باب 2: باب {غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلاَ الضَّالِّينَ}
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 4762
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ان کو خبر دی، کہا: قاسم بن ابی بزہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے پوچھا کہ کیا اس شخص کی بھی کوئی توبہ ہے جس نے مومن کو عمداً مار ڈالا۔ میں نے ان کے سامنے یہ آیت پڑھی وَ لَا يَقْتُلُوْنَ النَّفْسَ الَّتِيْ حَرَّمَ اللّٰهُ اِلَّا بِالْحَقِّ تو سعید نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ کے سامنے یہی آیت پڑھی تھی جس طرح آپ نے میرے سامنے پڑھی ہے تو انہوں نے کہا یہ مکی آیت ہے۔ ایک مدنی آیت نے یہ آیت منسوخ کر دی ہے۔ یعنی وہ آیت جو سورۃ النساء میں ہے (یعنی وَمَنْ يَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَآؤُهٗ جَهَنَّمُ…)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4763
محمد بن بشار نے مجھے بتایا۔ غندر (محمد بن جعفر) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ بن نعمان سے، مغیرہ نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: کوفہ والوں نے مومن کے قتل کی نسبت اختلاف کیا ہے اس لئے میں اس بارے میں دریافت کرنے کے لئے حضرت ابن عباسؓ کے پاس سفر کرکے گیا۔ انہوں نے کہا کہ آیت (وَ مَنْ يَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا) آخر میں نازل ہوئی تھی اور اسے کسی آیت نے منسوخ نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4764
ہمیں آدم (بن ابی ایاس) نے بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ منصور نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اللہ تعالیٰ کے قول فَجَزَآؤُهٗ جَهَنَّمُ کی بابت پوچھا۔ انہوں نے کہا: اس کی کوئی توبہ نہیں۔ اور اللہ عزوجل کے قول لَا يَدْعُوْنَ مَعَ اللّٰهِ اِلٰهًا اٰخَرَ کے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا: یہ آیت زمانہ جاہلیت سے متعلق ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4770
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن مرہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب یہ آیت وَ اَنْذِرْ عَشِيْرَتَكَ الْاَقْرَبِيْنَ نازل ہوئی تو نبی ﷺ صفا پہاڑی پر چڑھے اور بلند آواز سے پکارنے لگے: اے بنی فہر! اے بنی عدی! اسی طرح آپؐ نے قریش کے چند خاندانوں کا نام لیا اور وہ جمع ہوگئے، جو آدمی خود نہ آسکتا تھا وہ اپنی جگہ دوسرا آدمی بھیج دیتا کہ دیکھیں کیا معاملہ ہے۔ ابولہب اور قریش آئے۔ آپؐ نے فرمایا: بھلا بتلاؤ تو سہی اگر میں تم کو یہ خبر دوں کہ کچھ سوار اس وادی میں ہیں جو تم پر چھاپہ مارنا چاہتے ہیں کیا تم مجھے سچا سمجھو گے؟ انہوں نے کہا: جی ہاں، آپؐ کی نسبت ہمارا تجربہ یہی ہے کہ آپؐ راستباز ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر میں ایک سخت عذاب آنے سے قبل تمہیں آگاہ کرتا ہوں۔ ابولہب نے یہ سن کر کہا: سارا دن تمہیں گھاٹا ہی رہے، کیا اس غرض کے لئے تم نے ہمیں اکٹھا کیا ہے۔ اس لئے یہ آیت نازل ہوئی کہ ابولہب کے دونوں ہاتھ تباہ ہوں اور وہ خود بھی تباہ ہو، نہ اس کا مال اسے کاری آیا نہ وہ جو اُس نے کمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4771
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی، کہا: سعید بن مسیب اور ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: جب اللہ نے وَ اَنْذِرْ عَشِيْرَتَكَ الْاَقْرَبِيْنَ کا ارشاد نازل فرمایا تو رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور فرمایا: اے قریش کے لوگو! یا کوئی ایسا ہی کلمہ فرمایا: اللہ سے اپنی جانوں کا سودا کر لو۔ اللہ کے حضور میں تمہارے کچھ کام نہیں آؤں گا۔ اے بنی عبدمناف! اللہ کے حضور میں تمہارے کچھ کام نہیں آؤں گا۔ اے عباس بن عبد المطلب! اللہ کے حضور میں تمہارے کچھ کام نہیں آؤں گا۔ اے صفیہ رسول اللہ ﷺ کی پھوپھی! میں اللہ کے حضور تمہارے کچھ کام نہیں آؤں گا۔ اور اے فاطمہ محمد ﷺ کی بیٹی! تم جو چاہو میرے مال میں سے لے لو مگر اللہ کے حضور میں تمہارے کچھ کام نہیں آؤں گا۔ اور ابوالیمان کے سوا اصبغ (بن فرج) نے (عبداللہ) بن وہب سے، انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے یہی حدیث روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4773
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ یعلیٰ (بن عبید) نے ہمیں خبر دی کہ سفیان (بن دینار) عُصفری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: آیت لَرَآدُّكَ اِلٰى مَعَادٍ سے یہ مراد ہے کہ وہ تجھے مکہ میں واپس لے جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4774
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا، (کہا:) منصور اور اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ کوئی شخص کندہ قبیلے میں باتیں کر رہا تھا، وہ کہنے لگا: قیامت کے روز دُھواں آئے گا اَور وہ منافقوں کی شنوائی اور بینائی بے کار کر دے گا اور اس سے مومن کو بھی زکام ہو جائے گا۔ ہم یہ سن کر گھبرا گئے اور میں حضرت ابن مسعودؓ کے پاس آیا اور وہ تکیہ لگائے ہوئے تھے یہ سن کر انہیں غصہ آیا اور بیٹھ گئے اور کہنے لگے۔ جس کو علم ہو، چاہیئے کہ وہ بیان کرے اور جسے علم نہ ہو کہنا چاہیے کہ اللہ بہتر جانتا ہے اور یہ بھی علم کی علامت ہے کہ جو بات نہیں جانتا اس کی نسبت کہے کہ میں نہیں جانتا کیونکہ اللہ نے اپنے نبی (ﷺ) سے فرمایا ہے: کہہ کہ میں اس پر تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا اور میں بناوٹ کرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ اور ہوا یہ تھا کہ قریش نے اسلام قبول کرنے میں دیر کی تو نبی ﷺ نے ان کے خلاف دعا کی۔ عرض کیا: اے اللہ! ان کو مغلوب کرنے کے لئے میری مدد ایسے سات سالوں سے فرما جو یوسف کے سات سالوں جیسے ہوں۔ چنانچہ قحط نے انہیں ایسا پکڑا کہ وہ اس میں ہلاک ہوئے اور اُنہوں نے اس میں مردار اور ہڈیاں کھائیں اور آسمان اور زمین کے درمیان کی فضا آدمی کو دھوئیں کی طرح دکھائی دیتی تھی۔ تب ابوسفیان آپؐ کے پاس آیا اور اس نے کہا: محمدؐ! آپؐ آئے تھے صلہ رحمی کا ہمیں حکم دینے اور حالت یہ ہے کہ آپؐ کی قوم ہلاک ہوگئی ہے۔ پس اللہ سے دعا کریں۔ تو آپؐ نے یہ آیت پڑھی: فَارْتَقِبْ يَوْمَ… یعنی اس روز کا انتظار کر جب آسمان ایک کھلا کھلا دُھواں لائے گا… ہم عذاب کو تھوڑی دیر کے لیے ہٹا دیں گے مگر تم پھر وہی (کرتوتیں) کرنے لگ جاؤ گے۔ تو کیا آخرت کا عذاب جب آئے گا تو اُن سے ہٹا دیا جائے گا۔ اس کے بعد قریش پھر اسی طرح انکار کرنے لگے اور یہی وہ (انکار) ہے جس کی نسبت اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: يَوْمَ نَبْطِشُ الْبَطْشَةَ الْكُبْرٰى یعنی جس روز ہم بہت بڑی گرفت میں پکڑیں گے۔ اس سے مراد غزوہ بدر ہے اور لِزَامًا سے بھی یہی غزوہ بدر مراد ہے۔ الٓـمّٓ۰۰غُلِبَتِ الرُّوْمُ۰۰ اور یہ روم کا واقعہ بھی گزر چکا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4777
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے جریر (بن عبدالحمید) سے، جریر نے ابوحیان (يحيٰ بن سعید) سے، انہوں نے ابوزُرعہ سے، ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ ایک دن لوگوں کے لئے باہر بیٹھے ہوئے تھے کہ اتنے میں ایک شخص سامنے سے آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! ایمان کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ایمان یہ ہے کہ تو اللہ، اس کے ملائکہ، اس کے رسولوں اور اس کی ملاقات پر یقین رکھے اور اس بات پر یقین کرے کہ (مرنے کے بعد) دوبارہ زندگی ہے۔ اس نے کہا: (یا رسول اللہ!) اسلام کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اسلام یہ ہے کہ تو اللہ کی عبادت کرے اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائے اور نماز سنوار کر ادا کرے اور زکوٰۃ دے جو فرض کی گئی ہے اور رمضان میں روزے رکھے۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! احسان کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: احسان یہ ہے کہ تو اللہ کی اس طرح عبادت کرے گویا کہ تو اسے دیکھ رہا ہے اگر یہ نہیں کہ تم اسے دیکھ رہے ہو تو پھر اتنا تو ہو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔ وہ کہنے لگا: یا رسول اللہ! وہ گھڑی کب ہوگی؟ آپؐ نے فرمایا: جس شخص سے اس کی بابت پوچھا جارہا ہے وہ پوچھنے والے سے زیادہ نہیں جانتا مگر میں تمہیں اس کی علامتیں بتائے دیتا ہوں۔ جب عورت اپنے مالک کو جنے گی تو یہ اس کی علامتوں میں سے ایک علامت ہے اور جب ننگے پاؤں، ننگے بدن (آوارہ گرد) لوگوں کے سردار ہوں گے۔ یہ بات بھی اس کی علامتوں میں سے ہے۔ اس گھڑی کا علم ان پانچ باتوں میں سے ہے جنہیں اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ (پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی) اِنَّ اللّٰہَ عِنۡدَہٗ عِلۡمُ السَّاعَۃِ ۚ وَیُنَزِّلُ الۡغَیۡثَ ۚ وَیَعۡلَمُ مَا فِی الۡاَرۡحَامِ … پھر اس کے بعد وہ شخص واپس چلا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے میرے پاس واپس لے آؤ۔ صحابہ اسے واپس بلانے کے لئے گئے مگر انہوں نے کچھ نہ دیکھا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ جبرائیل ہیں جو اس لئے آئے تھے کہ لوگوں کو ان کا دین سکھائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4778
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا، کہا کہ عمر بن محمد بن زید بن عبداللہ بن عمر نے مجھ سے بیان کیا۔ ان کے باپ نے انہیں بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: غیب کی چابیاں پانچ ہیں۔ یہ کہہ کر آپؐ نے پھر یہ آیت پڑھی: اِنَّ اللّٰهَ عِنْدَهٗ عِلْمُ السَّاعَةِ… یعنی اللہ ہی کو اس گھڑی کا علم ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4782
معلی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مختار نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: سالم نے مجھے بتایا۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضرت زید بن حارثہؓ جو رسول اللہ ﷺ کے غلام تھے، ہم انہیں زید بن محمدؐ ہی کہہ کر پکارا کرتے تھے۔ یہاں تک کہ قرآن کی یہ آیت نازل ہوئی اُدْعُوْهُمْ لِاٰبَآىِٕهِمْ … یعنی ان کو ان کے باپوں کی طرف منسوب کرکے پکارو یہی بات اللہ کے نزدیک درست ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4801
علی بن عبداللہ نے ہمیں بتایا کہ محمد بن خازم نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن مرہ سے، عمرو نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبیﷺ ایک دن صفا پہاڑ پر چڑھے، آپؐ نے يَا صَبَاحَاهْ پکارا۔ یہ پکار سن کر قریش کے لوگ آپؐ کے پاس اکٹھے ہو گئے۔ پوچھنے لگے: تمہیں کیا ہوا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: بتلاؤ تو سہی اگر میں تم کو یہ خبر دوں کہ دشمن تم پر صبح یا شام کو چھاپہ مارے گا تو کیا تم مجھے سچا سمجھو گے؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں ضرور۔ آپؐ نے فرمایا: پھر میں تمہیں ایک سخت عذاب آنے سے پہلے ڈراتا ہوں۔ ابولہب نے یہ سن کر کہا: بُرا ہو تیرا۔ کیا اس بات کے لئے تم نے ہمیں اکٹھا کیا تھا۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: تَبَّتْ اَبِيْ لَهَبٍ …
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4808
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ رَوح (بن عبادہ) اور محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے محمد بن زیاد سے، محمد نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جنوں میں سے ایک گھناؤنی شکل کا دیو کل رات مجھ پر ٹوٹ پڑا، یا کوئی ایسا ہی کلمہ فرمایا کہ مجھے ڈرا کر نماز توڑ دے۔ اللہ نے مجھے اس پر قابو دے دیا اور میں نے چاہا کہ اس کو مسجد کے ایک ستون سے باندھ دوں۔ تاکہ جب تم صبح اٹھو، تو تم سب اس کو دیکھو۔ مگر میں نے اپنے بھائی سلیمانؑ کا یہ قول یاد کیا: رَبِّ هَبْ لِيْ… یعنی اے میرے ربّ! مجھے ایسی بادشاہت دے جو میرے بعد کسی کو میسر نہ ہو۔ رَوح نے کہا: پھر آپؐ نے اس کو دھتکار دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4811
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عبیدہ (سلمانی) سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: یہود کے علماء میں سے ایک عالم رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: اے محمد! ہم (اپنی کتابوں میں) یہ پاتے ہیں کہ اللہ آسمانوں کو ایک انگلی پر اور زمینوں کو ایک انگلی پر اور درختوں کو ایک انگلی پر اور پانی اور مٹی ایک انگلی پر اور باقی سب مخلوق کو ایک انگلی پر رکھے گا، پھر کہے گا: میں بادشاہ ہوں۔ نبی ﷺ یہ سن کر اتنا ہنسے کہ آپؐ کی داڑھیں نظر آنے لگیں۔ اس عالم کے قول کی تصدیق میں پھر رسول اللہ ﷺ نے یہ آیت پڑھی: اور اُن لوگوں نے اللہ کی صفات کا صحیح اندازہ نہیں لگایا۔ حالانکہ زمین سب کی سب اس کی مملوکہ ہے۔ اور آسمان (اور زمین دونوں) قیامت کے دن اس کے دائیں ہاتھ میں لپٹے ہوئے ہوں گے۔ وہ پاک ہے اور ان کے شرکیہ عقیدوں سے بہت بالا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4817
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے مجاہد سے، مجاہد نے ابومعمر سے، ابومعمر نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: بیت اللہ کے پاس دو قریشی اور ایک ثقفی یا دو ثقفی اور ایک قریشی اکٹھے ہوئے۔ ان کے پیٹوں کی چربی بہت تھی، ان کے دلوں کی سمجھ کم تھی تو اُن میں سے ایک نے کہا: کیا تم سمجھتے ہو کہ اللہ جو ہم کہہ رہے ہیں سنتا ہے؟ دوسرے نے کہا: سنتا ہے اگر ہم اُونچا بولیں اور نہیں سنتا اگر ہم آہستہ بات کریں۔ اور تیسرے نے کہا: اگر وہ ہماری بات جب اونچی کریں سنتا ہے تو یقیناً وہ اس وقت بھی سنتا ہوگا جب ہم آہستہ کریں۔ تب اللہ عزو جلّ نے یہ وحی نازل کی: اور تم ایسے نہیں ہو کہ اس سے پوشیدہ رہو کہ تمہارے برخلاف تمہارے کان گواہی دیں اور نہ تمہاری آنکھیں اور نہ تمہارے جسم۔ اور سفیان (بن عیینہ) ہم سے یہ حدیث بیان کرتے تھے اور کہتے تھے کہ ہم سے منصور (بن معتمر) یا (عبداللہ) ابن ابی نجیح نے یا حمید (بن قیس) میں سے ایک نے یا ان میں سے دو نے بیان کیا۔ پھر بعد میں وہ منصور کا ہی نام لیتے رہے اور باقیوں کا نام لینا چھوڑ دیا اور اس طرح یہ حدیث انہوں نے کئی دفعہ بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4821
یحيٰ (بن موسیٰ بلخی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابو معاویہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے مسلم سے، مسلم نے مسروق سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کہتے تھے: یہ اس لئے ہوا تھا کہ قریش جب نبی ﷺ کے مقابل اَڑ گئے تو آپؐ نے ان پر سات سال قحط کی دعا کی جو حضرت یوسفؑ کے سالوں کی طرح ہوں۔ چنانچہ ان کو قحط اور سخت مصیبت پہنچی۔ یہاں تک کہ انہوں نے ہڈیاں کھائیں اور آدمی فضا میں دیکھتا تو اپنے اور اس کے درمیان مارے بھوک کی تکلیف کے دھواں سا دیکھتا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی تھی: پس تُو اُس دن کا انتظار کر جس دن آسمان پر ایک کھلا کھلا دُھواں ظاہر ہو گا، جو سب لوگوں پر چھا جائے گا، یہ دردناک عذاب ہوگا۔ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ کے پاس کوئی آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! مضر کے لیے اللہ سے بارش کی دعا کیجئے۔ کیونکہ وہ تو ہلاک ہوگئے۔ آپؐ نے فرمایا: مضر کے لئے تم بھی عجب دلیر ہو، تو آپؐ نے بارش کے لئے دعا کی اور اُن پر بارش برسی۔ (اور اس کے متعلق یہ) آیت نازل ہوئی تھی۔ یعنی تم پھر ویسے کے ویسے ہوجاؤ گے۔ جب ان کو ذرا آسائش ملی تو پھر آسائش ملنے پر اپنی اسی حالت میں لوٹ گئے۔ مگر اللہ عزو جل نے یہ آیت بھی نازل کی تھی کہ جس دن ہم بڑی گرفت میں تم کو لے آئیں گے (تم پر کُھل جائے گا کہ) ہم انتقام لینے پر قادر ہیں۔ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) کہتے تھے: (بَطْشَة سے) مراد جنگ بدر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4828
احمد (بن عیسیٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن حارث) نے ہمیں خبر دی کہ ابونضر (سالم) نے اُن سے بیان کیا۔ ابونضر نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کو کبھی اتنا ہنستے نہیں دیکھا کہ میں آپؐ کا حلق دیکھتی، بلکہ آپؐ صرف مسکرایا ہی کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4829
فرماتی تھیں: جب آپؐ اَبر یا آندھی دیکھتے تو آپؐ کے چہرے سے معلوم ہوتا (کہ آپؐ متفکر ہیں۔ حضرت عائشہؓ نے) کہا: یا رسول اللہ! لوگ تو جب بادل دیکھتے ہیں تو خوش ہوتے ہیں اس امید سے کہ اس میں بارش ہوگی اور میں آپؐ کو دیکھتی ہوں کہ جب بھی آپؐ بادل دیکھیں تو آپؐ کے چہرے سے ناگواری معلوم ہوتی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: عائشہؓ! مجھے کیا اطمینان کہ اس میں وہ آندھی کا عذاب نہ ہوگا جو ایک قوم کو دیا گیا۔ حالانکہ اس قوم نے عذاب کو دیکھا اور کہنے لگے: یہ بادل ہے جو ہم پر برسے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4836
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں خبر دی۔ زیاد (بن علاقہ) نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت مغیرہؓ (بن شعبہ) سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ (نماز میں) اتنا کھڑے ہوئے کہ آپؐ کے پاؤں سوج گئے۔ آپؐ سے کہا گیا: اللہ نے آپؐ کو پہلے بھی گناہوں سے محفوظ رکھا ہے اور بعد میں بھی۔ آپؐ نے فرمایا: پھر کیا میں شکر گزار بندہ نہ بنوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4837
حسن بن عبدالعزیز نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن یحيٰ نے ہمیں بتایا کہ حیوہ (بن شریح) نے ہمیں خبر دی۔ حیوہ نے ابوالاسود (محمد بن عبدالرحمٰن) سے روایت کی۔ انہوں نے عروہ سے سنا۔ عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ رات کو (نماز میں) اتنا کھڑا رہتے تھے کہ آپؐ کے پاؤں پھٹ جاتے۔ یہ دیکھ کر حضرت عائشہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ ایسا کیوں کرتے ہیں۔ حالانکہ اللہ نے آپؐ کو پہلے بھی گناہوں سے محفوظ رکھا ہے اور بعد میں بھی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا مجھے پسند نہیں کہ شکر گزار بندہ ہو جاؤں۔ جب آپؐ کا جسم فربہ ہوا تو آپؐ بیٹھ کر نماز پڑھتے۔ جب رکوع کرنا چاہتے اٹھ کھڑے ہوتے اور کچھ (قرآن مجید) پڑھ کر رکوع کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4847
حسن بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ حجاج (بن محمد اعور) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی، کہا: مجھے ابن ابی ملیکہ نے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے اُن کو بتایا کہ بنی تمیم کا ایک قافلہ نبی ﷺ کے پاس آیا اور حضرت ابوبکرؓ نے کہا: قعقاع بن معبد کو امیر بنائیں اور حضرت عمرؓ نے کہا: نہیں، بلکہ اقرع بن حابسؓ کو امیر بنائیں۔ (یہ سن کر) حضرت ابوبکرؓ نے کہا: تم میری مخالفت ہی کرنا چاہتے ہو۔ حضرت عمرؓ نے کہا: میں نے آپؓ کی مخالفت کا ارادہ نہیں کیا اور دونوں آپس میں جھگڑ پڑے۔ یہاں تک کہ ان کی آوازیں بلند ہوئیں تو اس بارہ میں یہ آیت آخر تک نازل ہوئی: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تُقَدِّمُوْا بَيْنَ يَدَيِ اللّٰهِ وَرَسُوْلِهٖ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah