کتاب 2: باب {غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلاَ الضَّالِّينَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4475
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سُمَي سے، سُمَي نے ابوصالح (ذکوان) سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب امام غَيْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّآلِّيْنَ کہے تو تم آمین کہو۔ جس کا قول (آمین) ملائکہ کے قول (آمین) کے موافق ہوگیا تو جو اُس کے گناہ پہلے ہو چکے ہیں، اُن کی پردہ پوشی کرکے اُس سے درگزر کی جائے گی۔
صحیح بخاری 4548
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جو بچہ بھی پیدا ہوتا ہے تو شیطان اس کو ضرور تکلیف دیتا ہے۔ اس لئے وہ شیطان کی تکلیف دینے کی وجہ سے چلا کر روتا ہے۔ سوائے مریم اور اس کے بیٹے کے۔ یہ روایت بیان کرکے حضرت ابوہریرہ ؓ کہتے تھے: اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھ لو: میں اسے اور اس کی ذریت کو شیطان رجیم سے تیری پناہ میں رکھتی ہوں۔
صحیح بخاری 4575
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھے بتایا کہ عبداللہ بن نمیر نے ہمیں خبر دی کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اللہ تعالیٰ کے اس قول سے متعلق روایت کی۔ یعنی جو غنی ہو وہ پرہیز کرے اور جو فقیر ہو وہ دستور کے مطابق کھائے۔ یہ آیت یتیم کی جائیداد کی بابت نازل ہوئی۔ جب سرپرست محتاج ہو تو وہ دستور کے مطابق اپنی خوراک اس سے لے۔ کیونکہ اس نے اس مال کی نگرانی کی ہے۔
صحیح بخاری 4606
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ عبدالرحمٰن (بن مہدی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوریؒ) نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے قیس (بن مسلم) سے، قیس نے حضرت طارق بن شہابؓ سے روایت کی کہ یہود حضرت عمرؓ سے کہنے لگے: آپ لوگ ایک آیت پڑھتے ہیں، اگر وہ ہم میں نازل ہوتی تو ہم اس دن عید مناتے۔ حضرت عمرؓ نے (یہ سن کر) فرمایا: میں خوب جانتا ہوں کہ وہ کب نازل کی گئی اور کہاں نازل کی گئی اور رسول اللہ ﷺ اس وقت کہاں تھے، جب وہ نازل ہوئی۔ عرفات کے دن اور ہم بھی اللہ کی قسم اس دن عرفات ہی میں تھے۔ سفیان نے کہا: مجھے شک ہے (حضرت عمرؓ نے کہا:) اس دن جمعہ تھا یا نہیں۔ (کہا: وہ آیت یہ ہے:) آج میں نے تمہارے لئے تمہارا دین کامل کر دیا۔
صحیح بخاری 4628
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے حضرت جابر (بن عبداللہ انصاری)ؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب آیت قُلۡ ہُوَ الۡقَادِرُ عَلٰۤی اَنۡ یَّبۡعَثَ عَلَیۡکُمۡ عَذَابًا مِّنۡ فَوۡقِکُمۡ … نازل ہوئی، رسول اللہ ﷺ نے کہا: میں تیری ذات کی پناہ لیتا ہوں۔ پھر اللہ نے فرمایا: اَوْ مِنْ تَحْتِ اَرْجُلِكُمْ. آپؐ نے کہا: میں تیری ذات کی پناہ لیتا ہوں۔ (اللہ نے پھر فرمایا:) اَوْ يَلْبِسَكُمْ شِيَعًا وَّ يُذِيْقَ بَعْضَكُمْ بَاْسَ بَعْضٍ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ (اس سے) ہلکا ہے یا فرمایا یہ (اس سے) آسان ہے۔
صحیح بخاری 4638
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے عمرو بن یحيٰ مازنی سے، عمرو نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: یہود میں سے ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا، جس کے منہ پر تھپڑ مارا گیا تھا وہ کہنے لگا: یا محمدؐ! آپ کے ساتھیوں میں سے ایک شخص نے جو انصار میں سے ہے میرے منہ پر تھپڑ مارا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو بلاؤ۔ چنانچہ اس کو بلا لائے۔ آپؐ نے پوچھا: تم نے اس کے منہ پر کیوں طمانچہ مارا ہے؟ اس نے کہا: یا رسول اللہؐ! میں یہودیوں کے پاس سے گزرا تو میں نے اس شخص کو کہتے سنا: اس ذات کی قسم ہے جس نے موسیٰ کو تمام بشر سے بہتر سمجھ کر چُن لیا۔ میں نے کہا: کیا محمدﷺ سے بھی اور مجھے غصہ آیا تو میں نے اس کو طمانچہ مارا۔ آپؐ نے فرمایا: انبیاء میں سے مجھے سب سے بہتر نہ کہو۔ کیونکہ قیامت کے دن لوگ بے ہوش ہوجائیں گے اور میں پہلا ہوں گا جو ہوش میں آئے گا۔ میں کیا دیکھوں گا کہ موسیٰ ہیں جو عرش کے پایوں میں سے ایک پایہ تھامے ہوئے ہیں۔ میں نہیں جانتا آیا وہ مجھ سے پہلے ہوش میں آئے یا طُور کی بے ہوشی ہی ان کے لئے کافی سمجھی گئی۔
صحیح بخاری 4647
اسحاق نے مجھ سے بیان کیا: کہا، روح (بن عبادہ) نے ہمیں خبر دی کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، خبیب بن عبدالرحمٰن سے روایت ہے۔ (اُنہوں نے کہا:) میں نے حفص بن عاصم سے سنا۔ وہ حضرت ابوسعید بن معلی رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے۔ اُنہوں نے کہا: میں نماز پڑھ رہا تھا کہ اتنے میں رسول اللہ ﷺ میرے پاس سے گزرے۔ آپؐ نے مجھے بلایا۔ میں آپؐ کے پاس نہ گیا۔ جب میں نے نماز پڑھ لی تو پھر آپ کے پاس آیا۔ تو آپؐ نے پوچھا: تم کو آنے سے کس بات نے روکا؟ کیا اللہ نے یہ نہیں فرمایا: اے مومنو! اللہ اور اس کے رسول کی بات سنو، جبکہ وہ تمہیں (زندہ کرنے کے لیے) پکارے پھر آپؐ نے فرمایا: میں تمہیں پیشتر اس کے کہ یہاں سے باہر نکلوں ایک ایسی سورة کا علم دو ں گا جو قرآن میں سب سے بڑھ کر ہے۔ پھر رسول اللہ ﷺ باہر جانے لگے تو میں نے آپؐ سے اس کا ذکر کیا اور معاذ (بن ابی معاذ عنبری) نے یہ حدیث یوں نقل کی۔ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ خبیب بن عبد الرحمٰن سے روایت ہے، اُنہوں نے حفص سے سنا، حفص نے حضرت ابوسعیدؓ سے، جو نبی ﷺ کے صحابہ میں سے ایک شخص تھے یہ واقعہ سنا۔ آپ نے فرمایا: وہ سورة الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ ہے۔ یعنی وہ سات آیتیں جو بار بار پڑھی جاتی ہیں۔
صحیح بخاری 4655
سعید بن عفیر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: لیث (بن سعد) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی اور مجھے حمید بن عبدالرحمٰن (بن عوف) نے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: حضرت ابوبکرؓ نے مجھے اس حج میں اعلان کرنے والوں کے ساتھ بھیجا، جنہیں اُنہوں نے قربانی کے دن اس لئے بھیجا کہ وہ منیٰ میں اعلان کریں کہ اس سال کے بعد کوئی مشرک حج نہ کرے اور نہ ہی کوئی برہنہ بیت اللہ کا طواف کرے۔ حمید بن عبدالرحمٰن نے کہا: پھر اُن کے پیچھے رسول اللہ ﷺ نے حضرت علی بن ابی طالبؓ کو بھیجا اور اُن سے فرمایا کہ وہ سورة براءة کا اعلان کر دیں۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا کہ حضرت علیؓ نے بھی ہمارے ساتھ قربانی کے دن منیٰ والوں میں براءۃ کا اعلان کیا اور یہ کہ اس سال کے بعد کوئی مشرک حج کو نہ آئے اور نہ کوئی برہنہ بیت اللہ کا طواف کرے۔
صحیح بخاری 4680
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ ہم سے غندر نے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ مدینہ میں آئے اور یہود عاشورہ کا روزہ رکھتے تھے۔ کہنے لگے: یہ وہ دن ہے جس میں حضرت موسیٰؑ فرعون پر غالب آئے۔ تو نبی ﷺ نے اپنے صحابہ سے فرمایا: موسیٰؑ کے ساتھ تمہارا تعلق اِن یہودیوں سے بڑھ کر ہے اس لیے تم بھی روزہ رکھو۔
صحیح بخاری 4684
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی کہ ابوالزناد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : اللہ عز و جل فرماتا ہے: خرچ کر میں بھی تجھ پر خرچ کروں گا اور آپؐ نے فرمایا: اللہ کا ہاتھ بھرا ہوا ہے کوئی خرچ اس کو گھٹاتا نہیں ہے، رات دن اس کے فیض (بارش کی طرح) جاری ہیں اور آپؐ نے فرمایا: تم نے دیکھا کہ جب سے اس نے زمین و آسمان کو پیدا کیا ہے تب سے کتنا کچھ خرچ کیا ہے۔ پھر بھی اس خرچ نے جو اس کے ہاتھ میں ہے گھٹایا نہیں اور اُس کا عرش پانی پر ہے اور اُس کے ہاتھ میں میزان ہے۔ جسے جھکا بھی رہا ہے اور اُٹھا بھی رہا ہے۔ اعْتَرٰىكَ لفظ عَرَی سے افتعل کے وزن پر ہے، جیسے عَرَوْتُهُ ہے یعنی اس کو میں نے پالیا اور اس سے يَعْرُوهُ (وہ اس کو پکڑ لیتا ہے) اور اعْتَرَانِي (اس نے مجھے آپکڑا) ہیں۔ اٰخِذٌۢ بِنَاصِیَتِہَا سے مراد یہ ہے کہ وہ اس کے قبضہ قدرت اور تسلط میں ہے۔ عَنِيْدٌ، عَنُودٌ اور عَانِدٌ ایک ہی ہیں۔ (یعنی سرکش، مخالف۔) عَنِيْدٌ لفظ جَبَّار کے بعد بطور تاکید کے ہے۔ وَيَقُوْلُ الْاَشْهَادُ میں اَشْهَادُ کا مفرد شاہد ہے۔ جیسے صَاحِب کی جمع أَصْحَاب ہے۔ اسْتَعْمَرَكُمْ کے معنی ہیں تم کو آباد کرنے والے بنایا۔ کہتے ہیں أَعْمَرْتُهُ الدَّارَ میں نے اس کو گھر میں آباد کیا۔ آباد گھر کو کہتے ہیں عُمْرَی (أَعْمَرْتُهُ الدَّارَ) یعنی اس کو گھر عمر بھر کے لیے دے دیا۔ نَكِرَهُمْ، أَنْكَرَهُمْ اور اسْتَنْكَرَهُمْ کے ایک ہی معنی ہیں۔ (اس نے اُنہیں نہ پہچانا۔) حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ فعیل کے وزن پر ہیں۔ مَجِيْدٌ کے معنی ہیں ماجد (یعنی بزرگ) اور حَمِيْدٌ کے معنی محمود ہیں (یعنی جس کی بہت تعریف کی جائے) یہ حَمِدَ سے ہے۔ سِجِّيْل کے معنی ہیں سخت اور بڑا۔ سِجِّيْلٌ اور سِجِّينٌ کے ایک ہی معنی ہیں۔ ’’ل‘‘ اور ’’ن‘‘ دو ایسے حروف ہیں جو ایک دوسرے سے بدل جاتے ہیں۔ اور تمیم بن مقبل شاعر نے کہا ہے: اور بہت سے پیادے لوگ تھے جو اُن خودوں پر جو کہ سورج کی روشنی میں چمک رہی تھیں، سخت چوٹیں مار رہے تھے۔ ایسی چوٹیں کہ بہادر ایک دوسرے کو ان سے متعلق وصیت کر گئے تھے، (جو ایسی چوٹیں تھیں) کہ جن پر پڑتی ان کو وہیں کاٹ ڈالتی تھیں۔
صحیح بخاری 4689
محمد نے مجھے بتایا کہ عبدہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے سعید بن ابی سعید سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کی، کہا: رسول اللہ ﷺ سے پوچھا گیا کہ لوگوں میں سے کون زیادہ معزز ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اُن میں سے اللہ کے نزدیک وہ زیادہ معزز ہے جو زیادہ پرہیزگار ہے۔ لوگوں نے کہا: اس کے متعلق آپؐ سے نہیں پوچھ رہے۔ آپؐ نے فرمایا: پھر لوگوں میں سب سے بڑھ کر شریف یوسفؑ ہیں جو اللہ کے نبی، نبی اللہ کے بیٹے، نبی اللہ کے پوتے اور خلیل اللہ (حبیب خدا) کے پڑپوتے ہیں۔ انہوں نے کہا: اس کے متعلق بھی ہم آپؐ سے نہیں پوچھتے۔ آپؐ نے فرمایا: تو کیا پھر تم مجھ سے عربوں کے خاندانوں کی نسبت پوچھتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ فرمایا: تم میں سے جو جاہلیت میں اچھے تھے وہ اسلام میں بھی اچھے ہیں، بشرطیکہ دین سیکھیں اور سمجھیں۔ (عبدہ کی طرح) ابو اسامہ نے بھی عبیداللہ سے یہ روایت نقل کی ہے۔
صحیح بخاری 4699
ابو الولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: علقمہ بن مرثد نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے سعد بن عبیدہ سے سنا۔ سعد نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مسلمان وہ ہے کہ جب اس سے قبر میں پوچھا جاتا ہے تو وہ یہ گواہی دیتا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ محمد اللہ کے رسول ہیں اور یہی مراد ہے جو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: جو لوگ ایمان لائے ہیں انہیں اللہ اس قائم رہنے والی (اور پاک) بات کے ذریعہ سے (اس) ورلی زندگی میں (بھی) ثبات بخشتا ہے اور آخرت (کی زندگی) میں بھی (بخشے گا)۔
صحیح بخاری 4702
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا۔ معن نے ہمیں بتایا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ بن دینار نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے حجر والوں کی نسبت فرمایا: تم اس قوم (کے آثار) پر نہ جاؤ سوائے اس کے کہ تم گریہ و زاری کرنے والے ہو۔ پس اگر تم گریہ و زاری نہ کرو تو اُن کے پاس نہ جاؤ، مبادا تمہیں وہی عذاب پہنچے جو انہیں پہنچا۔
صحیح بخاری 4725
حمیدی (عبداللہ بن زبیر) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن دینار نے ہم سے بیان کیا، کہا: سعید بن جبیر نے مجھے بتایا، وہ کہتے تھے کہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے کہا: نوف بکالی سمجھتے ہیں کہ خضر والے موسیٰ وہ نہیں جو بنی اسرائیل والے موسیٰ تھے۔ حضرت ابن عباسؓ نے یہ سن کر کہا: اللہ کے دشمن نے غلط کہا ہے۔ حضرت اُبَيّ بن کعبؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ نے فرمایا: موسیٰؑ بنی اسرائیل سے خطاب کرنے کے لئے کھڑے ہوئے۔ ان سے پوچھا گیا: لوگوں میں سے کون زیادہ عالم ہے۔ انہوں نے کہا: میں۔ اللہ نے اُن پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ انہوں نے علم کو اللہ کی طرف کیوں نہیں لَوٹایا۔ (کیوں یہ جواب نہیں دیا کہ اللہ سب سے بڑھ کر عالم ہے۔) چنانچہ اللہ نے اُن کو وحی کی کہ میرا ایک بندہ مجمع البحرین میں ہے جو تم سے زیادہ علم رکھتا ہے۔ موسیٰؑ نے عرض کی کہ اے میرے ربّ! میں اُس تک کیونکر پہنچوں۔ فرمایا: تم اپنے ساتھ مچھلی لے لو اور وہ ٹوکری میں رکھ لو۔ پھر جہاں وہ مچھلی تم سے کھو جائے تو وہ وہیں ہو گا۔ چنانچہ موسیٰؑ نے مچھلی ٹوکری میں رکھ لی اور چل پڑے۔ اور اپنے ساتھ اپنے نوجوان یوشع بن نون کو بھی لے لیا۔ جب وہ دونوں چٹان کے پاس پہنچے، (سستانے کے لئے) اپنے سر ٹکائے اور سو گئے اور مچھلی ٹوکری میں تڑپنے لگی اور اس سے نکل کر سمندر میں جاگری اور تیزی سے بھاگتے ہوئے سمندر میں اپنی راہ لی، اور اللہ نے اس مچھلی سے پانی کا بہاؤ روک دیا اور پانی مچھلی پر محراب کی طرح ہوگیا۔ جب موسیٰؑ جاگے تو اُن کا ساتھی مچھلی کی نسبت انہیں بتانا بھول گیا۔ وہ دونوں باقی دن اور رات بھی چلتے رہے، یہاں تک کہ جب دوسرا دن ہوا۔ موسیٰؑ نے اپنے نوجوان سے کہا: ہمارا ناشتہ ہمارے پاس لاؤ۔ ہم تو اس سفر سے بہت تھک گئے ہیں۔ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے: موسیٰؑ نے اس وقت تک تھکان محسوس نہیں کی جب تک کہ وہ اس جگہ سے نہیں گزر گئے کہ جس کی بابت اللہ نے فرمایا تھا۔ ان کے نوجوان نے ان سے کہا کہ بتایئے (اب کیا ہوگا) جب ہم (آرام کے لئے) اس چٹان پر ٹھہرے تو میں مچھلی (کا خیال) بھول گیا اور مجھے یہ بات شیطان کے سوا کسی نے نہیں بھلائی اور اس نے سمندر میں عجیب طرح سے اپنی راہ لے لی۔ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے کہ وہ راستہ مچھلی کے آنے جانے کا تھا، پر موسیٰؑ اور ان کے نوجوان کو تعجب ہوا۔ موسیٰؑ نے یہ سن کر کہا کہ یہی وہ (مقام) ہے جس کی ہمیں تلاش تھی۔ پھر وہ اپنے پاؤں کے نشان دیکھتے ہوئے واپس لَوٹے۔ کہتے تھے کہ جب وہ اپنے قدموں کا کھوج لیتے لَوٹے یہاں تک کہ چٹان کے پاس پہنچے تو کیا دیکھتے ہیں کہ ایک شخص ہے جو کپڑا اوڑھے ہے۔ موسیٰؑ نے انہیں سلام کہا اور خضر نے جواب دیا: تمہارے ملک میں سلامتی کہاں؟ (موسیٰ نے) کہا: میں موسیٰ ہوں۔ خضر نے کہا: بنی اسرائیل کا موسیٰ؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ میں آپ کے پاس اس لئے آیا ہوں کہ جو راستی کی باتیں آپ کو سکھائی گئی ہیں وہ مجھے بھی سکھائیں۔ فرمایا: تو میرے ساتھ رہ کر ہرگز صبر نہیں کر سکے گا۔ اے موسیٰ! علم الٰہی میں سے مجھے ایک علم حاصل ہے جو اللہ ہی نے مجھے سکھایا ہے تو اُسے نہیں جانتا اور تجھے بھی علم الٰہی میں سے ایک علم حاصل ہے جو اللہ ہی نے تجھے سکھایا ہے، میں اُسے نہیں جانتا۔ موسیٰ نے کہا: اگر اللہ نے چاہا تو آپ مجھے صابر (مستقل مزاج) پائیں گے اور میں کسی بات میں آپ کی نافرمانی نہیں کروں گا۔ خضر نے ان سے کہا: اگر تمہیں میرے ساتھ ہی رہنا ہے تو پھر کسی بات کے متعلق مجھ سے نہ پوچھنا یہاں تک کہ میں خود ہی تم سے اس کا ذکر کروں۔ چنانچہ وہ دونوں سمندر کے کنارے کنارے چل پڑے۔ اتنے میں ایک کشتی گزری۔ انہوں نے کشتی والوں سے کہا کہ انہیں بھی سوار کرلیں۔ کشتی والوں نے خضر کو پہچان لیا اور اُن کو بغیر کرایہ لئے سوار کیا۔ جب وہ دونوں کشتی پر سوار ہوئے تو ابھی تھوڑی ہی دیر گزری تھی کہ یکایک خضر نے تیشے سے کشتی کے تختوں میں سے ایک تختہ نکال دیا۔ موسیٰؑ نے ان سے کہا: یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے بغیر کرایہ لئے ہمیں سوار کیا ہے۔ آپ ان کی کشتی پر لپکے ہیں اور اس میں شگاف کردیا ہے تا جو اِس کشتی میں ہیں ان کو غرق کردیں۔ آپ نے یقیناً (یہ) ایک ناپسندیدہ کام کیا ہے۔ خضر بولے: کیا میں نے (تجھے) نہیں کہا تھا (کہ) تُو میرے ساتھ رہ کر ہرگز صبر نہیں کر سکے گا۔ موسیٰؑ نے کہا: (اِس دفعہ) آپ مجھ پر گرفت نہ کریں کیونکہ میں (آپ کی ہدایت کو) بھول گیا تھا۔ اور آپ میری (اِس) بات کی وجہ سے مجھ پر سختی نہ کریں۔ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے: اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ پہلی غلطی موسیٰؑ سے بھول کر ہوئی۔ کہتے تھے: اور ایک چڑیا آئی اور آ کر کشتی کے کنارے پر بیٹھ گئی اور اس نے سمندر میں ایک چونچ ماری۔ یہ دیکھ کر خضر نے موسیٰؑ سے کہا: علم الٰہی سے جو علم مجھے اور تجھے حاصل ہوا ہے، اتنا ہی ہے جتنا اس چڑیا نے سمندر سے کم کیا ہے۔ پھر وہ دونوں کشتی سے نکلے، اس دوران کہ وہ سمندر کے کنارے چلے جارہے تھے، خضر نے ایک لڑکا دیکھا جو دوسرے لڑکوں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔ خضر نے اس کا سر پکڑا اور اپنے ہاتھ سے اسے اکھیڑ کر مار ڈالا۔ موسیٰؑ نے یہ دیکھ کر خضر سے کہا: کیا آپ نے ایک پاکیزہ نفس بغیر کسی نفس کے بدلے کے مار ڈالا ہے؟ آپ نے یقیناً (یہ) بہت بُرا کام کیا ہے۔ خضر نے کہا: کیا میں نے (تجھے) نہیں کہا تھا (کہ) تُو میرے ساتھ رہ کر ہرگز صبر نہیں کر سکے گا۔ موسیٰؑ نے کہا: یہ کام تو پہلے سے بھی زیادہ سخت (ناگوار) ہے۔ موسیٰؑ نے کہا: اگر اس کے بعد میں نے کسی بات کے متعلق آپ سے پوچھا تو (بیشک) آپ مجھے اپنے ساتھ نہ رکھئیے گا۔ (اور اس صورت میں) آپ یقیناً میری اپنی رائے کے مطابق معذور سمجھے جانے کی حد تک پہنچ چکے ہوں گے۔ پھر وہ (وہاں سے بھی) چل پڑے۔ یہاں تک کہ جب وہ ایک بستی کے لوگوں کے پاس پہنچے تو اس بستی کے باشندوں سے انہوں نے کھانا مانگا، مگر اُنہوں نے انہیں (اپنے) مہمان بنانے سے انکار کر دیا۔ پھر انہوں نے اس (بستی) میں ایک ایسی دیوار پائی جو گرنے کو تھی۔ کہتے تھے: جھکی ہوئی تھی۔ خضر اُٹھے اور آپ نے ہاتھ سے اس کو سیدھا کردیا۔ موسیٰؑ نے کہا: یہ ایسے لوگ ہیں کہ ہم ان کے پاس آئے۔ انہوں نے ہمیں کھانے کو نہ دیا اور نہ ہمیں مہمان ٹھہرایا۔ اگر آپ چاہتے تو یقیناً اس کی کچھ (نہ کچھ) اُجرت لے سکتے تھے۔ خضر نے کہا: یہ میرے درمیان اور تمہارے درمیان جدائی (کا وقت) ہے۔…… (پھر انہوں نے) اس آیت تک (پڑھا جس میں ذکر ہے) کہ یہ اُس بات کی حقیقت ہے جس پر تو صبر نہیں کر سکا۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ واقعہ بیان کرکے فرمایا: ہمیں یہ خواہش ہی رہ گئی کہ موسیٰؑ صبر کرتے تا اللہ ان دونوں کے حالات ہم سے بیان کرتا۔ سعید بن جبیر نے کہا: حضرت ابن عباسؓ اس آیت کو یوں پڑھا کرتے تھے: وَكَانَ أَمَامَهُمْ مَلِكٌ اور ان کے آگے ایک بادشاہ تھا جو ہر صحیح کشتی کو زبردستی چھین لیتا تھا۔ اور پڑھتے تھے کہ یہ جو لڑکا تھا وہ کافر تھا اور اس کے ماں باپ مومن تھے۔
صحیح بخاری 4731
ابو نعیم (فضل بن دکین) نے ہم سے بیان کیا کہ عمر بن ذر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ سعید بن جبیر سے، سعید حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے کہ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے جبرائیل سے پوچھا۔ آپ جو ہم سے ملاقات کرنے آتے ہیں اس سے زیادہ بار ملاقات کیوں نہیں کرتے۔ تو یہ آیت نازل ہوئی: وَ مَا نَتَنَزَّلُ اِلَّا… اور ہم نہیں اُترتے مگر تیرے ربّ کے حکم سے۔ اس کا ہے جو ہمارے سامنے ہے اور جو ہمارے پیچھے ہے۔
صحیح بخاری 4737
یعقوب بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا کہ روح (بن عبادہ) نے ہمیں بتایا، شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبشر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ مدینہ میں آئے اور یہود عاشورہ کا روزہ رکھا کرتے تھے، آپؐ نے اُن سے پوچھا تو وہ کہنے لگے: یہ وہ دن ہے جس میں حضرت موسیٰؑ فرعون پر غالب آئے۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا: ہم ان سے زیادہ موسیٰؑ سے تعلق رکھنے والے ہیں اس لئے تم بھی اس دن روزہ رکھو۔
صحیح بخاری 4740
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے مغیرہ بن نعمان سے جو نخع قبیلے کے بوڑھے آدمی تھے، مغیرہ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ اُنہوں نے کہا: نبی کریم ﷺ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: اللہ کے سامنے تمہیں اکٹھا کرکے لے جایا جائے گا ننگے پاؤں، ننگے بدن، بے ختنہ ہوگے۔ اسی طرح جس طرح کہ ہم نے پہلی پیدائش شروع کی تھی ہم تمہیں دوبارہ پیدا کریں گے۔ یہ وعدہ ہم نے اپنے اوپر لازم کیا ہے۔ ہم ضرور ایسا ہی کرنے والے ہیں۔ پھر جو شخص قیامت کے روز پہلے پہل پہنایا جائے گا ابراہیمؑ ہوں گے۔ دیکھو سنو میری اُمت میں سے بعض لوگ حاضر کئے جائیں گے۔ پھر اُنہیں پکڑ کر بائیں طرف لے جائیں گے۔ میں عرض کروں گا: اے میرے ربّ ! یہ تو میرے ساتھی ہیں۔ کہا جائے گا: تم نہیں جانتے اِنہوں نے تمہارے بعد کیا نئی نئی باتیں کیں تو میں اسی طرح کہوں گا جس طرح اس نیک بندے نے کہا تھا: وَ كُنْتُ عَلَيْهِمْ شَهِيْدًا…یعنی اور جب تک میں اُن میں (موجود) رہا میں اُن کا نگران رہا مگر جب تو نے میری روح قبض کر لی تو تُو ہی اُن پر نگران تھا (میں نہ تھا) اور تو ہر چیز پر نگران ہے۔ تب کہا جائے گا کہ یہ لوگ جب سے تم اِن سے جدا ہوئے ہو اپنی ایڑیوں کے بل ہی پھرے رہے۔
صحیح بخاری 4742
ابراہیم بن حارث نے مجھے بتایا کہ یحيٰ بن ابی بُکَیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا) اسرائیل نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے ابو حصین سے، ابو حصین نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ اُنہوں نے کہا: وَ مِنَ النَّاسِ مَنْ يَّعْبُدُ اللّٰهَ عَلٰى حَرْفٍ سے یہ مراد ہے کہ کوئی شخص مدینہ میں آتا اور اگر اس کی بیوی لڑکا جنتی اور اس کی گھوڑی بچہ دیتی تب وہ کہتا یہ دین بہت اچھا ہے، اور اگر اس کی بیوی بچہ نہ جنتی اور نہ گھوڑی بچھیرا جنتی تو کہتا یہ بُرا دین ہے۔
صحیح بخاری 4746
سلیمان بن داؤد ابوالربیع نے مجھ سے بیان کیا کہ فلیح نے ہم سے بیان کیا اُنہوں نے زہری سے، زہری نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کی کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! بھلا بتائیں کہ ایک شخص اپنی بیوی کے ساتھ کسی غیر مرد کو دیکھے تو کیا وہ اسے مار ڈالے اور پھر آپ لوگ قاتل کو مار ڈالیں گے یا وہ کیا کرے۔ چنانچہ اللہ نے ان دونوں کی نسبت وحی نازل کی جو قرآن میں مذکور ہے یعنی لعان کرنے کی۔ رسول اللہ ﷺ نے اسے فرمایا: تمہارے اور تمہاری بیوی کے بارے میں فیصلہ ہو چکا ہے۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: ان دونوں نے لعان کیا اور میں اس وقت رسول اللہ ﷺ کے پاس موجود تھا اور پھر وہ اس عورت سے الگ ہو گیا۔ اس کے بعد یہی طریق ہو گیا کہ لعان کرنے والوں کو ایک دوسرے سے الگ کر دیا جاتا۔ اور وہ حاملہ تھی۔ اس شخص نے اس کے حمل سے انکار کر دیا (کہ یہ میرا نہیں) اور اس عورت کا بیٹا اپنی ماں کی طرف منسوب کیا جاتا تھا۔ پھر وراثت میں بھی یہی طریق جاری ہوا کہ بچہ ماں کا وارث ہوتا اور ماں اس کی جائیداد سے اتنے حصے کی وراث ہوتی جو اللہ نے اس کے لئے مقرر کیا ہے۔
صحیح بخاری 4761
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: منصور (بن معتمر) اور سلیمان (اعمش) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابووائل سے، ابووائل نے ابومیسرہ (عمرو بن شرحبیل) سے، ابومیسرہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ (دوسری سند میں سفیان ثوری نے) کہا اور واصل (بن حیان اسدی کوفی) نے بھی مجھے بتایا۔ انہوں نے ابووائل (شقیق بن سلمہ) سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے پوچھا یا (کہا کہ) رسول اللہ ﷺ سے پوچھا گیا: اللہ کے نزدیک کونسا گناہ بہت بڑا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: یہ کہ تم اللہ کا شریک بناؤ بحالیکہ اس نے تمہیں پیدا کیا ہے۔ میں نے پوچھا: پھر کون سا ؟ آپؐ نے فرمایا: پھر یہ کہ تم اپنی اولاد کو اس خوف سے مار ڈالو کہ وہ تمہارے ساتھ کھائیں گے۔ میں نے پوچھا: پھر (اس کے بعد) کونسا؟ آپؐ نے فرمایا: یہ کہ تم اپنے پڑوسی کی بیوی سے زنا کرو۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کہتے تھے کہ یہ آیت رسول اللہ ﷺ کے قول کی تصدیق میں نازل ہوئی ہے: اور وہ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ اللہ کے سوا کسی اور معبود کو نہیں پکارتے اور نہ کسی جان کو جسے اللہ نے حفاظت بخشی ہو قتل کرتے ہیں سوائے (شرعی) حق کے۔ اور نہ زنا کرتے ہیں۔