کتاب 72: كتاب الذبائح والصيد
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5475
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ زکریا (بن ابی زائدہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عامر سے، عامر نے حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے اس شکار کے متعلق پوچھا جو کسی چپٹی چیز سے مارا جائے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تو تیز دھار سے مارا جائے تو اس کو کھاؤ اور جو چپٹی چیز سے مارا جائے تو وہ موقوذہ ہے۔ اور میں نے آپؐ سے کتے کے شکار کے متعلق پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: جو تو اس نے تمہارے لئے پکڑا ہے اس کو کھاؤ کیونکہ کتے کا پکڑنا بھی ذبح کرنا ہی ہے۔ اور اگر تم اپنے کتے کے ساتھ یا (فرمایا:) کتوں کے ساتھ کسی دوسرے کتے کو پاؤ اور تمہیں یہ ڈر ہو کہ کہیں دوسرے کتے نے بھی اس کے ساتھ اسے پکڑا ہے اور اس کو مار ڈالا ہو تو نہ کھاؤ کیونکہ تم نے اپنے کتے کو چھوڑتے وقت اللہ کا نام لیا تھا اور اس کے علاوہ کسی اور پر اللہ کا نام نہیں لیا تھا۔
صحیح بخاری 5476
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی سفر سے، عبداللہ نے شعبی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ سے اس شکار کے متعلق پوچھا جو کسی چپٹی چیز سے مارا جائے؟ آپؐ نے فرمایا: اگر تو تم نے اس کی دھار سے مارا ہو تو کھاؤ اور اگر اس کی چپٹی طرف سے پڑے اور اس کو مار ڈالے تو یہ مَوْقُوذَة ہے اس کو نہ کھاؤ۔ میں نے پوچھا: میں اپنے کتے کو چھوڑ دوں تو؟ آپؐ نے فرمایا: جب تم اپنا کتا چھوڑو اور اللہ کا نام لو تو کھاؤ۔ میں نے پوچھا: اگر وہ کتا کھا لے تو؟ آپؐ نے فرمایا: پھر اس کو نہ کھاؤ کیونکہ اس نے وہ تمہارے لئے نہیں پکڑا بلکہ اپنے لئے پکڑا ہے۔ میں نے پوچھا: میں اپنے کتے کو چھوڑوں اور اس کے ساتھ کسی اور کتے کو پاؤں؟ آپؐ نے فرمایا: نہ کھاؤ کیونکہ تم نے اپنا کتا چھوڑتے وقت اس پر بسم اللہ پڑھی اور دوسرے پر (اللہ کا) نام نہیں لیا تھا۔
صحیح بخاری 5477
قبیصہ (بن عقبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے ہمام بن حارث سے، ہمام نے حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! ہم اپنے سکھائے ہوئے کتوں کو چھوڑتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جو تمہارے لئے پکڑ لیں ان کو کھاؤ۔ میں نے پوچھا: اگر وہ مار ہی ڈالیں؟ آپؐ نے فرمایا: گو وہ مار ہی ڈالیں۔ میں نے پوچھا: اور ہم بے پر کے تیر سے بھی مارتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: جو چیز پھاڑ ڈالے اسے کھاؤ اور جو اس کی چپٹی طرف سے لگے اسے نہ کھاؤ۔
صحیح بخاری 5478
عبداللہ بن یزید (عدوی) نے ہم سے بیان کیا کہ حیوۃ (بن شریح) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھے ربیعہ بن یزید دمشقی نے بتایا۔ ربیعہ نے ابوادریس (عائذ اللہ خولانی) سے، ابوادریس نے ابوثعلبہ خشنی سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے۔ میں نے کہا: یا نبی اللہ! ہم ایسی قوم کے ملک میں ہیں کہ جو اہل کتاب ہیں، کیا ہم ان کے برتنوں میں کھالیں؟ اور ایسے ملک میں ہیں جہاں شکار ہوتا ہے میں اپنی کمان سے اور اپنے کتے کے ذریعہ سے جو سکھایا ہوا نہیں ہوتا یا اپنے اس کتے کے ذریعہ سے جو سکھایا ہوا ہوتا ہے شکار کروں تو کون سا شکار میرے لئے درست ہے؟ آپؐ نے فرمایا: جو تم نے اہل کتاب کا ذکر کیا ہے اگر تمہیں ان برتنوں کے سوا اور برتن ملیں تو ان میں نہ کھانا اور اگر نہ ملیں تو انہی کو دھو لو اور ان میں کھاؤ۔ اور جو تم اپنی کمان کے ذریعہ شکار کرو اور اللہ کا نام لیا ہو اسے کھاؤ اور جو اپنے سدھائے ہوئے کتے کے ذریعہ سے شکار کرو اور اس (اللہ) کا نام لیا ہو تو اسے بھی کھاؤ اور جو تم نے ایسے کتے سے شکار کیا ہو جو سکھایا ہوا نہیں اور پھر تم نے اس کو ذبح کر لیا ہو اسے بھی کھالو۔
صحیح بخاری 5479
یوسف بن راشد نے مجھ سے بیان کیا کہ وکیع اور یزید بن ہارون نے ہمیں بتایا۔ الفاظ یزید کے ہیں۔ ان دونوں نے کہمس بن حسن سے، کہمس نے عبداللہ بن بریدہ سے، عبداللہ نے حضرت عبداللہ بن مغفلؓ سے روایت کی۔ انہوں نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ چھوٹے چھوٹے پتھر پھینک رہا تھا تو انہوں نے اس سے کہا: پتھر نہ پھینکو کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے ان پتھروں کے پھینکنے سے روکا ہے یا آپؐ ان پتھروں کے پھینکنے کو ناپسند کرتے تھے اور فرمایا کہ ان سے کوئی شکار نہیں ہوتا اور نہ کسی دشمن کو خراش پہنچتی ہے۔ البتہ دانت توڑ دیتے ہیں اور آنکھ پھوڑ دیتے ہیں۔ پھر حضرت عبداللہ بن مغفلؓ نے اس کو ان چھوٹے پتھروں کو پھینکتے دیکھا تو انہوں نے اس سے کہا: میں تم کو رسول اللہﷺ سے روایت کرتے ہوئے یہ بات بتاتا ہوں کہ آپؐ نے ان پتھروں کے پھینکنے سے روکا یا (کہا) ناپسند کیا اور تم پتھر پھینکتے ہو میں تم سے اتنی مدت تک بات نہیں کروں گا۔
صحیح بخاری 5480
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے ایسا کتا رکھا جو نہ تو ریوڑ کی حفاظت کرنے والا کتا ہے اور نہ ہی شکاری۔ اس کے عمل سے ہر روز دو دو قیراط کم ہوتے رہیں گے.
صحیح بخاری 5481
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ حنظلہ بن ابی سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے سالم کو بیان کرتے سنا۔ (انہوں نے کہا) میں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے سنا۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: جس نے کتا رکھا - وہ شکاری کتا نہیں جو شکار کے لئے ہو یا وہ کتا نہیں جو ریوڑ کی رکھوالی کے لئے ہو - تو اس کے ثواب میں سے ہر روز دو دو قیراط کم ہوتے رہیں گے۔
صحیح بخاری 5482
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں مالک نے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے کتا رکھا سوائے ریوڑ کے کتے کے یا شکاری کے تو اس کے عمل سے ہر روز دو دو قیراط کم ہوتے رہیں گے۔
صحیح بخاری 5483
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بیان (بن بشر) سے، بیان نے شعبی سے، شعبی نے حضرت عدی بن حاتم ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا۔ میں نے کہا: ہم ایسے لوگ ہیں کہ جو ان کتوں کے ذریعہ سے شکار کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جب اپنے سدھائے کتے چھوڑو اور اللہ کا نام لے لو پھر جو تمہارے لئے پکڑیں اسے کھاؤ گو وہ مار ڈالیں مگر اس وقت نہیں کہ جب کتا اس میں سے کھائے کیونکہ میں ڈرتا ہوں کہیں اس نے اپنے لئے ہی پکڑا ہو۔ اور اگر تمہارے کتوں کے ساتھ ان کے علاوہ دوسرے کتے بھی شامل ہو گئے ہوں تو پھر نہ کھاؤ۔
صحیح بخاری 5484
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ ثابت بن یزید نے ہم سے بیان کیا۔ عاصم (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبی سے، شعبی نے حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے، حضرت عدیؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم اپنے کتے کو چھوڑو اور اللہ کا نام لے لو پھر اس نے پکڑ لیا ہو اور مار ڈالے تم اس کو کھاؤ اور اگر اس (کتے) نے کچھ کھا لیا ہو تو پھر نہ کھاؤ کیونکہ اس نے اپنے لئے پکڑا ہے اور اگر (وہ کتا) ایسے کتوں کے ساتھ مل گیا ہو کہ جن کو چھوڑتے وقت اللہ کا نام نہیں لیا گیا اور پھر وہ کچھ پکڑ لیں اور مار ڈالیں تو نہ کھاؤ کیونکہ تم نہیں جانتے کہ ان میں سے کس نے مارا اور اگر تم نے شکار کو تیر مارا ہو اور اس کو ایک یا دو دن کے بعد پا لیا ہو اور اس میں صرف تمہارے تیر کا نشان ہے تو کھاؤ، اگر پانی میں گر پڑا ہو تو نہ کھاؤ۔
صحیح بخاری 5485
اور عبدالاعلیٰ (بن عبدالاعلیٰ) نے داؤد (بن ابی ہند) سے نقل کیا۔ انہوں نے عامر (شعبی) سے، عامر نے حضرت عدیؓ سے کہ انہوں نے نبی ﷺ سے کہا کہ وہ شکار مارتا ہے اور پھر اس کے نشان کو دو یا تین دن تک ڈھونڈتا رہتا ہے اور اس کے بعد اس کو مرا ہوا پاتا ہے اور اس میں اس کا تیر بھی ہوتا ہے؟ تو آپؐ نے فرمایا: اگر چاہے تو کھا لے۔
صحیح بخاری 5486
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی سفر سے، عبداللہ نے شعبی سے، شعبی نے حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں اپنے کتے کو چھوڑتا ہوں اور اللہ کا نام بھی لیتا ہوں؟ نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم اپنے کتے کو چھوڑو اور اللہ کا نام لو اور وہ پکڑ کر مار ڈالے یا اسے کچھ کھا لے تو پھر نہ کھاؤ کیونکہ اس نے محض اپنے لئے ہی پکڑا ہے۔ میں نے کہا: میں اپنے کتے کو چھوڑتا ہوں اس کے ساتھ کسی اور کتے کو پاتا ہوں میں نہیں جانتا ان میں سے کس نے اس کو پکڑا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: مت کھاؤ کیونکہ تم نے تو صرف اپنے کتے پر ہی اللہ کا نام لیا تھا اور اس کے سوا کسی اور پر اللہ کا نام نہیں لیا۔ اور میں نے آپؐ سے اس شکار کے متعلق پوچھا جو بے پر کے تیر سے مرا ہو؟ آپؐ نے فرمایا: اگر تم نے اس کی نوک سے مارا ہے تو کھاؤ اور اگر اس کی چپٹی طرف سے زخمی کیا ہے اور اس کو مار ڈالا ہے تو پھر وہ موقوذہ ہے پھر نہ کھاؤ۔
صحیح بخاری 5487
محمد (بن سلام) نے مجھ سے بیان کیا کہ (محمد) بن فضیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے بیان (بن بشر) سے، بیان نے عامر (شعبی) سے، عامر نے حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا۔ میں نے کہا: ہم ایسے لوگ ہیں کہ ان کتوں کے ذریعہ سے شکار کرتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: جب تم اپنے سدھائے ہوئے کتوں کو چھوڑو اور ان پر اللہ کا نام لے لو پھر جو تمہارے لئے پکڑیں کھاؤ، سوائے اس کے کہ کتا اس کو کھا لے تو پھر نہ کھاؤ کیونکہ میں ڈرتا ہوں کہ کہیں اس نے صرف اپنے لئے ہی پکڑا ہو اور اگر اس کے ساتھ اس کے سوا کوئی اور کتا مل گیا ہو تو پھر نہ کھاؤ۔
صحیح بخاری 5488
ابوعاصم (نبیل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حیوہ بن شریح سے روایت کی۔ نیز احمد بن ابی رجاء نے مجھ سے بیان کیا کہ سلمہ بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن مبارک سے، عبداللہ نے حیوہ بن شریح سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے ربیعہ بن یزید دمشقی سے سنا۔ انہوں نے کہا: مجھے ابوادریس عائذاللہ نے بتایا، کہتے تھے: میں نے حضرت ابوثعلبہ خشنی رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہتے تھے: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم ایسی قوم کے ملک میں ہیں جو اہل کتاب ہیں۔ ہم ان کے برتنوں میں کھاتے ہیں اور ہم ایسی سرزمین میں ہیں جہاں شکار ہوتا ہے میں اپنی کمان سے شکار کرتا ہوں اور اپنے سدھائے ہوئے کتے سے نیز اس سے جو سکھایا ہوا نہیں شکار کرتا ہوں۔ آپؐ مجھے بتائیں کہ ان میں سے کون سا ہمارے لئے جائز ہے؟ آپؐ نے فرمایا: جو تم نے یہ ذکر کیا ہے کہ تم ایسی قوم کے ملک میں ہو جو اہل کتاب ہیں تم اُن کے برتنوں میں کھاتے ہو۔ اگر تم ان کے برتنوں کے سوا اور برتن پاؤ تو ان میں نہ کھاؤ اور اگر نہ پاؤ تو انہی کو دھو لو اور اس کے بعد ان میں کھاؤ۔ اور جو تم نے یہ ذکر کیا کہ تم ایسی سرزمین میں ہو جہاں شکار ہوتا ہے تو جو تم اپنی کمان سے شکار کرو تو اللہ کا نام لے لو اور پھر کھاؤ۔ اور جو تم اپنے سدھائے ہوئے کتے کے ذریعہ سے شکار کرو، اللہ کا نام لے لو اور پھر اسے کھاؤ، اور جو تم اپنے اس کتے کے ذریعے سے شکار کرو جو سکھایا ہوا نہیں پھر تم اس کو ذبح کر لو تو پھر اس کو بھی کھاؤ۔
صحیح بخاری 5489
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے کہا: مجھ سے ہشام بن زید نے بیان کیا۔ ہشام نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نے مر الظہران میں ایک خرگوش کو بھگایا وہ اس کو پکڑنے کے لئے دوڑے یہاں تک کہ وہ تھک کر رہ گئے۔ پھر میں اس کے پیچھے دوڑا اور آخر اس کو پکڑ لیا اور میں اس کو پکڑ کر حضرت ابوطلحہ ؓ کے پاس لے آیا اور انہوں نے نبی ﷺ کو اس کی رانیں یا پٹھہ کا گوشت بھیجا۔ آپ ؐ نے اسے قبول کیا۔
صحیح بخاری 5490
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابو نضر (سالم بن ابی امیہ) سے جو عمر بن عبیداللہ کے غلام تھے، ابو نضر نے نافع سے جو ابو قتادہ کے غلام تھے، نافع نے حضرت ابو قتادہؓ سے روایت کی کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ساتھ تھے جب مکّہ کے راستے میں کسی مقام پر پہنچے وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ پیچھے رہ گئے جو احرام باندھے ہوئے تھے اور وہ احرام نہیں باندھے ہوئے تھے۔ انہوں نے ایک گورخر دیکھا یہ دیکھ کر وہ (ابو قتادہؓ) اپنے گھوڑے پر تان کر بیٹھ گئے۔ پھر انہوں نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ ان کو کوڑا پکڑا دیں۔ انہوں نے انکار کیا۔ پھر انہوں نے ان سے اپنا نیزہ مانگا تب بھی انہوں نے انکار کیا۔ آخر حضرت ابو قتادہؓ نے اس کو خود لیا اور پھر گورخر پر زور سے حملہ کر دیا اور اس کو مار ڈالا۔ پھر رسول اللہ ﷺ کے صحابہ میں سے بعض نے اس میں سے کچھ گوشت کھایا اور ان میں سے بعض نے انکار کیا۔ جب وہ رسول اللہ ﷺ سے ملے تو انہوں نے آپؐ سے اس کے متعلق پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ تو ایسا کھانا تھا کہ جو اللہ نے تمہیں کھلایا۔
صحیح بخاری 5491
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوقتادہؓ سے روایت کرتے ہوئے ایسی ہی حدیث بیان کی مگر انہوں نے یہ الفاظ کہے کہ آپؐ نے پوچھا کیا تمہارے پاس اس کے گوشت سے کچھ ہے۔
صحیح بخاری 5492
یحيٰ بن سلیمان جعفی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ (عبداللہ) بن وہب نے مجھ سے بیان کیا کہ عمرو (بن حارث) نے ہمیں بتایا کہ ابونضر (سالم) نے ان سے بیان کیا۔ ابونضر نے نافع سے جو حضرت ابوقتادہؓ کے غلام تھے اور ابوصالح سے جو توامہ کے غلام تھے، روایت کی۔ (نافع نے کہا) میں نے حضرت ابوقتادہؓ سے سنا، وہ کہتے تھے: میں نبی ﷺ کے ساتھ مکہ اور مدینہ کے درمیان کسی جگہ تھا اور وہ احرام باندھے ہوئے تھے اور میں ہی ایسا شخص تھا کہ جو احرام نہیں باندھے تھا۔ ایک گھوڑے پر سوار تھا اور میں پہاڑوں پر بڑا چڑھنے والا تھا۔ میں ایسی حالت میں تھا کہ میں نے لوگوں کو دیکھا کہ کسی چیز کو جھانک رہے ہیں۔ میں بھی دیکھنے لگا تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہ گورخر ہے۔ میں نے پوچھا: یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا: ہم نہیں جانتے۔ میں نے کہا: وہ گورخر ہے۔ انہوں نے کہا: وہی ہے جو تم نے دیکھا ہے اور میں اپنا کوڑا بھول گیا تھا۔ میں نے ان سے کہا: مجھے میرا کوڑا تو پکڑا دو۔ وہ بولے ہم تمہاری اس کے شکار کرنے میں مدد نہیں کریں گے۔ میں اترا اور میں نے اسے لیا۔ پھر اس کے پیچھے گھوڑا دوڑایا۔ تھوڑی ہی دور گیا تھا کہ میں نے اس کو زخمی کر ڈالا اور پھر ان کے پاس آیا۔ میں نے ان سے کہا: اٹھو اور اس کو اٹھاؤ۔ انہوں نے کہا: ہم تو اس کو ہاتھ بھی نہیں لگائیں گے۔ آخر مَیں ہی اس کو اٹھا کر ان کے پاس لے آیا۔ ان میں سے بعضوں نے انکار کیا اور بعضوں نے کھایا۔ میں نے کہا: میں نبی ﷺ سے تمہارے لئے یہ مسئلہ دریافت کرتا ہوں۔ میں آپؐ سے جا ملا اور آپؐ سے سارا واقعہ بیان کیا۔ آپؐ نے مجھ سے پوچھا: کیا تمہارے ساتھ اس میں سے کچھ باقی ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: تم کھاؤ وہ تو ایسا کھانا ہے کہ جو اللہ نے تمہیں کھلایا ہے۔
صحیح بخاری 5493
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے عمرو (بن دینار) نے بتایا کہ انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم جیش الخبط میں غزوہ کے لئے نکلے اور حضرت ابوعبیدہؓ کو سردار بنایا گیا تھا۔ اور ہمیں سخت بھوک لگی تو سمندر نے ایک مردہ مچھلی کنارے پر پھینک دی۔ ویسی مچھلی کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔ اسے عنبر کہتے تھے۔ ہم اس سے آدھے مہینہ تک کھاتے رہے اور حضرت ابوعبیدہؓ نے اس کی ہڈیوں میں ایک ہڈی لی اور سوار اس کے نیچے سے گزر گیا۔
صحیح بخاری 5494
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے کہا: میں نے حضرت جابرؓ (بن عبداللہ انصاری) سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے ہمیں جو تین سو سوار تھے، بھیجا اور ہمارے امیر حضرت ابوعبیدہؓ (بن جراح) تھے۔ ہم قریش کے تجارتی قافلے کی گھات میں تھے۔ ہمیں سخت بھوک لگی یہاں تک کہ درختوں کے پتے جھاڑ کر کھائے۔ اس لئے اس کا نام جیش الخبط رکھا گیا۔ اور سمندر نے ایک مچھلی باہر پھینک دی جسے عنبر کہتے ہیں۔ ہم آدھے مہینے تک کھاتے رہے اور اس کی چربی بدن پر ملتے تھے یہاں تک کہ ہمارے جسم موٹے تازے ہوگئے۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: حضرت ابوعبیدہؓ نے اس کی پسلیوں میں سے ایک پسلی لی اس کو کھڑا کیا اور سوار اس کے نیچے سے گزر گیا اور ہم میں ایک شخص تھا جب سخت بھوک لگی تو اس نے تین اونٹ ذبح کئے پھر تین اونٹ ذبح کیے۔ پھر حضرت ابوعبیدہؓ نے اس کو روک دیا۔