کتاب 65: كتاب التفسیر
صحیح بخاری, حصہ 21
صحیح بخاری 4874
یحيٰ (بن موسیٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے اسود بن یزید سے، اسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کے سامنے فَھَلْ مِنْ مُّذَّكِرٍ پڑھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: فَهَلْ مِنْ مُّدَّكِرٍ یعنی کیا کوئی نصیحت حاصل کرنے والا ہے؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4875
محمد بن عبداللہ بن حوشب نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوھاب نے ہمیں بتایا۔ خالد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ نیز محمد (بن یحيٰ ذہلی) نے مجھ سے بیان کیا کہ عفان بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے وہیب سے روایت کی کہ خالد (حذاء) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے جنگ بدر کے دن یہ دعا کی۔ اور آپؐ اس وقت ایک بڑے خیمہ میں تھے: اے میرے اللہ! میں تجھے تیرا عہد اور تیرا وعدہ یاد دلاتا ہوں۔ اے اللہ! اگر تو چاہے کہ اس دن کے بعد تیری عبادت نہ کی جائے۔ اس پر حضرت ابوبکرؓ نے آپؐ کے ہاتھ کو پکڑ لیا اور کہا: یا رسول اللہ! بس کافی ہے۔ آپؐ نے اپنے ربّ سے بہت الحاح و زاری کی ہے۔ اور آپؐ اس دن زرہ پہنے ہوئے تھے، کبھی اُٹھتے تھے کبھی بیٹھتے تھے۔ آپؐ نکلے اور یہ فرما رہے تھے: اُن کی جماعت کو عنقریب شکست دی جائے گی اور وہ پیٹھ پھیر کر بھاگ جائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4876
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے انہیں خبر دی، کہا: یوسف بن ماہک نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عائشہ اُم المؤمنینؓ کے پاس تھا، انہوں نے فرمایا کہ حضرت محمد ﷺ پر مکہ میں یہ آیت بَلِ السَّاعَةُ … ’’بلکہ وہ گھڑی ان کے لئے مقررہ میعاد ہے اور وہ گھڑی نہایت ہی مصیبت ڈھانے والی اور نہایت تلخ ہو گی‘‘ نازل کی گئی اور میں اس وقت ابھی لڑکی ہی تھی، کھیلا کرتی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4877
اسحاق (بن شاہین واسطی) نے مجھ سے بیان کیا کہ خالد (بن عبداللہ طحان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد (بن مہران حذاء) سے، انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے جنگ بدر کے دن یوں دعا کی اور آپؐ اس وقت ایک بڑے خیمے میں تھے: میں تجھے تیرا عہد اور تیرا وعدہ یاد دلاتا ہوں۔ اے اللہ! اگر تو چاہے کہ اس دن کے بعد کبھی تیری پرستش نہ کی جائے۔ اس پر حضرت ابوبکرؓ نے آپؐ کے ہاتھ کو پکڑ لیا اور کہا: بس یا رسول اللہ! کافی ہے۔ آپؐ نے اپنے ربّ سے (دعا مانگنے میں) بہت اصرار کر لیا ہے۔ آپؐ اس وقت زرہ پہنے تھے۔ آپؐ باہر آئے اور یہ فرما رہے تھے: عنقریب یہ جتھے شکست کھا کر بھاگ جائیں گے اور پیٹھ پھیر دیں گے۔ بلکہ وہ گھڑی ان کے لئے مقررہ میعاد ہے۔ اور وہ گھڑی نہایت ہی مصیبت ڈھانے والی اور نہایت تلخ ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4878
عبداللہ بن ابی الاسود نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن عبدالصمد عمی نے ہمیں بتایا۔ ابوعمران جونی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوبکر بن عبداللہ بن قیس سے، ابوبکر نے اپنے باپ (حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ) سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دو باغ چاندی کے ہوں گے، ان میں برتن اور جو سامان بھی ان میں ہوگا وہ بھی، اور دو باغ سونے کے ہوں گے ان کے برتن بھی اور جو سامان بھی ان میں ہوگا وہ بھی۔ اور جنت عدن میں ان لوگوں کے سامنے اپنے ربّ کو دیکھنے سے کوئی روک نہ ہوگی سوائے کبریائی کی چادر کے جو اس کے چہرے پر ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4879
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن عبدالصمد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوعمران جونی سے، انہوں نے ابو بکر بن عبداللہ بن قیس سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جنت میں خولدار موتیوں کا خیمہ ہوگا جس کی چوڑائی ساٹھ میل ہوگی، جس کے ایک کونے میں رہنے والے دوسروں کو نہیں دیکھیں گے۔ مؤمن ان سب کے پاس چکر لگائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4880
اور دو جنت چاندی کے ہوں گے، ان کے برتن بھی اور جو سامان ان میں ہے وہ سب بھی۔ اور دو جنت ایسے ہوں گے کہ اُن کے برتن بھی اور جو سامان ان کے اندر ہے وہ بھی (سونے کا ہوگا۔) اور جنت عدن میں لوگوں کے سامنے اپنے ربّ کو دیکھنے میں کوئی روک نہ ہوگی سوائے کبریائی کی چادر کے جو اس کے چہرے پر ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4881
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ اس حدیث کو نبی ﷺ تک پہنچاتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جنت میں ایک ایسا درخت ہے جس کے سایہ کے نیچے سوار سو برس تک چلتا رہے گا، اس کو طے کرنے میں نہیں آئے گا اور اگر تم چاہو تو (یہ آیت) پڑھو: وَ ظِلٍّ مَّمْدُوْدٍ۔ (اور ایسی چھاؤں میں جو بہت لمبی ہو گی)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4882
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ سعید بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ ہشیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابو بشر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سورۂ توبہ کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے کہا: سورۂ توبہ وہی ہے جو فضیحت کرنے والی ہے۔ اس سورة میں برابر یہی اترتا رہا۔ ان میں بعض ایسے ہیں، ان میں بعض ایسے ہیں۔ یہاں تک کہ انہوں نے خیال کیا کہ یہ سورة ان میں سے کسی کو باقی نہیں چھوڑے گی مگر اس میں اس کا ضرور ذکر کیا جائے گا۔ (سعید) کہتے تھے: میں نے سورۂ انفال کے متعلق پوچھا۔ (حضرت ابن عباسؓ نے) کہا: یہ بدر کے متعلق نازل ہوئی۔ کہتے تھے، میں نے پوچھا: سورۂ حشر۔ انہوں نے کہا: بنو نضیر کے متعلق نازل ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4883
حسن بن مُدرک نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ بن حماد نے ہمیں بتایا کہ ابوعوانہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابوبشر (جعفر بن ابی وحشیہ) سے، ابوبشر نے سعید (بن جبیر) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سورۂ حشر کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا: (یوں) کہو کہ سورۂ بنی نضیر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4884
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے بنو نضیر کے کھجوروں کے درخت جلا دئیے اور ان کو کٹوا دیا۔ اور یہ بویرہ کا باغ تھا۔ تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: مَا قَطَعْتُمْ… یعنی جو کھجوروں کے درخت تم نے کاٹے یا جنہیں تم نے اپنی جڑوں پر کھڑا رہنے دیا، تو سب اللہ کے حکم سے ہوا اور اس لئے ہوا کہ تا وہ بد عہدوں کو رسوا کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4885
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے کئی بار ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے زُہری سے، زُہری نے مالک بن اوس بن حدثان سے، مالک نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: بنو نضیر کی جائیدادیں ان مالوں میں سے تھیں جو اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو بغیر کسی قسم کی مشقت کے عطا کیں۔ یعنی مسلمانوں نے ان کے لئے نہ گھوڑے دوڑائے اور نہ اونٹ۔ اور یہ رسول اللہ ﷺ کے لئے خاص تھیں۔ آپؐ ان میں سے اپنے کنبے کو اس کا سال بھر کا خرچ دے دیا کرتے تھے اور جو باقی رہتا اس کو ہتھیار اور گھوڑوں کے خریدنے میں خرچ کرتے جو اللہ کی راہ میں بطور ساز و سامان کے ہوتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4886
محمد بن یوسف (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: خوبصورتی کے لیے گودنے والیوں اور گدوانے والیوں اور چہرے کے بال نکالنے والیوں اور دانتوں کے درمیان فاصلہ رکھوانے والیوں، وہ جو اللہ کی پیدائش کو تبدیل کرنے والیاں ہیں، اللہ اُن پر لعنت کرے۔ بنو اسد کی ایک عورت کو یہ خبر پہنچی جسے اُم یعقوب کہتے تھے، وہ آئی اور کہنے لگی: مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ آپؓ نے ایسی ایسی عورتوں پر لعنت کی ہے۔ (حضرت ابن مسعودؓ نے) کہا: مجھے کیا ہے کہ ان پر لعنت نہ کروں جن پر رسول اللہ ﷺ نے لعنت کی۔ اور جو اللہ کی کتاب میں (ملعون قرار دی گئی) ہیں۔ وہ کہنے لگی: جو (قرآن کی) اس جلد میں ہے میں نے بھی پڑھا ہے۔ میں نے تو اس میں وہ بات نہیں پائی جو آپؓ کہتے ہیں۔ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے) کہا: اگر تم اس کو پڑھتی تو ضرور اسے پاتی۔ کیا تم نے یہ نہیں پڑھا؟ یعنی جو رسول نے تمہیں دیا ہے اس پر عمل کرو اور جس بات سے اس نے تم کو روکا ہے اس سے رُک جاؤ۔ وہ کہنے لگی: ہاں (یہ ضرور پڑھا ہے۔ حضرت عبداللہؓ نے) کہا: تو پھر رسول اللہؐ نے اس سے روکا ہے۔ وہ کہنے لگی: میں آپؓ کی بیوی کو دیکھتی ہوں وہ ایسا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا: جاؤ اور دیکھو۔ وہ گئی اور اس نے دیکھا مگر اپنے مطلب کی بات کچھ نہ دیکھی۔ تو (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے) کہا: اگر وہ ایسی ہوتی تو ہمارے ساتھ نہ رہ سکتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4887
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن (بن مہدی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عبدالرحمٰن بن عابس سے منصور کی اس حدیث کا ذکر کیا جو انہوں نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے بالوں میں پیوند لگانے والی پر لعنت کی ہے۔ (عبدالرحمٰن بن عابس نے) کہا: میں نے یہ حدیث ایک عورت سے سنی جسے اُمّ یعقوب کہتے تھے۔ اس نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے منصور کی حدیث کی طرح ہی حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4888
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر یعنی ابن عیاش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین (بن عبدالرحمٰن) سے، حصین نے عمرو بن میمون سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں اپنے جانشین کو پہلے مہاجرین کے متعلق یہ وصیت کرتا ہوں کہ وہ ان کے لیے ان کا حق پہچانیں اور اپنے جانشین کو اُن انصار کے متعلق کہ جو گھر میں آباد اور ایمان سنبھالے ہوئے تھے، پیشتر اس کے کہ نبی ﷺ ہجرت کرتے، یہ وصیت کرتا ہوں کہ ان میں سے جو نیک ہو اس کی قدردانی کرے اور جو بُرا ہو اُس سے درگزر کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4889
یعقوب بن ابراہیم بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ فضیل بن غزوان نے ہم سے بیان کیا کہ ابو حازم اشجعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک شخص آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہؐ! مجھے سخت بھوک لگی ہے۔ آپؐ نے اپنی ازواج سے کہلا بھیجا مگر ان کے پاس کچھ نہ پایا۔ آخر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا کوئی شخص ایسا نہیں جو آج رات اسے مہمان ٹھہرائے۔ اللہ اُس پر رحم کرے گا۔ ایک انصاری شخص کھڑا ہوا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! میں (اسے مہمان ٹھہراؤں گا۔) وہ اپنے گھر والوں کے پاس گیا اور اپنی بیوی سے کہا: رسول اللہ ﷺ کا مہمان ہے اس سے کوئی چیز چھپا نہ رکھنا۔ اس نے کہا: اللہ کی قسم! میرے پاس صرف بچوں کی خوراک ہے۔ اس نے کہا: جب بچے شام کا کھانا مانگیں تو اُن کو سُلا دینا اور تم آنا اور دیا بجھا دینا اور آج رات ہم خالی پیٹ رہیں گے۔ چنانچہ اس نے ایسا ہی کیا۔ پھر صبح کو وہ شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ عزوجل فلاں مرد اور فلاں عورت سے بہت خوش ہوا، یا فرمایا: بہت ہنسا۔ اللہ عز وجل نے یہ آیت نازل کی: وَيُؤْثِرُوْنَ عَلٰۤى اَنْفُسِهِمْ … یعنی اور وہ اپنے نفسوں پر دوسروں کو مقدم کرتے ہیں گو اُنہیں خود بھوک ہی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4890
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ عمرو بن دینار نے ہم سے بیان کیا، کہا: حسن بن محمد بن علی نے مجھے بتایا کہ انہوں نے عبیداللہ بن ابی رافع سے جو حضرت علیؓ کے منشی تھے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو یہ ذکر کرتے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھے اور زبیرؓ اور مقدادؓ کو بھیجا۔ آپؐ نے فرمایا: چلے جاؤ۔ جب روضہ خاخ میں پہنچو وہاں اُونٹ پر سوار ایک عورت ہوگی، اس کے پاس ایک خط ہے وہ اس سے لے لو۔ ہمیں ہمارے گھوڑے دوڑتے ہوئے لے گئے جب روضہ خاخ میں پہنچے تو کیا دیکھتے ہیں کہ ایک عورت شتر سوار ہے۔ ہم نے کہا: وہ خط نکالو۔ اس نے کہا: میرے پاس کوئی خط نہیں۔ ہم نے کہا: تمہیں وہ خط نکالنا ہوگا ورنہ ہم کپڑے اُتار دیں گے۔ (یہ سُن کر) اس نے اپنے جُوڑے سے وہ خط نکالا اور ہم وہ خط نبی ﷺ کے پاس لے آئے تو اُس میں یہ تھا: حاطب بن ابی بلتعہ کی طرف سے مکہ کے چند مشرکوں کے نام۔ وہ اُن کو نبی ﷺ کی کسی بات کے متعلق خبر دے رہا تھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: حاطب یہ کیا؟ حاطبؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میرے متعلق جلدی نہ کیجئے، میں قریش کا ایک آدمی تھا اور میں ان میں سے نہ تھا۔ اور آپؐ کے ساتھ جو مہاجر ہیں ان کی وہاں رشتہ داریاں ہیں جن کے ذریعہ وہ اپنے اُن گھر والوں اور اپنی اُن جائیدادوں کو جو مکہ میں ہیں بچاتے ہیں۔ میں نے یہ چاہا کہ اگر میرا اُن میں کوئی رشتہ نہیں تو میں ان پر کوئی احسان ہی کر دوں تا کہ وہ اس وجہ سے میرے رشتہ داروں کی حمایت کریں۔ اور میں نے یہ کسی کفر اور نہ ہی اپنے دین سے پھر جانے کی وجہ سے کیا۔ نبیﷺ نے یہ سن کر فرمایا: اس نے تم سے سچ سچ بیان کر دیا ہے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے اجازت دیں اس کی گردن اڑا دوں۔ آپؐ نے فرمایا: وہ بدر میں موجود تھا اور تمہیں کیا معلوم شاید اللہ عز و جل نے بدر والوں کو جھانک کر دیکھا ہو اور فرمایا ہے: جو تم چاہو کرو میں نے پردہ پوشی فرما کر تم سے درگزر کردیا۔ عمرو (بن دینار) نے کہا: اس کے متعلق یہ آیت نازل ہوئی: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ… یعنی اے مومنو! تم میرے دشمنوں کو اَور اپنے دشمنوں کو دوست مت بناؤ۔ (سفیان بن عیینہ نے) کہا: میں نہیں جانتا کہ یہ آیت حدیث میں ہے یا عمرو (بن دینار) نے ہی اس (آیت) کو پڑھا۔ علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان سے (حضرت حاطبؓ کے) واقعہ کے متعلق پوچھا گیا۔ کیا یہ آیت اس کے متعلق نازل ہوئی تھی؟ لَا تَتَّخِذُوْا عَدُوِّيْ… تم میرے دشمنوں کو اور اپنے دشمنوں کو دوست مت بناؤ۔ سفیان نے کہا: لوگوں کی روایت میں ایسا ہی ہے۔ میں نے عمرو (بن دینار) سے (سُن کر) یہی یاد رکھا۔ میں نے اس سے ایک حرف نہیں چھوڑا اور میں اپنے سوا کسی کو نہیں دیکھتا کہ اس نے اس حدیث کو یاد رکھا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4891
اسحاق (بن منصور) نے مجھے بتایا کہ ہم سے یعقوب بن ابراہیم بن سعد نے بیان کیا کہ ہمیں ابن شہاب کے بھتیجے نے اپنے چچا سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) مجھے عروہ (بن زبیر) نے خبر دی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ جو مؤمن عورتیں آپؐ کے پاس ہجرت کر کے آتیں اس آیت سے آپؐ ان کا امتحان لیتے۔ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: يٰۤاَيُّهَا النَّبِيُّ اِذَا جَآءَكَ الْمُؤْمِنٰتُ يُبَايِعْنَكَ… عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: جس مؤمن عورت نے اس شرط کا اقرار کر لیا تو رسول اللہ ﷺ اس سے فرماتے: میں نے تجھ سے بیعت لے لی۔ یہ زبان سے فرماتے اور ہرگز نہیں، اللہ کی قسم ہرگز نہیں، آپؐ کے ہاتھ نے کبھی کسی عورت کے ہاتھ کو بیعت کے وقت نہیں چھوا۔ آپؐ ان سے بیعت صرف یہ کہہ کر ہی لیتے تھے کہ میں نے تم سے اس اقرار پر بیعت لے لی۔ (زُہری کے بھتیجے کی طرح) یونس، معمر اور عبدالرحمٰن بن اسحاق نے بھی زُہری سے یہی روایت کی۔ اور اسحاق بن راشد نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عروہ اور عَمرہ سے نقل کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4892
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبد الوارث نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حفصہ بنت سیرین سے، حفصہ نے حضرت اُم عطیہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: ہم نے رسول اللہ ﷺ سے بیعت کی۔ آپؐ نے ہمارے سامنے یہ آیت پڑھی کہ وہ اللہ کے سوا کسی کو شریک نہیں ٹھہرائیں گی اور آپؐ نے ہمیں بَین کرنے سے روکا تو ایک عورت نے اپنا ہاتھ کھینچ لیا اور بولی: فلاں عورت نے (بَین کرنے میں) میری مدد کی تھی۔ میں چاہتی ہوں کہ میں بھی اس کے عوض میں (اس کے ساتھ بَین) کر لوں۔ تو نبی ﷺ نے اُسے کچھ نہیں فرمایا۔ وہ چلی گئی اور پھر لوٹ آئی اور آپؐ نے اس سے بیعت لی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4893
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ہم سے میرے باپ نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے زبیر (بن خریت) سے سنا۔ زبیر نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے اللہ تعالیٰ کے اس قول (وَ لَا يَعْصِيْنَكَ…) کے متعلق روایت بیان کی۔ یعنی وہ کسی بھلے کام میں تیری نافرمانی نہیں کریں گی۔ (حضرت ابن عباسؓ نے) کہا: یہ ایک شرط تھی جو اللہ نے عورتوں کے لئے لگائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah