باب 1: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 4918
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معبد بن خالد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت حارثہ بن وہب خزاعیؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبیؐ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: کیا میں تمہیں جنتی نہ بتاؤں؟ ہر غریب، انکساری کرنے والا، جو اگر اللہ کو بھی قسم دے تو وہ اس کی قسم کو پورا کر دے۔ کیا میں تمہیں دوزخی نہ بتاؤں؟ ہر ایک اَکھڑ، اُجڈ، اینٹھ کر چلنے والا مغرور۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4920
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی۔ اور عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) وہ بُت جو کہ قوم نوحؑ میں تھے، وہ بعد میں عربوں میں آگئے۔ وُدّ جو تھا تو وہ اس کلب قبیلے کا تھا جو دومۃ الجندل میں آباد تھا۔ اور جو سُواع تھا تو وہ ہُذیل قبیلہ کا تھا اور یَغُوث مراد قبیلے کا تھا، پھر وہ بنو غُطیف کا ہو گیا جو سبا شہر کے پاس جرف میں رہتا تھا۔ اور جو يَعُوق تھا وہ ہمدان قبیلے کا۔ اور جو نَسْر تھا تو وہ حِمْیَر کا، جو ذِي الْكَلَاع کی اولاد تھے۔ یہ سب ان چند نیک آدمیوں کے نام ہیں جو حضرت نوحؑ کی قوم میں سے تھے۔ جب وہ مر گئے تو شیطان نے ان کی قوم کے دل میں یہ ڈالا کہ اُن جگہوں میں جہاں وہ بیٹھا کرتے تھے بُت کھڑے کر دو اور اُن کے ناموں پر اِن کے نام رکھو۔ چنانچہ انہوں نے (ایسا ہی) کیا۔ اور ان کو نہیں پوجا جاتا تھا۔ مگر جب وہ لوگ ہلاک ہوگئے اور اصل معلومات نہ رہیں تو ان کو پوجنا شروع کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4921
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اپنے ساتھیوں میں سے چند لوگوں کے ساتھ عکاظ کی منڈی کا قصد کرتے ہوئے چل پڑے۔ اور اُن دنوں شیطانوں کو آسمان کی خبر معلوم کرنے سے روک دیا گیا تھا اور ان پر شہاب ثاقب برسائے جاتے تھے۔ یہ دیکھ کر شیطان لوٹ آئے۔ لوگوں نے پوچھا: تمہیں کیا ہوا ؟ تو انہوں نے کہا: آسمان کی ٹوہ لگانے سے ہمیں روک دیا گیا ہے اور ہم پر شہاب ثاقب برسائے گئے۔ کسی نے کہا: یہ جو آسمان کی خبر معلوم کرنے سے تمہارے لئے روک ہوگئی ہے تو ضرور کوئی نہ کوئی نئی بات ہوئی ہے۔ اس لئے زمین کے مشرق و مغرب میں پھر کر دیکھو، یہ کیا نئی بات ہے جو ہوئی ہے۔ وہ روانہ ہو گئے اور زمین کے مشرق و مغرب میں پھرے، دیکھنے لگے، یہ کیا بات ہے کہ جو اُن کے اور آسمان کی خبر کے درمیان حائل ہوگئی ہے؟ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے کہ وہ لوگ جو کہ تہامہ کی طرف گئے تھے رسول اللہ ﷺ کے پاس نخلہ مقام میں آئے جبکہ آپؐ سوق عکاظ میں جا رہے تھے۔ آپؐ اپنے ساتھیوں کو فجر کی نماز پڑھا رہے تھے۔ جب انہوں نے قرآن سنا تو کان لگا کر اس کو سننے لگے۔ انہوں نے کہا: یہ ہے وہ جو تمہارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ہوا۔ پھر وہ وہیں سے اپنی قوم کے پاس لوٹ گئے اور کہنے لگے: اے ہماری قوم! ہم نے ایک عجیب قرآن سنا جو سرا سر بھلائی کی طرف راہنمائی کرتا ہے۔ ہم اس پر ایمان لائے اور ہم تو اپنے ربّ کے ساتھ کسی کو بھی ہرگز شریک نہیں ٹھہرائیں گے۔ اور اللہ عزوجل نے اپنے نبی ﷺ پر یہ وحی نازل کی: تو کہہ! میری طرف یہ وحی کی گئی ہے کہ جنوں میں سے ایک جماعت نے (قرآن) سنا ہے۔ اور آپؐ کو جنوں کی یہ بات وحی سے ہی بتائی گئی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4922
یحيٰ (بن موسیٰ بلخی) نے مجھ سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علی بن مبارک سے، علی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے قرآن کی اس آیت کے متعلق پوچھا جو پہلے اُتری۔ انہوں نے کہا: يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ۔ میں نے کہا: (لوگ) کہتے ہیں: اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ۔ ابوسلمہ نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے اس کے متعلق پوچھا۔ اور میں نے بھی ان سے ویسے ہی کہا جو تم نے کہا، تو حضرت جابرؓ نے جواب دیا: میں تم سے وہی بیان کروں گا جو ہم سے رسول اللہ ﷺ نے بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: میں حرا میں گوشۂ نشین تھا۔ جب میں اپنا اعتکاف پورا کر چکا تو نیچے اُترا۔ مجھے کسی نے آواز دی۔ میں نے اپنی دائیں طرف نگاہ ڈالی، میں نے کوئی چیز نہ دیکھی اور میں نے بائیں طرف نگاہ ڈالی تو بھی کسی چیز کو نہ دیکھا۔ میں نے اپنے آگے نگاہ ڈالی پھر بھی کچھ نہ دیکھا، اور میں نے اپنے پیچھے نگاہ ڈالی تب بھی کچھ نہ دیکھا۔ میں نے اپنے سر کو اٹھایا اور کچھ دیکھا۔ میں خدیجہؓ کے پاس آیا اور میں نے کہا: مجھے کپڑا اُوڑھا دو اور ٹھنڈا پانی مجھ پر ڈالو۔ اور فرماتے تھے: چنانچہ انہوں نے مجھے کپڑا اُوڑھا دیا اور مجھ پر ٹھنڈا پانی ڈالا۔ فرمایا: (مجھ پر یہ آیتیں) نازل ہوئی ہیں: اے کپڑا اوڑھنے والے، اُٹھ اور خطرے سے آگاہ کر۔ اور اپنے ربّ کی بڑائی بیان کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4927
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ موسیٰ بن ابی عائشہ نے ہم سے بیان کیا۔ اور یہ معتبر شخص تھے۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب آپؐ پر وحی نازل ہوتی تو اپنی زبان کو ہلاتے۔ آپؐ چاہتے تھے کہ اس طرح یاد کریں۔ اور سفیان نے (زبان ہلا کر) بتایا (کہ اس طرح ہلاتے تھے) تو اللہ نے یہ آیت نازل کی: لَا تُحَرِّكْ بِهٖ… یعنی تُو اِس کے ساتھ اپنی زبان کو مت ہلا تا کہ اسے جلدی سے یاد کرلے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4928
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے موسیٰ بن ابی عائشہ سے روایت کی۔ (وہ کہتے ہیں) کہ انہوں نے سعید بن جبیر سے اللہ تعالیٰ کے اس قول لَا تُحَرِّكْ بِهٖ لِسَانَكَ کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے کہا: اور حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ آنحضرت ﷺ جب آپؐ پر وحی نازل کی جاتی اپنے ہونٹوں کو ہلایا کرتے تھے۔ اس لئے آپؐ سے کہا گیا: تُو اس کے ساتھ اپنی زبان کو مت ہلا۔ آپؐ ڈرتے تھے کہ کہیں کوئی لفظ آپؐ سے چھوٹ نہ جائے۔ اِنَّ عَلَيْنَا جَمْعَهٗ یعنی ہم تمہارے دل میں اس کو محفوظ کر دیں گے۔ وَقُرْاٰنَهٗ اور تو اس کو پڑھ لے گا۔ فَاِذَا قَرَاْنٰهُ سے مراد ہے کہ وہ کہتا ہے جب یہ نازل کیا جائے فَاتَّبِعْ قُرْاٰنَهٗ تو جیسا پڑھا گیا ویسے ہی تو بھی پڑھ۔ ثُمَّ اِنَّ عَلَيْنَا بَيَانَهٗ پھر ہم تیری زبان سے اس کو بیان کروائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4930
محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ (بن موسیٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ (بن قیس) سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے اور آپؐ پر سورۂ مرسلات نازل کی گئی۔ اور ہم اس کو آپؐ کے منہ سے سن کر سیکھ رہے تھے۔ اتنے میں ایک سانپ نکلا، ہم اس پر جلدی سے لپکے لیکن وہ ہمارے پہنچنے سے پہلے ہی اپنے سوراخ میں گھس گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے شر سے وہ بچ گیا جیسا کہ تم اس کے شر سے بچائے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4931
عبدہ بن عبداللہ (خزاعی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں یحيٰ بن آدم نے خبر دی۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے منصور سے روایت کرتے ہوئے یہی حدیث بتائی۔ اور (ایسا ہی) اسرائیل نے (اس حدیث کو) اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہؓ سے اسی طرح اس کو روایت کیا۔ اور (یحيٰ بن آدم کی طرح) اسود بن عامر نے بھی اسرائیل سے اس حدیث کو روایت کیا۔ اور حفص (بن غیاث) اور ابومعاویہ اور سلیمان بن قَرم نے بھی اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسود سے اس کو روایت کیا۔ اور یحيٰ بن حماد نے کہا کہ ہمیں ابوعوانہ نے خبر دی۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے (یہی) روایت کی۔ اور ابن اسحاق نے عبدالرحمٰن بن اسود سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے بھی یہی نقل کیا۔ قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے اسود سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کہتے تھے: ایک بار ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک غار میں تھے۔ اسی اثنا میں آپؐ پر سورۂ مرسلات نازل ہوئی اور ہم نے آپؐ کے منہ سے سن کر اس کو سیکھا۔ اور ابھی آپؐ کا منہ اس سورة سے شیریں تھا کہ اتنے میں ایک سانپ نکلا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بچنا، اس کو مارو۔ کہتے تھے: ہم اس پر جلدی سے لپکے مگر وہ ہم سے نکل گیا۔ کہتے تھے: آپؐ نے فرمایا: وہ تمہارے شر سے بچایا گیا جیسا کہ تم اس کے شر سے بچائے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4935
محمد (بن سلام بیکندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی، اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: (صور کی) دو پھونکوں کے درمیان چالیس کا فاصلہ ہو گا۔ لوگوں نے پوچھا: چالیس دن؟ حضرت ابوہریرہؓ نے فرمایا : میں نہیں کہہ سکتا۔ اُنہوں نے پوچھا: چالیس مہینے؟ حضرت ابوہریرہؓ نے فرمایا : میں نہیں کہہ سکتا۔ لوگوں نے پوچھا: چالیس سال؟ حضرت ابوہریرہؓ نے فرمایا : میں نہیں کہہ سکتا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے فرمایا : پھر اس کے بعد اللہ آسمان سے مینہ برسائے گا اور لوگ اس طرح نشوونما پائیں گے جیسے سبزیاں نشوونما پاتی ہیں۔ آدمی سے کوئی چیز باقی نہیں رہے گی جو بوسیدہ نہ ہو جائے سوائے ایک ہڈی کے اور وہ ریڑھ کا آخری سرا ہے۔ اور اسی سے قیامت کے دن ڈھانچا ترکیب دیا جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4936
احمد بن مقدام نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا کہ ابو حازم نے ہم سے بیان کیا (اُنہوں نے کہا:) حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا آپؐ نے اپنی دونوں انگلیوں سے اشارہ کر کے فرمایا یعنی درمیانی انگلی سے اور اس سے جو انگوٹھے سے ملی ہے کہ میری بعثت اور وہ گھڑی ان دو کی طرح ہے۔ حضرت ابن عباسؓ نے فرمایا: أَغْطَشَ کے معنی ہیں اس نے تاریک بنایا۔ الطَّآمَّةُ سے مراد وہ ہے جو ہر چیز پر پھیل جائے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4937
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا، (کہا:) قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے زرارہ بن اوفیٰ کو بیان کرتے ہوئے سنا کہ سعد بن ہشام سے روایت ہے۔ سعد نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جو شخص قرآن پڑھتا ہے اور وہ اس کا حافظ ہے اس کی اعلیٰ درجہ کے نیکو کار، معزز، لکھنے والوں کی سی حالت ہوگی اور جو شخص قرآن پڑھتا اور اس کو بار بار یاد کرتا ہے مگر اس کے لئے مشکل ہوتا ہے تو اس کو دو ثواب ملیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4938
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ معن (بن عیسیٰ) نے ہمیں بتایا، انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا، انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: يَوْمَ يَقُوْمُ النَّاسُ لِرَبِّ الْعٰلَمِيْنَ سے مراد یہ ہے کہ لوگ قیامت کے دن رب العالمین کے سامنے کھڑے ہوں گے اور ان کی حالت یہ ہوگی کہ ان میں سے ایک اپنے آدھے کانوں تک پسینہ میں ڈوبا ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4939
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا، انہوں نے عثمان بن اسود سے روایت کی، انہوں نے کہا میں نے ابن ابی ملیکہ سے سنا، (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا، فرماتی تھیں: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ نیز سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا، انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ نیز مسدد نے ہم سے بیان کیا، انہوں نے یحيٰ (بن سعید قطان) سے، یحيٰ نے ابو یونس حاتم بن ابی صغیرہ سے، ابو یونس نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے قاسم (بن محمد) سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، وہ بیان کرتی ہیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کوئی بھی ایسا نہیں ہوگا کہ جس سے حساب لیا جائے مگر وہ ہلاک نہ ہو (حضرت عائشہؓ ) کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ مجھے آپؐ پر فدا کرے، کیا اللہ عز و جل نہیں فرماتا: یعنی وہ شخص جو اپنی کتاب اپنے دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا۔ عنقریب اس سے آسان حساب لیا جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ تو حساب کا پیش کرنا ہے جو اُن کے سامنے پیش کیا جائے گا اور جس کے حساب میں چھان بین کی جائے گی وہ تباہ ہو گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4943
قبیصہ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا، انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ (بن قیس) سے روایت کی، انہوں نے کہا: میں حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کے کئی ساتھیوں کے ساتھ شام میں داخل ہوا۔ حضرت ابودرداءؓ نے ہمارے متعلق سنا اور وہ ہمارے پاس آئے۔ انہوں نے کہا: کیا تم میں کوئی ہے جو قرآن پڑھنا جانتا ہو۔ ہم نے کہا: ہاں۔ انہوں نے پوچھا: تم میں سے کون زیادہ قاری ہے؟ انہوں نے میری طرف اشارہ کیا۔ حضرت ابودرداءؓ نے کہا: پڑھو۔ میں نے پڑھا: وَالَّيْلِ اِذَا يَـغْـشَـى۰۰ وَالنَّهَارِ اِذَا تَجَلّٰى۰۰ وَالذَّكَرِ وَالْأُنْثَى یعنی رات کی قسم ہے جب وہ چھا جاتی ہے اور دن کی قسم ہے جب وہ روشن ہو جائے اور نرو مادہ کی قسم ہے۔ حضرت ابودرداءؓ نے کہا: کیا تم نے اس سورة کو اپنے استاذ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) کے منہ سے سنا؟ میں نے کہا: ہاں۔ حضرت ابودرداءؓ نے کہا: اور میں نے بھی اس سورة کو نبی ﷺ کے منہ سے سنا تھا اور یہ لوگ ہماری نہیں مانتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4950
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر نے ہمیں بتایا، کہ اسود بن قیس نے ہم سے بیان کیا، انہوں نے کہا: میں نے حضرت جندب بن سفیان رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ بیمار ہوئے اور آپؐ دو یا تین راتیں (تہجد کے لئے) نہیں اٹھے ایک عورت آئی وہ کہنے لگی: محمدؐ! میں امید کرتی ہوں کہ تمہارے شیطان نے (نعوذ باللہ) تمہیں چھوڑ دیا ہوگا۔ میں نے اس کو نہیں دیکھا کہ وہ دو یا تین رات سے تمہارے پاس آیا ہو۔ تب اللہ عزوجل نے یہ آیات نازل کیں۔ یعنی چاشت کی قسم ہے اور رات کی قسم ہے جب وہ سکون کی حالت میں ہو جائے تیرے ربّ نے تجھے نہیں چھوڑا اور نہ ہی تجھ سے ناراض ہوا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4952
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، انہوں نے کہا: مجھے عدی نے بتایا، عدی نے کہا: میں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے سنا کہ نبی ﷺ ایک سفر میں تھے اور آپؐ نے عشاء کے وقت دو رکعتوں میں سے ایک رکعت میں سورة وَ التِّيْنِ وَ الزَّيْتُوْنِ پڑھی۔ تَقْوِيْم کے معنی ہیں پیدائش۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4953
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا، انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ نیز سعید بن مروان نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن عبدالعزیز بن ابی رزمہ نے ہمیں بتایا۔ ابوصالح سلموَیہ نے ہمیں خبر دی، انہوں نے کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے مجھے بتایا، عبداللہ نے یونس بن یزید سے، انہوں نے کہا: مجھے ابن شہاب نے خبر دی کہ عروہ بن زبیر نے انہیں بتایا، کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: پہلے پہل وحی کی جو قسم رسول اللہ ﷺ کو شروع ہوئی تو وہ نیند کی حالت میں سچی خوابوں کا دیکھنا تھا۔ آپؐ کوئی بھی ایسی خواب نہ دیکھتے تھے جو صبح صادق کے نمودار ہونے کی طرح واقع نہ ہو جاتی ہو۔ پھر اس کے بعد آپؐ کو تنہائی پسند ہوئی اور آپؐ غار حرا میں چلے جایا کرتے تھے اور وہاں عبادت کیا کرتے تھے۔ عروہ بن زبیر کہتے تھے کہ تَحَنُّث وہ عبادت تھی جو چند گنتی کی راتیں کیا کرتے تھے بغیر اس کے کہ آپؐ اپنے گھر والوں کی طرف لوٹیں اور اس غرض کے لئے آپؐ زاد لے لیتے، پھر حضرت خدیجہؓ کے پاس واپس آتے اور اتنا ہی اور زاد لیتے۔ یہاں تک کہ اچانک حق آپؐ کے پاس آیا اور اس وقت آپؐ غار حرا میں تھے۔ آپؐ کے پاس فرشتہ آیا، اس نے کہا: پڑھو۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں تو پڑھنا نہیں جانتا۔ فرماتے تھے: اس نے مجھے پکڑا اور اس زور سے بھینچا کہ مجھے سخت تکلیف پہنچی۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: پڑھو، میں نے کہا: میں تو پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ پھر اس نے مجھے پکڑا اور دوبارہ اس زور سے بھینچا کہ مجھے سخت تکلیف پہنچی۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: پڑھو، میں نے کہا: میں تو پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ پھر اس نے مجھے پکڑا اور تیسری بار مجھے اس زور سے بھینچا کہ اپنی انتہائی طاقت مجھ پر خرچ کر دی۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ… یعنی پڑھ اپنے ربّ کے نام سے جس نے پیدا کیا انسان کو ایک لوتھڑے سے۔ پڑھ اور تیرا ربّ بڑا احسان کرنے والا ہے جس نے قلم کے ذریعہ سے سکھایا، انسان کو وہ کچھ سکھلایا جو وہ نہیں جانتا تھا۔ رسول اللہ ﷺ یہ آیتیں سن کر لوٹ آئے۔ آپؐ کے کندھے اور گردن کے درمیان کے پٹھے پھڑ پھڑا رہے تھے۔ آپؐ حضرت خدیجہؓ کے پاس آئے اور کہا: مجھے کمبل اڑھاؤ، کمبل اڑھاؤ، انہوں نے آپؐ کو کپڑا اڑھایا۔ جب آپؐ کا خوف جاتا رہا تو حضرت خدیجہؓ سے فرمایا: خدیجہؓ! مجھے کیا ہو گیا ہے۔ مجھے تو اپنی جان کا خدشہ ہے اور آپؐ نے حضرت خدیجہؓ کو وہ سارا واقعہ سنایا۔ حضرت خدیجہؓ بولیں: ہرگز نہیں، آپؐ کو خوشخبری ہو۔ اللہ کی قسم، اللہ آپؐ کو کبھی بھی رسوا نہیں کرے گا۔ کیونکہ آپؐ اللہ کی قسم صلہ رحمی کرتے ہیں اور سچی بات کہتے ہیں اور عاجز کو سہارا دیتے ہیں اور جس کے پاس نہ ہو اس کے لئے مہیا کرتے ہیں اور مہمان نوازی کرتے ہیں اور حق کی مشکلات میں مدد کرتے ہیں۔ حضرت خدیجہؓ آپؐ کو ساتھ لے کر ورقہ بن نوفل کے پاس آئیں اور وہ حضرت خدیجہؓ کے چچا زاد یعنی جو اُن کے باپ کا حقیقی بھائی تھا اس کے بیٹے تھے اور وہ ایسے شخص تھے جو زمانہ جاہلیت میں عیسائی ہو گئے تھے اور عربی لکھنا جانتے تھے اور انجیل میں سے جو اللہ لکھوانا چاہتا عربی میں لکھا کرتے تھے اور وہ بہت بوڑھے تھے اندھے ہو گئے تھے۔ حضرت خدیجہؓ نے کہا: چچا اپنے بھتیجے کی بات سنو۔ ورقہ نے کہا: بھتیجے تم کیا دیکھتے ہو؟ نبی ﷺ نے جو دیکھا تھا اس کا حال ان سے بیان کیا۔ ورقہ نے سن کر کہا: یہ تو وہ رازدار ہے جو موسیٰؑ پر نازل کیا گیا تھا، کاش کہ میں اس زمانہ میں جوان ہوتا، اے کاش کہ میں اس زمانہ میں زندہ رہوں۔ اس کے بعد ورقہ نے ایک اور بات کہی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا وہ مجھے نکال دیں گے؟ ورقہ نے کہا: ہاں کوئی شخص بھی وہ بات لے کر نہیں آیا جو تم لائے ہو مگر ضرور ہی اسے ستایا گیا اور اگر تمہارے زمانہ نے مجھے زندہ پایا تو میں کمر باندھ کر تمہاری مدد کروں گا۔ پھر اس کے بعد ورقہ زیادہ دیر نہیں رہا فوت ہوگیا اور وحی بھی کچھ دیر کے لئے موقوف ہو گئی جس سے رسول اللہ ﷺ افسردہ خاطر ہو گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4954
محمد بن شہاب کہتے تھے۔ مجھے ابو سلمہ (بن عبد الرحمٰن) نے بتایا کہ حضرت جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اور آپؐ اس وقت وحی کے موقوف ہونے کے متعلق باتیں کر رہے تھے۔ آپؐ نے اپنی گفتگو کے اثناء میں فرمایا: ایک بار میں چلا جا رہا تھا کہ میں نے آسمان سے ایک آواز سنی۔ میں نے اپنی نظر جو اٹھائی تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہی فرشتہ ہے جو میرے پاس حرا میں آیا تھا وہ آسمان اور زمین کے درمیان ایک کرسی پر بیٹھا ہے۔ میں اس سے ڈر گیا اور لوٹ گیا۔ میں نے کہا: مجھے کمبل اوڑھاؤ، مجھے کمبل اوڑھاؤ۔ انہوں نے آپؐ کو کپڑا اوڑھا دیا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے یہ آیتیں نازل کیں یعنی اے بارانی کوٹ پہن کر کھڑے ہونے والے، کھڑا ہو جا اور دور دور جا کے لوگوں کو ہوشیار کر، اور اپنے ربّ کی بڑائی بیان کر، اور اپنے پاس رہنے والے لوگوں کو پاک کر، اور شرک کو مٹا ڈال۔ ابو سلمہ نے کہا: (رُجْز سے مراد) وہ بت ہیں جن کو زمانہ جاہلیت کے لوگ پوجا کرتے تھے۔ کہتے تھے: پھر اس کے بعد وحی لگاتار آنے لگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4959
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا، (انہوں نے کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے قتادہ سے سنا، اُنہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت اُبَیّ (بن کعبؓ) سے فرمایا: اللہ نے مجھے یہ حکم دیا ہے کہ تمہارے سامنے لَمْ يَكُنِ الَّذِيْنَ سورة پڑھوں۔ حضرت اُبَیّ بن کعبؓ نے پوچھا: اللہ نے میرا نام لیا تھا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ وہ یہ سن کر رو پڑے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4962
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے ابو صالح سمان سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: گھوڑے تین قسم کے لوگوں کے لیے ہوتے ہیں۔ کسی شخص کے لئے اجر کا موجب اور کسی شخص کے لئے پردہ پوشی کا موجب اور کسی شخص کے لئے گناہ کا موجب۔ جس کو تو ثواب ملتا ہے وہ شخص ہے جس نے اللہ کی راہ میں ان کو باندھے رکھا اور چراگاہ یا باغ میں ان کی رسی لمبی کر دی تو انہوں نے رسی کی لمبائی میں جو کچھ اس چراگاہ یا باغ سے چرا تو اس قدر اس کے لئے نیکیاں ہوں گی۔ اگر وہ اپنی رسی توڑ کر ایک دو میل کودتے پھاندتے بھاگ جائیں تو ان کے قدموں کے نشان ان کی لید یہ بھی اس شخص کے لئے نیکی کا موجب ہو گی اور اگر وہ کسی ندی سے گزریں اور پانی پئیں اور وہ پانی نہ پلانا چاہتا ہو تو یہ بھی اس کے لئے نیکیوں کا موجب ہو گا۔ اس لئے یہ گھوڑے ایسے شخص کے لئے ثواب کا موجب ہیں اور ایک وہ شخص ہے جس نے ان کو روپیہ کمانے یا مانگنے سے بچنے کے لئے باندھا اور اللہ کے اس حق کو نہ بھولا جو کہ ان کی گردنوں میں ہے اور نہ اس حق کو جو ان کی پیٹھوں میں ہے تو یہ گھوڑے اس کے لئے پردہ پوشی کا موجب ہوں گے اور وہ شخص جس نے ان کو فخر اور دکھلاوے اور ضد بضدی مقابلہ کرنے کی وجہ سے باندھا تو وہ اس کے لئے عذاب کا موجب ہوں گے۔ اور رسول اللہ ﷺ سے گدھوں کے متعلق پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: ان کے متعلق سوائے اس اکیلی آیت کے جو سب پر حاوی ہے مجھ پر اور کچھ نازل نہیں ہوا۔ یعنی پھر جس نے ایک ذرہ کے برابر (بھی) نیکی کی ہو گی وہ اس (کے نتیجہ) کو دیکھ لے گا۔ اور جس نے ایک ذرہ کے برابر بھی بدی کی ہو گی وہ اس (کے نتیجہ) کو دیکھ لے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah