کتاب 65: كتاب التفسیر
صحیح بخاری, حصہ 6
صحیح بخاری 4574
عبدالعزیز بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت عائشہؓ سے اللہ تعالیٰ کے اس قول کی نسبت پوچھا: اگر تم ڈرو کہ یتیموں کے بارے میں انصاف نہیں کرسکو گے۔ انہوں نے فرمایا: میرے بھانجے! یہ وہ یتیم لڑکی ہے جو اپنے سر پرست کی پرورش میں ہو اور اس کے مال میں حصہ دار ہو اور اس شخص کو اس کی جائیداد اور اس کی خوبصورتی پسند ہو اور اس کا سرپرست چاہے کہ وہ اس سے شادی کرلے بغیر اس کے کہ اس کے حق مہر میں انصاف کرے اور اس کو اتنا ہی دے جتنا اس کو اس کے علاوہ دوسرے لوگ دیتے ہوں، اس لئے ان کو ایسی یتیم لڑکیوں کے ساتھ نکاح کرنے سے روک دیا گیا ہے سوائے اس کے کہ وہ ان سے انصاف کریں اور یہ کہ مہر میں جو اعلیٰ سے اعلیٰ طریقہ ان کو دینے کا ہے اس کے مطابق دیں۔ اس لئے ان کو حکم دیا گیا کہ ان کے سوا عورتیں جو اُن کو پسند ہوں ان سے نکاح کریں۔ عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں کہ لوگوں نے اس آیت کے بعد رسول اللہ ﷺ سے (اس بارے میں) مسئلہ دریافت کیا تو اللہ نے یہ آیت نازل کی: وہ تجھ سے عورتوں کی بابت پوچھتے ہیں۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: اور اللہ تعالیٰ کا دوسری آیت میں یہ فرمانا: تم ان سے نکاح کرنا چاہتے ہو، اس سے مراد یہ ہے کہ تم میں سے کوئی یتیم لڑکی سے اس لئے بے رغبت ہوتا ہے کہ وہ تھوڑی جائیداد اور تھوڑی خوبصورتی رکھتی ہے۔ فرماتی تھیں: اس لئے وہ سوائے اس کے کہ انصاف کرنے والے ہوں ان یتیم عورتوں کے ساتھ نکاح کرنے سے بھی روک دئیے گئے جن کی جائیداد اور خوبصورتی کی وجہ سے وہ ان سے نکاح کی خواہش کرتے ہیں۔ کیونکہ وہ ان کی خواہش نہیں رکھتے جب وہ جائیداد اور خوبصورتی تھوڑی رکھتی ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4575
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھے بتایا کہ عبداللہ بن نمیر نے ہمیں خبر دی کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اللہ تعالیٰ کے اس قول سے متعلق روایت کی۔ یعنی جو غنی ہو وہ پرہیز کرے اور جو فقیر ہو وہ دستور کے مطابق کھائے۔ یہ آیت یتیم کی جائیداد کی بابت نازل ہوئی۔ جب سرپرست محتاج ہو تو وہ دستور کے مطابق اپنی خوراک اس سے لے۔ کیونکہ اس نے اس مال کی نگرانی کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4576
احمد بن حمید (قرشی کوفی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ اشجعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے (ابواسحاق) شیبانی سے، شیبانی نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ آیت وَ اِذَا حَضَرَ الْقِسْمَةَ اُولُوا الْقُرْبٰى وَ الْيَتٰمٰى وَ الْمَسٰكِيْنُ جو ہے، انہوں نے کہا: یہ محکم ہے اور منسوخ نہیں۔ (عکرمہ کی طرح) سعید بن جبیر نے بھی حضرت ابن عباسؓ سے یہی روایت بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4577
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ان سے بیان کیا، کہا: (محمد) بن منکدر نے مجھے بتایا کہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ بنی سلمہ کے محلہ میں میری بیمار پرسی کے لئے پیدل چل کر آئے، تو نبی ﷺ نے مجھے دیکھا کہ مجھے کوئی ہوش نہیں۔ آپؐ نے پانی منگوایا اور اس سے وضو کیا۔ پھر آپؐ نے مجھ پر پانی چھڑکا اور میں ہوش میں آگیا۔ میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپؐ مجھے کیا مشورہ دیتے ہیں کہ میں اپنی جائیداد کو کیا کروں؟ تو یہ وحی نازل ہوئی: اللہ تمہیں تمہاری اولاد کے حق میں وصیت کرتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4578
محمد بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ورقاء (بن عمر یشکری) سے، ورقاء نے ابن ابی نجیح سے، انہوں نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ساری جائیداد اولاد کی ہوا کرتی تھی اور ماں باپ کو وہ ملتا تھا جو مرنے والا وصیت کر جاتا۔ تو اللہ تعالیٰ نے اس دستور سے جو پسند کیا منسوخ فرما دیا اور مرد کا حصہ دو عورتوں کے حصہ کے برابر مقرر کیا اور والدین میں سے ہر ایک کے لئے چھٹا حصہ اور ایک تہائی مقرر کیا اور بیوی کے لئے آٹھواں اور چوتھائی حصہ مقرر کیا اور خاوند کے لئے آدھا اور چوتھا حصہ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4579
محمد بن مقاتل نے ہمیں بتایا کہ اسباط بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ (ابواسحاق) شیبانی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ شیبانی نے یہ بھی کہا کہ ابوالحسن سوائی نے بھی اس حدیث کا ذکر کیا اور میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ ہی سے روایت کرتے ہوئے اس حدیث کا ذکر کیا۔ (حضرت ابن عباسؓ نے کہا:) اے ایماندارو! تمہارے لئے (یہ) جائز نہیں کہ تم زبر دستی عورتوں کے وارث بن جاؤ اور تم انہیں اس غرض سے تنگ نہ کرو کہ جو (کچھ) تم نے انہیں دیا ہے اس میں سے کچھ (چھین کر) لے جاؤ۔ کہتے تھے: عرب لوگ جب کوئی شخص مر جاتا تو اس کے وارث اس کی بیوی کے زیادہ حق دار ہوتے۔ اگر ان میں سے کسی نے چاہا اس سے شادی کر لی اور اگر چاہا تو کسی اور سے شادی کرائی اور اگر انہوں نے چاہا تو اس کو نہ بیاہا۔ غرض وہ اس عورت کے اس کے اپنے رشتہ داروں سے زیادہ حق دار ہوتے۔ اس لئے یہ آیت اس کے متعلق نازل ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4580
صلت بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ادریس سے، ادریس نے طلحہ بن مصرف سے، طلحہ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی: آیت وَ لِكُلٍّ جَعَلْنَا مَوَالِيَ میں (جو مَوَالِي کا لفظ ہے) انہوں نے کہا: (اس کے معنی ہیں) وارث۔ اور وَالَّذِيْنَ عَاقَدَتْ اَيْمَانُكُمْ سے مراد مہاجر ہیں۔ جب وہ مدینہ میں آئے تو مہاجر بھی انصاری کا وارث ہوتا، اس کے اپنے رشتہ داروں کے علاوہ اس اخوت کی وجہ سے جو نبی ﷺ نے ان کے درمیان قائم کی۔ جب یہ آیت نازل ہوئی: اور ہر ایک (شخص) کے لئے ہم نے اس کے ترکہ کے متعلق وارث مقرر کر دئے ہیں، تو (مہاجرین کی وہ وراثت) منسوخ ہوگئی۔ پھر اس کے بعد فرمایا: وہ لوگ جن سے عہد و پیمان ہو چکے ہیں، یعنی ان کی مدد و اعانت اور خیر خواہی کرنے کے، وراثت کا تو ان کا حق نہ رہا، مگر وصیت کی جا سکتی ہے۔ (اس کی ایک سند میں یوں ہے:) ابواسامہ نے ادریس سے سنا اور ادریس نے طلحہ سے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4581
محمد بن عبدالعزیز نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عمر حفص بن میسرہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے زمانہ میں کچھ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم اپنے ربّ کو قیامت کے روز دیکھیں گے؟ نبی ﷺ نے فرمایا: ہاں۔ کیا دوپہر کے وقت تمہیں سورج دیکھنے میں کچھ مشکل ہوتی ہے جبکہ اس کی روشنی صاف ہو اس میں کوئی اَبر نہ ہو؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ فرمایا: اور کیا تمہیں چودھویں رات کے چاند کے دیکھنے میں کچھ مشکل ہوتی ہے جبکہ اس کی روشنی صاف ہو، اس میں کوئی بادل نہ ہو؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: قیامت کے روز تم کو اللہ عز و جل کے دیکھنے میں بھی کوئی دقت نہ ہوگی۔ اگر ہوئی بھی تو اتنی، جتنی کہ سورج و چاند میں سے کسی کے دیکھنے میں۔ جب قیامت کا دن ہو گا تو ایک اعلان کرنے والا اعلان کرے گا: ہر ایک امت اسی کے پیچھے ہوگی جس کی پوجا کرتی تھی۔ پھر جو لوگ اللہ کے سوا بتوں اور مجسموں کی پوجا کرتے تھے ان میں سے کوئی باقی نہیں رہے گا۔ مگر وہ سب آگ میں یکے بعد دیگرے گرتے چلے جائیں گے۔ جب صرف وہ لوگ رہ جائیں گے جو اللہ کی عبادت کیا کرتے تھے۔ نیک ہوں یا برے اور اہل کتاب میں سے کچھ باقی ماندہ لوگ تو یہود لائے جائیں گے۔ ان سے پوچھا جائے گا: تم کس کی عبادت کرتے تھے؟ وہ کہیں گے: ہم عزیر ابن اللہ کی عبادت کرتے تھے۔ ان سے کہا جائے گا: تم جھوٹ کہتے ہو، اللہ نے نہ کسی کو اپنی بیوی بنایا اور نہ بیٹا۔ پس تم اب کیا چاہتے ہو؟ وہ کہیں گے: اے ہمارے ربّ! ہم پیاسے ہیں ہمیں پانی پلاؤ۔ ان کو اشارہ کرکے بتایا جائے گا وہاں جا کر تم پانی پیو گے۔ تو وہ ایک ایسی آگ کی طرف ہانکے جائیں گے گویا کہ وہ سراب ہے، جس کا ایک حصہ دوسرے کو کچل رہا ہے۔ تو وہ بھی یکے بعد دیگرے آگ میں گرتے چلے جائیں گے۔ پھر اس کے بعد عیسائی بلائے جائیں گے۔ ان سے پوچھا جائے گا: تم کس کی عبادت کرتے تھے؟ وہ کہیں گے: مسیح اللہ کے بیٹے کی ہم عبادت کرتے تھے۔ ان سے کہا جائے گا: تم جھوٹ بولتے ہو، اللہ نے تو کسی کو نہ بیوی بنایا نہ اپنا بیٹا۔ ان سے پوچھا جائے گا: اب تم کیا چاہتے ہو؟ ان کا بھی پہلوں کی طرح حال ہوگا۔ جب ان لوگوں کے سوا کوئی باقی نہ رہے گا جو اللہ کی عبادت کرتے تھے خواہ نیک ہوں یا برے، تو ربّ العالمین ان کے پاس ایسے جلوے میں آئے گا جو اس جلوے کے قریب قریب ہوگا جس میں کہ انہوں نے اس کو پہلے دیکھا۔ ان سے پوچھا جائے گا: تم کس کا انتظار کر رہے ہو؟ ہر ایک امت اس کے پیچھے چلی گئی ہے جس کی وہ عبادت کرتی تھی۔ وہ کہیں گے کہ ہم دنیا میں لوگوں سے ایسی حالت میں الگ ہوئے جبکہ ہم ان کے بہت ہی محتاج تھے۔ اور ہم نے ان کا ساتھ نہ دیا اور ہم اپنے اس ربّ کا انتظار کر رہے ہیں جس کی عبادت کرتے تھے۔ وہ کہے گا: میں تمہارا ربّ ہوں۔ وہ دو یا تین بار کہیں گے: ہم کسی چیز کو بھی اللہ کا شریک نہیں ٹھہراتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4582
صدقہ )بن فضل( نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ )بن سعید قطان( نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان (ثوری) نے سلیمان (اعمش) سے، سلیمان نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عبیدہ (بن عمرو سلمانی) سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ یحيٰ نے کہا: اس حدیث کا ایک حصہ عمرو بن مرہ سے مروی ہے۔ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے) کہا: نبی ﷺ نے مجھے فرمایا: مجھے قرآن پڑھ کر سناؤ۔ میں نے کہا: میں آپؐ کو قرآن پڑھ کر سناؤں حالانکہ آپؐ پر نازل کیا گیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: میں دوسرے سے اس کو سننا پسند کرتا ہوں۔ پھر میں نے آپؐ کو سورۂ نساء پڑھ کر سنائی۔ جب یہاں پہنچا: اور ان کا کیا حال ہوگا جب ہم ہر ایک جماعت میں سے ایک گواہ لائیں گے اور تجھے ان لوگوں کے متعلق (بطور) گواہ لائیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: بس کرو۔ میں کیا دیکھتا ہوں، آپؐ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4583
محمد (بن سلام بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ فرماتی تھیں: اسماءؓ کا ایک ہار گم ہو گیا تھا اور نبی ﷺ نے اس کی تلاش میں کچھ لوگوں کو بھیجا اور نماز کا وقت آ پہنچا اور لوگ باوضو نہیں تھے اور انہوں نے پانی بھی نہ پایا۔ انہوں نے نماز پڑھ لی اور وہ بغیر وضو تھے۔ تو پھر اللہ نے یہ وحی نازل کی۔ یعنی تیمم کی آیت۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4584
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ حجاج بن محمد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے یعلیٰ بن مسلم سے، یعلیٰ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: آیت اَطِيْعُوا اللّٰهَ وَ اَطِيْعُوا الرَّسُوْلَ وَ اُولِي الْاَمْرِ مِنْكُمْ۔ عبداللہ بن حذافہ بن قیس بن عدیؓ کی بابت اتری، جب نبی ﷺ نے ان کو جنگ میں (ایک فوج کا سردار بنا کر) بھیجا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4585
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت زبیرؓ نے ایک انصاری شخص سے حَرَّہ کی ایک نالی سے متعلق جھگڑا کیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: زبیرؓ پانی لگاؤ اور اس کے بعد ہمسائے کے لئے پانی جانے دو۔ یہ سن کر انصاری نے کہا: یا رسول اللہ! اس لئے کہ آپؐ کی پھوپھی کا بیٹا ہے؟ اس سے آپؐ کا چہرہ متغیر ہوگیا، پھر آپؐ نے فرمایا: زبیرؓ پانی لگاؤ اور پانی روکے رکھو تا وقتیکہ وہ منڈیروں تک بھر جائے۔ پھر اپنے پڑوسی کے لئے پانی جانے دو۔ جب اس انصاری نے آپؐ کو حقوق محفوظ رکھنے کی وجہ سے طعنہ دے کر غصہ دلایا تو آپؐ نے حضرت زبیرؓ کو صریح فیصلہ کے مطابق اس کا پورا حق دلایا۔ آپؐ نے ان کو پہلے ایسا مشورہ دیا تھا جس میں دونوں کے لئے گنجائش تھی۔ حضرت زبیرؓ نے کہا: میں ان آیات کی نسبت یہی سمجھتا ہوں کہ وہ اس واقعہ سے متعلق اتریں: یعنی تیرے ربّ کی قسم وہ ہرگز مومن نہیں ہوں گے جب تک کہ وہ تجھے حکم نہ مان لیں ان امور میں جو ان کے درمیان اختلافی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4586
محمد بن عبداللہ بن حوشب نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سعد بن ابراہیم) سے، انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ فرماتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جو نبی بیمار ہوتا ہے تو اس کو دنیا اور آخرت کے بارے میں اختیار دیا جاتا ہے اور آپؐ کو اس بیماری میں جس میں آپؐ اٹھائے گئے تھے۔ آپؐ کا گلا سخت بیٹھ گیا تھا۔ میں نے آپؐ کو سنا، فرماتے تھے: وہ ان لوگوں میں شامل ہوں گے جن پر اللہ نے انعام کیا ہے۔ یعنی انبیاء اور صدیقین اور شہداء اور صالحین (میں)، تو میں اس سے سمجھ گئی کہ آپؐ کو اختیار دیا گیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4587
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ (بن ابی یزید مکی) سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں اور میری ماں ان لوگوں میں سے تھے جنہیں کمزور سمجھا جاتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4588
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابن ابی ملیکہ سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا کہ حضرت ابن عباسؓ نے یہ آیت پڑھی: ان مردوں اور عورتوں اور بچوں کے سوا جنہیں کمزور سمجھا جاتا ہو۔ انہوں نے کہا: میں اور میری ماں بھی انہی لوگوں میں سے تھے جن کو اللہ نے معذور رکھا۔ اور حضرت ابن عباسؓ سے منقول ہے: حَصِرَتْ صُدُوْرُهُمْ کے معنی ہیں ان کے سینے تنگ ہو گئے۔ تَلْوُوا أَلْسِنَتَكُمْ سے یہ مراد ہے کہ شہادت دیتے وقت وہ اپنی زبانیں ہیر پھیر کر بات کرتے ہیں اور (حضرت ابن عباسؓ کے سوا) ایک اور شخص نے کہا: الْمُرَاغَمُ کے معنی ہیں وہ جگہ جہاں ہجرت کی جائے۔ رَاغَمْتُ قَوْمِي: میں اپنے لوگوں کو چھوڑ کر کسی دوسری جگہ چلا گیا۔ مَوْقُوتًا کے معنی ہیں مقررہ وقت پر۔ وَقَّتَهُ عَلَيْهِمْ۔ یعنی اللہ نے ان کے لئے اس (نماز) کو خاص وقت پر ادا کرنے کے لئے مقرر کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4589
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ ہم سے غندر اور عبدالرحمٰن نے بیان کیا۔ ان دونوں نے کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی (بن ثابت) سے، عدی نے عبداللہ بن یزید (خطمی) سے، عبداللہ نے حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ آیت فَمَا لَكُمْ فِي الْمُنٰفِقِيْنَ فِئَتَيْنِ سے متعلق واقعہ یوں ہے: نبی ﷺ کے صحابہ میں سے کچھ لوگ اُحد سے لوٹ گئے تھے اور لوگ ان کی نسبت دو گروہ ہوگئے۔ ایک گروہ کہتا تھا: ان کو مار ڈالیں اور ایک گروہ کہتا تھا کہ نہیں۔ تو پھر یہ آیت نازل ہوئی: یعنی تمہیں کیا ہوگیا ہے کہ تم منافقوں کے بارے میں دو گروہ ہوگئے ہو۔ آپؐ نے اس وقت فرمایا: مدینہ طیبہ ہے۔ میل کچیل کو اس طرح نکال پھینکتا ہے جس طرح کہ آگ چاندی کی میل کچیل۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4590
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ مغیرہ بن نعمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے سعید بن جبیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے: کوفہ والوں نے ایک آیت کے بارے میں اختلاف کیا تو میں اس آیت سے متعلق حضرت ابن عباسؓ کے پاس (پوچھنے) گیا اور میں نے ان سے اس کی بابت پوچھا۔ انہوں نے کہا: یہ آیت وَ مَنْ يَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَآؤُهٗ جَهَنَّمُ ان آخری آیتوں میں سے ہے جو نازل ہوئیں اور اس کسی آیت نے منسوخ نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4591
علی بن عبداللہ (مدینی) نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ آیت وَلاَ تَقُولُوا لِمَنْ أَلْقَى إِلَيْكُمُ السَّلاَمَ لَسْتَ مُؤْمِنًا (کے متعلق عطاء) کہتے تھے: حضرت ابن عباسؓ نے کہا: ایک شخص اپنی تھوڑی سی بکریوں میں تھا۔ مسلمانوں نے اس کا پیچھا کیا۔ اس نے کہا: السلام علیکم۔ مگر انہوں نے اس کو مار ڈالا اور اس کی بکریاں لے لیں۔ پھر اللہ نے اس کے متعلق یہ آیتیں نازل کیں۔ یعنی اللہ تعالیٰ کے اس قول تک کہ اس ادنیٰ زندگی کا عارضی سامان لینا چاہتے ہو، یعنی وہ بکریاں۔ (عطاء نے) کہا: حضرت ابن عباس نے السَّلَامَ ہی پڑھا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4592
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن سعد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت سہل بن سعد الساعدیؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے مروان بن حکم کو مسجد میں دیکھا۔ (کہتے تھے) میں ان کے پاس آیا اور ان کے پاس آکر بیٹھ گیا تو انہوں نے ہمیں بتایا کہ حضرت زید بن ثابتؓ نے ان سے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے ان کو یہ آیت یوں لکھائی: مومنوں میں سے بیٹھ رہنے والے اور اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے برابر نہیں (ہو سکتے)۔ اتنے میں حضرت ابن اُم مکتومؓ آپؐ کے پاس آئے اور آپؐ مجھے یہ آیت لکھا رہے تھے۔ حضرت ابن اُم مکتومؓ نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ کی قسم اگر میں جہاد کی طاقت رکھتا تو میں بھی ضرور جہاد کرتا، اور وہ نابینا تھے۔ تو اس وقت اللہ نے اپنے رسول ﷺ پر وحی نازل کی۔ اور آپؐ کی ران میری ران پر تھی، مجھے اتنی بوجھل معلوم ہوئی کہ میں ڈر گیا کہ کہیں آپؐ کی ران میری ران کو توڑ نہ دے۔ پھر اس کے بعد آپؐ سے وحی کی حالت جاتی رہی اور اللہ نے یہ الفاظ نازل کئے: یعنی سوائے ان کے جو معذور ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4593
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابوالاسحاق نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب آیت یعنی مومنوں میں سے بیٹھ رہنے والے برابر نہیں (ہو سکتے) نازل ہوئی تو رسول اللہ ﷺ نے حضرت زیدؓ کو بلایا۔ انہوں نے یہ آیت لکھی اتنے میں حضرت ابن ام مکتومؓ آئے اور انہوں نے اپنی نابینائی کا شکوہ کیا۔ پھر اللہ نے یہ الفاظ نازل کئے: یعنی سوائے ان کے جو معذور ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah