کتاب 70: كتاب الأطعمة
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 5452
علی بن عبد اللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوصفوان عبد اللہ بن سعید نے ہمیں بتایا کہ یونس نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے بتایا کہ حضرت جابر بن عبد اللہ (انصاری) رضی اللہ عنہما نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے لہسن یا پیاز کھایا تو وہ ہم سے الگ رہے یا فرمایا: ہماری مسجد سے الگ رہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5453
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا کہ )عبداللہ( بن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس )بن یزید( سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ ابن شہاب نے کہا: مجھے ابوسلمہ (بن عبدالرحمٰن بن عوف) نے بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھے حضرت جابر بن عبداللہؓ (انصاری) نے بتایا۔ وہ کہتے تھے: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ مر الظہران میں پیلو کے پھل چن رہے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: ان میں سے کالے کالے چنو کیونکہ وہ زیادہ مزیدار ہوتے ہیں۔ کہا گیا: کیا آپؐ بکریاں بھی چرایا کرتے تھے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں اور کیا کوئی نبی بھی ایسا ہے جس نے ان کو نہ چرایا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5454
علی بن عبداللہ )مدینی( نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان )بن عیینہ( نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید )انصاری( سے، یحيٰ نے بشیر بن یسار سے، بشیر نے سُوَید بن نعمان سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ خیبر کی طرف کوچ کیا۔ جب ہم صہباء میں پہنچے آپؐ نے کھانا منگوایا تو آپؐ کے سامنے ستو ہی لائے گئے۔ ہم نے وہی کھائے۔ پھر آپؐ نماز کے لئے کھڑے ہوئے۔ پھر آپؐ نے کلی کی۔ ہم نے بھی کلی کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5455
یحيٰ نے کہا: میں نے بشیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے: سُوَید نے ہم سے بیان کیا کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ خیبر کی طرف نکلے۔ جب ہم صہباء میں پہنچے۔ یحيٰ نے کہا: وہ خیبر سے اتنی دور ہے کہ انسان شام تک پہنچ جاتا ہے تو آپؐ نے کھانا منگوایا۔ آپؐ کے پاس ستو ہی لائے گئے۔ ہم نے آپؐ کے ساتھ ستو ہی پھانک لئے اور کھائے۔ پھر آپؐ نے پانی منگوایا اور کلی کی اور ہم نے بھی آپؐ کے ساتھ کلی کی۔ پھر آپؐ نے ہمیں مغرب کی نماز پڑھائی اور وضو نہیں کیا۔ اور سفیان نے (علی بن مدینی سے) کہا: گویا کہ تم نے خود یحيٰ سے یہ حدیث سنی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5456
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی کھائے تو اپنا ہاتھ نہ پونچھے جب تک کہ ان کو چاٹ نہ لے یا فرمایا: ان کو چٹا نہ دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5457
ابراہیم بن منذر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ محمد بن فلیح نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے میرے والد نے بتایا۔ ان کے والد نے سعید بن حارث سے، سعید نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت جابر ؓ سے ان چیزوں کے کھانے کے بعد وضو کے متعلق پوچھا جو آگ سے پکی ہوں تو انہوں نے کہا: نہیں، نبی ﷺ کے زمانہ میں ہمیں تو ایسا کھانا کم ہی ملتا تھا اور جب ہمیں ملتا بھی تو ہمارے پاس سوائے ہماری ہتھیلیوں، بازوؤں اور پاؤں کے اور کوئی رومال نہ ہوتے۔ پھر ہم نماز پڑھتے اور وضو نہ کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5458
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثور (بن یزید) سے، ثور نے خالد بن معدان سے، خالد نے حضرت ابو امامہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی عادت تھی کہ جب آپؐ دستر خوان کو اٹھاتے تو آپؐ فرماتے: اللہ ہی کا شکر ہے، بہت بہت شکر، خالص شکر جو برکتوں کا موجب ہو ایسا شکر نہیں جو یہیں (کھانے پر) بس ہو اور نہ ایسا کہ پھر نہ کیا جائے اور نہ ایسا کہ جس کی حاجت نہ رہے، اے ہمارے رب۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5459
ابو عاصم (ضحاک بن مخلد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ثور بن یزید سے، ثور نے خالد بن معدان سے، خالد نے حضرت ابو اُمامہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی عادت تھی کہ جب آپؐ کھانے سے فارغ ہوتے۔ اور ایک بار حضرت ابو امامہؓ نے یوں کہا: جب آپؐ اپنے دسترخوان کو اٹھاتے تو آپؐ فرماتے: سب شکر اللہ ہی کا ہے جس نے ہمیں کافی دیا اور پیٹ بھر کر کھلایا پلایا ایسا شکر نہیں کہ یہیں پر بس ہو اور نہ ایسا شکر ہے کہ جس کی پھر ناشکری کی جائے۔ اور کبھی آپؐ یوں فرماتے: تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں اے ہمارے رب۔ ایسا شکر نہیں جو یہیں (کھانے پر) بس ہو اور نہ ایسا کہ پھر نہ کیا جائے اور نہ ایسا کہ جس کی حاجت نہ رہے، اے ہمارے رب۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5460
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن زیاد سے، ابن زیاد کہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے سنا۔ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کے پاس اس کا خادم اس کا کھانا لائے اگر وہ اس کو اپنے ساتھ نہ بٹھائے تو اسے چاہیے کہ وہ ایک نوالہ یا دو نوالے یا فرمایا ایک لقمہ یا دو لقمے اسے بھی دے دے کیونکہ اس نے اس کے تیار کرنے میں محنت اور گرمی برداشت کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5461
عبداللہ بن ابی الاسود نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ شقیق (بن سلمہ) نے ہمیں بتایا کہ حضرت ابو مسعود انصاریؓ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: انصار میں سے ایک شخص تھا جن کی کنیت ابو شعیبؓ تھی ان کا ایک غلام تھا جو قصاب تھا۔ ابو شعیبؓ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ اس وقت اپنے صحابہ میں بیٹھے ہوئے تھے۔ انہوں نے نبی ﷺ کے چہرے میں بھوک کو محسوس کیا اور وہ اپنے قصاب غلام کے پاس چلے گئے اور اس سے کہا: میرے لئے کچھ کھانا تیار کرو جو پانچ آدمیوں کیلئے کافی ہو۔ میں نبی ﷺ سمیت پانچ آدمیوں کو دعوت دوں گا۔ اس نے آپؐ کے لئے مختصر سا کھانا تیار کیا۔ پھر ابو شعیب آپؐ کے پاس آئے اور آپؐ کو دعوت دی۔ ان کے ساتھ ایک اور شخص ہو لیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ابو شعیبؓ ایک شخص ہمارے ساتھ چلا آیا ہے اگر تم چاہو تو اسے بھی اجازت دو اگر چاہو تو اسے رہنے دو۔ انہوں نے کہا: نہیں بلکہ میں نے اس کو اجازت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5462
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ نیز لیث (بن سعد) نے کہا کہ یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جعفر بن عمرو بن امیہ نے مجھے بتایا کہ ان کے باپ عمرو بن امیہ (ضمری) نے ان کو بتایا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ ایک بکری کے شانے سے جو آپؐ کے ہاتھ میں تھا گوشت کاٹ کاٹ کر کھا رہے تھے۔ اتنے میں نماز کے لئے آپؐ کو بلایا گیا۔ آپؐ نے اُسے اور اس چھری کو جس کے ساتھ آپؐ کاٹ رہے تھے، رکھ دیا پھر آپؐ کھڑے ہوئے، نماز پڑھی اور وضو نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5463
معلّیٰ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب شام کا کھانا رکھا جائے اور نماز کے لئے تکبیر ہو تو پہلے شام کا کھانا کھاؤ۔ اور ایوب سے روایت ہے، انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے ایسی ہی روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5464
اور اسی سند سے ایوب (سختیانی) سے بھی اسی طرح مروی ہے۔ ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ کے بارے میں روایت کی کہ ایک دفعہ انہوں نے رات کا کھانا کھایا اور وہ امام کی قرأت سن رہے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5465
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب نماز کی تکبیر ہو اور شام کا کھانا بھی سامنے آئے تو پہلے کھانا کھاؤ۔ وہیب اور یحيٰ بن سعید نے ہشام سے روایت کرتے ہوئے یہ الفاظ کہے: جب شام کا کھانا رکھا جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5466
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حضرت انس (بن مالکؓ) کہتے تھے: میں حجاب کے متعلق تمام لوگوں سے زیادہ جانتا ہوں۔ حضرت اُبیّ بن کعبؓ بھی مجھ سے اس کے متعلق پوچھا کرتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ حضرت زینب بنت جحشؓ کے دلہا بنے اور آپؐ نے مدینہ میں ہی ان سے نکاح کیا تھا تو آپؐ نے دن چڑھنے کے بعد لوگوں کو کھانے کے لئے بلایا۔ رسول اللہ ﷺ بیٹھے رہے اور کچھ لوگ بھی آپؐ کے ساتھ بیٹھے رہے۔ جب لوگ اٹھ کر چلے گئے تو اس کے بعد رسول اللہ ﷺ بھی کھڑے ہوئے۔ آپؐ چلے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ چلا۔ یہاں تک کہ آپؐ حضرت عائشہؓ کے حجرے کے دروازے تک پہنچے پھر آپؐ نے خیال کیا کہ وہ لوگ چلے گئے ہیں۔ آپ واپس لَوٹے۔ میں بھی آپؐ کے ساتھ لَوٹا تو کیا دیکھا کہ وہ وہیں اپنی جگہ بیٹھے ہوئے ہیں۔ آپؐ یہ دیکھ کر دوبارہ واپس چلے آئے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ دوبارہ واپس ہوگیا۔ حضرت عائشہؓ کے حجرے کے دروازے پر پہنچ کر پھر آپؐ واپس لَوٹ گئے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ لَوٹ آیا۔ کیا دیکھا کہ وہ اس وقت اٹھ کر چلے گئے تھے۔ پھر آپؐ نے میرے اور اپنے درمیان پردہ ڈال دیا اور حجاب کا حکم نازل کیا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah