کتاب 65: كتاب التفسیر
صحیح بخاری, حصہ 18
صحیح بخاری 4814
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے ابو صالح سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: ان دو نفخوں کے درمیان چالیس کا فاصلہ ہوگا۔ لوگوں نے کہا: ابو ہریرہ چالیس دن کا؟ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا: میں نہیں بتا سکتا۔ پھر انہوں نے پوچھا: چالیس سال کا ؟ انہوں نے کہا: میں نہیں بتا سکتا۔ انہوں نے کہا: چالیس مہینے کا؟ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا: میں نہیں بتا سکتا اور انسان کی ہر شے بوسیدہ ہو جائے گی سوائے اس کی ریڑھ کے آخری سرے کے۔ اسی سے (قیامت کے دن) ڈھانچہ ترکیب دیا جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4815
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں بتایا کہ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ بن ابی کثیر نے مجھے بتایا۔ کہتے تھے: محمد بن ابراہیم تیمی نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عروہ بن زبیر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاصؓ سے کہا: جو سخت ترین سلوک مشرکوں نے رسول اللہ ﷺ سے کیا وہ مجھے بتائیں۔ انہوں نے کہا: ایک بار رسول اللہ ﷺ کعبہ کے صحن میں نماز پڑھ رہے تھے اتنے میں عقبہ بن ابی مُعَیط آیا۔ اس نے رسول اللہ ﷺ کا کندھا پکڑا اور اپنا کپڑا آپؐ کی گردن میں لپیٹ کر اس کو انتہائی زور سے گھونٹا۔ اتنے میں حضرت ابوبکرؓ آن پہنچے۔ انہوں نے عقبہ کا کندھا پکڑا اور رسول اللہ ﷺ سے اس کو ہٹایا اور کہا: کیا تم ایسے شخص کو مارتے ہو جو یہ کہتا ہے کہ میرا ربّ اللہ ہے اور وہ تمہارے پاس تمہارے ربّ کی طرف سے کھلے کھلے دلائل لایا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4816
صلت بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے رَوح بن قاسم سے، رَوح نے منصور سے، منصور نے مجاہد سے، مجاہد نے ابومعمر (عبداللہ بن سخبرہ) سے، ابومعمر نے حضرت ابن مسعودؓ سے روایت کی۔ وَمَا كُنْتُمْ تَسْتَتِرُوْنَ اَنْ يَّشْهَدَ عَلَيْكُمْ سَمْعُكُمْ (یہ جو آیت ہے اس کا موقع نزول یہ ہے کہ) قریش کے دو آدمی تھے اور ان کی بیوی کا ایک رشتہ دار جو ثقیف قبیلہ سے تھا یا یہ دونوں آدمی ثقیف سے تھے اور ان کی بیوی کا رشتہ دار قریش سے تھا (یہ تینوں) ایک گھر میں تھے۔ اُن میں سے ایک نے کسی سے کہا: کیا تم یہ سمجھتے ہو کہ اللہ ہماری باتیں سن رہا ہے؟ ان میں سے کسی نے کہا: بعض باتیں سنتا ہے۔ اور اُن میں سے ایک نے کہا: اگر وہ کچھ باتیں سنتا ہے تو یقیناً ساری بھی سنتا ہے۔ تب یہ آیت نازل ہوئی: اور تم ایسے نہیں ہو کہ اس سے پوشیدہ رہو کہ تمہارے برخلاف تمہارے کان گواہی دیں اور نہ تمہاری آنکھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4817
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے مجاہد سے، مجاہد نے ابومعمر سے، ابومعمر نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: بیت اللہ کے پاس دو قریشی اور ایک ثقفی یا دو ثقفی اور ایک قریشی اکٹھے ہوئے۔ ان کے پیٹوں کی چربی بہت تھی، ان کے دلوں کی سمجھ کم تھی تو اُن میں سے ایک نے کہا: کیا تم سمجھتے ہو کہ اللہ جو ہم کہہ رہے ہیں سنتا ہے؟ دوسرے نے کہا: سنتا ہے اگر ہم اُونچا بولیں اور نہیں سنتا اگر ہم آہستہ بات کریں۔ اور تیسرے نے کہا: اگر وہ ہماری بات جب اونچی کریں سنتا ہے تو یقیناً وہ اس وقت بھی سنتا ہوگا جب ہم آہستہ کریں۔ تب اللہ عزو جلّ نے یہ وحی نازل کی: اور تم ایسے نہیں ہو کہ اس سے پوشیدہ رہو کہ تمہارے برخلاف تمہارے کان گواہی دیں اور نہ تمہاری آنکھیں اور نہ تمہارے جسم۔ اور سفیان (بن عیینہ) ہم سے یہ حدیث بیان کرتے تھے اور کہتے تھے کہ ہم سے منصور (بن معتمر) یا (عبداللہ) ابن ابی نجیح نے یا حمید (بن قیس) میں سے ایک نے یا ان میں سے دو نے بیان کیا۔ پھر بعد میں وہ منصور کا ہی نام لیتے رہے اور باقیوں کا نام لینا چھوڑ دیا اور اس طرح یہ حدیث انہوں نے کئی دفعہ بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4818
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبدالملک بن میسرہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے طاؤس سے سنا۔ وہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے تھے کہ ان سے اللہ تعالیٰ کے اس قول اِلَّا الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبٰى کی بابت پوچھا گیا (کہ اس سے کیا مراد ہے؟) تو سعید بن جبیر نے کہا: قُرْبَى سے مراد حضرت محمد ﷺ کی آل ہے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: تم نے جلدی کی۔ قریش کا کوئی ایسا قبیلہ نہ تھا جس میں نبی ﷺ کی رشتہ داری نہ ہو (تو اللہ تعالیٰ نے) فرمایا: اگر اور کچھ نہیں تو کم از کم میرے اور تمہارے درمیان جو قرابت ہے اسی کا لحاظ رکھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4819
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان بن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے صفوان بن یعلیٰ سے، صفوان نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو منبر پر یہ پڑھتے سنا: وَ نَادَوْا يٰمٰلِكُ… اور وہ پکاریں گے کہ اے مالک! (یعنی افسرِ دوزخ) تیرے ربّ کو چاہیئے کہ ہمیں موت دے دے۔ اور قتادہ نے کہا: مَثَلًا لِّلْاٰخِرِيْنَ کے معنی ہیں بعد میں آنے والوں کے لئے نصیحت۔ اور قتادہ کے سوا اَوروں نے کہا: مُقْرِنِيْنَ قابو میں رکھنے والے۔ کہتے ہیں: فُلَانٌ مُقْرِنٌ لِفُلَانٍ فلاں فلاں کو قابو میں رکھنے والا ہے اور أَکْوَاب کے معنی ہیں وہ کوزے جن کی ٹونٹیاں نہ ہوں۔ اور قتادہ نے کہا: فِیۡۤ اُمِّ الْكِتٰبِ کے معنی ہیں مجموعی کتاب، اصل کتاب میں ہے۔ اَوَّلُ الْعٰبِدِيْنَ سے مراد أَوَّلُ الْآنِفِينَ ہے یعنی (رحمٰن خدا کا کوئی بیٹا) نہیں ہے، اس لیے عار کرنے والوں میں سے میں سب سے پہلے ہوں۔ دونوں طرح بولتے ہیں: رَجُلٌ عَابِدٌ وَعَبِدٌ یعنی عار کرنے والا، کراہت کرنے والا۔ اور حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے (وَقِيْلِهٖ يٰرَبِّ کے بجائے یوں) پڑھا ہے: وَقَالَ الرَّسُوْلُ يٰرَبِّ۔ اور کہتے ہیں: أَوَّلُ الْعَابِدِينَ میں عَابِدِین کے معنی الْجَاحِدِينَ یعنی انکار کرنے والے کئے جاتے ہیں۔ عَبِدَ یَعْبَدُ سے ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4820
عبدان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو حمزہ (محمد بن میمون) سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے مسلم (بن صبیح) سے، مسلم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: پانچ علامتیں گزر چکی ہیں، دُخان (دھواں)، روم، شق القمر، ایک سخت گرفت اور چمٹ جانے والا عذاب۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4821
یحيٰ (بن موسیٰ بلخی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابو معاویہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے مسلم سے، مسلم نے مسروق سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کہتے تھے: یہ اس لئے ہوا تھا کہ قریش جب نبی ﷺ کے مقابل اَڑ گئے تو آپؐ نے ان پر سات سال قحط کی دعا کی جو حضرت یوسفؑ کے سالوں کی طرح ہوں۔ چنانچہ ان کو قحط اور سخت مصیبت پہنچی۔ یہاں تک کہ انہوں نے ہڈیاں کھائیں اور آدمی فضا میں دیکھتا تو اپنے اور اس کے درمیان مارے بھوک کی تکلیف کے دھواں سا دیکھتا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی تھی: پس تُو اُس دن کا انتظار کر جس دن آسمان پر ایک کھلا کھلا دُھواں ظاہر ہو گا، جو سب لوگوں پر چھا جائے گا، یہ دردناک عذاب ہوگا۔ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ کے پاس کوئی آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! مضر کے لیے اللہ سے بارش کی دعا کیجئے۔ کیونکہ وہ تو ہلاک ہوگئے۔ آپؐ نے فرمایا: مضر کے لئے تم بھی عجب دلیر ہو، تو آپؐ نے بارش کے لئے دعا کی اور اُن پر بارش برسی۔ (اور اس کے متعلق یہ) آیت نازل ہوئی تھی۔ یعنی تم پھر ویسے کے ویسے ہوجاؤ گے۔ جب ان کو ذرا آسائش ملی تو پھر آسائش ملنے پر اپنی اسی حالت میں لوٹ گئے۔ مگر اللہ عزو جل نے یہ آیت بھی نازل کی تھی کہ جس دن ہم بڑی گرفت میں تم کو لے آئیں گے (تم پر کُھل جائے گا کہ) ہم انتقام لینے پر قادر ہیں۔ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) کہتے تھے: (بَطْشَة سے) مراد جنگ بدر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4822
یحيٰ (بن موسیٰ بلخی) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کے پاس گیا۔ انہوں نے کہا: علم کی شان یہ ہے کہ تم جس بات کو نہیں جانتے اس کے متعلق یہ کہو: اللہ بہتر جانتا ہے کیونکہ اللہ نے اپنے نبیﷺ سے فرمایا: تُو کہہ دے کہ میں اس (تبلیغ) پر تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا اور نہ میں تکلف سے بات کرنے کا عادی ہوں۔ قریش نے جب نبی ﷺ کو بے بس کردیا اور وہ آپؐ کے مقابل میں اَڑ گئے۔ آپؐ نے یہ دعا کی: اے اللہ! ان کو سر کرنے کے لئے میری مدد سات سال (قحط) سے فرما جو یوسفؑ کے سات سالوں کے سے ہوں۔ چنانچہ ان کو قحط نے آپکڑا جس میں انہوں نے سخت بھوک کی وجہ سے ہڈیاں اور مردار کھائے۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ ان میں سے کوئی بھوک کے مارے اپنے اور فضاء کے درمیان دھواں سا دیکھتا۔ (اس وقت) انہوں نے کہا: اے ہمارے ربّ! ہم سے عذاب ہٹا، ہم ایمان لانے والے ہیں۔ آنحضرتﷺ سے کہا گیا: اگر ہم نے ان سے اس عذاب کو ہٹادیا تو وہ پھر ویسے کے ویسے ہوجائیں گے۔ مگر آپؐ نے اپنے ربّ سے دعا کی اور اس نے ان سے عذاب کو ہٹا دیا اور وہ پھر ویسے ہی ہوگئے۔ اس لئے اللہ نے ان کو جنگِ بدر میں سزا دی۔ یہی ہے جو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: پس تُو اُس دن کا انتظار کر جس دن آسمان پر ایک کھلا کھلا دُھواں ظاہر ہو گا۔ اللہ جلّ ذِکْرُہُ کے اس قول تک کہ ہم انتقام لینے پر قادر ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4823
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کے پاس گیا۔ کچھ دیر (بیٹھنے کے) بعد انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے جب قریش کو (اسلام کی) دعوت دی تو انہوں نے آپؐ کو جھٹلا دیا اور آپؐ کے مقابل پر اڑ بیٹھے تو آپؐ نے یہ دعا کی: اے اللہ! ان کو مغلوب کرنے کے لئے سات سال (قحط) سے تو میری مدد فرما جو یوسف کے سات سالوں کے سے ہوں۔ چنانچہ اُن پر قحط ایسا پڑا جس نے ہر چیز کو فنا کردیا اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ وہ مردار کھاتے تھے۔ ان میں سے کوئی کھڑا ہوتا تو مارے کمزوری اور بھوک کے اپنے سامنے اور فضا میں دھواں سا دیکھتا۔ پھر (حضرت ابن مسعودؓ نے) یہ آیت پڑھی: پس تُو اُس دن کا انتظار کر جس دن آسمان پر ایک کھلا کھلا دُھواں ظاہر ہو گا۔ جو سب لوگوں پر چھا جائے گا، یہ دردناک عذاب ہوگا یہاں تک کہ اِنَّا كَاشِفُوا الْعَذَابِ… تک پہنچے۔ یعنی ہم عذاب کو تھوڑی دیر کے لیے ہٹا دیں گے مگر تم پھر وہی (کرتوتیں) کرنے لگ جاؤ گے۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: بھلا کیا عذاب ان سے قیامت کے دن بھی ہٹایا جائے گا۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: بَطْشَۃُ الْکُبْریٰ جنگ بدر تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4824
بشر بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد (بن جعفر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان اور منصور سے، انہوں نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: اللہ نے محمد ﷺ کو مبعوث کیا اور فرمایا: تُو کہہ دے کہ میں اس (تبلیغ) پر تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا اور نہ میں تکلف سے بات کرنے کا عادی ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے جب قریش کو دیکھا کہ وہ آپؐ کے مقابل اڑ گئے ہیں تو آپؐ نے یہ دعا کی: اے اللہ! ان کو مغلوب کرنے کے لئے تو میری مدد سات سال (قحط) سے فرما جو یوسف کے سالوں کی طرح ہوں۔ چنانچہ قحط نے ان کو ایسا آپکڑا کہ اس نے ہر ایک چیز کو فنا کردیا۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ انہوں نے ہڈیاں اور کھالیں کھائیں۔ راویوں میں سے ایک نے کہا: یہاں تک کہ کھالیں اور مردار کھائے اور زمین سے ایک دھواں سا نکلنے لگا۔ تب ابوسفیان آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: محمد! تمہاری قوم تو ہلاک ہوگئی۔ اللہ سے دعا کرو کہ ان سے عذاب ہٹائے۔ آپؐ نے دعا کی اور آپؐ نے فرمایا: اس کے بعد پھر تم ویسے کے ویسے ہوجاؤ گے۔ منصور کی حدیث میں (یہ الفاظ) ہیں: تو پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی: فَارْتَقِبْ يَوْمَ تَاْتِي السَّمَآءُ …۔ (حضرت ابن مسعودؓ نے کہا:) بھلا آخرت کا عذاب بھی ہٹایا جائے گا۔ دخان (دھواں)، بطشہ (سخت گرفت) اور لزام (چمٹنے والا عذاب) تو گزر چکے۔ اور ان راویوں میں سے ایک نے شق القمر بھی کہا اور دوسرے نے روم بھی کہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4825
یحيٰ (بن موسیٰ بلخی) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع (بن جراح) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے مسلم سے، مسلم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: پانچ پیشگوئیاں ہیں جو گزر چکیں۔ لزام (چمٹنے والا عذاب)، روم، بطشہ (سخت گرفت)، قمر اور دخان (دھواں)۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4826
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ زُہری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ عز و جل فرماتا ہے: مجھے ابن آدم تکلیف دیتا ہے۔ وہ زمانہ کو گالیاں دیتا ہے اور زمانہ میں ہوں، سب حکم میرے ہاتھ میں ہے، میں ہی رات اور دن کو چکر دیتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4827
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے یوسف بن ماہک سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مروان (بن حکم) حجاز کا حاکم تھا جس کو معاویہ نے مقرر کیا تھا۔ وہ لوگوں سے مخاطب ہوا اور یزید بن معاویہ کی تعریفیں کرنے لگا تاکہ اس کے باپ کے بعد اس کی بیعت کی جائے۔ حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکرؓ نے سن کر کچھ ایسا ویسا کہا۔ مروان نے کہا: اس کو گرفتار کرلو۔ وہ حضرت عائشہؓ کے گھر چلے گئے اور وہ ان کو پکڑ نہ سکے۔ مروان نے کہا: یہ وہ شخص ہے جس کے متعلق اللہ نے یہ وحی نازل کی: اور وہ جس نے اپنے والدین سے کہا: تم پر تف، کیا تم مجھے دھمکاتے ہو؟ حضرت عائشہؓ یہ سن کر پردہ کے پیچھے سے بولیں: اللہ نے ہمارے متعلق قرآن میں کوئی آیت نہیں نازل کی سوائے اس کے کہ اللہ نے میری بریت نازل کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4828
احمد (بن عیسیٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن حارث) نے ہمیں خبر دی کہ ابونضر (سالم) نے اُن سے بیان کیا۔ ابونضر نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کو کبھی اتنا ہنستے نہیں دیکھا کہ میں آپؐ کا حلق دیکھتی، بلکہ آپؐ صرف مسکرایا ہی کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4829
فرماتی تھیں: جب آپؐ اَبر یا آندھی دیکھتے تو آپؐ کے چہرے سے معلوم ہوتا (کہ آپؐ متفکر ہیں۔ حضرت عائشہؓ نے) کہا: یا رسول اللہ! لوگ تو جب بادل دیکھتے ہیں تو خوش ہوتے ہیں اس امید سے کہ اس میں بارش ہوگی اور میں آپؐ کو دیکھتی ہوں کہ جب بھی آپؐ بادل دیکھیں تو آپؐ کے چہرے سے ناگواری معلوم ہوتی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: عائشہؓ! مجھے کیا اطمینان کہ اس میں وہ آندھی کا عذاب نہ ہوگا جو ایک قوم کو دیا گیا۔ حالانکہ اس قوم نے عذاب کو دیکھا اور کہنے لگے: یہ بادل ہے جو ہم پر برسے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4830
خالد بن مخلد نے ہمیں بتایا کہ سلیمان (بن بلال) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: معاویہ بن ابی مُزَرِّد نے مجھے بتایا۔ معاویہ نے سعید بن یسار سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے ساری مخلوق کو پیدا کیا۔ جب وہ اس سے فارغ ہوا رحم کھڑا ہوگیا اور اس نے رحمان کی کمر پکڑ لی۔ اللہ نے اس سے کہا: کیا ہے؟ رحم بولا: یہ کھڑا ہونا اس کا ہے جو قطع رحمی سے تیری پناہ مانگ رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: کیا تو اس پر خوش نہ ہوگا کہ جس نے تجھ سے پیوند رکھا میں اس کے ساتھ پیوند رکھوں اور جس نے تجھ سے تعلق توڑا میں اس سے تعلق توڑوں۔ رحم نے کہا: میرے ربّ! کیوں نہیں، ضرور میں خوش ہوں گا۔ رحمٰن نے فرمایا: پھر ایسا ہی ہوگا۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: اگر تم چاہو تو (یہ آیت) پڑھو: کہیں ایسا نہ ہو کہ اگر تم حکومت کو اپنے ہاتھ میں لو تو زمین میں فساد کرو، اپنے رشتوں کو کاٹ ڈالو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4831
ابراہیم بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معاویہ سے روایت کی۔ (معاویہ نے) کہا: مجھے میرے چچا ابوالحباب سعید بن یسار نے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اس میں یوں ہے: پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر تم چاہو تو (یہ آیت) پڑھ لو: فَهَلْ عَسَيْتُمْ۔ (یعنی کہیں ایسا نہ ہو کہ)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4832
بشر بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ معاویہ بن ابی مُزَرّد نے ہمیں یہی بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر تم چاہو تو (یہ آیت) پڑھ لو: فَهَلْ عَسَيْتُمْ۔ (کہیں ایسا نہ ہو کہ)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4833
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے مالک سے، مالک نے زید بن اسلم سے، زید نے اپنے باپ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ اپنے کسی سفر میں رات کو جا رہے تھے اور حضرت عمر بن خطابؓ بھی آپؐ کے ساتھ ہی جا رہے تھے۔ حضرت عمر بن خطابؓ نے کسی بات کے متعلق آپؐ سے پوچھا۔ رسول اللہ ﷺ نے آپؐ کو جواب نہ دیا۔ پھر انہوں نے آپؐ سے پوچھا مگر آپؐ نے جواب نہ دیا۔ پھر انہوں نے آپؐ سے پوچھا تو بھی آپؐ نے ان کو جواب نہ دیا۔ آخر حضرت عمر بن خطابؓ نے (اپنے تئیں) کہا: عمر تو اپنی ماں کے لئے نہ رہے۔ تو نے رسول اللہ ﷺ سے تین بار پیچھے پڑ کر پوچھا، باوجود اس کے کہ آپؐ نے ایک دفعہ بھی تجھے جواب نہ دیا۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: میں نے اپنے اونٹ کو چلایا اور لوگوں کے آگے نکل گیا اور میں ڈرا کہ کہیں میرے متعلق قرآن نازل نہ ہو۔ مجھے تھوڑی دیر نہ ہوئی تھی کہ میں نے ایک پکارنے والے کو سنا جو مجھے پکار رہا تھا۔ میں نے کہا: مجھے یقیناً ڈر ہے کہیں میرے متعلق قرآن نازل نہ ہوا ہو۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو السلام علیکم کہا۔ آپؐ نے فرمایا: آج رات مجھ پر ایک سورة نازل کی گئی ہے جو مجھے تمام ان چیزوں سے زیادہ پیاری ہے جن پر سورج چڑھا ہے۔ پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: ہم نے تم کو ایک کھلی کھلی فتح بخشی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah