باب 4: باب وَقَوْلُهُ تَعَالَى {وَظَلَّلْنَا عَلَيْكُمُ الْغَمَامَ وَأَنْزَلْنَا عَلَيْكُمُ الْمَنَّ وَالسَّلْوَى كُلُوا مِنْ طَيِّبَاتِ مَا رَزَقْنَاكُمْ وَمَا ظَلَمُونَا وَلَكِنْ كَانُوا أَنْفُسَهُمْ يَظْلِمُونَ}
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 4814
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے ابو صالح سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: ان دو نفخوں کے درمیان چالیس کا فاصلہ ہوگا۔ لوگوں نے کہا: ابو ہریرہ چالیس دن کا؟ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا: میں نہیں بتا سکتا۔ پھر انہوں نے پوچھا: چالیس سال کا ؟ انہوں نے کہا: میں نہیں بتا سکتا۔ انہوں نے کہا: چالیس مہینے کا؟ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا: میں نہیں بتا سکتا اور انسان کی ہر شے بوسیدہ ہو جائے گی سوائے اس کی ریڑھ کے آخری سرے کے۔ اسی سے (قیامت کے دن) ڈھانچہ ترکیب دیا جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4815
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں بتایا کہ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ بن ابی کثیر نے مجھے بتایا۔ کہتے تھے: محمد بن ابراہیم تیمی نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عروہ بن زبیر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاصؓ سے کہا: جو سخت ترین سلوک مشرکوں نے رسول اللہ ﷺ سے کیا وہ مجھے بتائیں۔ انہوں نے کہا: ایک بار رسول اللہ ﷺ کعبہ کے صحن میں نماز پڑھ رہے تھے اتنے میں عقبہ بن ابی مُعَیط آیا۔ اس نے رسول اللہ ﷺ کا کندھا پکڑا اور اپنا کپڑا آپؐ کی گردن میں لپیٹ کر اس کو انتہائی زور سے گھونٹا۔ اتنے میں حضرت ابوبکرؓ آن پہنچے۔ انہوں نے عقبہ کا کندھا پکڑا اور رسول اللہ ﷺ سے اس کو ہٹایا اور کہا: کیا تم ایسے شخص کو مارتے ہو جو یہ کہتا ہے کہ میرا ربّ اللہ ہے اور وہ تمہارے پاس تمہارے ربّ کی طرف سے کھلے کھلے دلائل لایا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4823
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کے پاس گیا۔ کچھ دیر (بیٹھنے کے) بعد انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے جب قریش کو (اسلام کی) دعوت دی تو انہوں نے آپؐ کو جھٹلا دیا اور آپؐ کے مقابل پر اڑ بیٹھے تو آپؐ نے یہ دعا کی: اے اللہ! ان کو مغلوب کرنے کے لئے سات سال (قحط) سے تو میری مدد فرما جو یوسف کے سات سالوں کے سے ہوں۔ چنانچہ اُن پر قحط ایسا پڑا جس نے ہر چیز کو فنا کردیا اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ وہ مردار کھاتے تھے۔ ان میں سے کوئی کھڑا ہوتا تو مارے کمزوری اور بھوک کے اپنے سامنے اور فضا میں دھواں سا دیکھتا۔ پھر (حضرت ابن مسعودؓ نے) یہ آیت پڑھی: پس تُو اُس دن کا انتظار کر جس دن آسمان پر ایک کھلا کھلا دُھواں ظاہر ہو گا۔ جو سب لوگوں پر چھا جائے گا، یہ دردناک عذاب ہوگا یہاں تک کہ اِنَّا كَاشِفُوا الْعَذَابِ… تک پہنچے۔ یعنی ہم عذاب کو تھوڑی دیر کے لیے ہٹا دیں گے مگر تم پھر وہی (کرتوتیں) کرنے لگ جاؤ گے۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: بھلا کیا عذاب ان سے قیامت کے دن بھی ہٹایا جائے گا۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: بَطْشَۃُ الْکُبْریٰ جنگ بدر تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4839
عبید اللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار نبی ﷺ کے صحابہ میں سے ایک شخص (قرآن) پڑھ رہا تھا اور اس کا ایک گھوڑا گھر میں بندھا ہوا تھا، وہ بدکنے لگا۔ یہ دیکھ کر وہ شخص باہر نکلا اور دیکھا بھالا مگر کچھ نہ دیکھا اور وہ گھوڑا بدکتا رہا۔ جب صبح ہوئی تو اس نے نبی ﷺ سے یہ ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہی وہ سکینت کی حالت ہے جو قرآن پڑھنے کی وجہ سے (آہستہ آہستہ) نازل ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4862
ابو معمر (عبداللہ بن عمرو) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ ایوب (سختیانی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے سورۂ نجم میں سجدہ کیا اور آپؐ کے ساتھ مسلمانوں اور مشرکوں اور جنّ و انس نے سجدہ کیا۔ (عبدالوارث کی طرح) اس حدیث کو (ابراہیم) ابن طہمان نے بھی ایوب سے روایت کیا، اور (اسماعیل) ابن عُلیّہ نے (اپنی روایت میں) حضرت ابن عباسؓ کا ذکر نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4863
نصر بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ ابواحمد یعنی زبیری نے ہمیں خبر دی کہ اسرائیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابواسحاق (سبیعی) سے، ابواسحاق نے اسود بن یزید (نخعی) سے، اسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: پہلی سورۃ جس میں سجدہ کی آیت نازل کی گئی وہ سورۂ نجم ہے۔ (حضرت ابن مسعودؓ) کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے سجدہ کیا اور جو لوگ بھی آپؐ کے پیچھے تھے ان سب نے سجدہ کیا سوائے ایک شخص کے کہ جس کو میں نے دیکھا کہ اس نے مٹھی بھر مٹی لی اور اس پر اس نے سجدہ کیا۔ پھر اس کے بعد میں نے اس کو دیکھا کہ وہ کافر ہی مارا گیا۔ اور وہ امیہ بن خلف تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4873
محمد (بن بشار) نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے اسود سے، اسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے یوں پڑھا: فَهَلْ مِنْ مُّدَّكِرٍ ۰۰ یعنی کیا کوئی نصیحت حاصل کرنے والا ہے؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4874
یحيٰ (بن موسیٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے اسود بن یزید سے، اسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کے سامنے فَھَلْ مِنْ مُّذَّكِرٍ پڑھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: فَهَلْ مِنْ مُّدَّكِرٍ یعنی کیا کوئی نصیحت حاصل کرنے والا ہے؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4886
محمد بن یوسف (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: خوبصورتی کے لیے گودنے والیوں اور گدوانے والیوں اور چہرے کے بال نکالنے والیوں اور دانتوں کے درمیان فاصلہ رکھوانے والیوں، وہ جو اللہ کی پیدائش کو تبدیل کرنے والیاں ہیں، اللہ اُن پر لعنت کرے۔ بنو اسد کی ایک عورت کو یہ خبر پہنچی جسے اُم یعقوب کہتے تھے، وہ آئی اور کہنے لگی: مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ آپؓ نے ایسی ایسی عورتوں پر لعنت کی ہے۔ (حضرت ابن مسعودؓ نے) کہا: مجھے کیا ہے کہ ان پر لعنت نہ کروں جن پر رسول اللہ ﷺ نے لعنت کی۔ اور جو اللہ کی کتاب میں (ملعون قرار دی گئی) ہیں۔ وہ کہنے لگی: جو (قرآن کی) اس جلد میں ہے میں نے بھی پڑھا ہے۔ میں نے تو اس میں وہ بات نہیں پائی جو آپؓ کہتے ہیں۔ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے) کہا: اگر تم اس کو پڑھتی تو ضرور اسے پاتی۔ کیا تم نے یہ نہیں پڑھا؟ یعنی جو رسول نے تمہیں دیا ہے اس پر عمل کرو اور جس بات سے اس نے تم کو روکا ہے اس سے رُک جاؤ۔ وہ کہنے لگی: ہاں (یہ ضرور پڑھا ہے۔ حضرت عبداللہؓ نے) کہا: تو پھر رسول اللہؐ نے اس سے روکا ہے۔ وہ کہنے لگی: میں آپؓ کی بیوی کو دیکھتی ہوں وہ ایسا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا: جاؤ اور دیکھو۔ وہ گئی اور اس نے دیکھا مگر اپنے مطلب کی بات کچھ نہ دیکھی۔ تو (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے) کہا: اگر وہ ایسی ہوتی تو ہمارے ساتھ نہ رہ سکتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4887
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن (بن مہدی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عبدالرحمٰن بن عابس سے منصور کی اس حدیث کا ذکر کیا جو انہوں نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے بالوں میں پیوند لگانے والی پر لعنت کی ہے۔ (عبدالرحمٰن بن عابس نے) کہا: میں نے یہ حدیث ایک عورت سے سنی جسے اُمّ یعقوب کہتے تھے۔ اس نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے منصور کی حدیث کی طرح ہی حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4904
عبید اللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے حضرت زید بن ارقمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں اپنے چچا کے ساتھ تھا اور میں نے عبداللہ بن اُبَيّ بن سلول کو یہ کہتے سنا: جو رسول اللہ کے پاس ہیں انہیں خرچ مت دو تاکہ وہ بکھر جائیں اور اگر ہم مدینہ کو لوٹے تو جو زیادہ معزز ہوگا وہ ذلیل کو وہاں سے نکال دے گا۔ میں نے اپنے چچا سے اس کا ذکر کیا۔ میرے چچا نے نبی ﷺ سے ذکر کیا۔ اور آپؐ نے ان (لوگوں) کو سچا سمجھا۔ آپؐ نے مجھے بلایا اور میں نے آپؐ سے بیان کیا۔ آپؐ نے عبداللہ بن اُبَيّ اور اس کے ساتھیوں کو بلا بھیجا۔ انہوں نے قسمیں کھائیں کہ انہوں نے یہ نہیں کہا۔ نبی ﷺ نے مجھے جھوٹا ٹھہرایا۔ مجھے اس سے ایسا غم پہنچا کہ ایسا غم مجھے کبھی نہیں پہنچا تھا۔ میں اپنے گھر میں بیٹھا رہا اور میرے چچا نے کہا: تمہیں کیا سوجھی تھی کہ نبی ﷺ نے تمہیں جھوٹا قرار دیا اور تم سے ناراض ہو گئے۔ پھر اللہ تعالیٰ نے یہ (سورۃ) نازل کی: اِذَا جَآءَكَ الْمُنٰفِقُوْنَ … یعنی جب تیرے پاس منافق آتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہم قسم کھا کر گواہی دیتے ہیں کہ تُو اللہ کا رسول ہے۔ اور نبی ﷺ نے مجھے بلا بھیجا اور آپؐ نے یہ سورت پڑھی اور فرمایا: اللہ نے تمہیں سچا قرار دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4915
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے عبید بن حنین سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے چاہا کہ حضرت عمرؓ سے اُن دو عورتوں کے متعلق پوچھوں جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کے برخلاف ایکا کیا تھا۔ میں ایک سال ٹھہرا رہا مگر میں نے اس کا کوئی موقع نہ پایا۔ یہاں تک کہ میں آپؓ کے ساتھ حج کے لیے نکلا۔ جب ہم مرالظہران پہنچے، حضرت عمرؓ حاجت کے لئے گئے اور فرمایا: میرے لیے وضو کا پانی لاؤ۔ میں نے پانی کی ایک چھاگل پائی اور اُن پر پانی ڈالا۔ اور میں نے موقع دیکھا تو کہا: اے امیر المؤمنین! وہ دو عورتیں کون ہیں جنہوں نے (رسول اللہ ﷺ کے برخلاف) ایکا کیا تھا؟ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: میں نے ابھی اپنی بات پوری نہیں کی تھی کہ انہوں نے فرمایا: عائشہؓ اور حفصہؓ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4925
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ نیز عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ اور آپؐ وحی کے موقوف ہونے کے متعلق بیان فرما رہے تھے۔ آپؐ نے اپنے بیان میں یہ فرمایا: ایک بار میں چلا جا رہا تھا کہ اتنے میں مَیں نے آسمان سے ایک آواز سنی تو میں نے سر اٹھایا۔ کیا دیکھتا ہوں وہی فرشتہ ہے جو میرے پاس حراء میں آیا تھا۔ آسمان اور زمین کے درمیان کرسی پر بیٹھا ہے۔ میں اس کے رُعب سے سہم گیا اور واپس لوٹ گیا۔ میں نے کہا: مجھے کمبل اُوڑھادو، مجھے کمبل اُوڑھادو۔ انہوں نے مجھے کپڑا اُوڑھادیا۔ اور اللہ تعالیٰ نے یہ وحی نازل کی: يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ…۔ (اور یہ) نماز فرض کئے جانے سے پہلے (کا واقعہ ہے۔) اور اس (رُجْز) سے مراد بُت ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4934
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ابراہیم نے مجھے بتایا۔ ابراہیم نے اسود (بن یزید) سے، اسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار ہم نبی ﷺ کے ساتھ غار میں تھے کہ اسی اثنا میں آپؐ پر سورۂ مرسلات نازل ہوئی۔ آپؐ اس کو پڑھ ہی رہے تھے اور میں آپؐ کے منہ سے اس کو سیکھ رہا تھا۔ اور ابھی آپؐ کا منہ اس (آیت) سے شیریں بیاں تھا کہ اتنے میں ایک سانپ ہم پر کُود پڑا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کو مار ڈالو۔ ہم جلدی سے اس پر لپکے مگر وہ نکل گیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: وہ تمہارے شر سے بچایا گیا جیسا کہ تم اس کے شر سے بچائے گئے۔ عمر (بن حفص) کہتے تھے: میں نے یہ (حدیث) اپنے باپ سے اُس غار میں یاد کی تھی جو منٰی میں ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4946
بشر بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا، شعبہ نے ہم سے بیان کیا انہوں نے سلیمان (اعمش) سے، سلیمان نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابوعبدالرحمٰن سلمی سے، اُنہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے، حضرت علیؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی، (اُنہوں نے کہا:) آپؐ ایک جنازہ میں تھے۔ آپؐ نے ایک لکڑی لی اور زمین کریدنے لگے اور آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں کہ جس کا ٹھکانا آگ میں یا جنت میں نہ بنایا گیا ہو۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ! کیا پھر ہم (اس پر) بھروسہ نہ کر بیٹھیں۔ آپؐ نے فرمایا: عمل کرو۔ ہر ایک کے لئے آسانی کی گئی ہے۔ (پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی:) جس نے دیا اور بدیوں سے بچا اور بھلی باتوں پر عمل کئے۔ شعبہ نے کہا: اور منصور (بن معتمر) نے بھی مجھے یہی بیان کیا اور میں نے سلیمان کی حدیث کے خلاف اس کو نہیں پایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4958
یحيٰ (بن موسیٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے عبدالکریم جزری سے، عبدالکریم نے عکرمہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: ابوجہل نے کہا: اگر میں محمد(ﷺ) کو کعبہ کے پاس نماز پڑھتے دیکھ پایا تو میں اس کی گردن کچل ڈالوں گا۔ یہ خبر نبی ﷺ کے پاس پہنچی تو آپؐ نے فرمایا: اگر وہ ایسا کرتا تو فرشتے اس کو پکڑ لیتے۔ (عبدالرزاق کی طرح) عمرو بن خالد نے بھی اس حدیث کو روایت کیا ہے۔ انہوں نے عبیداللہ (بن عمر و رَقی) سے، عبیداللہ نے عبدالکریم سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4970
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ مجھے ان بڑی عمر کے صحابہ کے ساتھ (گھر میں) بلایا کرتے تھے جو بدر میں شریک تھے ان میں سے کسی نے اپنے نفس میں بُرا منایا اور کہا: آپؓ اس کو ہمارے ساتھ کیوں بلاتے ہیں؟ حالانکہ ہمارے بھی اس جیسے بیٹے ہیں حضرت عمرؓ نے فرمایا: یہ اس حیثیت کا ہے جو تم جانتے ہو حضرت عمر ؓ نے ایک دن بلایا اور حضرت ابن عباسؓ کو بھی ان کے ساتھ اندر بلایا۔ میں یہی سمجھتا ہوں کہ آپؓ نے جو مجھے اس دن بلایا تو محض اس لئے کہ ان کو دکھلائیں۔ حضرت عمرؓ نے پوچھا کہ تم اللہ تعالیٰ کے اس قول یعنی ’’جب اللہ کی نصرت اور فتح آجائے‘‘ کے متعلق کیا سمجھتے ہو؟ تو ان میں سے بعض نے کہا: ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم اللہ کی حمد بیان کریں اور اس سے مغفرت کی دعا کریں، جب ہمیں نصرت اور فتح ہو اور ان میں سے بعض خاموش رہے اور کچھ نہ کہا۔ پھر انہوں نے مجھے فرمایا: ابن عباسؓ کیا تم بھی اسی طرح کہتے ہو؟ میں نے کہا: نہیں۔ انہوں نے فرمایا: پھر تم کیا کہتے ہو؟ میں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کی وفات مراد ہے جس سے اللہ نے آپؐ کو آگاہ کیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جب اللہ کی نصرت اور فتح آ جائے تو یہ تمہاری وفات کی علامت ہے۔ اس لئے تو اپنے ربّ کی حمد سے تسبیح بیان کر اور اس سے مغفرت مانگ کیونکہ وہ تواّب ہے۔ حضرت عمرؓ نے یہ سن کر فرمایا: میں بھی اس سے یہی سمجھتا ہوں جو تم کہتے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah