باب 5: باب {وَإِذْ قُلْنَا ادْخُلُوا هَذِهِ الْقَرْيَةَ فَكُلُوا مِنْهَا حَيْثُ شِئْتُمْ رَغَدًا وَادْخُلُوا الْبَابَ سُجَّدًا وَقُولُوا حِطَّةٌ نَغْفِرْ لَكُمْ خَطَايَاكُمْ وَسَنَزِيدُ الْمُحْسِنِينَ}
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 4824
بشر بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد (بن جعفر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان اور منصور سے، انہوں نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: اللہ نے محمد ﷺ کو مبعوث کیا اور فرمایا: تُو کہہ دے کہ میں اس (تبلیغ) پر تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا اور نہ میں تکلف سے بات کرنے کا عادی ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے جب قریش کو دیکھا کہ وہ آپؐ کے مقابل اڑ گئے ہیں تو آپؐ نے یہ دعا کی: اے اللہ! ان کو مغلوب کرنے کے لئے تو میری مدد سات سال (قحط) سے فرما جو یوسف کے سالوں کی طرح ہوں۔ چنانچہ قحط نے ان کو ایسا آپکڑا کہ اس نے ہر ایک چیز کو فنا کردیا۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ انہوں نے ہڈیاں اور کھالیں کھائیں۔ راویوں میں سے ایک نے کہا: یہاں تک کہ کھالیں اور مردار کھائے اور زمین سے ایک دھواں سا نکلنے لگا۔ تب ابوسفیان آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: محمد! تمہاری قوم تو ہلاک ہوگئی۔ اللہ سے دعا کرو کہ ان سے عذاب ہٹائے۔ آپؐ نے دعا کی اور آپؐ نے فرمایا: اس کے بعد پھر تم ویسے کے ویسے ہوجاؤ گے۔ منصور کی حدیث میں (یہ الفاظ) ہیں: تو پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی: فَارْتَقِبْ يَوْمَ تَاْتِي السَّمَآءُ …۔ (حضرت ابن مسعودؓ نے کہا:) بھلا آخرت کا عذاب بھی ہٹایا جائے گا۔ دخان (دھواں)، بطشہ (سخت گرفت) اور لزام (چمٹنے والا عذاب) تو گزر چکے۔ اور ان راویوں میں سے ایک نے شق القمر بھی کہا اور دوسرے نے روم بھی کہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4840
ہم سے قتیبہ بن سعید نے بیان کیا کہ ہمیں سفیان (بن عیینہ) نے بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے حضرت جابر (انصاریؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حدیبیہ کے دن چودہ سو (۱۴۰۰) آدمی تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4841
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ شبابہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عقبہ بن صہبان سے سنا۔ وہ حضرت عبداللہ بن مغفل مزنیؓ سے روایت کرتے تھے: میں بھی ان لوگوں میں سے ہوں جو درخت کے نیچے موجود تھے۔ نبی ﷺ نے کنکریاں پھینکنے سے روکا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4842
اور (اسی سند کے ساتھ) عقبہ بن صہبان سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن مغفل مزنیؓ سے نہانے کی جگہ میں پیشاب کرنے کے متعلق سنا (کہ آپ نے اس کو منع فرمایا۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4843
محمد بن ولید نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے خالد (حذاء) سے، خالد نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت ثابت بن ضحاک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اور وہ ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے درخت کے نیچے بیعت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4844
احمد بن اسحاق سُلمی نے ہم سے بیان کیا کہ یعلیٰ (بن عبید) نے ہمیں بتایا کہ عبدالعزیز بن سیاہ نے حبیب بن ابی ثابت سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں ابو وائل (شقیق بن سلمہ) کے پاس ان سے کچھ پوچھنے آیا تو انہوں نے کہا: ہم صفین میں تھے، تو ایک شخص نے کہا: کیا تم ان لوگوں کی طرف نہیں دیکھتے جن کو کتاب اللہ پر عمل کرنے کے لئے بلایا جاتا ہے۔ حضرت علیؓ نے کہا: ہاں (دیکھتا ہوں)۔ حضرت سہل بن حنیفؓ نے کہا: اپنے آپ کو ہی غلطی پر سمجھو (اپنے نفسوں پر اتنا اعتماد نہ کیا کرو) کیونکہ میں حدیبیہ کے دن یعنی اس صلح میں جو کہ نبی ﷺ اور مشرکوں کے درمیان تھی اپنے تئیں دیکھ چکا ہوں۔ اگر ہم لڑنا مناسب سمجھتے تو ہم ضرور لڑتے۔ حضرت عمرؓ بھی آئے اور کہنے لگے: کیا ہم حق پر نہیں اور وہ باطل پر نہیں؟ کیا ہمارے مقتول جنت میں اور ان کے مقتول آگ میں نہیں ہوں گے؟ آپؐ نے فرمایا: کیوں نہیں، ضرور۔ حضرت عمرؓ نے کہا: پھر ہم اپنے دین کے متعلق یہ ذلت کیوں قبول کریں اور یونہی ایسے وقت میں واپس ہو جائیں کہ ابھی اللہ نے ہمارے درمیان فیصلہ نہیں کیا۔ یہ سن کر آپؐ نے فرمایا: خطاب کے بیٹے! میں اللہ کا رسول ہوں اور اللہ مجھے کبھی ضائع نہیں کرے گا۔ (یہ سن کر) حضرت عمر بن خطابؓ غصے سے بھرے لوٹ گئے اور صبر نہیں کیا کہ جھٹ حضرت ابوبکرؓ کے پاس چلے گئے اور کہنے لگے: ابوبکرؓ! کیا ہم حق پر اور وہ باطل پر نہیں؟ انہوں نے کہا: خطاب کے بیٹے! وہ اللہ کے رسول ﷺ ہیں اور اللہ ان کو ہرگز ضائع نہیں کرے گا۔ پھر سورۂ فتح نازل ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4875
محمد بن عبداللہ بن حوشب نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوھاب نے ہمیں بتایا۔ خالد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ نیز محمد (بن یحيٰ ذہلی) نے مجھ سے بیان کیا کہ عفان بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے وہیب سے روایت کی کہ خالد (حذاء) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے جنگ بدر کے دن یہ دعا کی۔ اور آپؐ اس وقت ایک بڑے خیمہ میں تھے: اے میرے اللہ! میں تجھے تیرا عہد اور تیرا وعدہ یاد دلاتا ہوں۔ اے اللہ! اگر تو چاہے کہ اس دن کے بعد تیری عبادت نہ کی جائے۔ اس پر حضرت ابوبکرؓ نے آپؐ کے ہاتھ کو پکڑ لیا اور کہا: یا رسول اللہ! بس کافی ہے۔ آپؐ نے اپنے ربّ سے بہت الحاح و زاری کی ہے۔ اور آپؐ اس دن زرہ پہنے ہوئے تھے، کبھی اُٹھتے تھے کبھی بیٹھتے تھے۔ آپؐ نکلے اور یہ فرما رہے تھے: اُن کی جماعت کو عنقریب شکست دی جائے گی اور وہ پیٹھ پھیر کر بھاگ جائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4888
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر یعنی ابن عیاش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین (بن عبدالرحمٰن) سے، حصین نے عمرو بن میمون سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں اپنے جانشین کو پہلے مہاجرین کے متعلق یہ وصیت کرتا ہوں کہ وہ ان کے لیے ان کا حق پہچانیں اور اپنے جانشین کو اُن انصار کے متعلق کہ جو گھر میں آباد اور ایمان سنبھالے ہوئے تھے، پیشتر اس کے کہ نبی ﷺ ہجرت کرتے، یہ وصیت کرتا ہوں کہ ان میں سے جو نیک ہو اس کی قدردانی کرے اور جو بُرا ہو اُس سے درگزر کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4905
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) نے کہا کہ میں نے حضرت جابر بن عبداللہ (انصاری) رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: ہم ایک غزوہ میں تھے۔ سفیان نے ایک دفعہ یوں کہا: ہم ایک فوج میں تھے تو مہاجرین میں سے ایک شخص نے ایک انصاری شخص کے (سرین پر) لات ماری۔ وہ انصاری بولا: انصاریو! مدد کو پہنچو۔ اور اس مہاجر نے کہا: مہاجرین! مدد کو پہنچو۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سنا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ جاہلیت کی پکار کیا کرنے لگے ہو۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہؐ! مہاجرین میں سے ایک شخص نے ایک انصاری کے (سرین پر) لات لگائی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: ان باتوں کو جانے دو کیونکہ وہ بدبودار ہیں۔ تو عبداللہ بن اُبَيّ نے یہ بات سنی تو وہ کہنے لگا: انہوں نے ایسا کیا ہے۔ اچھا اللہ کی قسم اگر ہم مدینہ کو لوٹے تو جو اُن میں سے معزز ہیں وہ ذلیل کو وہاں سے ضرور نکال دیں۔ یہ بات نبی ﷺ کو پہنچی۔ حضرت عمرؓ کھڑے ہوگئے اور کہا: یا رسول اللہ! مجھے اجازت دیں کہ اس منافق کی گردن اڑا دوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: جانے دو، کہیں لوگ باتیں نہ کریں کہ محمد اپنے ساتھیوں کو مرواتا ہے۔ اور انصار مہاجرین سے جب یہ مدینہ میں آئے زیادہ تھے۔ پھر اس کے بعد مہاجرین بہت ہوگئے۔ سفیان نے کہا: میں نے عمرو (بن دینار) سے یہ حدیث (سن کر) یاد رکھی۔ عمرو نے کہا: میں نے حضرت جابرؓ سے سنا کہ ہم نبی ﷺ کے ساتھ تھے (اور پھر سارا واقعہ بیان کیا۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4916
عمر و بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید سے، حمید نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر رضی اللہ عنہ کہتے تھے: نبی ﷺ کی ازواج نے بوجہ غیرت آپؐ کے متعلق ایکا کیا۔ میں نے ان سے کہا: ہو سکتا ہے کہ اگر وہ تمہیں طلاق دے دے تو اُس کا ربّ تم سے بہتر بیویاں بدلہ میں اس کو دے۔ تو پھر یہی آیت نازل ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4926
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے روایت کی۔ ابن شہاب نے کہا: میں نے ابو سلمہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: مجھے حضرت جابر بن عبداللہؓ نے خبر دی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ وحی کے موقوف ہونے کے متعلق بیان فرما رہے تھے کہ ایک بار میں چلا جا رہا تھا تو میں نے آسمان سے ایک آواز سنی۔ میں نے اپنی نگاہ جو آسمان کی طرف کی۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہی فرشتہ ہے جو میرے پاس حرا میں آیا۔ آسمان اور زمین کے درمیان کرسی پر بیٹھا ہے۔ میں اس سے اتنا سہم گیا کہ زمین پر گر پڑا۔ میں اپنے گھر والوں کے پاس آیا اور کہا: مجھے کمبل اُوڑھا دو، مجھے کمبل اُوڑھا دو۔ انہوں نے مجھے کمبل اُوڑھا دیا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے یہ وحی نازل کی: يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ…۔ ابو سلمہ نے کہا: رجْز سے مراد بُت ہیں۔ پھر اس کے بعد وحی خوب گرم ہو گئی اور پے در پے آنے لگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4947
یحيٰ (بن موسیٰ بلخی) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا، انہوں نے اعمش سے، اعمش نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابوعبدالرحمٰن سے، اُنہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی، اُنہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے تھے آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جس کا ٹھکانا جنت میں یا جس کا ٹھکانا آگ میں نہ لکھ دیا گیا ہو۔ ہم نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم اس پر بھروسہ نہ کریں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں، عمل کئے جاؤ کیونکہ ہر ایک کے لئے آسانی کی گئی ہے۔ پھر آپؐ نے یہ آیات پڑھیں۔ یعنی پس جس نے (خدا کی راہ میں) دیا اور تقویٰ اختیار کیا۔ اور نیک بات کی تصدیق کی۔ اُسے تو ہم ضرور آسانی (کے مواقع) بہم پہنچائیں گے۔ اور ایسا (شخص) جس نے بخل سے کام لیا اور بے پروائی کا اظہار کیا۔ اور نیک بات کو جھٹلایا۔ اُسے ہم تکلیف (کا سامان) بہم پہنچائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah