کتاب 74: كتاب الأشربة
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 5595
عثمان (بن ابی شیبہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے روایت کی کہ میں نے اسود (بن یزید) سے کہا: کیا آپ نے حضرت عائشہؓ امّ المؤمنین سے ان برتنوں کے متعلق پوچھا جن میں نبیذ تیار کرنا ناپسندیدہ ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے پوچھا: اے امّ المؤمنین! نبی ﷺ نے کن برتنوں میں نبیذ تیار کرنے سے منع کیا ہے؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: ہر اہل بیت کو خصوصاً اس کے متعلق منع کیا ہے یعنی یہ کہ کدو کے تونبے اور رال کے روغن شدہ برتن میں نبیذ نہ بنائیں۔ ابراہیم کہتے تھے: (میں نے اسود سے پوچھا کہ) حضرت عائشہؓ نے گھڑے اور سبز مرتبان کا ذکر نہیں کیا؟ اسود نے کہا: میں تم سے صرف اتنا ہی بیان کرتا ہوں جو میں نے سنا۔ کیا میں وہ بھی بیان کروں جو میں نے نہیں سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5596
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا کہ (سلیمان) شیبانی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے سبز گھڑے سے منع کیا۔ (شیبانی کہتے تھے:) میں نے (حضرت ابن ابی اوفیٰؓ سے) کہا: کیا ہم سفید گھڑے میں نبیذ بنا کر پیا کریں؟ انہوں نے کہا: نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5597
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمٰن قاری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے کہا: میں نے حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ سے سنا کہ حضرت ابواسید ساعدیؓ نے نبی ﷺ کو اپنی شادی کی دعوت دی اور اس دن ان کی بیوی ہی ان کی خدمت کرنے والی تھی حالانکہ وہ دلہن تھی۔ وہ کہتی تھی: کیا تم جانتے ہو کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے لئے کیا چیز بھگو کر شربت تیار کیا؟ میں نے آپؐ کے لئے رات کو ایک لگن میں کچھ کھجوریں بھگو دی تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5598
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالجویریہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے باذق کے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا: حضرت محمد ﷺ باذق سے پہلے ہی یہ حکم کرچکے ہیں کہ جو بھی نشہ آور ہو وہ حرام ہے۔ ابوالجویریہ نے کہا: (باذق) مشروب تو حلال و طیب ہے۔ انہوں نے کہا: حلال طیب کے بعد حرام خبیث ہی رہ جاتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5599
عبداللہ بن محمد بن ابی شیبہ نے ہمیں بتایا کہ ابواسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن عروہ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ میٹھا اور شہد پسند کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5600
مسلم (بن ابراہیم) نے ہمیں بتایا کہ ہشام (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ میں ابوطلحہؓ، ابودجانہؓ اور سہیل بن بیضاءؓ کو کچی اور پکی کھجوروں کی خلیط شراب پلا ہی رہا تھا کہ شراب حرام کی گئی۔ یہ سن کر میں نے اس کو پھینک دیا اور میں ہی ان کا ساقی تھا اور میں سب سے چھوٹا تھا اور ہم خلیط کو ان دنوں شراب سمجھا کرتے تھے۔ اور عمرو بن حارث نے اپنی سند میں یوں کہا کہ ہم سے قتادہ نے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت انسؓ سے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5601
ابو عاصم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، (ابن جریج نے کہا) کہ عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے منقّٰی اور کھجور اور کچی اور پکی کھجوروں (کی شراب) سے منع فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5602
مسلم (بن ابراہیم) نے ہمیں بتایا کہ ہشام (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن ابی کثیر نے ہمیں خبر دی۔ یحيٰ نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے منع فرمایا ہے کہ پختہ کھجوروں اور کچی کھجوروں کو اور نیز پختہ کھجوروں اور منقّٰی کو اکٹھا کرکے ان کی نبیذ بنائی جائے اور چاہیے کہ ان میں سے ہر ایک کو علیحدہ علیحدہ بھگو کر ان کی نبیذ تیار کی جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5603
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ یونس نے ہمیں بتایا۔ یونس نے زہری سے، زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس جس رات آپؐ کا اسرا ہوا ایک دودھ کا پیالہ اور ایک شراب کا پیالہ لایا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5604
حمیدی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سفیان (بن عیینہ) سے سنا کہ سالم ابونضر نے ہمیں خبر دی کہ انہوں نے عمیر سے جو امّ الفضلؓ کے غلام تھے، سنا۔ عمیر نے حضرت امّ الفضلؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ وہ کہتی تھیں: عرفہ کے دن لوگوں نے رسول اللہﷺ کے روزے کے متعلق شک کیا تو میں نے آپؐ کو ایک برتن بھیجا جس میں کچھ دودھ تھا۔ آپؐ نے پی لیا۔ کبھی سفیان اس حدیث کو یوں بیان کرتے تھے کہ لوگوں نے عرفہ کے دن رسول اللہ ﷺ کے روزے کے متعلق شک کیا تو حضرت امّ الفضلؓ نے آپؐ کو ایک پیالہ بھیجا۔ جب سفیان سے پوچھا جاتا (آیا یہ حدیث مرسل ہے یا مرفوع متصل؟) تو وہ کہتے کہ یہ حضرت امّ الفضلؓ سے مروی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5605
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوصالح (ذکوان) اور ابوسفیان (طلحہ بن نافع قریشی) سے، ان دونوں نے حضرت جابر بن عبد اللہؓ سے روایت کی۔ حضرت جابرؓ نے کہا: ابوحمید (ساعدی) نقیع سے ایک پیالہ دودھ کا لائے تو رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: تم نے اس کو ڈھانپ کیوں نہ لیا گو کوئی لکڑی ہی اس پر آڑی رکھ دیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5606
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوصالح سے سنا۔ میں سمجھتا ہوں وہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے۔ حضرت جابرؓ نے کہا:
حضرت ابوحمیدؓ جو ایک انصاری شخص تھے نقیع سے نبی ﷺ کے پاس دودھ کا ایک برتن لائے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کو ڈھانپ کیوں نہ لیا گو ایک لکڑی ہی اس پر آڑی رکھ دیتے۔ اور (اعمش نے کہا:) مجھے ابوسفیان نے حضرت جابرؓ سے، حضرت جابرؓ نے نبیﷺ سے روایت کرتے ہوئے یہی حدیث بتائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5607
محمود (بن غیلان) نے مجھ سے بیان کیا کہ نضر (بن شمیل) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ شعبہ نے ابو اسحاق سے روایت کی۔ ابو اسحاق نے کہا: میں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مکہ سے آئے اور حضرت ابو بکرؓ آپؐ کے ساتھ تھے۔ حضرت ابو بکرؓ کہتے تھے: ہم ایک چرواہے کے پاس سے گزرے اور رسول اللہ ﷺ کو پیاس لگی ہوئی تھی۔ اور حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کہتے تھے: میں نے ایک پیالے میں تھوڑا سا دودھ دوہا۔ آپؐ نے اتنا پیا کہ میں خوش ہوگیا اور ہمارے پاس سراقہ بن جعشم ایک گھوڑے پر سوار ہو کر آیا۔ آپؐ نے اس پر دعا کی۔ آخر سراقہ نے آپؐ سے التجا کی کہ اس کے خلاف دعا نہ کریں اور یہ کہ وہ لَوٹ جاتا ہے تو نبی ﷺ نے ایسا ہی کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5608
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی کہ ابوزناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن (اعرج) سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عمدہ صدقہ بہت دودھ دینے والی اونٹنی ہے جو خالصتاً اللہ کے لئے کسی کو دی جائے اور وہ بہت دودھ دینے والی بکری ہے جو خالصتاً اللہ کے لئے دی جائے۔ صبح بھی برتن بھر کر دودھ دے اور شام کو بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5609
ابو عاصم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اوزاعی سے، اوزاعی نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبید اللہ بن عبداللہ سے، عبید اللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے دودھ پیا اور پھر کلی کی اور فرمایا: اس کی بھی چکنائی ہوتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5610
اور ابراہیم بن طہمان نے شعبہ سے روایت کرتے ہوئے کہا۔ شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے سدرة المنتہیٰ تک اٹھا کر لے گئے تھے تو وہاں کیا دیکھتا ہوں کہ چار دریا ہیں۔ دو دریا تو باہر نمایاں ہیں اور دو دریا اندر پوشیدہ ہیں۔ جو نمایاں ہیں وہ تو نیل اور فرات ہیں اور جو اندر پوشیدہ تھے تو وہ جنت میں دو دریا ہیں۔ پھر میرے سامنے تین پیالے لائے گئے۔ ایک پیالے میں دودھ تھا اور ایک پیالے میں شہد اور ایک پیالے میں شراب تھی۔ جس میں دودھ تھا اس کو میں نے لیا اور میں پی گیا تو مجھ سے کہا گیا تم نے اور تمہاری امت نے فطرت پر عمل کیا۔ ہشام اور سعید اور ہمام نے قتادہ سے نقل کیا۔ قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت مالک بن صعصعہؓ سے، حضرت مالکؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے نہروں کے متعلق اسی طرح روایت کی اور انہوں نے تین پیالوں کا ذکر نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5611
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے اسحاق بن عبداللہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوطلحہؓ مدینہ میں سب انصاریوں سے زیادہ کھجوروں کے باغ رکھتے تھے اور ان کو اپنے باغوں میں سے سب سے پیارا باغ بیرحاء کا باغ تھا اور وہ مسجد کے سامنے ہی تھا اور رسول اللہ ﷺ اس میں جایا کرتے تھے اور وہاں کا پاک شیریں پانی پیا کرتے تھے۔ حضرت انسؓ نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتّٰى تُنْفِقُوْا مِمَّا تُحِبُّوْنَ حضرت ابوطلحہؓ کھڑے ہوئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! اللہ فرماتا ہے: تم کامل نیکی کو ہرگز نہیں پا سکتے جب تک کہ اپنی پسندیدہ اشیاء میں سے (خدا کے لئے) خرچ نہ کرو۔ اور میرے باغوں میں سے مجھے سب سے پیارا بیرحاء کا باغ ہے اور اب یہ اللہ کے لیے صدقہ ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ ایک نیک عمل ہوگا اور اللہ کے ہاں یہ ذخیرہ ہو گا۔ اس لئے یا رسول اللہ! جہاں اللہ آپؐ کو مناسب سوجھائے وہاں اس کو خرچ کریں۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سن کر فرمایا: واہ واہ! یہ تو چلتا مال ہے۔ یا فرمایا: نفع بخش مال ہے۔ عبداللہ (بن مسلمہ) نے اس کے متعلق شک کیا کہ کونسا لفظ فرمایا ہے۔ اور (آپؐ نے فرمایا:) میں نے سن لیا جو تم نے کہا ہے اور میں مناسب سمجھتا ہوں کہ تم اس کو قریبی رشتہ داروں میں تقسیم کر دو۔ حضرت ابوطلحہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میں کئے دیتا ہوں۔ چنانچہ حضرت ابوطلحہؓ نے اپنے قریبیوں اور چچا کی اولاد میں اس کو بانٹ دیا۔ اور اسماعیل اور یحيٰ بن یحيٰ نے رَايِحٌ نقل کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5612
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ یونس نے ہمیں بتایا۔ زہری نے کہا: مجھے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بتایا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے دودھ پیا اور ایک بار آپؐ ان کے گھر آئے اور میں نے ایک بکری دوہی اور کنویں سے پانی نکال کر رسول اللہ ﷺ کے لئے دودھ میں ڈالا تو آپؐ نے پیالہ لیا اور اسے پیا اور آپؐ کے بائیں طرف حضرت ابوبکرؓ تھے اور آپؐ کے دائیں طرف ایک اعرابی تھا۔ آپؐ نے اپنا بچا ہوا اس اعرابی کو دیا اور پھر فرمایا: جو دائیں طرف ہو (اس کو دو) اور پھر جو اس کے دائیں طرف ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5613
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا کہ ابوعامر (عقدی) نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ فلیح نے سعید بن حارث سے، سعید نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک انصاری شخص کے پاس گئے اور آپؐ کے ساتھ آپؐ کے ایک ساتھی تھے۔ نبی ﷺ نے ان سے فرمایا: اگر تمہارے پاس پانی ہو جو آج رات مشک میں رہا ہو ورنہ یہیں سے منہ لگا کر پانی پی لیں گے۔ حضرت جابرؓ نے کہا: اور وہ شخص اپنے باغ میں پانی لگا رہا تھا۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے۔ اس شخص نے کہا: یارسول اللہ! میرے پاس رات کا رکھا ہوا پانی ہے۔ آپؐ جھونپڑی کو چلیں۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: وہ ان دونوں کو لے گیا اور ایک پیالے میں پانی ڈالا۔ پھر اس پر گھر کی بکری سے دودھ دوہا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے پیا پھر اس شخص نے بھی پیا جو آپؐ کے ساتھ تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5614
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ ابواسامہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے ہشام (بن عروہ) نے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ کو میٹھا اور شہد پسند تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah