کتاب 4: باب وَقَوْلُهُ تَعَالَى {وَظَلَّلْنَا عَلَيْكُمُ الْغَمَامَ وَأَنْزَلْنَا عَلَيْكُمُ الْمَنَّ وَالسَّلْوَى كُلُوا مِنْ طَيِّبَاتِ مَا رَزَقْنَاكُمْ وَمَا ظَلَمُونَا وَلَكِنْ كَانُوا أَنْفُسَهُمْ يَظْلِمُونَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4478
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک سے، عبدالملک نے حضرت عمرو بن حُرَیثؓ سے، حضرت عمروؓ نے حضرت سعید بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کھمبی بھی مَنّ ہی ہے اور اس کا پانی آنکھوں کے لئے شفا کا موجب ہوتا ہے۔
صحیح بخاری 4553
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن یوسف) سے، ہشام نے معمر سے روایت کی۔ اور عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے بتایا، کہا: حضرت ابن عباسؓ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: ابوسفیان نے مجھ سے بالمشافہ بات کی، کہا: میں اس میعادی صلح کے دوران جو میرے اور رسول اللہ ﷺ کے درمیان تھی چلا گیا، کہا: اس اثنا میں کہ مَیں شام میں تھا، نبی ﷺ کا ایک خط ہرقل کے پاس لایا گیا، کہا: اور دحیہ کلبیؓ وہ خط لائے اور انہوں نے وہ بصریٰ کے سردار کے سپرد کیا اور بصریٰ کے سردار نے ہرقل کو پہنچا دیا، کہا: ہرقل نے پوچھا: کیا اس شخص کی قوم میں سے جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے کوئی یہاں ہے؟ لوگوں نے کہا: ہاں۔ ابوسفیان نے کہا: چنانچہ قریش کے چند لوگوں سمیت مجھے بلایا گیا۔ ہم ہرقل کے پاس آئے تو ہمیں اس کے سامنے بٹھا دیا گیا۔ ہرقل نے پوچھا: تم میں سے کون اس شخص کا زیادہ قریبی رشتہ دار ہے جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے؟ ابوسفیان نے بیان کیا کہ میں نے کہا: میں ہوں۔ تب انہوں نے مجھے اس کے سامنے بٹھایا اور میرے ساتھیوں کو میرے پیچھے بٹھایا۔ پھر اس نے اپنے ترجمان کو بلایا اور اس سے کہا: ان لوگوں سے کہو کہ میں اس سے اس شخص کے متعلق جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے پوچھنے لگا ہوں۔ اگر اس نے مجھ سے جھوٹ کہا تو تم اس کو جھٹلا دینا۔ ابوسفیان کہتے تھے: اللہ کی قسم! اگر یہ خیال نہ ہوتا کہ میرے ساتھی میرے متعلق جھوٹ کا چرچا کریں گے تو میں ضرور جھوٹ بولتا۔ پھر اس نے اپنے ترجمان سے کہا: اس سے پوچھو تم میں اس کا خاندان کیسا ہے؟ کہتے تھے، میں نے کہا: وہ ہم میں خاندانی ہے۔ ہرقل نے پوچھا: کیا اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ بھی ہوا ہے؟ کہتے تھے، میں نے کہا: نہیں۔ کہنے لگا: تو کیا پیشتر اس کے کہ وہ دعویٰ کرتا جو اس نے کیا تم اسے جھوٹ سے متہم کرتے تھے؟ میں نے کہا: نہیں۔ اس نے پوچھا: کیا لوگوں میں سے بڑے بڑے اس کی پیروی کرتے ہیں، یا اُن میں سے کمزور؟ کہتے تھے، میں نے کہا: (بڑے نہیں) بلکہ ان میں سے کمزور۔ پوچھا: کیا وہ بڑھ رہے ہیں یا گھٹ رہے ہیں؟ کہتے تھے، میں نے کہا: نہیں، بڑھ رہے ہیں۔ اس نے پوچھا: کیا ان میں سے کوئی اپنے دین سے اس میں داخل ہونے کے بعد دین سے نفرت کرنے کی وجہ سے مرتد بھی ہوتا ہے؟ کہتے تھے، میں نے کہا: نہیں۔ اس نے پوچھا: کیا تم نے اس سے جنگ بھی کی؟ کہتے تھے، میں نے کہا: ہاں۔ اس نے پوچھا: پھر اس سے تمہاری لڑائی کیسی رہی؟ کہتے تھے، میں نے کہا: لڑائی ہمارے اور اس کے درمیان ڈول کی طرح ہے۔ کبھی اسے ہم سے نقصان پہنچتا ہے، کبھی ہم اس سے نقصان اُٹھاتے ہیں۔ پوچھا: کیا وہ عہد شکنی بھی کرتا ہے؟ کہتے تھے، میں نے کہا: نہیں۔ اور اب ہم اس کی طرف سے ایک میعادی صلح میں ہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ اس میں وہ کیا کچھ کرنے والا ہے۔ ابوسفیان کہتے تھے: اللہ کی قسم! کسی بات نے موقع نہیں دیا کہ اس میں اپنی طرف سے کچھ کہوں سوائے اس بات کے۔ اس نے پوچھا: کیا کسی نے اس سے پہلے یہ دعویٰ کیا ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ پھر اس کے بعد اس نے اپنے ترجمان سے کہا: اس سے کہہ میں نے تم سے اس کے خاندان سے متعلق پوچھا تھا کہ وہ تم میں کیسا ہے؟ تو تم نے کہا ہے کہ وہ ہم میں خاندانی ہے اور رسول بھی اس طرح اپنی قوم کے شریف خاندانوں ہی میں سے ہوتے ہیں اور میں نے تم سے پوچھا: کیا اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ بھی ہوا ہے؟ تو تم نے کہا: نہیں۔ میں نے خیال کیا: اگر اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ ہوا ہو تو میں سمجھتا کہ ایک ایسا شخص ہے جو اپنے باپ دادوں کی بادشاہت کا خواہاں ہے اور میں نے تم سے اس کے پیرؤوں کی بابت پوچھا تھا: کیا وہ لوگوں میں سے کمزور ہیں یا ان میں سے بڑے بڑے لوگ؟ تو تم نے کہا: نہیں، ان میں سے کمزور اور یہی لوگ رسولوں کے پیرو ہوتے ہیں اور میں نے تم سے پوچھا: کیا جو اس نے دعویٰ کیا ہے اس دعویٰ کرنے سے پہلے تم اس کو جھوٹ سے متہم کرتے تھے؟ تم نے کہا: نہیں۔ میں اس سے سمجھ گیا کہ وہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ لوگوں پر تو جھوٹ ترک کرے اور اللہ پر جھوٹ باندھنے لگے اور میں نے تم سے پوچھا: کیا ان میں سے کوئی اپنے دین سے اس میں داخل ہونے کے بعد اس دین سے نفرت کرنے کی وجہ سے مرتد بھی ہوتا ہے؟ تم نے کہا: نہیں، اور ایمان کی یہی حالت ہوتی ہے جب وہ دلوں کی بشاشت میں سما جاتا ہے اور میں نے تم سے پوچھا تھا: کیا وہ بڑھ رہے ہیں یا گھٹ رہے ہیں تو تم نے کہا: بڑھ رہے ہیں اور ایمان کا یہی حال ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ کمال کو پہنچ جائے اور میں نے تم سے پوچھا تھا: کیا تم نے کبھی اس سے لڑائی بھی کی؟ تم نے کہا کہ ہم نے اس سے جنگ کی اور جنگ تمہارے اور اس کے درمیان ڈول کی طرح ہے۔ کبھی وہ تم سے نقصان اُٹھاتا ہے اور کبھی تم اس سے نقصان اٹھاتے ہو اور رسولوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے مگر آخر انجام انہی کا ہوتا ہے اور پھر میں نے تم سے پوچھا: کیا وہ عہد شکنی کرتا ہے؟ تم نے کہا: نہیں۔ اسی طرح رسولوں کا حال ہوتا ہے کہ وہ عہد شکنی نہیں کرتے اور میں نے تم سے پوچھا: کیا اس سے پہلے کسی نے یہ دعویٰ کیا؟ تم نے کہا: نہیں۔ میں نے خیال کیا کہ اگر اس سے پہلے کوئی یہ دعویٰ کرتا تو میں سمجھتا ایک شخص ہے کہ جس نے ایسی بات کی تقلید کی ہے جو اس سے پہلے بھی کہی گئی۔ ابوسفیان کہتے تھے: اس کے بعد اس نے پوچھا: وہ کس بات کا تمہیں حکم دیتا ہے؟ کہتے تھے، میں نے کہا: وہ ہمیں نماز پڑھنے اور زکوٰة دینے اور صلہ رحمی کرنے اور بدیوں سے بچنے کا حکم کرتا ہے۔ ہرقل کہنے لگا: جو کچھ تم نے اس کے بارے میں کہا ہے اگر یہ سچ ہے تو یقیناً وہ نبی ہے اور میں جانتا تھا کہ وہ آنے والا ہے مگر میں یہ خیال نہیں کرتا تھا کہ وہ تم میں سے ہوگا اور اگر میں جانتا کہ میں اس کے پاس صحیح سالم پہنچ جاؤں گا تو میں ضرور اس کی ملاقات پسند کرتا اور اگر میں اس کے پاس ہوتا تو میں اس کے پاؤں دھوتا اور ضرور ضرور اس کی بادشاہت اس زمین تک پہنچ جائے گی جو میرے پاؤں کے نیچے ہے۔ ابوسفیان کہتے تھے: پھر اس نے رسول اللہ ﷺ کا خط منگوایا اور اس کو پڑھا تو اس میں یہ مضمون تھا: (میں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ (پڑھتا ہوں) محمدؐ کی طرف سے جو اللہ کا رسول ہے، ہرقل کی طرف جو رومیوں کا سردار ہے۔ جس نے ہدایت (صحیح راستے) کی پیروی کی، اس پر سلامتی ہو۔ اما بعد میں تم کو اسلام کی دعوت دیتا ہوں۔ اسلام قبول کرلو سلامتی میں رہو گے اور اسلام قبول کرو، اللہ تمہیں دوہرا اَجر دے گا۔ اگر تم پھر گئے تو یاد رکھو رعایا کا وبال بھی تم پر پڑے گا اور تو کہہ: اے اہل کتاب (کم سے کم) ایک ایسی بات کی طرف تو آ جاؤ جو ہمارے درمیان اور تمہارے درمیان برابر ہے (اور وہ یہ ہے) کہ ہم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں اور کسی چیز کو اُس کا شریک نہ ٹھہرائیں اور نہ ہم اللہ کو چھوڑ کر آپس میں ایک دوسرے کو ربّ بنایا کریں۔ پھر اگر وہ پھر جائیں تو ان سے کہہ دو کہ تم گواہ رہو کہ ہم (خدا کے) فرمانبردار ہیں۔ جب ہرقل اس خط کے پڑھنے سے فارغ ہوا تو اس کے پاس آوازیں بلند ہوئیں اور شور بہت ہوا اور ہمارے متعلق حکم دیا گیا اور ہم نکال دئیے گئے۔ ابوسفیان کہتے تھے: جب ہم نکلے میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا: ابو کبشہ کے بیٹے کی تو دھاک بیٹھ گئی ہے۔ اس سے تو اَب بنو اَصفر کا بادشاہ بھی ڈرتا ہے۔ میں اس وقت سے رسول اللہﷺ کے سلسلے کی نسبت یقین کئے رہا کہ وہ ضرور غالب ہوگا۔ یہاں تک کہ یہ دن آیا اللہ نے مجھ کو اسلام میں داخل کیا۔ زہری کہتے تھے: ہرقل نے رومیوں کے بڑے بڑے سرداروں کو بلایا۔ ان کو اپنے ایک محل میں جمع کیا اور کہنے لگا: رومی لوگو! کیا تمہیں کامیابی اور سیدھے راستے پر آخری زمانے تک رہنے کی خواہش ہے اور یہ کہ تمہاری بادشاہت قائم رہے۔ کہتے تھے: یہ سن کر وہ جنگلی گدھوں کی طرح دروازوں کی طرف بھاگے مگر انہوں نے ان کو بند پایا۔ ہرقل نے کہا: ان کو میرے پاس لے آؤ۔ ان کو بلایا اور کہنے لگا: میں نے تو صرف یہ آزمایا تھا کہ تم اپنے دین پر مضبوط بھی ہو۔ سو میں نے تم سے یہ بات دیکھ لی ہے جو میں چاہتا تھا۔ یہ سن کر انہوں نے اس کے سامنے سجدہ کیا اور اس سے خوش ہوگئے۔
صحیح بخاری 4577
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ان سے بیان کیا، کہا: (محمد) بن منکدر نے مجھے بتایا کہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ بنی سلمہ کے محلہ میں میری بیمار پرسی کے لئے پیدل چل کر آئے، تو نبی ﷺ نے مجھے دیکھا کہ مجھے کوئی ہوش نہیں۔ آپؐ نے پانی منگوایا اور اس سے وضو کیا۔ پھر آپؐ نے مجھ پر پانی چھڑکا اور میں ہوش میں آگیا۔ میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپؐ مجھے کیا مشورہ دیتے ہیں کہ میں اپنی جائیداد کو کیا کروں؟ تو یہ وحی نازل ہوئی: اللہ تمہیں تمہاری اولاد کے حق میں وصیت کرتا ہے۔
صحیح بخاری 4609
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے مخارق سے، مخارق نے حضرت طارق بن شہابؓ سے روایت کی کہ میں نے حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے سنا۔ اُنہوں نے کہا: میں اس وقت موجود تھا جب حضرت مقدادؓ (بن اسود) نے… اور حمدان بن عمر نے مجھے بتایا کہ ابو نضر (ہاشم بن قاسم) نے ہم سے بیان کیا، (کہا: عبید اللہ بن عبید الرحمن) اشجعی نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے مخارق (بن خلیفہ بن جابر) سے، مخارق نے حضرت طارق (بن شہابؓ) سے، حضرت طارقؓ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی، اُنہوں نے کہا: مقدادؓ (بن اسود) نے جنگ بدر کے دن کہا: یا رسول اللہ! ہم آپؐ سے نہیں کہیں گے جیسا کہ بنی اسرائیل نے حضرت موسیٰؑ سے کہا تھا کہ جا تُو اور تیرا ربّ دونوں لڑو ہم یہاں بیٹھے ہیں۔ بلکہ آپؐ چلیے اور ہم آپؐ کے ساتھ ہیں۔ یہ سنتے ہی ایسا معلوم ہوا کہ گویا رسول اللہ ﷺ سے سارا غم جاتا رہا۔ اس حدیث کو وکیع نے بھی بیان کیا۔ اُنہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے مخارق سے، مخارق نے حضرت طارقؓ سے روایت کی کہ حضرت مقدادؓ نے نبی ﷺ سے یہ کہا۔
صحیح بخاری 4630
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا۔ (عبدالرحمٰن) بن مہدی نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابوالعالیہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: تمہارے نبی کے چچا زاد بھائی یعنی حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کسی بندے کو نہیں چاہیئے کہ وہ یوں کہے کہ میں یونس بن متی سے بہتر ہوں۔
صحیح بخاری 4631
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ سعد بن ابراہیم نے ہم کو خبر دی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حمید بن عبدالرحمٰن بن عوف سے سنا۔ اُنہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کسی بندے کو نہیں چاہیئے کہ وہ یوں کہے کہ میں یونس بن متی سے بہتر ہوں۔
صحیح بخاری 4641
اسحق (بن ابراہیم حنظلی ابن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمیں بتایا: ہمام بن منبہ سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بنی اسرائیل سے کہا گیا تھا کہ دروازے سے فرمانبردار ہو کر داخل ہونا اور یہ دعا کرتے رہنا، ہمارے گناہ معاف ہوں، ہم تمہاری غلطیوں پر پردہ پوشی کرکے تم سے درگزر کریں گے، تو انہوں نے (اس حکم کو) بدل ڈالا اور اپنے کولہوں کے بل گھسٹتے اور رینگتے ہوئے داخل ہوئے اور اُنہوں نے (بجائے حِطَّۃٌ کے) حَبَّةٌ فِی شَعَرَةٍ کہا۔ یعنی بالی میں دانے ہمیں ملیں۔
صحیح بخاری 4649
محمد بن نضر نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ بن معاذ نے ہم سے بیان کیا (کہا:) میرے باپ نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ زیادی کے دوست عبدالحمید سے مروی ہے۔ اُنہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا، (کہتے تھے) کہ ابوجہل نے کہا: اے اللہ اگر یہی تیری طرف سے حق ہے تو آسمان سے ہم پر پتھر برسا، یا کوئی نہایت دردناک عذاب ہم پر لے آ۔ تو یہ آیت نازل ہوئی: لیکن اللہ انہیں اس حالت میں عذاب نہیں دے سکتا تھا جبکہ تو ان میں تھا اور نہ اللہ ان کو ایسی حالت میں عذاب دے سکتا تھا جبکہ وہ استغفار کر رہے ہوں اور ان کو کیا (مقام حاصل) ہے جس کی وجہ سے باوجود اس کے کہ وہ عزت والی مسجد (یعنی خانہ کعبہ) سے (لوگوں کو) روکتے ہیں۔ اللہ ان کو عذاب نہیں دے گا۔ اور وہ درحقیقت اس کے متولی نہیں اس کے (حقیقی) متولی تو صرف متّقی ہیں لیکن ان (کفار) میں سے اکثر اس بات کو جانتے نہیں۔
صحیح بخاری 4657
اسحاق (بن منصور) نے مجھے بتایا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ اُنہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حمید بن عبدالرحمٰن نے اُن کو خبر دی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے ان سے بیان کیا کہ حضرت ابوبکرؓ نے اُنہیں ایک جماعت کے ساتھ اس حج کے لئے بھیجا جس میں رسول اللہ ﷺ نے اُن کو امیر مقرر کیا تھا، وہ جو حجۃ الوداع سے پہلے تھا وہ لوگوں میں یہ اعلان کر رہے تھے کہ اس سال کے بعد کوئی مشرک قطعاً حج کو نہ آئے اور نہ کوئی برہنہ بیت اللہ کا طواف کرے۔ حمید حضرت ابوہریرہؓ کی اس روایت کی وجہ سے یہ کہا کرتے تھے کہ یوم النحر (قربانی کا دن) حج اکبر کا دن ہے۔
صحیح بخاری 4685
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا کہ سعید (بن ابی عروبہ) اور ہشام (بن ابی عبداللہ) نے ہم سے بیان کیا۔ اُن دونوں نے کہا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا: صفوان بن محرز سے روایت ہے۔ اُنہوں نے کہا: ایک بار حضرت ابن عمرؓ طواف کر رہے تھے اتنے میں ایک شخص سامنے سے آیا اور کہنے لگا: ابو عبدالرحمٰن! یا کہا ابن عمرؓ! کیا آپؓ نے نبی ﷺ سے مناجات (سرگوشی) کی بابت کچھ سنا ہے۔ اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو فرماتے سنا: مومن اپنے ربّ سے اتنا قریب کیا جائے گا۔ اور ہشام نے یوں کہا: مومن اپنے ربّ سے اتنا قریب ہو جائے گا کہ اُس کا ربّ اُس پر اپنا پہلو جھکا دے گا اور اُس سے اُس کے گناہوں کا اقرار کروائے گا۔ (یعنی کہے گا:) کیا تجھے فلاں گناہ معلوم ہے۔ کہے گا: میرے ربّ مجھے معلوم ہے۔ دو دفعہ کہے گا، تو پھر اس کا ربّ کہے گا۔ دنیا میں میں نے پردہ پوشی کی اور آج بھی میں تیرے لیے اِن پر پردہ پوشی کرتا ہوں۔ پھر اِس کے بعد اُس کی نیکیوں کا صحیفہ لپیٹ دیا جائے گا اور جو دوسرے ہوں گے یا (کہا:) کافر ہوں گے تو تمام حاضرین کے سامنے برملا پکار کر کہا جائے گا: یہ وہ لوگ ہیں کہ جنہوں نے اپنے ربّ کے برخلاف جھوٹ کہا۔ اور شیبان نے (بھی) قتادہ سے روایت کرتے ہوئے (اپنی سند میں) یوں کہا: ہم سے صفوان نے بیان کیا۔
صحیح بخاری 4692
احمد بن سعید نے مجھ سے بیان کیا کہ بشر بن عمر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: هَيْتَ لَكَ۔ کہا: ہم اس کو ویسا ہی پڑھتے ہیں جیسا ہم کو سکھایا گیا ہے۔ مَثْوَاهُ کا معنی ہے اس کا ٹھکانا۔ اَلْفَيَا کا معنی ہے ان دونوں نے پایا۔ اسی سے اَلْفَوْا اٰبَاءَهُمْ (انہوں نے اپنے باپ دادوں کو پایا) اور اَلْفَيْنَا (ہم نے پایا) ہے۔ اور حضرت ابن مسعودؓ سے بَلْ عَجِبْتَ وَ يَسْخَرُوْنَ منقول ہے۔
صحیح بخاری 4693
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے مسلم سے، مسلم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ قریش نے جب رسول اللہ ﷺ سے اسلام کے بارے میں توقف کیا تو آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! میرے لئے اُن کے مقابل یوسف کے سات سالوں کی طرح کے سات سالوں کی صورت میں کافی ہو جا۔ سو اُن پر ایسا قحط پڑا جس نے ہر ایک چیز کو فنا کردیا۔ یہاں تک کہ انہوں نے ہڈیاں کھائیں اور کوئی شخص اگر آسمان کی طرف دیکھتا تو اُسے اپنے اور اس کے درمیان دھواں ہی نظر آتا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: پس انتظار کر اُس دن کا جب آسمان ایک واضح دھواں لائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ہم عذاب کو تھوڑی دیر کے لئے ہٹا دیں گے مگر تم پھر وہی (کرتوتیں) کرنے لگ جاؤ گے۔ پس کیا قیامت کے دن اُن سے عذاب دور کر دیا جائے گا؟ چنانچہ دھواں اور سخت گرفت والی پیشگوئی ہو چکی۔
صحیح بخاری 4705
یعقوب بن ابراہیم سے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ ابو بِشر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ (انہوں نے آیت) الَّذِيْنَ جَعَلُوا الْقُرْاٰنَ عِضِيْنَ (یعنی جنہوں نے قرآن کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے سے متعلق) کہا: وہ اہل کتاب تھے جنہوں نے اسے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔ اس کی بعض باتیں مانیں اور بعض کا انکار کیا۔
صحیح بخاری 4706
عبیداللہ بن موسیٰ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو ظبیان سے، ابو ظبیان نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے (آیت) کَمَاۤ اَنۡزَلۡنَا عَلَی الۡمُقۡتَسِمِیۡنَ کے متعلق روایت کی کہ انہوں نے کہا: یہود اور نصاریٰ نے بعض باتیں مانیں اور بعض کا انکار کیا۔
صحیح بخاری 4711
علی بن عبداللہ نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ منصور نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: زمانہ جاہلیت میں جب کوئی قبیلہ تعداد میں بڑھ جاتا تو ہم کہتے: فلاں قبیلہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ (عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا اور انہوں نے کہا کہ (یہ لفظ) أَمَرَ ہے (أَمِرَ نہیں)۔
صحیح بخاری 4733
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت خبابؓ (بن ارت) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں مکہ میں لوہاری کا پیشہ کرتا تھا اور میں نے عاص بن وائل سہمی کے لئے ایک تلوار بنائی۔ پھر اس کے پاس قیمت کا تقاضا کرنے آیا۔ وہ کہنے لگا: جب تک تم محمدؐ کا انکار نہیں کرو گے میں تمہیں نہیں دوں گا۔ میں نے کہا: اللہ تمہیں مار کر پھر زندہ بھی کر دے تو بھی میں محمدؐ کا انکار نہیں کرنے کا۔ اس نے کہا: جب اللہ مجھے مار کر پھر اٹھائے گا اور مجھے مال و اولاد ملے گی (تو اس وقت تم کو دے دوں گا) اس پر اللہ نے یہ آیت نازل کی: اَفَرَءَيْتَ الَّذِيْ… یعنی کیا تجھے اس شخص کے متعلق معلوم ہوا ہے جس نے ہماری آیات کا کفر کیا اور کہا کہ مجھے بہت سی دولت اور اولاد ضرور دی جائے گی۔ کیا اس نے غیب کو جھانک کر دیکھ لیا ہے یا رحمٰن سے کوئی اقرار لے لیا ہے۔ (سفیان ثوری نے) کہا: (عہد کے معنی ہیں) پختہ اقرار (عبیداللہ) اشجعی نے سفیان (ثوری) سے روایت کرتے ہوئے تلوار کا ذکر نہیں کیا اور نہ یہ کہ (عہد کے معنی ہیں) پختہ اقرار۔
صحیح بخاری 4748
مقدم بن محمد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ میرے چچا قاسم بن یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ (عمری) سے مروی ہے اور قاسم نے عبیداللہ سے سنا۔ وہ نافع سے روایت کرتے تھے کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے۔ رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں ایک شخص نے اپنی بیوی پر تہمت لگائی اور اس عورت کے بچے سے انکار کردیا تو رسول اللہ ﷺ نے ان دونوں کو حکم دیا اور انہوں نے اسی طرح لعان کیا جس طرح اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے۔ پھر آپؐ نے اس عورت کو بچہ دلانے کا فیصلہ کیا اور اُن دونوں لعان کرنے والوں کو جُدا کردیا۔
صحیح بخاری 4766
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ (عثمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے منصور سے، منصور نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبدالرحمٰن بن ابزیٰ نے مجھے کہا کہ میں حضرت ابن عباسؓ سے ان دو آیتوں کی بابت پوچھوں۔ یعنی (ایک یہ آیت) وَ مَنْ يَّقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا اور میں نے ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: اس آیت کو کسی آیت نے منسوخ نہیں کیا۔ (دونوں آیتیں اپنی اپنی جگہ پر برقرار ہیں۔) دوسری آیت یہ ہے: وَ الَّذِيْنَ لَا يَدْعُوْنَ مَعَ اللّٰهِ اِلٰهًا اٰخَرَ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آیت مشرکوں کی نسبت نازل ہوئی تھی۔
صحیح بخاری 4785
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ اُن کے پاس آئے، جب اللہ نے آپؐ کو حکم دیا کہ آپؐ اپنی بیویوں کو اختیار دیں اور رسول اللہ ﷺ نے (اس بارے میں) مجھ سے ہی شروع کیا۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم سے ایک بات کا ذکر کرنے لگا ہوں۔ جب تک تم اپنے ماں باپ سے مشورہ نہ کر لو اس میں جلدی نہ کرنا۔ تم پر کوئی مضائقہ نہیں (آزادی سے جو چاہو فیصلہ کرو) اور آپؐ کو علم تھا کہ میرے ماں باپ ایسے نہیں ہیں کہ وہ آپؐ سے علیحدہ ہونے کا مجھے مشورہ دیں۔ کہتی تھیں کہ آپؐ نے کہا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: یٰۤاَیُّہَا النَّبِیُّ قُلۡ لِّاَزۡوَاجِکَ … پوری دو آیتیں۔ میں نے آپؐ سے پوچھا: میں اپنے ماں باپ سے اس کے متعلق کیا مشورہ لوں، میں تو اللہ اور اس کا رسول اور دارِ آخرت ہی چاہتی ہوں۔
صحیح بخاری 4813
حسن (بن شجاع بلخی) نے مجھے بتایا۔ اسماعیل بن خلیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحیم (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زکریا بن ابی زائدہ سے، زکریا نے عامر (شعبی) سے، عامر نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں پہلا ہوں گا جو دوسری دفعہ صور پھونکنے کے بعد اپنا سر اٹھائے گا۔ کیا دیکھوں گا کہ موسیٰؑ ہیں جو عرش کو تھامے کھڑے ہیں۔ میں نہیں جانتا آیا وہ اسی طرح (پہلے سے) تھے یا اس نفخ کے بعد (اس حالت میں ہوئے۔)