کتاب 66: كتاب فضائل القرآن

صحیح بخاری, حصہ 2

صحیح بخاری 4998

خالد بن یزید نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر (بن عیاش) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحصین سے، ابوحصین نے ذکوان (ابوصالح) سے، ذکوان نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: (حضرت جبریلؑ) نبی ﷺ کے ساتھ ہر سال ایک دفعہ قرآن کا دَور کیا کرتے تھے۔ جس سال آپؐ نے وفات پائی آپؐ کے ساتھ انہوں نے دو دفعہ دَور کیا اور ہر سال آپؐ دس دن اعتکاف بیٹھا کرتے تھے مگر جس سال آپؐ نے وفات پائی اس سال آپؐ بیس (۲۰) دن اعتکاف بیٹھے۔

حَدَّثَنَا خَالِدُ بْنُ يَزِيدَ حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرٍ عَنْ أَبِي حَصِينٍ عَنْ أَبِي صَالِحٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ كَانَ يَعْرِضُ عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم الْقُرْآنَ كُلَّ عَامٍ مَرَّةً فَعَرَضَ عَلَيْهِ مَرَّتَيْنِ فِي الْعَامِ الَّذِي قُبِضَ وَكَانَ يَعْتَكِفُ كُلَّ عَامٍ عَشْرًا فَاعْتَكَفَ عِشْرِينَ فِي الْعَامِ الَّذِي قُبِضَ فِيهِ

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 4999

حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن مرہ) سے، عمرو نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے مسروق سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمروؓ (بن عاص) نے حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کا ذکر کیا اور کہا: میں ان سے ہمیشہ محبت رکھتا ہوں۔ میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ فرماتے تھے: چار آدمیوں سے قرآن سیکھو: عبداللہ بن مسعودؓ، سالم (مولیٰ ابوحذیفہؓ)، معاذ (بن جبلؓ) اور اُبَيّ بن کعبؓ۔

حَدَّثَنَا حَفْصُ بْنُ عُمَرَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ عَمْرٍو عَنْ إِبْرَاهِيمَ عَنْ مَسْرُوقٍ ذَكَرَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عَمْرٍو عَبْدَ اللَّهِ بْنَ مَسْعُودٍ فَقَالَ لاَ أَزَالُ أُحِبُّهُ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " خُذُوا الْقُرْآنَ مِنْ أَرْبَعَةٍ مِنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ وَسَالِمٍ وَمُعَاذٍ وَأُبَىِّ بْنِ كَعْبٍ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5000

عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ شقیق بن سلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن مسعودؓ ہم سے مخاطب ہوئے اور کہنے لگے: اللہ کی قسم! میں نے رسول اللہ ﷺ کے منہ سے ستر سے کچھ اوپر سورتیں سیکھی ہیں۔ اللہ کی قسم ! نبی ﷺ کے صحابہ کو بخوبی علم ہے کہ میں ان لوگوں میں سے ہوں جو ان میں سے کتاب اللہ کو سب سے زیادہ جانتے ہیں اور میں ان سے افضل نہیں ہوں۔ شقیق نے کہا: میں مختلف حلقوں میں بیٹھا جو لوگ باتیں کرتے تھے، سنتا تھا۔ میں نے کسی معترض کو نہیں سنا کہ وہ حضرت ابن مسعودؓ کی اس بات کے خلاف کہتا ہو۔

حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ حَفْصٍ حَدَّثَنَا أَبِي حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ حَدَّثَنَا شَقِيقُ بْنُ سَلَمَةَ قَالَ خَطَبَنَا عَبْدُ اللَّهِ فَقَالَ وَاللَّهِ لَقَدْ أَخَذْتُ مِنْ فِي رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بِضْعًا وَسَبْعِينَ سُورَةً وَاللَّهِ لَقَدْ عَلِمَ أَصْحَابُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَنِّي مِنْ أَعْلَمِهِمْ بِكِتَابِ اللَّهِ وَمَا أَنَا بِخَيْرِهِمْ. قَالَ شَقِيقٌ فَجَلَسْتُ فِي الْحِلَقِ أَسْمَعُ مَا يَقُولُونَ فَمَا سَمِعْتُ رَادًّا يَقُولُ غَيْرَ ذَلِكَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5001

محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حمص میں تھے وہاں حضرت ابن مسعودؓ نے سورۃ یوسف پڑھی۔ ایک شخص نے کہا: یہ سورۃ اس طرح نازل نہیں کی گئی۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے کہا: میں نے یہ سورۃ رسول اللہ ﷺ کے سامنے پڑھی تھی اور آپؐ نے فرمایا: خوب پڑھی اور حضرت ابن مسعودؓ نے اس (شخص) سے شراب کی بو محسوس کی تو کہا: تم دو دو باتیں کرتے ہو۔ کتاب اللہ کو جھٹلاتے ہو اور شراب پیتے ہو۔ اس لئے انہوں نے اس کو حد لگائی۔

حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ كَثِيرٍ أَخْبَرَنَا سُفْيَانُ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ إِبْرَاهِيمَ عَنْ عَلْقَمَةَ قَالَ كُنَّا بِحِمْصَ فَقَرَأَ ابْنُ مَسْعُودٍ سُورَةَ يُوسُفَ فَقَالَ رَجُلٌ مَا هَكَذَا أُنْزِلَتْ قَالَ قَرَأْتُ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ أَحْسَنْتَ. وَوَجَدَ مِنْهُ رِيحَ الْخَمْرِ فَقَالَ أَتَجْمَعُ أَنْ تُكَذِّبَ بِكِتَابِ اللَّهِ وَتَشْرَبَ الْخَمْرَ. فَضَرَبَهُ الْحَدَّ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5002

عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے مسلم (بن صبیح) سے، مسلم نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ کہتے تھے: اللہ کی قسم! جس کے سوا کوئی معبود نہیں! کتاب اللہ میں سے کوئی سورۃ نازل نہیں کی گئی جس کو میں نہ جانتا ہوں کہ کہاں نازل کی گئی اور نہ کتاب اللہ میں سے کوئی ایسی آیت نازل کی گئی ہے جسے میں نہ جانتا ہوں کہ کس کے متعلق نازل کی گئی اور اگر میں کسی کو جانتا کہ وہ مجھ سے بڑھ کر کتاب اللہ کو جانتا ہے اور اونٹ اس کے پاس پہنچا سکتے تو میں ضرور ہی سوار ہو کر اس کے پاس پہنچتا۔

حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ حَفْصٍ حَدَّثَنَا أَبِي حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ حَدَّثَنَا مُسْلِمٌ عَنْ مَسْرُوقٍ قَالَ قَالَ عَبْدُ اللَّهِ ـ رضى الله عنه ـ وَاللَّهِ الَّذِي لاَ إِلَهَ غَيْرُهُ مَا أُنْزِلَتْ سُورَةٌ مِنْ كِتَابِ اللَّهِ إِلاَّ أَنَا أَعْلَمُ أَيْنَ أُنْزِلَتْ وَلاَ أُنْزِلَتْ آيَةٌ مِنْ كِتَابِ اللَّهِ إِلاَّ أَنَا أَعْلَمُ فِيمَ أُنْزِلَتْ وَلَوْ أَعْلَمُ أَحَدًا أَعْلَمَ مِنِّي بِكِتَابِ اللَّهِ تُبَلِّغُهُ الإِبِلُ لَرَكِبْتُ إِلَيْهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5003

حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ ھمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا کہ قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے پوچھا: نبی ﷺ کے زمانہ میں کسی نے قرآن سارے کا سارا یاد کیا۔ انہوں نے کہا: چار شخصوں نے وہ سبھی انصار میں سے تھے۔ حضرت اُبَيّ بن کعبؓ، حضرت معاذ بن جبلؓ، حضرت زید بن ثابتؓ اور حضرت ابوزیدؓ (سعد بن عبید)۔ حفص بن عمر کی طرح اس حدیث کو فضل (بن موسیٰ) نے بھی روایت کیا ہے۔ انہوں نے حسین بن واقد سے، حسین نے ثمامہ سے، ثمامہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔

حَدَّثَنَا حَفْصُ بْنُ عُمَرَ حَدَّثَنَا هَمَّامٌ حَدَّثَنَا قَتَادَةُ قَالَ سَأَلْتُ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ ـ رضى الله عنه ـ مَنْ جَمَعَ الْقُرْآنَ عَلَى عَهْدِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ أَرْبَعَةٌ كُلُّهُمْ مِنَ الأَنْصَارِ أُبَىُّ بْنُ كَعْبٍ وَمُعَاذُ بْنُ جَبَلٍ وَزَيْدُ بْنُ ثَابِتٍ وَأَبُو زَيْدٍ. تَابَعَهُ الْفَضْلُ عَنْ حُسَيْنِ بْنِ وَاقِدٍ عَنْ ثُمَامَةَ عَنْ أَنَسٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5004

معلّیٰ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن مثنیٰ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا) کہ مجھے ثابت بنانی اور ثمامہ نے حضرت انسؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ وفات پا گئے اور اس وقت تک سوائے چار شخصوں کے سارا قرآن کسی نے یاد نہیں کیا تھا۔ ابودرداءؓ، معاذ بن جبلؓ، زید بن ثابتؓ اور ابوزیدؓ۔ حضرت انسؓ نے کہا: اور ابوزیدؓ کے ہم وارث ہوئے تھے۔

حَدَّثَنَا مُعَلَّى بْنُ أَسَدٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ الْمُثَنَّى قَالَ حَدَّثَنِي ثَابِتٌ الْبُنَانِيُّ وَثُمَامَةُ عَنْ أَنَسٍ قَالَ مَاتَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَلَمْ يَجْمَعِ الْقُرْآنَ غَيْرُ أَرْبَعَةٍ أَبُو الدَّرْدَاءِ وَمُعَاذُ بْنُ جَبَلٍ وَزَيْدُ بْنُ ثَابِتٍ وَأَبُو زَيْدٍ. قَالَ وَنَحْنُ وَرِثْنَاهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5005

صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے حبیب بن ابی ثابت سے، حبیب نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ کہتے تھے کہ اُبَيّؓ ہم میں سب سے زیادہ قاری ہیں اور ہم اُبَيّ کی قراءت کی غلطی کو چھوڑ دیتے ہیں۔ اور اُبَيّ کہتے رہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے منہ سے قرآن سیکھا ہے، میں کسی اور وجہ سے اس کو نہیں چھوڑتا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: مَا نَنْسَخْ مِنْ اٰيَةٍ اَوْ نُنْسِهَا نَاْتِ بِخَيْرٍ مِّنْهَاۤ اَوْ مِثْلِهَا یعنی ہم جو آیت بھی منسوخ کرتے ہیں یا کہ بھلا دیتے ہیں تو اس سے بہتر یا ویسی ہی لاتے ہیں۔

حَدَّثَنَا صَدَقَةُ بْنُ الْفَضْلِ أَخْبَرَنَا يَحْيَى عَنْ سُفْيَانَ عَنْ حَبِيبِ بْنِ أَبِي ثَابِتٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ قَالَ عُمَرُ أُبَىٌّ أَقْرَؤُنَا وَإِنَّا لَنَدَعُ مِنْ لَحَنِ أُبَىٍّ وَأُبَىٌّ يَقُولُ أَخَذْتُهُ مِنْ فِي رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَلاَ أَتْرُكُهُ لِشَىْءٍ قَالَ اللَّهُ تَعَالَى {مَا نَنْسَخْ مِنْ آيَةٍ أَوْ نَنْسَأْهَا نَأْتِ بِخَيْرٍ مِنْهَا أَوْ مِثْلِهَا}

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5006

علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: خبیب بن عبد الرحمٰن نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حفص بن عاصم سے، حفص نے ابوسعید بن معلیٰ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نماز پڑھ رہا تھا کہ نبی ﷺ نے مجھے بلایا۔ میں نے آپؐ کو جواب نہ دیا۔ میں نے کہا: یارسول اللہ! میں نماز پڑھ رہا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا اللہ نے یہ نہیں فرمایا: اسْتَجِيْبُوْا لِلّٰهِ وَ لِلرَّسُوْلِ اِذَا دَعَاكُمْ یعنی اللہ اور رسول کی مانو جب وہ تمہیں بلائیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: سنو! مسجد سے نکلنے سے پہلے میں تمہیں جو قرآن میں سب سے بڑی سورة ہے بتاؤں گا۔ آپؐ نے میرا ہاتھ پکڑا جب ہم باہر جانے لگے۔ میں نے کہا: یارسول اللہ! آپؐ نے تو فرمایا تھا کہ میں تمہیں قرآن میں سب سے بڑی سورة بتاؤں گا۔ آپؐ نے فرمایا: اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ؂ یہی سبع مثانی اور قرآن عظیم ہے جو مجھے دیا گیا ہے۔

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ قَالَ حَدَّثَنِي خُبَيْبُ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنْ حَفْصِ بْنِ عَاصِمٍ عَنْ أَبِي سَعِيدِ بْنِ الْمُعَلَّى قَالَ كُنْتُ أُصَلِّي فَدَعَانِي النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَلَمْ أُجِبْهُ قُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنِّي كُنْتُ أُصَلِّي. قَالَ " أَلَمْ يَقُلِ اللَّهُ {اسْتَجِيبُوا لِلَّهِ وَلِلرَّسُولِ إِذَا دَعَاكُمْ} ثُمَّ قَالَ أَلاَ أُعَلِّمُكَ أَعْظَمَ سُورَةٍ فِي الْقُرْآنِ قَبْلَ أَنْ تَخْرُجَ مِنَ الْمَسْجِدِ ". فَأَخَذَ بِيَدِي فَلَمَّا أَرَدْنَا أَنْ نَخْرُجَ قُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنَّكَ قُلْتَ لأُعَلِّمَنَّكَ أَعْظَمَ سُورَةٍ مِنَ الْقُرْآنِ. قَالَ "{الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ} هِيَ السَّبْعُ الْمَثَانِي وَالْقُرْآنُ الْعَظِيمُ الَّذِي أُوتِيتُهُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5007

محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ وہب (بن جریر) نے ہمیں بتایا کہ ہشام (بن حسان) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے معبد سے، معبد نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم ایک سفر میں تھے ہم نے ایک جگہ پڑاؤ کیا۔ اتنے میں ایک لڑکی آئی اور کہنے لگی کہ اس قبیلہ کے سردار کو بچھو نے کاٹا ہے اور ہمارے مرد کہیں گئے ہوئے ہیں۔ کیا تم میں سے کوئی جھاڑ پھونک کرنے والا ہے؟ تو ایک شخص اس کے ساتھ اٹھ کر چلا۔ ہم خیال نہیں کرتے تھے کہ اسے بھی کوئی دم آتا ہے۔ چنانچہ اس نے اس پر پھونکا وہ اچھا ہو گیا اور اس سردار نے اس کو ۳۰ بکریاں دینے کا حکم دیا اور ہمیں دودھ بھی پلوایا۔ جب وہ شخص لوٹا ہم نے اس سے پوچھا: کیا تم کوئی دَم اچھی طرح کر سکتے تھے؟ کیا تم جھاڑ پھونک کیا کرتے تھے؟ اس نے کہا: نہیں۔ میں نے تو صرف سورۂ فاتحہ پڑھ کر پھونک دیا تھا۔ ہم نے کہا: (اپنی طرف سے) کچھ نہ کہو، جب تک کہ ہم نبیﷺ کے پاس پہنچ نہ جائیں یا کہا: جب تک ہم نبیﷺ سے پوچھ نہ لیں۔ جب ہم مدینہ میں آئے تو ہم نے نبیﷺ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے کیا پتہ تھا کہ وہ بھی کوئی دم ہے۔ ان کو تقسیم کر لو اور میرا بھی ایک حصہ رکھو۔ ابومعمر نے (اپنی سند میں) یوں کہا کہ ہم سے عبدالوارث نے کہا کہ ہمیں ہشام (بن حسان) نے بتایا کہ محمد بن سیرین نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں معبد بن سیرین نے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے یہی روایت بیان کی۔

حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى حَدَّثَنَا وَهْبٌ حَدَّثَنَا هِشَامٌ عَنْ مُحَمَّدٍ عَنْ مَعْبَدٍ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ قَالَ كُنَّا فِي مَسِيرٍ لَنَا فَنَزَلْنَا فَجَاءَتْ جَارِيَةٌ فَقَالَتْ إِنَّ سَيِّدَ الْحَىِّ سَلِيمٌ وَإِنَّ نَفَرَنَا غُيَّبٌ فَهَلْ مِنْكُمْ رَاقٍ فَقَامَ مَعَهَا رَجُلٌ مَا كُنَّا نَأْبُنُهُ بِرُقْيَةٍ فَرَقَاهُ فَبَرَأَ فَأَمَرَ لَهُ بِثَلاَثِينَ شَاةً وَسَقَانَا لَبَنًا فَلَمَّا رَجَعَ قُلْنَا لَهُ أَكُنْتَ تُحْسِنُ رُقْيَةً أَوْ كُنْتَ تَرْقِي قَالَ لاَ مَا رَقَيْتُ إِلاَّ بِأُمِّ الْكِتَابِ. قُلْنَا لاَ تُحْدِثُوا شَيْئًا حَتَّى نَأْتِيَ ـ أَوْ نَسْأَلَ ـ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَلَمَّا قَدِمْنَا الْمَدِينَةَ ذَكَرْنَاهُ لِلنَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ " وَمَا كَانَ يُدْرِيهِ أَنَّهَا رُقْيَةٌ اقْسِمُوا وَاضْرِبُوا لِي بِسَهْمٍ ". وَقَالَ أَبُو مَعْمَرٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَارِثِ حَدَّثَنَا هِشَامٌ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سِيرِينَ حَدَّثَنِي مَعْبَدُ بْنُ سِيرِينَ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ بِهَذَا

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5008

محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان (بن مہران) سے، سلیمان نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عبدالرحمٰن (بن یزید نخعی) سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابومسعودؓ (انصاری) سے، حضرت ابومسعودؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے یہ دو آیتیں پڑھیں۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ كَثِيرٍ أَخْبَرَنَا شُعْبَةُ عَنْ سُلَيْمَانَ عَنْ إِبْرَاهِيمَ عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ مَنْ قَرَأَ بِالآيَتَيْنِ. .. .

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5009

(نیز) ہم سے ابونعیم نے بیان کیا کہ ہمیں سفیان (بن عیینہ) نے بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عبدالرحمٰن بن یزید (نخعی) سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابومسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے رات کو سورة البقرہ کی آخری دو آیتیں پڑھیں تو وہ اسے (ہر شر سے بچانے کے لئے) کافی ہوں گی۔

حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ مَنْصُورٍ عَنْ إِبْرَاهِيمَ عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ يَزِيدَ عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " مَنْ قَرَأَ بِالآيَتَيْنِ مِنْ آخِرِ سُورَةِ الْبَقَرَةِ فِي لَيْلَةٍ كَفَتَاهُ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5010

اور عثمان بن ہیثم نے کہا: ہمیں عوف (بن ابی جمیلہ) نے بتایا۔ انہوں نے محمد بن سیرین سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے رمضان کے صدقہ فطر کی نگہبانی پر مجھے مقرر فرمایا تو میرے پاس ایک آنے والا آیا اور غلہ کے لپ بھر بھر کر لینے لگا۔ میں نے اس کو پکڑ لیا اور کہا: میں تجھے رسول اللہ ﷺ کے سامنے ضرور پیش کروں گا۔ پھر انہوں نے سارا واقعہ بیان کیا تو اس نے کہا: جب تم اپنے بستر پر لیٹو تو آیۃ الکرسی پڑھ لیا کرو، اللہ کی طرف سے ایک محافظ تمہارے ساتھ ہمیشہ رہے گا اور صبح ہونے تک شیطان تمہارے قریب نہ آئے گا، اور نبی ﷺ نے فرمایا: اس نے تم سے سچ کہا حالانکہ وہ بڑا ہی جھوٹا ہے۔ وہ شیطان تھا۔

وَقَالَ عُثْمَانُ بْنُ الْهَيْثَمِ حَدَّثَنَا عَوْفٌ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ سِيرِينَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ وَكَّلَنِي رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بِحِفْظِ زَكَاةِ رَمَضَانَ فَأَتَانِي آتٍ فَجَعَلَ يَحْثُو مِنَ الطَّعَامِ فَأَخَذْتُهُ فَقُلْتُ لأَرْفَعَنَّكَ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَصَّ الْحَدِيثَ فَقَالَ إِذَا أَوَيْتَ إِلَى فِرَاشِكَ فَاقْرَأْ آيَةَ الْكُرْسِيِّ لَنْ يَزَالَ مَعَكَ مِنَ اللَّهِ حَافِظٌ وَلاَ يَقْرَبُكَ شَيْطَانٌ حَتَّى تُصْبِحَ. وَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " صَدَقَكَ وَهْوَ كَذُوبٌ ذَاكَ شَيْطَانٌ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5011

عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر نے ہمیں بتایا کہ ابو اسحاق نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت براءؓ (بن عازب) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص سورۂ کہف پڑھ رہا تھا۔ اور اس کے ایک طرف ایک گھوڑا دو رسیوں سے بندھا ہوا تھا اتنے میں ایک بدلی اس پر چھا گئی اور وہ نزدیک سے نزدیک آتی جاتی تھی اور اس کا گھوڑا بدکنے لگا۔ جب صبح ہوئی وہ نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے یہ ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا۔ یہ وہ سکینت ہے جو قرآن کی تلاوت کی وجہ سے آہستہ آہستہ نازل ہو رہی تھی۔

حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ خَالِدٍ حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ حَدَّثَنَا أَبُو إِسْحَاقَ عَنِ الْبَرَاءِ قَالَ كَانَ رَجُلٌ يَقْرَأُ سُورَةَ الْكَهْفِ وَإِلَى جَانِبِهِ حِصَانٌ مَرْبُوطٌ بِشَطَنَيْنِ فَتَغَشَّتْهُ سَحَابَةٌ فَجَعَلَتْ تَدْنُو وَتَدْنُو وَجَعَلَ فَرَسُهُ يَنْفِرُ فَلَمَّا أَصْبَحَ أَتَى النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَذَكَرَ ذَلِكَ لَهُ فَقَالَ " تِلْكَ السَّكِينَةُ تَنَزَّلَتْ بِالْقُرْآنِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5012

اسماعیل (بن ابی اولیس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے اپنے باپ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ رات کو اپنے کسی سفر میں جا رہے تھے اور حضرت عمر بن خطاب بھی آپ کے ساتھ چلے جا رہے تھے۔
حضرت عمرؓ نے آپؐ سے کسی بات کے متعلق پوچھا تو رسول اللہ ﷺ نے ان کو جواب نہیں دیا۔ پھر انہوں نے آپؐ سے پوچھا مگر آپؐ نے جواب نہیں دیا۔ پھر انہوں نے آپؐ سے پوچھا تو بھی آپؐ نے ان کو جواب نہیں دیا۔
حضرت عمرؓ نے (اپنے تئیں) کہا: تیری ماں تجھے کھوئے تو نے رسول اللہ ﷺ سے تین بار پیچھے پڑ کر پوچھا۔ ایک دفعہ بھی آپؐ نے تجھے جواب نہیں دیا۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: میں نے اپنے اونٹ کو ایڑ لگائی اور لوگوں کے آگے ہو گیا اور میں ڈر گیا کہ کہیں میرے متعلق قرآن نہ نازل ہو۔ مجھے کچھ دیر نہ گزری تھی کہ میں نے پکارنے والے کو سنا جو (مجھے) پکار رہا تھا۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: میں نے کہا: مجھے یقیناً خدشہ ہے کہ میرے متعلق ضرور قرآن نازل ہوا ہوگا۔ کہتے تھے: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو السلام علیکم کہا۔ آپؐ نے فرمایا: آج رات مجھ پر ایک ایسی سورة نازل کی گئی ہے جو یقیناً مجھے ان تمام چیزوں سے پیاری ہے جن پر سورج چڑھتا ہے۔ پھر آپؐ نے (سورة الفتح) پڑھی: اِنَّا فَتَحۡنَا لَکَ فَتۡحًا مُّبِیۡنًا۰ یعنی ہم نے تم کو ایک کھلی کھلی فتح بخشی ہے۔

حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ قَالَ حَدَّثَنِي مَالِكٌ عَنْ زَيْدِ بْنِ أَسْلَمَ عَنْ أَبِيهِ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كَانَ يَسِيرُ فِي بَعْضِ أَسْفَارِهِ وَعُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ يَسِيرُ مَعَهُ لَيْلاً فَسَأَلَهُ عُمَرُ عَنْ شَىْءٍ فَلَمْ يُجِبْهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم ثُمَّ سَأَلَهُ فَلَمْ يُجِبْهُ ثُمَّ سَأَلَهُ فَلَمْ يُجِبْهُ فَقَالَ عُمَرُ ثَكِلَتْكَ أُمُّكَ نَزَرْتَ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم ثَلاَثَ مَرَّاتٍ كُلَّ ذَلِكَ لاَ يُجِيبُكَ قَالَ عُمَرُ فَحَرَّكْتُ بَعِيرِي حَتَّى كُنْتُ أَمَامَ النَّاسِ وَخَشِيتُ أَنْ يَنْزِلَ فِيَّ قُرْآنٌ فَمَا نَشِبْتُ أَنْ سَمِعْتُ صَارِخًا يَصْرُخُ ـ قَالَ ـ فَقُلْتُ لَقَدْ خَشِيتُ أَنْ يَكُونَ نَزَلَ فِيَّ قُرْآنٌ ـ قَالَ ـ فَجِئْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَسَلَّمْتُ عَلَيْهِ فَقَالَ " لَقَدْ أُنْزِلَتْ عَلَىَّ اللَّيْلَةَ سُورَةٌ لَهِيَ أَحَبُّ إِلَىَّ مِمَّا طَلَعَتْ عَلَيْهِ الشَّمْسُ ". ثُمَّ قَرَأَ {إِنَّا فَتَحْنَا لَكَ فَتْحًا مُبِينًا}

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5013

عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن عبدالرحمٰن بن ابی صعصعہ سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے کسی شخص کو قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ پڑھتے سنا۔ وہ اس کو بار بار پڑھ رہا تھا۔ جب صبح ہوئی وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے یہ ذکر کیا، جیسے وہ شخص اس کو بدعت سمجھتا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے (سن کر) فرمایا: اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ یہ سورة تو ایک تہائی قرآن کے برابر ہے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ أَبِي صَعْصَعَةَ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ أَنَّ رَجُلاً سَمِعَ رَجُلاً يَقْرَأُ {قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ} يُرَدِّدُهَا فَلَمَّا أَصْبَحَ جَاءَ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَذَكَرَ ذَلِكَ لَهُ وَكَأَنَّ الرَّجُلَ يَتَقَالُّهَا فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ إِنَّهَا لَتَعْدِلُ ثُلُثَ الْقُرْآنِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5014

اور ابو معمر (عبد اللہ بن عمرو منقری) نے اپنی سند میں اتنا زائد کیا کہ ہمیں اسماعیل بن جعفر نے بتایا۔ انہوں نے مالک بن انس سے، مالک نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن عبدالرحمٰن بن ابی صعصعہ سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت کی۔ (حضرت ابو سعیدؓ نے کہا:) مجھے میرے بھائی حضرت قتادہ بن نعمانؓ نے بتایا کہ ایک شخص نبی ﷺ کے زمانے میں سحری کو اٹھ کر قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ پڑھنے لگا۔ اس کے علاوہ اور کوئی سورة نہ پڑھتا۔ جب ہم صبح کو اٹھے تو ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا۔ پھر ویسے ہی روایت بیان کی۔

وَزَادَ أَبُو مَعْمَرٍ حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ جَعْفَرٍ عَنْ مَالِكِ بْنِ أَنَسٍ عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ أَبِي صَعْصَعَةَ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ أَخْبَرَنِي أَخِي قَتَادَةُ بْنُ النُّعْمَانِ أَنَّ رَجُلاً قَامَ فِي زَمَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم يَقْرَأُ مِنَ السَّحَرِ {قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ} لاَ يَزِيدُ عَلَيْهَا فَلَمَّا أَصْبَحْنَا أَتَى رَجُلٌ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم نَحْوَهُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5015

عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (نخعی) اور ضحاک مشرقی نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اپنے صحابہ سے فرمایا: کیا تم میں سے کوئی اتنا عاجز ہے کہ رات میں ایک تہائی قرآن پڑھے۔ یہ بات ان پر شاق گذری اور انہوں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! ہم میں سے کون اس کی طاقت رکھتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اَللّٰہُ الْوَاحِدُ الصَّمَدُ (والی سورۃ پڑھنا) ایک تہائی قرآن ہے۔

حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ حَفْصٍ حَدَّثَنَا أَبِي حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ وَالضَّحَّاكُ الْمَشْرِقِيُّ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ رضى الله عنه قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم لأَصْحَابِهِ " أَيَعْجِزُ أَحَدُكُمْ أَنْ يَقْرَأَ ثُلُثَ الْقُرْآنِ فِي لَيْلَةٍ ". فَشَقَّ ذَلِكَ عَلَيْهِمْ وَقَالُوا أَيُّنَا يُطِيقُ ذَلِكَ يَا رَسُولَ اللَّهِ فَقَالَ " اللَّهُ الْوَاحِدُ الصَّمَدُ ثُلُثُ الْقُرْآنِ ". قَالَ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ عَنْ إِبْرَاهِيمَ مُرْسَلٌ وَعَنِ الضَّحَّاكِ الْمَشْرِقِيِّ مُسْنَدٌ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5016

عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ (بن زبیر) سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی: رسول اللہ ﷺ جب بیمار ہوتے تو معوذات پڑھ کر اپنے اوپر پھونکتے۔ جب آپؐ کی بیماری بڑھ گئی تو میں آپؐ پر یہ سورتیں پڑھتی اور آپؐ کا ہاتھ آپؐ کے بدن پر پھیرتی اس امید سے کہ ان کی برکت سے شفا ہوگی۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ رضى الله عنها أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كَانَ إِذَا اشْتَكَى يَقْرَأُ عَلَى نَفْسِهِ بِالْمُعَوِّذَاتِ وَيَنْفُثُ فَلَمَّا اشْتَدَّ وَجَعُهُ كُنْتُ أَقْرَأُ عَلَيْهِ وَأَمْسَحُ بِيَدِهِ رَجَاءَ بَرَكَتِهَا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5017

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ مفضل بن فضالہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل (بن خالد) سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ نبی ﷺ جب اپنے بستر پر ہر رات لیٹتے تو اپنے دونوں ہاتھوں کو ملا کر ان میں پھونکتے اور یہ سورتیں پڑھتے قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ، قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ۔ پھر اپنے سارے بدن پر جہاں تک ہو سکتا ان ہاتھوں کو پھیرتے، اپنے سر اور منہ سے شروع کرتے اور پھر اپنے بدن کے سامنے کے حصے پر پھیرتے۔ تین دفعہ ایسا ہی کرتے۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا الْمُفَضَّلُ عَنْ عُقَيْلٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم كَانَ إِذَا أَوَى إِلَى فِرَاشِهِ كُلَّ لَيْلَةٍ جَمَعَ كَفَّيْهِ ثُمَّ نَفَثَ فِيهِمَا فَقَرَأَ فِيهِمَا {قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ} وَ{قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ} وَ{قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ} ثُمَّ يَمْسَحُ بِهِمَا مَا اسْتَطَاعَ مِنْ جَسَدِهِ يَبْدَأُ بِهِمَا عَلَى رَأْسِهِ وَوَجْهِهِ وَمَا أَقْبَلَ مِنْ جَسَدِهِ يَفْعَلُ ذَلِكَ ثَلاَثَ مَرَّاتٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی