باب 1: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
صحیح بخاری, حصہ 6
صحیح بخاری 4964
آدم (بن ابی ایاس) نے ہمیں بتایا کہ شیبان (بن عبدالرحمٰن) نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ کو (معراج میں) آسمان پر لے جایا گیا، آپؐ نے فرمایا: تو میں ایک ندی پر پہنچا جس کے دونوں کناروں پر خولدار موتیوں کے خیمے لگے ہوئے تھے۔ میں نے کہا: جبرائیل یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا: یہ کوثر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4965
خالد بن یزید کاہلی نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے ابو عبیدہ سے، ابو عبیدہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، ابو عبیدہ نے کہا میں نے حضرت عائشہؓ سے اللہ تعالیٰ کے اس قول یعنی (اے نبیؐ!) یقیناً ہم نے تجھے کوثر عطا کیا ہے، کے متعلق پوچھا، انہوں نے فرمایا: یہ ایک دریا ہے جو تمہارے نبی ﷺ کو دیا گیا۔ اس کے دونوں کناروں پر خولدار موتی ہیں جس کے برتن ستاروں کی تعداد میں ہیں۔ اس حدیث کو زکریا، ابو الاحوص اور مطرف نے ابو اسحاق سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4966
یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا کہ ابوبشر نے ہم سے بیان کیا، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کوثر کے متعلق کہا کہ یہ وہ بھلائی ہے جو اللہ نے آنحضرت ﷺ کو دی۔ ابوبشر کہتے تھے: میں نے سعید بن جبیر سے کہا کہ لوگ خیال کرتے ہیں کہ وہ جنت میں ایک دریا ہوگا۔ سعید نے کہا: وہ دریا جو جنت میں ہوگا وہ بھی اس بھلائی سے ہے جو اللہ نے آنحضرت ﷺ کو عطا کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4967
حسن بن ربیع نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالاحوص نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ بیان فرماتی ہیں کہ اِذَا جَآءَ نَصْرُ اللّٰهِ وَ الْفَتْحُ کے نازل ہونے کے بعد نبی ﷺ نے کوئی بھی نماز نہیں پڑھی مگر آپؐ اس میں یہ کہا کرتے تھے: پاک ذات ہے تو اے ہمارے ربّ اور اپنی حمد کے ساتھ، اے اللہ پردہ پوشی فرما کر مجھ سے درگزر فرما۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4971
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا: اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن مرہ نے ہمیں بتایا۔ عمرو نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ جب یہ آیت وَاَنْذِرْ عَشِيْرَتَكَ الْاَقْرَبِيْنَ یعنی اور تو اپنے سب سے قریبی رشتہ داروں کو ڈرا یعنی اپنے قبیلہ میں سے چنیدہ کو، نازل ہوئی تو رسول اللہ ﷺ باہر گئے اور صفا پر چڑھے اور یَا صَبَاحَاہ زور سے پکارا۔ لوگوں نے کہا: یہ کون ہے؟ اور سن کر سب آپؐ کے پاس جمع ہوگئے۔ آپؐ نے فرمایا: بتاؤ تو سہی اگر میں تم کو یہ خبر دوں کہ کچھ سوار اس پہاڑ کے دامن سے نکل کر حملہ کریں گے کیا تم مجھے سچا سمجھو گے؟ انہوں نے کہا: ہم نے آپ کے متعلق کبھی جھوٹ کا تجربہ نہیں کیا۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر میں تمہیں ایک سخت عذاب کے آنے سے پیشتر ہی آگاہ کیے دیتا ہوں۔ ابو لہب نے کہا: تم پر تباہی! صرف اسی لئے تم نے ہمیں اکٹھا کیا تھا۔ پھر اُٹھ کر چل دیا اور یہ آیت نازل ہوئی: تَبَّتْ يَدَاۤ… یعنی ابو لہب کے دونوں ہاتھ تباہ ہو گئے اور وہ خود بھی تباہ ہو گیا۔ اعمش نے اس دن یوں پڑھا: وَقَدْ تَبَّ یعنی وہ خود بھی تباہ ہو گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4974
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی، آپؐ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ابن آدم نے مجھے جھٹلایا اور اُسے یہ نہیں چاہیے تھا اور اس نے مجھے گالی دی اور اُسے یہ نہیں چاہیے تھا۔ جو اس کا مجھے جھٹلانا ہے تو اس کا یہ کہنا ہے کہ وہ مجھے دوبارہ ہرگز پیدا نہیں کرے گا جیسا کہ اس نے پہلے پہل پیدا کیا۔ حالانکہ میرے لئے پہلی پیدائش اس کو دوبارہ پیدا کرنے سے زیادہ آسان نہیں اور جو اس کا مجھے گالی دینا ہے تو اس کا یہ کہنا ہے کہ اللہ نے ایک بیٹا بنایا۔ حالانکہ میں اکیلا ہوں، بے نیاز ہوں، نہ میں نے جنا اور نہ جنا گیا اور کوئی بھی میرے جوڑ کا نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah