کتاب 76: كتاب الطب
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 5741
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا کہ سلیمان (بن فیروز) شیبانی نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن اسود نے ہمیں بتایا انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ سے ڈسنے کے دَم کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے فرمایا: نبی ﷺ نے ہر ڈسنے والے جانور کی وجہ سے دم کی اجازت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5742
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز (بن صہیب) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں اور ثابت (بنانی) حضرت انس بن مالکؓ کے پاس گئے۔ ثابت نے کہا: ابوحمزہؓ میں بیمار ہو گیا ہوں۔ حضرت انسؓ نے کہا کیا میں تمہیں وہ دم نہ کروں جو رسول اللہ ﷺ نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا: کیوں نہیں ضرور۔ تو حضرت انسؓ نے یہ دعا کی۔ اے اللہ جو لوگوں کا ربّ ہے تکلیف کو دور کرنے والا ہے شفا دے تو ہی شفا دینے والا ہے تیرے سوا کوئی شافی نہیں، ایسی شفا دے جو بیماری کا کوئی اثر نہ چھوڑے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5743
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان (اعمش) نے مجھ سے بیان کیا۔ سلیمان نے مسلم (بن صبیح) سے، مسلم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ اپنی ازواج میں سے کسی کے لیے بیماری میں دعا کرتے ہوئے یوں پناہ مانگتے تھے کہ آپؐ اپنا دایاں ہاتھ پھیرتے اور دعا کرتے: اے اللہ ! جو لوگوں کا ربّ ہے اس تکلیف کو دور کر، اس سے شفا دے اور تو ہی شفا دینے والا ہے، کوئی شفا نہیں مگر تیری ہی شفا، ایسی شفا دے جو بیماری کو باقی نہ چھوڑے۔ سفیان (ثوری) کہتے تھے: میں نے منصور بن (معتمر) سے اس کا ذکر کیا تو انہوں نے مجھے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے اسی طرح بتایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5744
احمد بن ابی رجاء نے مجھ سے بیان کیا کہ نضر (بن شمیل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے کہا مجھے میرے باپ نے خبر دی ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ دم کرتے ہوئے یہ دعا کرتے تھے: لوگوں کے ربّ اس تکلیف کو دور کر۔ تیرے ہاتھ میں شفا ہے۔ اس کا دور کرنے والا کوئی نہیں مگر تو ہی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5745
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا مجھے عبد ربّہ بن سعید نے بتایا۔ عبد ربّہ نے عمرہ سے، عمرہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ (کبھی) بیمار کے لیے یوں دعا کرتے: اللہ کے نام سے یہ ہماری زمین کی مٹی ہے۔ ہم میں سے کسی کے لعاب سے ہمارا بیمار ہمارے ربّ کے حکم سے شفا پا جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5746
صدقہ بن فضل نے مجھ سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدربّہ بن سعید سے، عبدربّہ نے عمرہ سے، عمرہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپ فرماتی ہیں: نبی ﷺ دم کرتے وقت (کبھی) یوں بھی دعا کرتے تھے: اللہ کے نام سے یہ ہماری زمین کی مٹی ہے اور ہم میں سے کسی کا لعاب ہے ہمارا بیمار ہمارے ربّ کے حکم سے شفا پائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5747
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان (بن بلال) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے، یحيٰ نے کہا میں نے ابوسلمہ (بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے سنا۔ ابو سلمہ نے کہا میں نے حضرت ابوقتادہؓ سے سنا وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: رؤیا اللہ کی طرف سے ہوتا ہے اور پریشان خواب شیطان کی طرف سے۔ جب تم میں سے کوئی خواب میں کوئی ایسی بات دیکھے جس کو ناپسند کرتا ہو تو جب وہ جاگے تین بار پھونک مارے اور اس کے شر سے اللہ کی پناہ مانگے تو وہ خواب اس کو نقصان نہ دے گی اور ابو سلمہ نے کہا: میری تو یہ حالت تھی کہ جو خواب دیکھ لیتا پہاڑ سے بھی زیادہ مجھ پر بوجھل ہوجاتا تو پھر جونہی کہ میں نے یہ حدیث سنی میں اب اس کی پرواہ نہیں کرتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5748
عبدالعزیز بن عبداللہ اویسی نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان (بن بلال) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس (بن یزید) سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی آپ فرماتی ہیں: رسول اللہ ﷺ جب بستر پر آرام کرتے تو قُلْ هُوَ اللهُ أَحَدٌ اور قُلْ أَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور قُلْ أَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ سب کو پڑھ کر اپنی ہتھیلیوں میں پھونکتے۔ پھر ان دونوں کو اپنے چہرے پر اور جہاں جہاں بھی آپؐ کے ہاتھ آپؐ کے جسم پر پہنچتے پھیرتے۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: جب آپؐ بیمار ہوتے تو آپؐ مجھے ایسا کرنے کا حکم دیتے۔ یونس کہتے تھے میں ابن شہاب کو دیکھا کرتا تھا کہ جب وہ اپنے بستر پر آتے تو ایسا ہی کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5749
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر (جعفر) سے، ابوبشر نے ابوالمتوکل (علی بن داؤد) سے، ابوالمتوکل نے حضرت ابوسعید (خدریؓ) سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ میں سے کچھ لوگ ایک سفر پر گئے اور قبائل عرب میں سے ایک قبیلے کے پاس اترے اور ان کے ہاں مہمان ٹھہرنا چاہا۔ انہوں نے ان کی میزبانی سے انکار کیا۔ پھر اس قبیلے کے سردار کو بچھو نے ڈس لیا اور انہوں نے اس کے لئے ہر علاج سے کوشش کی، کوئی چیز بھی اس کو فائدہ نہ دیتی تھی۔ ان میں سے کسی نے کہا: اگر تم ان لوگوں کے پاس جاؤ جو تمہارے پاس آئے ہوئے ہیں تو شاید ان میں سے کسی کے پاس کوئی علاج ہو۔ چنانچہ وہ ان کے پاس آئے اور کہنے لگے: اے لوگو ! ہمارے سردار کو بچھو نے ڈس لیا ہے اور ہم نے اس کے لئے ہر جتن کیا۔ کوئی چیز بھی اس کو فائدہ نہیں دیتی تو کیا تم میں سے کسی کے پاس کوئی علاج ہے؟ ان میں سے ایک نے کہا: ہاں۔ اللہ کی قسم ! میں دَم کرنا جانتا ہوں مگر ہم نے چاہا تھا کہ تمہارے ہاں مہمان ٹھہریں مگر تم نے ہمیں مہمان نہیں ٹھہرایا۔ اللہ کی قسم میں دَم نہیں کروں گا، جب تک کہ تم ہمارے لئے اجرت نہ مقرر کر لو۔ آخر اُنہوں نے کچھ بکریاں دینے پر ان سے سمجھوتہ کیا تب وہ شخص (سردار کے پاس) چلا گیا اور اَلْحَمْد… پڑھتے ہوئے کر اسے لعاب لگانے لگا۔ یہاں تک کہ اسے ایسا محسوس ہوا گویا کہ وہ رسی کے بندھن سے آزاد ہو گیا ہے پس وہ چلنے پھرنے لگا اور اسے کوئی بھی بیقراری نہ رہی۔ (حضرت ابوسعیدؓ کہتے تھے:) تب اُنہوں نے ان کو ان کی وہ اجرت پوری کی پوری دے دی جو انہوں نے آپس میں طے کی تھی۔ ان میں سے کسی نے کہا: تقسیم کرو۔ دَم کرنے والے نے کہا: جب تک ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس پہنچ کر یہ واقعہ بیان نہ کر لیں تک تک تقسیم نہ کرو۔ ہم دیکھیں گے کہ آپؐ ہمیں کیا حکم دیتے ہیں۔ چنانچہ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔ آپؐ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں کیسے علم ہوا کہ سورة فاتحہ دَم ہے؟ تم نے ٹھیک کیا۔ تقسیم کرلو اور اپنے ساتھ میرا بھی حصہ نکالو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5750
عبداللہ بن ابی شیبہ نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے اعمش سے، اعمش نے مسلم سے، مسلم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی آپ فرماتی ہیں کہ نبی ﷺ بعض لوگوں کے لئے (ان کی بیماری میں) پناہ کی دعا کرتے تھے۔ آپؐ اس پر اپنا دایاں ہاتھ پھیرتے تھے (اور دعا کرتے تھے:) اے لوگوں کے ربّ اس تکلیف کو دور فرما اور شفا دے تو ہی شفا دینے والا ہے۔ تیری شفا کے سوا کوئی شفا نہیں ہے۔ ایسی شفا دے کہ جو بیماری کا کوئی اثر باقی نہ چھوڑے۔ (سفیان نے کہا:) میں نے منصور سے اس کا ذکر کیا۔ انہوں نے مجھے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے ایسی حدیث بتائی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5751
عبداللہ بن محمد جعفی نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی ، معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ اس بیماری میں کہ جس میں آپؐ کی وفات ہوئی اپنے تئیں معوذات پڑھ کر پھونکتے تھے۔ جب آپؐ کی بیماری شدت اختیار کر گئی تو میں آپؐ پر یہ سورتیں پڑھ کر پھونکا کرتی تھی اور آپؐ کا ہی ہاتھ آپؐ کے بدن پر پھیرتی کہ اس کی برکت ہو۔ میں نے ابن شہاب سے پوچھا: آپؐ کیسے پھونکتے تھے؟ انہوں نے کہا: آپؐ اپنے دونوں ہاتھوں پر پھونکتے پھر ان کو اپنے چہرے پر پھیرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5752
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حصین بن نمیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین بن عبدالرحمٰن سے، انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ ایک دن ہمارے پاس باہر آئے۔ فرمایا: میرے سامنے اُمتیں پیش کی گئیں ایک ایسا نبی گزرتا جس کے ساتھ ایک ہی آدمی ہوتا۔ کسی نبی کے ساتھ دو آدمی اور کوئی نبی ایسا ہوتا کہ اس کے ساتھ ایک جماعت ہوتی اور کوئی نبی ایسا ہوتا کہ اس کے ساتھ کوئی بھی نہ ہوتا اور میں نے ایک بہت بڑی جماعت دیکھی جس نے افق کو ڈھانپ دیا تھا۔ میں نے خواہش کی کہ یہ میری امت ہو۔ مجھ سے کہا گیا: یہ موسیٰؑ اور ان کی قوم ہے۔ پھر مجھ سے کہا گیا: دیکھو تو میں نے بہت بڑی جماعت دیکھی جس نے اُفق کو ڈھانپا ہوا تھا۔ مجھ سے کہا گیا: اِدھر دیکھو اور اُدھر دیکھو۔ میں نے بہت بڑی جماعت دیکھی جس نے آفاق کو ڈھانپ دیا تھا مجھ سے کہا گیا یہ سب تیری اُمت ہے اور ان میں سے ستر ہزار آدمی ایسے ہیں کہ جو بغیر حساب کے جنت میں داخل ہوں گے۔ پھر لوگ منتشر ہوگئے اور آپؐ نے ان کو یہ کھول کر نہ بتایا۔ نبی ﷺ کے اصحاب آپس میں بات چیت کرنے لگے۔ اُنہوں نے کہا: ہم شرک میں ہی پیدا ہوئے تھے لیکن ہم نے اللہ اور اس کے رسول کو مان لیا ہے۔ ان (مذکورہ) لوگوں سے ہماری اولادیں مراد ہیں۔ نبی ﷺ کو اس کی خبر پہنچی آپؐ نے فرمایا: یہ وہ لوگ ہیں جو نہ شگون لیتے ہیں، اور نہ ہی داغ لگواتے ہیں اور نہ جنتر منتر کرواتے ہیں اور وہ اپنے ربّ پر توکل رکھتے ہیں۔ یہ سن کر حضرت عکاشہ بن محصنؓ اُٹھے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ ! آیا میں بھی ان میں سے ہوں؟ آپؐ نے فرمایا، ہاں ایک دوسرا شخص اُٹھا اور کہنے لگا: کیا میں بھی اُن میں سے ہوں؟ آپؐ نے فرمایا : عکاشہؓ اس میں تم پر سبقت لے گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5753
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ عثمان بن عمر نے ہمیں بتایا کہ یونس (بن یزید ایلی) نے ہم سے بیان کیا۔ یونس نے زہری سے، زہری نے سالم سے، سالم نے حضرت ابنِ عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: نہ تو چھونے سے بیماری ہوتی ہے اور نہ ہی شگون کوئی معنی رکھتا ہے اور نحوست تین چیزوں میں ہے عورت میں اور گھر میں اور جانور میں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5754
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا عبید اللہ بن عبد اللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے۔ شگون کچھ نہیں اور ان چیزوں سے بہتر فال لینا ہے۔ لوگوں نے کہا فال کیا ہوتی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اچھی بات جس کو تم میں سے کوئی سن لیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5755
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں خبر دی کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ معمر نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: شگون کچھ چیز نہیں اور ان چیزوں میں سے بہتر فال ہے۔ لوگوں نے پوچھا: یا رسول اللہ ! فال کیا ہوتی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اچھی بات جس کو تم میں سے کوئی سن لیتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5756
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: نہ تو چھوت لگ جاتی ہے اور نہ ہی شگون کوئی چیز ہے اور اچھی فال مجھے پسند ہے یعنی اچھی بات۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5757
محمد بن حکم نے ہم سے بیان کیا کہ نضر (بن شمیل) نے ہمیں بتایا۔ اسرائیل نے ہمیں خبر دی۔ ابوحصین (عثمان بن عاصم اسدی) نے ہمیں بتایا۔ ابوحصین نے ابوصالح (ذکوان) سے، ابو صالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: نہ تو چھوت کا لگنا ہے اور نہ بدشگونی اور نہ کوئی ایسا الو ہوتا ہے جس میں مردے کی روح جنم لیتی ہے اور نہ صفر کا مہینہ منحوس ہوتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5758
سعید بن عفیر نے ہمیں بتایا کہ لیث (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا عبدالرحمٰن بن خالد نے مجھ سے بیان کیا، عبدالرحمٰن نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابو سلمہ (بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے، ابو سلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے ہذیل کی دو عورتوں کے متعلق فیصلہ کیا تھا جو آپس میں لڑ پڑی تھیں۔ اُن میں سے ایک نے دوسرے کو پتھر مارا جو اس کے پیٹ میں لگا اور وہ حاملہ تھی اور اس نے اس کے اس بچہ کو مار ڈالا جو اس کے پیٹ میں تھا۔ اس لئے وہ نبی ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لائے۔ آپؐ نے جو بچہ اس کے پیٹ میں تھا اس کی دیت ایک بَردہ دینے کا فیصلہ فرمایا غلام ہو یا لونڈی۔ یہ سن کر اس عورت کا ولی جس پر دیت واجب ہوئی تھی کہنے لگا: یا رسول اللہ! میں اس کی دیت کیوں دوں جس نے نہ پیا نہ کھایا نہ بولا نہ چلایا ایسا خون تو بلا تاوان کے ہے۔ نبی ﷺ نے (یہ قافیہ بندی سن کر) فرمایا: یہ تو کاہنوں کا بھائی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5759
قتیبہ (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ دو عورتوں میں سے ایک نے دوسری کو پتھر مارا اور اس کا جنین گرا دیا تو نبی ﷺ نے اس کے متعلق ایک بَردہ دینے کا فیصلہ فرمایا غلام ہو یا لونڈی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5760
اور اسی سند سے ابن شہاب سے مروی ہے کہ انہوں نے سعید بن مسیب سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے اس جنین کے متعلق کہ جو اپنی ماں کے پیٹ میں مارا جائے، ایک بردہ دینے کا فیصلہ فرمایا، غلام ہو یا لونڈی۔ جس کے خلاف فیصلہ ہوا تھا کہنے لگا میں اس کا تاوان کیسے دوں؟ جس نے نہ کھایا، نہ پیا، نہ بولا اور نہ چلایا۔ ایسا خون تو بلا تاوان کے ہوا۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ (قافیہ بندی) سن کر فرمایا: یہ تو کاہنوں کا بھائی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah