کتاب 72: كتاب الذبائح والصيد
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 5495
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابویعفور سے، ابویعفور نے کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم نبی ﷺ کے ساتھ سات یا چھ غزوات میں نکلے۔ ہم آپؐ کے ساتھ ٹڈیاں کھایا کرتے تھے۔ سفیان (ثوری)، ابوعوانہ اور اسرائیل نے بھی اس حدیث کو ابویعفور سے نقل کیا۔ انہوں نے حضرت ابن ابی اوفیٰؓ سے روایت کی اس میں سات غزوات کا ذکر کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5496
ابوعاصم (نبیل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حیوہ بن شریح سے، حیوہ نے کہا: ربیعہ بن یزید دمشقی نے مجھ سے بیان کیا۔ ابوادریس خولانی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوثعلبہ خشنیؓ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم اہل کتاب کے ملک میں رہتے ہیں اور ہم ان کے برتنوں میں کھاتے ہیں اور ایسی سرزمین میں ہیں جہاں شکار ہوتا ہے۔ میں اپنی کمان سے شکار کرتا ہوں اور اپنے سدھائے ہوئے کتے سے اور نیز اپنے اس کتے سے جو سدھایا ہوا نہیں ہوتا، شکار کرتا ہوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ جو تم نے ذکر کیا ہے کہ تم اہل کتاب کے ملک میں ہو تم ان کے برتنوں میں نہ کھاؤ سوائے اس کے کہ تم کو چارہ نہ ہو اور اگر تم لاچار ہو تو پھر ان کو دھو لیا کرو اور کھاؤ اور یہ جو تم نے ذکر کیا ہے کہ تم ایسی سرزمین میں ہو جہاں شکار ہوتا ہے تو پھر جو تم اپنی کمان سے شکار کرو اللہ کا نام لو اور کھاؤ اور جو تم اپنے سدھائے ہوئے کتے کے ذریعہ سے شکار کرو اللہ کا نام لو اور کھالو اور جو تم اپنے اس کتے کے ذریعہ سے شکار کرو جو سکھایا ہوا نہیں ہے اس کو وقت پر ذبح کرلو تو اس کو بھی کھالو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5497
مکی بن ابراہیم نے نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یزید بن ابی عبید نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت سلمہ بن اکوعؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جس دن انہوں نے خیبر فتح کیا تو جب شام ہوئی تو انہوں نے آگیں جلائیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تم نے یہ آگیں کن چیزوں کے پکانے کے لئے جلائی ہیں، لوگوں نے کہا: پالتو گدھوں کے گوشت کے لیے۔ آپؐ نے فرمایا: جو ان ہانڈیوں میں ہے اس کو انڈیل دو اور اس گوشت کی ہانڈیوں کو بھی توڑ دو۔ لوگوں میں سے ایک شخص کھڑا ہوا اور کہنے لگا: جو ان ہانڈیوں میں ہے وہ انڈیل دیتے ہیں اور ان کو دھو لیتے ہیں۔ نبیﷺ نے فرمایا: یا ایسا ہی کرلو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5498
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن مسروق سے، سعید نے عبایہ بن رفاعہ بن رافع سے، عبایہ نے اپنے دادا حضرت رافع بن خدیجؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ذوالحلیفہ میں تھے۔ لوگوں کو بھوک لگی۔ ہمیں کچھ اونٹ اور بکریاں ملیں اور نبی ﷺ لوگوں کے پیچھے تھے۔ لوگوں نے جلدی کی اور ہانڈیاں رکھ دیں۔ پھر نبی ﷺ بھی ان کے پاس آپہنچے۔ آپؐ نے ان ہانڈیوں کے متعلق حکم دیا اور وہ انڈیل دی گئیں۔ پھر آپؐ نے تقسیم کی اور دس بکریوں کو ایک اونٹ کے برابر قرار دیا۔ ان میں سے ایک اونٹ بھاگ گیا اور لوگوں میں گھوڑے کم تھے۔ انہوں نے اس کا پیچھا کیا اور اس نے ان کو تھکا دیا۔ اس پر ایک شخص نے ہاتھ بڑھا کر اس کو تیر مارا اور اللہ نے اس کو وہی روک دیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ان چوپایوں میں بھی بعض ایسے جنگلی جانور ہوتے ہیں جیسے وحشی۔ اس لئے جو بھاگ کر تمہیں مغلوب کر دے تو اس سے اسی طرح کرو۔ عبایہ کہتے تھے: اور میرے دادا نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں یا کہا کہ ہم ڈرتے ہیں کہ کہیں کل دشمن سے مڈبھیڑ نہ ہو جائے اور ہمارے پاس چھریاں نہیں تو کیا ہم بانس کی کھپانچ سے ہی ذبح کر لیں۔ آپؐ نے فرمایا: جو بھی خون کو گرائے اور اس پر اللہ کا نام لیا گیا ہو وہ کھاؤ مگر دانت اور ناخن نہ ہوں۔ اور میں تمہیں اس کی وجہ بتاتا ہوں۔ دانت جو ہے تو وہ ہڈی ہے اور ناخن جو ہیں تو وہ حبشیوں کی چھریاں ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5499
معلّی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز نے جو ابن المختار ہیں، ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: مجھے سالم نے بتایا۔ انہوں نے حضرت عبداللہؓ (بن عمر) سے سنا۔ حضرت ابن عمرؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ زید بن عمرو بن نفیل سے بلدح کے نشیب میں ملے اور یہ اس وقت کا ذکر ہے کہ ابھی رسول اللہ ﷺ پر وحی نازل نہیں کی گئی تھی تو رسول اللہ ﷺ نے زید کے سامنے دسترخوان رکھا جس میں کچھ گوشت تھا۔ زید نے اس کے کھانے سے انکار کیا۔ پھر کہنے لگے: میں ان جانوروں کا گوشت نہیں کھاتا جو تم (لوگ) اپنے تھانوں پر ذبح کرتے ہو اور صرف وہی کھاتا ہوں جن پر اللہ کا نام لیا گیا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5500
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود بن قیس سے، اسود نے حضرت جندب بن سفیان بجلیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نے ایک دن رسول اللہ ﷺ کے ساتھ قربانی ذبح کی تو کچھ لوگوں نے اپنی قربانیاں نماز سے پہلے ہی ذبح کر لیں۔ جب آپؐ نماز پڑھ کر لَوٹے تو نبی ﷺ نے ان کو دیکھا کہ انہوں نے نماز سے پہلے ہی (جانور) ذبح کر لئے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے نماز سے پہلے ذبح کی ہو وہ اس کی جگہ دوسری قربانی ذبح کرے اور جس نے ہمارے نماز پڑھنے تک قربانی ذبح نہ کی ہو تو وہ اللہ کا نام لے کر ذبح کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5501
محمد بن ابی بکر مُقدّمی نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت (عبداللہ) بن کعب بن مالکؓ سے سنا وہ حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ کو بتا رہے تھے کہ ان کے باپ نے ان کو بتایا۔ ان کی ایک لونڈی تھی جو سلع پہاڑ پر بکریاں چرایا کرتی تھی۔ اس نے اپنی بکریوں میں سے ایک بکری کو مرتے دیکھا تو ایک پتھر توڑا اور اس سے اس کو ذبح کر ڈالا تو حضرت کعبؓ نے اپنے گھر والوں سے کہا: اس وقت تک نہ کھاؤ جب تک میں نبی ﷺ کے پاس نہ جاؤں اور آپؐ سے پوچھ نہ لوں یا (کہا) آپؐ کے پاس کسی کو نہ بھیج دوں جو آپؐ سے پوچھے۔ چنانچہ وہ نبی ﷺ کے پاس آئے یا کسی کو آپؐ کے پاس بھیجا اور نبی ﷺ نے اسے کھانے کی اجازت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5502
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے بنی سلمہ کے ایک شخص سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت عبداللہؓ (بن عمر) کو خبر دی کہ حضرت کعب بن مالکؓ کی ایک لونڈی ان کی بکریاں اس پہاڑی پر چرا رہی تھی جو بازار میں ہے یعنی سلع کی پہاڑی تو ایک بکری گر کر زخمی ہوئی۔ اس نے ایک پتھر توڑا اور اس کو ذبح کر ڈالا۔ انہوں نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے ان کو کھانے کی اجازت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5503
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ میرے والد (عثمان بن جبلہ) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے شعبہ (بن حجاج) سے، شعبہ نے سعید بن مسروق سے، سعید نے عبایہ بن رفاعہ سے، عبایہ نے اپنے دادا (حضرت رافع بن خدیجؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہمارے پاس چھریاں نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جو چیز بھی خون کو بہا دے اور اس پر اللہ کا نام لیا جائے وہ کھاؤ مگر ناخن اور دانت نہیں۔ ناخن جو ہیں تو وہ حبشیوں کی چھریاں ہیں اور دانت جو ہیں تو ہڈی ہے۔ اور ایک اونٹ بھاگ گیا، آخر اس کو روک لیا۔ آپؐ نے فرمایا کہ ان اونٹوں میں بھی ایسے وحشی جانور ہوتے ہیں جو قابو میں نہیں آتے جیسے کہ جنگلی جانوروں میں ہوتے ہیں۔ تو اس میں سے جو تمہیں بے بس کر دے تو اس کے ساتھ ایسا ہی کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5504
صدقہ (بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت کعب بن مالکؓ کے ایک بیٹے سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ ایک عورت نے پتھر سے ایک بکری ذبح کی۔ نبی ﷺ سے اس کے متعلق پوچھا گیا۔ آپؐ نے اسے کھانے کی اجازت دی۔ اور لیث نے کہا: ہم سے نافع نے بیان کیا۔ انہوں نے ایک انصاری شخص سے سنا۔ وہ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) سے نبی ﷺ کی یہ حدیث بیان کر رہے تھے کہ حضرت کعبؓ کی ایک لونڈی نے … پھر یہی واقعہ بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5505
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے ایک انصاری شخص سے، اس انصاری نے معاذ بن سعد یا حضرت سعد بن معاذؓ سے روایت کی۔ انہوں نے اس کو خبر دی کہ حضرت کعب بن مالکؓ کی ایک لونڈی سلع میں بکریاں چرا رہی تھی، اتنے میں ایک بکری گر کر زخمی ہوئی۔ وہ اس کے پاس مرنے سے پہلے پہنچ گئی اور ایک پتھر سے اسے ذبح کر ڈالا۔ نبی ﷺ سے پوچھا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو کھاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5506
قبیصہ (بن عقبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سعید بن مسروق) سے، سعید نے عبایہ بن رفاعہ سے، عبایہ نے حضرت رافع بن خدیجؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: کھاؤ یعنی اس چیز کا ذبح کیا ہوا جو خون بہائے سوائے دانت اور ناخن کے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5507
محمد بن عبیداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسامہ بن حفص مدنی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ ایک قوم نے نبی ﷺ سے کہا۔ کچھ لوگ ہمارے پاس گوشت لاتے ہیں ہم نہیں جانتے آیا اس پر اللہ کا نام لیا گیا ہے یا نہیں؟ آپؐ نے فرمایا: تم اس پر اللہ کا نام لے لیا کرو اور اس کو کھا لو۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں اور یہ لوگ کفر سے قریب العہد (نئے نئے آئے) تھے۔ اسامہ بن حفص کی طرح علی (بن مدینی) نے (عبدالعزیز) دراوردی سے یہی حدیث روایت کی۔ اور اسامہ کی طرح ابو خالد اور طفاوی نے بھی اسے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5508
ابوالولید (ہشام بن عبدالملک) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید بن ہلال سے، حمید نے حضرت عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم خیبر کے قلعہ کا محاصرہ کئے ہوئے تھے اتنے میں کسی آدمی نے ایک تھیلا پھینکا جس میں کچھ چربی تھی۔ میں اس کو لینے کے لیے لپکا، مڑ کر جو دیکھا تو سامنے نبی ﷺ ہیں۔ آپؐ سے مجھے شرم آئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5509
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میرے باپ (سعید بن مسروق) نے ہم سے بیان کیا۔ سعید نے عبایہ بن رفاعہ بن رافع بن خدیج سے، عبایہ نے حضرت رافع بن خدیجؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کل دشمن سے ہماری مڈبھیڑ ہوگی اور ہمارے پاس چھریاں نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ابھی سے جلدی کرو، یا (فرمایا:) اَرِنْ یعنی (خوشی سے اچھل کر) لپکو، جو بھی خون کو بہادے اور اللہ کا نام اس پر لیا جائے وہ کھاؤ۔ دانت اور ناخن نہ ہو اور میں تمہیں بتائے دیتا ہوں کہ دانت جو ہے وہ تو ہڈی ہے اور ناخن جو ہے تو حبشیوں کی چھریاں ہیں۔ اور ہم نے کچھ اونٹ اور بکریاں غنیمت میں پائیں اور ان میں سے ایک اونٹ بھاگ نکلا تو ایک شخص نے اس کو تیر مار کر ٹھہرا دیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ان اونٹوں میں بھی ایسے جانور ہیں جو قابو میں نہیں آتے جیسے جنگلی جانور ہوتے ہیں جب ان میں سے کوئی جانور تم کو بے بس کردے تو پھر اس کے ساتھ ایسا ہی کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5510
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن عروہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے میری بیوی فاطمہ بنت منذر نے بتایا۔ فاطمہ نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی، کہتی تھیں: ہم نے نبی ﷺ کے زمانہ میں ایک گھوڑا نحر کیا اور ہم نے اس کا گوشت کھایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5511
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبدہ (بن سلیمان) سے، عبدہ نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے فاطمہ سے، فاطمہ نے حضرت اسماءؓ سے روایت کی، وہ کہتی تھیں: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں ایک گھوڑا ذبح کیا اور اسے کھایا اور ہم اس وقت مدینہ میں تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5512
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے فاطمہ بنت منذر سے روایت کی کہ حضرت اسماء بنت ابی بکرؓ کہتی تھیں۔ ہم نے رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں ایک گھوڑا نحر کیا اور ہم نے اس کو کھایا۔ (جریر کی طرح) وکیع اور ابن عیینہ نے بھی ہشام سے نحر کے متعلق یہی روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5513
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن زید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت انسؓ کے ساتھ حکم بن ایوب کے پاس گیا اور وہاں چند لڑکوں یا (کہا:) چند نوجوانوں کو دیکھا کہ انہوں نے ایک مرغی کو باندھ کر کھڑا کیا ہوا ہے اور اس پر تیر مار رہے ہیں۔ حضرت انسؓ نے یہ دیکھ کر کہا کہ نبی ﷺ نے جانور کو اس طرح باندھ کر نشانہ کرنے سے منع کیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5514
احمد بن یعقوب نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق بن سعید بن عمرو نے اپنے باپ سے، انہوں نے ان کو بیان کرتے ہوئے سنا۔ ان کے باپ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ یحيٰ بن سعید (بن عاص) کے پاس گئے اور یحيٰ کے بیٹوں میں سے ایک لڑکے نے ایک مرغی باندھی ہوئی تھی۔ اس پر تیر کا نشانہ مار رہا تھا۔ حضرت ابن عمرؓ اس مرغی کے پاس گئے اور جاکر اس کو کھول دیا اور پھر اس مرغی کو لے کر مع اس لڑکے کے یحيٰ کے پاس آئے اور کہنے لگے: اپنے اس لڑکے کو سختی سے روکو کہ اس پرندہ کو اس طرح باندھ کر مارا نہ کرے کیونکہ میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ نے چوپایا یا اس کے سوا کسی دوسرے جانور کو مارنے کے لئے اس طرح باندھنا منع فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah