کتاب 65: كتاب التفسیر
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 4554
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت ابوطلحہؓ مدینہ کے سب انصاریوں سے زیادہ کھجوروں کے درخت رکھتے تھے اور ان کی جائیداد میں سے ان کو سب سے زیادہ پیارا بیرحاء کا باغ تھا اور وہ مسجد کے سامنے تھا۔ رسول اللہ ﷺ وہاں جایا کرتے تھے اور اس کا عمدہ پانی پیتے۔ جب یہ آیت نازل کی گئی: تم ہرگز نیکی حاصل نہیں کرسکو گے تا وقتیکہ تم اس سے خرچ نہ کرو جو تمہیں پیاری ہے۔ حضرت ابوطلحہؓ کھڑے ہوگئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: تم ہرگز نیکی حاصل نہیں کرسکو گے تا وقتیکہ تم اس سے خرچ نہ کرو جو تمہیں پیاری ہے اور میری جائیدادوں میں سے سب سے پیارا مجھے بیرحاء ہے اور یہ باغ اللہ کے لئے صدقہ ہے۔ میں اس کے ثواب کی امید رکھتا ہوں اور یہ کہ اللہ کے پاس (میرے لئے) بطور ذخیرہ ہوگا۔ اس لئے یا رسول اللہ ! جہاں اللہ آپ کو مناسب سمجھائے وہاں صرف کریں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: واہ واہ یہ تو بڑا اچھا مال ہے یہ تو بڑا اچھا مال ہے اور میں نے سن لیا ہے جو تم نے کہا ہے۔ اور میں یہ مناسب سمجھتا ہوں کہ تم اس کو رشتہ داروں میں تقسیم کرو۔ حضرت ابوطلحہؓ نے کہا: یا رسول اللہ ! میں یہی کروں گا۔ چنانچہ حضرت ابوطلحہؓ نے اس مال کو اپنے رشتہ داروں اور چچا کے بیٹوں میں تقسیم کیا۔ عبداللہ بن یوسف اور روح بن عبادہ نے اپنی روایت میں یہ الفاظ کہے کہ یہ تو فائدہ دینے والا مال ہے۔ یحيٰ بن یحيٰ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے مالک سے یوں پڑھا ہے: مَالٌ رَايِحٌ یعنی بہت عمدہ مال۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4555
محمد بن عبداللہ انصاری نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ثمامہ سے، ثمامہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ حضرت انسؓ نے کہا کہ حضرت ابوطلحہؓ نے وہ باغ حضرت حسانؓ اور حضرت اُبیّ کو دے دیا۔ حالانکہ میں ان کا بہت قریبی رشتہ دار ہوں مگر میرا اُس میں کوئی حصہ نہ رکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4556
ابراہیم بن منذر نے مجھے بتایا کہ ابو ضمرہ نے مجھ سے بیان کیا کہ موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ یہود نبی ﷺ کے پاس اپنے میں سے ایک مرد اور ایک عورت کو لائے جنہوں نے زنا کیا تھا۔ آپؐ نے ان سے پوچھا: جو تم میں سے زنا کرے تم اس کے ساتھ کیا کرتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہم اُن کا منہ کالا کرتے ہیں اور اُن کو مارتے ہیں۔ اس پر آپؐ نے پوچھا: کیا تورات میں تم رجم کا حکم نہیں پاتے؟ انہوں نے کہا: ہم تو اس میں ایسا حکم بالکل نہیں پاتے۔ یہ سن کر حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے ان سے کہا: تم نے جھوٹ کہا ہے۔ اگر تم سچے ہو تو تورات لاؤ اور اسے پڑھو۔ آخر تورات کے ایک بڑے قاری نے جو ان کو پڑھایا کرتا تھا اپنا ہاتھ رجم کی آیت پر رکھ دیا اور جو اس کے ہاتھ کے آگے اور پیچھے آیتیں تھیں وہ پڑھنے لگا اور رجم کی آیت نہیں پڑھتا تھا۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے اس کے ہاتھ کو رجم کی آیت سے کھینچ کر ہٹایا اور کہا: یہ کیا ہے؟ جب انہوں نے دیکھا، کہنے لگے: یہ رجم کی آیت ہے۔ چنانچہ آپؐ نے ان دونوں کے بارے میں حکم دیا اور وہ دونوں اس جگہ کے قریب رجم کئے گئے جہاں مسجد کے پاس جنازے رکھے جاتے تھے۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ کہتے تھے: میں نے اس عورت کے یار کو دیکھا کہ وہ اس پر جھکا جاتا تھا اور اس کو پتھروں سے بچاتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4557
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے میسرہ (بن عمار اشجعی) سے، میسرہ نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے كُنْتُمْ خَيْرَ اُمَّةٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ کی تفسیر سے متعلق کہا: تم لوگوں کے لئے سب سے بہتر ہو۔ تم لوگوں کو لاتے ہو کہ ان کی گردنوں میں زنجیریں پڑی ہوتی ہیں اور پھر وہ اسلام میں داخل ہوتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4558
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا، کہتے تھے: عمرو (بن دینار) نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا، کہتے تھے: ہمارے متعلق آیت إِذْ هَمَّتْ طَائِفَتَانِ مِنْكُمْ أَنْ تَفْشَلاَ وَاللَّهُ وَلِيُّهُمَا نازل ہوئی۔ کہتے تھے: ہم دو گروہ تھے، بنو حارثہ اور بنو سلمہ اور ہم یہ پسند نہیں کرتے۔ اور سفیان نے ایک دفعہ یوں کہا اور مجھے اس سے خوشی نہیں کہ یہ آیت نہ نازل ہوتی۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اللہ ان دونوں کا مددگار ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4559
حبان بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ معمر نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: سالم نے مجھے بتایا کہ ان کے باپ سے مروی ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ نے صبح کی نماز کی آخری رکعت میں رکوع سے اپنا سر اٹھایا تو انہوں نے آپؐ کو یوں دعا کرتے سنا: اے اللہ! فلاں اور فلاں اور فلاں کو اپنی رحمت سے دور رکھیو۔ یہ آپؐ نے سَمِعَ اللّٰهُ لِمَنْ حَمِدَهُ رَبَّنَا وَلَكَ الحَمْدُ (یعنی سن لی اللہ نے اس شخص کی جس نے اس کی حمد کی۔ اے ہمارے ربّ سب تعریفیں تیرے ہی لئے ہیں۔) کے بعد کہا۔ اس لئے اللہ نے یہ آیت نازل کی: تیرا اس معاملہ میں کچھ (دخل) نہیں۔ چاہے تو انہیں عفو و رحم سے معاف کرے یا انہیں سزا دے کیونکہ وہ ظالم ہیں۔ اسحاق بن راشد نے بھی یہ حدیث زہری سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4560
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم بن سعد نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن مسیب اور ابی سلمہ بن عبدالرحمٰن سے، ان دونوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ جب کسی کے خلاف دعا یا کسی کے لئے دعا کا ارادہ کرتے تو بسا اوقات رکوع کے بعد جب سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ اللَّهُمَّ رَبَّنَا وَلَكَ الْحَمْدُ (یعنی سن لی اللہ نے اس شخص کی جس نے اس کی حمد کی۔ اے اللہ اے ہمارے ربّ سب تعریفیں تیرے ہی لئے ہیں۔) کہہ چکتے تو بحالت قیام دعا کرتے، کہتے: اے اللہ ولید بن ولید اور سلمہ بن ہشام اور عیاش بن ابی ربیعہ کو نجات دے۔ اے اللہ! مضر کو سختی سے لتاڑ اور ان کے سالوں کو یوسف کے سالوں کی طرح بنا۔ یہ دعا بلند آواز سے کرتے اور اپنی کسی نماز میں یعنی صبح کی نماز میں عرب کے بعض قبیلوں کا نام لے کر یوں کہتے تھے: اے اللہ! فلاں اور فلاں قبیلہ کو رحمت سے دور رکھیو۔ آخر اللہ نے یہ آیت نازل کی: تیرا اِس معاملہ میں کچھ (دخل) نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4561
عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ زہیر نے ہمیں بتایا۔ ابواسحاق نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا، کہتے تھے: نبی ﷺ نے جنگ اُحد کے دن پیادہ فوج پر حضرت عبداللہ بن جبیر ؓ کو سردار مقرر کیا اور یہ شکست کھا کر بھاگے چلے آئے۔ تو یہ وہ ہے (جو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے) کہ رسول ان کے پچھلے حصہ میں (کھڑا) انہیں بلا رہا تھا اور نبی ﷺ کے ساتھ سوائے بارہ آدمیوں کے کوئی باقی نہ رہا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4562
اسحاق بن ابراہیم بن عبدالرحمٰن ابو یعقوب (بغدادی) نے مجھے بتایا کہ حسین بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) حضرت انسؓ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابوطلحہؓ کہتے تھے: ہم پر اونگھ طاری ہوگئی جبکہ ہم اُحد کے دن اپنی اپنی جگہ صفوں میں تھے۔ کہتے تھے: میری تلوار میرے ہاتھ سے گرنے لگی۔ میں اس کو پکڑتا اور وہ گر پڑتی اور میں پھر اس کو پکڑ لیتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4563
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا۔ میں سمجھتا ہوں انہوں نے یہ کہا کہ ابوبکر (بن عیاش) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حصین (عثمان بن عاصم) سے، انہوں نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ ’’اللہ ہی ہمارے لیے کافی ہے اور وہ اچھا کارساز ہے۔‘‘ یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کہا تھا جس وقت وہ آگ میں ڈالے گئے اور محمد ﷺ نے بھی یہی کہا تھا جس وقت لوگوں نے کہا: ان لوگوں نے تمہارے لئے بڑی تیاری کی ہے اس لئے ان سے ڈرو۔ تو اس بات نے ان کو ایمان میں اور بڑھا دیا اور انہوں نے کہا: اللہ ہی ہمارے لیے کافی ہے اور وہ اچھا کارساز ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4564
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حصین سے، ابو حصین نے ابو الضحیٰ سے، ابو الضحیٰ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابراہیمؑ کی آخری بات جب وہ آگ میں ڈالے گئے یہ تھی: اللہ ہی مجھے بس ہے اور وہ اچھا کارساز ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4565
عبداللہ بن منیر نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابونضر (ہاشم بن قاسم) سے سنا کہ عبدالرحمٰن نے جو کہ عبداللہ بن دینار کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص کو اللہ نے مال دیا ہو اور پھر وہ اس کی زکوٰة نہ دے تو اس کا مال اس کے سامنے قیامت کے دن گنجے سانپ کی شکل میں پیش کیا جائے گا۔ جس کی آنکھوں پر دو کالے نقطے ہوں گے۔ وہ اپنی دونوں باچھوں سے پکڑ کر کہے گا: میں تمہارا مال ہوں، میں تمہارا خزانہ ہوں۔ پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: اور جو لوگ اس (مال کے دینے) میں جو اللہ نے ان کو اپنے فضل سے دیا ہے بخل کرتے ہیں۔ وہ اپنے لئے (اس کو) ہر گز اچھا نہ سمجھیں (اچھا نہیں) بلکہ وہ ان کے لئے بُرا ہے جن مالوں میں وہ بخل سے کام لیتے ہیں قیامت کے دن یقیناً ان کا طوق بنایا جائے گا (اور ان کے گلوں میں ڈالا جائے گا) اور آسمانوں اور زمین کی میراث اللہ ہی کے لئے ہے اور جو (کچھ) تم کرتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4566
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا۔ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما نے ان سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ ایک گدھے پر سوار ہوئے جس پر فدک کی بنی ہوئی کملی ڈالی ہوئی تھی اور آپؐ نے حضرت اسامہ بن زیدؓ کو اپنے پیچھے بٹھا لیا۔ حضرت سعد بن عبادہؓ کی عیادت کو جا رہے تھے جو بنو حارث بن خزرج کے محلہ میں تھے۔ یہ واقعہ غزوہ بدر سے پہلے کا ہے۔ حضرت اسامہؓ کہتے تھے: چلتے چلتے آپؐ ایک ایسی مجلس کے پاس سے گزرے جس میں عبداللہ بن اُبَیّ بن سلول تھا اور یہ اس وقت کا واقعہ ہے کہ عبداللہ بن اُبَیّ ابھی مسلمان نہیں ہوا تھا۔ اس مجلس میں کچھ مشرک یعنی بت پرست اور کچھ یہودی اور کچھ مسلمان ملے جلے لوگ تھے، اور مجلس میں حضرت عبداللہ بن رواحہؓ بھی تھے۔ جب اس جانور کی گرد مجلس پر پڑی تو عبداللہ بن اُبَیّ نے اپنی چادر سے اپنی ناک ڈھانکی اور کہنے لگا: ہم پر گرد نہ اڑاؤ۔ رسول اللہ ﷺ نے ان کو السلام علیکم کہا اور ٹھہر گئے اور گدھے سے اترے۔ آپؐ نے ان کو اللہ کی طرف بلایا اور انہیں قرآن پڑھ کر سنایا۔ عبداللہ بن اُبَیّ بن سلول نے کہا: اے مرد! بات جو تم کہتے ہو اس سے اچھی کوئی اور بات نہیں۔ اگر یہ سچ ہے تو ہماری مجلس میں آکر اس سے تکلیف نہ دیا کرو۔ اپنے ٹھکانے پر ہی واپس جاؤ۔ پھر جو تمہارے پاس آئے اس سے یہ بیان کیا کرو۔ حضرت عبداللہ بن رواحہؓ نے یہ سن کر کہا: نہیں، یا رسول اللہ۔ ہماری ان مجلسوں ہی میں آکر ہمیں آپؐ پڑھ کر سنایا کریں۔ ہمیں تو یہ بات پسند ہے۔ اس پر مسلمان، مشرک اور یہودی ایک دوسرے کو بُرا بھلا کہنے لگے۔ قریب تھا کہ وہ ایک دوسرے پر حملہ کرتے، مگر نبی ﷺ جوش دباتے رہے۔ آخر وہ رک گئے۔ پھر اس کے بعد نبی ﷺ اپنے جانور پر سوار ہوکر چلے گئے یہاں تک کہ حضرت سعد بن عبادہؓ کے پاس آئے۔ نبی ﷺ نے ان سے کہا: سعد! کیا تم نے نہیں سنا جو ابو حباب نے کہا؟ آپؐ کی مراد عبداللہ بن اُبَیّ سے تھی۔ آپؐ نے فرمایا: اس نے (مجھے) یوں یوں کہا ہے۔ حضرت سعد بن عبادہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس کو معاف کر دیں اور اس سے درگزر کیجئے۔ اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ پر کتاب نازل فرمائی ہے، اللہ اب وہ حق یہاں لے آیا ہے جس کو اس نے آپؐ پر نازل کیا۔ اس بستی والوں نے تو یہ فیصلہ کیا تھا کہ اس (عبداللہ بن اُبَیّ) کو سرداری کا تاج پہنا کر عمامہ اس کے سر پر باندھیں۔ جب اللہ نے اس حق کی وجہ سے جو اللہ نے آپؐ کو عطا کیا ہے یہ منظور نہ کیا۔ تو وہ حسد کی آگ میں جل گیا۔ اس لئے اس نے وہ کچھ کیا جو آپؐ نے دیکھا۔ یہ سن کر نبی ﷺ نے اس سے درگزر کیا اور نبیﷺ اور آپؐ کے صحابہ مشرکوں اور اہل کتاب سے جیسا کہ اللہ نے انہیں حکم دیا درگزر کیا کرتے تھے اور ان کی ایذا دہی پر صبر کیا کرتے تھے۔ اللہ عز و جل نے فرمایا ہے: اور تم ضرور ان لوگوں سے جنہیں تم سے پہلے کتاب دی گئی تھی اور ان سے (بھی) جو مشرک ہیں بہت دکھ (دینے والا کلام) سنو گے۔ اور اللہ نے فرمایا: اہل کتاب میں سے بہت سے لوگ بعد اس کے کہ حق ان پر خوب کھل چکا ہے اس حسد کی وجہ سے جو ان کی اپنی ہی جانوں سے (پیدا ہوا) ہے چاہتے ہیں کہ تمہارے ایمان لے آنے کے بعد تمہیں پھر کافر بنا دیں۔ پس تم اس وقت تک کہ اللہ اپنے حکم کو نازل فرمائے انہیں معاف کرو اور (ان سے) درگزر کرو۔ اللہ یقیناً ہر ایک امر پر پورا (پورا) قادر ہے۔ اور نبی ﷺ عفو کو ہی مناسب سمجھتے تھے، جیسا کہ اللہ نے آپؐ کو حکم دیا تھا۔ آخر اللہ نے ان کو اجازت دے دی۔ جب رسول اللہ ﷺ نے بدر کے مقام پر (ان کا) مقابلہ کیا اور اللہ نے اس لڑائی میں کفار قریش کے بڑے بڑے سرغنے مار ڈالے تو (عبداللہ) بن اُبَیّ بن سلول اور جو اس کے ساتھ مشرک اور بت پرست تھے کہنے لگے: اب تو یہ سلسلہ شاندار ہوگیا ہے۔ انہوں نے رسول ﷺ سے اسلام پر قائم رہنے کی بیعت کر لی اور وہ مسلمان ہوگئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4567
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں خبر دی، کہا: زید بن اسلم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں منافقوں میں سے کچھ آدمی ایسے تھے کہ جب رسول اللہ ﷺ کسی مہم کے وقت نکلتے تو وہ آپؐ سے پیچھے رہ جاتے اور رسول اللہ ﷺ سے پیچھے بیٹھ رہنے پر خوش ہوتے۔ جب رسول اللہ ﷺ (واپس) آتے تو وہ آپؐ سے معذرتیں کرتے اور قسمیں کھاتے اور یہ چاہتے کہ جو کام انہوں نے کیا نہیں اس پر ان کی تعریف کی جائے۔ اس لئے یہ آیت نازل ہوئی: تو ان لوگوں کے متعلق جو اپنے کئے پر خوش ہوتے ہیں ہرگز گمان نہ کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4568
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں خبر دی۔ ابن جریج نے ان کو بتایا کہ ابن ابی ملیکہ سے روایت ہے کہ علقمہ بن وقاص نے ان سے بیان کیا کہ مروان نے اپنے دربان سے کہا: رافع! حضرت ابن عباسؓ کے پاس جاؤ اور ان سے پوچھو: اگر تو ہر اُس شخص کو سزا دی جائے گی جو عطا کردہ نعمتوں پر اترایا اور چاہا کہ جو اس نے نہیں کیا اس پر اس کی تعریف کی جائے تو یقیناً ہم سبھی کو سزا دی جائے گی۔ حضرت ابن عباسؓ نے یہ سن کر کہا: اس آیت سے تمہارا کیا تعلق۔ واقعہ تو صرف یہ ہوا تھا کہ نبی ﷺ نے یہود کو بلایا اور ان سے کسی بات کا مطلب پوچھا، جو انہوں نے آپؐ سے چھپایا اور انہوں نے آپؐ کو کوئی اور بات بتائی۔ پھر یہ سمجھنے لگے کہ اب وہ آپؐ کے نزدیک قابل تعریف ہوگئے ہیں، اس لئے کہ انہوں نے آپؐ کو وہ بات بتا دی جو آپؐ نے ان سے پوچھی تھی اور جو حکم انہیں دیا گیا تھا اسے چھپا کر وہ خوش ہوگئے۔ پھر (یہ واقعہ بیان کرکے) حضرت ابن عباسؓ نے یہ آیت پڑھی: اور (اس وقت کو یاد کرو) جب اللہ نے ان لوگوں سے جنہیں کتاب دی گئی ہے عہد لیا تھا کہ تم ضرور لوگوں کے پاس اس (کتاب) کو ظاہر کرو گے اور اسے چھپاؤ گے نہیں مگر باوجود اس کے انہوں نے اسے اپنی پیٹھوں کے پیچھے پھینک دیا اور اسے چھوڑ کر تھوڑی (سی) قیمت لے لی، جو کچھ وہ لیتے ہیں وہ کیا ہی بُرا ہے۔ تُو ان لوگوں کو جو اپنے کیے پر اتراتے ہیں اور جو (کام) انہوں نے نہیں کیا اس کی بابت (بھی) چاہتے ہیں کہ ان کی تعریف کی جائے…۔ (ہشام بن یوسف کی طرح) عبدالرزاق نے بھی ابن جریج سے یہی روایت بیان کی۔ (محمد) ابن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ حجاج (بن محمد) نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج سے روایت ہے کہ ابن ابی ملیکہ نے مجھے بتایا۔ حمید بن عبدالرحمٰن بن عوف سے مروی ہے کہ انہوں نے مروان کا یہ واقعہ بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4569
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: شریک بن عبداللہ بن ابی نمر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں اپنی خالہ حضرت میمونہؓ کے پاس ایک رات رہا۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنی زوجہ سے کچھ دیر باتیں کیں۔ پھر سو گئے۔ جب رات کی آخری تہائی ہوئی آپؐ اٹھ کر بیٹھ گئے اور آسمان کی طرف دیکھا اور یہ آیت پڑھی: ان بلندیوں اور اس زمین کی پیدائش میں اور رات اور دن کے یکے بعد دیگرے آنے جانے میں عقلمندوں کے لئے کئی ایک نشان ہیں۔ پھر آپؐ کھڑے ہوگئے اور آپؐ نے وضو کیا اور مسواک کی۔ پھر گیارہ رکعت نماز پڑھی۔ اس کے بعد حضرت بلالؓ نے اذان دی اور آپؐ دو رکعتیں پڑھ کر باہر چلے گئے اور جاکر صبح کی نماز پڑھائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4570
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن مہدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک بن انس سے، مالک نے مخرمہ بن سلیمان سے، مخرمہ نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی خالہ حضرت میمونہؓ کے پاس ایک رات رہا۔ میں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کی نماز ضرور دیکھوں گا (کیونکر پڑھتے ہیں۔) رسول اللہ ﷺ کے لئے ایک توشک بچھایا گیا۔ رسول اللہ ﷺ اس کی لمبان میں سو گئے۔ (پھر جب آدھی رات گزری تو آپؐ جاگے۔) اپنے چہرہ پر ہاتھ پھیر کر نیند کا اثر دور کرنے لگے۔ پھر آپؐ نے سورۂ آلِ عمران کی آخری دس آیتیں پڑھیں۔ جب ختم کیں، اس کے بعد ایک بڑے مشکیزہ سے جو پاس لٹک رہا تھا آپؐ نے اس سے پانی لیا اور وضو کیا۔ پھر کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ میں بھی اٹھا اور جس طرح آپؐ نے کیا تھا میں نے بھی کیا اور پھر آ کر آپؐ کے پہلو میں کھڑا ہوگیا۔ آپؐ نے اپنا ہاتھ میرے سر پر رکھا اور پھر میرا کان پکڑ کر ملنے لگے۔ آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر وتر پڑھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4571
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا۔ معن بن عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ مالک سے روایت ہے۔ انہوں نے مخرمہ بن سلیمان سے، مخرمہ نے حضرت عبداللہ بن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے ان سے بیان کیا: وہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت میمونہؓ کے پاس ایک رات رہے اور وہ ان کی خالہ تھیں۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: میں تو شک کی چوڑائی میں لیٹ گیا اور رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کی زوجہؓ اس کی لمبان میں لیٹ گئے۔ رسول اللہ ﷺ سو گئے۔ جب رات آدھی ہوئی، اس سے کچھ پہلے یا اس سے کچھ بعد کا وقت ہوگا، تو رسول اللہﷺ جاگے اور اپنے چہرہ پر ہاتھ پھیر کر نیند کا اثر دور کرنے لگے۔ پھر آپؐ نے سورۂ آلِ عمران کی آخری دس آیتیں پڑھیں اور اٹھ کر ایک پرانے مشکیزہ کی طرف گئے جو لٹک رہا تھا۔ آپؐ نے اس سے وضو کیا اور اچھی طرح وضو کیا۔ پھر کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ (یہ دیکھ کر) میں نے بھی ویسے ہی کیا جو آپؐ نے کیا تھا۔ پھر جا کر آپؐ کے پہلو میں کھڑا ہوگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنا دایاں ہاتھ میرے سر پر رکھا اور میرے دائیں کان کو ملنے لگے۔ پھر آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر اس کے بعد وتر پڑھا، پھر لیٹ گئے۔ یہاں تک کہ مؤذن آپؐ کے پاس آیا۔ آپؐ اٹھے اور آپؐ نے دو ہلکی سی رکعتیں پڑھیں۔ پھر باہر گئے اور جا کر صبح کی نماز پڑھائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4572
قتیبہ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے مخرمہ بن سلیمان سے، مخرمہ نے حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب سے روایت کی۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے انہیں بتایا کہ وہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت میمونہؓ کے پاس ایک رات رہے اور وہ ان کی خالہ تھیں۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: میں تو شک کی چوڑائی میں لیٹ گیا اور رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کی زوجہؓ اس کی لمبان میں لیٹ گئے۔ رسول اللہ ﷺ سو گئے جب رات آدھی ہوئی یا اس سے کچھ پہلے یا اس کے کچھ بعد کا وقت ہوگا تو رسول اللہ ﷺ جاگے اور بیٹھ گئے۔ چہرے پر ہاتھ پھیر کر نیند کو دور کرنے لگے۔ پھر آپؐ نے سورۂ آلِ عمران کی آخری دس آیتیں پڑھیں۔ پھر اٹھ کر ایک مشکیزے کی طرف گئے جو لٹک رہا تھا اور آپؐ نے اس سے وضو کیا اور اچھی طرح وضو کیا۔ پھر کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: میں بھی کھڑا ہوگیا اور میں نے وہی کیا جو آپؐ نے کیا۔ پھر اس کے بعد جا کر آپؐ کے پہلو میں کھڑا ہوگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنا دایاں ہاتھ میرے سر پر رکھا اور میرا دایاں کان پکڑ کر ملنے لگے اور آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر وتر پڑھا۔ اس کے بعد آپؐ لیٹ گئے۔ یہاں تک کہ مؤذن آپؐ کے پاس آیا۔ پھر آپؐ کھڑے ہوئے اور آپؐ نے دو ہلکی رکعتیں پڑھیں۔ پھر باہر گئے اور صبح کی نماز پڑھائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4573
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ہشام بن عروہ نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ ایک شخص کے پاس یتیم لڑکی تھی۔ پھر اس نے اس سے نکاح کر لیا اور اس لڑکی کے کھجور کے درخت تھے، اس شخص نے اس لڑکی کو اپنے پاس اسی وجہ سے رکھا تھا حالانکہ اس کا نفس اس کی طرف کچھ بھی مائل نہ تھا، تو اس شخص کے بارے میں یہ آیت نازل ہوئی: اگر تم ڈرو کہ یتیموں کے بارے میں انصاف نہیں کر سکو گے۔ (ہشام بن یوسف کہتے تھے) میں سمجھتا ہوں (ابن جریج نے یوں) کہا کہ وہ لڑکی کھجور کے اُن درختوں میں اور اُس کے مال میں اُس کی شریک تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah