کتاب 66: كتاب فضائل القرآن
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4978
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے شیبان (بن عبدالرحمٰن) سے، شیبان نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عائشہ اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہم نے مجھے بتایا۔ ان دونوں نے کہا: نبی ﷺ مکہ میں دس سال رہے اور مدینہ میں بھی دس سال رہے۔ آپؐ پر قرآن نازل کیا جاتا تھا۔
صحیح بخاری 4979
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے شیبان (بن عبدالرحمٰن) سے، شیبان نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عائشہ اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہم نے مجھے بتایا۔ ان دونوں نے کہا: نبی ﷺ مکہ میں دس سال رہے اور مدینہ میں بھی دس سال رہے۔ آپؐ پر قرآن نازل کیا جاتا تھا۔
صحیح بخاری 4980
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ انہوں نے ابو عثمان (نہدی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے بتایا گیا ہے کہ جبرائیل نبیﷺ کے پاس آئے اس وقت آپ کے پاس حضرت ام سلمہؓ تھیں۔ وہ آپ سے باتیں کرنے لگے۔ نبیﷺ نے حضرت ام سلمہؓ سے پوچھا: یہ کون ہیں؟ یا کچھ ایسے ہی الفاظ کہے۔ حضرت ام سلمہؓ نے کہا: یہ دحیہ (کلبیؓ ) ہیں۔ جب وہ اٹھ کر چلے گئے تو کہنے لگیں: اللہ کی قسم! میں ان کو وہی سمجھتی رہی یہاں تک کہ میں نے نبیﷺ کا خطبہ سنا جس میں آپ نے جبرائیل کے آنے کا واقعہ بیان کیا یا ایسا ہی کچھ فرمایا۔ میرے باپ (سلیمان) نے کہا: میں نے ابو عثمان (نہدی) سے پوچھا: آپ نے یہ کس سے سنا؟ انہوں نے کہا: حضرت اسامہ بن زیدؓ سے۔
صحیح بخاری 4981
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے اپنے باپ (کیسان) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: انبیاء میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جس کو ایسے ایسے نشانات نہ دئیے گئے ہوں کہ جن کے ذریعہ سے لوگ اس پر ایمان لائے اور جو نشان مجھے دیا گیا ہے وہ یہ وحی ہے جو اللہ نے میری طرف کی۔ اس لئے میں امید رکھتا ہوں کہ میں قیامت کے دن سب انبیاء سے زیادہ پیرو رکھوں گا۔
صحیح بخاری 4982
عمرو بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ کو آپؐ کی وفات سے پہلے پے در پے وحی بھیجی۔ وفات کے قریب قریب تو بہت ہی وحی ہوئی۔ پھر اس کے بعد رسول اللہ ﷺ فوت ہوئے۔
صحیح بخاری 4983
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود بن قیس سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جندبؓ (بن عبداللہ بجلی) سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ بیمار ہوئے تو ایک یا دو رات تہجد کے لئے نہیں اٹھے۔ تو (یہ دیکھ کر) آپؐ کے پاس ایک عورت آئی اور کہا: محمدؐ میں سمجھتی ہوں تمہارے شیطان نے اب تم کو چھوڑ دیا ہے۔ اس پر اللہ عزوجل نے یہ (سورۃ) نازل کی: میں دن کو شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں، جب وہ روشن ہو جائے۔ اور رات کو (شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں) جب اس کی تاریکی چاروں طرف پھیل جائے۔ کہ نہ تیرے رب نے تجھے چھوڑا ہے اور نہ تجھ سے ناراض ہوا ہے۔
صحیح بخاری 4984
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ حضرت انس بن مالکؓ نے بھی مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت عثمانؓ نے زید بن ثابتؓ اور سعید بن عاصؓ اور عبداللہ بن زبیرؓ اور عبدالرحمٰنؓ بن حارث بن ہشام کو حکم دیا کہ وہ (سورتوں کو) مصاحف میں لکھیں اور ان سے یہ کہا: جب تم اور زید بن ثابتؓ قرآن کے عربی محاورہ کے متعلق اختلاف کرو تو قریش کے محاورہ کے مطابق اس آیت کو لکھو کیونکہ قرآن انہی کے محاورہ کے مطابق نازل کیا گیا۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا۔
صحیح بخاری 4985
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے ہم سے بیان کیا۔ نیز مسدد نے بھی کہا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: صفوان بن یعلیٰ بن امیہ نے مجھے بتایا کہ حضرت یعلیٰؓ کہا کرتے تھے: کاش کہ میں رسول اللہ ﷺ کو اس وقت دیکھوں جب آپؐ پر وحی نازل کی جارہی ہو۔ پھر جب نبی ﷺ جعرانہ میں تھے آپؐ پر ایک کپڑا تھا جس نے آپؐ پر سایہ کیا ہوا تھا اور آپؐ کے ساتھ آپؐ کے صحابہ میں سے کچھ لوگ تھے۔ اتنے میں آپؐ کے پاس ایک شخص آیا جو خوشبو میں لتھڑا ہوا تھا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس شخص کے متعلق کیا سمجھتے ہیں کہ جو ایسے جبے میں احرام باندھے جبکہ وہ جبہ خوشبو سے لتھڑ چکا ہو۔ نبی ﷺ کچھ دیر تک دیکھتے رہے۔ پھر آپؐ کے پاس وحی آئی۔ حضرت عمرؓ نے یعلیٰؓ کو اشارہ کیا کہ آؤ۔ حضرت یعلیٰؓ آئے، انہوں نے اپنا سر اندر کیا۔ کیا دیکھتے ہیں کہ آپؐ کا چہرہ سرخ ہے۔ آپؐ بلند آواز سے سانس لے رہے ہیں۔ ایک گھڑی اس طرح حالت رہی پھر آپؐ سے وہ حالت جاتی رہی۔ اور آپؐ نے پوچھا: وہ شخص کہاں ہے جس نے مجھے ابھی عمرہ کے متعلق پوچھا تھا۔ اس شخص کو ڈھونڈ کر نبی ﷺ کے پاس لایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ جو خوشبو تمہیں لگی ہوئی ہے اس کو تین بار دھو ڈالو اور جو جبہ ہے اس کو اتار دو پھر اپنے عمرہ میں وہی کرو جو اپنے حج میں کرتے ہو۔
صحیح بخاری 4986
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابراہیم بن سعد سے، ابراہیم نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبید بن سباق سے، عبید نے حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب یمامہ والے شہید ہوئے حضرت ابوبکرؓ نے مجھے بلا بھیجا تو میں نے دیکھا کہ حضرت عمر بن خطابؓ بھی ان کے پاس ہیں۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: عمرؓ میرے پاس آئے اور کہنے لگے: یمامہ کی جنگ میں قرآن کے قاری بہت مارے گئے ہیں اور میں ڈرتا ہوں کہ جنگ، اور میدانوں میں بھی قراء کو کہیں سمیٹ نہ لے جائے اور اس طرح بہت سا قرآن ضائع ہو جائے گا اس لئے میں یہ مناسب سمجھتا ہوں کہ آپؓ قرآن کو یکجا کرنے کا حکم دیں۔ میں نے عمرؓ سے کہا: ہم ایسا کام کیسے کریں گے جس کو رسول اللہ ﷺ نے نہیں کیا۔ عمرؓ نے کہا: اللہ کی قسم یہ کام تو بہتر ہے۔ عمرؓ مجھے بار بار کہتے رہے یہاں تک کہ اللہ نے میرے سینے کو اس کام کے لئے کھول دیا اور اس امر میں میری بھی وہی رائے ہے جو عمرؓ کی تھی۔ زیدؓ کہتے تھے: حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا: تم جوان عقل مند آدمی ہو ہمیں تم پر کوئی شبہ نہیں اور تم رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں وحی بھی لکھا کرتے تھے اس لئے جہاں جہاں قرآن ہو اس کو تلاش کرو اور اس کو ایک جگہ جمع کرو۔ اللہ کی قسم! اگر وہ پہاڑوں میں سے کسی پہاڑ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کی مجھے تکلیف دیتے تو یہ کام مجھ پر اتنا زیادہ بوجھل نہ ہوتا، بنسبت اس کے جو انہوں نے مجھے قرآن جمع کرنے کے متعلق دیا۔ میں نے کہا: آپؓ ایسا کام کیسے کر سکتے ہیں جس کو رسول اللہ ﷺ نے نہیں کیا۔ حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا: اللہ کی قسم یہ کام اچھا ہے۔ حضرت ابوبکرؓ مجھے بار بار کہتے رہے یہاں تک کہ اللہ نے میرے سینے کو اس کام کے لئے کھول دیا جس کے لئے حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما کے سینے کو کھول دیا تھا اور میں نے قرآن کی تلاش شروع کر دی۔ میں اسے کھجور کی چھڑیوں اور باریک پتھروں اور آدمیوں کے سینوں سے اکٹھا کرتا رہا یہاں تک کہ سورۃ توبہ کا آخری حصہ میں نے ابوخزیمہؓ (انصاری) کے پاس پایا۔ ان کے سوا کسی کے پاس بھی اسے نہ پایا اور وہ یہ ہے: لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ عَزِيْزٌ عَلَيْهِ مَا عَنِتُّمْ سورۃ توبہ کے خاتمے تک۔ یہ ورق حضرت ابوبکرؓ کے پاس رہے یہاں تک کہ اللہ نے ان کو وفات دی۔ پھر حضرت عمرؓ کے پاس ان کی زندگی میں رہے۔ پھر حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی بیٹی حضرت حفصہؓ کے پاس رہے۔
صحیح بخاری 4987
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا۔ حضرت انس بن مالکؓ نے ان سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا) کہ حضرت حذیفہ بن یمانؓ حضرت عثمانؓ کے پاس آئے اور وہ آرمینیہ کے فتح کرنے کے لئے شام والوں سے اور آذربائیجان کے فتح کرنے کے لئے عراق والوں سے جنگ کر رہے تھے۔ لوگوں کے قراءت کے متعلق اختلاف نے حضرت حذیفہؓ کو فکر مند کر دیا۔ حضرت حذیفہؓ نے حضرت عثمانؓ سے کہا: یا امیر المؤمنین! اس امت کو سنبھالیں پیشتر اس کے کہ وہ کتاب میں اس طرح اختلاف کرنے لگیں جس طرح یہود و نصاریٰ نے اختلاف کیا۔ حضرت عثمانؓ نے حضرت حفصہؓ کو کہلا بھیجا کہ ہمارے پاس مصحف بھیج دیں تاکہ ہم دوسرے مصاحف میں (سورتوں کو) نقل کروا لیں۔ پھر ہم آپ کو وہ واپس کر دیں گے۔ حضرت حفصہؓ نے حضرت عثمانؓ کو وہ (اوراق) بھیج دئیے اور انہوں نے حضرت زید بن ثابتؓ، حضرت عبداللہ بن زبیرؓ، حضرت سعید بن عاصؓ اور حضرت عبدالرحمٰن بن حارث بن ہشامؓ کو حکم دیا اور انہوں نے مصاحف میں ان (سورتوں) کو نقل کیا اور حضرت عثمانؓ نے ان تین قریشیوں کی جماعت سے فرمایا: جب تم اور زید بن ثابتؓ قرآن کی کسی قراءت کے متعلق اختلاف کرو تو اس کو قریش کے محاورہ کے مطابق لکھو۔ کیونکہ قرآن انہی کے محاورہ کے مطابق نازل ہوا۔ انہوں نے ایسا ہی کیا۔ جب انہوں نے ان ورقوں کو مصاحف میں نقل کر لیا تو حضرت عثمانؓ نے وہ اوراق حضرت حفصہؓ کو واپس کر دئیے اور ان (مصاحف) سے ایک ایک مصحف ہر علاقے میں بھیج دیا اور اس قرآن کے سوا جو بھی (قرآن کی کوئی آیت) کسی پرچے یا ورقے پر تھی سب کو جلا دینے کا حکم دیا۔
صحیح بخاری 4988
ابن شہاب نے کہا اور مجھے خارجہ بن زید بن ثابت نے بتایا۔ انہوں نے حضرت زید بن ثابتؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا: جب ہم نے مصحف کو نقل کیا تو مجھے سورۃ الاحزاب میں سے ایک آیت نہ ملی جو میں رسول اللہ ﷺ کو پڑھتے سنا کرتا تھا۔ ہم نے اس کو ڈھونڈا، آخر ہمیں حضرت خزیمہ بن ثابت انصاریؓ کے پاس وہ آیت ملی یعنی مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ رِجَالٌ صَدَقُوْا مَا عَاهَدُوا اللّٰهَ عَلَيْهِ یعنی مومنوں میں ایسے مرد ہیں جنہوں نے جس بات پر اللہ سے عہد کیا تھا اُسے سچا کرکے دکھایا۔ اس لئے ہم نے مصحف میں جس سورۃ میں وہ تھی اس میں شامل کر دی۔
صحیح بخاری 4989
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ابن سباق نے کہا: حضرت زید بن ثابتؓ کہتے تھے: حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے مجھے بلا بھیجا۔ فرمایا: تم رسول اللہ ﷺ کے لئے وحی لکھا کرتے تھے اس لئے اب قرآن کی جہاں جہاں ہو تلاش کرو۔ چنانچہ میں نے تلاش کی۔ یہاں تک کہ سورۃ توبہ کی آخری دو آیتیں حضرت ابو خزیمہ انصاریؓ کے پاس پائیں۔ ان کے سوا کسی کے پاس بھی میں نے ان کو نہ پایا۔ (وہ یہ ہیں:) لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ …
صحیح بخاری 4990
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے حضرت براءؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: لَا يَسْتَوِي الْقٰعِدُوْنَ مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ وَ الْمُجٰهِدُوْنَ فِيْ سَبِيْلِ اللّٰهِ تو نبی ﷺ نے فرمایا: میرے پاس زیدؓ کو بلاؤ اور وہ تختی اور دوات اور کندھے کی ہڈی یا فرمایا: کندھے کی ہڈی اور دوات لے کر آئے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: لکھو لَا يَسْتَوِي الْقٰعِدُوْنَ اور نبی ﷺ کی پشت کے پیچھے حضرت عمرو بن امّ مکتومؓ جو نابینا تھے، بیٹھے ہوئے تھے انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ مجھے کیا حکم دیتے ہیں۔ میں ایک نابینا شخص ہوں تو پھر اس وقت یہ آیت نازل ہوئی لَا يَسْتَوِي الْقٰعِدُوْنَ مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ غَيْرُ اُولِي الضَّرَرِ وَ الْمُجٰهِدُوْنَ فِيْ سَبِيْلِ اللّٰهِ (النساء: ۹۶)
صحیح بخاری 4991
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: لیث (بن سعد) نے مجھے بتایا کہ عقیل نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھ سے عبید اللہ بن عبداللہ نے بیان کیا کہ (حضرت عبد اللہ) بن عباس رضی اللہ عنہما نے انہیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جبرائیل نے مجھے (قرآن) ایک ہی لہجے کے مطابق پڑھایا۔ میں ان سے بار بار کہتا رہا اور ان سے ایک (لہجہ) سے زیادہ (پر پڑھنے) کا مطالبہ کرتا رہا اور وہ مجھے اس سے زیادہ (لہجوں کے مطابق) پڑھاتے رہے یہاں تک کہ سات محاوروں پر پہنچ کر بس کی۔
صحیح بخاری 4992
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیث (بن سعد) نے مجھے بتایا کہ عقیل نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت مسور بن مخرمہؓ اور عبدالرحمٰن بن عبدالقاری دونوں نے ان سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت عمر بن خطابؓ سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے ہشام بن حکیمؓ کو رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں سورۃ فرقان پڑھتے سنا۔ میں ان کی قراءت کو غور سے سنتا رہا تو کیا دیکھا کہ وہ بہت سی ایسی طرزوں پر پڑھ رہے ہیں کہ جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے نہیں پڑھائی تھیں۔ قریب تھا کہ میں نماز میں ہی ان پر لپکتا مگر میں اس وقت تک صبر کئے رہا کہ انہوں نے سلام پھیرا۔ میں نے ان کی چادر سینے سے پکڑ لی اور میں نے کہا: کس نے تمہیں یہ سورۃ پڑھائی ہے جو میں نے تم کو پڑھتے ہوئے سنا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے یہ سورۃ مجھے پڑھائی ہے۔ میں نے کہا: تم نے غلط کہا ہے۔ مجھے بھی رسول اللہ ﷺ نے یہ سورۃ پڑھائی ہے مگر اس طرز پر نہیں جو تم نے پڑھی ہے۔ میں ان کو کھینچتے ہوئے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے گیا اور میں نے کہا: میں نے ان کو سورۃ فرقان ایسی طرزوں پر پڑھتے سنا ہے جو آپؐ نے مجھے نہیں پڑھائیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس کو چھوڑ دو۔ (پھر آپؐ نے فرمایا) ہشامؓ پڑھو۔ چنانچہ انہوں نے آپؐ کے سامنے اسی قراءت سے پڑھا جو میں نے ان کو پڑھتے ہوئے سنی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسی طرح یہ نازل کی گئی۔ پھر آپؐ نے (مجھ سے) فرمایا: عمرؓ پڑھو۔ تو میں نے وہ قراءت پڑھی جو آپؐ نے مجھے پڑھائی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسی طرح نازل کی گئی۔ دیکھو! یہ قرآن سات لہجوں کے مطابق اتارا گیا ہے جو بھی ان میں سے آسان ہو وہ پڑھو۔
صحیح بخاری 4993
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے انہیں بتایا۔ انہوں نے کہا؛ اور یوسف بن ماہک نے بھی مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عائشہ امّ المؤمنین رضی اللہ عنہا کے پاس تھا کہ اُن کے پاس ایک عراقی آیا اور اس نے پوچھا: کونسا کفن بہتر ہوتا ہے۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: تم پر افسوس اور تجھے کیا نقصان دے گا (جو بھی ہو؟) اُس نے کہا: ام المؤمنین! مجھے اپنا مصحف دکھائیں۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: کیوں؟ اس نے کہا: تا کہ میں اُس کے مطابق قرآن کو ترتیب دے دوں کیونکہ وہ بغیر ترتیب کے ہی پڑھا جاتا ہے۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: اور تمہیں اس سے کیا نقصان جو حصہ اس میں سے پہلے پڑھ لے؟ کیونکہ پہلی سورۃ جو قرآن (کی سورتوں میں) سے نازل ہوئی وہ مفصل کی ایک سورۃ تھی جس میں جنت اور آگ کا ذکر ہے۔ جب لوگوں نے اسلام کی طرف رجوع کیا حلال اور حرام کے احکام نازل ہوئے اگر پہلے یہی نازل ہوتا کہ شراب نہ پیو تو لوگ ضرور کہتے ہم تو شراب کبھی نہیں چھوڑیں گے اور اگر یہی پہلے اترتا کہ زنا نہ کرو تو وہ کہتے ہم تو زنا کو کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ محمد ﷺ پر مکہ میں یہ آیت نازل ہوئی بَلِ السَّاعَةُ مَوْعِدُهُمْ وَ السَّاعَةُ اَدْهٰى وَ اَمَرُّ اور میں اس وقت ابھی چھوٹی بچی ہی تھی جو کھیلا کرتی تھی اور سورۃ البقرہ اور سورۃ النساء اس وقت نازل ہوئیں جب میں آپؐ کے پاس تھی۔ یوسف بن ماہک کہتے تھے: پھر حضرت عائشہؓ نے اس کے لیے مصحف نکالا اور اس کو ہر سورۃ کی آیتیں لکھوا دیں۔
صحیح بخاری 4994
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو اسحاق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عبد الرحمٰن بن یزید سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے (حضرت عبد اللہ) بن مسعودؓ سے سنا۔ سورۃ بنی اسرائیل، سورۃ الکہف، سورۃ مریم، سورۃ طٰہٰ اور سورۃ الانبیاء کے متعلق وہ کہتے تھے کہ وہ پہلی اعلیٰ درجے کی فصیح سورتوں میں سے ہیں اور وہ میری پرانی یاد کی ہوئی ہیں۔
صحیح بخاری 4995
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ ابو اسحاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے سنا، کہتے تھے: نبی ﷺ کے (مدینہ) آنے سے پہلے میں نے سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلَى سیکھ لی تھی۔
صحیح بخاری 4996
عبدان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حمزہ (محمد بن میمون) سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے شقیق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہؓ (بن مسعود) کہتے تھے: ایک دوسرے سے ملتی جلتی (ان سورتوں) کو خوب جانتا ہوں جن کو نبی ﷺ دو دو کرکے ہر رکعت میں پڑھا کرتے تھے۔ یہ کہہ کر حضرت عبداللہؓ اٹھ کر چلے گئے اور علقمہ بھی ان کے ساتھ اندر گئے۔ پھر علقمہ باہر آگئے۔ ہم نے ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: حضرت ابن مسعودؓ کی ترتیب کے مطابق مفصل کی ابتدائی بیس سورتیں ہیں (ان کے نزدیک) ان میں سے آخری (سورتیں) وہ ہیں جو حٰم سے شروع ہوتی ہیں۔ حٰم، الدخان اور عَمَّ يَتَسَآءَلُوْنَ۠ بھی (ان میں سے) ہیں۔
صحیح بخاری 4997
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بھلائی پہنچانے میں تمام لوگوں سے زیادہ سخی تھے اور زیادہ سخی جو ہوتے تو آپؐ ماہِ رمضان میں ہوتے۔ کیونکہ جبریلؑ رمضان کے مہینہ میں ہر رات کو آپؐ سے ملاقات کرتے یہاں تک کہ وہ مہینہ گزر جاتا۔ رسول اللہ ﷺ ان کو قرآن سنایا کرتے تھے اس لئے جب جبریلؑ آپؐ سے ملتے تو آپؐ بھلائی پہنچانے میں بادِ بہار سے بھی زیادہ سخی ہوتے۔