کتاب 65: كتاب التفسیر
صحیح بخاری, حصہ 15
صحیح بخاری 4754
محمد بن مثنیٰ نے ہمیں بتایا۔ عبدالوہاب بن عبدالمجید نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن عون نے ہمیں بتایا، قاسم (بن محمد بن ابی بکر) سے روایت ہے کہ حضرت ابن عباسؓ نے حضرت عائشہؓ کے پاس آنے کی اجازت مانگی اور پھر اُنہوں نے یہی بات بیان کی (جو اوپر گزر چکی ہے) مگر اُنہوں نے بھولی بسری کے الفاظ ذکر نہیں کئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4755
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ فرماتی تھیں: حسان بن ثابتؓ آئے ان کے پاس آنے کی اجازت مانگنے لگے (مسروق کہتے تھے کہ) میں نے کہا: کیا آپؓ اُنہیں اجازت دیں گی؟ فرمانے لگیں: کیا اُنہیں بڑا عذاب پہنچ نہیں گیا؟ سفیان کہتے تھے: (حضرت عائشہؓ کی) اس سے مراد حسانؓ کی بینائی کا چلا جانا تھا (حسان کو اجازت دی گئی) اُنہوں نے آ کر شعر پڑھے (جن میں سے ایک شعر یہ ہے:) یعنی نہایت پاکدامن ہیں، نہایت باوقار ہیں کسی عیب کا بھی شبہ اُن پر نہیں جاتا اور بے خبر عورتوں کے گوشت سے بھوکی رہتی ہیں (یعنی غیبت نہیں کرتیں) (یہ شعر سن کر حضرت عائشہؓ) فرمانے لگیں: مگر آپ تو ایسے نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4756
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا۔ ابوعدی کے بیٹے نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی کہ اُنہوں نے کہا: حضرت حسان بن ثابتؓ حضرت عائشہؓ کے پاس آئے اور ان کی تعریف میں شعر کہے اور کہا: نہایت پاکدامن ہیں، نہایت باوقار ہیں کسی عیب کا بھی شبہ ان پر نہیں جاتا اور بے خبر عورتوں کے گوشت سے بھوکی رہتی ہیں (یعنی غیبت نہیں کرتیں) حضرت عائشہؓ نے (یہ شعر سن کر) فرمایا: آپ تو ایسے نہیں۔ میں نے کہا: آپ ایسے شخص کو اپنے پاس آنے دیتی ہیں بحالیکہ اللہ نے یہ وحی نازل کی ہے: یعنی اور وہ شخص جس نے اُن میں سے اس بہتان میں بڑا حصہ لیا۔ فرمانے لگیں: اور اندھا پن سے زیادہ سخت اور کیا سزا ہو گی اور فرمایا کہ یہ (حسانؓ) رسول اللہ ﷺ کی طرف سے (کفار کو) جواب دیا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4757
اور ابو اُسامہ نے کہا: ہشام بن عروہ سے روایت ہے کہ اُنہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ حضرت عائشہؓ سے مروی ہے۔ فرماتی تھیں: جب میری بابت چہ میگوئیاں ہوئیں اور مجھے اس کا علم بھی نہیں تھا۔ رسول اللہﷺ میری نسبت (لوگوں سے) خطاب کرنے کے لئے کھڑے ہوئے اور آپؐ نے کلمۂ شہادت پڑھا اور پھر اللہ کی وہ حمد و ثنا کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اما بعد ایسے لوگوں کے بارہ میں مجھے مشورہ دو جنہوں نے میری بیوی پر تہمت لگائی ہے، اور اللہ کی قسم مجھے اپنی بیوی کی نسبت کسی بُری بات کا علم نہیں اور ان لوگوں نے ایسے شخص سے متعلق اتہام باندھا ہے کہ جس کی بابت بخدا مجھے کبھی کوئی بُری بات معلوم نہیں ہوئی اور وہ میرے گھر میں کبھی داخل نہیں ہوا مگر اس وقت کہ میں موجود ہوتا اور جب بھی میں کسی سفر میں گیا ہوں وہ میرے ساتھ ضرور جاتا۔ یہ سن کر حضرت سعد بن معاذؓ کھڑے ہوگئے اور اُنہوں نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے اجازت دیں کہ ہم ان کی گردنیں اُڑا دیں۔ اور بنو خزرج میں سے ایک شخص اُٹھا، اور حسان بن ثابتؓ کی ماں اس شخص کی قوم میں سے تھی۔ وہ (حضرت سعدؓ سے) کہنے لگا: تم نے غلط کہا ہے۔ دیکھو اللہ کی قسم! اگر وہ لوگ اوس میں سے ہوتے تو تم کبھی پسند نہ کرتے کہ اُن کی گردنیں اُڑائی جائیں۔ غرض (اس تو تو میں میں میں) نوبت یہاں تک پہنچی کہ قریب تھا کہ مسجد میں ہی بنی اوس اور بنی خزرج کی آپس میں لڑائی ہو جاتی (حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں) اور مجھے اس کا علم نہیں تھا۔ جب اس دن شام ہوئی میں اپنی کسی حاجت کے لئے باہر گئی اور میرے ساتھ مسطح کی ماں تھی اس نے ٹھوکر کھائی اور کہنے لگی: مسطح کا ستیا ناس ہو۔ میں نے کہا: اماں تم اپنے بیٹے کو بُرا بھلا کہتی ہو۔ اس پر وہ خاموش ہو گئی پھر اس نے دوسری بار ٹھوکر کھائی اور کہنے لگی: مسطح کا ستیاناس ہو، میں نے اُس سے کہا: اماں تم اپنے بیٹے کو بُرا بھلا کہتی ہو۔ پھر اس نے تیسری بار ٹھوکر کھائی اور کہنے لگی: مسطح کا ستیا ناس ہو۔ میں نے اسے جھڑکا۔ وہ کہنے لگی: بخدا میں تمہاری ہی وجہ سے اس کو گالی دیتی ہوں۔ میں نے پوچھا: میرے لئے کس وجہ سے؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: مسطح کی ماں نے سارا قصہ مجھ سے کھول کر بیان کیا۔ میں نے کہا: کیا حقیقت میں یہ بات ہوئی ہے؟ کہنے لگی: ہاں، اللہ کی قسم۔ یہ سن کر میں اپنے گھر کو واپس ہوگئی ایسا معلوم ہوتا تھا کہ جس ضرورت کے لئے میں نکلی تھی وہ مجھے بالکل نہ رہی نہ تھوڑی نہ بہت اور مجھے بخار ہو گیا۔ میں نے رسول اللہﷺ سے کہا: مجھے میرے باپ کے گھر میں بھیج دیں۔ آپؐ نے میرے ساتھ ایک لڑکا بھیجا۔ میں گھر میں داخل ہوئی اور میں نے اُم رومان کو (مکان کے) نچلے حصے میں پایا اور حضرت ابو بکرؓ اس وقت گھر کے بالا خانہ میں قرآن پڑھ رہے تھے۔ میری ماں بولی: بیٹی کیسے آئی ہو؟ میں نے اُنہیں بتایا اور وہ قصہ ان سے ذکر کیا، کیا دیکھتی ہوں کہ اس بات نے انہیں اتنی تکلیف نہ دی جتنی کہ مجھے اس سے تکلیف ہوئی تھی۔ وہ کہنے لگیں: بیٹی! یہ بات معمولی سمجھو، پرواہ نہ کرو۔ کیونکہ اللہ کی قسم کم ہی ایسا ہوا ہے کہ کوئی خوبصورت عورت کسی شخص کے پاس ہو جس سے وہ محبت رکھتا ہو اس کی سوکنیں بھی ہوں مگر وہ اس سے حسد نہ کرتی ہوں اور اس کے متعلق باتیں نہ بنائی گئی ہوں۔ مجھے تعجب ہوا کہ اس بات نے اُن پر اتنا اثر نہیں کیا جتنا کہ مجھ پر کیا تھا۔ میں نے کہا: کیا میرے باپ کو بھی اس بات کا علم ہو چکا ہے؟ اُنہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے کہا: اور رسول اللہﷺ کو بھی؟ اُنہوں نے کہا: ہاں رسول اللہﷺ کو بھی۔ میرے آنسو جاری ہو گئے اور میں رونے لگی۔ حضرت ابوبکرؓ نے میری آواز سنی اور وہ گھر کے بالا خانہ میں قرآن پڑھ رہے تھے۔ سن کر وہ اُترے اور میری ماں سے کہا: اسے کیا ہوا ہے؟ بولیں: جو اس کی نسبت چرچا ہوا ہے اس کی خبر اس کو پہنچ گئی ہے۔ تو حضرت ابو بکرؓ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔ کہنے لگے: بیٹی! میں تمہیں قسم دیتا ہوں کہ تم ضرور اپنے گھر کو لوٹ جاؤ۔ میں لوٹ گئی اور رسول اللہﷺ میرے گھر میں آئے اور میری خادمہ سے میری بابت پوچھا۔ اس نے کہا: ہرگز نہیں، اللہ کی قسم! مجھے اس کے کسی عیب کا علم نہیں ہوا سوا اس کے کہ وہ سوجایا کرتی ہے اور بکری آکر اس کا خمیر یا آٹا کھا جاتی ہے اور آپؐ کے صحابہ میں سے کسی نے اس خادمہ کو ڈانٹا اور کہا: رسول اللہﷺ سے سچ سچ بیان کرو۔ یہاں تک کہ اس وجہ سے اس کے لئے بھی آفات بکنے لگے۔ وہ کہنے لگی: اللہ ہی کی ذات پاک ہے۔ اللہ کی قسم! مجھے اس (حضرت عائشہؓ) میں کوئی عیب معلوم نہیں ہوا مگر اتنا ہی جو سنار خالص کندن کئے ہوئے سونے میں جانتا ہے اور یہ بات اس شخص کو بھی پہنچی کہ جس کی نسبت کہی گئی تھی۔ وہ سن کر کہنے لگا: اللہ تعالیٰ ہی کی ذات پاک ہے۔ بخدا! میں نے کبھی کسی عورت کا پہلو ننگا نہیں کیا۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: اور وہ اللہ کی راہ میں شہید ہوا۔ انہوں نے کہا: اور میرے ماں باپ میرے پاس صبح آئے اور وہیں رہے۔ یہاں تک کہ رسول اللہﷺ میرے پاس آئے۔ آپؐ عصر کی نماز پڑھ چکے تھے اور اس کے بعد آئے اور میرے ماں باپ میرے دونوں طرف دائیں بائیں بیٹھے تھے۔ آپؐ نے اللہ کی حمد و ثنا کی اور پھر فرمایا: اما بعد! عائشہؓ اگر تو نے کسی بُرائی کا ارتکاب کیا ہے یا فرمایا: تو نے کوئی گناہ کر لیا ہے تو اللہ کی طرف رجوع کرو کیونکہ اللہ اپنے بندوں سے توبہ قبول کرتا ہے۔ کہتی تھیں: اس وقت ایک انصاری عورت بھی آ گئی تھی اور وہ دروازے پر بیٹھی تھی۔ میں نے کہا: کیا آپؐ اس عورت سے نہیں شرماتے کہ ایسی بات کا ذکر کر رہے ہیں۔ رسول اللہﷺ نے وعظ و نصیحت کی۔ میں نے اپنے باپ کی طرف مڑکر دیکھا اور (ان سے) کہا: آپؓ انہیں جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کیا کہوں؟ پھر میں اپنی ماں کی طرف متوجہ ہوئی اور میں نے کہا: اُنہیں جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کیا جواب دوں؟ جب اُنہوں نے آپؐ کو جواب نہ دیا تو میں نے کلمۂ شہادت پڑھا اور اللہ کی وہ حمد و ثنا کی جس کا وہ حق دار ہے اور میں نے کہا: اما بعد اللہ کی قسم! اگر میں آپ سے کہوں کہ میں نے کوئی گناہ نہیں کیا اور اللہ عزوجل شاہد ہے کہ میں یقیناً سچی ہوں تو میری یہ بات آپ کے نزدیک مجھے کوئی نفع دینے کی نہیں۔ آپ نے جو کہنا تھا کہہ ہی دیا ہے۔ آپ کے دلوں میں یہ بات بیٹھ گئی ہے اور اگر میں کہوں کہ میں نے کیا اور اللہ جانتا ہے کہ میں نے نہیں کیا تو آپ ضرور کہیں گے کہ اس نے اپنے متعلق اقرار کرلیا ہے اور بخدا میں اپنی اور آپ کی مثال سوا اس کے نہیں پاتی اور میں نے حضرت یعقوبؑ کا نام یاد کرنے کی کوشش کی مگر یاد نہ کرسکی آخر میں نے کہا: سوائے حضرت یوسفؑ کے باپ کے جب انہوں نے کہا تھا: صبر کرنا ہی اچھا ہے۔ اور اللہ ہی سے مدد مانگی جائے اس بات میں جو تم بیان کر رہے ہو اور رسول اللہﷺ پر اسی گھڑی وحی نازل ہونا شروع ہوئی اور ہم خاموش ہوگئے۔ جب آپؐ سے وحی کی حالت جاتی رہی اور میں آپؐ کے چہرے پر خوشی دیکھ رہی تھی اور آپؐ اپنی پیشانی پونچھ رہے تھے اور یہ فرمانے لگے: عائشہؓ! تمہیں بشارت ہو اللہ نے تمہاری بریت نازل کر دی ہے۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں اور میں نہایت ہی غصے میں تھی جو کبھی ہوئی۔ میرے ماں باپ نے مجھ سے کہا: اٹھ کر آنحضرتﷺ کے پاس جاؤ (اور شکریہ ادا کرو) میں نے کہا: اللہ کی قسم! میں ان کے پاس اٹھ کر نہیں جاؤں گی۔ اور نہ ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں اور نہ تمہارا شکریہ لیکن میں اس اللہ کی شکر گزار ہوں جس نے میری بریت نازل کی۔ تم نے ایسی بات سنی اور اس کا انکار نہیں کیا اور نہ اس کے خلاف کہا اور حضرت عائشہؓ کہا کرتی تھیں: زینب بنت جحشؓ (رسول اللہﷺ کی زوجہ) جو تھیں اللہ نے ان کو دینداری کی وجہ سے بچا لیا اور اُنہوں نے سوا بھلی بات کے اور کچھ نہیں کہا اور جو اُن کی بہن حمنہ تھیں وہ ہلاک ہو گئی اُن لوگوں کے ساتھ جو ہلاک ہوئے اور جو اس بات کا چرچا کرتے تھے، وہ مسطح، حسان بن ثابت اور منافق عبداللہ بن اُبَيّ تھے۔ اور یہ عبداللہ ہی وہ شخص تھا جو اس واقعہ کی نسبت کُرید کُرید کر پوچھا اور اِدھر اُدھر کی باتیں کر کے اس واقعہ کو بناتا تھا اور چرچا کرنے والے لوگوں میں سے اسی شخص نے اس بات میں بڑا حصہ لیا اور حمنہ بھی باتیں کرتی تھیں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: حضرت ابوبکرؓ نے قسم کھائی کہ وہ مسطح کو کبھی بھی کوئی فائدہ نہیں پہنچائیں گے۔ اس لئے اللہ عزوجل نے یہ وحی نازل کی: وَ لَا يَاْتَلِ اُولُوا الْفَضْلِ مِنْكُمْ وَ السَّعَةِ: اور تم میں سے فضل اور کشائش والے رشتہ داروں اور مسکینوں سے نیک سلوک کرنے میں کوتاہی نہ کریں …۔ اُولُوا الْفَضْلِ مِنْكُمْ وَ السَّعَةِ سے مراد حضرت ابوبکرؓ ہیں اور اُولِي الْقُرْبٰى وَ الْمَسٰكِيْنَ سے مسطح مراد ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اس قول تک کہ کیا تم پسند نہیں کرتے کہ اللہ تمہیں پردہ پوشی سے نوازے اور اللہ بہت ہی پردہ پوش اور بار بار رحم کرنے والا ہے۔ آخر حضرت ابوبکرؓ نے یہ آیت سن کر کہا: کیوں نہیں، اللہ کی قسم! اے ہمارے ربّ! ہم ضرور پسند کرتے ہیں کہ تو پردہ پوشی فرما کر ہم سے درگزر کر اور حضرت ابوبکرؓ نے جو احسان مسطح پر کیا کرتے تھے وہ دوبارہ شروع کردیا (یعنی وہ وظیفہ خوراک وغیرہ جو وہ اسے دیا کرتے تھے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4758
اور احمد بن شبیب نے کہا کہ میرے باپ (شبیب) نے ہمیں بتایا۔ یونس (بن یزید) سے مروی ہے کہ ابن شہاب سے روایت ہے۔ اُنہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: اللہ پہلی مہاجر عورتوں پر رحم کرے۔ جب اللہ نے یہ حکم فرمایا وَ لْيَضْرِبْنَ بِخُمُرِهِنَّ عَلٰى جُيُوْبِهِنَّ تو اُنہوں نے اپنی چادریں پھاڑ کر اُنہیں بطور اوڑھنیاں استعمال کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4759
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن نافع نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حسن بن مسلم سے، حسن نے صفیہ بنت شیبہ سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: جب آیت وَ لْيَضْرِبْنَ بِخُمُرِهِنَّ عَلٰى جُيُوْبِهِنَّ نازل ہوئی تو عورتوں نے اپنے تہ بند لئے اور انہیں کناروں سے پھاڑ کر بطور اوڑھنیاں استعمال کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4760
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا۔ یونس بن محمد بغدادی نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی، (قتادہ نے کہا:) حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا کہ ایک شخص نے کہا: یا نبی اللہ! کیا روز قیامت کافر اپنے منہ کے بل لے جایا جائے گا؟ آپؐ نے فرمایا: کیا وہ جس نے اس کو دنیا میں ٹانگوں پر چلایا ہے قادر نہیں ہے کہ قیامت کے روز اسے منہ کے بل چلائے۔ قتادہ نے کہا: کیوں نہیں ضرور (وہ قادر ہے) ہمارے رب کی عزت کی قسم۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4761
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: منصور (بن معتمر) اور سلیمان (اعمش) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابووائل سے، ابووائل نے ابومیسرہ (عمرو بن شرحبیل) سے، ابومیسرہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ (دوسری سند میں سفیان ثوری نے) کہا اور واصل (بن حیان اسدی کوفی) نے بھی مجھے بتایا۔ انہوں نے ابووائل (شقیق بن سلمہ) سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے پوچھا یا (کہا کہ) رسول اللہ ﷺ سے پوچھا گیا: اللہ کے نزدیک کونسا گناہ بہت بڑا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: یہ کہ تم اللہ کا شریک بناؤ بحالیکہ اس نے تمہیں پیدا کیا ہے۔ میں نے پوچھا: پھر کون سا ؟ آپؐ نے فرمایا: پھر یہ کہ تم اپنی اولاد کو اس خوف سے مار ڈالو کہ وہ تمہارے ساتھ کھائیں گے۔ میں نے پوچھا: پھر (اس کے بعد) کونسا؟ آپؐ نے فرمایا: یہ کہ تم اپنے پڑوسی کی بیوی سے زنا کرو۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کہتے تھے کہ یہ آیت رسول اللہ ﷺ کے قول کی تصدیق میں نازل ہوئی ہے: اور وہ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ اللہ کے سوا کسی اور معبود کو نہیں پکارتے اور نہ کسی جان کو جسے اللہ نے حفاظت بخشی ہو قتل کرتے ہیں سوائے (شرعی) حق کے۔ اور نہ زنا کرتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4762
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ان کو خبر دی، کہا: قاسم بن ابی بزہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے پوچھا کہ کیا اس شخص کی بھی کوئی توبہ ہے جس نے مومن کو عمداً مار ڈالا۔ میں نے ان کے سامنے یہ آیت پڑھی وَ لَا يَقْتُلُوْنَ النَّفْسَ الَّتِيْ حَرَّمَ اللّٰهُ اِلَّا بِالْحَقِّ تو سعید نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ کے سامنے یہی آیت پڑھی تھی جس طرح آپ نے میرے سامنے پڑھی ہے تو انہوں نے کہا یہ مکی آیت ہے۔ ایک مدنی آیت نے یہ آیت منسوخ کر دی ہے۔ یعنی وہ آیت جو سورۃ النساء میں ہے (یعنی وَمَنْ يَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَآؤُهٗ جَهَنَّمُ…)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4763
محمد بن بشار نے مجھے بتایا۔ غندر (محمد بن جعفر) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ بن نعمان سے، مغیرہ نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: کوفہ والوں نے مومن کے قتل کی نسبت اختلاف کیا ہے اس لئے میں اس بارے میں دریافت کرنے کے لئے حضرت ابن عباسؓ کے پاس سفر کرکے گیا۔ انہوں نے کہا کہ آیت (وَ مَنْ يَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا) آخر میں نازل ہوئی تھی اور اسے کسی آیت نے منسوخ نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4764
ہمیں آدم (بن ابی ایاس) نے بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ منصور نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اللہ تعالیٰ کے قول فَجَزَآؤُهٗ جَهَنَّمُ کی بابت پوچھا۔ انہوں نے کہا: اس کی کوئی توبہ نہیں۔ اور اللہ عزوجل کے قول لَا يَدْعُوْنَ مَعَ اللّٰهِ اِلٰهًا اٰخَرَ کے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا: یہ آیت زمانہ جاہلیت سے متعلق ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4765
سعد بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: (عبدالرحمٰن) بن ابزیٰ کہتے تھے کہ حضرت ابن عباسؓ سے اللہ تعالیٰ کے قول وَ مَنْ يَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَآؤُهٗ جَهَنَّمُ اور اس کے قول وَ لَا يَقْتُلُوْنَ النَّفْسَ الَّتِيْ حَرَّمَ اللّٰهُ اِلَّا بِالْحَقِّ … کی بابت پوچھا گیا۔ پھر میں نے ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ جب یہ آیت نازل ہوئی تو اہل مکہ نے کہا: ہم نے اللہ کے شریک بھی ٹھہرائے ہیں اور ناحق اس نفس کو بھی قتل کیا ہے جس کو اللہ نے حرام یعنی قابل عزت ٹھہرایا ہے اور بے حیائی کے کام بھی کئے ہیں۔ اس پر اللہ نے یہ وحی کی۔ یعنی مگر جس نے توبہ کی اور ایمان لایا اور (ایمان کے مطابق) نیک عمل کئے تو اللہ تعالیٰ ان کی بدیوں کو نیکیوں سے بدل دے گا۔ اللہ تعالیٰ بہت ہی پردہ پوش معاف کرنے والا اور نیکی کا بدلہ رحمت سے دینے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4766
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ (عثمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے منصور سے، منصور نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبدالرحمٰن بن ابزیٰ نے مجھے کہا کہ میں حضرت ابن عباسؓ سے ان دو آیتوں کی بابت پوچھوں۔ یعنی (ایک یہ آیت) وَ مَنْ يَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا اور میں نے ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: اس آیت کو کسی آیت نے منسوخ نہیں کیا۔ (دونوں آیتیں اپنی اپنی جگہ پر برقرار ہیں۔) دوسری آیت یہ ہے: وَ الَّذِيْنَ لَا يَدْعُوْنَ مَعَ اللّٰهِ اِلٰهًا اٰخَرَ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آیت مشرکوں کی نسبت نازل ہوئی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4767
عمر بن حفص بن غیاث نے ہمیں بتایا۔ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا۔ مسلم (بن صبیح) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کہتے تھے: پانچ نشانیاں تو گزر چکی ہیں: دھواں، چاند کا پھٹنا، رومیوں کا مغلوب ہونا، سخت گرفت اور ہلاکت۔ یعنی آیت فَسَوْفَ يَكُوْنُ لِزَامًا (میں جو ہلاکت کی پیشگوئی ہے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4768
اور ابراہیم بن طہمان نے ابن ابی ذئب سے کہا۔ انہوں نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا کہ) آپؐ نے فرمایا: ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام نے قیامت کے روز اپنے باپ کو دیکھا کہ وہ گرد آلود ہے اور سیاہی چھائی ہوئی ہے۔ غَبَرَة ہی قَتَرَة کو کہتے ہیں (جس کے معنی سیاہی ہیں۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4769
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی (عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ذئب سے، انہوں نے سعید مقبری سے، سعید مقبری نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ابراہیم علیہ السلام اپنے باپ سے ملیں گے پھر کہیں گے: اے میرے رب ! تو نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ تو مجھے اس روز رسوا نہیں کرے گا جب لوگ زندہ اٹھائے جائیں گے۔ اللہ فرمائے گا: میں نے جنت کافروں پر حرام کردی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4770
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن مرہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب یہ آیت وَ اَنْذِرْ عَشِيْرَتَكَ الْاَقْرَبِيْنَ نازل ہوئی تو نبی ﷺ صفا پہاڑی پر چڑھے اور بلند آواز سے پکارنے لگے: اے بنی فہر! اے بنی عدی! اسی طرح آپؐ نے قریش کے چند خاندانوں کا نام لیا اور وہ جمع ہوگئے، جو آدمی خود نہ آسکتا تھا وہ اپنی جگہ دوسرا آدمی بھیج دیتا کہ دیکھیں کیا معاملہ ہے۔ ابولہب اور قریش آئے۔ آپؐ نے فرمایا: بھلا بتلاؤ تو سہی اگر میں تم کو یہ خبر دوں کہ کچھ سوار اس وادی میں ہیں جو تم پر چھاپہ مارنا چاہتے ہیں کیا تم مجھے سچا سمجھو گے؟ انہوں نے کہا: جی ہاں، آپؐ کی نسبت ہمارا تجربہ یہی ہے کہ آپؐ راستباز ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر میں ایک سخت عذاب آنے سے قبل تمہیں آگاہ کرتا ہوں۔ ابولہب نے یہ سن کر کہا: سارا دن تمہیں گھاٹا ہی رہے، کیا اس غرض کے لئے تم نے ہمیں اکٹھا کیا ہے۔ اس لئے یہ آیت نازل ہوئی کہ ابولہب کے دونوں ہاتھ تباہ ہوں اور وہ خود بھی تباہ ہو، نہ اس کا مال اسے کاری آیا نہ وہ جو اُس نے کمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4771
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی، کہا: سعید بن مسیب اور ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: جب اللہ نے وَ اَنْذِرْ عَشِيْرَتَكَ الْاَقْرَبِيْنَ کا ارشاد نازل فرمایا تو رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور فرمایا: اے قریش کے لوگو! یا کوئی ایسا ہی کلمہ فرمایا: اللہ سے اپنی جانوں کا سودا کر لو۔ اللہ کے حضور میں تمہارے کچھ کام نہیں آؤں گا۔ اے بنی عبدمناف! اللہ کے حضور میں تمہارے کچھ کام نہیں آؤں گا۔ اے عباس بن عبد المطلب! اللہ کے حضور میں تمہارے کچھ کام نہیں آؤں گا۔ اے صفیہ رسول اللہ ﷺ کی پھوپھی! میں اللہ کے حضور تمہارے کچھ کام نہیں آؤں گا۔ اور اے فاطمہ محمد ﷺ کی بیٹی! تم جو چاہو میرے مال میں سے لے لو مگر اللہ کے حضور میں تمہارے کچھ کام نہیں آؤں گا۔ اور ابوالیمان کے سوا اصبغ (بن فرج) نے (عبداللہ) بن وہب سے، انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے یہی حدیث روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4772
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب ابوطالب کے فوت ہونے کا وقت آیا تو رسول اللہﷺ ان کے پاس آئے اور آپؐ نے ان کے پاس ابوجہل اور عبداللہ بن ابوامیہ بن مغیرہ کو پایا۔ آپؐ نے فرمایا: چچا! لَا الٰہَ اِلَّا اللہ کہیں۔ یہ ایک ایسا کلمہ ہے کہ میں اس کے ذریعے سے آپ کے لئے اللہ کے ہاں تقاضا کروں گا۔ ابوجہل اور عبداللہ بن ابو امیہ نے کہا: کیا آپ عبدالمطلب کے دین سے روگردانی کریں گے؟ رسول اللہﷺ یہ کلمہ ان کے سامنے پیش کرتے رہے اور وہ دونوں اپنی وہ بات بار بار دہراتے رہے یہاں تک کہ ابوطالب نے آخری بات جو اُن سے کہی وہ یہ تھی کہ عبدالمطلب کے مذہب پر ہی۔ اور انہوں نے لَا الٰہَ اِلَّا اللہ کہنے سے انکار کیا۔ حضرت مسیّبؓ کہتے تھے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: (اللہ کی قسم!) میں اس وقت تک آپ کے لئے ضرور استغفار کرتا رہوں گا جب تک کہ آپ کی نسبت میں روک نہ دیا جاؤں۔ پھر اللہ نے یہ وحی نازل کی: مَا كَانَ لِلنَّبِيِّ… یعنی نبی اور ان لوگوں کے جو ایمان لائے ہیں شایاں نہیں کہ مشرکوں کے لئے دعائے مغفرت کریں (یعنی ان کا معاملہ اللہ کے حوالے کیا جائے۔) اور ابوطالب کی نسبت اللہ نے یہ آیت نازل کی اور رسول اللہﷺ سے فرمایا: تو جس کو پسند کرے ہدایت نہیں دے سکتا لیکن اللہ جسے چاہے ہدایت دیتا ہے۔ حضرت ابن عباسؓ نے فرمایا: اُولِي الْقُوَّةِ سے یہ مراد ہے کہ آدمیوں کی کوئی مضبوط ٹولی ان چابیوں کو نہیں اٹھا سکتی تھی۔ لَتَنُوْٓاُ سے مراد ہے کہ یقیناً وہ بوجھل ہوتیں۔ فٰرِغًا یعنی موسیٰ کی یاد کے سوا (ان کی ماں کا دل) ہر خیال سے خالی ہوگیا تھا۔ الْفَرِحِيْنَ کے معنی ہیں خوش و خرم، اتراتے ہوئے۔ قُصِّيْهِ سے مراد ہے اس کے پیچھے پیچھے چلی جا۔ ہو سکتا ہے کہ لفظ قَصَّ کلام کرنے کے معنوں میں بھی ہو۔ جیسے فرمایا: نَحْنُ نَقُصُّ عَلَيْكَ یعنی ہم تجھ سے بیان کرتے ہیں۔ عَنْ جُنُبٍ سے مراد ہے دور سے۔ عَنْ جَنَابَةٍ کے بھی یہی معنی ہیں۔ اور اسی طرح عَنِ اجْتِنَابٍ بھی انہی معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ یعنی بچ کر دور رہتے ہوئے۔ يَبْطِشُ وَيَبْطُشُ (قراءت میں) دونوں طرح پڑھا جاتا ہے۔ (یعنی وہ سختی سے پکڑتا ہے۔) يَاْتَمِرُوْنَ کے معنی ہیں وہ مشورہ کر رہے ہیں۔ الْعُدْوَانُ، الْعَدَاءُ اور التَّعَدِّي ایک ہی معنوں میں ہیں (یعنی حد سے بڑھنا۔) اٰنَسَ یعنی اس نے دیکھا، محسوس کیا۔ الْجِذْوَةُ کے معنی ہیں جلتی لکڑی کا موٹا ٹکڑا جس میں آگ تو ہو لیکن اس سے شعلہ نہ نکلے۔ اور الشِّهَابُ وہ ہے جس میں شعلہ ہو۔ اور سانپ کئی قسم کے ہوتے ہیں، (ان میں سے ایک قسم الْجَانُّ کہلاتی ہے) یعنی پتلا باریک سانپ۔ اور (دوسری قسم الْأَفَاعِي یعنی) اژدہا، اور (تیسری قسم الْأَسَاوِدُ یعنی) کالے ناگ۔ رِدْءًا کے معنی ہیں مددگار۔ حضرت ابن عباسؓ نے يُصَدِّقُنِي (قاف کی پیش سے) پڑھا ہے یعنی وہ میری تصدیق کرتا ہے۔ اور حضرت ابن عباسؓ کے سوا اوروں نے کہا: سَنَشُدُّ کے معنی ہیں ہم تمہاری مدد کریں گے۔ جب کبھی تم نے کسی کو مضبوط کیا تو (عربی محاورہ کے مطابق) گویا تم نے اس کا ایک بازو زیادہ کر دیا۔ مَقْبُوحِيْنَ کے معنی ہیں ہلاک شدہ۔ وَصَّلْنَا سے مراد ہے ہم نے کھول کر بیان کیا اور اسے پورا کیا۔ يُجْبٰى کے معنی ہیں کھینچ کر لائے جاتے ہیں۔ بَطِرَتْ یعنی وہ متکبر ہو گئی۔ فِیۡۤ اُمِّہَا رَسُوۡلًا میں أُمّ سے مراد ہے أُمّ الْقُرٰی (یعنی مکہ) اور جو اس کے ارد گرد آباد ہے۔ تُكِنُّ کے معنی ہیں وہ چھپاتی ہے۔ أَكْنَنْتُ الشَّيْءَ یعنی میں نے اسے چھپا لیا۔ اوركَنَنْتُهُ کے معنی بھی یہی ہیں۔ اور کبھی (اس کے معنی) أَظْهَرْتُهُ بھی ہوتے ہیں (یعنی میں نے اس کو ظاہر کر دیا۔) وَيْكَاَنَّ اللّٰهَ کا فقرہ اَلَمْ تَرَ اَنَّ اللّٰهَ کی طرح ہے یعنی کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالیٰ ہی ہے۔ يَبْسُطُ الرِّزْقَ لِمَنْ يَّشَآءُ وَ يَقْدِرُ کے معنی ہیں جس کے لیے چاہتا ہے رزق کی کشائش کرتا ہے۔ اور جس کے لیے چاہتا ہے تنگی کرتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4773
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ یعلیٰ (بن عبید) نے ہمیں خبر دی کہ سفیان (بن دینار) عُصفری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: آیت لَرَآدُّكَ اِلٰى مَعَادٍ سے یہ مراد ہے کہ وہ تجھے مکہ میں واپس لے جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah