کتاب 72: كتاب الذبائح والصيد
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 5515
ابو نعمان (محمد بن فضل سدوسی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عوانہ (وضاح یشکری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو بشر (جعفر بن ابی وحشیہ) سے، ابو بشر نے سعید بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت ابن عمرؓ کے پاس تھا تو وہ چند نوجوانوں یا (کہا) کچھ آدمیوں کے پاس سے گزرے کہ جنہوں نے ایک مرغی کو باندھ کر کھڑا کیا ہوا تھا اور اس پر نشانہ کر رہے تھے۔ جب انہوں نے حضرت ابن عمرؓ کو دیکھا تو وہ اس کو چھوڑ کر منتشر ہوگئے۔ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: یہ کس نے کیا ہے؟ نبی ﷺ نے لعنت کی ہے اس شخص پر جو ایسا کرے۔ (ابو نعمان کی طرح) سلیمان (بن حرب) نے شعبہ سے یہی روایت کی کہ منہال (بن عمرو) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید (بن جبیر) سے، سعید نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے اس شخص پر لعنت کی جو جانوروں کا مثلہ کرے۔ اور عدی (بن ثابت) نے بھی سعید (بن جبیر) سے یہی نقل کیا۔ سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے اور حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے یہی روایت کی۔
تَابَعَهُ سُلَيْمَانُ عَنْ شُعْبَةَ حَدَّثَنَا الْمِنْهَالُ عَنْ سَعِيدٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ لَعَنَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم مَنْ مَثَّلَ بِالْحَيَوَانِ. وَقَالَ عَدِيٌّ عَنْ سَعِيدٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5516
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھے عدی بن ثابت نے بتایا۔ وہ کہتے ہیں: میں نے حضرت عبداللہ بن یزیدؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے لوٹ مار اور مثلہ سے منع فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5517
یحيٰ (بن موسیٰ برقی) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان سے، سفیان نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے زہدم (بن مضرب) جرمی سے، زہدم نے حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو مرغی کھاتے دیکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5518
ابومعمر نے ہمیں بتایا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا۔ ہمیں ایوب بن ابی تمیمہ نے بتایا۔ ایوب نے قاسم (بن عاصم تمیمی) سے، قاسم نے زہدم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ کے پاس تھے اور ہمارے اور اِس جرم قبیلے کے درمیان برادری تھی۔ اتنے میں کھانا لایا گیا جس میں مرغی کا گوشت تھا۔ اور لوگوں میں ایک شخص بیٹھا ہوا تھا جو سرخ رنگ کا تھا وہ کھانے کے قریب نہیں آیا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: آؤ میں نے رسول اللہ ﷺ کو مرغی کا گوشت کھاتے دیکھا ہے۔ وہ بولا: میں نے اسے کچھ کھاتے دیکھا تھا تو مجھے اس سے کراہت آئی اور میں نے قسم کھائی کہ اسے نہ کھاؤں گا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: نزدیک آؤ میں تمہیں بتاتا ہوں یا کہا: میں تم سے بیان کرتا ہوں۔ میں نبی ﷺ کے پاس کچھ اشعری لوگوں کے سمیت آیا۔ میں اتفاقاً آپؐ کے پاس ایسے وقت میں پہنچا کہ آپؐ ناراض تھے اور آپؐ صدقہ کے اونٹوں سے کچھ اونٹ تقسیم کر رہے تھے۔ ہم نے آپؐ سے سواری مانگی۔ آپؐ نے قسم کھائی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: میرے پاس کوئی ایسا جانور نہیں کہ جس پر تمہیں سوار کروں۔ پھر رسول اللہ ﷺ کے پاس کچھ غنیمت کے اونٹ لائے گئے۔ آپؐ نے پوچھا: اشعری لوگ کہاں ہیں؟ حضرت ابوموسیٰؓ کہتے تھے: آپؐ نے ہمیں پانچ اونٹ عطا کئے جو سفید کہانوں والے تھے۔ ہم تھوڑی دیر ہی ٹھہرے تھے کہ میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا: رسول اللہ ﷺ اپنی قسم بھول گئے۔ اللہ کی قسم! اگر ہم رسول اللہ ﷺ کو آپؐ کی قسم یاد نہ دلائیں تو ہم کبھی کامیاب نہ ہوں گے۔ چنانچہ ہم نبی ﷺ کے پاس لوٹ گئے اور ہم نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے آپؐ سے سواری مانگی تھی اور آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے۔ ہم نے خیال کیا کہ آپؐ اپنی قسم بھول گئے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے تمہیں سواری دی ہے۔ اللہ کی قسم! اگر اللہ چاہے تو میں کوئی ایسی قسم نہیں کھاتا کہ پھر اس سے بہتر کوئی دوسری بات دیکھتا ہوں تو ضرور وہ کرتا ہوں جو بہتر ہوتی ہے اور قسم کا کفارہ دیتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5519
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے فاطمہ (بنت منذر) سے، فاطمہ نے حضرت اسماءؓ سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں ایک گھوڑا نحر کیا اور ہم نے اسے کھایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5520
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے محمد بن علی سے، محمد نے حضرت جابر بن عبداللہ (انصاری) رضی اللہ عنہم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے خیبر کے دن گدھوں کے گوشت سے روک دیا اور گھوڑوں کے گوشت کی اجازت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5521
صدقہ (بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے سالم اور نافع سے، ان دونوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے خیبر کے دن پالتو گدھوں کے گوشت سے روک دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5522
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، (عبیداللہ نے کہا:) نافع نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت عبداللہؓ (بن عمر) سے روایت کی۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: نبیﷺ نے پالتو گدھوں کے گوشت سے منع کیا۔ (یحيٰ قطان کی طرح عبداللہ) بن مبارک نے بھی اس حدیث کو عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے روایت کیا۔ اور ابواسامہ نے اس کو عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سالم سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5523
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبداللہ اور حسن سے جو دونوں محمد بن علی کے بیٹے تھے۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت علی رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے خیبر کے سال متعہ سے اور پالتو گدھوں کے گوشت سے روک دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5524
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے محمد بن علی سے، انہوں نے حضرت جابر بن عبد اللہؓ (انصاری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے خیبر کے دن گدھوں کے گوشت سے روک دیا اور گھوڑوں کے گوشت کی اجازت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5525
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے کہا کہ عدی (بن ثابت) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت براء (بن عازب) اور حضرت ابن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ ان دونوں نے کہا: نبی ﷺ نے گدھوں کے گوشت سے منع فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5526
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے کہا کہ عدی (بن ثابت) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت براء (بن عازب) اور حضرت ابن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ ان دونوں نے کہا: نبی ﷺ نے گدھوں کے گوشت سے منع فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5527
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں خبر دی کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ابوادریس (خولانی) نے انہیں خبر دی کہ حضرت ابوثعلبہ (خشنیؓ) کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے پالتو گدھوں کے گوشت کو حرام قرار دیا۔ (صالح کی طرح) زبیدی اور عقیل نے بھی ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے اس حدیث کو بیان کیا۔ اور مالک اور معمر اور (یوسف بن یعقوب) ماجشون اور یونس (بن یزید ایلی) اور (محمد) بن اسحاق نے زہری سے روایت کرتے ہوئے کہا کہ نبی ﷺ نے درندوں میں سے ہر کچلی والے جانور سے منع کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5528
محمد بن سلام (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب ثقفی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، محمد نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک آنے والا آیا اور کہنے لگا: گدھے کھائے گئے، پھر ایک اور شخص آپؐ کے پاس آیا وہ بھی یہی کہنے لگا: گدھے کھائے گئے۔ پھر آپؐ کے پاس ایک آنے والا آیا اور اس نے کہا: گدھے فنا کر دیئے گئے۔ تو آپؐ نے ایک منادی کو حکم دیا جس نے لوگوں میں منادی کی کہ اللہ اور اس کا رسول دونوں تم کو پالتو گدھوں کے گوشت سے روکتے ہیں کیونکہ وہ ناپاک ہیں۔ اس پر وہ ہنڈیاں انڈیل دی گئیں اور ابھی وہ گوشت سے ابل ہی رہی تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5529
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن دینار) کہتے تھے کہ میں نے حضرت جابر بن زیدؓ سے کہا کہ لوگ ایسا خیال کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے پالتو گدھوں سے منع فرما دیا تو انہوں نے کہا: حضرت حکم بن عمرو غفاریؓ بھی ہمارے ہاں بصرہ میں یہی کہا کرتے تھے۔ لیکن اس سمندر یعنی حضرت ابن عباسؓ نے انکار کیا اور یہ آیت پڑھی: تو ان سے کہہ کہ جو کچھ میری طرف نازل کیا گیا ہے میں تو اس میں اس شخص پر جو کسی چیز کو کھانا چاہے سوائے مردہ یا بہتے ہوئے خون یا سؤر کے گوشت کے کوئی چیز حرام نہیں پاتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5530
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوادریس خولانی سے، خولانی نے حضرت ابوثعلبہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے درندوں میں سے ہر کچلی والے جانور کو کھانے سے منع فرمایا۔ (مالک کی طرح) یونس اور معمر اور ابن عیینہ اور ماجشون نے بھی زہری سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5531
زہیر بن حرب نے ہمیں بتایا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے کہا: مجھ سے ابن شہاب نے بیان کیا کہ عبید اللہ بن عبد اللہ نے ان کو بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ ایک مردہ بکری کے پاس سے گزرے اور آپؐ نے فرمایا: تم نے اس کی کھال سے کیوں نہ فائدہ اٹھایا؟ وہ بولے یہ مردار ہے۔ آپؐ نے فرمایا: صرف اس کا کھانا حرام ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5532
خطاب بن عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن حمیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت بن عجلان سے، ثابت نے کہا: میں نے سعید بن جبیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ ایک مری ہوئی بکری کے پاس سے گزرے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کے مالکوں کو کیا تھا اگر وہ اس کے چمڑے سے فائدہ اٹھاتے؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5533
مسدد نے ہمیں بتایا۔ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہم سے بیان کیا کہ عمارہ بن قعقاع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوزرعہ بن عمرو بن جریر سے، ابوزرعہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کوئی بھی ایسا زخمی نہیں جو اللہ کے لئے زخمی ہوا ہو مگر وہ ضرور قیامت کے دن اس حالت میں آئے گا کہ اس کا زخم خون بہا رہا ہوگا، رنگ تو خون کا رنگ ہوگا اور خوشبو مشک کی خوشبو ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5534
محمد بن العلاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے برید (بن عبداللہ) سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہؓ نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوموسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اچھے ہم نشین اور برے ہم نشین کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی مشک لے جا رہا ہو اور جو بھٹی کو دھونک رہا ہو۔ جو مشک کو لے جا رہا ہے یا تو تمہیں خوشبو تحفۃً دے گا اور یا تم اس سے خرید لو گے یا اس سے عمدہ خوشبو ہی سونگھ لو گے اور جو بھٹی میں دھونکنے والا ہے وہ یا تمہارے کپڑے جلا دے گا یا تم اس سے بدبو سونگھو گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah