کتاب 5: باب {وَإِذْ قُلْنَا ادْخُلُوا هَذِهِ الْقَرْيَةَ فَكُلُوا مِنْهَا حَيْثُ شِئْتُمْ رَغَدًا وَادْخُلُوا الْبَابَ سُجَّدًا وَقُولُوا حِطَّةٌ نَغْفِرْ لَكُمْ خَطَايَاكُمْ وَسَنَزِيدُ الْمُحْسِنِينَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4479
محمد نے مجھ سے بیان کیا، (کہا:) عبدالرحمٰن بن مہدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن مبارک سے، انہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام بن منبہ سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بنی اسرائیل سے کہا گیا تھا کہ تم دروازہ سے فرمانبرداری سے داخل ہو جانا اور یہ دعائیں کرتے جانا کہ گناہ دور ہوں (یعنی استغفار کرتے جانا) مگر وہ اپنے سرین کے بل رینگتے ہوئے داخل ہوئے اور استغفار کا حکم تبدیل کردیا اور حِطَّةٌ کی جگہ کہنے لگے، وہ دانے جو بالی کے اندر ہیں۔
صحیح بخاری 4554
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت ابوطلحہؓ مدینہ کے سب انصاریوں سے زیادہ کھجوروں کے درخت رکھتے تھے اور ان کی جائیداد میں سے ان کو سب سے زیادہ پیارا بیرحاء کا باغ تھا اور وہ مسجد کے سامنے تھا۔ رسول اللہ ﷺ وہاں جایا کرتے تھے اور اس کا عمدہ پانی پیتے۔ جب یہ آیت نازل کی گئی: تم ہرگز نیکی حاصل نہیں کرسکو گے تا وقتیکہ تم اس سے خرچ نہ کرو جو تمہیں پیاری ہے۔ حضرت ابوطلحہؓ کھڑے ہوگئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: تم ہرگز نیکی حاصل نہیں کرسکو گے تا وقتیکہ تم اس سے خرچ نہ کرو جو تمہیں پیاری ہے اور میری جائیدادوں میں سے سب سے پیارا مجھے بیرحاء ہے اور یہ باغ اللہ کے لئے صدقہ ہے۔ میں اس کے ثواب کی امید رکھتا ہوں اور یہ کہ اللہ کے پاس (میرے لئے) بطور ذخیرہ ہوگا۔ اس لئے یا رسول اللہ ! جہاں اللہ آپ کو مناسب سمجھائے وہاں صرف کریں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: واہ واہ یہ تو بڑا اچھا مال ہے یہ تو بڑا اچھا مال ہے اور میں نے سن لیا ہے جو تم نے کہا ہے۔ اور میں یہ مناسب سمجھتا ہوں کہ تم اس کو رشتہ داروں میں تقسیم کرو۔ حضرت ابوطلحہؓ نے کہا: یا رسول اللہ ! میں یہی کروں گا۔ چنانچہ حضرت ابوطلحہؓ نے اس مال کو اپنے رشتہ داروں اور چچا کے بیٹوں میں تقسیم کیا۔ عبداللہ بن یوسف اور روح بن عبادہ نے اپنی روایت میں یہ الفاظ کہے کہ یہ تو فائدہ دینے والا مال ہے۔ یحيٰ بن یحيٰ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے مالک سے یوں پڑھا ہے: مَالٌ رَايِحٌ یعنی بہت عمدہ مال۔
صحیح بخاری 4555
محمد بن عبداللہ انصاری نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ثمامہ سے، ثمامہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ حضرت انسؓ نے کہا کہ حضرت ابوطلحہؓ نے وہ باغ حضرت حسانؓ اور حضرت اُبیّ کو دے دیا۔ حالانکہ میں ان کا بہت قریبی رشتہ دار ہوں مگر میرا اُس میں کوئی حصہ نہ رکھا۔
صحیح بخاری 4578
محمد بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ورقاء (بن عمر یشکری) سے، ورقاء نے ابن ابی نجیح سے، انہوں نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ساری جائیداد اولاد کی ہوا کرتی تھی اور ماں باپ کو وہ ملتا تھا جو مرنے والا وصیت کر جاتا۔ تو اللہ تعالیٰ نے اس دستور سے جو پسند کیا منسوخ فرما دیا اور مرد کا حصہ دو عورتوں کے حصہ کے برابر مقرر کیا اور والدین میں سے ہر ایک کے لئے چھٹا حصہ اور ایک تہائی مقرر کیا اور بیوی کے لئے آٹھواں اور چوتھائی حصہ مقرر کیا اور خاوند کے لئے آدھا اور چوتھا حصہ۔
صحیح بخاری 4610
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن عبد اللہ انصاری نے ہمیں بتایا: (عبد اللہ) بن عون نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوقلابہ کے آزاد کردہ غلام سلمان ابورجاء نے مجھے بتایا کہ ابوقلابہ سے روایت ہے کہ وہ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کے پیچھے بیٹھے تھے۔ لوگوں نے (قسامۃ کا) ذکر کیا اور اُنہوں نے کچھ کہا۔ پھر اُنہوں نے کچھ کہا اور وہ بولے: خلفاء نے بھی قسامۃ میں قصاص لیا ہے۔ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ نے ابوقلابہ کو مڑ کر دیکھا اور وہ ان کی پیٹھ کے پیچھے تھے، کہنے لگے: عبداللہ بن زید آپ کیا کہتے ہیں؟ یا کہا: ابوقلابہ آپ کیا کہتے ہیں؟ میں نے کہا: مجھے کسی ایسے نفس کی نسبت علم نہیں جس کا مار ڈالنا اسلام میں جائز ہوا ہو۔ سوائے اس شخص کے جو شادی کرنے کے بعد زنا کرے یا ناحق کسی نفس کو مار ڈالے، یا اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ کرے۔ عنبسہ (بن سعید) نے یہ سن کر کہا: حضرت انسؓ نے ہم سے ایسا ایسا بیان کیا ہے۔ میں نے کہا: مجھ سے بھی حضرت انسؓ نے ایسا ہی بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: کچھ لوگ نبیﷺ کے پاس آئے اور اُنہوں نے آپؐ سے گفتگو کی اور کہنے لگے: ہم نے اس زمین کی آب و ہوا ناموافق پائی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: یہ ہمارے اونٹ ہیں جو چرنے کے لیے باہر جا رہے ہیں تم بھی ان کے ساتھ جاؤ اور ان کا دودھ اور پیشاب پیو۔ چنانچہ وہ ان کے ساتھ چلے گئے۔ اُن کا پیشاب اور دودھ پیا اور تندرست ہوگئے۔ پھر وہ چرواہے پر پَل پڑے اور اسے مار ڈالا اور اونٹ ہانک کر لے گئے۔ تو ایسے لوگوں کی سزا میں کیا تأمل ہوسکتا ہے جنہوں نے ایک جان کا خون کیا اور اللہ اور اس کے رسولؐ سے جنگ کی اور رسول اللہ ﷺ کو خوف زدہ کرنا چاہا۔ عنبسہ نے یہ سن کر کہا: سبحان اللہ۔ میں نے کہا: تم مجھے جھوٹا سمجھتے ہو؟ اُنہوں نے کہا: حضرت انسؓ نے ہم سے ایسا ہی بیان کیا ہے۔ کہتے تھے: پھر عنبسہ کہنے لگے: اے شام والو! تم ہمیشہ ہی اچھے رہو گے، جب تک کہ یہ اور اس جیسے تم میں باقی رہیں گے۔
صحیح بخاری 4632
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا۔ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے اُنہیں خبر دی، کہا: سلیمان احول نے مجھ سے بیان کیا کہ مجاہد نے اُن کو بتایا کہ اُنہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا: کیا سورۃ صٓ میں سجدہ ہے؟ اُنہوں نے کہا: ہاں، یہ کہہ کر اُنہوں نے یہ آیت پڑھی: وَوَہَبۡنَا لَہٗۤ اِسۡحٰقَ وَیَعۡقُوۡبَ … فَبِهُدٰىهُمُ اقْتَدِهْ۔ پھر اُنہوں نے کہا: حضرت داؤدؑ بھی اُنہیں میں سے ہیں۔ یزید بن ہارون، محمد بن عبید اور سہل بن یوسف نے عوام (بن حوشب) سے، عوام نے مجاہد سے روایت کرتے ہوئے یہ زائد بیان کیا۔ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا: تو اُنہوں نے کہا: تمہارے نبی ﷺ بھی اُنہی لوگوں میں سے ہیں جن کی پیروی کرنے کا حکم دیا ہے۔
صحیح بخاری 4642
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ اُنہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: عیینہ بن حصن بن حذیفہ (مدینہ میں) آئے اور اپنے بھتیجے حرؓ بن قیس کے پاس اترے اور حُرؓ بن قیس ان لوگوں میں سے تھے جن کو حضرت عمرؓ اپنے قریب بٹھایا کرتے تھے اور قاری (قرآن کے عالم) ہی حضرت عمرؓ کی مجلس میں بیٹھنے والے اور ان کو مشورہ دینے والے ہوتے تھے، ادھیڑ عمر کے ہوں یا جوان۔ عیینہ نے اپنے بھتیجے سے کہا: اے بھتیجے! اس امیر کے پاس تمہاری وجاہت ہے، اس لئے میرے لئے ان کے پاس آنے کی اجازت مانگو۔ حُرؓ بن قیس نے کہا: میں تمہارے لئے ان کے پاس آنے کی اجازت لے لوں گا۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے، چنانچہ حُؓر نے عیینہ کے لئے اجازت مانگی اور حضرت عمرؓ نے ان کو اجازت دی۔ جب عیینہ ان کے پاس آیا تو اُس نے کہا: خطاب کے بیٹے! یہ کیا بات ہے، اللہ کی قسم نہ تو آپؓ ہم کو بہت (مال) دیتے ہیں اور نہ ہمارے درمیان (اور ہمارے مال کے درمیان) انصاف سے فیصلہ کرتے ہیں۔ یہ سن کر حضرت عمرؓ ناراض ہوگئے۔ یہاں تک کہ اس کو کچھ کہنے کو ہی تھے کہ حُؓر نے حضرت عمرؓ سے عرض کیا: امیر المومنینؓ! اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی ﷺ سے فرمایا ہے: (اے نبی! ہمیشہ) درگزر سے کام لے اور مطابق فطرت باتوں کا حکم دیتا رہ اور جاہل لوگوں سے منہ پھیر لے۔ اور یہ عیینہ جاہلوں ہی میں سے ہے۔ اللہ کی قسم جب حُؓر نے ان کے سامنے یہ آیت پڑھی تو حضرت عمرؓ وہیں رک گئے اور کچھ نہیں کہا اور حضرت عمرؓ کتاب اللہ کو سن کر رک جاتے تھے۔
صحیح بخاری 4643
یحيٰ (بن موسیٰ) نے مجھ سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا: انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے روایت کی، انہوں نے کہا: آیت خُذِ الْعَفْوَ وَ اْمُرْ بِالْعُرْفِ جو ہے تو اللہ تعالیٰ نے یہ صرف لوگوں کی اخلاقی اصلاح کے لئے ہی اتاری ہے۔
صحیح بخاری 4644
اور عبداللہ بن برّاد نے کہا کہ ابواسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے بتایا، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے روایت کی، انہوں نے کہا: اللہ نے اپنے نبی ﷺ کو حکم دیا کہ وہ لوگوں کے سلوک پر عفو سے کام لیں یا کچھ ایسے ہی الفاظ کہے۔
صحیح بخاری 4650
حسن بن عبدالعزیز نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ حیوہ نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے بکر بن عمرو سے، بکر نے بُکَیر سے، بُکَیر نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک شخص اُن کے پاس آیا، کہنے لگا: ابوعبدالرحمٰن! کیا آپؓ سنتے ہیں جو اللہ نے اپنی کتاب میں ذکر فرمایا ہے؟ اور اگر مومنوں کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں تو ان دونوں میں صلح کرا دو۔ پھر اگر صلح ہو جانے کے بعد اُن میں سے کوئی ایک دوسرے پر چڑھائی کرے، تو سب مل کر اس چڑھائی کرنے والے کے خلاف جنگ کرو یہاں تک کہ وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے پھر اگر وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے تو عدل کے ساتھ ان (دونوں لڑنے والوں) میں صلح کرا دو اور انصاف کو مدنظر رکھو۔ اللہ انصاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔ (کہا:) پھر آپؓ کو کیا رکاوٹ ہے کہ آپؓ نہیں لڑتے جیسا کہ اللہ نے اپنی کتاب میں ذکر کیا ہے۔ اُنہوں نے یہ سن کر کہا: اے میرے بھتیجے! اس آیت کے معنی سمجھنے میں مجھے غلط فہمی نہیں ہوئی اور میں نہ لڑوں، یہ بات مجھے پسند ہے بہ نسبت اس بات کے کہ میں اس آیت کو سمجھ کر مغالطہ میں رہوں جس میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا: یعنی جو (شخص) کسی مومن کو دانستہ قتل کر دے گا تو اس کی سزا جہنم ہو گی۔ وہ اس میں دیر تک رہتا چلا جائے گا اور اللہ اس سے ناراض ہو گا اور اسے (اپنی جناب سے) دور کر دے گا اور اس کے لیے (بہت) بڑا عذاب تیار کرے گا۔ وہ شخص کہنے لگا: اللہ تعالیٰ تو فرماتا ہے: اور اُن (کفار) سے لڑتے جاؤ یہاں تک کہ جبر کا نام و نشان باقی نہ رہے۔ حضرت ابن عمرؓ نے فرمایا: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں اس پر عمل کیا جب کہ مسلمان بہت تھوڑے تھے اور اس وقت آدمی کو اس کے دین کی وجہ سے ابتلاء میں ڈال دیا جاتا تھا یا اسے قتل کر ڈالتے یا اسے جکڑ دیتے، آخر یہ زمانہ ہوا کہ مسلمان بہت ہوگئے اور وہ فتنہ نہ رہا۔ جب اس نے دیکھا کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ جو بات وہ چاہتا ہے اس میں اس کے ساتھ متفق نہیں ہوتے تو اس نے پوچھا: پھر آپؓ حضرت علیؓ اور حضرت عثمانؓ کی نسبت کیا کہتے ہیں؟ حضرت ابن عمرؓ نے فرمایا: حضرت علیؓ اور حضرت عثمانؓ کی نسبت میں کیا کہتا ہوں۔ حضرت عثمانؓ جو ہیں تو اللہ نے اُنہیں معاف کر دیا اور تم نے بُرا منایا کہ وہ اُنہیں معاف کر دے اور حضرت علیؓ جو ہیں تو وہ تو رسول اللہ ﷺ کے چچا کے بیٹے اور داماد ہیں اور ہاتھ سے اشارہ کرکے بتایا یہ ان کی بیٹی وہاں ہے جہاں تم دیکھ رہے ہو۔ راوی نے ابْنَتُهُ کہا یا بِنْتُهُ کہا۔
صحیح بخاری 4651
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زہیر (بن معاویہ) نے ہمیں بتایا کہ بیان (بن بشر) نے ہم سے بیان کیا کہ وبرہ (بن عبدالرحمٰن) نے اُن کو بتایا، کہا: سعید بن جبیر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: حضرت ابن عمر ؓ ہمارے پاس یا کہا: ہماری طرف باہر آئے تو ایک شخص نے کہا: آپ اس فتنہ میں لڑنے کے بارے میں کیا خیال کرتے ہیں؟ اُنہوں نے کہا: اور کیا تمہیں پتہ بھی ہے کہ فتنہ کیا ہوتا ہے؟ محمد ﷺ مشرکوں سے لڑائی کیا کرتے تھے اور مشرکوں کے پاس جانا بھی ایک فتنہ ہوتا تھا اور (آپؐ کی لڑائی) تمہاری اس لڑائی کی طرح نہ تھی جو ملک کی خاطر ہے۔
صحیح بخاری 4658
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید) نے ہمیں بتایا کہ اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہم سے بیان کیا کہ زید بن وہب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: ہم حضرت حذیفہ (بن یمانؓ) کے پاس تھے۔ اُنہوں نے کہا: آیت (فَقَاتِلُوۡۤا اَئِمَّۃَ الۡکُفۡرِ) میں مذکور لوگوں میں سے سوائے تین شخصوں کے کوئی باقی نہیں رہا اور نہ منافقوں میں سے کوئی باقی رہا سوائے چار شخصوں کے۔ ایک اعرابی نے کہا: تم تو محمد (ﷺ) کے صحابہ ہو ہمیں بتاؤ ہم نہیں جانتے ان لوگوں کی کیا حالت ہے جو ہمارے گھروں میں نقب لگاتے ہیں اور ہمارے چیدہ چیدہ مال چُرا لے جاتے ہیں۔ حضرت حذیفہؓ نے کہا: یہی لوگ احکام الٰہی کی نافرمانی کرنے والے ہیں۔ ہاں ان میں سے سوائے چار شخصوں کے کوئی باقی نہیں رہا۔ اُن میں سے ایک بہت بوڑھا شخص ہے جو اگر ٹھنڈا پانی پیئے تو اس کی ٹھنڈک محسوس نہ کرے۔
صحیح بخاری 4686
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں خبر دی کہ بُرَید بن ابی بردہ نے ہمیں بتایا۔ ابو بردہ سے روایت ہے۔ اُنہوں نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ ظالم کو ڈھیل دیتا رہتا ہے۔ مگر جب اُس کو پکڑتا ہے تو پھر اس کو چھوڑتا نہیں۔ حضرت ابوموسیٰؓ کہتے ہیں: پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: اور تیرے ربّ کی گرفت جب وہ بستیوں کو اس حالت میں کہ وہ ظلم پر ظلم کر رہی ہوں پکڑتا ہے، اسی طرح (یعنی اتمام حجت کے بعد) ہوا کرتی ہے۔ اس کی گرفت بڑی ہی دردناک (اور) سخت ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 4694
سعید بن تلید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن قاسم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بکر بن مضر سے، بکر نے عمرو بن حارث سے، عمرو نے یونس بن یزید سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیّب اور ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن سے، انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ لوطؑ پر رحم کرے وہ کسی مضبوط سہارے کی پناہ لینا چاہتے تھے۔ اور اگر میں قید خانہ میں اتنا عرصہ رہتا جتنا کہ یوسف رہے تو جو بلانے والا شخص آیا تھا میں اس کی بات مان لیتا۔ اور ہم ابراہیمؑ سے زیادہ حقدار ہیں جب اس نے اس سے کہا: کیا تو ایمان نہیں لا چکا؟ (ابراہیم نے) کہا: کیوں نہیں۔ (ایمان تو بے شک حاصل ہو چکا ہے) لیکن اپنے اطمینان قلب کی خاطر (میں نے یہ سوال کیا ہے)۔
صحیح بخاری 4712
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ ابوحیان تیمی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو زُرْعہ بن عمرو بن جریر سے، ابو زُرْعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس گوشت لایا گیا اور اس میں سے دستی کا گوشت اٹھا کر آپؐ کے سامنے پیش کیا گیا اور آپؐ کو یہ بہت پسند تھا۔ آپؐ نے اس گوشت میں سے کچھ دانتوں سے تھوڑا سا لیا۔ پھر فرمایا کہ میں قیامت کے روز لوگوں کا سردار ہوں گا اور (کیا) تم جانتے ہو کس لئے؟ پہلے اور پچھلے لوگ ایک ہی میدان میں اکٹھے کئے جائیں گے۔ پکارنے والا ان سب کو سنائے گا اور آنکھ ان کو دیکھے گی اور سورج نزدیک آجائے گا اور لوگوں کو اس قدر غم ہوگا اور گھبراہٹ اس حد تک پہنچ جائے گی جس کی وہ طاقت نہیں رکھیں گے اور نہ اسے برداشت کر سکیں گے۔ لوگ (آپس میں) کہیں گے کہ کیا دیکھتے نہیں کہ تمہارا کیا حال ہوچکا ہے۔ کیا اب بھی تم ایسے شخص کو نہیں ڈھونڈو گے جو تمہارے ربّ کے پاس تمہارے لئے سفارش کرے۔ تب بعض لوگ ایک دوسرے سے کہیں گے کہ چلو آدم ؑ سے مدد لیں۔ وہ حضرت آدم علیہ السلام کے پاس آئیں گے اور اُن سے کہیں گے کہ آپؑ تمام انسانوں کے باپ ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپؑ کو اپنے ہاتھ سے پیدا کیا اور آپؑ میں اپنی روح پھونکی اور فرشتوں کو حکم دیا اور وہ آپؑ کے فرمانبردار ہوگئے۔ اپنے ربّ سے ہمارے لئے بھی سفارش کریں۔ کیا آپؑ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں، ہماری نوبت کہاں تک پہنچ گئی ہے۔ یہ سن کر حضرت آدم ؑ کہیں گے کہ میرا ربّ آج بہت بڑے جلال میں ہے کہ اس سے قبل اتنے جلال میں نہیں ہوا اور نہ اس کے بعد ایسے جلال کا اظہار کرے گا۔ اور (یہ بات بھی ہے کہ) اس نے مجھے درخت سے روکا تھا اور میں نے اس کی نافرمانی کی۔ مجھے تو اپنی جان کی پڑی ہے۔ اپنی ہی فکر ہے اپنی ہی فکر ہے۔ میرے سوا تم کسی اور کے پاس جاؤ۔ نوحؑ کے پاس جاؤ۔ اور وہ حضرت نوحؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے کہ اے نوحؑ آپؑ پہلے رسول ہیں جو زمین والوں کی طرف بھیجے گئے تھے اور اللہ تعالیٰ نے آپؑ کو شکر گزار بندہ قرار دیا ہے۔ اپنے ربّ سے ہمارے لئے سفارش کریں۔ کیا آپؑ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ وہ کہیں گے: میرا ربّ عز و جل آج بہت بڑے غضب میں ہے۔ ایسا غضب ناک نہ وہ اس سے پہلے کبھی ہوا اور نہ آئندہ ایسا غضب ناک ہوگا۔ اور (بات یہ ہے کہ) مجھ سے ایک دعا ہوگئی تھی جو میں نے اپنی قوم ہی کے برخلاف کی تھی۔ مجھے تو اپنی جان کی پڑی ہے۔ مجھے اپنی ہی فکر ہے اپنی ہی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ (بہتر ہوگا کہ) تم ابراہیمؑ کے پاس جاؤ۔ وہ حضرت ابراہیمؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے : اے ابراہیم ! آپؐ اللہ تعالیٰ کے نبی ہیں اور ساری زمین والوں میں سے اس کے جانی دوست ہیں۔ اپنے ربّ سے ہمارے لئے سفارش تو فرمائیں۔ کیا آپؑ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ وہ ان سے کہیں گے کہ میرا ربّ تو آج اتنے غضب میں ہے کہ ایسا غضب ناک وہ کبھی نہیں ہوا تھا اور نہ اس کے بعد کبھی ہوگا۔ اور میں نے تو تین باتیں خلاف واقعہ کہی تھیں۔ ابوحیان راوی نے حدیث میں ان (خلاف واقعہ باتوں) کا ذکر کیا ہے۔ مجھے تو اپنی پڑی ہے اپنی فکر ہے اپنی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ۔ تم موسیٰؑ کے پاس جاؤ۔ اور وہ حضرت موسیٰؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے: اے موسیٰ ! آپؑ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپؑ کو اپنی رسالت اور اپنے کلام سے لوگوں پر فضیلت دی ہے۔ اپنے ربّ سے ہماری سفارش کریں۔ کیا آپؑ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ وہ کہیں گے کہ میرا ربّ تو آج اس قدر غضب میں ہے کہ اتنے غضب میں اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا اور نہ ہی اس کے بعد اتنے غضب میں ہوگا۔ اور میں نے ایک جان کو مار ڈالا تھا جس کے مارنے کا مجھے حکم نہیں تھا۔ مجھے تو اپنی پڑی ہے اپنی ہی فکر ہے اپنی ہی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ۔ (بہتر ہوکہ) تم عیسیٰؑ کے پاس جاؤ۔ وہ حضرت عیسیٰؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے کہ اے عیسیٰ! آپؑ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں اور اُس کا کلمہ جو مریم کو اللہ تعالیٰ نے القا کیا اور اس کی روح ہیں۔ آپؑ نے گہوارے میں لوگوں سے باتیں کی تھیں (یعنی بچپن میں۔) ہماری سفارش کریں۔ کیا آپؑ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ حضرت عیسیٰؑ کہیں گے کہ میرا ربّ آج اس قدر غضب میں ہے کہ ایسا غضب ناک اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا نہ اس کے بعد کبھی ہوگا۔ انہوں نے اپنے کسی گناہ کا ذکر تو نہیں کیا (مگر کہیں گے:) مجھے تو اپنی پڑی ہے اپنی فکر ہے اپنی فکر ہے۔ میرے سوا کسی اور کے پاس جاؤ (بہتر ہوگا کہ) تم محمد ﷺ کے پاس جاؤ۔ اور وہ حضرت محمد ﷺ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے: اے محمدؐ ! آپؐ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں اور نبیوں کی مہر ہیں۔ اور اللہ نے آپؐ کو پہلے بھی گناہوں سے محفوظ رکھا اور بعد میں بھی۔ اپنے ربّ سے ہماری سفارش فرمائیں۔ کیا آپؐ دیکھتے نہیں کہ ہم کس حالت میں ہیں؟ تو میں (یہ سن کر) جاؤں گا اور عرش کے نیچے آکر اپنے ربّ عزوجل کے حضور سجدے میں گر جاؤں گا اور اللہ مجھے اپنی خوبیاں بیان کرنے کی توفیق دے گا کہ مجھ سے پہلے کسی کو ویسی توفیق نہ دی ہوگی۔ پھر کہا جائے گا : محمد! تم اپنا سر اُٹھاؤ۔ مانگو تمہیں دیا جائے گا، سفارش کرو تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ تب میں اپنا سر اٹھاؤں گا اور کہوں گا: اے میرے ربّ! میری امت، اے میرے ربّ! میری امت۔ کہا جائے گا: محمد! اپنی امت ہی سے جن لوگوں کے ذمہ کوئی حساب نہیں جنت کے دروازوں میں سے دائیں جانب کے دروازے سے جنت میں لے جاؤ اور اس کے سوا جو دوسرے دروازے ہیں ان میں بھی وہ لوگوں کے ساتھ شریک ہو سکتے ہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے (جنت کا دروازہ اتنا فراخ ہوگا) کہ اس کے دو کواڑوں میں فاصلہ اتنا ہے جتنا مکہ اور حمیر کے درمیان ہے۔ یا (فرمایا:) جتنا فاصلہ مکہ اور بصریٰ کے درمیان ہے۔
صحیح بخاری 4727
قتیبہ بن سعید نے مجھ سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) سفیان بن عیینہ نے مجھے بتایا کہ عمرو بن دینار نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے کہا: نوف بکالی کا خیال ہے کہ بنی اسرائیل کے موسیٰؑ خضر والے موسیٰؑ نہیں تھے۔ (حضرت ابن عباسؓ نے یہ سن کر) کہا: اللہ کے دشمن نے غلط کہا ہے۔ حضرت اُبَیّ بن کعبؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ آپؐ نے فرمایا: موسیٰؑ بنی اسرائیل سے خطاب کرنے کے لئے کھڑے ہوئے اور ان سے پوچھا گیا کہ لوگوں میں سے کون سب سے بڑھ کر عالم ہے۔ انہوں نے کہا: میں۔ اللہ نے ان پر ناراضگی کا اظہار فرمایا کہ انہوں نے علم کو اللہ کی طرف کیوں نہیں لوٹایا۔ اور انہیں وحی کی (کہ تم نہیں) بلکہ ہمارے بندوں میں سے ایک بندہ مجمع البحرین میں ہے وہ تم سے زیادہ عالم ہے۔ (موسیٰؑ نے) کہا: اے میرے ربّ! اس کے پاس کیسے پہنچا جائے؟ فرمایا: ٹوکری میں ایک مچھلی لے لو (اور چلے جاؤ) جہاں تم اس مچھلی کو کھو دو تو اُس کے پیچھے چلے جانا (وہ بندہ مل جائے گا) (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے: موسیٰؑ روانہ ہوگئے اور ان کے ساتھ اُن کا نوجوان یوشع بن نون بھی تھا اور ان کے ساتھ وہ مچھلی تھی۔ جب چٹان کے پاس پہنچے تو وہاں ٹھہر گئے۔ کہتے تھے کہ موسیٰؑ اپنا سر ٹیک کر سوگئے۔ سفیان (بن عیینہ) نے کہا: عمرو (بن دینار) کے سوا دوسرے راوی کی روایت میں (یوں) ہے کہ انہوں نے کہا: اس چٹان کے دامن میں ایک چشمہ تھا جسے آب حیات کہتے ہیں۔ جو چیز اس پانی میں پڑتی وہ زندہ ہوجاتی۔ اس چشمے کے پانی سے کچھ پانی اس مچھلی پر بھی پڑا۔ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے کہ وہ حرکت کرنے لگی اور اس ٹوکری سے کھسک کر سمندر میں چلی گئی۔ جب موسیٰؑ جاگے تو انہوں نے اپنے نوجوان سے کہا: ہمارا ناشتہ ہمارے پاس لاؤ۔ جیسا کہ آیت میں ہے۔ کہتے تھے: اور موسیٰؑ نے اس وقت ہی تھکان محسوس کی جب وہ اس جگہ سے آگے نکل گئے جہاں جانے کا انہیں حکم ہوا تھا۔ موسیٰؑ سے ان کے نوجوان یوشع بن نون نے کہا: بتایئے (اب کیا ہو گا) جب ہم (آرام کے لیے) اس چٹان پر ٹھہرے تو میں مچھلی (کا خیال) بھول گیا۔ انہوں نے کہا: اس پر وہ دونوں اپنے قدموں کا کھوج لیتے ہوئے وہاں سے لوٹے اور انہوں نے سمندر میں مچھلی کی گزرگاہ کو محراب کی شکل میں پایا۔ جس سے موسیٰؑ کے ساتھی کو تعجب ہوا۔ اور (یہ شکل) مچھلی کا راستہ بن گئی۔ کہتے تھے: جب وہ دونوں اس چٹان کے پاس پہنچے تو کیا دیکھتے ہیں کہ ایک شخص کپڑا اوڑھے ہوئے ہے۔ موسیٰؑ نے اسے سلام کیا تو اُس نے کہا: تمہارے ملک میں سلامتی کہاں؟ انہوں نے (جواب میں) کہا: میں موسیٰؑ ہوں۔ اس شخص نے پوچھا: کیا بنی اسرائیل کا موسیٰؑ؟ انہوں نے کہا: ہاں (موسیٰؑ نے) کہا کیا میں اس (مقصد کے) لیے آپ کے ساتھ چل سکتا ہوں کہ جو علم آپ کو عطا ہوا ہے اُس میں سے کچھ رشد (کی باتیں) مجھے بھی سکھائیں؟ خضر نے ان سے کہا: موسیٰؑ! علم الٰہی میں سے تمہیں ایک ایسا علم حاصل ہے جو اللہ ہی نے تمہیں سکھایا ہے میں اسے نہیں جانتا اور مجھے بھی علم الٰہی سے ایک ایسا علم حاصل ہے جو اللہ ہی نے مجھے سکھایا ہے تو اس کو نہیں جانتا (موسیٰؑ نے) کہا: نہیں، بلکہ میں آپ کے ساتھ ساتھ رہوں گا۔ خضر نے کہا: اچھا اگر تمہیں میرے ساتھ ہی رہنا ہے تو مجھ سے کسی بات کی بابت نہ پوچھنا یہاں تک کہ میں خود ہی اس کی نسبت تم سے بیان کروں۔ اس پر وہ دونوں سمندر کے کنارے کنارے چل پڑے۔ اتنے میں ایک کشتی ان کے پاس سے گزری۔ خضر پہچانے گئے اور کشتی والوں نے ان کو اپنی کشتی میں بغیر کرایہ لینے کے سوار کر لیا۔ کہتے ہیں: بغیر اَجر کے۔ وہ دونوں کشتی میں سوار ہوگئے۔ کہتے تھے: کشتی کے کنارے ایک چڑیا آبیٹھی اور اس نے اپنی چونچ سمندر میں ڈبوئی۔ خضر نے موسیٰؑ سے کہا: تمہارا علم اور میرا علم اور تمام مخلوقات کا علم اللہ کے علم کے مقابل میں اتنا ہی ہے جتنا کہ اس چڑیا نے اپنی چونچ ڈبو کر (سمندر سے) لیا ہے۔ کہتے تھے: ابھی تھوڑی دیر نہیں گزری تھی کہ موسیٰؑ یکایک گھبرا گئے، جب (دیکھا کہ) خضر نے لپک کر ایک تیشہ لیا اور کشتی میں شگاف کر دیا ہے۔ موسیٰؑ نے ان سے کہا: ان لوگوں نے بغیر کرایہ لئے ہمیں سوار کیا تھا، آپ ان کی کشتی کی طرف لپکے ہیں اور اس میں شگاف کر دیا ہے کہ اس کے اندر (بیٹھ کر جانے) والوں کو غرق کردیں۔ آپ نے یقیناً (یہ) ایک ناپسندیدہ کام کیا ہے۔…… پھر وہ دونوں چل پڑے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ ایک لڑکا ہے جو دوسرے لڑکوں کے ساتھ کھیل رہا ہے۔ خضر نے اس کا سر پکڑا اور اسے کاٹ ڈالا۔ موسیٰؑ نے ان سے کہا: کیا (یہ سچ نہیں کہ) آپ نے (اس وقت) ایک پاکباز (اور بے گناہ) شخص کو بغیر کسی (کے خون) کے بدلہ کے (ناحق ہی) مار ڈالا ہے۔ آپ نے یقیناً (یہ) بہت بُرا کام کیا ہے۔ (خضر نے) کہا: کیا میں نے تجھے نہیں کہا تھا (کہ) تو میرے ساتھ رہ کر ہرگز صبر نہیں کر سکے گا۔ اس قول تک کہ انہوں نے انہیں (اپنے) مہمان بنانے سے انکار کر دیا۔ پھر انہوں نے اس (بستی) میں ایک ایسی دیوار پائی جو گرنے کو تھی۔ تو خضر نے اپنے ہاتھ سے اس طرح (اشارہ) کیا اور اسے سیدھا کر دیا۔ موسیٰؑ ان سے کہنے لگے: ہم اس بستی میں آئے تھے تو ان لوگوں نے ہمیں مہمان نہیں ٹھہرایا اور نہ ہمیں کھانے کو کچھ دیا۔ اگر آپ چاہتے تو یقیناً اس کی کچھ (نہ کچھ) اُجرت لے سکتے تھے۔ (خضر نے) کہا: یہ میرے درمیان اور تمہارے درمیان جدائی (کا وقت) ہے۔ جس بات پر تُو صبر نہیں کر سکا، میں ابھی تجھے اس کی حقیقت سے آگاہ کرتا ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمیں خواہش ہی رہی کہ کاش موسیٰؑ صبر کرتے تا ان دونوں کا حال ہمیں بتا دیا جاتا۔ سعید نے کہا: حضرت ابن عباسؓ یوں پڑھتے تھے کہ اور ان کے آگے ایک بادشاہ تھا جو ہر صحیح کشتی کو زبردستی چھین لیتا تھا۔ اور (یہ جو) لڑکے (کا واقعہ ہے تو اس) کی حقیقت یہ ہے کہ وہ کافر تھا۔
صحیح بخاری 4734
بشر بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان (اعمش) سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے ابو الضحیٰ سے سنا۔ وہ مسروق سے بیان کرتے ہیں۔ مسروق حضرت خبابؓ (بن ارت) سے روایت کرتے تھے کہ انہوں نے کہا: میں زمانۂ جاہلیت میں لوہاری کا کام کرتا تھا۔ اور عاص بن وائل کے ذمہ میرا کچھ قرض تھا۔ کہتے تھے کہ وہ اس کے پاس تقاضا کرنے کے لیے آئے۔ وہ کہنے لگا: جب تک محمد(ﷺ) کا انکار نہ کرو گے میں تجھے ہرگز نہیں دوں گا۔ حضرت خبابؓ نے کہا: اللہ تجھے مار کر زندہ بھی کردے، اللہ کی قسم! تب بھی میں آپؐ کا انکار نہیں کرنے کا۔ اس نے کہا: اچھا پھر مجھے رہنے دو کہ میں مر جاؤں اور پھر زندہ اٹھایا جاؤں پھر جب مجھے مال و اولاد دی جائے گی تو میں تجھے تیرا قرض ادا کر دوں گا۔ تو یہ آیت نازل ہوئی: اَفَرَءَيْتَ الَّذِيْ… کیا تجھے اس شخص کے متعلق معلوم ہوا ہے جس نے ہماری آیات کا کفر کیا اور کہا کہ مجھے بہت سی دولت اور بہت سی اولاد ضرور دی جائے گی۔
صحیح بخاری 4749
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ بیان فرماتی تھیں: جس شخص نے اس بہتان طرازی میں بڑا حصہ لیا تھا وہ عبداللہ بن اُبَيّ بن سلول تھا۔
صحیح بخاری 4767
عمر بن حفص بن غیاث نے ہمیں بتایا۔ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا۔ مسلم (بن صبیح) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کہتے تھے: پانچ نشانیاں تو گزر چکی ہیں: دھواں، چاند کا پھٹنا، رومیوں کا مغلوب ہونا، سخت گرفت اور ہلاکت۔ یعنی آیت فَسَوْفَ يَكُوْنُ لِزَامًا (میں جو ہلاکت کی پیشگوئی ہے۔)
صحیح بخاری 4786
اور لیث نے کہا: یونس نے مجھ سے کہا: ابن شہاب سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبد الرحمٰن نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہؓ نبی ﷺ کی زوجہ کہتی تھیں کہ جب رسول اللہ ﷺ کو یہ حکم ہوا کہ آپؐ اپنی ازواج کو اختیار دیں تو آپؐ نے مجھ سے ہی شروع کیا اور فرمایا: میں تم سے ایک بات ذکر کرنے لگا ہوں جب تک اپنے ماں باپ سے مشورہ نہ کرلو اس میں جلدی نہ کرنا۔ کوئی مضائقہ نہیں (جو چاہو فیصلہ کرو۔) کہتی تھیں: آپؐ کو یہ علم تھا کہ میرے ماں باپ ایسے نہیں کہ آپؐ سے جدا ہونے کا مجھے مشورہ دیں۔ کہتی تھیں: یہ کہہ کر آپؐ نے فرمایا: اللہ جل ثناءہ فرماتا ہے: يٰۤاَيُّهَا النَّبِيُّ قُلْ لِّاَزْوَاجِكَ اِنْ كُنْتُنَّ تُرِدْنَ الْحَيٰوةَ الدُّنْيَا وَزِيْنَتَهَا… اَجْرًا عَظِيْمًا۔ کہتی تھیں: میں نے کہا: اس میں کونسی بات ہے کہ جس کے متعلق میں ماں باپ سے مشورہ کروں میں تو اللہ، اس کا رسول اور دارِ آخرت ہی چاہتی ہوں۔ کہتی تھیں: پھر رسول اللہ ﷺ کی دوسری ازواج نے بھی وہی جواب دیا جو میں نے دیا تھا۔ (لیث کی طرح) موسیٰ بن اعین نے بھی اسے روایت کیا ہے۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے یہ بات روایت کی۔ انہوں نے کہا ابوسلمہ نے مجھے بتایا۔ اور عبدالرزاق اور ابوسفیان معمری نے معمر سے، معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے نقل کیا۔