کتاب 65: كتاب التفسیر
صحیح بخاری, حصہ 22
صحیح بخاری 4894
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: زُہری نے ہم سے یہ بیان کیا، انہوں نے کہا: ابو ادریس (خولانی) نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے سنا۔ حضرت عبادہؓ نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس تھے تو آپؐ نے فرمایا: کیا تم مجھ سے ان باتوں پر بیعت کرتے ہو کہ تم اللہ کا کسی کو شریک نہیں ٹھہراؤ گے اور نہ تم زنا کرو گے اور نہ چوری کرو گے۔ اور آپؐ نے آیت النساء پڑھی۔ اور سفیان نے (اس حدیث میں) اکثر یوں کہا کہ آپؐ نے یہ آیت پڑھی (پھر فرمایا:) جس نے تم میں سے اس عہد کو پورا کیا اس کا اجر اللہ کے ذمہ ہوگا اور جو اس میں سے کچھ کر بیٹھا اور پھر اسے سزا دے دی گئی تو یہ سزا اُس کے لئے کفارہ ہوگی اور جو اس میں سے کچھ کر بیٹھا اور اللہ نے پردہ پوشی کی تو اللہ کے سپرد ہے اگر اس نے چاہا تو اس کو سزا دے گا اور اگر چاہا تو پردہ پوشی فرما کر درگزر کر دے گا۔ عبدالرزاق نے بھی بیان کیا ہے۔ انہوں نے معمر سے اس آیت کے متعلق روایت کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4895
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہارون بن معروف نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن وہب نے ہم سے بیان کیا، کہا: اور ابن جریج نے مجھے خبر دی کہ حسن بن مسلم نے انہیں بتایا۔ انہوں نے طاؤس سے، طاؤس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عید الفطر کے دن نماز رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکر اور حضرت عمر اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہم کے ساتھ پڑھی تو وہ سب ہی اس نماز کو خطبہ سے پہلے پڑھا کرتے تھے اور اس (کے پڑھنے) کے بعد لوگوں سے مخاطب ہوتے تھے۔ نبی ﷺ منبر سے اُترے گویا کہ میں اب بھی آپؐ کو دیکھ رہا ہوں، جب آپؐ اپنے ہاتھ کے اشارے سے لوگوں کو بٹھا رہے تھے۔ پھر آپؐ ان کی صفوں کو چیرتے ہوئے آگے بڑھے اور مع بلالؓ عورتوں کے پاس آئے اور آپؐ نے یہ آیت پڑھی: يٰۤاَيُّهَا النَّبِيُّ اِذَا جَآءَكَ …۔ آپؐ نے پوری آیت پڑھی۔ پھر جب فارغ ہوئے فرمایا: تم ان شرطوں پر قائم ہو؟ صرف ایک ہی عورت نے کہا: جی ہاں یا رسول اللہ۔ اس کے سوا کسی نے جواب نہیں دیا۔ حسن (بن مسلم) نہیں جانتے کہ وہ کون تھی۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا تو صدقہ دو۔ اور حضرت بلالؓ نے اپنا کپڑا پھیلا دیا اور وہ حضرت بلالؓ کے کپڑے میں چھلے اور انگوٹھیاں ڈالنے لگیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4896
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے محمد بن جبیر بن مطعم نے اپنے باپ (حضرت جبیر بن مطعم) رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میرے کچھ نام ہیں، میں محمد ہوں اور میں احمد ہوں اور میں ہی وہ مٹانے والا ہوں کہ میرے ذریعہ سے اللہ کفر کو مٹا دے گا اور میں ہی وہ اکٹھا کرنے والا ہوں کہ میرے قدم پر لوگ اکٹھے کئے جائیں گے اور میں ہی وہ (نبی) ہوں جو پیچھے آنے والا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4897
عبدالعزیز بن عبداللہ (اویسی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سلیمان بن بلال نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ثور (بن زید) سے، ثور نے ابوالغیث (سالم) سے، ابوالغیث نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور آپؐ پر سورة جمعہ نازل کی گئی۔ وَ اٰخَرِيْنَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوْا بِهِمْ کے متعلق حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! یہ کون ہیں؟ تو آپؐ نے اس کا ان کو جواب نہیں دیا۔ پھر انہوں نے تین بار پوچھا اور اس وقت ہم میں سلمان فارسیؓ تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنا ہاتھ سلمانؓ پر رکھا اور فرمایا: اگر ایمان ثریا کے پاس بھی ہو تو ان میں سے کچھ مرد یا فرمایا ایک مرد اُس تک پہنچ جائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4898
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز (دراوردی) نے ہمیں بتایا کہ ثور (بن زید دیلی) نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے ابوالغیث (سالم) سے، ابوالغیث نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ (انہوں نے حدیث بیان کی جس میں یہ الفاظ ہیں کہ) ان میں سے کچھ مرد اس تک پہنچ جائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4899
حفص بن عمر نے مجھ سے بیان کیا کہ خالد بن عبداللہ نے ہمیں بتایا کہ حصین (بن عبدالرحمٰن) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سالم بن ابی جعد سے اور ابو سفیان سے روایت کی۔ ان دونوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جمعہ کے دن غلہ لئے ہوئے ایک قافلہ سامنے سے آیا اور اس وقت ہم نبی ﷺ کے پاس تھے۔ یہ دیکھ کر لوگ اُٹھ بھاگے سوائے بارہ آدمیوں کے۔ تب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: وَ اِذَا رَاَوْا تِجَارَةً… یعنی اور جب وہ تجارت یا تماشہ دیکھتے ہیں تو اس پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4900
عبداللہ بن رجاء نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل (بن یونس) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے حضرت زید بن ارقمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں ایک غزوہ میں تھا تو میں نے عبداللہ بن اُبَيّ کو یہ کہتے سنا: جو رسول اللہ کے پاس ہیں ان کو خرچ نہ دو۔ وہ آپؐ کے پاس سے تتر بتر ہو جائیں گے۔ اور اگر ہم اس غزوہ سے لوٹے تو جو زیادہ معزز ہوگا وہ ذلیل کو ضرور اس سے نکال دے گا۔ میں نے اپنے چچا (حضرت سعد بن عبادہؓ) سے یا حضرت عمرؓ سے اس کا ذکر کیا تو انہوں نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے مجھے بلایا اور میں نے آپؐ سے بیان کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے عبداللہ بن اُبَيّ اور اس کے ساتھیوں کو بلا بھیجا۔ انہوں نے قسمیں کھائیں کہ انہوں نے یہ نہیں کہا۔ رسول اللہ ﷺ نے مجھے جھوٹا سمجھا اور اُسے سچا قرار دیا۔ مجھے اس سے اتنا فکر ہوا کہ ایسا فکر کبھی نہیں ہوا تھا۔ میں اپنے گھر میں بیٹھ رہا۔ مجھے میرے چچا نے کہا: تمہیں کیا سوجھی تھی کہ رسول اللہ ﷺ نے تمہیں جھوٹا سمجھا اور تم سے ناراض ہو گئے۔ تب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: اِذَا جَآءَكَ الْمُنٰفِقُوْنَ… یعنی جب منافق تیرے پاس آتے ہیں۔ نبی ﷺ نے مجھے بلا بھیجا اور آپؐ نے (یہ آیت) پڑھی۔ پھر فرمایا: زید! اللہ نے تجھے سچا قرار دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4901
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل (بن یونس) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق (سبیعی) سے، ابواسحاق نے حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں اپنے چچا کے ساتھ تھا۔ میں نے عبداللہ بن اُبَيّ بن سلول کو یہ کہتے سنا کہ جو رسول اللہ ﷺ کے پاس ہیں ان کو مت کچھ خرچ دو تاکہ وہ تتر بتر ہوجائیں۔ اور اس نے یہ بھی کہا: اگر ہم مدینہ کو لوٹے تو جو زیادہ معزز ہے وہ ضرور ذلیل کو اس سے نکال دے گا۔ میں نے اپنے چچا سے اس کا ذکر کیا اور میرے چچا نے رسول اللہ ﷺ سے اس کا ذکر کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے عبداللہ بن اُبَيّ اور اس کے ساتھیوں کو بلا بھیجا۔ انہوں نے قسمیں کھائیں کہ انہوں نے ایسا نہیں کہا۔ رسول اللہ ﷺ نے ان کو سچا سمجھا اور مجھے جھوٹا ٹھہرایا۔ مجھے اس سے اتنا فکر ہوا کہ ایسا فکر مجھے کبھی نہیں ہوا۔ میں اپنے گھر میں بیٹھ رہا۔ پھر اللہ عزوجل نے یہ آیات نازل کیں: اِذَا جَآءَكَ الْمُنٰفِقُوْنَ… تب رسول اللہ ﷺ نے مجھے بلا بھیجا اور آپؐ نے میرے سامنے یہ آیات پڑھیں اور فرمایا: اللہ نے تمہیں سچا قرار دیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4902
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم سے روایت کی، کہا: میں نے محمد بن کعب قرظی سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جب عبداللہ بن اُبَيّ نے کہا کہ جو رسول اللہ کے پاس ہیں انہیں خرچ مت دو اور یہ بھی کہا کہ اگر ہم مدینہ کو لوٹے تو (ویسا کریں گے۔) میں نے نبی ﷺ کو اس کی خبر کر دی تو انصار نے مجھے ملامت کی اور عبداللہ بن اُبَيّ نے قسم کھالی کہ اس نے ایسا نہیں کہا۔ میں اپنے گھر کو لوٹا اور سو رہا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے مجھے بلایا۔ میں آپؐ کے پاس آیا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے تمہیں سچا قرار دیا ہے اور یہ آیت نازل ہوئی: هُمُ الَّذِيْنَ يَقُوْلُوْنَ لَا تُنْفِقُوْا یعنی یہی لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ خرچ نہ کرو۔ اور ابن ابی زائدہ نے بھی (اس حدیث کو) بیان کیا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عمرو (بن مرہ) سے، عمرو نے عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ سے، عبدالرحمٰن نے حضرت زید بن ارقمؓ سے، حضرت زیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4903
عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر بن معاویہ نے ہمیں بتایا۔ ابواسحاق نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت زید بن ارقمؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک سفر میں نکلے جس میں لوگوں کو سخت تکلیف پہنچی۔ عبداللہ بن اُبَيّ نے اپنے ساتھیوں سے کہا: جو رسول اللہ کے پاس ہیں انہیں خرچ مت دو، وہ آپؐ کے آس پاس سے تتر بتر ہوجائیں گے۔ اور کہا: اگر ہم مدینہ لوٹے تو جو زیادہ معزز ہے وہ ذلیل کو وہاں سے ضرور نکال دے گا۔ میں (یہ سن کر) نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو خبر کردی۔ آپؐ نے عبداللہ بن اُبَيّ کو بلا بھیجا اور اس سے پوچھا۔ اس نے بڑے زور سے قسم کھائی کہ اس نے ایسا نہیں کہا۔ لوگ کہنے لگے: زیدؓ نے رسول اللہ ﷺ سے جھوٹ بولا ہے۔ ان کے ایسا کہنے سے مجھے سخت تکلیف ہوئی۔ آخر اللہ عزوجل نے میری تصدیق میں یہ وحی نازل کی: اِذَا جَآءَكَ الْمُنٰفِقُوْنَ یعنی جب تیرے پاس منافق آتے ہیں۔ نبی ﷺ نے ان کو بلایا تاکہ ان کے لئے مغفرت کی دعا مانگیں۔ انہوں نے اپنے سر تان لئے۔ اور اللہ تعالیٰ کا یہ فرمانا: خُشُبٌ مُّسَنَّدَةٌ۔ کہا: اس کا یہ مطلب ہے کہ وہ بڑے خوبصورت مرد تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4904
عبید اللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے حضرت زید بن ارقمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں اپنے چچا کے ساتھ تھا اور میں نے عبداللہ بن اُبَيّ بن سلول کو یہ کہتے سنا: جو رسول اللہ کے پاس ہیں انہیں خرچ مت دو تاکہ وہ بکھر جائیں اور اگر ہم مدینہ کو لوٹے تو جو زیادہ معزز ہوگا وہ ذلیل کو وہاں سے نکال دے گا۔ میں نے اپنے چچا سے اس کا ذکر کیا۔ میرے چچا نے نبی ﷺ سے ذکر کیا۔ اور آپؐ نے ان (لوگوں) کو سچا سمجھا۔ آپؐ نے مجھے بلایا اور میں نے آپؐ سے بیان کیا۔ آپؐ نے عبداللہ بن اُبَيّ اور اس کے ساتھیوں کو بلا بھیجا۔ انہوں نے قسمیں کھائیں کہ انہوں نے یہ نہیں کہا۔ نبی ﷺ نے مجھے جھوٹا ٹھہرایا۔ مجھے اس سے ایسا غم پہنچا کہ ایسا غم مجھے کبھی نہیں پہنچا تھا۔ میں اپنے گھر میں بیٹھا رہا اور میرے چچا نے کہا: تمہیں کیا سوجھی تھی کہ نبی ﷺ نے تمہیں جھوٹا قرار دیا اور تم سے ناراض ہو گئے۔ پھر اللہ تعالیٰ نے یہ (سورۃ) نازل کی: اِذَا جَآءَكَ الْمُنٰفِقُوْنَ … یعنی جب تیرے پاس منافق آتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہم قسم کھا کر گواہی دیتے ہیں کہ تُو اللہ کا رسول ہے۔ اور نبی ﷺ نے مجھے بلا بھیجا اور آپؐ نے یہ سورت پڑھی اور فرمایا: اللہ نے تمہیں سچا قرار دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4905
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) نے کہا کہ میں نے حضرت جابر بن عبداللہ (انصاری) رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: ہم ایک غزوہ میں تھے۔ سفیان نے ایک دفعہ یوں کہا: ہم ایک فوج میں تھے تو مہاجرین میں سے ایک شخص نے ایک انصاری شخص کے (سرین پر) لات ماری۔ وہ انصاری بولا: انصاریو! مدد کو پہنچو۔ اور اس مہاجر نے کہا: مہاجرین! مدد کو پہنچو۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سنا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ جاہلیت کی پکار کیا کرنے لگے ہو۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہؐ! مہاجرین میں سے ایک شخص نے ایک انصاری کے (سرین پر) لات لگائی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: ان باتوں کو جانے دو کیونکہ وہ بدبودار ہیں۔ تو عبداللہ بن اُبَيّ نے یہ بات سنی تو وہ کہنے لگا: انہوں نے ایسا کیا ہے۔ اچھا اللہ کی قسم اگر ہم مدینہ کو لوٹے تو جو اُن میں سے معزز ہیں وہ ذلیل کو وہاں سے ضرور نکال دیں۔ یہ بات نبی ﷺ کو پہنچی۔ حضرت عمرؓ کھڑے ہوگئے اور کہا: یا رسول اللہ! مجھے اجازت دیں کہ اس منافق کی گردن اڑا دوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: جانے دو، کہیں لوگ باتیں نہ کریں کہ محمد اپنے ساتھیوں کو مرواتا ہے۔ اور انصار مہاجرین سے جب یہ مدینہ میں آئے زیادہ تھے۔ پھر اس کے بعد مہاجرین بہت ہوگئے۔ سفیان نے کہا: میں نے عمرو (بن دینار) سے یہ حدیث (سن کر) یاد رکھی۔ عمرو نے کہا: میں نے حضرت جابرؓ سے سنا کہ ہم نبی ﷺ کے ساتھ تھے (اور پھر سارا واقعہ بیان کیا۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4906
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل بن ابراہیم بن عقبہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے روایت کی۔ کہا: عبداللہ بن فضل نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا، وہ کہتے تھے: حرہ کے واقعہ میں جو (صحابہ) مارے گئے اُن کے لئے میں غمگین ہوا۔ حضرت زید بن ارقمؓ کو میرے سخت غمگین ہونے کی خبر پہنچی تو اُنہوں نے مجھے خط لکھا جس میں انہوں نے ذکر کیا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ یہ دعا کرتے تھے: اے اللہ! انصار اور انصار کے بیٹوں کی مغفرت فرما۔ اور (عبداللہ) بن فضل راوی کو شک ہے آپؐ نے پوتوں کا بھی ذکر فرمایا یا نہیں۔ حضرت انسؓ سے ان لوگوں میں سے کسی نے پوچھا جو اُن کے پاس تھے (کہ حضرت زید بن ارقمؓ کیسے تھے) تو انہوں نے کہا: یہ وہی ہیں جن کے متعلق رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں: یہ وہ شخص ہے جس کی اللہ نے پورے طور پر تصدیق کی (اس بات میں) جو اُس کے کان نے سنی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4907
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عمرو بن دینار سے ہم نے یہ حدیث (سن کر) یاد رکھی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا، وہ کہتے تھے: ہم ایک غزوہ میں تھے۔ مہاجروں میں سے ایک شخص نے ایک انصاری شخص کو (سُرین پر) لات ماری۔ انصاری پکارا: اے انصاریو! مدد کو پہنچو۔ اور مہاجر نے پکارا: اے مہاجرو! مدد کو پہنچو۔ اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو یہ حال و پکار سنائی۔ آپؐ نے پوچھا: یہ کیا ہے؟ لوگوں نے کہا: مہاجرین میں سے ایک شخص نے ایک انصاری شخص کے (سُرین پر) لات لگائی ہے تو انصاری بولا: اے انصاریو! مدد کو پہنچنا۔ اور مہاجر نے کہا: اے مہاجرو! مدد کو پہنچنا۔ نبی ﷺ نے (یہ سن کر) فرمایا: اس حال پکار کو چھوڑو کیونکہ یہ بدبودار باتیں ہیں۔ حضرت جابرؓ نے کہا: جب نبی ﷺ (مدینہ میں) آئے انصار زیادہ تھے پھر بعد میں مہاجرین بھی بہت ہوگئے۔ عبداللہ بن اُبَيّ نے (یہ سن کر) کہا: مہاجروں نے ایسا کیا ہے؟ اللہ کی قسم اگر ہم مدینہ کو واپس گئے تو جو معزز ہوگا تو وہ ذلیل کو وہاں سے ضرور نکال دے گا۔ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے (یہ سن کر) کہا: یا رسول اللہؐ! مجھے اجازت دیں کہ میں اس منافق کی گردن اڑا دوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اسے جانے دو۔ کہیں لوگ باتیں نہ کریں کہ محمد اپنے ساتھیوں کو مرواتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4908
یحيٰ بن بکیر نے ہمیں بتایا کہ ہم سے لیث (بن سعد) نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے عقیل نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ ابن شہاب نے کہا: مجھے سالم نے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے ان کو خبر دی کہ انہوں نے اپنی بیوی کو طلاق دی اور وہ حائضہ تھی تو حضرت عمر ؓ نے رسول اللہ ﷺ سے ذکر کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس پر خفگی کا اظہار کیا اور فرمایا: وہ اسے واپس لوٹا لے پھر اس کو اپنے پاس رکھے تا وقتیکہ وہ پاک ہو جائے۔ پھر اس کے بعد حائضہ ہو اور پاک ہو اور پھر طلاق دینا مناسب معلوم ہو تو چاہیے کہ اس کو پاک ہونے کی حالت میں ہی طلاق دے پیشتر اس کے کہ اس کو چھوئے۔ یہ وہ عدت ہے جیسا کہ اللہ نے اس کا حکم دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4909
سعد بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان (بن عبدالرحمٰن نحوی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے ابوسلمہ نے خبر دی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ کے پاس ایک شخص آیا، اور حضرت ابوہریرہؓ اُن کے پاس بیٹھے تھے۔ وہ کہنے لگا: مجھے ایک ایسی عورت کے متعلق فتویٰ دیں جس نے اپنے خاوند کے (مرنے کے) چالیس رات بعد بچہ جنا۔ حضرت ابن عباسؓ نے (یہ سن کر) کہا: دو مدتوں میں سے آخری مدت گزارے۔ (ابوسلمہ کہتے تھے) میں نے کہا: (قرآن میں تو یوں ہے: وَاُولَاتُ الْاَحْمَالِ…) اور حمل والیاں، اُن کی میعاد یہ ہے کہ وہ اپنے حمل کو جنیں۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں اپنے بھتیجے سے متفق ہوں یعنی ابوسلمہ سے۔ اس پر حضرت ابن عباسؓ نے اپنے غلام کریب کو حضرت اُم سلمہؓ کے پاس یہ دریافت کرنے کے لئے بھیجا۔ انہوں نے کہا: سبیعہ اسلمیہؓ کا خاوند مارا گیا تھا اور وہ حاملہ تھیں۔ سبیعہؓ نے اس کے مرنے کے چالیس رات بعد بچہ جنا۔ اسے پیام نکاح بھیجا گیا اور رسول اللہ ﷺ نے اس کا نکاح کر دیا۔ اور ابو سنابل بھی ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے اس کو پیغام بھیجا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4910
اور سلیمان بن حرب اور ابونعمان نے کہا کہ ہمیں حماد بن زید نے بتایا۔ حماد نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں ایک حلقہ میں تھا جس میں عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ بھی تھے اور ان کے ساتھی ان کی تعظیم کیا کرتے تھے تو انہوں نے بھی دو میعادوں میں سے آخری میعاد کا ذکر کیا۔ اس پر میں نے حضرت سبیعہ بنت حارثؓ کا واقعہ عبداللہ بن عتبہ سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا۔ کہتے تھے کہ عبدالرحمٰن کے ایک ساتھی نے اپنے ہونٹ کو دانتوں سے دبا کر مجھے اشارہ کیا۔ محمد (بن سیرین) کہتے تھے: میں اس کی بات سمجھ گیا، میں نے کہا: میں تو پھر عجب دلیر ہوں اگر میں نے عبداللہ بن عتبہ کے متعلق جھوٹ کہا جبکہ وہ ابھی کوفہ کے ایک گوشہ میں موجود ہے۔ یہ سن کر وہ شرمندہ ہو گیا۔ اور (عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ نے) کہا: لیکن عبداللہ بن عتبہ کے چچا (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) نے ایسا نہیں کہا۔ پھر میں ابوعطیہ مالک بن عامر سے ملا اور اُن سے مسئلہ دریافت کیا تو وہ بھی مجھے حضرت سبیعہؓ کا واقعہ بیان کرنے لگے۔ میں نے کہا: کیا تم نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے بھی اس کے متعلق کچھ سنا؟ انہوں نے کہا: ہم حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کے پاس بیٹھے تھے۔ انہوں نے کہا: کیا تم اس حاملہ عورت پر سختی تو کرتے ہو اور اس پر آسانی نہیں کرتے؟ عورتوں کے متعلق چھوٹی سورۃ (یعنی سورۃ الطلاق) بڑی (یعنی سورۃ البقرۃ) کے بعد ہی اتری تھی (اور اس میں یہ ہے:) اور حمل والیوں کی میعاد یہ ہے کہ وہ اپنے حمل کو جنیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4911
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے (یعلیٰ) ابن حکیم سے، یعلیٰ نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا کہ (اپنی بیوی سے یہ کہنا کہ تو مجھ پر) حرام ہے، اس کے لئے وہ کفارہ ادا کرے۔ اور حضرت ابن عباسؓ نے یہ بھی کہا: یقیناً تمہارے لیے اللہ کے رسول میں نیک نمونہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4912
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے عبید بن عمیر سے، عبید نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: رسول اللہ ﷺ حضرت زینب بنت جحشؓ کے پاس شہد پیا کرتے تھے اور ان کے پاس ٹھہرے رہتے۔ میں نے اور حفصہؓ نے اتفاق کیا کہ ہم میں سے جس کے پاس آپؐ آئیں تو وہ آپؐ سے یوں کہے: آپؐ نے ہینگ کھائی ہے۔ مجھے آپؐ سے ہینگ کی بُو آتی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں، بلکہ میں زینب بنت جحشؓ کے پاس شہد پیا کرتا تھا اور اب پھر کبھی نہیں پیوں گا اور میں نے قسم کھالی ہے۔ یہ کسی کو بتانا نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4913
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید انصاری) سے، یحيٰ نے عبید بن حنین سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کو یہ بیان کرتے سنا۔ انہوں نے کہا: میں ایک سال ٹھہرا رہا۔ یہ چاہتا تھا کہ حضرت عمر بن خطابؓ سے ایک آیت کے متعلق پوچھوں مگر میں ان کی ہیبت کی وجہ سے ان سے پوچھ نہ سکا۔ آخر وہ حج کے لئے نکلے اور میں بھی اُن کے ساتھ نکلا۔ جب میں لوٹا اور ہم ابھی راستے کے کسی حصے میں تھے، وہ حاجت کے لئے پیلو کے درخت کی طرف راستہ سے ہٹ کر گئے۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: میں کھڑا آپؓ کا انتظار کرتا رہا۔ جب فارغ ہوئے تو پھر میں آپؓ کے ساتھ چل پڑا۔ میں نے کہا: امیر المؤمنین! آنحضور ﷺ کی ازواج میں سے وہ دو عورتیں کون ہیں جنہوں نے نبی ﷺ کے برخلاف آپس میں ایکا کیا تھا۔ انہوں نے کہا: وہ حفصہؓ اور عائشہؓ تھیں۔ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے، میں نے کہا: اللہ کی قسم میں ایک سال سے چاہتا تھا کہ آپؓ سے اس کے متعلق پوچھوں مگر آپؓ کی ہیبت کی وجہ سے پوچھ نہ سکتا تھا۔ انہوں نے کہا: ایسا نہ کرو، جو علم کی بات تم سمجھو کہ میرے پاس ہے تو مجھ سے پوچھ لو۔ اگر مجھے علم ہوا تو میں تم کو اس کے متعلق بتادوں گا۔ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے: پھر اس کے بعد حضرت عمرؓ نے فرمایا: اللہ کی قسم! ہم تو جاہلیت میں عورتوں کو کسی شمار میں بھی نہ سمجھتے تھے یہاں تک کہ اللہ نے ان کے متعلق وہ کچھ احکام نازل کئے جو کئے اور ان کو وہ حصہ دلایا جو دلایا۔ (حضرت عمرؓ) فرماتے تھے: ایک بار میں ایک معاملہ میں مشورہ کر رہا تھا کہ اتنے میں میری بیوی نے کہا: اگر آپؓ ایسا ایسا کریں۔ فرماتے تھے: میں نے اس سے کہا: تجھے اس مشورہ سے کیا جو یہاں ہو رہا ہے۔ تم ایسے معاملہ میں خواہ مخواہ کیوں دخل دیتی ہو جس کو میں کرنا چاہتا ہوں۔ وہ (یہ سن کر) بولی: ابن خطاب! آپؓ بھی عجیب آدمی ہیں۔ آپؓ نہیں چاہتے کہ کوئی آپؓ سے دوسری بات کرے اور آپؓ کی بیٹی تو رسول اللہ ﷺ کو ایسے دُو بدو جواب دیتی ہے کہ آنحضورؐ سارا دن ناراض رہتے ہیں۔(یہ سن کر) حضرت عمرؓ اسی وقت کھڑے ہوگئے اور اپنی چادر لی اور حضرت حفصہؓ کے پاس گئے اور ان سے کہنے لگے: بیٹی! تم رسول اللہ ﷺ سے دو بدو باتیں کرتی ہو کہ آپؐ سارا دن ناراض رہتے ہیں۔ حضرت حفصہؓ نے (یہ سن کر) کہا: اللہ کی قسم! ہم تو آپؐ کو جواب دیتی ہیں۔ میں نے کہا: بیٹی سمجھ لو کہ میں تمہیں اللہ کی سزا اور اس کے رسول ﷺ کی ناراضگی سے بچنے کے لئے آگاہ کرتا ہوں۔ بیٹی! یہ عورت تمہیں کہیں دھوکہ میں نہ ڈالے جس کو اس کے حسن نے اور رسول اللہ ﷺ کی اس سے محبت کرنے نے نازاں کردیا جو آپؐ اس سے کرتے ہیں۔ ان کی مراد حضرت عائشہؓ سے تھی۔ (حضرت عمرؓ) فرماتے تھے: پھر (یہ کہہ کر) میں نکل گیا اور اُم سلمہؓ کے پاس بوجہ اپنی ان سے رشتہ داری کے آیا اور ان سے بھی میں نے یہ گفتگو کی۔ اُم سلمہؓ (یہ سن کر) کہنے لگیں: ابن خطاب! تم بھی عجب ہو، ہر ایک بات میں دخل دے دیا ہے یہاں تک کہ چاہتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کی بیویوں کے درمیان بھی دخل دو۔ اللہ کی قسم! اُم سلمہؓ نے مجھے ایسا آڑے ہاتھوں لیا کہ انہوں نے میرے اس غصہ کو ٹھنڈا کر دیا جو اپنے اندر پاتا تھا۔ میں ان کے پاس سے چلا گیا اور میرا ایک انصاری ساتھی تھا۔ جب میں (رسول اللہ ﷺ کے پاس) نہ جاتا تو وہ میرے لئے خبر لاتا اور جب وہ غیر حاضر ہوتا تو میں اس کے پاس خبر لاتا۔ اور ہم ان دنوں غسان کے بادشاہوں میں سے ایک بادشاہ سے ڈرتے تھے جس کے متعلق ہم سے ذکر کیا گیا کہ وہ ہم پر حملہ کرنا چاہتا ہے۔ ہمارے سینے اس کے خوف سے بھر گئے تھے۔ میں کیا سنتا ہوں کہ یکایک وہ میرا انصاری ساتھی دروازہ کھٹکھٹا رہا ہے۔ اس نے کہا: کھولو کھولو۔ میں نے کہا: غسانی آن پہنچے؟ اس نے کہا: (نہیں) بلکہ اس سے بھی بڑھ کر۔ رسول اللہ ﷺ اپنی بیویوں سے الگ ہوگئے ہیں۔ میں نے (سن کر) کہا: حفصہؓ اور عائشہؓ کی ناک خاک آلود ہوئی۔ میں نے اپنے کپڑے پہنے اور گھر سے روانہ ہوگیا۔ جب میں آیا تو کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنے بالاخانہ میں ہیں۔ کھجور کی ایک سیڑھی کے ذریعہ سے چڑھ کر آپؐ اس میں جاتے تھے اور رسول اللہ ﷺ کا ایک سیاہ فام غلام سیڑھی کے سر پر تھا۔ میں نے اس سے کہا: کہو! یہ عمر بن خطاب آیا ہے۔ آپؐ نے مجھے اجازت دی۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے یہ سارا واقعہ بیان کیا۔ جب میں حضرت اُم سلمہؓ کی بات پر پہنچا تو رسول اللہ ﷺ مسکرائے اور اس وقت آپؐ ایک بوریا پر تھے، آپؐ کے اور اس بوریہ کے درمیان کوئی چیز نہ تھی اور آپؐ کے سر کے نیچے چمڑے کا ایک تکیہ تھا جس میں کھجور کی چھال بھری ہوئی تھی اور آپؐ کے پاؤں کے پاس کیکر کے پتوں کا ڈھیر لگا تھا اور آپؐ کے سر کے قریب کچے چمڑے لٹک رہے تھے اور میں نے آپؐ کے پہلو میں اس بوریا کا نشان بھی دیکھا اور (یہ دیکھ کر) میں رو پڑا۔ آپؐ نے پوچھا: تمہیں کیا بات رُلا رہی ہے؟ میں نے کہا: یا رسول اللہؐ! کسریٰ اور قیصر آسائش میں ہوں جس میں کہ وہ ہیں اور آپؐ تو رسول اللہ ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم اس سے خوش نہیں کہ ان کے لئے دنیا ہو اور ہمارے لئے آخرت؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah