باب 1: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ

صحیح بخاری, حصہ 2

صحیح بخاری 4730

عمر بن حفص بن غیاث نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ (کہا:) اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ ابوصالح نے ہمیں بتایا کہ حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہﷺ نے فرمایا: (قیامت کے روز) موت ایک چتکبرے مینڈھے کی شکل میں لائی جائے گی۔ ایک پکارنے والا پکارے گا۔ اے جنت والو! وہ گردنیں اٹھائیں گے اور دیکھیں گے۔ پکارنے والا کہے گا: کیا تم اس کو پہچانتے ہو؟ وہ کہیں گے: ہاں یہ موت ہے اور ان میں سے ہر شخص اس کو دیکھ چکا ہو گا۔ پھر وہ پکارے گا: اے آگ والو! تو وہ بھی گردنیں اٹھائیں گے اور دیکھیں گے۔ وہ (اُن سے) کہے گا: کیا تم اسے پہچانتے ہو؟ وہ کہیں گے: ہاں یہ موت ہے اور اُن میں سے ہر شخص اُسے دیکھ چکا ہوگا۔ پھر وہ مینڈھا ذبح کردیا جائے گا۔ پھر (پکارنے والا) کہے گا: اے جنتیو! اب ہمیشہ کے لئے رہنا ہوگا کوئی موت نہ ہوگی اور اے آگ والو! ہمیشہ کے لئے رہنا ہوگا کوئی موت نہ ہوگی۔ پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: وَ اَنْذِرْهُمْ يَوْمَ… یعنی اور اُن کو حسرت کے دن سے خوف دلا۔ جب ہر بات کا فیصلہ کردیا جائے گا اور وہ غفلت میں ہوں گے۔ اور یہ جو غفلت میں ہوں گے وہ دنیا کے لوگ ہیں اور ایمان نہیں لاتے۔

حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ حَفْصِ بْنِ غِيَاثٍ حَدَّثَنَا أَبِي حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ حَدَّثَنَا أَبُو صَالِحٍ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " يُؤْتَى بِالْمَوْتِ كَهَيْئَةِ كَبْشٍ أَمْلَحَ فَيُنَادِي مُنَادٍ يَا أَهْلَ الْجَنَّةِ فَيَشْرَئِبُّونَ وَيَنْظُرُونَ فَيَقُولُ هَلْ تَعْرِفُونَ هَذَا فَيَقُولُونَ نَعَمْ هَذَا الْمَوْتُ وَكُلُّهُمْ قَدْ رَآهُ ثُمَّ يُنَادِي يَا أَهْلَ النَّارِ فَيَشْرَئِبُّونَ وَيَنْظُرُونَ فَيَقُولُ هَلْ تَعْرِفُونَ هَذَا فَيَقُولُونَ نَعَمْ هَذَا الْمَوْتُ وَكُلُّهُمْ قَدْ رَآهُ فَيُذْبَحُ ثُمَّ يَقُولُ يَا أَهْلَ الْجَنَّةِ خُلُودٌ فَلاَ مَوْتَ وَيَا أَهْلَ النَّارِ خُلُودٌ فَلاَ مَوْتَ ثُمَّ قَرَأَ {وَأَنْذِرْهُمْ يَوْمَ الْحَسْرَةِ إِذْ قُضِيَ الأَمْرُ وَهُمْ فِي غَفْلَةٍ} وَهَؤُلاَءِ فِي غَفْلَةٍ أَهْلُ الدُّنْيَا {وَهُمْ لاَ يُؤْمِنُونَ}"

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4736

صلت بن محمد نے ہمیں بتایا۔ مہدی بن میمون نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن سیرین نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: آدمؑ و موسیٰؑ آپس میں ملے۔ تو موسیٰؑ، آدمؑ سے کہنے لگے: آپ ہی وہ (آدم) ہیں جنہوں نے لوگوں کو مشقت میں ڈال دیا اور اُنہیں جنت سے نکالا۔ آدمؑ نے موسیٰؑ سے کہا: آپؑ ہی وہ (موسیٰؑ) ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنی رسالت کے لئے چنا اور اپنی ذات کے لئے مخصوص فرمایا اور آپؑ پر تورات نازل کی؟ موسیٰؑ نے کہا: ہاں۔ آدمؑ نے کہا: تو پھر آپ نے (تورات میں) یہ موجود پایا ہے کہ یہ بات (جو آپ نے مجھ سے کہی ہے) میرے لئے (ازل سے) مقدر ہو چکی تھی پیشتر اس کے کہ اللہ تعالیٰ مجھے پیدا کرتا۔ موسیٰؑ نے کہا: ہاں۔ چنانچہ آدمؑ نے موسیٰؑ کو اس دلیل سے لاجواب کر دیا۔ الْیَمّ کے معنی ہیں سمندر۔

حَدَّثَنَا الصَّلْتُ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا مَهْدِيُّ بْنُ مَيْمُونٍ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سِيرِينَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " الْتَقَى آدَمُ وَمُوسَى فَقَالَ مُوسَى لآدَمَ أَنْتَ الَّذِي أَشْقَيْتَ النَّاسَ وَأَخْرَجْتَهُمْ مِنَ الْجَنَّةِ قَالَ لَهُ آدَمُ أَنْتَ الَّذِي اصْطَفَاكَ اللَّهُ بِرِسَالَتِهِ وَاصْطَفَاكَ لِنَفْسِهِ وَأَنْزَلَ عَلَيْكَ التَّوْرَاةَ قَالَ نَعَمْ. قَالَ فَوَجَدْتَهَا كُتِبَ عَلَىَّ قَبْلَ أَنْ يَخْلُقَنِي قَالَ نَعَمْ. فَحَجَّ آدَمُ مُوسَى ". الْيَمُّ الْبَحْرُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4741

عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) اعمش نے ہم سے بیان کہ ابوصالح نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت کی کہ اُنہوں نے کہا: نبی کریمﷺ نے فرمایا: اللہ عزوجل قیامت کے دن فرمائے گا: اے آدم ! وہ کہیں گے تیرے حضور حاضر ہوں اے ہمارے ربّ ! اور تیری خدمت میں ہوں۔ بلند آواز سے پکار کر آدم سے کہا جائے گا کہ اللہ تجھے حکم دیتا ہے کہ تو اپنی ذریت سے آگ میں جھونکنے کے لئے ایک گروہ نکال۔ آدم کہیں گے: میرے ربّ ! آگ میں جھونکنے کے لئے گروہ کتنا ہو۔ فرمایا: ہر ہزار آدمیوں میں سے مَیں سمجھتا ہوں (حضرت ابو سعیدؓ نے) کہا: نو سو ننانوے۔ تو اس وقت حالت یہ ہوگی کہ حاملہ اپنا حمل گرادے گی اور بچہ بوڑھا ہو جائے گا اور تو لوگوں کو مدہوش دیکھے گا وہ مدہوش نہیں ہوں گے لیکن اللہ کا عذاب نہایت سخت ہو گا۔ یہ بات سن کر لوگوں پر شاق گزرا یہاں تک کہ ان کے چہرے متغیر ہوگئے۔ نبیﷺ نے فرمایا کہ یاجوج ماجوج میں سے نو سو ننانوے ہوں گے اور تم میں سے ایک۔ اور لوگوں میں تمہاری نسبت اتنی ہوگی جتنی کہ سفید بیل میں سیاہ بال ہوتا ہے یا فرمایا: سیاہ بیل میں سفید بال اور میں امید رکھتا ہوں کہ جنتیوں میں تم چوتھائی حصہ ہوگے۔ ہم نے یہ سن کر اللہ اکبر کہا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جنتیوں کا ایک تہائی حصہ۔ پھر ہم نے اللہ اکبر کہا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جنتیوں کا نصف حصہ۔ پھر ہم نے اللہ اکبر کہا۔ ابواسامہ نے اعمش سے روایت کرتے ہوئے صرف اتنی ہی آیت پڑھی: تَرَى النَّاسَ سُكٰرٰى وَ مَا هُمْ بِسُكٰرٰى یعنی اور تو لوگوں کو مدہوش دیکھے گا بحالیکہ وہ مدہوش نہیں ہوں گے۔ اور کہا ہر ہزار میں نو سو ننانوے۔ اور جریر اور عیسیٰ بن یونس اور ابومعاویہ نے اس کو یوں نقل کیا ہے: سَكْرٰى وَ مَا هُمْ بِسُكْرٰى۔

حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ حَفْصٍ حَدَّثَنَا أَبِي حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ حَدَّثَنَا أَبُو صَالِحٍ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " يَقُولُ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ يَوْمَ الْقِيَامَةِ يَا آدَمُ. يَقُولُ لَبَّيْكَ رَبَّنَا وَسَعْدَيْكَ فَيُنَادَى بِصَوْتٍ إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُكَ أَنْ تُخْرِجَ مِنْ ذُرِّيَّتِكَ بَعْثًا إِلَى النَّارِ. قَالَ يَا رَبِّ وَمَا بَعْثُ النَّارِ قَالَ مِنْ كُلِّ أَلْفٍ ـ أُرَاهُ قَالَ ـ تِسْعَمِائَةٍ وَتِسْعَةً وَتِسْعِينَ فَحِينَئِذٍ تَضَعُ الْحَامِلُ حَمْلَهَا وَيَشِيبُ الْوَلِيدُ {وَتَرَى النَّاسَ سُكَارَى وَمَا هُمْ بِسُكَارَى وَلَكِنَّ عَذَابَ اللَّهِ شَدِيدٌ} ". فَشَقَّ ذَلِكَ عَلَى النَّاسِ حَتَّى تَغَيَّرَتْ وُجُوهُهُمْ فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " مِنْ يَأْجُوجَ وَمَأْجُوجَ تِسْعَمِائَةٍ وَتِسْعَةً وَتِسْعِينَ وَمِنْكُمْ وَاحِدٌ ثُمَّ أَنْتُمْ فِي النَّاسِ كَالشَّعْرَةِ السَّوْدَاءِ فِي جَنْبِ الثَّوْرِ الأَبْيَضِ أَوْ كَالشَّعْرَةِ الْبَيْضَاءِ فِي جَنْبِ الثَّوْرِ الأَسْوَدِ وَإِنِّي لأَرْجُو أَنْ تَكُونُوا رُبُعَ أَهْلِ الْجَنَّةِ ". فَكَبَّرْنَا ثُمَّ قَالَ " ثُلُثَ أَهْلِ الْجَنَّةِ ". فَكَبَّرْنَا ثُمَّ قَالَ " شَطْرَ أَهْلِ الْجَنَّةِ ". فَكَبَّرْنَا. قَالَ أَبُو أُسَامَةَ عَنِ الأَعْمَشِ {تَرَى النَّاسَ سُكَارَى وَمَا هُمْ بِسُكَارَى} وَقَالَ مِنْ كُلِّ أَلْفٍ تِسْعَمِائَةٍ وَتِسْعَةً وَتِسْعِينَ. وَقَالَ جَرِيرٌ وَعِيسَى بْنُ يُونُسَ وَأَبُو مُعَاوِيَةَ {سَكْرَى وَمَا هُمْ بِسَكْرَى}.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4745

اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن یوسف فریابی نے ہمیں بتایا، (کہا:) اوزاعی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: زُہری نے مجھے بتایا۔ حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت ہے کہ عویمرؓ (بن حارث بن زید بن حارثہ عجلانی) عاصمؓ بن عدی کے پاس آئے اور وہ بنو عجلان قبیلے کے سردار تھے اور اُنہوں نے (عاصمؓ سے) پوچھا: تم ایسے شخص کی نسبت کیا کہتے ہو جو اپنی بیوی کے ساتھ کسی غیر مرد کو پائے۔ کیا وہ اسے مار ڈالے؟ اور پھر تم لوگ اس مارنے والے کو بھی قتل کر دو گے یا وہ کیا کرے؟ رسول اللہ ﷺ سے اس بارے میں میرے لئے پوچھو۔ عاصمؓ نبیﷺ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! (پھر یہ واقعہ بتایا) تو رسول اللہ ﷺ نے اس قسم کے سوالات ناپسند فرمائے۔ پھر عویمرؓ نے عاصمؓ سے پوچھا تو اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ایسے سوالات ناپسند کئے ہیں اور ان کو معیوب سمجھا ہے عویمرؓ نے کہا: اللہ کی قسم میں رکوں گا نہیں جب تک رسول اللہ ﷺ سے اس بارے میں دریافت نہ کر لوں۔ چنانچہ عویمرؓ آئے اور انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ایک شخص اپنی بیوی کے ساتھ غیر مرد کو پائے تو کیا وہ اس مرد کو مار ڈالے، تو پھر آپ لوگ اس قاتل کو مار ڈالیں گے یا وہ کیا کرے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ نے تمہارے اور تمہاری بیوی کے لئے قرآن نازل فرمایا ہے اور رسول اللہ ﷺ نے ان دونوں کو لعان (لعنت کی بددعا) کرنے کا وہی حکم دیا جو اللہ نے اپنی کتاب میں بتایا ہے۔ عویمرؓ نے اپنی بیوی سے لعان کیا۔ پھر کہنے لگے: یا رسول اللہ! اگر میں اسے روکے رکھوں تو میں اس پر ظلم کروں گا۔ اس لئے انہوں نے اس کو طلاق دے دی۔ پھر ان دونوں (کے واقعہ) کے بعد جو بھی لعان کرنے والے ہوئے ان کے لئے یہی طریقہ ٹھہر گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دیکھتے رہو اگر وہ عورت ایسا بچہ جنے جو سانولے رنگ کا، سیاہ آنکھوں والا، بڑے سرین والا، موٹی پنڈلیوں والا ہو تو میں عویمرؓ کی نسبت یہی سمجھوں گا کہ اس نے اس عورت کی نسبت سچ ہی کہا ہے۔ لیکن اگر وہ ایسا بچہ جنے جو گہرے سرخ رنگ کا ہو جیسے چھوٹا گرگٹ ہوتا ہے تو میں عویمرؓ کی نسبت یہ سمجھوں گا کہ اس نے اس عورت کے خلاف جھوٹ بولا ہے۔ چنانچہ اس عورت نے ایسے حلیہ کے مطابق بچہ جنا جیسا رسول اللہ ﷺ نے عویمرؓ کو سچا سمجھنے کے لئے بیان فرمایا تھا۔ اس کے بعد وہ بچہ اپنی ماں ہی کی طرف منسوب ہوتا تھا۔

حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا الأَوْزَاعِيُّ قَالَ حَدَّثَنِي الزُّهْرِيُّ عَنْ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ أَنَّ عُوَيْمِرًا أَتَى عَاصِمَ بْنَ عَدِيٍّ وَكَانَ سَيِّدَ بَنِي عَجْلاَنَ فَقَالَ كَيْفَ تَقُولُونَ فِي رَجُلٍ وَجَدَ مَعَ امْرَأَتِهِ رَجُلاً أَيَقْتُلُهُ فَتَقْتُلُونَهُ أَمْ كَيْفَ يَصْنَعُ سَلْ لِي رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَنْ ذَلِكَ فَأَتَى عَاصِمٌ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ فَكَرِهَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم الْمَسَائِلَ فَسَأَلَهُ عُوَيْمِرٌ فَقَالَ إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كَرِهَ الْمَسَائِلَ وَعَابَهَا قَالَ عُوَيْمِرٌ وَاللَّهِ لاَ أَنْتَهِي حَتَّى أَسْأَلَ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَنْ ذَلِكَ فَجَاءَ عُوَيْمِرٌ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ رَجُلٌ وَجَدَ مَعَ امْرَأَتِهِ رَجُلاً أَيَقْتُلُهُ فَتَقْتُلُونَهُ أَمْ كَيْفَ يَصْنَعُ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " قَدْ أَنْزَلَ اللَّهُ الْقُرْآنَ فِيكَ وَفِي صَاحِبَتِكَ ". فَأَمَرَهُمَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بِالْمُلاَعَنَةِ بِمَا سَمَّى اللَّهُ فِي كِتَابِهِ فَلاَعَنَهَا ثُمَّ قَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنْ حَبَسْتُهَا فَقَدْ ظَلَمْتُهَا فَطَلَّقَهَا فَكَانَتْ سُنَّةً لِمَنْ كَانَ بَعْدَهُمَا فِي الْمُتَلاَعِنَيْنِ ثُمَّ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " انْظُرُوا فَإِنْ جَاءَتْ بِهِ أَسْحَمَ أَدْعَجَ الْعَيْنَيْنِ عَظِيمَ الأَلْيَتَيْنِ خَدَلَّجَ السَّاقَيْنِ فَلاَ أَحْسِبُ عُوَيْمِرًا إِلاَّ قَدْ صَدَقَ عَلَيْهَا وَإِنْ جَاءَتْ بِهِ أُحَيْمِرَ كَأَنَّهُ وَحَرَةٌ فَلاَ أَحْسِبُ عُوَيْمِرًا إِلاَّ قَدْ كَذَبَ عَلَيْهَا ". فَجَاءَتْ بِهِ عَلَى النَّعْتِ الَّذِي نَعَتَ بِهِ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مِنْ تَصْدِيقِ عُوَيْمِرٍ فَكَانَ بَعْدُ يُنْسَبُ إِلَى أُمِّهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4760

عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا۔ یونس بن محمد بغدادی نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی، (قتادہ نے کہا:) حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا کہ ایک شخص نے کہا: یا نبی اللہ! کیا روز قیامت کافر اپنے منہ کے بل لے جایا جائے گا؟ آپؐ نے فرمایا: کیا وہ جس نے اس کو دنیا میں ٹانگوں پر چلایا ہے قادر نہیں ہے کہ قیامت کے روز اسے منہ کے بل چلائے۔ قتادہ نے کہا: کیوں نہیں ضرور (وہ قادر ہے) ہمارے رب کی عزت کی قسم۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا يُونُسُ بْنُ مُحَمَّدٍ الْبَغْدَادِيُّ حَدَّثَنَا شَيْبَانُ عَنْ قَتَادَةَ حَدَّثَنَا أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ ـ رضى الله عنه ـ. أَنَّ رَجُلاً قَالَ يَا نَبِيَّ اللَّهِ يُحْشَرُ الْكَافِرُ عَلَى وَجْهِهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ قَالَ " أَلَيْسَ الَّذِي أَمْشَاهُ عَلَى الرِّجْلَيْنِ فِي الدُّنْيَا قَادِرًا عَلَى أَنْ يُمْشِيَهُ عَلَى وَجْهِهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ". قَالَ قَتَادَةُ بَلَى وَعِزَّةِ رَبِّنَا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4768

اور ابراہیم بن طہمان نے ابن ابی ذئب سے کہا۔ انہوں نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا کہ) آپؐ نے فرمایا: ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام نے قیامت کے روز اپنے باپ کو دیکھا کہ وہ گرد آلود ہے اور سیاہی چھائی ہوئی ہے۔ غَبَرَة ہی قَتَرَة کو کہتے ہیں (جس کے معنی سیاہی ہیں۔)

وَقَالَ إِبْرَاهِيمُ بْنُ طَهْمَانَ عَنِ ابْنِ أَبِي ذِئْبٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ أَبِي سَعِيدٍ الْمَقْبُرِيِّ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " إِنَّ إِبْرَاهِيمَ ـ عَلَيْهِ الصَّلاَةُ وَالسَّلاَمُ ـ رَأَى أَبَاهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ عَلَيْهِ الْغَبَرَةُ وَالْقَتَرَةُ ". الْغَبَرَةُ هِيَ الْقَتَرَةُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4769

اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی (عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ذئب سے، انہوں نے سعید مقبری سے، سعید مقبری نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ابراہیم علیہ السلام اپنے باپ سے ملیں گے پھر کہیں گے: اے میرے رب ! تو نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ تو مجھے اس روز رسوا نہیں کرے گا جب لوگ زندہ اٹھائے جائیں گے۔ اللہ فرمائے گا: میں نے جنت کافروں پر حرام کردی ہے۔

حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ حَدَّثَنَا أَخِي عَنِ ابْنِ أَبِي ذِئْبٍ عَنْ سَعِيدٍ الْمَقْبُرِيِّ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " يَلْقَى إِبْرَاهِيمُ أَبَاهُ فَيَقُولُ يَا رَبِّ إِنَّكَ وَعَدْتَنِي أَنْ لاَ تُخْزِنِي يَوْمَ يُبْعَثُونَ فَيَقُولُ اللَّهُ إِنِّي حَرَّمْتُ الْجَنَّةَ عَلَى الْكَافِرِينَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4772

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب ابوطالب کے فوت ہونے کا وقت آیا تو رسول اللہﷺ ان کے پاس آئے اور آپؐ نے ان کے پاس ابوجہل اور عبداللہ بن ابوامیہ بن مغیرہ کو پایا۔ آپؐ نے فرمایا: چچا! لَا الٰہَ اِلَّا اللہ کہیں۔ یہ ایک ایسا کلمہ ہے کہ میں اس کے ذریعے سے آپ کے لئے اللہ کے ہاں تقاضا کروں گا۔ ابوجہل اور عبداللہ بن ابو امیہ نے کہا: کیا آپ عبدالمطلب کے دین سے روگردانی کریں گے؟ رسول اللہﷺ یہ کلمہ ان کے سامنے پیش کرتے رہے اور وہ دونوں اپنی وہ بات بار بار دہراتے رہے یہاں تک کہ ابوطالب نے آخری بات جو اُن سے کہی وہ یہ تھی کہ عبدالمطلب کے مذہب پر ہی۔ اور انہوں نے لَا الٰہَ اِلَّا اللہ کہنے سے انکار کیا۔ حضرت مسیّبؓ کہتے تھے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: (اللہ کی قسم!) میں اس وقت تک آپ کے لئے ضرور استغفار کرتا رہوں گا جب تک کہ آپ کی نسبت میں روک نہ دیا جاؤں۔ پھر اللہ نے یہ وحی نازل کی: مَا كَانَ لِلنَّبِيِّ… یعنی نبی اور ان لوگوں کے جو ایمان لائے ہیں شایاں نہیں کہ مشرکوں کے لئے دعائے مغفرت کریں (یعنی ان کا معاملہ اللہ کے حوالے کیا جائے۔) اور ابوطالب کی نسبت اللہ نے یہ آیت نازل کی اور رسول اللہﷺ سے فرمایا: تو جس کو پسند کرے ہدایت نہیں دے سکتا لیکن اللہ جسے چاہے ہدایت دیتا ہے۔ حضرت ابن عباسؓ نے فرمایا: اُولِي الْقُوَّةِ سے یہ مراد ہے کہ آدمیوں کی کوئی مضبوط ٹولی ان چابیوں کو نہیں اٹھا سکتی تھی۔ لَتَنُوْٓاُ سے مراد ہے کہ یقیناً وہ بوجھل ہوتیں۔ فٰرِغًا یعنی موسیٰ کی یاد کے سوا (ان کی ماں کا دل) ہر خیال سے خالی ہوگیا تھا۔ الْفَرِحِيْنَ کے معنی ہیں خوش و خرم، اتراتے ہوئے۔ قُصِّيْهِ سے مراد ہے اس کے پیچھے پیچھے چلی جا۔ ہو سکتا ہے کہ لفظ قَصَّ کلام کرنے کے معنوں میں بھی ہو۔ جیسے فرمایا: نَحْنُ نَقُصُّ عَلَيْكَ یعنی ہم تجھ سے بیان کرتے ہیں۔ عَنْ جُنُبٍ سے مراد ہے دور سے۔ عَنْ جَنَابَةٍ کے بھی یہی معنی ہیں۔ اور اسی طرح عَنِ اجْتِنَابٍ بھی انہی معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ یعنی بچ کر دور رہتے ہوئے۔ يَبْطِشُ وَيَبْطُشُ (قراءت میں) دونوں طرح پڑھا جاتا ہے۔ (یعنی وہ سختی سے پکڑتا ہے۔) يَاْتَمِرُوْنَ کے معنی ہیں وہ مشورہ کر رہے ہیں۔ الْعُدْوَانُ، الْعَدَاءُ اور التَّعَدِّي ایک ہی معنوں میں ہیں (یعنی حد سے بڑھنا۔) اٰنَسَ یعنی اس نے دیکھا، محسوس کیا۔ الْجِذْوَةُ کے معنی ہیں جلتی لکڑی کا موٹا ٹکڑا جس میں آگ تو ہو لیکن اس سے شعلہ نہ نکلے۔ اور الشِّهَابُ وہ ہے جس میں شعلہ ہو۔ اور سانپ کئی قسم کے ہوتے ہیں، (ان میں سے ایک قسم الْجَانُّ کہلاتی ہے) یعنی پتلا باریک سانپ۔ اور (دوسری قسم الْأَفَاعِي یعنی) اژدہا، اور (تیسری قسم الْأَسَاوِدُ یعنی) کالے ناگ۔ رِدْءًا کے معنی ہیں مددگار۔ حضرت ابن عباسؓ نے يُصَدِّقُنِي (قاف کی پیش سے) پڑھا ہے یعنی وہ میری تصدیق کرتا ہے۔ اور حضرت ابن عباسؓ کے سوا اوروں نے کہا: سَنَشُدُّ کے معنی ہیں ہم تمہاری مدد کریں گے۔ جب کبھی تم نے کسی کو مضبوط کیا تو (عربی محاورہ کے مطابق) گویا تم نے اس کا ایک بازو زیادہ کر دیا۔ مَقْبُوحِيْنَ کے معنی ہیں ہلاک شدہ۔ وَصَّلْنَا سے مراد ہے ہم نے کھول کر بیان کیا اور اسے پورا کیا۔ يُجْبٰى کے معنی ہیں کھینچ کر لائے جاتے ہیں۔ بَطِرَتْ یعنی وہ متکبر ہو گئی۔ فِیۡۤ اُمِّہَا رَسُوۡلًا میں أُمّ سے مراد ہے أُمّ الْقُرٰی (یعنی مکہ) اور جو اس کے ارد گرد آباد ہے۔ تُكِنُّ کے معنی ہیں وہ چھپاتی ہے۔ أَكْنَنْتُ الشَّيْءَ یعنی میں نے اسے چھپا لیا۔ اوركَنَنْتُهُ کے معنی بھی یہی ہیں۔ اور کبھی (اس کے معنی) أَظْهَرْتُهُ بھی ہوتے ہیں (یعنی میں نے اس کو ظاہر کر دیا۔) وَيْكَاَنَّ اللّٰهَ کا فقرہ اَلَمْ تَرَ اَنَّ اللّٰهَ کی طرح ہے یعنی کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالیٰ ہی ہے۔ يَبْسُطُ الرِّزْقَ لِمَنْ يَّشَآءُ وَ يَقْدِرُ کے معنی ہیں جس کے لیے چاہتا ہے رزق کی کشائش کرتا ہے۔ اور جس کے لیے چاہتا ہے تنگی کرتا ہے۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي سَعِيدُ بْنُ الْمُسَيَّبِ عَنْ أَبِيهِ قَالَ لَمَّا حَضَرَتْ أَبَا طَالِبٍ الْوَفَاةُ جَاءَهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَوَجَدَ عِنْدَهِ أَبَا جَهْلٍ وَعَبْدَ اللَّهِ بْنَ أَبِي أُمَيَّةَ بْنِ الْمُغِيرَةِ فَقَالَ " أَىْ عَمِّ قُلْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ كَلِمَةً أُحَاجُّ لَكَ بِهَا عِنْدَ اللَّهِ ". فَقَالَ أَبُو جَهْلٍ وَعَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي أُمَيَّةَ أَتَرْغَبُ عَنْ مِلَّةِ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ فَلَمْ يَزَلْ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَعْرِضُهَا عَلَيْهِ وَيُعِيدَانِهِ بِتِلْكَ الْمَقَالَةِ حَتَّى قَالَ أَبُو طَالِبٍ آخِرَ مَا كَلَّمَهُمْ عَلَى مِلَّةِ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ وَأَبَى أَنْ يَقُولُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ. قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " وَاللَّهِ لأَسْتَغْفِرَنَّ لَكَ مَا لَمْ أُنْهَ عَنْكَ ". فَأَنْزَلَ اللَّهُ {مَا كَانَ لِلنَّبِيِّ وَالَّذِينَ آمَنُوا أَنْ يَسْتَغْفِرُوا لِلْمُشْرِكِينَ} وَأَنْزَلَ اللَّهُ فِي أَبِي طَالِبٍ فَقَالَ لِرَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم {إِنَّكَ لاَ تَهْدِي مَنْ أَحْبَبْتَ وَلَكِنَّ اللَّهَ يَهْدِي مَنْ يَشَاءُ}. قَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ {أُولِي الْقُوَّةِ} لاَ يَرْفَعُهَا الْعُصْبَةُ مِنَ الرِّجَالِ. لَتَنُوءُ لَتُثْقِلُ. فَارِغًا إِلاَّ مِنْ ذِكْرِ مُوسَى. الْفَرِحِينَ الْمَرِحِينَ. قُصِّيهِ اتَّبِعِي أَثَرَهُ وَقَدْ يَكُونُ أَنْ يَقُصَّ الْكَلاَمَ {نَحْنُ نَقُصُّ عَلَيْكَ}. {عَنْ جُنُبٍ} عَنْ بُعْدٍ عَنْ جَنَابَةٍ وَاحِدٌ وَعَنِ اجْتِنَابٍ أَيْضًا يَبْطِشُ وَيَبْطُشُ. يَأْتَمِرُونَ يَتَشَاوَرُونَ. الْعُدْوَانُ وَالْعَدَاءُ وَالتَّعَدِّي وَاحِدٌ. آنَسَ أَبْصَرَ. الْجِذْوَةُ قِطْعَةٌ غَلِيظَةٌ مِنَ الْخَشَبِ لَيْسَ فِيهَا لَهَبٌ وَالشِّهَابُ فِيهِ لَهَبٌ. وَالْحَيَّاتُ أَجْنَاسٌ الْجَانُّ وَالأَفَاعِي وَالأَسَاوِدُ. رِدْءًا مُعِينًا. قَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ يُصَدِّقُنِي وَقَالَ غَيْرُهُ سَنَشُدُّ سَنُعِينُكَ كُلَّمَا عَزَّزْتَ شَيْئًا فَقَدْ جَعَلْتَ لَهُ عَضُدًا. مَقْبُوحِينَ مُهْلَكِينَ. وَصَّلْنَا بَيَّنَّاهُ وَأَتْمَمْنَاهُ. يُجْبَى يُجْلَبُ .بَطِرَتْ أَشِرَتْ. فِي أُمِّهَا رَسُولاً أُمُّ الْقُرَى مَكَّةُ وَمَا حَوْلَهَا. تُكِنُّ تُخْفِي. أَكْنَنْتُ الشَّىْءَ أَخْفَيْتُهُ وَكَنَنْتُهُ أَخْفَيْتُهُ وَأَظْهَرْتُهُ. {وَيْكَأَنَّ اللَّهَ} مِثْلُ أَلَمْ تَرَ أَنَّ اللَّهَ {يَبْسُطُ الرِّزْقَ لِمَنْ يَشَاءُ وَيَقْدِرُ} يُوَسِّعُ عَلَيْهِ وَيُضَيِّقُ عَلَيْهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4776

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، انہوں نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب آیت اَلَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَلَمۡ یَلۡبِسُوۡۤا اِیۡمَانَہُمۡ بِظُلۡمٍ نازل ہوئی یعنی وہ لوگ جو ایمان لائے اور انہوں نے اپنے ایمان کی ظلم سے آمیزش نہیں کی، تو رسول اللہ ﷺ کے صحابہ پر شاق گزرا اور وہ کہنے لگے: ہم میں سے کون ہے جس نے اپنے ایمان کو ظلم سے آمیختہ نہیں کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس سے یہ مراد نہیں ہے۔ کیا تم لقمان کی بات نہیں سنتے جو انہوں نے اپنے بیٹے سے کہی۔ یعنی شرک ہی بہت بڑا ظلم ہے۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا جَرِيرٌ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ إِبْرَاهِيمَ عَنْ عَلْقَمَةَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ لَمَّا نَزَلَتْ هَذِهِ الآيَةُ {الَّذِينَ آمَنُوا وَلَمْ يَلْبِسُوا إِيمَانَهُمْ بِظُلْمٍ} شَقَّ ذَلِكَ عَلَى أَصْحَابِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَقَالُوا أَيُّنَا لَمْ يَلْبِسْ إِيمَانَهُ بِظُلْمٍ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " إِنَّهُ لَيْسَ بِذَاكَ أَلاَ تَسْمَعُ إِلَى قَوْلِ لُقْمَانَ لاِبْنِهِ {إِنَّ الشِّرْكَ لَظُلْمٌ عَظِيمٌ}"

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4779

علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے: میں نے اپنے نیک بندوں کے لئے وہ کچھ تیار کر رکھا ہے جو نہ کسی آنکھ نے دیکھا اور نہ کسی کان نے سنا اور نہ کبھی انسان کے دل پر اس کا خیال گزرا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھ لو: فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ … یعنی کوئی نفس نہیں جانتا کہ ان کے لئے آنکھوں کی ٹھنڈک کا کیا کیا سامان پوشیدہ رکھا گیا ہے۔ اور علی (بن عبد اللہ) نے ہمیں بتایا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ابولزناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے… وہی جو اوپر بیان کیا گیا ہے۔ سفیان سے پوچھا گیا: (آپ نے یہ حدیث آنحضرت ﷺ سے) روایت کی ہے؟ تو انہوں نے کہا: یہ نہیں تو پھر اور کہاں سے؟ ابومعاویہ نے اعمش سے روایت کرتے ہوئے کہا: اعمش نے ابوصالح سے نقل کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے یہ آیت یوں پڑھی:قُرَّاتِ أَعْيُنٍ۔

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ أَبِي الزِّنَادِ عَنِ الأَعْرَجِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " قَالَ اللَّهُ تَبَارَكَ وَتَعَالَى أَعْدَدْتُ لِعِبَادِي الصَّالِحِينَ مَا لاَ عَيْنٌ رَأَتْ وَلاَ أُذُنٌ سَمِعَتْ وَلاَ خَطَرَ عَلَى قَلْبِ بَشَرٍ ". قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ اقْرَءُوا إِنْ شِئْتُمْ {فَلاَ تَعْلَمُ نَفْسٌ مَا أُخْفِيَ لَهُمْ مِنْ قُرَّةِ أَعْيُنٍ}. وَحَدَّثَنَا سُفْيَانُ حَدَّثَنَا أَبُو الزِّنَادِ عَنِ الأَعْرَجِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ اللَّهُ مِثْلَهُ. قِيلَ لِسُفْيَانَ رِوَايَةً. قَالَ فَأَىُّ شَىْءٍ قَالَ أَبُو مُعَاوِيَةَ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ أَبِي صَالِحٍ قَرَأَ أَبُو هُرَيْرَةَ قُرَّاتِ أَعْيُنٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4780

اسحاق بن نصر نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اعمش سے روایت ہے کہ (انہوں نے کہا:) ابو صالح نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: میں نے اپنے نیک بندوں کے لئے وہ کچھ تیار کر رکھا ہے جو نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے، نہ کسی کان نے سنا ہے، نہ کسی انسان کے دل پہ اس کا خیال گزرا ہے۔ وہ نعمتیں ایسا ذخیرہ ہیں کہ ان کے مقابل پر جو نعمتیں تمہیں معلوم ہیں ان کا کیا ذکر۔ پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی: فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ… کوئی نفس نہیں جانتا کہ ان کے لئے آنکھوں کی ٹھنڈک کا کیا کیا سامان پوشیدہ رکھا گیا ہے جو ان اعمال کا بدلہ ہو گا جو وہ (دنیا میں) کرتے تھے۔

حَدَّثَنِي إِسْحَاقُ بْنُ نَصْرٍ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ عَنِ الأَعْمَشِ حَدَّثَنَا أَبُو صَالِحٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " يَقُولُ اللَّهُ تَعَالَى أَعْدَدْتُ لِعِبَادِي الصَّالِحِينَ مَا لاَ عَيْنٌ رَأَتْ وَلاَ أُذُنٌ سَمِعَتْ وَلاَ خَطَرَ عَلَى قَلْبِ بَشَرٍ ذُخْرًا بَلْهَ مَا أُطْلِعْتُمْ عَلَيْهِ ". ثُمَّ قَرَأَ {فَلاَ تَعْلَمُ نَفْسٌ مَا أُخْفِيَ لَهُمْ مِنْ قُرَّةِ أَعْيُنٍ جَزَاءً بِمَا كَانُوا يَعْمَلُونَ}

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4781

ابراہیم بن منذر نے مجھے بتایا کہ محمد بن فلیح نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) میرے باپ (فلیح بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہلال بن علی سے، ہلال نے عبدالرحمٰن بن ابی عمرہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے نبی ﷺ سے، آپؐ نے فرمایا: کوئی بھی ایسا مومن نہیں مگر میں دنیا و آخرت میں اس کے ساتھ تمام لوگوں سے بڑھ کر تعلق رکھنے والا ہوں۔ اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھ لو۔ اَلنَّبِيُّ اَوْلٰى … یعنی نبی مومنوں سے زیادہ قریب ہے بنسبت ان کی اپنی جانوں کے۔ اور مومن جو جائیداد بھی چھوڑ جائے تو اس کے خاندان کے لوگ اس کے وارث ہوں گے جو بھی وہ ہوں ؛ اور اگر وہ قرضہ یا کسمپرس بال بچے چھوڑ جائے تو وہ میرے پاس آئیں میں ان کا سرپرست ہوں گا۔

حَدَّثَنِي إِبْرَاهِيمُ بْنُ الْمُنْذِرِ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ فُلَيْحٍ حَدَّثَنَا أَبِي عَنْ هِلاَلِ بْنِ عَلِيٍّ عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ أَبِي عَمْرَةَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " مَا مِنْ مُؤْمِنٍ إِلاَّ وَأَنَا أَوْلَى النَّاسِ بِهِ فِي الدُّنْيَا وَالآخِرَةِ اقْرَءُوا إِنْ شِئْتُمْ {النَّبِيُّ أَوْلَى بِالْمُؤْمِنِينَ مِنْ أَنْفُسِهِمْ} فَأَيُّمَا مُؤْمِنٍ تَرَكَ مَالاً فَلْيَرِثْهُ عَصَبَتُهُ مَنْ كَانُوا فَإِنْ تَرَكَ دَيْنًا أَوْ ضِيَاعًا فَلْيَأْتِنِي وَأَنَا مَوْلاَهُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4800

(عبیداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) نے ہم سے بیان کیا۔ وہ کہتے تھے: میں نے عکرمہ کو کہتے سنا۔ میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبیﷺ نے فرمایا: جب اللہ آسمان میں کسی بات کا فیصلہ کرتا ہے تو ملائکہ اس فیصلے سے مرعوب ہونے کی وجہ سے کانپتے ہیں۔ (یعنی ان پر کپکپی طاری ہوتی ہے) اور یہ کیفیت ہوتی ہے جیسے زنجیر کو صاف چٹان پر مارنے سے آواز پیدا ہوتی ہے۔ جب ان کے دلوں سے گھبراہٹ دور کر دی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں: تمہارے ربّ نے کیا کہا ہے؟ جس سے پوچھتے ہیں وہ کہتا ہے حق بات ہی فرمائی ہے اور وہ بہت بلند مرتبہ اور عالیشان ذات ہے، تب چوری سے سننے والا بات سن لیتا ہے۔ اور چوری سے سننے والے اس طرح ایک دوسرے کے اوپر ہوتے ہیں۔ اور سفیان نے اپنے ہاتھ کے اشارہ سے (اسے) بیان کیا۔ انہوں نے اپنے ہاتھ کی انگلیوں کو اس طرح کھولا کہ ایک دوسرے کے اوپر تھی۔ پھر وہ کوئی ایک کلمہ سن لیتا ہے اور وہ اسے اپنے سے نیچے والے ساتھی کو پہنچا دیتا ہے۔ پھر وہ دوسرا اُسے اپنے نیچے والے کو پہنچا دیتا ہے یہاں تک کہ وہ ساحر یا کاہن کی زبان پر آ جاتا ہے۔ کبھی تو شہاب اسے پہنچانے سے پہلے پکڑ لیتا ہے اور کبھی وہ پکڑے جانے سے پہلے پہنچا لیتا ہے۔ تو وہ (کاہن) سو جھوٹ اس کے ساتھ ملا کر بولتا ہے۔ (پھر اگر اُس کی تصدیق ہوتی ہے) تو کہا جاتا ہے: کیا اس نے ہمیں فلاں فلاں دن ایسا ایسا نہیں کہا تھا۔ پس اُس کلمہ کی وجہ سے جو اُس نے آسمان سے سنا تھا، اُس کی تصدیق ہوتی ہے۔

حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ حَدَّثَنَا عَمْرٌو قَالَ سَمِعْتُ عِكْرِمَةَ يَقُولُ سَمِعْتُ أَبَا هُرَيْرَةَ يَقُولُ إِنَّ نَبِيَّ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " إِذَا قَضَى اللَّهُ الأَمْرَ فِي السَّمَاءِ ضَرَبَتِ الْمَلاَئِكَةُ بِأَجْنِحَتِهَا خُضْعَانًا لِقَوْلِهِ كَأَنَّهُ سِلْسِلَةٌ عَلَى صَفْوَانٍ فَإِذَا فُزِّعَ عَنْ قُلُوبِهِمْ قَالُوا مَاذَا قَالَ رَبُّكُمْ قَالُوا لِلَّذِي قَالَ الْحَقَّ وَهُوَ الْعَلِيُّ الْكَبِيرُ فَيَسْمَعُهَا مُسْتَرِقُ السَّمْعِ وَمُسْتَرِقُ السَّمْعِ هَكَذَا بَعْضُهُ فَوْقَ بَعْضٍ ـ وَوَصَفَ سُفْيَانُ بِكَفِّهِ فَحَرَفَهَا وَبَدَّدَ بَيْنَ أَصَابِعِهِ ـ فَيَسْمَعُ الْكَلِمَةَ فَيُلْقِيهَا إِلَى مَنْ تَحْتَهُ ثُمَّ يُلْقِيهَا الآخَرُ إِلَى مَنْ تَحْتَهُ حَتَّى يُلْقِيَهَا عَلَى لِسَانِ السَّاحِرِ أَوِ الْكَاهِنِ فَرُبَّمَا أَدْرَكَ الشِّهَابُ قَبْلَ أَنْ يُلْقِيَهَا وَرُبَّمَا أَلْقَاهَا قَبْلَ أَنْ يُدْرِكَهُ فَيَكْذِبُ مَعَهَا مِائَةَ كَذْبَةٍ فَيُقَالُ أَلَيْسَ قَدْ قَالَ لَنَا يَوْمَ كَذَا وَكَذَا كَذَا وَكَذَا فَيُصَدَّقُ بِتِلْكَ الْكَلِمَةِ الَّتِي سَمِعَ مِنَ السَّمَاءِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4802

ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابراہیم تیمی سے، تیمی نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں سورج ڈوبنے کے وقت مسجد میں نبی ﷺ کے ساتھ تھا۔ آپؐ نے فرمایا: ابوذرؓ ! کیا تم جانتے ہو کہ سورج کہاں غروب ہوتا ہے؟ میں نے کہا: اللہ اور اُس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ جاتا ہے، آخر جاکر عرش کے نیچے سجدہ کرتا ہے۔ یہی ہے جو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اور آفتاب اپنے جائے قرار کی طرف چلا جا رہا ہے۔ عزیز علیم (خالق) کی یہی تقدیر ہے۔

حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ عَنْ إِبْرَاهِيمَ التَّيْمِيِّ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي ذَرٍّ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ كُنْتُ مَعَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فِي الْمَسْجِدِ عِنْدَ غُرُوبِ الشَّمْسِ فَقَالَ " يَا أَبَا ذَرٍّ أَتَدْرِي أَيْنَ تَغْرُبُ الشَّمْسُ ". قُلْتُ اللَّهُ وَرَسُولُهُ أَعْلَمُ. قَالَ " فَإِنَّهَا تَذْهَبُ حَتَّى تَسْجُدَ تَحْتَ الْعَرْشِ فَذَلِكَ قَوْلُهُ تَعَالَى {وَالشَّمْسُ تَجْرِي لِمُسْتَقَرٍّ لَهَا ذَلِكَ تَقْدِيرُ الْعَزِيزِ الْعَلِيمِ}"

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4803

حمیدی نے ہمیں بتایا کہ وکیع نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابراہیم تیمی سے، تیمی نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوذرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے اللہ تعالیٰ کے قول وَالشَّمْسُ تَجْرِيْ لِمُسْتَقَرٍّ لَّهَا کی بابت پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کا جائے قرار عرش کے نیچے ہے۔

حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ حَدَّثَنَا وَكِيعٌ حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ عَنْ إِبْرَاهِيمَ التَّيْمِيِّ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي ذَرٍّ قَالَ سَأَلْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم عَنْ قَوْلِهِ تَعَالَى {وَالشَّمْسُ تَجْرِي لِمُسْتَقَرٍّ لَهَا} قَالَ " مُسْتَقَرُّهَا تَحْتَ الْعَرْشِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4804

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کسی کے لئے مناسب نہیں کہ (کہے کہ) وہ (یونس) بن متی سے بہتر ہے۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا جَرِيرٌ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ أَبِي وَائِلٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ رضى الله عنه قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " مَا يَنْبَغِي لأَحَدٍ أَنْ يَكُونَ خَيْرًا مِنِ ابْنِ مَتَّى ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4805

ابراہیم بن منذر (حزامی) نے مجھے بتایا کہ محمد بن فُلَیح نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ (فُلَیح بن سلیمان) نے مجھ سے بیان کیا کہ ہلال بن علی سے روایت ہے جو بنو عامر بن لؤی میں سے تھے۔ (انہوں نے کہا) کہ عطا بن یسار سے روایت ہے کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے (انہوں نے کہا:) کہ نبی ﷺ سے روایت ہے۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے یہ کہا کہ میں یونس بن متیٰ سے بہتر ہوں اُس نے یقیناً جھوٹ کہا۔

حَدَّثَنِي إِبْرَاهِيمُ بْنُ الْمُنْذِرِ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ فُلَيْحٍ قَالَ حَدَّثَنِي أَبِي عَنْ هِلاَلِ بْنِ عَلِيٍّ مِنْ بَنِي عَامِرِ بْنِ لُؤَىٍّ عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَسَارٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضى الله عنه عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " مَنْ قَالَ أَنَا خَيْرٌ مِنْ يُونُسَ بْنِ مَتَّى فَقَدْ كَذَبَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4806

محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عوام (بن حوشب) سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے مجاہدؒ سے اس سجدے کی نسبت پوچھا جو سورۂ صٓ میں ہے تو انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا گیا تھا تو انہوں نے فرمایا: اُولٰٓىِٕكَ الَّذِيْنَ… یہ وہ لوگ ہیں جن کو اللہ نے راہ راست پر چلایا۔ اس لئے انہی کے راستہ کی تُو بھی پیروی کر۔ اور حضرت ابن عباسؓ اس (آیت کی تلاوت) میں سجدہ کیا کرتے تھے۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنِ الْعَوَّامِ قَالَ سَأَلْتُ مُجَاهِدًا عَنِ السَّجْدَةِ فِي ص قَالَ سُئِلَ ابْنُ عَبَّاسٍ فَقَالَ {أُولَئِكَ الَّذِينَ هَدَى اللَّهُ فَبِهُدَاهُمُ اقْتَدِهْ}. وَكَانَ ابْنُ عَبَّاسٍ يَسْجُدُ فِيهَا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4807

محمد بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن عبید طنافسی نے ہمیں بتایا۔ عوام سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے مجاہد سے سجدۂ ص کی نسبت پوچھا تو انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا تھا کہ آپؓ کہاں سجدہ کرتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ آپ یہ آیت نہیں پڑھتے؟ وَ مِنْ ذُرِّيَّتِهٖ دَاوٗدَ… یعنی داؤد اور سلیمان بھی اس کی ذریت میں سے تھے۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کو اللہ نے راہ راست پر چلایا۔ اس لئے تو بھی انہی کے راستہ کی پیروی کر۔ حضرت داؤدؑ بھی ان نبیوں میں سے ہیں جن کی اقتداء کرنے کے لئے آپ کے نبی ﷺ کو حکم ہوا۔ پس (سورۂ ص میں حضرت داؤدؑ کے اللہ تعالیٰ کے حضور جھکنے کا ذکر ہے) حضرت داؤد علیہ السلام نے سجدہ کیا اور رسول اللہ ﷺ نے بھی وہیں سجدہ کیا۔ عُجَابٌ کے معنی ہیں عجیب۔ الْقِطّ کے معنی ہیں صحیفہ اور یہاں یہ نیکیوں کے صحیفہ کے معنی میں ہے۔ اور مجاہد نے کہا: فِيْ عِزَّةٍ کے معنی ہیں تکبر کرنے والے۔ الْمِلَّةِ الْاٰخِرَةِ سے مراد قریش کا مذہب ہے۔ الْاِخْتِلَاق کے معنی ہیں جھوٹ۔ الْاَسْبَاب آسمان کے راستے۔ یعنی اس کے دروازے۔ جُنْدٌ مَّا هُنَالِكَ مَهْزُوْمٌ سے مراد قریش ہیں۔ (یعنی وہاں ایک فوج ہے جو شکست دی جائے گی۔) اُولٰٓىِٕكَ الْاَحْزَابُ کے معنی ہیں گزری ہوئی صدیاں۔ فَوَاق کے معنی ہیں لوٹنا۔ قِطَّنَا کے معنی ہیں ہماری سزا۔ اَتَّخَذْنٰهُمْ سِخْرِيًّا یعنی ہم نے ان کو گھیر لیا۔ اَتْرَابٌ کے معنی ہیں ہم مرتبہ، ہم نشین۔ اور حضرت ابن عباسؓ نے کہا: الْاَيْد کے معنی ہیں عبادت کرنے کی قوت۔ الْاَبْصَارُ سے مراد ہے اللہ کے کاموں میں غور کرنا۔ حُبَّ الْخَيْرِ عَنْ ذِكْرِ رَبِّيْ (میں عَنْ بمعنی مِنْ ہے۔) یعنی (اپنے ربّ کے) ذکر کی وجہ سے۔ طَفِقَ مَسْحًا کے معنی ہیں کہ گھوڑوں کے اُیال اور اُن کی پنڈلیوں پر ہاتھ پھیرنے لگے۔ الْاَصْفَادِ کے معنی ہیں بندھن۔

حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عُبَيْدٍ الطَّنَافِسِيُّ عَنِ الْعَوَّامِ قَالَ سَأَلْتُ مُجَاهِدًا عَنْ سَجْدَةِ ص فَقَالَ سَأَلْتُ ابْنَ عَبَّاسٍ مِنْ أَيْنَ سَجَدْتَ فَقَالَ أَوَمَا تَقْرَأُ {وَمِنْ ذُرِّيَّتِهِ دَاوُدَ وَسُلَيْمَانَ} {أُولَئِكَ الَّذِينَ هَدَى اللَّهُ فَبِهُدَاهُمُ اقْتَدِهْ} فَكَانَ دَاوُدُ مِمَّنْ أُمِرَ نَبِيُّكُمْ صلى الله عليه وسلم أَنْ يَقْتَدِيَ بِهِ فَسَجَدَهَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم. عُجَابٌ عَجِيبٌ. الْقِطُّ الصَّحِيفَةُ هُوَ هَا هُنَا صَحِيفَةُ الْحَسَنَاتِ. وَقَالَ مُجَاهِدٌ {فِي عِزَّةٍ} مُعَازِّينَ. الْمِلَّةِ الآخِرَةِ مِلَّةُ قُرَيْشٍ. الاِخْتِلاَقُ الْكَذِبُ. الأَسْبَابُ طُرُقُ السَّمَاءِ فِي أَبْوَابِهَا {جُنْدٌ مَا هُنَالِكَ مَهْزُومٌ} يَعْنِي قُرَيْشًا {أُولَئِكَ الأَحْزَابُ} الْقُرُونُ الْمَاضِيَةُ. فَوَاقٍ رُجُوعٍ. قِطَّنَا عَذَابَنَا {اتَّخَذْنَاهُمْ سُخْرِيًّا} أَحَطْنَا بِهِمْ أَتْرَابٌ أَمْثَالٌ. وَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ الأَيْدُ الْقُوَّةُ فِي الْعِبَادَةِ الأَبْصَارُ الْبَصَرُ فِي أَمْرِ اللَّهِ حُبَّ الْخَيْرِ عَنْ ذِكْرِ رَبِّي مِنْ ذِكْرٍ. {طَفِقَ مَسْحًا} يَمْسَحُ أَعْرَافَ الْخَيْلِ وَعَرَاقِيبَهَا. الأَصْفَادِ الْوَثَاقِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4810

ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں خبر دی کہ ابن جریج نے ان کو بتایا کہ یعلیٰ (بن مسلم) نے کہا کہ سعید بن جبیر نے انہیں بتایا کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ بعض مشرک لوگوں نے خون کئے تھے اور کثرت سے کئے تھے اور بدکاری کی تھی اور بہت ہی بدکاری کی تھی تو وہ محمد ﷺ کے پاس آئے۔ کہنے لگے: جو بات آپؐ کہتے ہیں اور جس بات کی آپؐ دعوت دیتے ہیں یقیناً وہ اچھی ہے۔ اگر آپؐ ہمیں بتائیں کہ آیا جو ہم کر چکے ہیں اس کا کفارہ ہو جائے گا؟ تو یہ آیت نازل ہوئی: وَ الَّذِيْنَ لَا يَدْعُوْنَ… یعنی اور وہ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ اللہ کے سوا کسی اور معبود کو نہیں پکارتے اور نہ کسی جان کو جسے اللہ نے حفاظت بخشی ہو قتل کرتے ہیں سوائے (شرعی) حق کے۔ اور نہ زنا کرتے ہیں۔ اور (یہ آیت) نازل ہوئی: تو (اُن کو ہماری طرف سے) کہہ دے اے میرے بندو! جنہوں نے اپنی جان پر (گناہ کر کے) ظلم کیا ہے اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو۔

حَدَّثَنِي إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى أَخْبَرَنَا هِشَامُ بْنُ يُوسُفَ أَنَّ ابْنَ جُرَيْجٍ أَخْبَرَهُمْ قَالَ يَعْلَى إِنَّ سَعِيدَ بْنَ جُبَيْرٍ أَخْبَرَهُ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّ نَاسًا مِنْ أَهْلِ الشِّرْكِ كَانُوا قَدْ قَتَلُوا وَأَكْثَرُوا وَزَنَوْا وَأَكْثَرُوا فَأَتَوْا مُحَمَّدًا صلى الله عليه وسلم فَقَالُوا إِنَّ الَّذِي تَقُولُ وَتَدْعُو إِلَيْهِ لَحَسَنٌ لَوْ تُخْبِرُنَا أَنَّ لِمَا عَمِلْنَا كَفَّارَةً. فَنَزَلَ {وَالَّذِينَ لاَ يَدْعُونَ مَعَ اللَّهِ إِلَهًا آخَرَ وَلاَ يَقْتُلُونَ النَّفْسَ الَّتِي حَرَّمَ اللَّهُ إِلاَّ بِالْحَقِّ وَلاَ يَزْنُونَ} وَنَزَلَ {قُلْ يَا عِبَادِيَ الَّذِينَ أَسْرَفُوا عَلَى أَنْفُسِهِمْ لاَ تَقْنَطُوا مِنْ رَحْمَةِ اللَّهِ}

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی