کتاب 65: كتاب التفسیر
صحیح بخاری, حصہ 16
صحیح بخاری 4774
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا، (کہا:) منصور اور اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ کوئی شخص کندہ قبیلے میں باتیں کر رہا تھا، وہ کہنے لگا: قیامت کے روز دُھواں آئے گا اَور وہ منافقوں کی شنوائی اور بینائی بے کار کر دے گا اور اس سے مومن کو بھی زکام ہو جائے گا۔ ہم یہ سن کر گھبرا گئے اور میں حضرت ابن مسعودؓ کے پاس آیا اور وہ تکیہ لگائے ہوئے تھے یہ سن کر انہیں غصہ آیا اور بیٹھ گئے اور کہنے لگے۔ جس کو علم ہو، چاہیئے کہ وہ بیان کرے اور جسے علم نہ ہو کہنا چاہیے کہ اللہ بہتر جانتا ہے اور یہ بھی علم کی علامت ہے کہ جو بات نہیں جانتا اس کی نسبت کہے کہ میں نہیں جانتا کیونکہ اللہ نے اپنے نبی (ﷺ) سے فرمایا ہے: کہہ کہ میں اس پر تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا اور میں بناوٹ کرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ اور ہوا یہ تھا کہ قریش نے اسلام قبول کرنے میں دیر کی تو نبی ﷺ نے ان کے خلاف دعا کی۔ عرض کیا: اے اللہ! ان کو مغلوب کرنے کے لئے میری مدد ایسے سات سالوں سے فرما جو یوسف کے سات سالوں جیسے ہوں۔ چنانچہ قحط نے انہیں ایسا پکڑا کہ وہ اس میں ہلاک ہوئے اور اُنہوں نے اس میں مردار اور ہڈیاں کھائیں اور آسمان اور زمین کے درمیان کی فضا آدمی کو دھوئیں کی طرح دکھائی دیتی تھی۔ تب ابوسفیان آپؐ کے پاس آیا اور اس نے کہا: محمدؐ! آپؐ آئے تھے صلہ رحمی کا ہمیں حکم دینے اور حالت یہ ہے کہ آپؐ کی قوم ہلاک ہوگئی ہے۔ پس اللہ سے دعا کریں۔ تو آپؐ نے یہ آیت پڑھی: فَارْتَقِبْ يَوْمَ… یعنی اس روز کا انتظار کر جب آسمان ایک کھلا کھلا دُھواں لائے گا… ہم عذاب کو تھوڑی دیر کے لیے ہٹا دیں گے مگر تم پھر وہی (کرتوتیں) کرنے لگ جاؤ گے۔ تو کیا آخرت کا عذاب جب آئے گا تو اُن سے ہٹا دیا جائے گا۔ اس کے بعد قریش پھر اسی طرح انکار کرنے لگے اور یہی وہ (انکار) ہے جس کی نسبت اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: يَوْمَ نَبْطِشُ الْبَطْشَةَ الْكُبْرٰى یعنی جس روز ہم بہت بڑی گرفت میں پکڑیں گے۔ اس سے مراد غزوہ بدر ہے اور لِزَامًا سے بھی یہی غزوہ بدر مراد ہے۔ الٓـمّٓ۰۰غُلِبَتِ الرُّوْمُ۰۰ اور یہ روم کا واقعہ بھی گزر چکا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4775
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ یونس (بن یزید) نے ہمیں بتایا کہ زُہری سے روایت ہے انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کوئی بچہ بھی ایسا نہیں جو فطرت پر پیدا نہ ہوتا ہو مگر اس کے ماں باپ ہی اس کو یہودی یا نصرانی یا مجوسی بنا دیتے ہیں۔ وہ اسی طرح فطرت پر پیدا ہوتا ہے جس طرح چوپایا پورے کا پورا صحیح سالم جَنتا ہے کہیں تم اُن میں کوئی کان کٹا بھی دیکھتے ہو؟ یہ کہہ کر (حضرت ابوہریرہؓ یہ) آیت پڑھا کرتے تھے: فِطْرَتَ اللّٰهِ الَّتِيْ… یعنی یہ وہ اللہ کی فطرت ہے جس پر اس نے لوگوں کو پیدا کیا۔ اللہ کی اس پیدائش میں تبدیلی نہ کی جائے یہی وہ دین ہے جو صحیح اور پائیدار ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4776
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، انہوں نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب آیت اَلَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَلَمۡ یَلۡبِسُوۡۤا اِیۡمَانَہُمۡ بِظُلۡمٍ نازل ہوئی یعنی وہ لوگ جو ایمان لائے اور انہوں نے اپنے ایمان کی ظلم سے آمیزش نہیں کی، تو رسول اللہ ﷺ کے صحابہ پر شاق گزرا اور وہ کہنے لگے: ہم میں سے کون ہے جس نے اپنے ایمان کو ظلم سے آمیختہ نہیں کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس سے یہ مراد نہیں ہے۔ کیا تم لقمان کی بات نہیں سنتے جو انہوں نے اپنے بیٹے سے کہی۔ یعنی شرک ہی بہت بڑا ظلم ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4777
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے جریر (بن عبدالحمید) سے، جریر نے ابوحیان (يحيٰ بن سعید) سے، انہوں نے ابوزُرعہ سے، ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ ایک دن لوگوں کے لئے باہر بیٹھے ہوئے تھے کہ اتنے میں ایک شخص سامنے سے آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! ایمان کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ایمان یہ ہے کہ تو اللہ، اس کے ملائکہ، اس کے رسولوں اور اس کی ملاقات پر یقین رکھے اور اس بات پر یقین کرے کہ (مرنے کے بعد) دوبارہ زندگی ہے۔ اس نے کہا: (یا رسول اللہ!) اسلام کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اسلام یہ ہے کہ تو اللہ کی عبادت کرے اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائے اور نماز سنوار کر ادا کرے اور زکوٰۃ دے جو فرض کی گئی ہے اور رمضان میں روزے رکھے۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! احسان کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: احسان یہ ہے کہ تو اللہ کی اس طرح عبادت کرے گویا کہ تو اسے دیکھ رہا ہے اگر یہ نہیں کہ تم اسے دیکھ رہے ہو تو پھر اتنا تو ہو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔ وہ کہنے لگا: یا رسول اللہ! وہ گھڑی کب ہوگی؟ آپؐ نے فرمایا: جس شخص سے اس کی بابت پوچھا جارہا ہے وہ پوچھنے والے سے زیادہ نہیں جانتا مگر میں تمہیں اس کی علامتیں بتائے دیتا ہوں۔ جب عورت اپنے مالک کو جنے گی تو یہ اس کی علامتوں میں سے ایک علامت ہے اور جب ننگے پاؤں، ننگے بدن (آوارہ گرد) لوگوں کے سردار ہوں گے۔ یہ بات بھی اس کی علامتوں میں سے ہے۔ اس گھڑی کا علم ان پانچ باتوں میں سے ہے جنہیں اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ (پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی) اِنَّ اللّٰہَ عِنۡدَہٗ عِلۡمُ السَّاعَۃِ ۚ وَیُنَزِّلُ الۡغَیۡثَ ۚ وَیَعۡلَمُ مَا فِی الۡاَرۡحَامِ … پھر اس کے بعد وہ شخص واپس چلا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے میرے پاس واپس لے آؤ۔ صحابہ اسے واپس بلانے کے لئے گئے مگر انہوں نے کچھ نہ دیکھا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ جبرائیل ہیں جو اس لئے آئے تھے کہ لوگوں کو ان کا دین سکھائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4778
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا، کہا کہ عمر بن محمد بن زید بن عبداللہ بن عمر نے مجھ سے بیان کیا۔ ان کے باپ نے انہیں بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: غیب کی چابیاں پانچ ہیں۔ یہ کہہ کر آپؐ نے پھر یہ آیت پڑھی: اِنَّ اللّٰهَ عِنْدَهٗ عِلْمُ السَّاعَةِ… یعنی اللہ ہی کو اس گھڑی کا علم ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4779
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے: میں نے اپنے نیک بندوں کے لئے وہ کچھ تیار کر رکھا ہے جو نہ کسی آنکھ نے دیکھا اور نہ کسی کان نے سنا اور نہ کبھی انسان کے دل پر اس کا خیال گزرا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھ لو: فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ … یعنی کوئی نفس نہیں جانتا کہ ان کے لئے آنکھوں کی ٹھنڈک کا کیا کیا سامان پوشیدہ رکھا گیا ہے۔ اور علی (بن عبد اللہ) نے ہمیں بتایا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ابولزناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے… وہی جو اوپر بیان کیا گیا ہے۔ سفیان سے پوچھا گیا: (آپ نے یہ حدیث آنحضرت ﷺ سے) روایت کی ہے؟ تو انہوں نے کہا: یہ نہیں تو پھر اور کہاں سے؟ ابومعاویہ نے اعمش سے روایت کرتے ہوئے کہا: اعمش نے ابوصالح سے نقل کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے یہ آیت یوں پڑھی:قُرَّاتِ أَعْيُنٍ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4780
اسحاق بن نصر نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اعمش سے روایت ہے کہ (انہوں نے کہا:) ابو صالح نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: میں نے اپنے نیک بندوں کے لئے وہ کچھ تیار کر رکھا ہے جو نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے، نہ کسی کان نے سنا ہے، نہ کسی انسان کے دل پہ اس کا خیال گزرا ہے۔ وہ نعمتیں ایسا ذخیرہ ہیں کہ ان کے مقابل پر جو نعمتیں تمہیں معلوم ہیں ان کا کیا ذکر۔ پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی: فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ… کوئی نفس نہیں جانتا کہ ان کے لئے آنکھوں کی ٹھنڈک کا کیا کیا سامان پوشیدہ رکھا گیا ہے جو ان اعمال کا بدلہ ہو گا جو وہ (دنیا میں) کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4781
ابراہیم بن منذر نے مجھے بتایا کہ محمد بن فلیح نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) میرے باپ (فلیح بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہلال بن علی سے، ہلال نے عبدالرحمٰن بن ابی عمرہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے نبی ﷺ سے، آپؐ نے فرمایا: کوئی بھی ایسا مومن نہیں مگر میں دنیا و آخرت میں اس کے ساتھ تمام لوگوں سے بڑھ کر تعلق رکھنے والا ہوں۔ اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھ لو۔ اَلنَّبِيُّ اَوْلٰى … یعنی نبی مومنوں سے زیادہ قریب ہے بنسبت ان کی اپنی جانوں کے۔ اور مومن جو جائیداد بھی چھوڑ جائے تو اس کے خاندان کے لوگ اس کے وارث ہوں گے جو بھی وہ ہوں ؛ اور اگر وہ قرضہ یا کسمپرس بال بچے چھوڑ جائے تو وہ میرے پاس آئیں میں ان کا سرپرست ہوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4782
معلی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مختار نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: سالم نے مجھے بتایا۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضرت زید بن حارثہؓ جو رسول اللہ ﷺ کے غلام تھے، ہم انہیں زید بن محمدؐ ہی کہہ کر پکارا کرتے تھے۔ یہاں تک کہ قرآن کی یہ آیت نازل ہوئی اُدْعُوْهُمْ لِاٰبَآىِٕهِمْ … یعنی ان کو ان کے باپوں کی طرف منسوب کرکے پکارو یہی بات اللہ کے نزدیک درست ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4783
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ محمد بن عبداللہ انصاری نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا۔ ثمامہ (بن عبداللہ بن انس) نے بتایا کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ہم یہی سمجھتے ہیں کہ یہ آیت انس بن نضرؓ سے متعلق اتری: مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ… یعنی مومنوں میں سے ایسے مرد بھی ہیں جنہوں نے جس بات پر اللہ سے عہد کیا تھا اسے سچا کردیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4784
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: خارجہ بن زید بن ثابت نے مجھے بتایا کہ حضرت زید بن ثابتؓ نے کہا: جب ہم نے قرآن کریم کو کتابوں کی شکل میں لکھنا شروع کیا تو سورۃ الاحزاب کی ایک آیت مجھے نہ ملی جو میں رسول اللہ ﷺ کو پڑھتے اکثر سنا کرتا تھا۔ مجھے یہ آیت کسی کے پاس نہ ملی سوائے خزیمہ انصاریؓ کے۔ وہی جن کی شہادت رسول اللہ ﷺ نے دو شخصوں کی شہادت کے برابر قرار دی ہے (اور وہ آیت یہ ہے:) مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ رِجَالٌ صَدَقُوْا مَا عَاهَدُوا اللّٰهَ عَلَيْهِ یعنی مومنوں میں سے ایسے مرد بھی ہیں جنہوں نے جس بات پر اللہ سے عہد کیا تھا اسے سچا کردیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4785
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ اُن کے پاس آئے، جب اللہ نے آپؐ کو حکم دیا کہ آپؐ اپنی بیویوں کو اختیار دیں اور رسول اللہ ﷺ نے (اس بارے میں) مجھ سے ہی شروع کیا۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم سے ایک بات کا ذکر کرنے لگا ہوں۔ جب تک تم اپنے ماں باپ سے مشورہ نہ کر لو اس میں جلدی نہ کرنا۔ تم پر کوئی مضائقہ نہیں (آزادی سے جو چاہو فیصلہ کرو) اور آپؐ کو علم تھا کہ میرے ماں باپ ایسے نہیں ہیں کہ وہ آپؐ سے علیحدہ ہونے کا مجھے مشورہ دیں۔ کہتی تھیں کہ آپؐ نے کہا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: یٰۤاَیُّہَا النَّبِیُّ قُلۡ لِّاَزۡوَاجِکَ … پوری دو آیتیں۔ میں نے آپؐ سے پوچھا: میں اپنے ماں باپ سے اس کے متعلق کیا مشورہ لوں، میں تو اللہ اور اس کا رسول اور دارِ آخرت ہی چاہتی ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4786
اور لیث نے کہا: یونس نے مجھ سے کہا: ابن شہاب سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبد الرحمٰن نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہؓ نبی ﷺ کی زوجہ کہتی تھیں کہ جب رسول اللہ ﷺ کو یہ حکم ہوا کہ آپؐ اپنی ازواج کو اختیار دیں تو آپؐ نے مجھ سے ہی شروع کیا اور فرمایا: میں تم سے ایک بات ذکر کرنے لگا ہوں جب تک اپنے ماں باپ سے مشورہ نہ کرلو اس میں جلدی نہ کرنا۔ کوئی مضائقہ نہیں (جو چاہو فیصلہ کرو۔) کہتی تھیں: آپؐ کو یہ علم تھا کہ میرے ماں باپ ایسے نہیں کہ آپؐ سے جدا ہونے کا مجھے مشورہ دیں۔ کہتی تھیں: یہ کہہ کر آپؐ نے فرمایا: اللہ جل ثناءہ فرماتا ہے: يٰۤاَيُّهَا النَّبِيُّ قُلْ لِّاَزْوَاجِكَ اِنْ كُنْتُنَّ تُرِدْنَ الْحَيٰوةَ الدُّنْيَا وَزِيْنَتَهَا… اَجْرًا عَظِيْمًا۔ کہتی تھیں: میں نے کہا: اس میں کونسی بات ہے کہ جس کے متعلق میں ماں باپ سے مشورہ کروں میں تو اللہ، اس کا رسول اور دارِ آخرت ہی چاہتی ہوں۔ کہتی تھیں: پھر رسول اللہ ﷺ کی دوسری ازواج نے بھی وہی جواب دیا جو میں نے دیا تھا۔ (لیث کی طرح) موسیٰ بن اعین نے بھی اسے روایت کیا ہے۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے یہ بات روایت کی۔ انہوں نے کہا ابوسلمہ نے مجھے بتایا۔ اور عبدالرزاق اور ابوسفیان معمری نے معمر سے، معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے نقل کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4787
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ معلیٰ بن منصور نے ہمیں بتایا۔ حماد بن زید سے روایت ہے کہ ثابت نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آیت وَ تُخْفِيْ فِيْ نَفْسِكَ مَا اللّٰهُ مُبْدِيْهِ یعنی اور تو اپنے نفس میں وہ بات چھپاتا ہے جو اللہ ظاہر کرنے والا ہے، حضرت زینب بنت جحشؓ اور حضرت زید بن حارثہؓ کے متعلق نازل ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4788
زکریا بن یحيٰ نے ہمیں بتایا کہ ابو اُسامہ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے ہمیں بتایا، کہا: ان کے باپ سے مروی ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے وہ کہتی تھیں: میں ان عورتوں سے غیرت کھاتی تھی جنہوں نے اپنے آپ کو رسول اللہ ﷺ کے سامنے پیش کیا اور میں کہتی: کیا عورت اپنے آپ کو پیش کرے؟ جب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: تُرۡجِیۡ مَنۡ تَشَآءُ مِنۡہُنَّ وَتُــٔۡوِیۡۤ اِلَیۡکَ مَنۡ تَشَآءُ ؕ وَمَنِ ابۡتَغَیۡتَ مِمَّنۡ عَزَلۡتَ فَلَا جُنَاحَ عَلَیۡکَ۔ یعنی ان (بیویوں) میں سے جسے تو چاہے مہلت دے اور جسے چاہے اپنے پاس رکھے اور ان میں سے جنہیں چاہے تو الگ کر دے تجھ پر کوئی مضائقہ نہیں۔ میں نے کہا: میں دیکھتی ہوں کہ آپ کا رب آپؐ کی خواہش جلدی سے پورا کر دیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4789
حبان بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ عاصم احول نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معاذہ سے، معاذہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ آیت تُرْجِيْ مَنْ تَشَآءُ مِنْهُنَّ وَ تُـْٔوِيْۤ اِلَيْكَ مَنْ تَشَآءُ… نازل ہونے کے بعد رسول اللہ ﷺ ہم میں سے کسی زوجہ کی باری کے دن اجازت مانگا کرتے تھے۔ (معاذہ کہتے تھے:) میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا: آپ کیا کہا کرتی تھیں؟ کہتی تھی: میں آپؐ سے یہ کہتی: اگر میں نے ہی اس کا فیصلہ کرنا ہے تو پھر یا رسول اللہ! میں نہیں چاہتی کہ میں کسی دوسری کو آپؐ کے لئے مقدم کروں۔ (عبداللہ بن مبارک کی طرح) یہ بات عباد بن عباد نے بھی بیان کی۔ انہوں نے عاصم سے سنی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4790
مسدد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید قطان) سے، یحيٰ نے حمید (طویل) سے، حمید نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر رضی اللہ عنہ کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کے پاس بھلے بُرے (آدمی) آتے ہیں تو اگر آپؐ امہات المؤمنین کو پردہ کرنے کے لئے فرمائیں (تو مناسب ہوگا۔) پھر اللہ نے حجاب کی آیت نازل کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4791
محمد بن عبداللہ رقاشی نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ابومجلز نے ہمیں بتایا کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ نے حضرت زینب بنت جحشؓ سے شادی کی۔ تو لوگوں کو دعوت دی۔ انہوں نے کھانا کھایا اور پھر وہ بیٹھے باتیں کرنے لگے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آنحضرت ﷺ اٹھنا چاہتے ہیں مگر لوگ نہ اٹھے۔ جب آپؐ نے یہ دیکھا تو آپؐ کھڑے ہوگئے۔ جب آپؐ کھڑے ہوئے تو لوگ اٹھ کر چلے گئے اور تین آدمی بیٹھے رہے۔ نبی ﷺ آئے کہ اندر جائیں مگر کیا دیکھتے ہیں کہ یہ لوگ بیٹھے ہیں۔ آخر وہ اٹھ کر چلے گئے اور میں بھی چلا اور جا کر نبی ﷺ کو خبر دی کہ وہ چلے گئے ہیں آپؐ آئے اور اندر گئے۔ میں بھی اندر جانے لگا تو نبیﷺ نے میرے اور اپنے درمیان پردہ ڈال دیا۔ پھر اللہ نے یہ وحی نازل کی: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَدْخُلُوْا بُيُوْتَ النَّبِيِّ۔ یعنی اے وے جو ایمان لائے ہو نبی کے گھروں میں مت جاؤ…
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4792
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابوقلابہ سے روایت کی کہ حضرت انس بن مالکؓ نے کہا: میں اس آیت کی بابت تمام لوگوں سے بڑھ کر جانتا ہوں یعنی حجاب کی آیت (کے متعلق)۔ جب حضرت زینبؓ (بوقت رخصتانہ) رسول اللہ ﷺ کے پاس بھیجی گئیں تو وہ آپؐ کے ساتھ ہی گھر میں تھیں۔ آپؐ نے کھانا تیار کروایا اور لوگوں کو دعوت دی۔ وہ (کھانا کھا کر) بیٹھے رہے، باتیں کرتے رہے۔ نبیﷺ باہر جاتے اور پھر واپس آتے مگر دیکھتے کہ وہ بیٹھے باتیں کر رہے ہیں۔ پھر اللہ تعالیٰ نے وحی نازل کی: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَدْخُلُوْا بُيُوْتَ النَّبِيِّ… مِنْ وَّرَآءِ حِجَابٍ تک۔ یعنی اے وے جو ایمان لائے ہو نبی کے گھروں میں مت جاؤ بجز اس کے کہ کھانے کے لئے اندر آنے کی تمہیں اجازت دی جائے۔ اس کے پکنے کا انتظار نہ کرتے رہو۔ لیکن جب تمہیں بلایا جائے تو اس وقت اندر آؤ۔ جب تم کھا چکو تو منتشر ہوجاؤ اور باتوں میں مزہ لینے نہ لگ جاؤ۔ یہ بات نبیؐ کو تکلیف دیتی ہے اور وہ تم سے (اس کے اظہار پر) شرماتا ہے اور اللہ حق سے نہیں شرماتا۔ اور اگر ان (بیویوں) سے کوئی سامان مانگنا ہو تو پسِ پردہ مانگو۔ چنانچہ پردہ ڈال دیا گیا اور لوگ اٹھ کر چلے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4793
ابو معمر نے ہمیں بتایا کہ عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ عبدالعزیز بن صہیب نے ہمیں بتایا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت زینب بنت جحشؓ سے شادی کی تو روٹی اور گوشت سے ولیمہ کیا گیا اور کھانے پر بلانے کے لیے مجھے بھیجا۔ کچھ لوگ آتے اور وہ کھا کر چلے جاتے پھر کچھ لوگ آتے اور وہ کھا کر چلے جاتے۔ میں نے سب کو بلایا یہاں تک کہ میں نے کسی کو نہ پایا کہ جسے بلاتا۔ میں نے کہا: یا نبی اللہ! میں کوئی شخص نہیں پاتا جسے بلاؤں۔ آپؐ نے فرمایا: کھانا اٹھا لو۔ اور تین شخص گھر میں رہ گئے جو باتیں کر رہے تھے۔ نبی ﷺ نکلے اور حضرت عائشہؓ کے حجرے کی طرف گئے اور فرمایا: اے اہل بیت! تم پر سلامتی ہو اور اللہ کی رحمت۔ حضرت عائشہؓ نے (جواب میں) کہا: آپؐ پر بھی سلامتی اور اللہ کی رحمت۔ آپؐ نے اپنی بیوی کو کیسا پایا ہے؟ اللہ آپؐ کو مبارک کرے۔ غرض آپؐ اسی طرح اپنی تمام ازواج کے حجروں میں یکے بعد دیگرے گئے ان سے وہی بات کہتے جو حضرت عائشہؓ سے کہی۔ وہ ازواج بھی وہی جواب دیتیں جو حضرت عائشہؓ نے دیا۔ پھر نبی ﷺ واپس آئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہی تین آدمی گھر میں باتیں کر رہے ہیں۔ نبی ﷺ بہت ہی شرمیلے تھے آپؐ پھر حضرت عائشہؓ کے حجرے کی طرف چلے گئے۔ میں نہیں جانتا آیا میں نے آپؐ کو خبر دی یا کسی اور نے کہ لوگ چلے گئے ہیں تو آپؐ واپس آئے۔ جب آپؐ نے دروازے کی دہلیز میں ایک پاؤں رکھا دوسرا ابھی باہر تھا تو آپؐ نے پردہ میرے اور اپنے درمیان ڈال دیا اور حجاب کی آیت نازل ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah