کتاب 70: كتاب الأطعمة
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 5433
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا کہ ازہر بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن عون سے، عبداللہ نے ثمامہ بن انس سے، ثمامہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ اپنے ایک آزاد کردہ غلام کے پاس آئے جو درزی تھا آپؐ کے سامنے کدو لایا گیا۔ آپؐ اس کو کھانے لگے۔ جب سے میں نے رسول اللہ ﷺ کو کدو کھاتے دیکھا میں بھی اس کو ہمیشہ ہی پسند کرتا رہا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5434
محمد بن یوسف (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت ابومسعود انصاریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: انصار میں سے ایک شخص تھا جسے ابوشعیبؓ کہتے تھے، ان کا غلام گوشت بیچا کرتا تھا۔ ابوشعیبؓ نے اس غلام سے کہا: میرے لئے کھانا تیار کرو میں رسول اللہ ﷺ کو کھانے کے لئے بلاؤں گا۔ پانچ آدمی ہوں گے۔ پانچویں آپؐ ہیں، اس نے رسول اللہ ﷺ سمیت پانچ آدمیوں کو بلایا۔ ان کے ساتھ ایک اور آدمی چل پڑا۔ (یہ دیکھ کر) نبی ﷺ نے فرمایا: تم نے میرے سمیت ہم پانچ آدمیوں کو مدعو کیا تھا اور یہ شخص جو ہمارے ساتھ چلا آیا ہے اگر تم چاہو تو اسے بھی اجازت دے دو اگر چاہو تو نہ دو۔ ابوشعیبؓ نے کہا: نہیں بلکہ میں نے اسے بھی اجازت دی۔
محمد بن یوسف نے کہا: میں نے محمد بن اسماعیل سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جب لوگ کسی دستر خوان پر ہوں تو ان کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ ایک دسترخوان سے دوسرے دسترخوان پر کھانا لے کر جائیں۔ لیکن اس دسترخوان پر وہ ایک دوسرے سے لے سکتے ہیں یا چھوڑ سکتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5435
عبداللہ بن منیر نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے نضر (بن شمیل) سے سنا۔ (عبداللہ) بن عون نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: ثمامہ بن عبداللہ بن انس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں لڑکا ہی تھا جو رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ساتھ چلتا تھا۔ رسول اللہ ﷺ اپنے ایک غلام کے پاس گئے جو درزی تھا۔ وہ آپؐ کے لئے ایک پیالہ لایا جس میں کھانا تھا اور اس پر کدو کے کتلے تھے۔ رسول اللہ ﷺ کدو کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر کھانے لگے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: جب میں نے یہ دیکھا تو میں بھی اِدھر اُدھر سے لے کر آپؐ کے سامنے رکھنے لگا۔ کہتے تھے: وہ غلام اپنے کام کی طرف متوجہ ہوگیا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: جب میں نے رسول اللہ ﷺ کو جو آپؐ نے کیا، کرتے دیکھا تو اس کے بعد میں ہمیشہ ہی کدو پسند کرتا رہا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5436
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا کہ ایک درزی (صحابی) نے نبی ﷺ کو کھانے کی دعوت دی جو اس نے تیار کیا تھا۔ میں بھی نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے ساتھ گیا۔ اس نے جَو کی روٹی اور شوربا جس میں کدو اور سوکھا گوشت تھا پیش کیا۔ میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ پیالے کے کناروں سے کدو ڈھونڈ ڈھونڈ کر کھا رہے ہیں تو میں اس دن کے بعد ہمیشہ کدو کو پسند کرتا رہا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5437
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ مالک بن انس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ سے، اسحاق نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ کے سامنے شوربہ لایا گیا جس میں کدو اور سوکھا ہوا گوشت تھا۔ میں نے آپؐ کو دیکھا کہ کدو ڈھونڈ ڈھونڈ کر کھاتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5438
قبیصہ (بن عقبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن عابس (بن ربیعہ نخعی) سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: آپؐ نے (قربانی کا گوشت سکھانے سے) جو منع فرمایا تو صرف اس سال منع فرمایا جس سال لوگ قحط کی وجہ سے بھوکے تھے۔ آپؐ چاہتے تھے کہ غنی فقیر کو کھلائے اور ہم تو پائے بھی اٹھا لیتے تھے۔ پندرہ پندرہ دن کے بعد کھاتے۔ اور محمد ﷺ کے اہل بیت نے تین دن بھی گیہوں کی روٹی سالن کے ساتھ سیر ہو کر نہیں کھائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5439
اسماعیل (بن ابی اُوَیس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ایک درزی نے رسول اللہ ﷺ کو ایک کھانے کی دعوت دی جس کو اس نے تیار کیا تھا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: میں رسول ﷺ کے ساتھ اس دعوت میں گیا اس نے جَو کی روٹی اور شوربہ جس میں کدو اور سوکھا گوشت تھا پیش کیا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ پیالے کے کنارے سے کدو ڈھونڈ ڈھونڈ کر لے رہے ہیں۔ میں اس روز سے کدو پسند کرنے لگا۔ اور ثمامہ نے حضرت انسؓ سے یوں نقل کیا: میں بھی کدو اِدھر اُدھر سے لے کر آپؐ کے سامنے رکھتا جاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5440
عبدالعزیز بن عبداللہ (اُوَیسی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن سعد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سعد بن ابراہیم بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے، سعد نے حضرت عبداللہ بن جعفر بن ابی طالب رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ تازہ کھجوریں اور ککڑی اکٹھی کھا رہے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5441
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عباس جُریری سے، عباس نے ابوعثمان )نہدی( سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت ابوہریرہؓ کے پاس سات راتیں مہمان رہا تو وہ اور ان کی بیوی اور ان کا خادم رات کو باری باری ہر ایک تہائی جاگتے رہتے۔ یہ نماز پڑھتا رہتا پھر اس کو جگاتا اور میں نے ان کو یہ کہتے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنے صحابہ کے درمیان کھجوریں تقسیم کیں۔ مجھے بھی حصے میں سات کھجوریں ملیں۔ ان میں سے ایک اندر سے بوسیدہ تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5441a
محمد بن صباح نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن زکریا نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم )احول( سے، عاصم نے ابوعثمان )نہدی( سے، ابوعثمان نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ہمارے درمیان کھجوریں تقسیم کیں۔ مجھے ان میں سے پانچ ملیں۔ چار اچھی کھجوریں اور ایک اندر سے خراب۔ پھر میں نے اس ردی کھجور کو دیکھا وہ میری داڑھوں کے لئے چبانے میں ان سب سے سخت تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5442
اور محمد بن یوسف (فریابی) نے سفیان (ثوری) سے نقل کیا۔ سفیان نے منصور بن صفیہ سے روایت کی کہ میری ماں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا، کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ اس وقت فوت ہوئے کہ ہم دو سیاہ چیزیں یعنی کھجور اور پانی سے سیر ہو جایا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5443
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ ابوغسان (محمد بن مطرف) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابوحازم (سلمہ بن دینار) نے مجھے بتایا۔ ابوحازم نے ابراہیم بن عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن ابی ربیعہ سے، ابراہیم نے حضرت جابر بن عبداللہ (انصاری) رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مدینہ میں ایک یہودی تھا اور وہ میری کھجوریں کٹنے تک قرض دیا کرتا تھا اور حضرت جابرؓ کی وہ زمین تھی جو بئر رومہ کے راستے پر تھی۔ ایک سال اس زمین نے پھل نہ دیا اور سال خالی گزرا۔ وہ یہودی میوہ کٹنے کے وقت میرے پاس آیا اور میں نے کھجوروں سے کچھ بھی نہ کاٹا تھا میں اس سے آئندہ سال تک مہلت مانگنے لگا لیکن وہ نہ مانتا تھا۔ نبی ﷺ کو اس کے متعلق بتایا گیا۔ آپؐ نے اپنے صحابہ سے فرمایا: چلو یہودی سے جابرؓ کے لئے مہلت مانگیں۔ وہ میرے پاس میرے کھجور کے باغ میں آئے اور نبی ﷺ یہودی سے گفتگو کرنے لگے۔ وہ کہنے لگا: ابوالقاسم! میں اس کو مہلت نہیں دوں گا۔ جب نبی ﷺ نے یہ دیکھا آپؐ کھڑے ہوگئے اور اس باغ میں چکر لگایا۔ پھر اس کے پاس آئے اور اس سے گفتگو کی مگر وہ نہ مانا۔ میں اٹھا اور جاکر کچھ تھوڑی سی تازہ کھجوریں لایا اور میں نے ان کو نبی ﷺ کے سامنے رکھ دیا۔ آپؐ نے کھائیں پھر اس کے بعد پوچھا: جابرؓ تمہارا منڈوا کہاں ہے؟ میں نے آپؐ کو بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: میرے لئے اس میں بچھونا لگادو۔ میں نے آپؐ کے لئے بچھونا بچھایا۔ آپؐ اس میں گئے اور سو گئے۔ پھر آپؐ جاگے اور میں آپؐ کے پاس مٹھی بھر اور کھجوریں لایا۔ آپؐ نے ان میں سے کچھ کھائیں پھر کھڑے ہوئے اور یہودی سے گفتگو کی لیکن اس نے آپؐ کی نہ مانی۔ آخر آپؐ دوسری بار ان کھجوروں میں جن کے پھل سبز تھے کھڑے ہوئے پھر فرمایا: جابرؓ کھجوریں کاٹو اور اس کا قرض چکا دو۔ آپؐ کھجوریں کاٹنے کے اثنا میں ٹھہرے رہے میں نے ان سے اتنی کھجوریں کاٹیں جس سے اس کا قرضہ ادا کردیا اور ان سے کچھ بچ رہیں۔ میں باغ سے نکل کر نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو خوشخبری دی۔ آپؐ نے فرمایا: میں گواہی دیتا ہوں کہ میں اللہ کا رسول ہوں۔ عُرْشٌ اور عَرِيْشٌ کے معنی ہیں چھت۔ اور حضرت ابن عباس نے کہا: مَعْرُوْشَاتٍ سے مراد ہے انگور وغیرہ کی جو بیلیں سہارے پر کھڑی کی گئی ہیں۔ یہ جو کہا گیا ہے: عُرُوْشُهَا اس کے معنی ہیں اس کی چھتیں۔ محمد بن یوسف نے کہا۔ ابوجعفر کہتے تھے۔ محمد بن اسماعیل نے کہا: خَلَا کا لفظ میرے پاس محفوظ نہیں ہے۔ پھر کہا کہ یہ لفظ جَلَى ہے جس میں کوئی شک نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5444
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ وہ کہتے ہیں: مجھے مجاہد نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: ایک بار ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اتنے میں آپؐ کے پاس کھجور کا گابھا لایا گیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: درختوں میں سے ایک درخت ہے جس کی برکت ایسی ہے جیسے مسلمان آدمی کی برکت۔ میں سمجھا کہ آپؐ کی مراد کھجور کا درخت ہے اور میں نے کہنا چاہا یا رسول اللہ ! کھجور کا درخت ہے۔ پھر میں نے مڑ کر دیکھا تو کیا دیکھتا ہوں کہ دس آدمی جو وہاں تھے میں دسواں ہوں اور میں ان سب سے کم عمر ہوں۔ (یہ دیکھ کر) میں خاموش رہا۔ آخر نبی ﷺ نے فرمایا: وہ کھجور کا درخت ہی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5445
جُمعہ بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ مروان (بن معاویہ فزاری) نے ہمیں بتایا کہ ہاشم بن ہاشم نے ہمیں خبر دی کہ عامر بن سعد نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے ہر روز صبح کو سات عجوہ کھجوریں کھائیں اس کو اس دن نہ کوئی زہر نقصان دے گا اور نہ کوئی جادو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5446
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ جبلہ بن سحیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حضرت ابن زبیرؓ کے ساتھ تھے، ایک سال ہم میں قحط پڑا۔ وہ سب کو کھجوریں دیتے تھے تو حضرت عبداللہ بن عمرؓ ہمارے سامنے سے گزرتے اور ہم اس وقت کھا رہے ہوتے، وہ کہتے دو دو کھجوریں ملا کر نہ کھاؤ کیونکہ نبی ﷺ نے دو دو کھجوریں ملا کر کھانے سے منع کیا ہے۔ پھر وہ کہتے: سوائے اس کے کہ آدمی اپنے بھائی سے اجازت لے لے۔ شعبہ نے کہا: یہ جو اجازت لینا ہے یہ حضرت ابن عمرؓ کا قول ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5447
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن سعد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن جعفرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ ککڑی کے ساتھ کھجوریں کھا رہے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5448
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن طلحہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زبید (بن حارث) سے، زبید نے مجاہد سے، مجاہد نے کہا: میں نے حضرت ابن عمرؓ سے سنا۔ حضرت ابن عمرؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: درختوں میں سے ایک درخت ہے جو مسلمان کی مانند ہے اور وہ کھجور کا درخت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5449
(محمد) بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ ککڑی کے ساتھ کھجوریں کھا رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5450
صلت بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوعثمان جعد (بن دینار) سے، جعد نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ اور (حماد بن زید نے) ہشام (بن حسان ازدی) سے، ہشام نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ نیز (حماد نے) سنان ابوربیعہ سے، ابوربیعہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ ان کی ماں حضرت امّ سلیمؓ نے ایک مد جَو کو موٹا موٹا پیس کر اس سے آش بنایا اور ایک گھی کی کپی جو ان کے پاس تھی، نچوڑی۔ پھر مجھے نبی ﷺ کو بلانے بھیجا۔ میں آپؐ کے پاس آیا۔ اس وقت آپؐ اپنے صحابہ کے درمیان بیٹھے تھے۔ میں نے آپؐ کو دعوت دی۔ آپؐ نے پوچھا اور میرے ساتھ جو لوگ ہیں (ان کی بھی دعوت ہے یا نہیں۔) میں آیا اور میں نے کہا کہ آپؐ فرماتے ہیں جو میرے ساتھ ہیں وہ بھی؟ حضرت ابوطلحہؓ آپؐ کے پاس گئے اور کہا یارسول اللہ! بس یہی کچھ ہے جو امّ سلیمؓ نے تیار کیا ہے۔ آپؐ اندر آئے اور وہ کھانا آپؐ کے سامنے لایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: دس دس کو میرے پاس اندر لے آؤ۔ ان کو اندر لایا گیا اور انہوں نے اتنا کھایا کہ سیر ہو گئے۔ پھر فرمایا کہ میرے پاس دس آدمیوں کو لے آؤ۔ وہ اندر آئے انہوں نے کھایا یہاں تک کہ وہ سیر ہو گئے۔ پھر فرمایا: دس اور میرے پاس لے آؤ، اسی طرح آپ نے چالیس آدمیوں کا شمار کیا۔ اس کے بعد نبی ﷺ نے کھایا پھر کھڑے ہو گئے اور میں دیکھنے لگا کہ کیا اس میں سے کچھ کم بھی ہوا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5451
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبد العزیز (بن صہیب) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا۔ حضرت انسؓ سے کہا گیا: آپؓ نے لہسن کے متعلق نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے کیا سنا؟ آپؐ نے فرمایا: جو اس کو کھائے وہ ہماری مسجد کے قریب نہ آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah