبھی ہماری۔ اور تم ناک کان کٹی ہوئی لاشیں پاؤ گے جس کا میں نے حکم نہیں دیا اور مجھے بُرا بھی معلوم نہیں ہوا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4044
عبداللہ بن محمد نے مجھے خبر دی کہ سفیان (بن عُیَینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے حضرت جابرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جنگ اُحد کے دن بعض لوگوں نے صبح کو شراب پی اور پھر وہ جنگ میں شریک ہو کر شہید ہوگئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4045
عبدان نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ (بن مبارک) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے، سعد نے اپنے باپ ابراہیم سے روایت کی کہ حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ کے پاس کھانا لایا گیا اور وہ روزہ دار تھے، انہوں نے کہا: مصعب بن عمیرؓ شہید ہوئے اور وہ مجھ سے بہتر تھے اور ایسی چادر میں کفنائے گئے کہ اگر اُن کا سر ڈھانپا جاتا تو اُن کے پاؤں ظاہر ہو جاتے اور اگر پاؤں ڈھانپے جاتے تو سر ظاہر ہو جاتا اور میرا خیال ہے کہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حمزہؓ بھی شہید ہوئے اور وہ مجھ سے بہتر تھے۔ پھر ہمارے لئے دنیا کی کشائش ہوئی یا کہا: ہمیں دنیا سے جو ملا، ملا اور ہمیں ڈر ہے کہیں ہماری نیکیوں کا ثواب ہمیں جلدی سے نہ دے دیا گیا ہو۔ پھر وہ رونے لگے، اتنا روئے کہ کھانا چھوڑ دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4046
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا، کہتے تھے: ایک شخص نے جنگ اُحد کے دن نبی ﷺ سے کہا: بھلا بتلائیں کہ اگر میں مارا جاؤں میں کہاں ہوں گا؟ آپؐ نے فرمایا: جنت میں۔ یہ سن کر اُس نے کھجوریں جو اس کے ہاتھ میں تھیں پھینک دیں۔ پھر وہ ایسا لڑا کہ شہید ہوگیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4047
احمد بن یونس نے ہمیں بتایا۔ زُہَیر (بن معاویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شقیق (بن سلمہ) سے، شقیق نے حضرت خباب بن ارتّؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہجرت کی، اللہ کی رضامندی چاہتے تھے اور ہمارا اَجر اللہ کے ذمے ہوگیا اور ہم میں سے بعض وہ ہیں جو چل دئے یا کہا: چلے گئے، اپنے اجر سے کچھ نہ کھایا۔ ان میں سے مصعب بن عمیرؓ بھی تھے جو جنگ اُحد کے دن شہید ہوئے، انہوں نے سوائے ایک دھاری دار کمبل کے کچھ نہ چھوڑا تھا۔ جب ہم اس سے ان کا سر ڈھانپتے تو پاؤں کھل جاتے اور جب پاؤں ڈھانپتے تو سر کھل جاتا۔ نبی ﷺ نے ہم سے فرمایا: اس سے ان کا سر ڈھانپ دو اور ان کے پاؤں پر اِذخر گھاس رکھ دو یا فرمایا: ان کے پاؤں پر کچھ اذخر گھاس ڈال دو۔ اور ہم میں سے بعض ایسے بھی ہیں جن کا میوہ خوب پک چکا ہے اور وہ اسے چن رہے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4048
حسان بن حسان نے ہمیں بتایا۔ محمد بن طلحہ نے ہم سے بیان کیا کہ حمید (طویل) نے ہمیں بتایا۔ حضرت انسؓ سے مروی ہے کہ ان کے چچا غزوۂ بدر کے وقت کہیں باہر گئے ہوئے تھے، کہنے لگے: میں نبی ﷺ کی پہلی جنگ سے غیر حاضر ہوگیا، اگر اللہ نے نبی ﷺ کے ساتھ مجھے کسی لڑائی میں شریک کیا تو پھر اللہ دیکھ لے گا کہ میں کیسے جہاد کرتا ہوں۔ چنانچہ غزوۂ اُحد کا موقع ان کو مل گیا اور لوگ شکست کھا کر بکھر گئے تو (حضرت انس بن نضرؓ) کہنے لگے: اے اللہ! جو کچھ ان لوگوں یعنی مسلمانوں نے کیا ہے میں ان کی طرف سے تیرے حضور معذرت کرتا ہوں اور جو مشرکوں نے کیا ہے اس سے تیرے حضور بیزاری کا اظہار کرتا ہوں، یہ کہہ کر تلوار لی، آگے بڑھے اور راستے میں حضرت سعد بن معاذؓ سے ملے (جو دوڑے آرہے تھے۔) حضرت انسؓ نے کہا: سعدؓ کہاں جاتے ہو؟ میں تو اُحد کے سامنے جنت کی خوشبو سونگھ رہا ہوں، یہ کہہ کر آگے بڑھے اور لڑتے لڑتے شہید ہوگئے۔ (اتنے زخم تھے کہ) پہچانے نہ گئے۔ آخر اُن کی بہن نے اُن کے ایک تِل کے نشان سے یا انگلی کے پور سے انہیں پہچانا۔ ان پر اَسی سے کچھ اوپر نیزے کے زخم، تلوار کی ضربیں اور تیر کے نشان تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah