کتاب 74: كتاب الأشربة
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5575
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اس دنیا میں شراب پی پھر اس نے توبہ نہ کی تو آخرت میں وہ اس سے محروم رہ گیا۔
صحیح بخاری 5576
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ مجھے سعید بن مسیب نے خبر دی۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا کہ رسول اللہ ﷺ کو جس رات اسراء کروایا گیا تو ایلیا میں لے جایا گیا۔ دو پیالے شراب اور دودھ کے لائے گئے۔ آپؐ نے ان کو غور سے دیکھا پھر دودھ لے لیا۔ جبریلؑ نے کہا: سب حمد اللہ کے لئے ہے جس نے آپؐ کو فطرت کی راہنمائی کی اور اگر آپؐ شراب لے لیتے تو آپؐ کی امت ٹیڑھا راستہ اختیار کرتی۔ (شعیب کی طرح) معمر اور (یزید بن عبداللہ) بن الہاد اور عثمان بن عمر نے زہری سے اس حدیث کو روایت کیا۔
صحیح بخاری 5577
مسلم بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ ہشام (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے ایک بات سنی جو تمہیں میرے سوا کوئی نہیں بتائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: اس گھڑی کی علامتوں میں سے یہ ہے کہ جہالت جابجا پھیل جائے گی اور علم کم ہو جائے گا اور زنا کھلم کھلا ہوگا اور شراب پی جائے گی۔ مرد کم ہو جائیں گے اور عورتیں زیادہ ہو جائیں گی یہاں تک کہ پچاس عورتوں کا ایک شخص ہی سرپرست ہوگا۔
صحیح بخاری 5578
احمد بن صالح (ابوجعفر) نے ہمیں بتایا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یونس نے خبر دی۔ یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: میں نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن اور (سعید) بن مسیب سے سنا، وہ دونوں کہتے تھے: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: آدمی جب زنا کرتا ہے تو ایسی حالت میں نہیں کرتا کہ وہ مؤمن ہو، جب شراب پیتا ہے تو ایسی حالت میں شراب نہیں پیتا کہ وہ مؤمن ہو اور چور جب چوری کرتا ہے تو ایسی حالت میں نہیں کرتا کہ وہ مؤمن ہو۔ ابن شہاب نے کہا اور مجھے عبدالملک بن ابی بکر بن عبدالرحمٰن بن حارث بن ہشام نے بتایا کہ ابوبکر ان کو یہ حدیث حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے ہوئے بتاتے تھے۔ پھر کہتے تھے کہ ابوبکر ان باتوں کے ساتھ اتنا اور بڑھاتے تھے اور آدمی جو بھی ڈاکہ ڈالتا ہے ایسا کہ لوگ اس میں اپنی نگاہیں اس کی طرف اٹھاتے ہوں تو یہ نہیں ہوتا کہ وہ مؤمن ہو جب وہ ایسا ڈاکہ ڈالتا ہے۔
صحیح بخاری 5579
حسن بن صباح نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن سابق نے ہمیں بتایا کہ مالک نے جو مغول کے بیٹے ہیں، ہم سے بیان کیا۔ مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: انگور کی شراب حرام کی گئی اور اس وقت مدینہ میں اس شراب کی کوئی قسم بھی نہ تھی۔
صحیح بخاری 5580
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابو شہاب عبد ربہ بن نافع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ثابت بنانی سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جس وقت ہم پر شراب حرام کی گئی تو اس وقت ہم انگور کی شراب بہت ہی کم پاتے تھے یعنی مدینہ میں۔ اور ہماری عام شراب کچی کھجوروں اور پکی ہوئی کھجوروں کی ہوا کرتی تھی۔
صحیح بخاری 5581
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحیان سے کہ عامر نے ہم سے بیان کیا۔ عامر نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا) کہ حضرت عمرؓ منبر پر کھڑے ہوئے اور فرمایا: اما بعد! شراب کی حرمت نازل ہوئی ہے اور وہ پانچ چیزوں کی ہوتی ہے انگور، کھجور، شہد، گیہوں اور جَو۔ اور شراب وہ ہے جو عقل پر پردہ ڈال دے۔
صحیح بخاری 5582
اسماعیل بن عبداللہ (اُوَیسی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک بن انس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ میں ابوعبیدہؓ اور ابوطلحہؓ اور اُبَیّ بن کعبؓ کو کچی اور پکی کھجوروں کی شراب پلا رہا تھا۔ اتنے میں ایک آنے والا آیا اور اس نے کہا کہ شراب حرام کی گئی ہے۔ حضرت ابوطلحہؓ نے کہا: انسؓ اٹھو اور اس کو بہا دو۔ میں نے اس کو بہا دیا۔
صحیح بخاری 5583
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان بن طرخان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ ان کے باپ نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ میں اپنے محلے میں کھڑا اپنے چچاؤں کو کچی کھجوروں کی شراب پلا رہا تھا اور میں ان سب سے چھوٹا تھا۔ اتنے میں کسی نے کہا: شراب حرام کی گئی ہے تو وہ کہنے لگے: اس کو انڈیل دو اور میں نے اس کو انڈیل دیا۔ میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا: ان کی شراب کس چیز کی تھی؟ انہوں نے کہا: پکی ہوئی اور کچی کھجوروں کی تھی۔ ابوبکر بن انس کہنے لگے اور یہی ان کی شراب ہوا کرتی تھی تو حضرت انسؓ نے انکار نہیں کیا۔ (سلیمان کہتے تھے:) میرے بعض ساتھیوں نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ کو کہتے سنا: ان دنوں یہی ان کی شراب ہوا کرتی تھی۔
صحیح بخاری 5584
محمد بن ابی بکر مقدمی نے مجھ سے بیان کیا کہ یوسف ابو معشر براء (بن یزید) نے ہمیں بتایا۔ وہ کہتے تھے: میں نے سعید بن عبید اللہ سے سنا۔ سعید نے کہا: بکر بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت انس بن مالکؓ نے ان کو بتایا کہ شراب حرام کی گئی اور ان دنوں شراب کچی کھجوروں اور پکی کھجوروں کی ہوا کرتی تھی۔
صحیح بخاری 5585
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے روایت کی کہ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ سے شہد کی شراب کے متعلق پوچھا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: ہر شراب جو نشہ لائے وہ حرام ہے۔
صحیح بخاری 5586
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا: مجھے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں کہ رسول اللہ ﷺ سے بتع کے متعلق پوچھا گیا اور وہ شہد کی شراب ہے اور اہل یمن اسے پیا کرتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہر شراب جو نشہ لائے حرام ہے۔
صحیح بخاری 5587
اور زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کدو کے تونبے میں شراب نہ بنایا کرو اور نہ ہی رال کے برتن میں۔ حضرت ابوہریرہؓ اس کے ساتھ سبز لاکھی مرتبان اور لکڑی کے کریدے ہوئے برتن کو بھی شامل کرتے تھے۔
صحیح بخاری 5588
احمد بن ابی رجاء نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحیان تیمی سے، ابوحیان نے شعبی سے، شعبی نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ نے رسول اللہ ﷺ کے منبر پر کھڑے ہوکر خطاب کیا اور فرمایا: دیکھو شراب کی حرمت نازل ہو چکی ہے اور وہ پانچ چیزوں کی ہوتی ہے۔ انگور کی اور کھجور کی اور گیہوں کی اور جَو کی اور شہد کی۔ اور شراب وہ ہے جو عقل پر پردہ ڈالے اور تین چیزیں ایسی ہیں مجھے آرزو ہی رہی کہ رسول اللہ ﷺ ہم سے جدا نہ ہوتے جب تک کہ آپؐ اس کے متعلق ہمیں معین وصیت نہ کر جاتے۔ دادے کی وراثت کے متعلق اور کلالہ کے متعلق اور سود کے دروازوں میں سے بعض دروازے ہیں ان کے متعلق۔ (ابوحیان) کہتے تھے کہ میں نے (شعبی سے) کہا: ابوعمرو! ایک شے ہے جو سندھ میں چاولوں سے بنائی جاتی ہے۔ ابوعمرو نے کہا: یہ نبی ﷺ کے زمانہ میں نہ تھی یا کہا: حضرت عمرؓ کے زمانہ میں نہ تھی۔
حجاج (بن منہال) نے بھی اس حدیث کو حماد (بن سلمہ) سے، حماد نے ابوحیان سے روایت کیا۔ اس میں بجائے انگور کے منقّٰی ہے۔
صحیح بخاری 5589
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی سفر سے، عبداللہ نے شعبی سے، شعبی نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے حضرت عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: شراب پانچ چیزوں سے بنائی جاتی ہے۔ منقّٰی سے، کھجور سے، گیہوں سے، جَو سے اور شہد سے۔
صحیح بخاری 5590
اور ہشام بن عمار نے کہا کہ ہم سے صدقہ بن خالد نے بیان کیا کہ ہمیں عبدالرحمٰن بن یزید بن جابر نے بتایا کہ عطیہ بن قیس کلابی نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن غنم اشعری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے حضرت ابوعامرؓ یا حضرت ابومالک اشعریؓ نے بیان کیا۔ اللہ کی قسم! انہوں نے مجھ سے جھوٹ نہیں کہا۔ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا، فرماتے تھے: میری امت میں سے ضرور ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو زنا اور ریشم کے کپڑے اور شراب اور گانے بجانے کے آلات کو حلال قرار دیں گے اور کچھ لوگ پہاڑ کے دامن میں پڑاؤ کریں گے شام کو ان کا چرواہا ان کے جانور لے کر ان کے پاس آجائے گا ان کے پاس کوئی محتاج اپنی حاجت لے کر جائے گا تو وہ کہیں گے ہمارے پاس کل پھر آنا مگر اللہ ان پر رات کو دھاوا کرے گا اور پہاڑ کو گرائے گا۔ اور کچھ لوگ ہوں گے جن کی صورتیں بگاڑ کر بندر اور خنزیر بنائے گا، قیامت تک ایسے ہی رہیں گے۔
صحیح بخاری 5591
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبد الرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم (سلمہ بن دینار) سے، ابو حازم نے کہا: میں نے حضرت سہلؓ (بن سعد ساعدی) سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابو اُسید ساعدیؓ آئے اور انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو اپنی شادی میں دعوت دی اور ان کی بیوی ہی ان کی خدمت کرنے والی تھیں حالانکہ وہ دلہن تھیں۔ اس عورت نے کہا: کیا تم جانتے ہو میں نے رسول اللہ ﷺ کو پینے کے لیے کیا پیش کیا؟ میں نے آپؐ کے لئے رات کو ایک لگن میں کچھ کھجوریں بھگو دی تھیں۔ (اُن کا شربت میں نے آپؐ کو پلایا۔)
صحیح بخاری 5592
وَقَالَ خَلِيفَةُ حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ مَنْصُورٍ عَنْ سَالِمِ بْنِ أَبِي الْجَعْدِ عَنْ جَابِرٍ بِهَذَا حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بِهَذَا وَقَالَ فِيهِ لَمَّا نَهَى النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ الْأَوْعِيَةِ
یوسف بن موسیٰ نے ہمیں بتایا کہ محمد بن عبداللہ ابواحمد زبیری نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے سالم (بن ابی الجعد) سے، سالم نے حضرت جابر (بن عبداللہ انصاری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے بعض برتنوں میں (نبیذ بنانے) سے منع فرمایا۔ انصار نے کہا: ہمارے لیے ان کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر اس صورت میں یہ ممانعت نہیں۔
خلیفہ (بن خیاط) نے مجھ سے کہا: مجھ سے یحيٰ بن سعید نے بیان کیا کہ ہمیں سفیان (ثوری) نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے سالم بن ابی الجعد سے، سالم نے حضرت جابرؓ سے یہی حدیث بیان کی۔ عبد اللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں یہی حدیث بتائی اور اس میں یوں کہا: جب نبی ﷺ نے چند برتنوں (میں نبیذ بنانے) سے منع فرمایا۔
صحیح بخاری 5593
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان بن ابی مسلم احوَل سے، سلیمان نے مجاہد سے، مجاہد نے ابوعیاض سے، ابوعیاض نے حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ نے پینے کے چند برتنوں (میں نبیذ بنانے) سے منع فرمایا تو نبی ﷺ سے کہا گیا کہ لوگوں میں سے ہر ایک ایسا نہیں کہ اس کو مشک مل جائے تو آپؐ نے ان کو اس گھڑے (میں نبیذ بنانے) کی اجازت دی جو رال سے روغن شدہ نہ ہو۔
صحیح بخاری 5594
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے کہ سلیمان نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے حارث بن سوید سے، حارث نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے کدو کے تونبے اور رال سے روغن شدہ برتن (میں نبیذ تیار کرنے) سے روکا۔ عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے ایسی ہی روایت کی۔