کتاب 65: كتاب التفسیر

صحیح بخاری, حصہ 19

صحیح بخاری 4834

محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے قتادہ سے سنا۔ وہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: اِنَّا فَتَحْنَا لَكَ فَتْحًا مُّبِيْنًا سے مراد حدیبیہ ہے۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ سَمِعْتُ قَتَادَةَ عَنْ أَنَسٍ ـ رضى الله عنه ـ {إِنَّا فَتَحْنَا لَكَ فَتْحًا مُبِينًا} قَالَ الْحُدَيْبِيَةُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4835

مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ معاویہ بن قرہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت عبداللہ بن مُغفلؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فتح مکہ کے دن سورۂ فتح پڑھی اور آپؐ نے اس کو ترجیع؂ سے پڑھا۔ حضرت معاویہؓ نے کہا: اگر میں چاہوں کہ نبی ﷺ کی قراءت کی طرح پڑھ کر تمہیں بتلاؤں تو میں ضرور ویسا پڑھ کر سناؤں۔

حَدَّثَنَا مُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ حَدَّثَنَا مُعَاوِيَةُ بْنُ قُرَّةَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مُغَفَّلٍ قَالَ قَرَأَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يَوْمَ فَتْحِ مَكَّةَ سُورَةَ الْفَتْحِ فَرَجَّعَ فِيهَا. قَالَ مُعَاوِيَةُ لَوْ شِئْتُ أَنْ أَحْكِيَ لَكُمْ قِرَاءَةَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم لَفَعَلْتُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4836

صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں خبر دی۔ زیاد (بن علاقہ) نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت مغیرہؓ (بن شعبہ) سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ (نماز میں) اتنا کھڑے ہوئے کہ آپؐ کے پاؤں سوج گئے۔ آپؐ سے کہا گیا: اللہ نے آپؐ کو پہلے بھی گناہوں سے محفوظ؂ رکھا ہے اور بعد میں بھی۔ آپؐ نے فرمایا: پھر کیا میں شکر گزار بندہ نہ بنوں۔

حَدَّثَنَا صَدَقَةُ بْنُ الْفَضْلِ أَخْبَرَنَا ابْنُ عُيَيْنَةَ حَدَّثَنَا زِيَادٌ أَنَّهُ سَمِعَ الْمُغِيرَةَ يَقُولُ قَامَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم حَتَّى تَوَرَّمَتْ قَدَمَاهُ فَقِيلَ لَهُ غَفَرَ اللَّهُ لَكَ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِكَ وَمَا تَأَخَّرَ قَالَ " أَفَلاَ أَكُونُ عَبْدًا شَكُورًا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4837

حسن بن عبدالعزیز نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن یحيٰ نے ہمیں بتایا کہ حیوہ (بن شریح) نے ہمیں خبر دی۔ حیوہ نے ابوالاسود (محمد بن عبدالرحمٰن) سے روایت کی۔ انہوں نے عروہ سے سنا۔ عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ رات کو (نماز میں) اتنا کھڑا رہتے تھے کہ آپؐ کے پاؤں پھٹ جاتے۔ یہ دیکھ کر حضرت عائشہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ ایسا کیوں کرتے ہیں۔ حالانکہ اللہ نے آپؐ کو پہلے بھی گناہوں سے محفوظ رکھا ہے اور بعد میں بھی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا مجھے پسند نہیں کہ شکر گزار بندہ ہو جاؤں۔ جب آپؐ کا جسم فربہ ہوا تو آپؐ بیٹھ کر نماز پڑھتے۔ جب رکوع کرنا چاہتے اٹھ کھڑے ہوتے اور کچھ (قرآن مجید) پڑھ کر رکوع کرتے۔

حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ عَبْدِ الْعَزِيزِ حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يَحْيَى أَخْبَرَنَا حَيْوَةُ عَنْ أَبِي الأَسْوَدِ سَمِعَ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ أَنَّ نَبِيَّ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كَانَ يَقُومُ مِنَ اللَّيْلِ حَتَّى تَتَفَطَّرَ قَدَمَاهُ فَقَالَتْ عَائِشَةُ لِمَ تَصْنَعُ هَذَا يَا رَسُولَ اللَّهِ وَقَدْ غَفَرَ اللَّهُ لَكَ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِكَ وَمَا تَأَخَّرَ قَالَ " أَفَلاَ أُحِبُّ أَنْ أَكُونَ عَبْدًا شَكُورًا ". فَلَمَّا كَثُرَ لَحْمُهُ صَلَّى جَالِسًا فَإِذَا أَرَادَ أَنْ يَرْكَعَ قَامَ فَقَرَأَ ثُمَّ رَكَعَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4838

عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی سلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہلال بن ابی ہلال سے، ہلال نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ یہ آیت جو قرآن مجید میں ہے، یعنی اے نبی! ہم نے تجھے (اپنی صفات کے لیے) گواہ اور (مومنوں کے لیے) بشارت دینے والا اور (کافروں کے لیے) ہوشیار کرنے والا بنا کر بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا: (یہ) تورات میں یوں ہے: اے وہ نبی! ہم نے تمہیں اَن پڑھ لوگوں کے لئے بطور ایک شاہد اور خوشخبری دینے والا اور (کافروں کے لیے) ہوشیار کرنے والا اور پشت پناہ بنا کر بھیجا ہے۔ تو میرا بندہ ہے اور میرا رسول ہے۔ میں نے تیرا نام متوکل رکھا۔ نہ تو بدخُو ہے اور نہ سخت دل۔ نہ بازاروں میں شوروشر کرنے والا۔ اور نہ ایسا ہے کہ جو بدی کا بدلہ بدی سے دے۔ بلکہ معاف کرتا ہے اور درگزر کرتا ہے اور اللہ اسے دنیا سے اس وقت تک نہیں اٹھائے گا جب تک اس کے ذریعہ ٹیڑھی اُمت کو درست نہ کرلے۔ یعنی وہ یہ اقرار نہ کرلیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ اور وہ اس کلمہ کے ذریعہ اندھی آنکھوں، بہرے کانوں اور غفلت میں لپٹے ہوئے دلوں کو کھول دے گا۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ أَبِي سَلَمَةَ عَنْ هِلاَلِ بْنِ أَبِي هِلاَلٍ عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَسَارٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّ هَذِهِ الآيَةَ الَّتِي فِي الْقُرْآنِ {يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ إِنَّا أَرْسَلْنَاكَ شَاهِدًا وَمُبَشِّرًا وَنَذِيرًا} قَالَ فِي التَّوْرَاةِ يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ إِنَّا أَرْسَلْنَاكَ شَاهِدًا وَمُبَشِّرًا وَحِرْزًا لِلأُمِّيِّينَ أَنْتَ عَبْدِي وَرَسُولِي سَمَّيْتُكَ الْمُتَوَكِّلَ لَيْسَ بِفَظٍّ وَلاَ غَلِيظٍ وَلاَ سَخَّابٍ بِالأَسْوَاقِ وَلاَ يَدْفَعُ السَّيِّئَةَ بِالسَّيِّئَةِ وَلَكِنْ يَعْفُو وَيَصْفَحُ وَلَنْ يَقْبِضَهُ اللَّهُ حَتَّى يُقِيمَ بِهِ الْمِلَّةَ الْعَوْجَاءَ بِأَنْ يَقُولُوا لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ فَيَفْتَحَ بِهَا أَعْيُنًا عُمْيًا وَآذَانًا صُمًّا وَقُلُوبًا غُلْفًا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4839

عبید اللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار نبی ﷺ کے صحابہ میں سے ایک شخص (قرآن) پڑھ رہا تھا اور اس کا ایک گھوڑا گھر میں بندھا ہوا تھا، وہ بدکنے لگا۔ یہ دیکھ کر وہ شخص باہر نکلا اور دیکھا بھالا مگر کچھ نہ دیکھا اور وہ گھوڑا بدکتا رہا۔ جب صبح ہوئی تو اس نے نبی ﷺ سے یہ ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہی وہ سکینت کی حالت ہے جو قرآن پڑھنے کی وجہ سے (آہستہ آہستہ) نازل ہوتی ہے۔

حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُوسَى عَنْ إِسْرَائِيلَ عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ عَنِ الْبَرَاءِ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ بَيْنَمَا رَجُلٌ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم يَقْرَأُ وَفَرَسٌ لَهُ مَرْبُوطٌ فِي الدَّارِ فَجَعَلَ يَنْفِرُ فَخَرَجَ الرَّجُلُ فَنَظَرَ فَلَمْ يَرَ شَيْئًا وَجَعَلَ يَنْفِرُ فَلَمَّا أَصْبَحَ ذَكَرَ ذَلِكَ لِلنَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ " تِلْكَ السَّكِينَةُ تَنَزَّلَتْ بِالْقُرْآنِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4840

ہم سے قتیبہ بن سعید نے بیان کیا کہ ہمیں سفیان (بن عیینہ) نے بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے حضرت جابر (انصاریؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حدیبیہ کے دن چودہ سو (۱۴۰۰) آدمی تھے۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ عَمْرٍو عَنْ جَابِرٍ قَالَ كُنَّا يَوْمَ الْحُدَيْبِيَةِ أَلْفًا وَأَرْبَعَمِائَةٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4841

علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ شبابہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عقبہ بن صہبان سے سنا۔ وہ حضرت عبداللہ بن مغفل مزنیؓ سے روایت کرتے تھے: میں بھی ان لوگوں میں سے ہوں جو درخت کے نیچے موجود تھے۔ نبی ﷺ نے کنکریاں پھینکنے سے روکا۔

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا شَبَابَةُ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ قَتَادَةَ قَالَ سَمِعْتُ عُقْبَةَ بْنَ صُهْبَانَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مُغَفَّلٍ الْمُزَنِيِّ إِنِّي مِمَّنْ شَهِدَ الشَّجَرَةَ نَهَى النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم عَنِ الْخَذْفِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4842

اور (اسی سند کے ساتھ) عقبہ بن صہبان سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن مغفل مزنیؓ سے نہانے کی جگہ میں پیشاب کرنے کے متعلق سنا (کہ آپ نے اس کو منع فرمایا۔)

وَعَنْ عُقْبَةَ بْنِ صُهْبَانَ قَالَ سَمِعْتُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ الْمُغَفَّلِ الْمُزَنِيِّ فِي الْبَوْلِ فِي الْمُغْتَسَلِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4843

محمد بن ولید نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے خالد (حذاء) سے، خالد نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت ثابت بن ضحاک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اور وہ ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے درخت کے نیچے بیعت کی۔

حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ الْوَلِيدِ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ خَالِدٍ عَنْ أَبِي قِلاَبَةَ عَنْ ثَابِتِ بْنِ الضَّحَّاكِ ـ رضى الله عنه ـ وَكَانَ مِنْ أَصْحَابِ الشَّجَرَةِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4844

احمد بن اسحاق سُلمی نے ہم سے بیان کیا کہ یعلیٰ (بن عبید) نے ہمیں بتایا کہ عبدالعزیز بن سیاہ نے حبیب بن ابی ثابت سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں ابو وائل (شقیق بن سلمہ) کے پاس ان سے کچھ پوچھنے آیا تو انہوں نے کہا: ہم صفین میں تھے، تو ایک شخص نے کہا: کیا تم ان لوگوں کی طرف نہیں دیکھتے جن کو کتاب اللہ پر عمل کرنے کے لئے بلایا جاتا ہے۔ حضرت علیؓ نے کہا: ہاں (دیکھتا ہوں)۔ حضرت سہل بن حنیفؓ نے کہا: اپنے آپ کو ہی غلطی پر سمجھو (اپنے نفسوں پر اتنا اعتماد نہ کیا کرو) کیونکہ میں حدیبیہ کے دن یعنی اس صلح میں جو کہ نبی ﷺ اور مشرکوں کے درمیان تھی اپنے تئیں دیکھ چکا ہوں۔ اگر ہم لڑنا مناسب سمجھتے تو ہم ضرور لڑتے۔ حضرت عمرؓ بھی آئے اور کہنے لگے: کیا ہم حق پر نہیں اور وہ باطل پر نہیں؟ کیا ہمارے مقتول جنت میں اور ان کے مقتول آگ میں نہیں ہوں گے؟ آپؐ نے فرمایا: کیوں نہیں، ضرور۔ حضرت عمرؓ نے کہا: پھر ہم اپنے دین کے متعلق یہ ذلت کیوں قبول کریں اور یونہی ایسے وقت میں واپس ہو جائیں کہ ابھی اللہ نے ہمارے درمیان فیصلہ نہیں کیا۔ یہ سن کر آپؐ نے فرمایا: خطاب کے بیٹے! میں اللہ کا رسول ہوں اور اللہ مجھے کبھی ضائع نہیں کرے گا۔ (یہ سن کر) حضرت عمر بن خطابؓ غصے سے بھرے لوٹ گئے اور صبر نہیں کیا کہ جھٹ حضرت ابوبکرؓ کے پاس چلے گئے اور کہنے لگے: ابوبکرؓ! کیا ہم حق پر اور وہ باطل پر نہیں؟ انہوں نے کہا: خطاب کے بیٹے! وہ اللہ کے رسول ﷺ ہیں اور اللہ ان کو ہرگز ضائع نہیں کرے گا۔ پھر سورۂ فتح نازل ہوئی۔

حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ إِسْحَاقَ السُّلَمِيُّ حَدَّثَنَا يَعْلَى حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ سِيَاهٍ عَنْ حَبِيبِ بْنِ أَبِي ثَابِتٍ قَالَ أَتَيْتُ أَبَا وَائِلٍ أَسْأَلُهُ فَقَالَ كُنَّا بِصِفِّينَ فَقَالَ رَجُلٌ أَلَمْ تَرَ إِلَى الَّذِينَ يُدْعَوْنَ إِلَى كِتَابِ اللَّهِ. فَقَالَ عَلِيٌّ نَعَمْ. فَقَالَ سَهْلُ بْنُ حُنَيْفٍ اتَّهِمُوا أَنْفُسَكُمْ فَلَقَدْ رَأَيْتُنَا يَوْمَ الْحُدَيْبِيَةِ ـ يَعْنِي الصُّلْحَ الَّذِي كَانَ بَيْنَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَالْمُشْرِكِينَ ـ وَلَوْ نَرَى قِتَالاً لَقَاتَلْنَا فَجَاءَ عُمَرُ فَقَالَ أَلَسْنَا عَلَى الْحَقِّ وَهُمْ عَلَى الْبَاطِلِ أَلَيْسَ قَتْلاَنَا فِي الْجَنَّةِ وَقَتْلاَهُمْ فِي النَّارِ قَالَ " بَلَى ". قَالَ فَفِيمَ أُعْطِي الدَّنِيَّةَ فِي دِينِنَا وَنَرْجِعُ وَلَمَّا يَحْكُمِ اللَّهُ بَيْنَنَا. فَقَالَ " يَا ابْنَ الْخَطَّابِ إِنِّي رَسُولُ اللَّهِ وَلَنْ يُضَيِّعَنِي اللَّهُ أَبَدًا ". فَرَجَعَ مُتَغَيِّظًا فَلَمْ يَصْبِرْ حَتَّى جَاءَ أَبَا بَكْرٍ فَقَالَ يَا أَبَا بَكْرٍ أَلَسْنَا عَلَى الْحَقِّ وَهُمْ عَلَى الْبَاطِلِ قَالَ يَا ابْنَ الْخَطَّابِ إِنَّهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَلَنْ يُضَيِّعَهُ اللَّهُ أَبَدًا. فَنَزَلَتْ سُورَةُ الْفَتْحِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4845

یسرہ بن صفوان بن جمیل لخمی نے ہم سے بیان کیا کہ نافع بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: قریب تھا کہ دو بہتر آدمی ہلاک ہوجاتے، یعنی حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما۔ انہوں نے نبی ﷺ کی موجودگی میں جب آپؐ کے پاس بنو تمیم کا قافلہ آیا اپنی آوازوں کو بلند کیا۔ ان دونوں میں سے ایک نے اقرع بن حابسؓ کو جو بنی مجاشع کے خاندان میں سے تھے سردار بنانے کا مشورہ دیا اور دوسرے نے کسی دوسرے شخص کے متعلق مشورہ دیا۔ نافع کہتے تھے: مجھے اس کا نام یاد نہیں رہا۔ حضرت ابوبکرؓ نے حضرت عمرؓ سے کہا: تم نے ہمیشہ میری مخالفت ہی کرنی چاہی۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میں نے آپؓ کی مخالفت کا ارادہ نہیں کیا۔ اور اس وجہ سے ان دونوں کی آوازیں بلند ہوئیں۔ اللہ نے (یہ) وحی نازل کی: اے مومنو! اپنی آواز اُونچی نہ کیا کرو۔ حضرت ابن زبیرؓ کہتے تھے: پھر اس آیت کے بعد حضرت عمرؓ اتنی آہستہ بات کرتے کہ رسول اللہ ﷺ بعض وقت سن بھی نہیں سکتے تھے، یہاں تک کہ آپؐ ان سے پوچھتے۔ اور (حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے) اپنے نانا یعنی حضرت ابوبکرؓ کے متعلق ایسا (آہستہ بات کرنے سے متعلق) نہیں کہا۔

حَدَّثَنَا يَسَرَةُ بْنُ صَفْوَانَ بْنِ جَمِيلٍ اللَّخْمِيُّ حَدَّثَنَا نَافِعُ بْنُ عُمَرَ عَنِ ابْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ قَالَ كَادَ الْخَيِّرَانِ أَنْ يَهْلِكَا ـ أَبَا بَكْرٍ وَعُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ رَفَعَا أَصْوَاتَهُمَا عِنْدَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم حِينَ قَدِمَ عَلَيْهِ رَكْبُ بَنِي تَمِيمٍ فَأَشَارَ أَحَدُهُمَا بِالأَقْرَعِ بْنِ حَابِسٍ أَخِي بَنِي مُجَاشِعٍ وَأَشَارَ الآخَرُ بِرَجُلٍ آخَرَ ـ قَالَ نَافِعٌ لاَ أَحْفَظُ اسْمَهُ ـ فَقَالَ أَبُو بَكْرٍ لِعُمَرَ مَا أَرَدْتَ إِلاَّ خِلاَفِي. قَالَ مَا أَرَدْتُ خِلاَفَكَ. فَارْتَفَعَتْ أَصْوَاتُهُمَا فِي ذَلِكَ فَأَنْزَلَ اللَّهُ {يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لاَ تَرْفَعُوا أَصْوَاتَكُمْ} الآيَةَ. قَالَ ابْنُ الزُّبَيْرِ فَمَا كَانَ عُمَرُ يُسْمِعُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بَعْدَ هَذِهِ الآيَةِ حَتَّى يَسْتَفْهِمَهُ. وَلَمْ يَذْكُرْ ذَلِكَ عَنْ أَبِيهِ يَعْنِي أَبَا بَكْرٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4846

علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ ازہر بن سعد نے ہمیں بتایا۔ ابن عون نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: موسیٰ بن انس نے مجھے بتایا۔ موسیٰ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ثابت بن قیسؓ کو غیر حاضر پایا۔ ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! میں آپؐ کو ان کا پتہ لائے دیتا ہوں۔ چنانچہ وہ ان کے پاس آیا اور ان کو اپنے گھر میں سر اوندھا کئے بیٹھے ہوئے پایا۔ اس نے ان سے پوچھا: آپؓ کا کیا حال ہے؟ وہ کہنے لگے: بہت ہی بُرا، جو نبی ﷺ کی آواز پر اپنی آواز بلند کیا کرتا تھا۔ اس کا عمل ضائع ہوگیا اور وہ اب آگ والوں میں سے ہے۔ یہ سن کر وہ شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور اس نے آپؐ کو بتایا کہ وہ ایسا ایسا کہتے تھے۔ موسیٰ (بن انس) کہتے تھے: پھر وہ شخص دوبارہ ان کے پاس بڑی بشارت لے کر گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کے پاس جاؤ، اسے کہو تم دوزخیوں میں سے نہیں ہو بلکہ تم جنتیوں میں سے ہو۔

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا أَزْهَرُ بْنُ سَعْدٍ أَخْبَرَنَا ابْنُ عَوْنٍ قَالَ أَنْبَأَنِي مُوسَى بْنُ أَنَسٍ عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ـ رضى الله عنه ـ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم افْتَقَدَ ثَابِتَ بْنَ قَيْسٍ فَقَالَ رَجُلٌ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَنَا أَعْلَمُ لَكَ عِلْمَهُ. فَأَتَاهُ فَوَجَدَهُ جَالِسًا فِي بَيْتِهِ مُنَكِّسًا رَأْسَهُ فَقَالَ لَهُ مَا شَأْنُكَ. فَقَالَ شَرٌّ. كَانَ يَرْفَعُ صَوْتَهُ فَوْقَ صَوْتِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَقَدْ حَبِطَ عَمَلُهُ وَهْوَ مِنْ أَهْلِ النَّارِ. فَأَتَى الرَّجُلُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَأَخْبَرَهُ أَنَّهُ قَالَ كَذَا وَكَذَا ـ فَقَالَ مُوسَى ـ فَرَجَعَ إِلَيْهِ الْمَرَّةَ الآخِرَةَ بِبِشَارَةٍ عَظِيمَةٍ فَقَالَ " اذْهَبْ إِلَيْهِ فَقُلْ لَهُ إِنَّكَ لَسْتَ مِنْ أَهْلِ النَّارِ وَلَكِنَّكَ مِنْ أَهْلِ الْجَنَّةِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4847

حسن بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ حجاج (بن محمد اعور) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی، کہا: مجھے ابن ابی ملیکہ نے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے اُن کو بتایا کہ بنی تمیم کا ایک قافلہ نبی ﷺ کے پاس آیا اور حضرت ابوبکرؓ نے کہا: قعقاع بن معبد کو امیر بنائیں اور حضرت عمرؓ نے کہا: نہیں، بلکہ اقرع بن حابسؓ کو امیر بنائیں۔ (یہ سن کر) حضرت ابوبکرؓ نے کہا: تم میری مخالفت ہی کرنا چاہتے ہو۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میں نے آپؓ کی مخالفت کا ارادہ نہیں کیا اور دونوں آپس میں جھگڑ پڑے۔ یہاں تک کہ ان کی آوازیں بلند ہوئیں تو اس بارہ میں یہ آیت آخر تک نازل ہوئی: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تُقَدِّمُوْا بَيْنَ يَدَيِ اللّٰهِ وَرَسُوْلِهٖ۔

حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا حَجَّاجٌ عَنِ ابْنِ جُرَيْجٍ قَالَ أَخْبَرَنِي ابْنُ أَبِي مُلَيْكَةَ أَنَّ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ الزُّبَيْرِ أَخْبَرَهُمْ أَنَّهُ قَدِمَ رَكْبٌ مِنْ بَنِي تَمِيمٍ عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ أَبُو بَكْرٍ أَمِّرِ الْقَعْقَاعَ بْنَ مَعْبَدٍ. وَقَالَ عُمَرُ بَلْ أَمِّرِ الأَقْرَعَ بْنَ حَابِسٍ. فَقَالَ أَبُو بَكْرٍ مَا أَرَدْتَ إِلَى ـ أَوْ إِلاَّ ـ خِلاَفِي. فَقَالَ عُمَرُ مَا أَرَدْتُ خِلاَفَكَ. فَتَمَارَيَا حَتَّى ارْتَفَعَتْ أَصْوَاتُهُمَا فَنَزَلَ فِي ذَلِكَ {يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لاَ تُقَدِّمُوا بَيْنَ يَدَىِ اللَّهِ وَرَسُولِهِ} حَتَّى انْقَضَتِ الآيَةُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4848

عبداللہ بن ابی الاسود نے ہم سے بیان کیا کہ حرم ی بن عمارہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: آگ میں ڈالے جائیں گے اور وہ کہے گی کہ کیا کچھ اور بھی ہے؟ یہاں تک کہ وہ اپنا قدم اس میں رکھے گا۔ پھر وہ کہے گی بس بس۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي الأَسْوَدِ حَدَّثَنَا حَرَمِيٌّ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ قَتَادَةَ عَنْ أَنَسٍ ـ رضى الله عنه ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " يُلْقَى فِي النَّارِ وَتَقُولُ هَلْ مِنْ مَزِيدٍ. حَتَّى يَضَعَ قَدَمَهُ فَتَقُولُ قَطِ قَطِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4849

محمد بن موسیٰ قطان نے ہمیں بتایا کہ ہم سے ابو سفیان حِمْیری سعید بن یحيٰ بن مہدی نے بیان کیا کہ ہمیں عوف (اعرابی) نے بتایا۔ عوف نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے مرفوعاً روایت کرتے ہوئے بتایا۔ اور ابو سفیان اس حدیث کو اکثر موقوف بیان کرتے تھے کہ جہنم سے پوچھا جائے گا: کیا تُو بھر گئی؟ اور وہ کہے گی کہ کیا کچھ اور بھی ہے ؟ آخر ربّ تبارک و تعالیٰ اپنا قدم اس پر رکھے گا اور وہ کہے گی بس بس۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ مُوسَى الْقَطَّانُ حَدَّثَنَا أَبُو سُفْيَانَ الْحِمْيَرِيُّ سَعِيدُ بْنُ يَحْيَى بْنِ مَهْدِيٍّ حَدَّثَنَا عَوْفٌ عَنْ مُحَمَّدٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَفَعَهُ وَأَكْثَرُ مَا كَانَ يُوقِفُهُ أَبُو سُفْيَانَ " يُقَالُ لِجَهَنَّمَ هَلِ امْتَلأْتِ وَتَقُولُ هَلْ مِنْ مَزِيدٍ فَيَضَعُ الرَّبُّ تَبَارَكَ وَتَعَالَى قَدَمَهُ عَلَيْهَا فَتَقُولُ قَطِ قَطِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4850

عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمام (بن منبہ) سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جنت اور آگ کا آپس میں جھگڑا ہوا۔ آگ کہنے لگی: میرے لئے وہی لوگ منتخب کئے گئے ہیں جو متکبر اور جابر ہیں اور جنت نے کہا: کیا وجہ ہے کہ مجھ میں سوائے کمزور، ادنیٰ اور حقیر لوگوں کے اور کوئی داخل نہیں ہوتا؟ اللہ تبارک و تعالیٰ نے جنت سے کہا: تو میری رحمت ہے، تیرے ذریعہ اپنے بندوں میں سے جس پر چاہتا ہوں رحم کرتا ہوں اور آگ سے کہا: تم تو صرف ایک سزا ہو۔ اپنے بندوں میں سے جس کو چاہتا ہوں تیرے ذریعہ سزا دیتا ہوں۔ اور ان میں سے ہر ایک کو اتنے ملیں گے جس سے وہ بھر جائے گا۔ آگ جو ہوگی تو وہ بھرنے کی نہیں۔ یہاں تک کہ وہ اپنا پاؤں رکھے گا تو وہ کہے گی: بس بس بس۔ تب جاکر وہ بھر جائے گی اور اس کا ایک حصہ دوسرے میں سمٹ جائے گا۔ اور اللہ عزوجل اپنی مخلوق میں سے کسی پر ظلم کرنے کا نہیں۔ اور جنت جو ہے تو اللہ عزوجل اس کے لئے اور خلقت پیدا کرے گا۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ عَنْ هَمَّامٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضى الله عنه قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " تَحَاجَّتِ الْجَنَّةُ وَالنَّارُ فَقَالَتِ النَّارُ أُوثِرْتُ بِالْمُتَكَبِّرِينَ وَالْمُتَجَبِّرِينَ. وَقَالَتِ الْجَنَّةُ مَا لِي لاَ يَدْخُلُنِي إِلاَّ ضُعَفَاءُ النَّاسِ وَسَقَطُهُمْ. قَالَ اللَّهُ تَبَارَكَ وَتَعَالَى لِلْجَنَّةِ أَنْتِ رَحْمَتِي أَرْحَمُ بِكِ مَنْ أَشَاءُ مِنْ عِبَادِي. وَقَالَ لِلنَّارِ إِنَّمَا أَنْتِ عَذَابٌ أُعَذِّبُ بِكِ مَنْ أَشَاءُ مِنْ عِبَادِي. وَلِكُلِّ وَاحِدَةٍ مِنْهُمَا مِلْؤُهَا فَأَمَّا النَّارُ فَلاَ تَمْتَلِئُ حَتَّى يَضَعَ رِجْلَهُ فَتَقُولُ قَطٍ قَطٍ قَطٍ. فَهُنَالِكَ تَمْتَلِئُ وَيُزْوَى بَعْضُهَا إِلَى بَعْضٍ وَلاَ يَظْلِمُ اللَّهُ ـ عَزَّ وَجَلَّ ـ مِنْ خَلْقِهِ أَحَدًا وَأَمَّا الْجَنَّةُ فَإِنَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ يُنْشِئُ لَهَا خَلْقًا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4851

اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے جریر (بن عبدالحمید) سے، جریر نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس بن ابی حازم سے، قیس نے حضرت جریر بن عبداللہ (بجلیؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم ایک رات نبی ﷺ کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ آپؐ نے چودھویں رات کے چاند کو دیکھا۔ آپؐ نے فرمایا: تم بھی عنقریب اپنے ربّ کو اس طرح دیکھو گے جس طرح اس کو دیکھ رہے ہو۔ اس کے دیکھنے میں تمہیں کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔ اگر تم سے ہو سکے کہ سورج نکلنے سے پہلے کی نماز اور سورج ڈوبنے سے پہلے کی نماز کے ادا کرنے میں ایسے بے بس نہ ہو جاؤ (کہ تم سے جاتی رہے) تو ضرور کوشش کرو (کہ وہ جانے نہ پائے۔) پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: سورج نکلنے سے پہلے اور ڈوبنے سے پہلے تُو اپنے ربّ کی حمد کے ساتھ تسبیح بیان کر۔

حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ عَنْ جَرِيرٍ عَنْ إِسْمَاعِيلَ عَنْ قَيْسِ بْنِ أَبِي حَازِمٍ عَنْ جَرِيرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ كُنَّا جُلُوسًا لَيْلَةً مَعَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَنَظَرَ إِلَى الْقَمَرِ لَيْلَةَ أَرْبَعَ عَشْرَةَ فَقَالَ " إِنَّكُمْ سَتَرَوْنَ رَبَّكُمْ كَمَا تَرَوْنَ هَذَا لاَ تُضَامُونَ فِي رُؤْيَتِهِ فَإِنِ اسْتَطَعْتُمْ أَنْ لاَ تُغْلَبُوا عَلَى صَلاَةٍ قَبْلَ طُلُوعِ الشَّمْسِ وَقَبْلَ غُرُوبِهَا فَافْعَلُوا ". ثُمَّ قَرَأَ {وَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ قَبْلَ طُلُوعِ الشَّمْسِ وَقَبْلَ الْغُرُوبِ}

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4852

آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ ورقاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی نجیح سے، ابن ابی نجیح نے مجاہد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: (اللہ تعالیٰ نے) آپؐ کو حکم دیا ہے کہ تمام نمازوں کے پیچھے تسبیح کیا کریں۔ یعنی اللہ تعالیٰ کے قول وَ اَدْبَارَ السُّجُوْدِ سے یہی مراد ہے۔

حَدَّثَنَا آدَمُ حَدَّثَنَا وَرْقَاءُ عَنِ ابْنِ أَبِي نَجِيحٍ عَنْ مُجَاهِدٍ قَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ أَمَرَهُ أَنْ يُسَبِّحَ فِي أَدْبَارِ الصَّلَوَاتِ كُلِّهَا. يَعْنِي قَوْلَهُ {وَأَدْبَارَ السُّجُودِ}

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4853

عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے محمد بن عبدالرحمٰن بن نوفل سے، محمد بن عبدالرحمٰن نے عروہ (بن زبیر) سے، عروہ نے حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ سے، حضرت زینبؓ نے حضرت اُم سلمہؓ سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ سے شکایت کی کہ میں بیمار ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: لوگوں کے پیچھے رہ کر اس حالت میں تم طواف کرو کہ تم سوار ہو۔ چنانچہ میں نے طواف کیا اور رسول اللہ ﷺ بیت اللہ کے ایک طرف نماز پڑھ رہے تھے۔ آپؐ وَ الطُّوْرِ ۰۰ وَ كِتٰبٍ مَّسْطُوْرٍ پڑھ رہے تھے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ نَوْفَلٍ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ زَيْنَبَ ابْنَةِ أَبِي سَلَمَةَ عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ قَالَتْ شَكَوْتُ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَنِّي أَشْتَكِي فَقَالَ " طُوفِي مِنْ وَرَاءِ النَّاسِ وَأَنْتِ رَاكِبَةٌ ". فَطُفْتُ وَرَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يُصَلِّي إِلَى جَنْبِ الْبَيْتِ يَقْرَأُ بِالطُّورِ وَكِتَابٍ مَسْطُورٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی