باب 35: باب غَزْوَةِ الْحُدَيْبِيَةِ
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 4167
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے بھائی (عبدالحمید) سے، انہوں نے سلیمان (بن بلال) سے، سلیمان نے عمرو بن یحيٰ (مازنی) سے، عمرو نے عباد بن تمیم سے روایت کی، انہوں نے کہا: جب حرہ کا واقعہ ہوا اور لوگ عبداللہ بن حنظلہ کی بیعت کر رہے تھے تو حضرت (عبداللہ) بن زید (انصاری مازنیؓ) نے پوچھا: ابن حنظلہ لوگوں سے کس بات پر بیعت لے رہے ہیں؟ انہیں بتایا گیا: موت پر۔ وہ کہنے لگے: میں رسول اللہ ﷺ کے بعد کسی سے بھی اس بات پر بیعت نہیں کروں گا اور وہ آنحضرت ﷺ کے ساتھ حدیبیہ میں شریک تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4168
یحيٰ بن یعلیٰ محاربی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا کہ ایاس بن سلمہ بن اکوع نے ہم سے بیان کیا، کہتے تھے: میرے والد نے مجھ سے بیان کیا اور وہ اُن لوگوں میں سے تھے جنہوں نے درخت کے نیچے آنحضرت ﷺ کی بیعت کی تھی، کہتے تھے: ہم نبی ﷺ کے ساتھ جمعہ پڑھا کرتے تھے۔ پھر ایسے وقت لوٹ جاتے جب دیواروں کا سایہ ایسا نہ ہوتا کہ ان کے سایہ سے ہم فائدہ اُٹھاتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4169
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا۔ یزید بن ابی عبید سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت سلمہ بن اکوعؓ سے پوچھا: حدیبیہ کے دن آپؓ نے رسول اللہ ﷺ سے کس بات پر بیعت کی تھی؟ انہوں نے کہا: موت پر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4170
احمد بن اشکاب نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علاء بن مسیب سے، علاء نے اپنے باپ سے روایت کی، انہوں نے کہا: میں حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے ملا ہوں اور میں نے کہا: کیا ہی خوش قسمتی ہے آپؓ کی کہ آپ نبی ﷺ کی صحبت میں رہے اور درخت کے نیچے آپ نے (آنحضرت ﷺ کی) بیعت کی۔ یہ سن کر وہ کہنے لگے: میرے بھتیجے! تم نہیں جانتے کہ ہم نے آپؐ کے بعد کیا کچھ کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4171
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن صالح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ معاویہ بن سلام نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابوقلابہ (عبداللہ بن زید جرمی) سے کہ حضرت ثابت بن ضحاکؓ نے ان کو بتایا کہ انہوں نے نبی ﷺ کی درخت کے نیچے بیعت کی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4172
احمد بن اسحاق نے مجھے بتایا کہ عثمان بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ (یہ جو اللہ تعالیٰ نے فرمایا:) اِنَّا فَتَحْنَا لَكَ … (ہم نے تمہیں کھلی کھلی فتح دی ہے۔) حضرت انسؓ کہتے تھے: اس سے مراد صلح حدیبیہ ہے۔ آپؐ کے صحابہ نے کہا: مبارک، ہمیں کیا ملا؟ تو اللہ نے یہ وحی نازل کی: تا وہ مومن مردوں اور عورتوں کو ایسی جنت میں داخل کرے جن کے دامن میں نہریں بہتی ہیں۔ شعبہ نے کہا: میں کوفہ میں آیا تو مَیں نے یہ ساری بات قتادہ کی روایت سے بیان کی۔ پھر واپس آیا تو مَیں نے ان سے اس کا ذکر کیا۔ وہ کہنے لگے: ’’اِنَّا فَتَحْنَا لَكَ‘‘ کی روایت حضرت انسؓ سے ہے اور هَنِيئًا مَرِيئًا (کا قول جو صحابہ کا ہے) عکرمہؓ سے مروی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4173
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا کہ ابوعامر (عقدی) نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل (بن یونس) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مجزاۃ بن زاہر اسلمی سے، مجزاۃ نے اپنے باپ سے روایت کی اور وہ ان لوگوں میں سے تھے جو درخت کے نیچے بیعت میں شریک ہوئے تھے، کہتے تھے: میں (خیبر کی جنگ میں) ان ہانڈیوں کے نیچے جن میں گدھوں کا گوشت تھا آگ جلا رہا تھا کہ رسول اللہ ﷺ کے منادی نے یوں آواز دی: رسول اللہ ﷺ گدھوں کے گوشت سے منع فرماتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4174
اور (اس سند سے) مجزاۃ کی روایت ہے کہ انہوں نے ان لوگوں میں سے جنہوں نے درخت کے نیچے بیعت کی، ایک شخص سے جس کا نام حضرت اُہبان بن اوس ؓ تھا روایت کی اور وہ گھٹنے کی درد سے بیمار تھے اور جب سجدہ کرتے تو اپنے گھٹنے کے نیچے تکیہ رکھ لیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4175
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ (محمد) بن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے بُشَیر بن یسار سے، بُشیر نے حضرت سُوَید بن نعمان ؓ سے روایت کی اور یہ ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے درخت کے نیچے بیعت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کے صحابہ کے پاس ستو لائے گئے جو انہوں نے منہ میں اِدھر اُدھر پھیر پھار کر کھا لئے۔ (ابن ابی عدی کی طرح) معاذ نے بھی شعبہ سے یہی روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4176
محمد بن حاتم بن بزیع نے ہم سے بیان کیا کہ شاذان (اسوَد بن عامر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے ابوجمرہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائذ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے پوچھا اور وہ نبی ﷺ کے ان صحابہ میں سے تھے جنہوں نے درخت کے نیچے بیعت کی تھی، کیا وتر توڑا جاسکتا ہے؟ انہوں نے کہا: جب تم رات کے پہلے حصہ میں وتر پڑھ لو تو رات کے آخر میں وتر نہ پڑھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4177
عبداللہ بن یوسف نے مجھ سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے اپنے باپ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ اپنے کسی سفر میں رات کو جا رہے تھے اور حضرت عمر بن خطابؓ بھی آپؐ کے ساتھ تھے، حضرت عمر بن خطابؓ نے آپؐ سے کسی بات کی نسبت پوچھا۔ رسول اللہ ﷺ نے جواب نہ دیا۔ پھر آپؐ سے پوچھا اور آپؐ نے پھر جواب نہ دیا۔ پھر انہوں نے آپؐ سے پوچھا اور آپؐ نے ان کو جواب نہ دیا۔ حضرت عمر بن خطابؓ نے (اپنے دل میں یہ) کہا: عمر تیری ماں تجھے کھوئے تو نے رسول اللہ ﷺ کے پیچھے پڑ کر تین بار پوچھا ہے اور ہر دفعہ آپؐ نے تجھے جواب نہیں دیا۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: میں نے اونٹ کو تیز کیا اور مسلمانوں کے آگے ہو گیا اور میں ڈرا کہ کہیں میرے متعلق قرآن نازل نہ ہو۔ تھوڑی دیر ٹھہرا تھا کہ میں نے ایک پکارنے والے کو سنا جو مجھے پکار رہا تھا۔ کہتے تھے: میں نے کہا: مجھے ڈر ہے کہ کہیں میرے متعلق قرآن نازل نہ ہوا ہو۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا، میں نے آپؐ کو السلام علیکم کہا۔ آپؐ نے فرمایا: آج رات مجھ پر ایک سورۃ نازل کی گئی ہے جو مجھے ان تمام اشیاء سے زیادہ پیاری ہے جن پر سورج چڑھا ہے۔ پھر آپؐ نے یہ سورۃ پڑھی: اِنَّا فَتَحْنَا لَكَ …(یقیناً ہم نے تجھے کھلی کھلی فتح عطا کی ہے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4178
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا، انہوں نے کہا: میں نے زُہری سے جب انہوں نے یہ حدیث بیان کی، سنا (کہتے تھے:) اس میں سے کچھ میں نے یاد رکھا اور جو میں بھولا ہوا تھا، معمر نے مجھے یاد دلایا۔ معمر نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت مِسوَر بن مخرمہؓ اور مروان بن حکم سے روایت کی۔ ان میں سے ایک اپنے ساتھی سے کچھ زیادہ بیان کرتا تھا۔ ان دونوں نے کہا: جس سال حدیبیہ کا واقعہ ہوا، نبیﷺ ایک ہزار سے کچھ زیادہ اپنے ساتھیوں کو لے کر نکلے۔ جب آپؐ ذوالحلیفہ میں پہنچے تو آپؐ نے قربانی کے گلے میں ہار ڈالا اور اس کے کوہان پر نشان لگایا اور وہاں سے عمرہ کا احرام باندھا اور اپنے ایک سراغ رساں کو بھیجا جو خزاعہ قوم سے تھا اور نبی ﷺ روانہ ہوگئے یہاں تک کہ آپؐ اشطاط کے جوہڑ پر پہنچے تو آپؐ کا سراغ رساں آپؐ کے پاس آیا۔ اس نے کہا: قریش نے آپؐ کیلئے بہت سے جتھے جمع کئے ہیں اور آپؐ کیلئے حبشی بھی اکٹھے کئے ہیں اور وہ آپؐ سے لڑیں گے اور آپؐ کو بیت اللہ سے روکیں گے اور عمرہ نہ کرنے دیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: لوگو! مجھے مشورہ دو، کیا تمہاری یہ رائے ہے کہ میں ان لوگوں کے بال بچوں پر حملہ کروں جو ہمیں بیت اللہ سے روکنا چاہتے ہیں؟ اگر وہ ہم پر حملہ کریں گے تو اللہ عزوجل مشرکوں کے ریاکار دوستوں کو کاٹ دے گا ورنہ ہم انہیں مفلوک و قلاش چھوڑ دیں گے۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ بیت اللہ کا عزم کرکے نکلے تھے، نہ کسی کو مارنے کا ارادہ تھا اور نہ کسی سے لڑنے کا، اس لئے آپؐ اسی طرف چلئے۔ جس نے ہم کو اس سے روکا، ہم اس سے لڑیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کے نام پر چلے چلو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4179

صحیح بخاری 4180
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب (بن ابراہیم بن سعد) نے ہمیں خبر دی کہ ابن شہاب کے بھتیجے نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے چچا (محمد بن مسلم بن شہاب) سے روایت کی کہ عروہ بن زبیر نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے مروان بن حکم اور حضرت مِسوَر بن مخرمہؓ سے سنا کہ وہ دونوں اس واقعہ کی خبر بیان کرتے تھے جو رسول اللہ ﷺ کے ساتھ عمرہ حدیبیہ میں پیش آیا تھا۔ عروہ نے ان دونوں سے روایت کرتے ہوئے مجھے جو بتایا اس میں یہ بھی تھا کہ جب رسول اللہ ﷺ نے غزوہ حدیبیہ میں سہیل بن عمرو سے قضیہ معیادی کا صلح نامہ لکھوایا اور سہیل بن عمرو نے جو شرطیں کی تھیں ان میں سے اس نے یہ بھی کہا تھا: تمہارے پاس ہم میں سے جو کوئی جائے گا اور وہ تمہارے دین پر بھی ہوا تو تم نے اسے ہماری طرف لوٹا دینا ہوگا اور ہمارے اور اس کے درمیان کوئی دخل نہیں دو گے۔ سہیل نے انکار کردیا کہ وہ رسول اللہ ﷺ سے بغیر اس کے صلح کرے۔ مومنوں نے اس شرط کو بُرا مانا اور پیچ و تاب کھانے لگے اور اس کے متعلق باتیں کرنے لگے۔ جب سہیل نے بغیر اس کے رسول اللہ ﷺ سے فیصلہ کرنے سے قطعی انکار کردیا تو رسول اللہ ﷺ نے اسے یہ شرط لکھنے کے لئے کہا اور رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوجندل بن سہیلؓ کو (جو مسلمان ہو چکے تھے) انہی ایام میں ان کے باپ سہیل بن عمرو کے پاس لوٹا دیا اور رسول اللہ ﷺ کے پاس جو مرد بھی (قریش سے) آتا تو آپؐ میعادی صلح کے دوران اسے واپس کر دیتے گو وہ مسلمان ہی ہوتا اور چند مومن عورتیں بھی ہجرت کرکے آئیں۔ حضرت امّ کلثوم بنت عقبہ بن ابی معیطؓ بھی ان لوگوں میں سے تھیں جو رسول اللہ ﷺ کے پاس نکل کر آئیں اور وہ ابھی ابھی بالغ ہوئی تھیں۔ ان کے رشتہ دار آئے، رسول اللہ ﷺ سے درخواست کرنے لگے کہ وہ اسے ان کو واپس کر دیں۔ اس وقت اللہ تعالیٰ نے مومن عورتوں کی بابت وحی نازل کی (کہ وہ واپس نہ کی جائیں)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4181
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب (بن ابراہیم بن سعد) نے ہمیں خبر دی کہ ابن شہاب کے بھتیجے نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے چچا (محمد بن مسلم بن شہاب) سے روایت کی کہ عروہ بن زبیر نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے مروان بن حکم اور حضرت مِسوَر بن مخرمہؓ سے سنا کہ وہ دونوں اس واقعہ کی خبر بیان کرتے تھے جو رسول اللہ ﷺ کے ساتھ عمرہ حدیبیہ میں پیش آیا تھا۔ عروہ نے ان دونوں سے روایت کرتے ہوئے مجھے جو بتایا اس میں یہ بھی تھا کہ جب رسول اللہ ﷺ نے غزوہ حدیبیہ میں سہیل بن عمرو سے قضیہ معیادی کا صلح نامہ لکھوایا اور سہیل بن عمرو نے جو شرطیں کی تھیں ان میں سے اس نے یہ بھی کہا تھا: تمہارے پاس ہم میں سے جو کوئی جائے گا اور وہ تمہارے دین پر بھی ہوا تو تم نے اسے ہماری طرف لوٹا دینا ہوگا اور ہمارے اور اس کے درمیان کوئی دخل نہیں دو گے۔ سہیل نے انکار کر دیا کہ وہ رسول اللہ ﷺ سے بغیر اس کے صلح کرے۔ مومنوں نے اس شرط کو بُرا مانا اور پیچ و تاب کھانے لگے اور اس کے متعلق باتیں کرنے لگے۔ جب سہیل نے بغیر اس کے رسول اللہ ﷺ سے فیصلہ کرنے سے قطعی انکار کر دیا تو رسول اللہ ﷺ نے اسے یہ شرط لکھنے کے لئے کہا اور رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوجندل بن سہیلؓ کو (جو مسلمان ہو چکے تھے) انہی ایام میں ان کے باپ سہیل بن عمرو کے پاس لوٹا دیا اور رسول اللہ ﷺ کے پاس جو مرد بھی (قریش سے) آتا تو آپؐ میعادی صلح کے دوران اسے واپس کر دیتے گو وہ مسلمان ہی ہوتا اور چند مومن عورتیں بھی ہجرت کرکے آئیں۔ حضرت امّ کلثوم بنت عقبہ بن ابی معیطؓ بھی ان لوگوں میں سے تھیں جو رسول اللہ ﷺ کے پاس نکل کر آئے اور وہ ابھی ابھی بالغ ہوئی تھیں۔ ان کے رشتہ دار آئے، رسول اللہ ﷺ سے درخواست کرنے لگے کہ وہ اسے ان کو واپس کر دیں۔ اس وقت اللہ تعالیٰ نے مومن عورتوں کی بابت وحی نازل کی (کہ وہ واپس نہ کی جائیں)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4182
ابن شہاب کہتے تھے اور مجھے عروہ بن زبیر نے بتایا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ ان مومن عورتوں کا جو ہجرت کرکے آئیں، اس آیت کے مطابق امتحان لیتے تھے: يٰۤاَيُّهَا النَّبِيُّ اِذَا جَآءَكَ الْمُؤْمِنٰتُ… (یعنی اے نبی! جب مومن عورتیں تیرے پاس آئیں …۔) اور (ابن شہاب کے بھتیجے نے) اپنے چچا سے (مذکورہ بالا سند سے) روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ خبر پہنچی: اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو یہ حکم دیا کہ مشرکوں نے اپنی بیویوں پر جو خرچ کیا ہے جب ان کی بیویاں ہجرت کرکے مسلمانوں کے پاس مدینہ چلی آئیں تو اُن کو خرچ واپس کردیا جائے اور ہمیں یہ خبر بھی پہنچی کہ ابو بصیر…۔ یہ کہہ کر انہوں نے اس کا سارا واقعہ مفصل بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4183
قتیبہ (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فتنے کے زمانہ میں عمرہ کی نیت سے نکلے اور انہوں نے کہا: اگر بیت اللہ سے میں روک دیا گیا تو ہم ویسا ہی کریں گے جیسا کہ ہم نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ کیا تھا۔ انہوں نے عمرہ کا احرام باندھا کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے بھی جس سال حدیبیہ کا واقعہ ہوا، عمرہ کا احرام باندھا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4184
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے احرام باندھا اور کہا: اگر میرے اور بیت اللہ کے درمیان کوئی روک پیدا ہوئی تو میں ویسا ہی کروں گا جیسا نبی ﷺ نے کیا تھا، جب کفارِ قریش آپؐ کے سدِّ راہ ہوئے تھے اور یہ آیت پڑھی: لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِيْ … یعنی تمہارے لئے رسول اللہ ﷺ ہی اچھا نمونہ ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4185
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی۔ عبیداللہ بن عبداللہ اور سالم بن عبداللہ دونوں نے ان کو بتایا کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے گفتگو کی…۔ (امام بخاریؒ نے کہا:) موسیٰ بن اسماعیل نے بھی ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) کے بیٹوں میں سے کسی نے ان سے کہا: اگر آپؓ اس سال ٹھہر جائیں (اور عمرہ کیلئے نہ جائیں تو اچھا ہے) کیونکہ میں ڈرتا ہوں کہ آپؓ بیت اللہ کو نہیں پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے جواب دیا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ نکلے تھے اور کفارِ قریش سدِّ راہ ہوئے تھے۔ نبی ﷺ نے اپنی قربانیاں ذبح کردیں اور سر منڈوایا اور آپؐ کے صحابہؓ نے بھی بال کترائے۔ پھر (حضرت عبداللہ بن عمرؓ) کہنے لگے: میں تم کو گواہ ٹھہراتا ہوں کہ میں نے عمرہ اپنے لئے واجب کرلیا ہے۔ اگر مجھے بیت اللہ تک جانے دیا گیا تو میں طواف کروں گا اور اگر میرے اور بیت اللہ کے درمیان روک ڈال دی گئی تو میں اسی طرح کروں گا جیسے رسول اللہ ﷺ نے کیا تھا۔ پھر تھوڑی دیر چلے اس کے بعد کہنے لگے: میں حج اور عمرہ دونوں کی ایک ہی حیثیت سمجھتا ہوں میں تمہیں گواہ ٹھہراتا ہوں کہ میں نے اپنے عمرہ کے ساتھ حج بھی واجب ٹھہرا لیا ہے۔ چنانچہ انہوں نے ایک ہی طواف کیا اور ایک ہی سعی کی اور ان دونوں ہی کا احرام (ساتھ ہی دسویں تاریخ کو) کھولا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4186
شجاع بن ولید نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے نضر بن محمد سے سنا۔ (کہتے تھے:) صخر (بن جویریہ) نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: لوگ باتیں کرتے ہیں کہ حضرت ابن عمرؓ نے حضرت عمرؓ سے پہلے اسلام قبول کیا۔ حالانکہ یوں نہیں بلکہ بات یہ ہوئی کہ حضرت عمرؓ نے حدیبیہ کے دن حضرت عبداللہؓ کو اپنا ایک گھوڑا جو ایک انصاری شخص کے پاس تھا، لانے کے لئے بھیجا تا اُس پر سوار ہو کر لڑیں اور رسول اللہ ﷺ شجرہ کے پاس بیعت لے رہے تھے۔ حضرت عمرؓ کو یہ پتہ نہ تھا۔ چنانچہ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) نے آپؐ کی بیعت کی۔ پھر گھوڑا لینے گئے اور حضرت عمرؓ کے پاس لے آئے اور حضرت عمرؓ اس وقت لڑائی کے لئے زرہ پہن رہے تھے۔ حضرت عبداللہؓ نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ درخت کے نیچے بیعت لے رہے ہیں۔ نافع کہتے تھے: یہ سنتے ہی حضرت عمرؓ چلے گئے اور ان کے ساتھ حضرت عبداللہؓ بھی گئے۔ اس وقت حضرت عمرؓ نے بھی بیعت کی۔ یہ وہ واقعہ ہے جس کی وجہ سے لوگ باتیں کرتے ہیں کہ حضرت ابن عمرؓ، حضرت عمرؓ سے پہلے مسلمان ہوئے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah