کتاب 76: كتاب الطب
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 5721
عارم (ابونعمان) نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ایوب (سختیانی) کے سامنے ابوقلابہ کی تحریریں پڑھی گئیں۔ ان میں سے بعض حدیثیں وہ تھیں جو ابوقلابہ نے ایوب سے خود بیان کیں اور ان میں سے بعض وہ حدیثیں تھیں کہ جو ان کے سامنے پڑھی گئیں اور یہ حدیث اس تحریر میں تھی کہ حضرت انسؓ سے مروی ہے کہ حضرت ابوطلحہؓ اور حضرت انس بن نضرؓ دونوں نے ان کو داغ دیا اور حضرت ابوطلحہؓ نے ان کو اپنے ہاتھ سے داغا۔ اور عباد بن منصور نے ایوب سے روایت کرتے ہوئے کہا۔ ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے نقل کیا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ایک گھر والوں کو جو انصار میں سے تھے اجازت دی کہ وہ سانپ بچھو کے کاٹنے اور کان کی درد کی وجہ سے دم کروا لیا کریں۔ حضرت انسؓ نے کہا: مجھے ذات الجنب کی بیماری کی وجہ سے داغ لگایا گیا تھا اور اس وقت رسول اللہ ﷺ زندہ تھے اور حضرت ابوطلحہؓ اور حضرت انس بن نضرؓ اور حضرت زید بن ثابتؓ مجھے دیکھ رہے تھے اور حضرت ابوطلحہؓ نے مجھ کو داغا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5722
سعید بن عفیر نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمٰن قاری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ کے سر پر خود ٹوٹ گیا اور آپؐ کا چہرہ زخمی ہوا اور آپؐ کے سامنے کے چار دانتوں میں سے ایک دانت بھی ٹوٹ گیا تو حضرت علیؓ ڈھال میں پانی لاتے جاتے تھے اور حضرت فاطمہؓ آکر آپؐ کے چہرے سے خون دھونے لگیں جب حضرت فاطمہ علیہا السلام نے دیکھا کہ خون پانی سے اور بھی زیادہ نکل رہا ہے تو انہوں نے ایک بوریا لی اور اس کو جلایا اور رسول اللہ ﷺ کے زخم پر اسے چپکا دیا اسی وقت خون بند ہوگیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5723
یحيٰ بن سلیمان نے ہمیں بتایا کہ (عبداللہ) بن وہب نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا مالک نے مجھ سے بیان کیا۔ مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بخار بھی جہنم کی بھاپ ہی ہے اس لئے اس کو پانی سے بجھاؤ۔ (اسی سند سے) نافع نے کہا اور حضرت عبداللہ (بن عمرؓ بخار میں) یہ دعا کیا کرتے تھے۔ اكْشِفْ عَنَّا الرِّجْزَ۔ یہ عذاب ہم سے دور کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5724
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے فاطمہ بنت منذر سے روایت کی کہ حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما کی عادت تھی کہ جب ان کے پاس ایسی عورت لائی جاتی جسے بخار ہوتا تو اس کے لئے دعا کرتیں پانی لے کر اس کے سینے پر ڈالتیں کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ ہمیں فرمایا کرتے تھے کہ ہم بخار کو پانی سے ٹھنڈا کریں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5725
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے خبر دی انہوں نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: بخار بھی جہنم کی بھاپ ہے اسے پانی سے ٹھنڈا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5726
مسدد نے ہمیں بتایا کہ ابو الاحوص نے ہم سے بیان کیا۔ سعید بن مسروق نے ہمیں بتایا۔ سعید نے عبایہ بن رفاعہ سے، عبایہ نے اپنے دادا حضرت رافع بن خدیجؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے کہ بخار بھی جہنم کی بھاپ ہے اسے پانی سے ٹھنڈا کرو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5727
عبدالاعلیٰ بن حماد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہم سے بیان کیا، قتادہ نے ہمیں بتایا کہ حضرت انس بن مالکؓ نے انہیں بتایا کہ کچھ لوگ یا کہا کچھ مرد عکل اور عرینہ قبیلے کے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور اسلام کا زبان سے اقرار کیا اور کہنے لگے: اے اللہ کے نبی! ہم مال مویشی والے لوگ ہیں اور کھیتی باڑی والے نہ ہیں اور انہوں نے مدینہ کی آب و ہوا کو ناموافق پایا تو رسول اللہ ﷺ نے ان کے لئے حکم دیا کہ ان کو چند اونٹ اور ایک چرواہا دے دیا جائے اور ان سے فرمایا کہ وہ ان کو لے کر باہر چلے جائیں اور وہاں ان کے دودھ اور ان کے پیشاب پئیں۔ وہ چلے گئے یہاں تک کہ جب حرہ کے کنارے پر پہنچے تو مسلمان ہونے کے بعد کافر ہوگئے اور رسول اللہ ﷺ کے چرواہے کو مار ڈالا اور اونٹوں کو ہانک کر لے گئے۔ یہ خبر نبی ﷺ کو پہنچی تو آپؐ نے ان کے پیچھے تعاقب کرنے والوں کو بھیجا اور ان کے متعلق حکم دیا اور (اُن کے جرم کے بدلے) ان کی آنکھوں میں انہوں نے گرم سلائی پھیری اور ان کے ہاتھوں کو کاٹ ڈالا اور وہ حرہ کے درمیان اپنے حال پر چھوڑ دیئے گئے یہاں تک کہ وہ اسی طرح مر گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5728
حفص بن عمر (حوضی) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا حبیب بن ابی ثابت نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے ابراہیم بن سعد (بن ابی وقاص) سے سنا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت اُسامہ بن زیدؓ سے سنا۔ حضرت اُسامہؓ نے حضرت سعدؓ سے بیان کیا کہ اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم کسی ملک میں طاعون کی خبر سنو تو اس میں مت جاؤ اور جب وہ کسی ملک میں پڑے اور تم وہاں ہو تو پھر وہاں سے نہ نکلو۔ (حبیب بن ابی ثابت کہتے تھے:) میں نے (ابراہیم بن سعد سے) پوچھا: کیا آپؐ نے حضرت اُسامہؓ کو حضرت سعدؓ سے یہ حدیث بیان کرتے سنا اور وہ اس کا انکار نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: ہاں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5729
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبد الحمید بن عبد الرحمٰن بن زید بن خطاب سے، عبدالحمید نے عبداللہ بن عبداللہ بن حارث بن نوفل سے، اُنہوں نے حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت کی کہ حضرت عمر بن خطابؓ شام کے ملک کو گئے۔ جب سرغ (مَقام) میں پہنچے تو آپؓ سے لشکر کے سردار حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ اور ان کے ساتھی ملے اور انہوں نے آپؓ کو بتایا کہ شام کے ملک میں وبا پڑی ہوئی ہے۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے۔ (یہ سن کر) حضرت عمرؓ نے فرمایا: ابتدائی مہاجرین کو میرے پاس بلائیں۔ تو حضرت ابوعبیدہؓ نے ان کو بلایا اور حضرت عمرؓ نے ان سے مشورہ کیا اور ان کو بتایا کہ وبا شام میں پڑی ہے تو انہوں نے اختلاف کیا۔ ان میں سے بعض کہنے لگے: اب آپؓ ایک کام کے لئے نکل چکے ہیں اور ہم مناسب نہیں سمجھتے کہ آپؓ اس سے لوٹ جائیں اور بعض نے کہا: آپؓ کے ساتھ دانشمند لوگ ہیں اور رسول اللہ ﷺ کے صحابہ ہیں اور ہم مناسب نہیں سمجھتے کہ آپؓ ان کو اس وبا کے ہوتے ہوئے آگے لے جائیں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: آپ تشریف لے جائیں۔ پھر اُنہوں نے کہا: میرے پاس انصار کو بلاؤ۔ چنانچہ میں نے ان کو بلایا اور آپؓ نے ان سے مشورہ کیا۔ تو انہوں نے بھی مہاجرین کی راہ اختیار کی اور انہی کی طرح اختلاف کیا۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: آپ بھی جائیں۔ پھر اُنہوں نے فرمایا: قریش کے وہ بزرگ جو فتح مکہ سے پہلے کے مہاجر یہاں ہیں انہیں میرے پاس بلاؤ۔ میں نے ان کو بلایا۔ تو ان میں سے دو شخصوں نے بھی آپ کے سامنے اختلاف نہیں کیا۔ وہ کہنے لگے: ہماری یہ رائے ہے کہ آپ لوگوں کو واپس لے جائیں اور اس وبا کے ہوتے ہوئے ان کو آگے نہ لے جائیں تو حضرت عمرؓ نے لوگوں میں یہ مناکروائی کہ میں صبح (مدینہ) جا رہا ہوں پس تم بھی صبح (روانگی کیلئے) تیار رہو۔ حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کہنے لگے: کیا اللہ کی تقدیر سے ہم بھاگ رہے ہیں؟ حضرت عمرؓ نے فرمایا: ابوعبیدہؓ! کاش تمہارے سوا کوئی اور یہ کلمہ کہتا۔ اور ہاں ہم اللہ کی تقدیر سے بھاگ کر اللہ کی تقدیر کی طرف جاتے ہیں۔ بھلا یہ تو بتاؤ۔ اگر تمہارے اونٹ ہوں جو ایسی وادی میں چلے گئے ہوں کہ جس کے دو کنارے ہیں۔ ان میں سے ایک کنارہ تو سر سبز ہے اور دوسرا خشک۔ کیا یہ نہیں ہے کہ اگر تم سرسبز میں چراؤ تو تم اللہ کی تقدیر سے ہی ان کو چراؤ گے؟ اور اگر تم خشک میں چراؤ تو بھی اللہ کی تقدیر سے ہی ان کو چراؤ گے۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ اتنے میں حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ آئے اور وہ اپنے کسی کام کی وجہ سے غیر حاضر تھے وہ کہنے لگے: مجھے اس کے متعلق ایک بات معلوم ہے جو میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنی، آپؐ فرماتے تھے: جب تم سنو کہ وبا کسی ملک میں ہے تو وہاں نہ جاؤ اور اگر کسی ملک میں وبا (پھوٹ) پڑے اور تم وہاں ہو تو اس سے بھاگ کر وہاں سے نہ نکلو۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: حضرت عمرؓ نے سن کر اللہ کی حمد بیان کی اور (مدینہ کو) لوٹ گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5730
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبداللہ بن عامر سے روایت کی کہ حضرت عمرؓ شام کی طرف روانہ ہوئے۔ جب سرغ میں پہنچے تو ان کو یہ معلوم ہوا کہ وبا شام میں پڑی ہوئی ہے اور حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم سنو کہ یہ کسی ملک میں ہے تو پھر وہاں نہ جاؤ اور اگر یہ کسی ایسے ملک میں پڑے اور تم وہاں ہو تو پھر اس سے بھاگ کر وہاں سے نہ نکلو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5731
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے نعیم مجمر سے، نعیم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ میں نہ مسیح دجال داخل ہوگا اور نہ طاعون۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5732
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ کہ عاصم (بن سلیمان احول) نے ہمیں بتایا کہ مجھ سے حفصہ بنت سیرین نے بیان کیا۔ وہ کہتی تھیں کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھ سے پوچھا۔ یحيٰ (بن سیرین) کس بیماری سے فوت ہوئے تھے۔ میں نے کہا طاعون سے۔ (حضرت انسؓ نے) کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: طاعون بھی ہر مسلمان کے لئے شہادت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5733
ابوعاصم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے سُمَیّ سے، سُمَیّ نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: جو پیٹ کی بیماری سے مر جائے وہ بھی شہید ہے اور جو طاعون سے مر جائے وہ بھی شہید ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5734
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ حبان (بن ہلال) نے ہمیں خبر دی۔ داؤد بن ابی فرات نے ہم سے بیان کیا۔ عبداللہ بن بریدہ نے ہمیں بتایا، اُنہوں نے یحيٰ بن یعمر سے، یحيٰ نے حضرت عائشہ نبی ﷺ کی زوجہ سے روایت کی انہوں نے انہیں خبر دی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے طاعون کے متعلق پوچھا تو نبی اللہ ﷺ نے ان کو بتایا کہ یہ ایک عذاب ہے جو اللہ جس پر چاہتا ہے بھیجتا ہے لیکن اللہ نے اس کو مؤمنوں کے لئے رحمت کا موجب بنایا ہے۔ کوئی بھی ایسا بندہ نہیں جس کو طاعون ہو اور وہ اپنے شہر میں ہی صبر سے ٹھہرا رہے۔ اسے یہ یقین ہو کہ اسے کوئی تکلیف نہیں پہنچے گی مگر وہی جو اللہ نے اس کے لئے مقدر کر دی تو ضرور اس کو اتنا ثواب ملے گا جتنا کہ ایک شہید کو ثواب ملتا ہے۔ (حبان بن ہلال کی طرح) نضر (بن شمیل) نے بھی داؤد سے اس حدیث کو روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5735
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ اس بیماری میں جس میں آپ فوت ہوگئے تھے اپنے اوپر معوذات پڑھ کر پھونکتے تھے۔ جب آپؐ کی صحت کمزور ہو گئی تو میں آپؐ پر ان سورتوں کو پڑھ کر پھونکتی تھی اور آپؐ کا ہی ہاتھ آپؐ کے جسم پر پھیرتی تاکہ اس کی برکت ہو۔ (معمر کہتے تھے۔) میں نے زہری سے پوچھا۔ آپ کیوں کر پھونکتے تھے انہوں نے کہا آپ اپنے ہاتھوں پر پھونکتے تھے پھر اپنے دونوں ہاتھ چہرے پر پھیرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5736
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، شعبہ نے ابوبشر سے، ابوبشر نے ابوالمتوکل سے، ابوالمتوکل نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے صحابہؓ میں سے کچھ لوگ عرب کے قبائل میں سے ایک قبیلے کے پاس پہنچے تو انہوں نے ان کو مہمان نہیں ٹھہرایا۔ ابھی وہ اس حالت میں تھے کہ اتنے میں ان کے سردار کو بچھو نے ڈسا۔ اُن لوگوں نے پوچھا کیا تمہارے ساتھ کوئی دَم دوا کرنے والا ہے؟ صحابہؓ نے کہا تم نے ہمیں مہمان نہیں ٹھہرایا اور ہم بھی اس وقت تک کوئی دَم دعا نہیں کریں گے جب تک ہمارے لیے اجرت طے نہ کر لو۔ انہوں نے ان کے لئے کچھ بکریاں مقرر کیں اور ایک صحابی سورة فاتحہ پڑھنے لگا اور اپنا تھوک اکٹھا کرتا اور اس پر لعاب لگاتا وہ اچھا ہو گیا اور وہ بکریاں لائے۔ صحابہؓ کہنے لگے: ہم یہ بکریاں نہیں لیں گے جب تک کہ نبی ﷺ سے پوچھ نہ لیں۔ انہوں نے آپؐ سے پوچھا۔ آپؐ ہنس پڑے اور فرمایا: تمہیں کیا پتہ کہ سورة فاتحہ بھی ایک دَم ہے؟ انہیں لے لو اور میرا بھی ایک حصہ نکالو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5737
سیدان بن مضارب ابو محمد باہلی نے ہم سے بیان کیا کہ ابو معشر بصری نے جو کہ بڑے سچے تھے، ان کا نام یوسف بن یزید البراء تھا ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا عبیداللہ بن اخنس ابو مالک نے مجھ سے بیان کیا۔ عبیداللہ نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے صحابہ میں سے چند لوگ ایک چشمہ پر سے گزرے۔ (وہاں جو قبیلہ تھا) ان میں ایک کو بچھو نے کاٹ کھایا تھا۔ (لدیغ کا لفظ کہا یا سلیم) تو ان چشمے والوں میں سے ایک شخص ان کے سامنے آیا اور کہنے لگا: کیا تم میں کوئی دَم کرنے والا ہے؟ اس چشمے پر ایک شخص ہے جسے بچھو نے ڈسا ہے۔ (لدیغ کا لفظ کہا یا سلیم) یہ سن کر صحابہ میں سے ایک شخص چلا گیا۔ اس نے چند بکریاں دینے کی شرط پر سورة فاتحہ کو پڑھا اور وہ اچھا ہو گیا اور وہ بکریاں اپنے ساتھیوں کے پاس لے آیا۔ انہوں نے اسے ناپسند کیا اور کہنے لگے: تم نے اللہ کی کتاب پر اجرت لی ہے۔ جب وہ مدینہ میں پہنچے تو کہنے لگے: یا رسول اللہ! اس نے اللہ کی کتاب پر اجرت لی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جن چیزوں کا تم معاوضہ لیتے ہو ان سب سے بڑا حق تو اللہ کی کتاب کا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5738
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا معبد بن خالد نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا میں نے عبداللہ بن شداد سے سنا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: نبی ﷺ نے مجھے حکم دیا یا (فرمایا کہ) آپؐ نے حکم دیا کہ نظر لگنے کی صورت میں دَم کرا لیا جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5739
محمد بن خالد نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن وہب بن عطیہ دمشقی نے ہمیں بتایا کہ محمد بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن ولید زبیدی نے ہمیں بتایا کہ زہری نے ہمیں خبر دی۔ زہری نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ سے، حضرت زینبؓ نے حضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ان کے گھر میں ایک لڑکی دیکھی جس کے چہرے پر داغ تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کے لئے دم کراؤ کیونکہ اس کو نظر لگی ہے اور عقیل نے بھی زہری سے اسی حدیث کو نقل کیا۔ (انہوں نے کہا) مجھے عروہ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (محمد بن حرب کی طرح) عبداللہ بن سالم نے بھی زبیدی سے اسے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5740
اسحاق بن نصر نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: نظر لگ جانا سچ ہے اور آپؐ نے گدوانے سے منع فرمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah