کتاب 66: كتاب فضائل القرآن

صحیح بخاری, حصہ 3

صحیح بخاری 5018

اور لیث (بن سعد) نے کہا: مجھے یزید بن ہاد نے بتایا۔ انہوں نے محمد بن ابراہیم سے، انہوں نے حضرت اُسَید بن حضیرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار رات کو وہ سورة البقرۃ پڑھ رہے تھے اور ان کا گھوڑا ان کے پاس بندھا ہوا تھا۔ اتنے میں (ان کے) گھوڑے نے چکر لگانا شروع کیا۔ وہ (یہ دیکھ کر) خاموش ہو گئے اور وہ گھوڑا بھی ٹھہر گیا۔ پھر انہوں نے پڑھنا شروع کیا تو گھوڑا بھی چکر لگانے لگا۔ وہ چپ ہو گئے اور گھوڑا بھی ٹھہر گیا۔ پھر انہوں نے پڑھنا شروع کیا اور گھوڑا بھی چکر لگانے لگا۔ (وہ چپ ہوگئے اور گھوڑا بھی ٹھہر گیا۔) وہ نماز سے فارغ ہوگئے اور ان کا بیٹا یحيٰ گھوڑے کے قریب تھا۔ وہ ڈرے کہ کہیں وہ اس کو صدمہ نہ پہنچائے۔ جب انہوں نے اس کو اپنے پاس گھسیٹ لیا تو انہوں نے آسمان کی طرف اپنا سر اٹھایا۔ یہ حالت تھی کہ وہ (آسمان کو) بالکل نہ دیکھتے تھے۔ جب صبح ہوئی تو انہوں نے نبی ﷺ سے واقعہ بیان کیا۔ آپؐ نے ان سے فرمایا: ابن حضیرؓ! اسی طرح پڑھتے رہو۔ ابن حضیر اسی طرح پڑھتے رہو۔ (حضرت اُسیدؓ نے) کہا: یا رسول اللہ! میں ڈر گیا تھا کہ کہیں وہ یحيٰ کو نہ کچل ڈالے اور وہ اس کے قریب ہی تھا۔ میں نے اپنا سر اُٹھایا اور یحيٰ کی طرف مڑ کر گیا۔ پھر میں نے اپنا سر آسمان کی طرف اٹھایا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ جیسے سائبان ہے جس میں دیے سے ہیں۔ پھر میں باہر گیا تو (حالت یہ تھی کہ) ان کو نہیں دیکھتا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: اور تم جانتے ہو کہ یہ کیا تھا؟ اُنہوں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ ملائکہ تھے جو تمہاری آواز سن کر نزدیک آگئے تھے اور تم پڑھتے رہتے تو صبح کو لوگ بھی ان کو دیکھتے، ان سے چھپتے نہیں۔ ابن ہاد نے کہا: اور مجھے یہ حدیث عبداللہ بن خباب نے بھی حضرت ابوسعید خدریؓ سے، حضرت ابوسعیدؓ نے حضرت اُسید بن حضیرؓ سے روایت کرتے ہوئے بتائی۔

وَقَالَ اللَّيْثُ حَدَّثَنِي يَزِيدُ بْنُ الْهَادِ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ إِبْرَاهِيمَ عَنْ أُسَيْدِ بْنِ حُضَيْرٍ قَالَ بَيْنَمَا هُوَ يَقْرَأُ مِنَ اللَّيْلِ سُورَةَ الْبَقَرَةِ وَفَرَسُهُ مَرْبُوطٌ عِنْدَهُ إِذْ جَالَتِ الْفَرَسُ فَسَكَتَ فَسَكَتَتْ فَقَرَأَ فَجَالَتِ الْفَرَسُ فَسَكَتَ وَسَكَتَتِ الْفَرَسُ ثُمَّ قَرَأَ فَجَالَتِ الْفَرَسُ فَانْصَرَفَ وَكَانَ ابْنُهُ يَحْيَى قَرِيبًا مِنْهَا فَأَشْفَقَ أَنْ تُصِيبَهُ فَلَمَّا اجْتَرَّهُ رَفَعَ رَأْسَهُ إِلَى السَّمَاءِ حَتَّى مَا يَرَاهَا فَلَمَّا أَصْبَحَ حَدَّثَ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ " اقْرَأْ يَا ابْنَ حُضَيْرٍ اقْرَأْ يَا ابْنَ حُضَيْرٍ ". قَالَ فَأَشْفَقْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَنْ تَطَأَ يَحْيَى وَكَانَ مِنْهَا قَرِيبًا فَرَفَعْتُ رَأْسِي فَانْصَرَفْتُ إِلَيْهِ فَرَفَعْتُ رَأْسِي إِلَى السَّمَاءِ فَإِذَا مِثْلُ الظُّلَّةِ فِيهَا أَمْثَالُ الْمَصَابِيحِ فَخَرَجَتْ حَتَّى لاَ أَرَاهَا. قَالَ " وَتَدْرِي مَا ذَاكَ ". قَالَ لاَ. قَالَ " تِلْكَ الْمَلاَئِكَةُ دَنَتْ لِصَوْتِكَ وَلَوْ قَرَأْتَ لأَصْبَحَتْ يَنْظُرُ النَّاسُ إِلَيْهَا لاَ تَتَوَارَى مِنْهُمْ ". قَالَ ابْنُ الْهَادِ وَحَدَّثَنِي هَذَا الْحَدِيثَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ خَبَّابٍ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ عَنْ أُسَيْدِ بْنِ حُضَيْرٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5019

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز بن رُفَیع سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں اور شداد بن معقل حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس گئے۔ شداد بن معقل نے ان سے پوچھا: کیا نبی ﷺ نے کچھ ترکہ بھی چھوڑا ؟ انہوں نے جواب دیا: کچھ نہیں چھوڑا سوا اس کے جو مصحف کی اس جِلد کے درمیان ہے۔ عبدالعزیز کہتے تھے اور ہم محمد بن حنیفہ کے پاس گئے اور ان سے بھی یہی پوچھا۔ انہوں نے بھی کہا: آپؐ نے کچھ نہیں چھوڑا سوائے اس کے جو مصحف کی اس جِلد کے درمیان ہے۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ عَبْدِ الْعَزِيزِ بْنِ رُفَيْعٍ قَالَ دَخَلْتُ أَنَا وَشَدَّادُ بْنُ مَعْقِلٍ عَلَى ابْنِ عَبَّاسٍ رضى الله عنهما فَقَالَ لَهُ شَدَّادُ بْنُ مَعْقِلٍ أَتَرَكَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم مِنْ شَىْءٍ قَالَ مَا تَرَكَ إِلاَّ مَا بَيْنَ الدَّفَّتَيْنِ. قَالَ وَدَخَلْنَا عَلَى مُحَمَّدِ ابْنِ الْحَنَفِيَّةِ فَسَأَلْنَاهُ فَقَالَ مَا تَرَكَ إِلاَّ مَا بَيْنَ الدَّفَّتَيْنِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5020

ہدبہ بن خالد ابو خالد نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ سے، حضرت ابو موسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اس شخص کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے ترنج (نارنگی) کی سی ہے۔ اس کا مزہ بھی اچھا ہے اور خوشبو بھی اچھی۔ اور جو (مومن) قرآن نہیں پڑھتا اس کی مثال کھجور کی سی ہے، مزہ تو اس کا اچھا ہے لیکن اس میں خوشبو نہیں۔ اور اس بدکار کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے نیاز بو کی سی ہے جس کی خوشبو اچھی ہے اور مزہ کڑوا ہے۔ اور اس بدکار کی مثال جو قرآن نہیں پڑھتا حنظل کی سی ہے جس کا مزہ بھی کڑوا ہے اور خوشبو بھی نہیں۔

حَدَّثَنَا هُدْبَةُ بْنُ خَالِدٍ أَبُو خَالِدٍ حَدَّثَنَا هَمَّامٌ حَدَّثَنَا قَتَادَةُ حَدَّثَنَا أَنَسٌ عَنْ أَبِي مُوسَى عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " مَثَلُ الَّذِي يَقْرَأُ الْقُرْآنَ كَالأُتْرُجَّةِ طَعْمُهَا طَيِّبٌ وَرِيحُهَا طَيِّبٌ وَالَّذِي لاَ يَقْرَأُ الْقُرْآنَ كَالتَّمْرَةِ طَعْمُهَا طَيِّبٌ وَلاَ رِيحَ لَهَا وَمَثَلُ الْفَاجِرِ الَّذِي يَقْرَأُ الْقُرْآنَ كَمَثَلِ الرَّيْحَانَةِ رِيحُهَا طَيِّبٌ وَطَعْمُهَا مُرٌّ وَمَثَلُ الْفَاجِرِ الَّذِي لاَ يَقْرَأُ الْقُرْآنَ كَمَثَلِ الْحَنْظَلَةِ طَعْمُهَا مُرٌّ وَلاَ رِيحَ لَهَا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5021

مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید قطان) سے، یحيٰ نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ مجھ سے عبداللہ بن دینار نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: تمہاری عمر اُن امتوں کی عمر کے مقابل میں جو گزرچکیں اتنی ہی ہے جو عصر کی نماز اور سورج کے ڈوبنے کے درمیان ہے، اور تمہاری مثال اور یہود و نصارٰی کی مثال ایسی ہے جیسے ایک شخص نے چند مزدوروں کو کام پر لگایا اور کہا: میرے لئے ایک ایک قیراط پر دوپہر تک کون کام کرتا ہے تو یہود نے کیا۔ پھر اس نے پوچھا: میرے لئے دوپہر سے عصر تک کون کام کرے گا تو نصاریٰ نے کیا۔ پھر اب تم ہو جو عصر سے مغرب تک دو دو قیراط پر کام کرو گے۔ یہود و نصارٰی نے کہا: ہم کام تو زیادہ کریں اور دئیے جائیں تھوڑا۔ تو اس نے کہا: کیا میں نے تمہیں تمہارے حق سے کم دیا ہے؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ تو اس نے کہا: پھر یہ میرا انعام ہے جس کو چاہوں دوں۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ عَنْ يَحْيَى عَنْ سُفْيَانَ حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ دِينَارٍ قَالَ سَمِعْتُ ابْنَ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " إِنَّمَا أَجَلُكُمْ فِي أَجَلِ مَنْ خَلاَ مِنَ الأُمَمِ كَمَا بَيْنَ صَلاَةِ الْعَصْرِ وَمَغْرِبِ الشَّمْسِ وَمَثَلُكُمْ وَمَثَلُ الْيَهُودِ وَالنَّصَارَى كَمَثَلِ رَجُلٍ اسْتَعْمَلَ عُمَّالاً فَقَالَ مَنْ يَعْمَلُ لِي إِلَى نِصْفِ النَّهَارِ عَلَى قِيرَاطٍ فَعَمِلَتِ الْيَهُودُ فَقَالَ مَنْ يَعْمَلُ لِي مِنْ نِصْفِ النَّهَارِ إِلَى الْعَصْرِ فَعَمِلَتِ النَّصَارَى ثُمَّ أَنْتُمْ تَعْمَلُونَ مِنَ الْعَصْرِ إِلَى الْمَغْرِبِ بِقِيرَاطَيْنِ قِيرَاطَيْنِ قَالُوا نَحْنُ أَكْثَرُ عَمَلاً وَأَقَلُّ عَطَاءً قَالَ هَلْ ظَلَمْتُكُمْ مِنْ حَقِّكُمْ قَالُوا لاَ قَالَ فَذَاكَ فَضْلِي أُوتِيهِ مَنْ شِئْتُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5022

محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک بن مِغْول نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) طلحہ (بن مصرف) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ ؓ سے پوچھا: نبی ﷺ نے وصیت بھی کی؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ میں نے کہا کہ لوگوں پر وصیت کیسے فرض کی گئی۔ انہیں تو اس کا حکم دیا گیا اور آنحضرت ﷺ نے وصیت نہیں کی۔ (عبداللہ نے) کہا: آپؐ نے کتاب اللہ پر عمل کرنے کی وصیت کی۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا مَالِكُ بْنُ مِغْوَلٍ حَدَّثَنَا طَلْحَةُ قَالَ سَأَلْتُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ أَبِي أَوْفَى أَوْصَى النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ لاَ. فَقُلْتُ كَيْفَ كُتِبَ عَلَى النَّاسِ الْوَصِيَّةُ أُمِرُوا بِهَا وَلَمْ يُوصِ قَالَ أَوْصَى بِكِتَابِ اللَّهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5023

یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: لیث نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ نے کسی چیز کو بھی اتنی توجہ سے نہیں سنا، جتنا کہ نبی ﷺ کو توجہ سے سنا جبکہ وہ قرآن خوش الحانی سے پڑھ رہے ہوں۔ اور ابوسلمہ کے ایک دوست نے کہا: اس سے مراد یہ ہے کہ بلند آواز سے پڑھتے ہوں۔

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ قَالَ حَدَّثَنِي اللَّيْثُ عَنْ عُقَيْلٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ قَالَ أَخْبَرَنِي أَبُو سَلَمَةَ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ أَنَّهُ كَانَ يَقُولُ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " لَمْ يَأْذَنِ اللَّهُ لِشَىْءٍ مَا أَذِنَ لِلنَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم يَتَغَنَّى بِالْقُرْآنِ ". وَقَالَ صَاحِبٌ لَهُ يُرِيدُ يَجْهَرُ بِهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5024

علی بن عبد اللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے ابو سلمہ (بن عبد الرحمٰن) سے، ابو سلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے کسی بات کو اتنی توجہ سے نہیں سنا جتنی توجہ سے اس نے نبیؐ کو قرآن خوش الحانی سے پڑھتے ہوئے سنا۔ سفیان نے کہا: اس سے مراد یہ ہے کہ وہ قرآن کے ذریعہ سے (تمام دوسری کتابوں سے) بے پرواہ ہو جائے۔

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ أَبِي سَلَمَةَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " مَا أَذِنَ اللَّهُ لِشَىْءٍ مَا أَذِنَ لِلنَّبِيِّ أَنْ يَتَغَنَّى بِالْقُرْآنِ ". قَالَ سُفْيَانُ تَفْسِيرُهُ يَسْتَغْنِي بِهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5025

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: کسی پر رشک نہیں کرنا چاہیے مگر دو شخصوں پر۔ ایک وہ شخص جس کو اللہ نے کتاب (قرآن) دی ہو اور وہ رات کی گھڑیوں میں اُٹھ کر اس کو پڑھتا ہے اور ایک وہ شخص جس کو اللہ نے مال دیا ہو اور وہ رات دن اس کو صدقات میں خرچ کرتا ہے۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ حَدَّثَنِي سَالِمُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ أَنَّ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " لاَ حَسَدَ إِلاَّ عَلَى اثْنَتَيْنِ رَجُلٌ آتَاهُ اللَّهُ الْكِتَابَ وَقَامَ بِهِ آنَاءَ اللَّيْلِ وَرَجُلٌ أَعْطَاهُ اللَّهُ مَالاً فَهْوَ يَتَصَدَّقُ بِهِ آنَاءَ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5026

ہمیں علی بن ابراہیم نے بتایا کہ ہم سے روح (بن عبادہ) نے بیان کیا کہ ہمیں شعبہ نے سلیمان (بن مہران اعمش) سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ذکوان سے سنا۔ وہ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: رشک نہیں کرنا چاہیے مگر دو ہی آدمیوں پر۔ ایک وہ شخص جس کو اللہ نے قرآن کا علم دیا ہو اور وہ اس کو رات دن پڑھتا ہے اور اس کے پڑوسی نے اس کو سنا اور کہا: اے کاش مجھے بھی ویسے ہی دیا جائے جو فلاں کو دیا گیا اور پھر میں بھی ویسے ہی کروں جیسے یہ کرتا ہے۔ اور دوسرا وہ شخص جس کو اللہ نے مال دیا ہو اور وہ اسے حق میں خرچ کرتا ہے۔ پھر ایک شخص کہے کاش مجھے بھی ویسے ہی دیا جائے جو فلاں کو دیا گیا، پھر میں بھی وہی کروں جو وہ کرتا ہے۔

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ إِبْرَاهِيمَ حَدَّثَنَا رَوْحٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ سُلَيْمَانَ سَمِعْتُ ذَكْوَانَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " لاَ حَسَدَ إِلاَّ فِي اثْنَتَيْنِ رَجُلٌ عَلَّمَهُ اللَّهُ الْقُرْآنَ فَهُوَ يَتْلُوهُ آنَاءَ اللَّيْلِ وَآنَاءَ النَّهَارِ فَسَمِعَهُ جَارٌ لَهُ فَقَالَ لَيْتَنِي أُوتِيتُ مِثْلَ مَا أُوتِيَ فُلاَنٌ فَعَمِلْتُ مِثْلَ مَا يَعْمَلُ وَرَجُلٌ آتَاهُ اللَّهُ مَالاً فَهْوَ يُهْلِكُهُ فِي الْحَقِّ فَقَالَ رَجُلٌ لَيْتَنِي أُوتِيتُ مِثْلَ مَا أُوتِيَ فُلاَنٌ فَعَمِلْتُ مِثْلَ مَا يَعْمَلُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5027

حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: علقمہ بن مرثد (حضرمی) نے مجھے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) سعد بن عبیدہ سے میں نے سنا۔ انہوں نے ابوعبدالرحمٰن سلمی سے، ابوعبدالرحمٰن نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے، حضرت عثمانؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں بہتر وہ شخص ہے جو قرآن سیکھے اور اس کو سکھائے۔ (سعد بن عبیدہ) کہتے تھے: اور ابوعبدالرحمٰن حضرت عثمانؓ کی امارت میں قرآن پڑھایا کرتے تھے یہاں تک کہ حجاج (بن یوسف) حاکم ہوا۔ اور (ابوعبدالرحمٰن) کہا کرتے تھے: اور اسی حدیث نے مجھے اس جگہ بٹھایا ہے جہاں بیٹھا ہوں۔

حَدَّثَنَا حَجَّاجُ بْنُ مِنْهَالٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ قَالَ أَخْبَرَنِي عَلْقَمَةُ بْنُ مَرْثَدٍ سَمِعْتُ سَعْدَ بْنَ عُبَيْدَةَ عَنْ أَبِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ السُّلَمِيِّ عَنْ عُثْمَانَ ـ رضى الله عنه ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " خَيْرُكُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَهُ ". قَالَ وَأَقْرَأَ أَبُو عَبْدِ الرَّحْمَنِ فِي إِمْرَةِ عُثْمَانَ حَتَّى كَانَ الْحَجَّاجُ قَالَ وَذَاكَ الَّذِي أَقْعَدَنِي مَقْعَدِي هَذَا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5028

ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علقمہ بن مرثد سے، علقمہ نے ابو عبدالرحمٰن سلمی سے، ابو عبدالرحمٰن نے حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے افضل وہ ہے جو قرآن سیکھے اور اسے سکھائے۔

حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ عَلْقَمَةَ بْنِ مَرْثَدٍ عَنْ أَبِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ السُّلَمِيِّ عَنْ عُثْمَانَ بْنِ عَفَّانَ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " إِنَّ أَفْضَلَكُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَهُ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5029

عمرو بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم سے، ابو حازم نے سہل بن سعد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک عورت نبی ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی کہ اس نے اپنے آپ کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے لئے وقف کر دیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے اب عورتوں کی حاجت نہیں۔ ایک شخص بولا: مجھ سے اس کی شادی کردیں۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو کپڑا دو۔ اس نے کہا: میرے پاس تو نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو دو، گو لوہے کی انگوٹھی ہی۔ پھر اس نے آپؐ سے (یہی) عذر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں کچھ قرآن یاد ہے؟ اس نے کہا: فلاں فلاں (سورة مجھے یاد ہے) آپؐ نے فرمایا: میں نے تمہارا اس سے نکاح انہی (سورتوں) کے عوض میں کر دیا جو تمہیں قرآن سے یاد ہیں۔

حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ عَوْنٍ حَدَّثَنَا حَمَّادٌ عَنْ أَبِي حَازِمٍ عَنْ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ قَالَ أَتَتِ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم امْرَأَةٌ فَقَالَتْ إِنَّهَا قَدْ وَهَبَتْ نَفْسَهَا لِلَّهِ وَلِرَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ " مَا لِي فِي النِّسَاءِ مِنْ حَاجَةٍ ". فَقَالَ رَجُلٌ زَوِّجْنِيهَا. قَالَ " أَعْطِهَا ثَوْبًا ". قَالَ لاَ أَجِدُ. قَالَ " أَعْطِهَا وَلَوْ خَاتَمًا مِنْ حَدِيدٍ ". فَاعْتَلَّ لَهُ. فَقَالَ " مَا مَعَكَ مِنَ الْقُرْآنِ ". قَالَ كَذَا وَكَذَا. قَالَ " فَقَدْ زَوَّجْتُكَهَا بِمَا مَعَكَ مِنَ الْقُرْآنِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5030

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم (سلمہ بن دینار) سے، ابو حازم نے سہل بن سعد سے روایت کی کہ ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! میں اس لئے آئی ہوں کہ اپنے تئیں آپؐ کو ہبہ کر دوں۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کو نظر اٹھا کر دیکھا اور نظر کو نیچے کر لیا اور پھر اپنا سر جھکا لیا۔ جب عورت نے دیکھا کہ آپؐ نے اس کے متعلق کچھ فیصلہ نہیں کیا تو بیٹھ گئی۔ آپؐ کے صحابہ میں سے ایک شخص اٹھا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! اگر آپؐ کو اس (عورت) کی حاجت نہیں تو مجھ سے اس کا نکاح کر دیجئے۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: کیا تمہارے پاس کچھ ہے۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بخدا کچھ نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے رشتہ داروں کے پاس جاؤ اور دیکھو کیا تمہیں کچھ مل سکتا ہے۔ وہ گیا اور پھر لوٹ آیا اور کہنے لگا: نہیں، یا رسول اللہ! بخدا مجھے کچھ نہیں ملا۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو، خواہ لوہے کی انگوٹھی ہی سہی۔ وہ گیا اور پھر لوٹ آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! بخدا کچھ نہیں، لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں مگر یہ میرا تہہ بند ہے۔ سہل کہتے تھے: اس کے پاس اوپر اوڑھنے کی چادر بھی نہ تھی۔ (وہ کہنے لگا:) یہ تہہ بند اس کو آدھا دئیے دیتا ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے تہہ بند سے وہ کیا کرے گی۔ اگر تم نے وہ پہنا تو اس عورت پر اس میں سے کچھ نہ رہے گا اور اگر اس نے پہنا تو تم پر کچھ نہ رہے گا۔ یہ سن کر وہ شخص بیٹھ گیا اور دیر تک بیٹھا رہا۔ پھر وہ اٹھ کر چل دیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کو پیٹھ موڑے ہوئے جاتے دیکھا۔ آپؐ نے اس کو بلانے کا حکم دیا اور اسے بلایا گیا۔ جب وہ آیا تو آپؐ نے پوچھا: تمہیں کتنا قرآن یاد ہے۔ اس نے کہا: مجھے فلاں فلاں سورت یاد ہے۔ اس نے ان کو شمار کیا۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تم ان سورتوں کو زبانی پڑھتے ہو۔ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ میں نے یہ عورت تمہارے قبضے میں کر دی ان (سورتوں) کے عوض میں جو تمہیں قرآن سے یاد ہیں۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنْ أَبِي حَازِمٍ عَنْ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ أَنَّ امْرَأَةً جَاءَتْ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَتْ يَا رَسُولَ اللَّهِ جِئْتُ لأَهَبَ لَكَ نَفْسِي فَنَظَرَ إِلَيْهَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَصَعَّدَ النَّظَرَ إِلَيْهَا وَصَوَّبَهُ ثُمَّ طَأْطَأَ رَأْسَهُ فَلَمَّا رَأَتِ الْمَرْأَةُ أَنَّهُ لَمْ يَقْضِ فِيهَا شَيْئًا جَلَسَتْ فَقَامَ رَجُلٌ مِنْ أَصْحَابِهِ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَكَ بِهَا حَاجَةٌ فَزَوِّجْنِيهَا. فَقَالَ " هَلْ عِنْدَكَ مِنْ شَىْءٍ ". فَقَالَ لاَ وَاللَّهِ يَا رَسُولَ اللَّهِ. قَالَ " اذْهَبْ إِلَى أَهْلِكَ فَانْظُرْ هَلْ تَجِدُ شَيْئًا ". فَذَهَبَ ثُمَّ رَجَعَ فَقَالَ لاَ وَاللَّهِ يَا رَسُولَ اللَّهِ مَا وَجَدْتُ شَيْئًا. قَالَ " انْظُرْ وَلَوْ خَاتَمًا مِنْ حَدِيدٍ ". فَذَهَبَ ثُمَّ رَجَعَ فَقَالَ لاَ وَاللَّهِ يَا رَسُولَ اللَّهِ وَلاَ خَاتَمًا مِنْ حَدِيدٍ وَلَكِنْ هَذَا إِزَارِي ـ قَالَ سَهْلٌ مَا لَهُ رِدَاءٌ ـ فَلَهَا نِصْفُهُ. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " مَا تَصْنَعُ بِإِزَارِكَ إِنْ لَبِسْتَهُ لَمْ يَكُنْ عَلَيْهَا مِنْهُ شَىْءٌ وَإِنْ لَبِسَتْهُ لَمْ يَكُنْ عَلَيْكَ شَىْءٌ ". فَجَلَسَ الرَّجُلُ حَتَّى طَالَ مَجْلِسُهُ ثُمَّ قَامَ فَرَآهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مُوَلِّيًا فَأَمَرَ بِهِ فَدُعِيَ فَلَمَّا جَاءَ قَالَ " مَاذَا مَعَكَ مِنَ الْقُرْآنِ ". قَالَ مَعِي سُورَةُ كَذَا وَسُورَةُ كَذَا وَسُورَةُ كَذَا عَدَّهَا قَالَ " أَتَقْرَؤُهُنَّ عَنْ ظَهْرِ قَلْبِكَ ". قَالَ نَعَمْ. قَالَ " اذْهَبْ فَقَدْ مَلَّكْتُكَهَا بِمَا مَعَكَ مِنَ الْقُرْآنِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5031

عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قرآن یاد کرنے والے کی مثال تو اونٹوں کے مالک کی سی ہے جس کے اونٹ رسی سے بندھے ہوں، اگر ان کو دیکھتا بھالتا رہے گا تو انہیں روک رکھے گا اور اگر انہیں یونہی چھوڑ دے گا تو وہ چلے جائیں گے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ أَخْبَرَنَا مَالِكٌ عَنْ نَافِعٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " إِنَّمَا مَثَلُ صَاحِبِ الْقُرْآنِ كَمَثَلِ صَاحِبِ الإِبِلِ الْمُعَقَّلَةِ إِنْ عَاهَدَ عَلَيْهَا أَمْسَكَهَا وَإِنْ أَطْلَقَهَا ذَهَبَتْ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5032

محمد بن عرعرہ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: بہت ہی بری بات ہے ان میں سے ایک کے لئے کہ وہ کہے: میں فلاں فلاں آیت بھول گیا۔ بلکہ یوں کہے: مجھے بھول گئی۔ اور قرآن کو یاد کرتے رہو کیونکہ وہ آدمیوں کے سینوں سے اونٹوں سے بھی زیادہ جلد نکل بھاگتا ہے۔ عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے ایسا ہی بتایا۔ محمد بن عرعرہ کی طرح بشر (بن محمد) نے بھی اس حدیث کو بیان کیا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن مبارک سے، انہوں نے شعبہ سے روایت کی۔ نیز محمد بن عرعرہ کی طرح ابن جریج نے بھی (اس حدیث کو) بیان کیا۔ انہوں نے عبدہ سے، عبدہ نے شقیق (بن سلمہ) سے روایت کیا۔ (شقیق نے کہا:) میں نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے سنا۔ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے کہا:) میں نے نبی ﷺ سے سنا۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَرْعَرَةَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ مَنْصُورٍ عَنْ أَبِي وَائِلٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " بِئْسَ مَا لأَحَدِهِمْ أَنْ يَقُولَ نَسِيتُ آيَةَ كَيْتَ وَكَيْتَ بَلْ نُسِّيَ وَاسْتَذْكِرُوا الْقُرْآنَ فَإِنَّهُ أَشَدُّ تَفَصِّيًا مِنْ صُدُورِ الرِّجَالِ مِنَ النَّعَمِ ". حَدَّثَنَا عُثْمَانُ حَدَّثَنَا جَرِيرٌ عَنْ مَنْصُورٍ مِثْلَهُ. تَابَعَهُ بِشْرٌ عَنِ ابْنِ الْمُبَارَكِ عَنْ شُعْبَةَ. وَتَابَعَهُ ابْنُ جُرَيْجٍ عَنْ عَبْدَةَ عَنْ شَقِيقٍ سَمِعْتُ عَبْدَ اللَّهِ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5033

محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے برید (بن عبداللہ) سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے، حضرت ابوموسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: قرآن کو ہمیشہ پڑھتے رہو۔ اس ذات کی قسم! جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ وہ ان اونٹوں سے بھی زیادہ نکل بھاگتا ہے جو رسیوں میں بندھے ہوئے ہوں۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْعَلاَءِ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ عَنْ بُرَيْدٍ عَنْ أَبِي بُرْدَةَ عَنْ أَبِي مُوسَى عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " تَعَاهَدُوا الْقُرْآنَ فَوَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ لَهُوَ أَشَدُّ تَفَصِّيًا مِنَ الإِبِلِ فِي عُقُلِهَا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5034

حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھے ابو ایاس نے خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت عبداللہ بن مغفلؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فتح مکہ کے دن دیکھا اور اس وقت آپؐ اپنی اونٹنی پر سوار سورة الفتح پڑھ رہے تھے۔

حَدَّثَنَا حَجَّاجُ بْنُ مِنْهَالٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ قَالَ أَخْبَرَنِي أَبُو إِيَاسٍ قَالَ سَمِعْتُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ مُغَفَّلٍ قَالَ رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَوْمَ فَتْحِ مَكَّةَ وَهْوَ يَقْرَأُ عَلَى رَاحِلَتِهِ سُورَةَ الْفَتْحِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5035

موسیٰ بن اسماعیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جس کو تم مفصل کہتے ہو وہی محکم ہے۔ (سعید بن جبیر نے) کہا: حضرت ابن عباسؓ فرماتے تھے: رسول ﷺ فوت ہوئے اور میں اس وقت دس برس کا تھا اور میں محکم پڑھ چکا تھا۔

حَدَّثَنِي مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ عَنْ أَبِي بِشْرٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ قَالَ إِنَّ الَّذِي تَدْعُونَهُ الْمُفَصَّلَ هُوَ الْمُحْكَمُ قَالَ وَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ تُوُفِّيَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَأَنَا ابْنُ عَشْرِ سِنِينَ وَقَدْ قَرَأْتُ الْمُحْكَمَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5036

یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ابو بشر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے محکم رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں ہی یاد کرلی تھی۔ میں نے ان (سعید بن جبیر) سے پوچھا: یہ محکم کیا ہے؟ انہوں نے کہا: مفصل۔

حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ حَدَّثَنَا هُشَيْمٌ أَخْبَرَنَا أَبُو بِشْرٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ جَمَعْتُ الْمُحْكَمَ فِي عَهْدِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقُلْتُ لَهُ وَمَا الْمُحْكَمُ قَالَ الْمُفَصَّلُ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5037

ربیع بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہم سے زائدہ (بن قدامہ) نے بیان کیا۔ ہشام نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: نبی ﷺ نے ایک شخص کو مسجد میں قرآن پڑھتے سنا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ اس پر رحم کرے اس نے مجھے فلاں سورة کی فلاں فلاں آیت یاد کرادی۔ محمد بن عبید بن میمون نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ (بن یونس) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے روایت کی۔ اور (اس میں یوں ہے:) آپؐ نے فرمایا: ان کو میں فلاں سورة میں نہیں پڑھا کرتا تھا۔ عیسیٰ بن یونس کی طرح علی بن مسہر اور عبدہ نے بھی ہشام سے یہی روایت کی۔

حَدَّثَنَا رَبِيعُ بْنُ يَحْيَى حَدَّثَنَا زَائِدَةُ حَدَّثَنَا هِشَامٌ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ سَمِعَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم رَجُلاً يَقْرَأُ فِي الْمَسْجِدِ فَقَالَ " يَرْحَمُهُ اللَّهُ لَقَدْ أَذْكَرَنِي كَذَا وَكَذَا آيَةً مِنْ سُورَةِ كَذَا ". حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عُبَيْدِ بْنِ مَيْمُونٍ حَدَّثَنَا عِيسَى عَنْ هِشَامٍ وَقَالَ أَسْقَطْتُهُنَّ مِنْ سُورَةِ كَذَا. تَابَعَهُ عَلِيُّ بْنُ مُسْهِرٍ وَعَبْدَةُ عَنْ هِشَامٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

·

آج 10 میں سے 10 باقی