باب 35: باب غَزْوَةِ الْحُدَيْبِيَةِ
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 4187
اور ہشام بن عمار نے کہا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ عمر بن محمد عمری نے ہم سے بیان کیا کہ نافع نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ لوگ حدیبیہ کے دن نبی ﷺ کے ساتھ تھے۔ درختوں کے سایے میں وہ اِدھر اُدھر منتشر ہوگئے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ لوگ نبی ﷺ کے گرد جمع ہیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: عبداللہ دیکھو لوگ کیوں رسول اللہ ﷺ کے گرد جمع ہیں؟ حضرت ابن عمرؓ نے جا کر دیکھا کہ وہ بیعت کر رہے ہیں اس لئے انہوں نے بیعت کی۔ پھر حضرت عمرؓ کے پاس وہ لوٹ کر آئے اور حضرت عمرؓ بھی نکلے اور انہوں نے بھی جا کر بیعت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4188
(محمد بن عبداللہ) بن نمیر نے ہم سے بیان کیا کہ یعلیٰ (بن عبید) نے ہمیں بتایا کہ اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما سے سنا، کہتے تھے: ہم نبی ﷺ کے ساتھ تھے جب آپؐ نے عمرہ کیا۔ آپؐ نے طواف کیا اور ہم نے بھی آپؐ کے ساتھ طواف کیا اور آپؐ نے نماز پڑھی اور ہم نے بھی آپؐ کے ساتھ نماز پڑھی اور آپؐ صفا و مروہ کے درمیان دوڑے اور ہم اہل مکہ سے آپؐ کو آڑ میں لیتے ہوئے حفاظت کر رہے تھے کہ کوئی آپؐ کو ضرر نہ پہنچائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4189
حسن بن اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن سابق نے ہمیں بتایا کہ مالک بن مغوَل نے ہم سے بیان کیا انہوں نے کہا: میں نے ابوحصین سے سنا، انہوں نے کہا: ابو وائل (شقیق بن سلمہ) کہتے تھے: جب حضرت سہل بن حنیفؓ صفین سے آئے ہم ان کے پاس آئے، ان سے حال پوچھنے لگے۔ انہوں نے کہا: کسی رائے کے صحیح ہونے پر یقین نہ کرلیا کرو۔ میں ابوجندلؓ کے واقعہ میں اپنے آپ کو دیکھ چکا ہوں۔ اگر میں رسول اللہﷺ کا حکم ردّ کرسکتا تو ضرور ہی ردّ کرتا۔ اللہ اور اس کا رسول بہتر جاننے والے ہیں اور ہم نے کبھی کسی ایسے امر کے لئے جو ہمیں گھبراہٹ میں ڈال دے اپنے کندھوں پر تلواریں نہیں رکھیں مگر اُن تلواروں نے ہمارے لئے اس امر کو آسان کردیا جس کو ہم اس سے پہلے سمجھتے تھے کہ ہم اس کا ایک کونہ بند نہیں کریں گے کہ ہمارے لئے دوسرا کونہ کھول دیا جائے گا۔ نہیں جانتے تھے کہ اس سے کیونکر نپٹیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4190
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے مجاہد سے، مجاہد نے (عبدالرحمٰن) بن ابی لیلیٰ سے، انہوں نے حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: حدیبیہ کے زمانہ میں نبی ﷺ میرے پاس آئے اور میرے منہ پر جوئیں چڑھ رہی تھیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تمہیں تمہارے سر کے کیڑے تکلیف دے رہے ہیں؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر سر منڈوا ڈالو اور تین دن کے روزے رکھو یا چھ مسکینوں کو کھانا کھلاؤ یا ایک بکری قربان کرو۔ ایوب کہتے تھے: میں نہیں جانتا کہ ان تین باتوں میں سے کونسی آپؐ نے پہلے فرمائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4191
محمد بن ہشام ابو عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو بشر سے، ابو بشر نے مجاہد سے، مجاہد نے عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ سے، انہوں نے حضرت کعب بن عجرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم حدیبیہ میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے اور ہم نے احرام باندھے ہوئے تھے اور مشرکوں نے ہمیں (کعبہ کا طواف کرنے سے) روک دیا تھا۔ حضرت کعبؓ کہتے تھے: میرے لمبے بال تھے اور جوئیں میرے منہ پر گرنے لگیں۔ نبی ﷺ میرے پاس سے گزرے۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تمہارے سر کے کیڑے تمہیں تکلیف دیتے ہیں؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ (کہتے تھے:) اور اس وقت یہ آیت نازل ہوئی: فَمَنْ كَانَ مِنْكُمْ مَّرِيْضًا… (یعنی) جو تم میں سے بیمار ہو یا اس کے سر میں کوئی تکلیف ہو تو روزوں یا صدقہ یا قربانی کا فدیہ دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah