کتاب 1: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4474
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: خبیب بن عبدالرحمٰن نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حفص بن عاصم (بن عمر بن خطاب) سے، حفص نے حضرت ابوسعید بن معلیٰؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں مسجد میں نماز پڑھ رہا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے مجھے بلایا۔ میں نے آپؐ کو جواب نہ دیا۔ پھر میں نے کہا: یارسول اللہ! میں نماز پڑھ رہا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا اللہ نے نہیں فرمایا: اللہ اور اس کے رسول کو جواب دو جب وہ تمہیں بلائیں۔ پھر آپؐ نے مجھ سے فرمایا: پیشتر اس کے کہ مسجد سے نکلو، میں تمہیں ایک ایسی سورة کا علم دیتا ہوں جو قرآن کی تمام سورتوں میں اپنی عظمت میں بڑھ کر ہے۔ پھر آپؐ نے میرا ہاتھ پکڑا۔ جب آپؐ نے (مسجد سے) نکلنے کا ارادہ کیا، میں نے آپؐ سے کہا: کیا آپؐ نے نہیں فرمایا تھا، میں تمہیں ایسی سورة کا علم دوں گا جو قرآن کی تمام سورتوں میں اپنی عظمت میں بڑھ کر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ۔ یہی سبع مثانی اور قرآنِ عظیم ہے جو مجھے عطا کیا گیا ہے۔
صحیح بخاری 4476
مسلم بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ ہشام (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور خلیفہ (بن خیاط) نے بھی مجھ سے کہا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: مومن قیامت کے دن اکٹھے ہوں گے اور کہیں گے: اگر ہم اپنے ربّ کے پاس کسی کی سفارش حاصل کریں۔ وہ حضرت آدمؑ کے پاس آئیں گے۔ کہیں گے: آپؑ لوگوں کے باپ ہیں۔ آپؑ کو اللہ نے اپنے ہاتھ سے پیدا کیا اور ملائکہ کو آپؑ کا فرمانبردار بنایا اور آپؑ کو ہر چیز کے نام سکھائے۔ اس لئے آپؑ اپنے ربّ کے پاس ہماری سفارش کریں کہ وہ ہمیں ہماری اس حالت سے چھٹکارا دے۔ وہ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں (کہ سفارش کروں) اور وہ اپنا قصور یاد کریں گے اور شرم محسوس کریں گے۔ (کہیں گے:) نوحؑ کے پاس جاؤ کیونکہ وہ پہلے رسول ہیں، جن کو اللہ نے زمین والوں کی طرف بھیجا۔ وہ اُن کے پاس آئیں گے۔ حضرت نوحؑ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں (کہ سفارش کروں) اور وہ اپنے اس سوال کو یاد کریں گے جو انہوں نے اپنے ربّ سے کیا تھا۔ یعنی اس بات کا سوال جس کا انہیں علم نہیں تھا۔ وہ (اس سے) شرمندہ ہوں گے اور کہیں گے: خلیل الرحمٰن کے پاس جاؤ۔ اس پر وہ اُن کے پاس جائیں گے۔ تو (خلیل الرحمٰن) کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں (کہ سفارش کروں۔) موسیٰؑ کے پاس جاؤ۔ وہ ایسا بندہ ہے جس سے اللہ نے کلام کیا اور جس کو اُس نے تورات دی۔ چنانچہ لوگ اُن کے پاس آئیں گے۔ حضرت موسیٰؑ کہیں گے۔ میں اس مقام پر نہیں ہوں (کہ سفارش کروں) اور وہ اس نفس کا واقعۂ قتل یاد کریں گے جو انہوں نے مار ڈالا تھا، بغیر اس کے کہ اس نے کسی کو قتل کیا۔ اور وہ اپنے ربّ سے شرمندہ ہوں گے اور کہیں گے: عیسیٰؑ کے پاس جاؤ، جو اللہ کے بندے اور اُس کے رسول اور کلمۃ اللہ اور رُکن روح تھے۔ حضرت عیسیٰؑ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں، محمد ﷺ کے پاس جاؤ، جو ایسے بندے ہیں کہ اللہ نے ان کو پہلے بھی گناہوں سے محفوظ رکھا اور بعد میں بھی۔ چنانچہ لوگ میرے پاس آئیں گے۔ مَیں چلا جاؤں گا، جاکر مَیں اپنے ربّ سے اجازت طلب کروں گا اور مجھے اجازت دی جائے گی۔ جب میں اپنے ربّ کو دیکھوں گا، میں سجدہ میں گر پڑوں گا اور جب تک اللہ چاہے گا، مجھے سجدہ میں رہنے دے گا۔ پھر کہا جائے گا: اپنا سر اُٹھاؤ۔ مانگو تمہیں دیا جائے گا اور کہو تمہاری سنی جائے گی اور سفارش کرو تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ تب میں اپنا سر اُٹھاؤں گا اور میں اُس کی وہ حمد بیان کروں گا جو وہ مجھے سکھائے گا اور اس کے بعد میں سفارش کروں گا اور وہ میرے لئے حدّ مقرر کرے گا اور میں (اس حدّ کے اندر اندر) لوگوں کو جنت میں داخل کروں گا۔ پھر میں اس کی طرف دوبارہ جاؤں گا اور جب اپنے ربّ کو دیکھوں گا تو اسی طرح (سجدہ میں گر پڑوں گا۔) اس کے بعد مَیں سفارش کروں گا تو وہ میرے لیے حد مقرر کر دے گا اور میں (اس حدّ کے اندر اندر) لوگوں کو جنت میں داخل کروں گا۔ پھر تیسری دفعہ اور چوتھی دفعہ اس کے پاس واپس جاؤں گا اور میں کہوں گا: اب آگ میں وہی باقی ہیں جن کے رہنے کی بابت قرآن نے کہا ہے اور جن کا دیر تک رہنا ضروری ہے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اِلَّا مَنْ حَبَسَہُ الْقُرْآنُ سے اللہ تعالیٰ کا یہ قول مراد ہے: وہ اس میں لمبے عرصے تک رہیں گے۔
صحیح بخاری 4547
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن ابراہیم تستری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے یہ آیت پڑھی: وہی ہے جس نے تجھ پر یہ کتاب نازل کی ہے جس کی بعض (آیتیں تو) محکم آیتیں ہیں جو اس کتاب کی جڑ ہیں اور کچھ اور (ہیں جو) متشابہ ہیں۔ پس جن لوگوں کے دلوں میں کجی ہے وہ تو فتنہ کی غرض سے اور اس (کتاب) کو (اس کی حقیقت سے) پھیر دینے کے لئے ان (آیات) کے پیچھے پڑ جاتے ہیں جو اس (کتاب) میں سے متشابہ ہیں حالانکہ اس کی تفسیر کو سوائے اللہ کے اور علم میں کامل دستگاہ رکھنے والوں کے (کہ) جو کہتے ہیں (کہ) ہم اس (کلام) پر ایمان رکھتے ہیں (اور جو کہتے ہیں کہ یہ) سب ہمارے ربّ کی طرف سے ہی ہے کوئی نہیں جانتا اور عقلمندوں کے سوا کوئی بھی نصیحت حاصل نہیں کرتا۔ فرماتی تھیں: یہ پڑھ کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: (عائشہؓ !) جب تم ان لوگوں کو دیکھو جو قرآن کی ایسی آیات کے پیچھے لگتے ہیں جو متشابہ ہوں تو وہ وہی لوگ ہیں جن کا ذکر اللہ تعالیٰ نے (اس آیت میں) کیا ہے۔ یعنی ان سے بچو۔
صحیح بخاری 4573
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ہشام بن عروہ نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ ایک شخص کے پاس یتیم لڑکی تھی۔ پھر اس نے اس سے نکاح کر لیا اور اس لڑکی کے کھجور کے درخت تھے، اس شخص نے اس لڑکی کو اپنے پاس اسی وجہ سے رکھا تھا حالانکہ اس کا نفس اس کی طرف کچھ بھی مائل نہ تھا، تو اس شخص کے بارے میں یہ آیت نازل ہوئی: اگر تم ڈرو کہ یتیموں کے بارے میں انصاف نہیں کر سکو گے۔ (ہشام بن یوسف کہتے تھے) میں سمجھتا ہوں (ابن جریج نے یوں) کہا کہ وہ لڑکی کھجور کے اُن درختوں میں اور اُس کے مال میں اُس کی شریک تھی۔
صحیح بخاری 4574
عبدالعزیز بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت عائشہؓ سے اللہ تعالیٰ کے اس قول کی نسبت پوچھا: اگر تم ڈرو کہ یتیموں کے بارے میں انصاف نہیں کرسکو گے۔ انہوں نے فرمایا: میرے بھانجے! یہ وہ یتیم لڑکی ہے جو اپنے سر پرست کی پرورش میں ہو اور اس کے مال میں حصہ دار ہو اور اس شخص کو اس کی جائیداد اور اس کی خوبصورتی پسند ہو اور اس کا سرپرست چاہے کہ وہ اس سے شادی کرلے بغیر اس کے کہ اس کے حق مہر میں انصاف کرے اور اس کو اتنا ہی دے جتنا اس کو اس کے علاوہ دوسرے لوگ دیتے ہوں، اس لئے ان کو ایسی یتیم لڑکیوں کے ساتھ نکاح کرنے سے روک دیا گیا ہے سوائے اس کے کہ وہ ان سے انصاف کریں اور یہ کہ مہر میں جو اعلیٰ سے اعلیٰ طریقہ ان کو دینے کا ہے اس کے مطابق دیں۔ اس لئے ان کو حکم دیا گیا کہ ان کے سوا عورتیں جو اُن کو پسند ہوں ان سے نکاح کریں۔ عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں کہ لوگوں نے اس آیت کے بعد رسول اللہ ﷺ سے (اس بارے میں) مسئلہ دریافت کیا تو اللہ نے یہ آیت نازل کی: وہ تجھ سے عورتوں کی بابت پوچھتے ہیں۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: اور اللہ تعالیٰ کا دوسری آیت میں یہ فرمانا: تم ان سے نکاح کرنا چاہتے ہو، اس سے مراد یہ ہے کہ تم میں سے کوئی یتیم لڑکی سے اس لئے بے رغبت ہوتا ہے کہ وہ تھوڑی جائیداد اور تھوڑی خوبصورتی رکھتی ہے۔ فرماتی تھیں: اس لئے وہ سوائے اس کے کہ انصاف کرنے والے ہوں ان یتیم عورتوں کے ساتھ نکاح کرنے سے بھی روک دئیے گئے جن کی جائیداد اور خوبصورتی کی وجہ سے وہ ان سے نکاح کی خواہش کرتے ہیں۔ کیونکہ وہ ان کی خواہش نہیں رکھتے جب وہ جائیداد اور خوبصورتی تھوڑی رکھتی ہوں۔
صحیح بخاری 4627
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبداللہ سے، اُنہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: غیب کی چابیاں پانچ ہیں (اور یہ آیت پڑھی:) قیامت (یا کسی قوم کے آخری فیصلہ) کا علم اللہ ہی کو ہے اور وہی بارش نازل کرتا ہے اور رحموں میں جو کچھ ہے اسے جانتا ہے اور کوئی شخص نہیں جانتا کہ کل وہ کیا عمل کرے گا۔ اور نہ کوئی شخص جانتا ہے کہ وہ کس زمین میں مرے گا۔ اللہ ہی یقیناً جاننے والا (اور) خبر رکھنے والا ہے۔
صحیح بخاری 4637
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، انہوں نے عمرو بن مرہ سے، عمرو نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) ؓ سے روایت کی کہ (عمرو بن مرہ) نے کہا: میں نے (ابووائل سے) پوچھا کہ آپ نے یہ حدیث حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے سنی ہے؟ اُنہوں نے کہا: ہاں۔ اور (کہا:) اُنہوں نے اس سند کو مرفوعاً بیان کیا تھا۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: اللہ سے بڑھ کر کوئی غیرت مند نہیں اس لئے اس نے تمام بدیوں کو حرام کردیا وہ بھی جو اُن میں سے ظاہر ہوں اور وہ بھی جو پوشیدہ ہوں اور اللہ سے بڑھ کر کسی کو مدح زیادہ پسند نہیں اسی لئے اس نے خود اپنی تعریف کی۔
صحیح بخاری 4645
محمد بن عبد الرحیم نے مجھے بتایا کہ سعید بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم (بن بشیر) نے ہمیں خبر دی ابو بشر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سورة الأنفال کی بابت پوچھا ( کہ کب نازل ہوئی) تو اُنہوں نے کہا: غزوہ بدر میں نازل ہوئی۔ الشَّوْكَةُ کے معنی ہیں دھار دار۔ مُرْدِفِيْنَ کے معنی ہیں فوج در فوج۔ رَدَفَنِی اور أَرْدَفَنِي کے معنی ہیں میرے پیچھے آئے ذُوْقُوْا کے معنی ہیں براہ راست اس کا تجربہ کرو اور اس سے مراد منہ کا چکھنا نہیں۔ فَيَرْكُمَهٗ کے معنی ہیں: وہ اسے اکٹھا کرتا ہے۔ شَرِّدْ کے معنی ہیں پراگندہ کر دے۔ وَ اِنْ جَنَحُوْا کے معنی ہیں طلب کریں۔ السِّلْمُ، السَّلْمُ اور السَّلَامُ کے ایک ہی معنی ہیں۔ يُثْخِنَ کے معنی ہیں: وہ غالب ہوتا ہے اور مجاہدؒ نے کہا: مُكَآءً کے معنی ہیں اپنی انگلیوں کو اپنے منہ میں رکھنا اور تَصْدِیَۃٌ کے معنی ہیں سیٹی بجانا اور لِيُثْبِتُوْكَ کے معنی ہیں تا تجھ کو قید کریں۔
صحیح بخاری 4646
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ ورقاء (بن عمر) نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے (عبد اللہ) بن ابی نجیح سے، اُنہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی، اُنہوں نے کہا: اِنَّ شَرَّ الدَّوَآبِّ عِنْدَ اللّٰهِ الصُّمُّ الْبُكْمُ الَّذِيْنَ لَا يَعْقِلُوْنَ سے بنو عبدالدار کے کچھ لوگ مراد ہیں۔
صحیح بخاری 4654
ابوالولید (ہشام بن عبدالملک) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابواسحاق سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت براءؓ سے سنا، کہتے تھے: آخری آیت جو نازل ہوئی وہ یہ ہے: وہ تجھ سے (ایک قسم کے کلالہ کے متعلق) فتوى پوچھتے ہىں تو کہہ دے اللہ تمہىں (ایسے) کلالہ کے متعلق حکم سناتا ہے اور آخری سورة جو نازل ہوئی وہ براءة ہے۔
صحیح بخاری 4681
حسن بن محمد بن صباح نے ہم سے بیان کیا کہ حجاج (بن محمد اعور) نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: ابن جریج نے کہا: محمد بن عباد بن جعفر نے مجھے بتایا کہ اُنہوں نے حضرت ابن عباسؓ کو یہ آیت یوں پڑھتے سنا: اَلَاۤ اِنَّہُمۡ یَثۡنُوۡنَ صُدُوۡرَہُمۡ۔ کہتے تھے: میں نے اُن سے اِس آیت کی نسبت پوچھا۔ تو اُنہوں نے کہا: کچھ لوگ تھے کہ قضاء حاجت کرنے سے شرماتے کہ کہیں آسمان کے سامنے ننگے نہ ہوجائیں۔ ایسے ہی اپنی بیویوں سے ہم بستر ہوتے وقت بھی شرماتے کہ کہیں آسمان کے سامنے ننگے نہ ہوجائیں۔ تو یہ آیت اُن کے متعلق نازل ہوئی۔
صحیح بخاری 4682
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن جریج سے روایت کی اور محمد بن عباد بن جعفر نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ نے اس آیت کو یوں پڑھا : أَ لَا إِنَّهُمْ تَثْنَوْنِي صُدُورُهُمْ (محمد بن عباد کہتے تھے) میں نے پوچھا: ابوالعباسؓ ! تَثْنَوْنِي صُدُوْرُهُمْ سے کیا مراد ہے؟ کہنے لگے: آدمی اپنی بیوی سے ہم بستر ہوتا تو شرماتا یا وہ بیت الخلاء میں جاتا تو شرماتا۔ اس لئے یہ آیت نازل ہوئی یعنی سنو! وہ یقیناً اپنے سینوں کو اس لیے موڑتے رہتے ہیں۔
صحیح بخاری 4683
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا۔ ہمیں سفیان (بن عیینہ) نے بتایا کہ عمرو (بن دینار) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ نے یہ آیت پڑھی: اَلَاۤ اِنَّہُمۡ یَثۡنُوۡنَ…یعنی سنو! وہ یقیناً اپنے سینوں کو اس لیے موڑتے رہتے ہیں کہ اُس سے چھپے رہیں۔ سنو! جس وقت وہ اپنے کپڑے اوڑھتے ہیں۔ اور عمرو بن دینار کے سوا اَوروں نے حضرت ابن عباسؓ سے نقل کیا: يَسْتَغْشُوْنَ کے معنی ہیں وہ اپنے سروں کو ڈھانپ لیتے ہیں۔ سِيْٓءَ بِهِمْ کے معنی ہیں وہ اپنی قوم سے بدگمان ہوا۔ وَضَاقَ بِهِمْ کے معنی ہیں کہ اس نے اپنے مہمانوں سے تنگی محسوس کی۔ بِقِطْعٍ مِّنَ الَّيْلِ کے معنی ہیں تاریکی میں۔ اور مجاہد نے کہا: اِلَيْهِ اُنِيْبُ کے معنی ہیں میں اس کی طرف رجوع کرتا ہوں۔
صحیح بخاری 4688
عبداللہ بن محمد نے ہمیں خبر دی کہ عبدالصمد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن دینار سے، انہوں نے اپنے باپ (عبداللہ بن دینار) سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: شریف، شریف کے بیٹے، شریف کے پوتے، شریف کے پڑپوتے حضرت یوسف ہیں، جو ابن یعقوب بن اسحاق بن ابراہیم (علیہم السلام) ہیں۔
صحیح بخاری 4697
ابراہیم بن منذر نے مجھے بتایا کہ معن نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ بن دینار نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: غیب کی چابیاں پانچ ہیں جنہیں کوئی نہیں جانتا مگر اللہ ہی۔ کوئی نہیں جانتا کہ کل کو کیا ہوگا مگر اللہ ہی، اور کوئی نہیں جانتا کہ رحم کیا کچھ اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہیں مگر اللہ ہی، اور کوئی نہیں جانتا کہ بارش کب آئے گی مگر اللہ ہی، اور کوئی نفس نہیں جانتا کہ کس زمین میں مرے گا مگر اللہ ہی، اور کوئی نہیں جانتا کہ گھڑی کب برپا ہوگی مگر اللہ ہی۔
صحیح بخاری 4698
عبید بن اسمٰعیل نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو اُسامہ سے، ابو اُسامہ نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس تھے۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے ایک ایسا درخت بتلاؤ جو مسلمان شخص کے مشابہ یا اس کی طرح ہے۔ اس کے پتے نہیں گرتے۔ اور نہ ایسا ہے اور نہ ایسا اور نہ ایسا۔ وہ اپنا پھل ہر وقت دیتا ہے۔ حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: میرے دل میں آیا کہ وہ کھجور ہے۔ اور میں نے حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ کو دیکھا کہ وہ نہیں بول رہے تو میں نے بُرا جانا کہ میں بات کروں۔ پس جب وہ کچھ نہ بولے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ کھجور ہے۔ پھر جب ہم کھڑے ہوئے تو میں نے حضرت عمرؓ سے کہا: ابا! بخدا میرے دل میں آیا تھا کہ وہ کھجور ہے، تو انہوں نے کہا: تمہیں (یہ بات) کہنے سے کس نے روکا؟ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: مجھے صرف اسی بات نے روکا کہ میں نے آپؓ کو (اور حضرت ابوبکرؓ کو) بات کرتے نہیں دیکھا اس لئے میں نے برا جانا کہ میں بولوں یا کچھ کہوں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اگر تم نے کہہ دیا ہوتا تو یہ مجھے ایسی ایسی بات سے زیادہ پسند تھا۔
صحیح بخاری 4701
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ اس روایت کو نبی ﷺ تک پہنچاتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جب اللہ آسمان میں کسی امر کا فیصلہ کرتا ہے تو فرشتے اس کی بات سن کر عاجزی سے اپنے پروں کو پھڑپھڑاتے ہیں جس کی ایسی آواز ہوتی ہے جیسے زنجیر کو پتھر پر مارنے سے۔ علی (بن عبداللہ) کہتے تھے: سفیان کے علاوہ بعض نے کہا: اللہ اس (امر) کو اُن تک پہنچا دیتا ہے۔ جب ان کے دلوں سے گھبراہٹ دور کردی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں: تمہارے ربّ نے کیا کہا ہے؟ وہ کہتے ہیں: اس ذات کی قسم ہے جس نے حق کہا ہے۔ اور وہ بلند شان اور بڑے اختیارات والا ہے۔ تب چوری سے سننے والے سن لیتے ہیں اور چوری سے سننے والے اس طرح ایک دوسرے کے اُوپر ہوتے ہیں۔ اور سفیان نے اپنے ہاتھ کے اشارہ سے اسے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے دائیں ہاتھ کی انگلیوں کو اس طرح کھولا کہ ایک دوسرے کے اوپر تھی۔ کبھی تو سننے والے کے اپنے ساتھی کو پہنچانے سے پہلے شہاب اسے پکڑ لیتا ہے اور اسے جلا دیتا ہے۔ اور کبھی وہ اسے نہیں پکڑتا یہاں تک کہ وہ اسے اپنے سے نیچے والے ساتھی کو پہنچا دیتا ہے اور وہ اسے زمین تک پہنچا دیتا ہے۔ اور ایک مرتبہ سفیان نے کہا: یہاں تک کہ وہ زمین تک پہنچ جاتی ہے اور دھوکہ دینے والے کے منہ پر آجاتی ہے تو وہ سو جھوٹ اس کے ساتھ ملا کر بولتا ہے پھر اس کی تصدیق ہوتی ہے تو وہ کہتے ہیں: کیا اس نے ہمیں فلاں فلاں دن نہیں بتایا تھا کہ ایسا ایسا ہو گا؟ تو ہم اسے اس بات کی وجہ سے جو آسمان سے سنی گئی تھی سچا سمجھ لیتے ہیں۔ علی بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ سفیان نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو نے ہمیں یہی بتلایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ جب اللہ کسی امر کا فیصلہ کرتا ہے۔ اور انہوں نے (اس روایت میں یہ لفظ) زائد بیان کیا ہے یعنی اور کاہن…۔ اور سفیان نے ہم سے بیان کیا اور کہا: عمرو کہتے تھے: میں نے عکرمہ سے سنا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے ہمیں بتلایا، کہا: جب اللہ کسی بات کا فیصلہ کرتا ہے۔ اور کہا: دھوکہ دینے والے کے منہ پر۔ میں نے سفیان سے پوچھا: کیا آپ نے عمرو سے سنا ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے عکرمہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے سنا؟ انہوں نے کہا: جی ہاں۔ میں نے سفیان سے کہا کہ ایک آدمی نے آپ سے یوں روایت کی ہے کہ آپ نے عمرو سے، عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اور وہ اسے مرفوع بیان کرتے تھے کہ آنحضور ﷺ نے یوں پڑھا ہے کہ گھبراہٹ دور کردی گئی۔ سفیان نے کہا: عمرو نے اسی طرح پڑھا۔ اور میں نہیں جانتا کہ انہوں نے اسی طرح سنا تھا یا نہیں۔ سفیان نے کہا: اور یہی ہماری قرأت ہے۔
صحیح بخاری 4707
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہارون بن موسیٰ ابو عبداللہ اعور نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعیب (بن حبحاب) سے، شعیب نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) رسول اللہ ﷺ یہ دعا کیا کرتے تھے: میں تیری پناہ لیتا ہوں بخل سے، سستی سے، نکمی عمر سے، عذاب قبر سے، فتنہ دجال سے نیز زندگی اور موت کے فتنے سے۔
صحیح بخاری 4708
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق (عمرو بن عبداللہ سبیعی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عبدالرحمٰن بن یزید سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے (حضرت عبداللہ) ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ سورة بنی اسرائیل، سورة الکہف اور سورة مریم سے متعلق کہتے تھے کہ یہ پہلی عمدہ سورتوں میں سے ہیں اور یہ میری پرانی یاد کی ہوئی ہیں۔ آیت فَسَيُنْغِضُوْنَ۠ اِلَيْكَ رُءُوْسَهُمْؐ کے متعلق حضرت ابن عباسؓ نے کہا: (فَسَيُنْغِضُوْنَ۠ کے معنی ہیں) وہ (اپنا سر) ہلائیں گے۔ اور ان کے سوا دوسروں نے کہا: نَغَضَتْ سِنُّكَ یعنی تیرا دانت ہل گیا۔
صحیح بخاری 4724
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ یعقوب بن ابراہیم بن سعد نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: علی بن حسین نے مجھے بتایا کہ حضرت حسین بن علیؓ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے انہیں خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ ان کے اور حضرت فاطمہؓ کے پاس رات کو آئے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم دونوں نماز (تہجد) نہیں پڑھتے؟ رَجْمًا بِالْغَيْبِ کے معنی ہیں بات اچھی طرح نہ سمجھی اور یونہی بیان کر دی۔ فُرُطًا کے معنی ہیں ندامت، شرمندگی۔ سُرَادِقُهَا سے مراد یہ ہے کہ (آگ انہیں گھیرے ہوئے ہو گی) دیواروں اور کمرے کی طرح۔ یعنی (ایسی قناتیں) جو بڑے خیمے کے اردگرد ہوتی ہیں۔ يُحَاوِرُهٗٓ یعنی وہ اُس سے رُوبرو بات کر رہا تھا۔ یہ لفظ محاورہ سے ہے بمعنی گفتگو۔ لٰكِنَّاۡ هُوَ اللّٰهُ رَبِّيْ ـ لیکن میں تو یہ کہتا ہوں: حق تو یہ ہے کہ اللہ ہی میرا ربّ ہے۔ پھر الف کو حذف کر دیا اور اس کی ایک نون کو (لٰکن کی) دوسری نون میں مدغم کر دیا۔ وَفَجَّرْنَا خِلٰلَهُمَا نَهَرًاـ یعنی تم کہو اور اُن کے درمیان ہم نے ایک نہر جاری کی تھی۔ زَلَقًا وہ جگہ جس پر قدم نہ جم سکے۔ هُنَالِكَ الْوَلَايَةُ (میں الْوَلَايَةُ) وَلِیَ سے مصدر ہے۔ اَلْوَلِیُّ کے معنی ہیں حکومت و سرپرستی۔ عُقْبًا، عَاقِبَةً، عُقْبَی اور عُقْبَةً مفہومًا ایک ہی ہیں۔ (اس کے معنی ہیں انجام) اور یہ آخرت ہے۔ قِبَلًا، قُبُلًا اور قَبَلًا تینوں طرح ہی پڑھا گیا ہے۔ یعنی نئے سرے سے سامنے سے آتا ہوا۔ لِيُدْحِضُوْا کے معنی ہیں تا اس کو پھسلا دیں۔ الدَّحْضُ کے معنی ہیں پھسلنا یا پھسلانا۔