باب 6: باب قَوْلُهُ {مَنْ كَانَ عَدُوًّا لِجِبْرِيلَ}
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 4889
یعقوب بن ابراہیم بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ فضیل بن غزوان نے ہم سے بیان کیا کہ ابو حازم اشجعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک شخص آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہؐ! مجھے سخت بھوک لگی ہے۔ آپؐ نے اپنی ازواج سے کہلا بھیجا مگر ان کے پاس کچھ نہ پایا۔ آخر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا کوئی شخص ایسا نہیں جو آج رات اسے مہمان ٹھہرائے۔ اللہ اُس پر رحم کرے گا۔ ایک انصاری شخص کھڑا ہوا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! میں (اسے مہمان ٹھہراؤں گا۔) وہ اپنے گھر والوں کے پاس گیا اور اپنی بیوی سے کہا: رسول اللہ ﷺ کا مہمان ہے اس سے کوئی چیز چھپا نہ رکھنا۔ اس نے کہا: اللہ کی قسم! میرے پاس صرف بچوں کی خوراک ہے۔ اس نے کہا: جب بچے شام کا کھانا مانگیں تو اُن کو سُلا دینا اور تم آنا اور دیا بجھا دینا اور آج رات ہم خالی پیٹ رہیں گے۔ چنانچہ اس نے ایسا ہی کیا۔ پھر صبح کو وہ شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ عزوجل فلاں مرد اور فلاں عورت سے بہت خوش ہوا، یا فرمایا: بہت ہنسا۔ اللہ عز وجل نے یہ آیت نازل کی: وَيُؤْثِرُوْنَ عَلٰۤى اَنْفُسِهِمْ … یعنی اور وہ اپنے نفسوں پر دوسروں کو مقدم کرتے ہیں گو اُنہیں خود بھوک ہی ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 4948
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے منصور سے، منصور نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابوعبدالرحمٰن سلمی سے، ابوعبدالرحمٰن نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: ہم بقیع الغرقد میں ایک جنازہ میں تھے کہ اتنے میں رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس آئے اور آپؐ بیٹھ گئے اور ہم آپؐ کے اردگرد بیٹھ گئے۔ آپؐ کے پاس چھڑی تھی آپؐ سر جھکا کر اپنی چھڑی سے زمین کریدنے لگے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں اور کوئی بھی ایسا نفس نہیں جسے پیدا کیا گیا مگر ضرور ہی اس کا ٹھکانا جنت میں یا آگ میں لکھ دیا گیا اور ضرور ہی اس کے متعلق یہ بھی لکھ دیا گیا ہے کہ بدبخت ہے یا نیک بخت۔ ایک شخص بولا: یا رسول اللہ ! کیا ہم اپنے اس نوشتہ پر بھروسہ نہ کریں اور عمل چھوڑ دیں جو ہم میں سے نیک بختوں سے ہوا وہ ضرور ہی نیک بختوں میں جا ملے گا اور جو ہم میں سے بد بختوں سے ہوا وہ بھی ضرور بد بختوں کے عمل کی طرف جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: جو تو نیک بخت ہیں تو انہیں ان کاموں کی توفیق دی جائے گی کہ جو نیک بختوں کے ہیں اور جو بد بخت ہیں تو انہیں ان کاموں کی توفیق دی جائے گی جو بد بختوں کے ہیں۔ پھر آپؐ نے یہ آیات پڑھیں۔ یعنی پس جس نے (خدا کی راہ میں) دیا اور تقویٰ اختیار کیا، اور نیک بات کی تصدیق کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah